شعبہ کفن دفن دعوتِ اسلامی کے تحت 6 اکتوبر 2026ء کو کراچی کے ڈسٹرکٹ ناظم آباد اور ڈسٹرکٹ گلشن میں سیکھنے سکھانے کے  حلقوں کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی نمازیوں سمیت دیگر عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔

یہ علمی حلقے گلبہار علاقے کی احمد رضا مسجد اور گلستانِ جوہر کی انوارِ مصطفیٰ مسجد میں منعقد کی گئیں جن میں شعبہ کفن دفن کے ذمہ دار عزیر عطاری نے غسلِ میت کا طریقہ، کفن کاٹنے / پہنانے کا طریقہ اور تدفین کا مسنون طریقہ تفصیلاً سکھایا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ذمہ دار بلال عطاری اور ٹاؤن ذمہ دار نعیم عطاری موجود تھے۔ (رپورٹ: شعبہ کفن دفن ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


ملتان، پنجاب میں شعبہ معاونت برائے اسلامی بہنیں دعوتِ اسلامی کے تحت 4 اکتوبر 2026ء کو ایک اہم مدنی مشورہ منعقد ہوا  جس میں صوبائی ذمہ داران، ذیلی شعبہ ذمہ داران اور پنجاب کے ڈویژن ذمہ داران نے شرکت کی۔

اس اہم مدنی مشورے میں رکنِ مرکزی مجلسِ شوریٰ مولانا حاجی ابو ماجد محمد شاہد عطاری مدنی اور نگرانِ شعبہ معاونت برائے اسلامی بہنیں پاکستان غلام الیاس عطاری نے ذمہ داران کی رہنمائی کی۔

مدنی مشورے کے اہم نکات:

٭ہفتہ وار اجتماعات کے آغاز اور ان کو منظم انداز میں شروع کروانے پر کلام٭ دینی کاموں میں اسلامی بہنوں کی معاونت٭روحانی علاج کے بستوں کی تعداد اور فیضانِ صحابیات کی تعداد میں اضافے کے حوالے سے حکمتِ عملی ٭یونین کونسلز (UCs) کی نگران اسلامی بہنوں کا تقرر جلد از جلد مکمل کروانے کے حوالے سے رہنمائی ۔(رپورٹ: طاہر اقبال عطاری شعبہ معاونت برائے اسلامی بہنیں پاکستان، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)

شعبہ امام مساجد دعوتِ اسلامی کے تحت 25 ستمبر 2026ء کو ڈویژن سینٹرل کے ائمہ مساجد اور خطبا حضرات کے لیے جامع مسجد کنز الایمان نزد بابری چوک، کراچی میں”ائمہ و خطبا کورس“ کا انعقاد کیا گیا جس میں دارالافتاء اہلسنت کے مفتی محمد سجاد عطاری مدنی نے ائمہ و خطبا کی تربیت کی۔

اس کورس میں کثیر ائمہ مساجد اور خطبا حضرات کے علاوہ نگرانِ ڈویژن مولانا حاجی رضا عطاری مدنی، شعبہ امام مساجد کے سٹی ذمہ دار مولانا محمد بلال عطاری مدنی، ڈسٹرکٹ و ٹاؤن ذمہ داران اور رکنِ شوریٰ کے معاون مولانا محمد عابد عطاری مدنی سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔

کورس کے اہم نکات:

منصبِ امامت کی اہمیت: منصبِ امامت کے تقاضوں، اہمیت اور معاشرے کی اصلاح میں امامِ مسجد کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔

شخصی و اخلاقی تربیت: ائمہ کے اخلاق، احساسِ ذمہ داری، وقت کی پابندی اور دینی کُتُب کے باقاعدہ مطالعے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

مسجد کی آباد کاری و دینی کام: مسجد کی آباد کاری کے لیے ہونے والے دینی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں کی ترقی کے لیے وقت دینے کی افادیت پر تربیت فراہم کی گئی۔(رپورٹ:مولانا محمد عابد عطاری مدنی معاون رکن شوری حاجی محمد عقیل عطاری مدنی ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)

