ریسرچ رپورٹ از مولانا وسیم احمد مدنی توقیتی(نگران شعبہ فلکیات دعوت اسلامی) / 21نومبر2025ء

کعبہ معظمہ کا محل وقوع

کعبہ شریف سعودی عرب کے مشہور شہر ” مکۃ المکرمہ “کی مسجد الحرام شریف میں واقع ہے ۔ساری دنیا کے مسلمانوں پر لازم ہے کہ اسی کی طرف رخ کرکے نماز ادا فرمائیں ۔

اس کا عرضِ بلد شمالی 21درجہ 25دقیقہ 21ثانیہ اور طولِ بلد شرقی 39 درجہ 49 دقیقہ 34 ثانیہ اور سطح سمندر سے بلندی 950فٹ ہے۔ یہ بر اعظم ایشیا کے جنوب مغربی حصے میں واقع ہے۔

کعبہ معظمہ کیا دنیا کے وسط میں ہے؟

اس کی دو صورتیں ہیں:

1...جغرافیائی لحاظ سے:

دنیا کا وسط عرضی اعتبار سے خط استوا (Equator) جبکہ طولی اعتبار سے صفر درجہ طول (موجودہ دور میں) جو بحرِ اوقیانوس میں واقع ہے، اس لحاظ سے تو کعبہ معظمہ دنیا کے وسط میں نہیں۔

2...آبادی کےلحاظ سے:

دنیا کی آبادی جنوبی دنیا کے مقابلے میں شمالی دنیا میں زیادہ ہے۔اسی طرح غربی دنیا کے مقابلے میں شرقی دنیا میں زیادہ ہے لہذا دنیا کی آبادیوں کے اعتبار سے کعبہ معظمہ وسط دنیامیں واقع ہے۔

کعبہ معظمہ دنیا کی ناف ہے

یعنی جس طرح انسانی بدن میں ناف کی حیثیت ہے اسی طرح کعبہ معظمہ دنیاکی ناف ہے۔[1]

یاد رکھئے !ناف بدن کے عین وسط میں نہیں ہوتی ۔تحقیق کے مطابق عموماً سر سے ناف کی دوری 38 فیصد اور ناف سے پاؤں کی دوری 62 فیصد ہوتی ہے۔اگر دنیا کے عرض میں انسان کو اس طرح تصور کریں کہ اس کا سر قطب شمالی اور قدم قطب جنوبی پر ہو تو اس کی ناف کعبہ معظمہ پر ہوگی۔

کعبہ معظمہ کی اونچائی و چہار دیوارں کی لمبائی

کعبہ معظمہ کی اونچائی جدید تحقیق پر 49.21 فٹ، شرقی دیوار کی لمبائی 42.12 فٹ(جس میں باب کعبہ بھی ہے اور پاک و ہند کا رخ بھی اسی جانب ہے)، غربی دیوار(مستجار) کی لمبائی 39.73فٹ،شمالی دیوار(حطیم کعبہ و میزاب رحمت)کی لمبائی 36.75فٹ اور جنوبی دیوار(مستجاب)کی لمبائی 37.8فٹ ہے۔

کعبہ معظمہ کے چہار سمت کیا ہے؟

(1)...عین مشرق میں باب السلام(نزد صفا) (2)... تقریباً مغرب میں با ب عمرہ (3)...تقریبا شمال میں باب فتح (نزد مروہ) (4)...تقریباً جنوب میں باب عبد العزیز

کعبہ معظمہ کے چار کونوں کانام و رخ

(1)...رکن اسود :تقریباً مشرق میں جو کونا ہے(جہاں حجر اسود نصب ہے۔) (2)...رکن عراقی:تقریباً شمال میں جو کونا ہے۔(3)...رکن شامی :تقریباً مغرب میں جو کونا ہے(4)...رکن یمانی: تقریباً جنوب میں جو کونا ہے۔

کعبہ معظمہ سے کوہ ِصفا کا رخ

کعبہ شریف سے مقامِ صفا نقطۂ مشرق سے جنوب کی طرف صرف 29 درجہ ہے (جوکہ 45درجےسے کم ہے )لہذا یہ تقریباً مشرق کی طرف ہے۔

کعبہ معظمہ سے کوہ ِمروہ کا رخ

کعبہ شریف سے مروہ نقطۂ شمال سے تقریباً16درجہ مائل بہ مشرق ہے لہذا یہ تقریباً جانبِ شمال ہے۔

کوہِ صفا سے کوہِ مروہ کا رخ

صفا سے مروہ یہ جانبِ شمال بلکہ نقطۂ شمال سے بھی تقریباً 6درجہ مغرب کی طرف مائل ہے، لہذا صفا سے مروہ تقریباًجانب شمال ہے۔اسی طرح مروہ سے صفا نقطہ جنوب سے 6 درجہ مائل بہ مشرق ہے یعنی تقریباً جانب جنوب ہے۔



[1] تفسیر کبیر،البقرۃ،تحت الایہ:142، دار احیاء التراث العربی بیروت