ماہِ رمضانُ المبارک میں ہر سال پاکستان بھر کے عاشقانِ رسول کثیر تعداد میں  اعتکاف کرتے ہیں جس میں انہیں کثرت کے ساتھ عبادت کرنے، تلاوتِ قراٰن کرنے اور ڈھیروں ڈھیر علم دین حاصل کرنے کا موقع ملتا ہے۔

اسی سلسلے میں عالمی سطح کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت پاکستان کے مختلف شہروں میں ایک ماہ کے اعتکاف کا انعقاد کیا جارہا ہے جہاںمبلغینِ دعوتِ اسلامی کے ذریعے اسلامی بھائیوں کی دینی، اخلاقی و شرعی اعتبار سے تربیت کی جائے گی ۔

دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والے ایک ماہ رمضان اعتکاف کے مقامات درج ذیل ہیں:

٭پرانی سبزی منڈی کراچی فیضانِ مدینہ٭سوساں روڈ، مدینہ ٹاؤن فیضانِ مدینہ فیصل آباد٭آفندی ٹاؤن فیضانِ مدینہ حیدرآباد٭محبوب ٹاؤن فیضانِ مدینہ اوکاڑہ٭عطار ٹاؤن فیضانِ مدینہ میرپور خاص٭فیضانِ مدینہ شیخوپورہ٭بدین فیضانِ مدینہ٭گوجرانوالہ فیضانِ مدینہ٭گلشنِ مدینہ نواب شاہ فیضانِ مدینہ٭شاہ جہانگیر روڈ نزد بکرا منڈی فیضانِ مدینہ گجرات٭پرانا بورڈ آفس لاڑکانہ فیضانِ مدینہ٭508K بلاک، جوہر ٹاؤن فیضانِ مدینہ لاہور٭بیراج روڈ فیضانِ مدینہ سکھر٭سیالکوٹ فیضانِ مدینہ٭فیضانِ مدینہ ڈیرہ اللہ یار٭جی 11 فیضانِ مدینہ اسلام آباد٭جمالِ مصطفیٰ مسجد مغربی بائی پاس کوئٹہ٭قریشی موڑبلوچ ہوٹل، ڈیرہ اسماعیل خان فیضانِ مدینہ٭گلشنِ اقبال ٹاؤن فیضانِ مدینہ خانپور٭پشاور فیضانِ مدینہ٭انصاری چوک، شاہ رکنِ عالم کالونی فیضانِ مدینہ ملتان٭نزد کامرس کولج شاہراہ ریشم روڈ مانسہرہ فیضانِ مدینہ٭فیضانِ مدینہ جمال سرور کالونی چوک چورہٹہ ڈیرہ غازی خان٭نیو مدنی مرکز فیضانِ مدینہ چیچیاں ٹول میرپور٭TDA کالونی لیہ فیضانِ مدینہ٭فیضانِ مدینہ، باغ کشمیر٭علی ٹاؤن فیضانِ مدینہ سرگودھا٭اپرچھتر مظفرآباد فیضانِ مدینہ٭فیضانِ مدینہ گلگت بلتستان۔مزید معلومات کے لئے شعبہ رمضان اعتکاف دعوتِ اسلامی کے اس نمبر (0317-1172626) پر رابطہ کریں۔

بخاری شریف دینِ اسلام کی اہم  کتابوں میں سے ایک ہے جس میں حضور خاتم النبیین حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے فرامین ذکر کئے گئے ہیں اور اس کتاب کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اَصَحُّ الکُتُبِ بَعْدَ الْقُرْاٰنْ”قراٰنِ کریم کے بعد سب سے صحیح کتاب“نیز علمائے کرام کا یہ معمول رہا ہے کہ وہ اس کے آغاز میں پہلی حدیث اور اختتام پر آخری حدیث پڑھنے کا اہتمام کرتے ہیں۔

اسی عادتِ کریمہ کو باقی رکھتے ہوئے عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام آج بروز ہفتہ 17 جنوری 2026ء کو بعد نمازِ عشا رات تقریباً 8:30 بجے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ”ختمِ بخاری شریف و ہفتہ وار مدنی مذاکرہ“ کا انعقاد کیا جائے گا۔

اس موقع پر شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ دنیا بھر کے جامعات المدینہ کے دورۂ حدیث شریف کے طلبہ و طالبات کو بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیں گے۔