دعوتِ اسلامی کے شعبہ روحانی علاج کے تحت 3، 4 اور 5 اکتوبر 2026ء کو فیضانِ محمدی مسجد ڈائمنڈ سٹی گلشنِ معمار، کراچی میں 3 دن کے  ”روحانی علاج کورس“ کا انعقاد کیا گیاجس میں کراچی سینٹرل ڈویژن کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے اسلامی بھائیوں نے شرکت کی ۔

اس کورس میں معلم محمد زاہد عطاری نے مختلف اہم موضوعات پر وہاں موجود تمام عاشقانِ رسول کی رہنمائی کرتے ہوئے مختلف موضوعات پر بیان کیا جن میں سے بعض یہ ہیں:٭تعویذات لکھنے کے طریقے٭دم کرنے / کاٹ کرنے کے طریقے٭ضروری احتیاطیں٭شعبے کی نئی اپڈیٹس۔(رپورٹ: سمیر علی عطاری اسسٹنٹ منیجر ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


تحریر: مولانا دانیال عطاری

آنکھیں اللہ پاک کی عطا کردہ وہ عظیم نعمت ہیں جن کے ذریعے انسان اس خوبصورت کائنات کے رنگ، اپنے پیاروں کے چہرے، قرآنِ پاک کے الفاظ اور قدرتِ الٰہی کی بے شمار نشانیاں دیکھتا ہے۔ یہ نعمت اس قدر قیمتی ہے کہ اس کی حقیقی قدر کا احساس اکثر اس وقت ہوتا ہے جب نظر کمزور ہونے لگے یا بصارت کسی مشکل سے دوچار ہو جائے۔

عالمی یومِ بصارت کی اہمیت:

ہر سال اکتوبر کی دوسری جمعرات عالمی یومِ بصارت منایا جاتا ہے۔ یہ دن ہمیں اس جانب متوجہ کرتا ہے کہ آنکھوں کی صحت اور بصارت کی حفاظت محض ایک طبی ضرورت نہیں بلکہ ہماری زندگی کے معیار سے جڑا ایک اہم معاملہ ہے۔ یہ دن ہمیں اپنی بصارت کی حفاظت کے ساتھ ساتھ اُن افراد کا احساس کرنے کا بھی موقع فراہم کرتا ہے جو بصارت کی کمزوری یا کسی دوسرے جسمانی چیلنج کا سامنا کر رہے ہیں۔

آنکھوں کی حفاظت اور سنتِ نبوی:

ہمارے پیارے آقا، مدینے والے مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے بھی آنکھوں کی حفاظت کے حوالے سے سرمہ استعمال کرنے کی ترغیب ارشاد فرمائی۔ حدیثِ پاک میں سرمے کے فوائد بیان کرتے ہوئے نظر کی تیزی اور پلکوں کے بالوں کے لیے اس کے فائدے کا ذکر ملتا ہے، جس سے ہمیں آنکھوں کی صحت اور حفاظت کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔

دعوتِ اسلامی کے اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کا کردار:

دینی و سماجی خدمت کے میدان میں دعوتِ اسلامی کا اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ بصارت سے محروم افراد کی ضروریات کو سمجھنے، اُن تک آڈیو بک اور بریل بک کے ذریعے دینی و اخلاقی تعلیم پہنچانے اور انہیں معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔ ایسے افراد کے ساتھ ہمارا رویہ محض ہمدردی تک محدود نہیں ہونا چاہیئے، بلکہ عزت، محبت، اعتماد اور برابری پر مبنی ہونا چاہیئے۔

صلاحیتیں اور عزم:

یہ بات بھی پیشِ نظر رہنی چاہیئے کہ بصارت کی کمزوری یا جسمانی معذوری کسی انسان کی صلاحیتوں کی کمی کی دلیل نہیں۔ دنیا میں ایسے بے شمار افراد موجود ہیں جنہوں نے اپنی محنت، عزم، صبر اور صلاحیتوں کے ذریعے یہ ثابت کیا کہ جسمانی مشکلات کامیابی کی راہ میں حائل ہونے کے بجائے انسان کے حوصلے کو مزید مضبوط بنا سکتی ہیں۔

عہد اور پیغام:

ہمیں چاہیئے کہ اپنی آنکھوں کی حفاظت کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں، بصارت سے متعلق آگاہی کو فروغ دیں اور اپنے اردگرد موجود اسپیشل پرسنز کے لیے آسانیاں پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ کبھی ایک چھوٹی سی مدد، حوصلہ افزائی کا ایک جملہ یا عزت و محبت سے پیش آنے کا ایک انداز کسی کی زندگی میں بڑی خوشی کا سبب بن سکتا ہے۔

عالمی یومِ بصارت کے موقع پر یہ عہد کرنا ضروری ہے کہ نعمتِ بصارت کی قدر کی جائے گی، آنکھوں کی حفاظت کی جائے گی اور اسپیشل پرسنز کے لیے ایک ایسا معاشرہ بنایا جائے گا جہاں ہر فرد کو عزت، محبت اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے یکساں مواقع حاصل ہوں۔(رپورٹ: نگران شعبہ اسپیشل پرسنز سید عمیر عطاری، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)

4 اکتوبر 2026ء کو مدنی مرکز فیضانِ مدینہ فیصل آباد میں  دعوتِ اسلامی کے تحت شعبہ قافلہ کے ذمہ داران کا مدنی مشورہ ہوا جس میں رکنِ شوریٰ حاجی محمد امین قافلہ عطاری، نگرانِ شعبہ حاجی مشکور عطاری ، 5 ذیلی شعبوں کے پاکستان سطح کے ذمہ داران، صوبائی قافلہ ذمہ داران، ڈویژن قافلہ ذمہ داران اور میٹروپولیٹن قافلہ ذمہ داران نے شرکت کی۔

اس مدنی مشورے کے دوران مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن و نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری نے ذمہ دار اسلامی بھائیوں کی رہنمائی کرتے ہوئے مختلف نکات پر بیان کیا جن میں سے بعض درج ذیل ہیں:

مدنی مشورے کے اہم نکات:

٭15 اکتوبر تا 15 نومبر 2026ء تک منائے جانے والے ”ماہِ قافلہ“ کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ ٭قافلہ تیار کرنے کے ذرائع، ڈیٹا کلیکشن اور قافلوں کی واپسی پر کارکردگی کے حصول و فیڈ بیک پر کلام۔

اس کے علاوہ نگرانِ پاکستان مشاورت نے قافلے میں زیادہ سے زیادہ اسلامی بھائیوں کو سفر کروانے کے حوالے سے رہنمائی کی اور ذمہ داران کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔

مدنی مشورے کے دوران ذمہ داران نے 12 ماہ کے قافلے میں سفر کے لیے خود کو پیش کیا جس پر نگرانِ پاکستان مشاورت نے اُن کی حوصلہ کی اور اختتامی دعا بھی کروائی۔(رپورٹ:عبدالخالق عطاری نیوز فالو اپ ذمہ دار نگرانِ پاکستان مشاورت، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


بحمد اللہ ہم مسلمان ہیں اور اسلام ہمیں امن ،محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور اس کی ضد یعنی فساد سے روکتا ہے ۔ فساد فی الارض کی مذمت قرآن و حدیث میں باربار وارد ہوئی۔

اگر دیکھا جائے تو فساد فی الارض ایک وسیع ترین موضوع ہے ، جس کے ضمن میں کئی جزئیات آتی ہیں مثلاً ، ظلم ،چوری ڈاکا زنی جھگڑا وغیرہ ۔اگر فساد فی الارض کی ان تمام جزئیات پر لکھا جائے تو یہ مضمون نہایت ہی طویل ہو جائے گا ۔لہذا اسی چیز کو مد نظر رکھتے ہوئے فساد فی الارض کے صرف ایک جزء ظلم کی مذمت بیان کی جاتی ہے ۔

ظلم کی تعریف:حضرت امام شریف جرجانی رحمۃ اللہ علیہ اپنی کتاب "التعریفات"میں ظلم کا معنی بیان کرتے ہیں کہ کسی چیز کو اس کی جگہ کے علاوہ کہیں اور رکھنا ظلم کہلاتا ہے ۔(التعریفات ، باب الظاء، ص 102)

البتہ شریعت میں ظلم سے مراد ہے کسی کا حق مارنا ، کسی چیز کو غیر محل میں خرچ کرنا ، کسی کو بغیر قصور کے سزا دینا وغیرہ ظلم کہلاتا ہے ۔(مرآۃ المناجیح، ج 6، ص 669)

ظلم کی مذمت قرآن مجید سے:وَ لَا تَحْسَبَنَّ اللّٰهَ غَافِلًا عَمَّا یَعْمَلُ الظّٰلِمُوْنَ۬ؕ -اِنَّمَا یُؤَخِّرُهُمْ لِیَوْمٍ تَشْخَصُ فِیْهِ الْاَبْصَارُۙ(۴۲)ترجمۂ کنزالایمان:اور ہرگزاللہ کو بے خبر نہ جاننا ظالموں کے کام سے انہیں ڈھیل نہیں دے رہا ہے مگر ایسے دن کے لئے جس میں آنکھیں کُھلی کی کُھلی رہ جائیں گی۔ (پارہ 13، سورۃ ابراہیم، آیت 42)

اس آیت کریمہ میں گویا کہ ہر مظلوم کو تسلی اور ہر ظالم کو وعید سنائی گئی ہے، گویا اس مقولے کی طرف اشارہ بھی ہے کہ خدا کے ہاں دیر تو ہے اندھیر نہیں ۔

ایک طرح سے دیکھا جائے تو اس آیت کے قارئین کو سمجھایا جارہا ہے کہ تم یہ نہ سمجھنا کہ اللہ تعالیٰ ظلم کرنے والوں کو سزا نہیں دے گا، اور نہ ہی ان سے عذاب موخر ہونے کی وجہ سے غمزدہ ہونا کیونکہ اللہ تعالیٰ انہیں بغیر عذاب کے صرف ایک ایسے دن کیلئے ڈھیل دے رہا ہے جس میں دہشت کے مارے آنکھیں بھی کھلی کی کھلی رہ جائیں گی۔

ظلم کی مذمت احادیث کریمہ سے:حضرت سیِّدُناابُوموسیٰ اشعری رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ سےروایت ہے نبیِ کریم رؤفٌ رَّحیم ﷺ نے فرمایا:بےشک اللہ پاک ظالم کو مُہلَت دیتا ہے یہاں تک کہ جب اس کو اپنی پکڑ میں لیتا ہے تو پھر اس کونہیں چھوڑتا ۔( بخاری، ۳/۲۴۷، الحدیث: ۴۶۸۶)

نبی کریم رؤفٌ رَّحیم ﷺ نے فرمایا:ظلم اور قطع رحمی(یعنی رِشتے داری ختم کرنا) کے علاوہ کوئی گناہ ایسا نہیں، جس کے مُرْتَکِب (یعنی کرنے والے) کو اللہ پاک آخرت میں سزا دینے کے ساتھ ساتھ دنیا میں بھی سزا دینے میں جلدی کرتا ہو۔(سنن الترمذی ، ۴/۲۲۹، الحدیث:۲۵۱۹)

خلاصہ یہ کہ فساد فی الارض ایک نہایت ہی قبیح اور سنگین عمل ہے جو نہ صرف معاشرے کا امن تباہ کرتا ہے بلکہ حقوقِ مومنین کی پامالی کا سبب بنتا ہے ۔ قرآنِ مجید اور احادیثِ مبارکہ میں بار بار اس کی مذمت بیان کی گئی ہے تاکہ انسان اس سے بچ سکیں۔ اب ہم پر لازم ہے کہ ہم ظلم اور فساد فی الارض کی دیگر جزئیات سے خود کو دور رکھیں اور دوسرے مسلمان بھائیوں کو بھی وعظ و نصیحت کرتے رہیں۔ کیونکہ ایک پرامن اور خوشحال معاشرہ اسی وقت قائم ہو سکتا ہے جب ہم امن، محبت اور بھائی چارے کو اپنائیں ۔

اللہ تعالیٰ ہمیں فساد فی الارض سے بچنے اور عدل و انصاف پر قائم رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یارب العالمین ۔