واضح رہے جامعۃالمدینہ بوائز کے دورۂ حدیث شریف میں پڑھنے والے طلبۂ کرام فیضانِ مدینہ کراچی میں شرکت کریں گےجبکہ جامعۃالمدینہ گرلز کی طالبات اپنے اپنے گھروں سے بذریعہ مدنی چینل ”ختمِ بخاری شریف“ میں شریک ہوں گی۔


ٹنڈوالہیار، سندھ کی سرزمین  میں اسلامی تعلیمات عام کرنے والی عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت 16 جنوری 2026ء کی رات ”دستارِ فضیلت و تقسیمِ اسناد مع شبِ معراج اجتماع “کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

معلومات کے مطابق یہ اجتماعِ پاک برکت کالونی گراؤنڈ، ٹنڈو آدم ناکہ، ٹنڈوالہیار، سندھ میں منعقد ہوگا اور اجتماع کا آغاز بعد نمازِ عشا رات تقریباً 9:00 بجے تلاوتِ قراٰن و نعت شریف سے کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن و نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری کا سنتوں بھرا بیان ہوگا جبکہ وقتِ مناسب پر درسِ نظامی (عالم کورس) اور حفظ و ناظرہ مکمل کرنے والوں کے سَروں پر عمامہ شریف باندھا جائے گا۔

ٹنڈوالہیار ڈسٹرکٹ میں دعوتِ اسلامی سے درسِ نظامی (عالم کورس) اور حفظ و ناظرہ مکمل کرنے والوں کی کارکردگی درج ذیل ہے:

نمبر شمار

علمائے کرام (شعبہ جامعۃالمدینہ بوائز)

حفظ و ناظرہ (شعبہ مدرسۃالمدینہ بوائز، شعبہ مدرسۃالمدینہ بالغان)

01

15

99

فارغ التحصیل کی مجموعی تعداد

114

ٹنڈو آدم ناکہ، ٹنڈوالہیار، سندھ میں رہنے والے تمام عاشقانِ رسول اس اجتماعِ پاک میں ضرور شرکت کریں اور اپنے بچوں کو دینِ اسلام کی تعلیمات سکھانے کے ساتھ ساتھ اُن کی دینی و اخلاقی تربیت کرنے کے لئے دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ رکھیں۔

10 جنوری 2026ء کو دعوتِ اسلامی کے شعبہ جامعۃ المدینہ بوائزکے زیر اہتمام ”دستار فضیلت و تقسیم اسناد اجتماع“ دھوبی گھاٹ گراؤنڈ فیصل آباد میں نہایت شایانِ شان انداز میں  منعقد ہوا جس میں علمائے کرام، اراکینِ شوریٰ، D.I.Gسہیل احمد سکھیرا، سیاسی و سماجی شخصیات، والدین و سرپرست، ذمہ داران دعوتِ اسلامی اور جامعۃ المدینہ کے اساتذہ و ناظمین، طلبائے کرام اور دیگر عاشقان رسول کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں نگران پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری نے ”محدث اعظم پاکستان حضرت علامہ مولانا سردار احمد قادری رحمۃُ اللہِ علیہ کی سیرت، علمی و دینی خدمات کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا۔ بیان میں علمِ دین کی عظمت، طلبۂ کرام کی شب و روز محنت اور دعوتِ اسلامی کی بے لوث دینی خدمات کو اُجاگر کیا گیا۔

بیان کے بعد جامعات المدینہ فیصل آباد ڈویژن سے تخصصات اور درس نظامی (عالم کورس) مکمل کرنے والے علمائے کرام کے سروں پر نگران پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری اور رکن شوریٰ مولانا حاجی محمد جنید عطاری مدنی اور اساتذۂ کرام کے ہاتھوں دستار سجائی گئی۔ اس کے علاوہ فارغ التحصیل علمائے کرام، حفظ و ناظرہ مکمل کرنے والے طلبۂ اور مختلف کورسز کرنے والے اسلامی بھائیوں کے اسناد بھی پیش کی گئیں۔

اس موقع پر حاضرین، اساتذۂ کرام اور والدین کی آنکھوں میں فخر اور شکرگزاری کے جذبات جھلک رہے تھے۔صلوۃ و سلام اور دعا پر شاندار اجتماع کا اختتام ہوا۔


فیضانِ مدینہ کراچی میں دستارِ فضیلت و تقسیم اسناد کا سلسلہ

500 علمائے کرام کے سروں پر دستار سجائی گئی

دعوتِ اسلامی کے تعلیمی شعبہ جامعۃ المدینہ بوائز کے زیرِ اہتمام 11 جنوری 2026ء بروز اتوار عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں عظیم الشان ”دستارِ فضیلت و تقسیم اسناد اجتماع“ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پُر وقار تقریب درس ِ نظامی (عالم کورس) سے فراغت حاصل کرنے والے علمائےکرام کی حوصلہ افزائی اور ان کی تعلیمی کاوشوں کے اعتراف میں منعقد ہوئی۔

اجتماع کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پیش کی گئی۔ اس موقع پر جامعۃ المدینہ کے ذمہ داران، اساتذۂ کرام، علمائے اہلِ سنت، والدین و سرپرست، مختلف شعبہ جات سے وابستہ اسلامی بھائی اور طلبۂ کرام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

تقریب میں شیخ الحدیث مفتی محمد حسان عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے حدیث پاک:”مَنْ يُرِدِ اللَّهُ بِهِ خَيْرًا يُفَقِّهْهُ فِي الدِّينِ،جس کے ساتھ اللہ پاک بھلائی کا ارادہ فرماتا ہےاُسے دین کی سمجھ عطا فرماتا ہے“سے اپنے بیان کا آغاز کیا۔ حدیث پاک کے متعلق شارحین کے اقوال کا مفہوم بیان کرتے ہوئے مفتی صاحب نے فرمایا کہ اللہ پاک ایسے شخص کو جس کے ساتھ اس نے بھلائی کا ارادہ فرمایا ہےاُسے دین کی طرف رغبت عطا فرماتا ہے، دینی مسائل ، دینی معاملات اور دینی باتوں کو سمجھنے کی توفیق عطا فرماتا ہے اور سب سے اہم اس میں یہ ہے کہ یہ جو ”علم ُ فہم“ ہوتا ہے یہ بندے کے اندر خشیٔت باری تعالیٰ کو پیدا کرتا ہےیعنی اللہ تبارک و تعالیٰ کا خوف اس کے دل کے اندر پیدہوتا ہے۔مفتی صاحب نے اس حوالے سے امام حسن بصری رحمۃُ اللہِ علیہکا قول کرتے ہوئے کہا کہ ”فقیہ ہوتا ہی وہ ہے جو اللہ سے ڈرنے والا ہو“، دین کی سمجھ بوجھ حقیقی طور پر اُسے ہی عطا ہوتی ہےجس کے دل کے اندر اللہ کا خوف موجود ہو۔ علم حاصل کرنے کے اصول پر مفتی صاحب نے گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ علم اول تو ہمیشہ اللہ کی رضا حاصل کرنے کے لئے کرنا چاہیئے یعنی مقصد اصلی رب تعالیٰ کو راضی کرنا ہوجبکہ دوسرا مقصد علم کو ہمیشہ بطور علم حاصل کریں یعنی مقصد حصول علم ہو، ہمارا ان مقصد سے فائدہ یہ حاصل ہوگا کہ ہمیں ذوقِ علمی و شوقِ علم حاصل ہوگا،جب ہم علم کو بطور علم حاصل کریں گے تو اللہ تبارک و تعالیٰ اس علم کے اندر ہمارے لئے لذّت عطا فرمادے گا، جس علم کا مقصد اللہ پاک کی رضا ہو،اللہ پاک اس علم کو ”علم نافع“ بنادیتا ہے جس کی نبی پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اللہ پاک کی بارگاہ میں دعا کیا کرتے تھے۔ بیان کے اختتام پر مفتی صاحب نے فارغ التحصیل ہونے والے علمائے کرام کو ہمیشہ علم حاصل کرتے رہنے اور شرکا کو بھی علم دین حاصل کرنے کا ذہن دیا اور اس کے لئے سب سے بہترین اور آسان ذریعہ بتاتے ہوئے انہیں مدنی مذاکرہ دیکھنے اور اس میں شرکت کرنے کی ترغیب دلائی۔