تحریر: محمد آصف اقبال مدنی  عطاری

اللہ پاک کے محبوب مکرم آخری نبی حضرت محمد مصطفی ﷺ کا میلاد مسلمان صدیوں سے مناتے چلے آرہے ہیں ۔ ہردور میں عاشقان رسول اپنے آقاومولاﷺ سے اظہار محبت کے مختلف طریقے اپناتے آئے ہیں۔ کوئی درودوسلام پڑھتا ہے ؛ کوئی محفل میلاد منعقد کرتا ہے؛کوئی گھر کو سجاتا ہے؛کوئی راہوں کو چمکاتا ہے؛ کوئی جھنڈے لگاتا ہے؛ کوئی غریب امتیوں کی مالی مدد کرتا ہے؛ کوئی لنگر کھلاتا ہے ؛ کوئی پانی وشربت کی سبیل لگاتا ہے الغرض اپنے اپنے انداز واستطاعت کے مطابق اپنے پیارے نبی ﷺ سے محبت وچاہت کو ظاہر کیا جاتا ہے۔ بے شک یہ تمام طریقے مستحب ومستحسن ہیں لیکن حضور نبی رحمت ﷺ کی محبت کی سب سے بڑی دلیل آپ کی اطاعت ہے۔لہذا زندگی کا یہ اصول بنالیں کہ” میلاد منائیں گے اور سیرت اپنائیں گے۔“ ہم یہاں میلاد منانے کے کچھ خوب صورت اور منفرد انداز تحریر کر رہے ہیں ۔ہرعاشق رسول مسلمان اپنی حیثیت واستطاعت کے مطابق ان پر عمل کرے اور ڈھیروں ڈھیراجروثواب کمائے۔

(1)سیرت رسول کریمﷺ پر لکھی گئی بارہ کتابیں تقسیم کیجیے، ایک کتاب کےبارہ نسخے بانٹ دیجیے، کتابیں تقسیم کرنے والے اداروں سے یہ کام کروائیے ، سیرت پر کام کرنے والوں کے ساتھ بھرپور تعاون کیجیے، کتب سیرت کا مطالعہ فرمائیے۔اس موضوع پر مکتبۃ المدینہ (دعوتِ اسلامی)نے دوبڑی پیاری اور مختصرکتابیں شائع کی ہیں: (۱) آخری نبیﷺ کی پیاری سیرت(صفحات:155) (۲) سیرتِ مصطفی جان رحمت ﷺ (صفحات:331) ۔

(2) درس نظامی کے طلبہ کرام سے مالی تعاون کیجیے، انہیں ماہانہ خرچ دیجیے ،کسی ایک طالب علم کوبارہ ہزار یا بارہ سو روپے کا تحفہ پیش کیجیےیا انہیں نصابی یا دیگر دینی کتابیں دلائیے ، عاشقان رسول میں رسائلِ امیراہل سنت تقسیم کیجیے۔

(3)اہل سنت وجماعت کے مدارس وجامعات کے ساتھ ماہانہ تعاون کیجیے،کسی ایک سنی ادارے کی بارہ مہینے یابارہ سال یا تاحیات مالی مدد کیجیے، اساتذہ کرام کی فلاح وبہبود میں حصہ لیجیے، سنی ادارے کی تعمیرو آباد کاری میں مدد کیجیے۔مدارس وجامعات اورطالب علموں پر خرچ کرنا راہِ خدا میں خرچ کرنا ہے اور اِس خرچ پر ایک کی 700نیکیاں ہیں۔(فتاوی رضویہ،10/305)

(4)اماموں/مؤذنوں /خادموں کی مالی خدمت کیجیے، ان کی کوئی ضرورت پوری کردیجیے، ان کے لیے ذاتی سواری کا انتظام کردیجیے ، ان کےلیے بارہ مہینوں کے راشن کا انتظام اپنے ذمہ لے لیجیے، ان کے گھرکا کرایہ ادا کردیجیے۔

(5) علمائے دین کی مدد کیجیے، اسلام کے ان خادموں کو ہر موقع پر یاد رکھیے،مفتی،مصنف، لکھاری اورمدرس علمائے کرام کو خاص اہمیت وترجیح دیجیے، کتب کی اشاعت وتقسیم میں تعاون کیجیے، کتب خرید کر حوصلہ افزائی کیجیے۔

(5) غریب امتیوں کے گھر راشن ڈلوادیجیے، ان کا قرض اتارنے میں مدد کیجیے، بجلی وگیس وغیرہ کے بِل ادا کردیجیے، ان کے بچوں کی شادیوں میں مدد کیجیے، ان کے گھر کی مرمت کروادیجیے، کسی کو موٹرسائیکل دلوادیجیے یا اُس کی موٹرسائیکل کی مرمت کروادیجیے ۔

(7) یتیم وبے سہارا یا غریب بچوں کی اسکول فیس ادا کیجیے، کسی ایک بچے کی بارہ مہینے تک فیس اپنے ذمہ لیجیے ،انہیں اسکول بیگ دِلادیں، نیا یونیفارم لے دیں، لنچ باکس یا پانی کا تھرماس دلا دیں۔

(8) غریب علاقوں میں پانی کا انتظام کردیجیے، چند دوست مل کر یہ کام کرلیجیے، بارہ مقامات پر پکی سبیل کا اہتمام کیجیے، بارہ گھروں میں پانی کے ٹینکر ڈلوادیجیے، بارہ دن کے پانی کا انتظام کردیجیے، ربیع الاول میں بارہ دن پانی یا شربت کی سبیل لگائیے، پانی کے بارہ گیلن یا بارہ بوتلیں ہی تقسیم کردیجیے۔اس سلسلے میں دعوتِ اسلامی کے شعبے ایف جی آر ایف سے رابطہ کیجیے ۔

(9) بارہ دن راہِ خدا کے مسافر بن جائیے،بارہ قافلوں میں سفر کیجیے، بارہ مہینے کا سفر اختیار کیجیے اور عاشقان رسول کی صحبت میں دین سیکھیے سیکھائیے، بارہ جمعرات دعوتِ اسلامی کے سنتوں بھرے اجتماع میں شرکت کیجیے، بارہ مدنی مذاکروں میں شرکت فرمائیے ۔

(10) بارہ افراد کو علم دین سیکھنے کے لیے تیار کیجیے، درس نظامی کا ذہن دیجیے، فرض علوم سیکھنے پر ابھارئیے، بنیادی عقائد اسلام و عقائداہل سنت سیکھنے کی ترغیب دیجیے، سنتیں سیکھنے کا جذبہ بیدار کیجیے اور ان سب کے لیے دعوتِ اسلامی کے ماحول سے وابستہ ہوجائیے۔

(11) بارہ مسلمانوں کو نماز سیکھا دیجیے، طہارت کے مسائل بتائیے، وضووغسل کا طریقہ سیکھائیے، نماز کی شرائط وواجبات وسنن بتائیے، تلاوت کی درستی کروائیے، قرآن پاک پڑھائیے۔ ”مدرسۃ المدینہ برائے بالغان“ اس کا بہترین ذریعہ ہیں۔

(12) میلاد والے آقا، دوعالم کے داتاﷺ کی بارہ سنتوں پراستقامت کے ساتھ عمل شروع کیجیے، زہے نصیب تمام سنتوں پر عمل کی کوشش کیجیے، بارہ لوگوں کو کسی ایک سنت پر عمل کے لیے تیار کیجیے،بارہ ہزار مرتبہ درود شریف پڑھیے، درود تاج پڑھیے، درود غوثیہ پڑھیے، درود رضویہ کا ورد کیجیے، گھروالوں اور دوست احباب کو بکثرت درود شریف پڑھنے کی ترغیب دیجیے۔

1ربیع الاول 1448ھ

مطابق15 اگست2026ء


ریسرچ رپورٹ از مولانا وسیم احمد مدنی توقیتی(نگران شعبہ فلکیات دعوت اسلامی) / 21نومبر2025ء

کعبہ معظمہ کا محل وقوع

کعبہ شریف سعودی عرب کے مشہور شہر ” مکۃ المکرمہ “کی مسجد الحرام شریف میں واقع ہے ۔ساری دنیا کے مسلمانوں پر لازم ہے کہ اسی کی طرف رخ کرکے نماز ادا فرمائیں ۔

اس کا عرضِ بلد شمالی 21درجہ 25دقیقہ 21ثانیہ اور طولِ بلد شرقی 39 درجہ 49 دقیقہ 34 ثانیہ اور سطح سمندر سے بلندی 950فٹ ہے۔ یہ بر اعظم ایشیا کے جنوب مغربی حصے میں واقع ہے۔

کعبہ معظمہ کیا دنیا کے وسط میں ہے؟

اس کی دو صورتیں ہیں:

1...جغرافیائی لحاظ سے:

دنیا کا وسط عرضی اعتبار سے خط استوا (Equator) جبکہ طولی اعتبار سے صفر درجہ طول (موجودہ دور میں) جو بحرِ اوقیانوس میں واقع ہے، اس لحاظ سے تو کعبہ معظمہ دنیا کے وسط میں نہیں۔

2...آبادی کےلحاظ سے:

دنیا کی آبادی جنوبی دنیا کے مقابلے میں شمالی دنیا میں زیادہ ہے۔اسی طرح غربی دنیا کے مقابلے میں شرقی دنیا میں زیادہ ہے لہذا دنیا کی آبادیوں کے اعتبار سے کعبہ معظمہ وسط دنیامیں واقع ہے۔

کعبہ معظمہ دنیا کی ناف ہے

یعنی جس طرح انسانی بدن میں ناف کی حیثیت ہے اسی طرح کعبہ معظمہ دنیاکی ناف ہے۔[1]

یاد رکھئے !ناف بدن کے عین وسط میں نہیں ہوتی ۔تحقیق کے مطابق عموماً سر سے ناف کی دوری 38 فیصد اور ناف سے پاؤں کی دوری 62 فیصد ہوتی ہے۔اگر دنیا کے عرض میں انسان کو اس طرح تصور کریں کہ اس کا سر قطب شمالی اور قدم قطب جنوبی پر ہو تو اس کی ناف کعبہ معظمہ پر ہوگی۔

کعبہ معظمہ کی اونچائی و چہار دیوارں کی لمبائی

کعبہ معظمہ کی اونچائی جدید تحقیق پر 49.21 فٹ، شرقی دیوار کی لمبائی 42.12 فٹ(جس میں باب کعبہ بھی ہے اور پاک و ہند کا رخ بھی اسی جانب ہے)، غربی دیوار(مستجار) کی لمبائی 39.73فٹ،شمالی دیوار(حطیم کعبہ و میزاب رحمت)کی لمبائی 36.75فٹ اور جنوبی دیوار(مستجاب)کی لمبائی 37.8فٹ ہے۔

کعبہ معظمہ کے چہار سمت کیا ہے؟

(1)...عین مشرق میں باب السلام(نزد صفا) (2)... تقریباً مغرب میں با ب عمرہ (3)...تقریبا شمال میں باب فتح (نزد مروہ) (4)...تقریباً جنوب میں باب عبد العزیز

کعبہ معظمہ کے چار کونوں کانام و رخ

(1)...رکن اسود :تقریباً مشرق میں جو کونا ہے(جہاں حجر اسود نصب ہے۔) (2)...رکن عراقی:تقریباً شمال میں جو کونا ہے۔(3)...رکن شامی :تقریباً مغرب میں جو کونا ہے(4)...رکن یمانی: تقریباً جنوب میں جو کونا ہے۔

کعبہ معظمہ سے کوہ ِصفا کا رخ

کعبہ شریف سے مقامِ صفا نقطۂ مشرق سے جنوب کی طرف صرف 29 درجہ ہے (جوکہ 45درجےسے کم ہے )لہذا یہ تقریباً مشرق کی طرف ہے۔

کعبہ معظمہ سے کوہ ِمروہ کا رخ

کعبہ شریف سے مروہ نقطۂ شمال سے تقریباً16درجہ مائل بہ مشرق ہے لہذا یہ تقریباً جانبِ شمال ہے۔

کوہِ صفا سے کوہِ مروہ کا رخ

صفا سے مروہ یہ جانبِ شمال بلکہ نقطۂ شمال سے بھی تقریباً 6درجہ مغرب کی طرف مائل ہے، لہذا صفا سے مروہ تقریباًجانب شمال ہے۔اسی طرح مروہ سے صفا نقطہ جنوب سے 6 درجہ مائل بہ مشرق ہے یعنی تقریباً جانب جنوب ہے۔



[1] تفسیر کبیر،البقرۃ،تحت الایہ:142، دار احیاء التراث العربی بیروت


شعبہ مدنی کورسز دعوتِ اسلامی کے تحت پچھلے دنوں مدنی مرکز  فیضانِ مدینہ انصاری چوک، ملتان میں 3 دن کا رہائشی معلم کورس ہوا جس میں ملتان ڈویژن نگران، سٹی و ڈسٹرکٹ نگران، تحصیل و ٹاؤن نگران اور شعبے کے دویژن و سٹی ذمہ داران شریک ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق اس 3 دن کے رہائشی کورس میں شعبے کے مختلف سطح کے ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے حاضرین کی رہنمائی کی جن میں مولانا اعجاز عطاری مدنی، قاری محمد ندیم عطاری ، محمد عدنان عطاری اور محمد شہزاد عطاری شامل تھے۔

ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے مختلف موضوعات پر حاضرین کی تربیت کی جن کی تفصیل درج ذیل ہے:

٭معلم کے اوصاف٭اندازِ تدریس٭12 دینی کاموں کو کیسے مضبوط کریں؟٭ایک معلم کو کیسا ہونا چاہیئے؟٭ڈیٹا انٹری ٭لیڈر شپ٭ اذکار و مسائلِ نماز ٹیسٹ کا انداز و تربیت ٭فیضانِ نماز کورس کا شیڈول٭پبلک ڈیلنگ٭ٹائم مینجمنٹ۔

اس کورس کے دوران مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی قاری محمد سلیم عطاری نے عاشقانِ رسول کو اندازِ گفتگو و تدریسی مہارتوں کو مزید بہتر بنانے ، اپنی اسکلز بڑھانے اور دیگر کورسز کرنے کی ترغیب دلائی۔ (رپورٹ: مولانا عاشق حسین عطاری مدنی شعبہ مدنی کورسز ملتان سٹی ذمہ دار ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم کے  ہیڈ آفس، کراچی میں اخلاقِ کریمہ کورس (سیشن 2) کا اہتمام کیا گیا جس میں مبلغِ دعوتِ اسلامی مولانا حاشر عطاری مدنی نے اصلاحی بیان کیا۔

بیان کے دوران مولانا حاشر عطاری مدنی نے دین سیکھنے / سکھانے کی اہمیت کو اجاگر کیااور شرکا کو تقویٰ اختیار کرنے کی ترغیب دلاتے ہوئے اس کے بے شمار فوائد بیان کئے۔

کورس میں مبلغِ دعوتِ اسلامی نے ”سچ بولنا“ اور ”اچھی بات کرنا“ جیسی اعلیٰ صفات پر خصوصی بیان کیا اور شرکا کو ان اخلاقِ حسنہ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانے کا ذہن دیا۔

آخر میں مبلغِ دعوتِ اسلامی نے اس بات پر زور دیا کہ اللہ پاک کے نیک بندوں کو اپنا آئیڈیل بنانا انسان کے کردار اور زندگی میں بے حد مثبت تبدیلیاں لاتا ہے۔(رپورٹ: مولانا رضا عطاری مدنی، اردو کانٹینٹ رائیٹرمارکیٹنگ اینڈ کمیونی کیشن ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ ،ہیڈ آفس کراچی ، ویب ڈسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)


فیضان اسلامک سکول سسٹم، دعوتِ اسلامی میانوالی کیمپس کے تحت ادارے کی مسلسل بہتری کے حوالے سے Parent Management Meeting (پیرنٹ مینجمنٹ میٹنگ) اور Academic Inspection (تعلیمی معائنہ) کا انعقاد کیا۔

اس Inspection کے دوران ادارے کی ٹیم نے کلاس رومز کے ماحول، اسٹوڈنٹس کی نوٹ بکس، سبق کی منصوبہ بندی اور تربیہ کے ساتھ تعلیم کے مجموعی نفاذ کا جائزہ لیتے ہوئے دیگر امور پر مشاورت کی۔

بعدازاں اسٹوڈنٹس کے والدین کی ایک تفصیلی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں کیمپس انتظامیہ نے اسٹوڈنٹس کی تعلیمی کارکردگی پر گفتگو کرتے ہوئے آئندہ کے اہداف پر کلام کیا۔

اس موقع پر محمد زوہیب عطاری (Academic Head)، محمد عمیر عطاری (Subject Specialist) اور محمد دانش عطاری (Operational Head) موجود تھے۔ (رپورٹ:امیر حمزہ عطاری، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)