بیان کے بعد رکن مجلس جامعۃ المدینہ مولانا سید ساجد عطاری مدنی نےشعبہ جامعۃ المدینہ بوائز پاکستان کی کارکردگی بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ پاکستان بھر میں اس وقت جامعۃ المدینہ کی 544 برانچز قائم ہیں جن میں 48397یعنی تقریباً 50 ہزار کے قریب طلبائے کرام درسِ نظامی (عالم کورس) کرنے کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔ان برانچز کے سسٹم کو چلانے والے اسٹاف جن میں ناظمین، اساتذۂ کرام، خادمین اور دیگر عملے کی تعداد 4785 ہے۔ رکن مجلس نے مزید کہا کہ صرف شہر کراچی میں جامعۃ المدینہ کی 80 برانچز میں تقریباً 5000 طلبہ علم دین حاصل کررہے ہیں۔ ان 544برانچز کے سالانہ اخراجات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ صرف جامعۃ المدینہ بوائز پاکستان کو چلانے کے لئے دعوتِ اسلامی 4 ارب سالانہ خرچ کرتی ہے جبکہ 544 برانچز میں سے اکثر رہائشی ہیں جن میں طلبہ کرام کو قیام و طعام کی سہولت مفت دی جاتی ہے۔اسی طرح جو مقیم طالبعلم 08 سالہ درسِ نظامی مکمل کرکے فارغ التحصیل ہوتا ہے دعوتِ اسلامی اُس پر 15 لاکھ روپے خرچ کرتی ہےجبکہ غیر رہائشی طالبعلم پر 08 سال میں 05 لاکھ روپے خرچ کیا جاتا ہے۔

تمام مراحل کے بعد خوشی کی وہ گھڑی بھی آئی جب مفتیان کرام، اساتذۂ کرام اور اراکینِ شوریٰ کے ہاتھوں جامعات المدینہ کراچی سے عالم کورس اور تخصصات سے فارغ التحصیل ہونے والے تقریباً 500علمائے کرام کے سروں پر دستار سجائی گئی اور انہیں اسناد دی گئی۔

اس موقع پر حاضرین کے چہروں پر خوشی اور مسرت نمایاں تھی جبکہ والدین اور اساتذۂ کرام کی آنکھوں میں فخر اور شکرگزاری کے جذبات جھلک رہے تھے۔ آخر میں خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا جس میں ملک و ملت کی سلامتی، دینی تعلیم کے فروغ، دعوتِ اسلامی کی ترقی اور علما و طلبہ کی استقامت کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔ اجتماع نہایت نظم و ضبط، روحانیت اور خوشگوار ماحول کے ساتھ صلوۃ و سلام پر اختتام پذیر ہوا۔


دعوتِ اسلامی کا ہفتہ وار سنتوں بھرا اجتماع مسلمانوں کی دینی و اخلاقی تربیت کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ یہ اجتماع ہر ہفتے باقاعدگی کے ساتھ منعقد ہوتا ہے جس میں مختلف شعبۂ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی عقیدت و شوق کے ساتھ شرکت کرتے ہیں۔ اس اجتماع کا بنیادی مقصد لوگوں کے دلوں میں عشقِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو تازہ کرنا، سنتوں پر عمل کی ترغیب دینا اور معاشرے میں نیکی کا پیغام عام کرنا ہے۔

اسی سلسلے میں مؤرخہ 15 جنوری 2026ء بروز جمعرات دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام دنیا بھر میں ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماعات کا انعقاد کیا جائے گا جن میں اراکین شوریٰ و مبلغین دعوتِ اسلامی تلاوت و نعت کے بعد سنتوں بھرے بیانات فرمائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق 15 جنوری کی رات عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی سے مدنی چینل پر لائیو (Live) ہونے والے ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں رکن شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری سنتوں بھرا بیان فرمائیں گے۔

اس کے علاوہ مدنی مرکز فیضان مدینہ نزد لطیف گیٹ ٹنڈو آدم میں رکن شوریٰ حاجی محمد علی عطاری، حضرت منت علی شاہ جامع مسجد نارائن گنج بنگلہ دیش میں رکن شوریٰ عبد المبین عطاری اور جامع مسجد غوثیہ 7 Brooklyn Terrace Leeds LS12 2BXمیں رکن شوریٰ حاجی خالد عطاری سنتوں بھرا بیان فرمائیں گے۔

قرب و جوار کے تمام عاشقانِ رسول سے ہفتہ وار اجتماع میں شرکت کی درخواست ہے۔


رجب المرجب کی 27 ویں شب کے  مختصر سے حصے میں پیارے آقا، مکی مدنی مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم براق پر سوار ہوکرمسجدِ حرام سے مسجدِ اقصیٰ تک پھر وہاں سے نور کی سیڑیوں اور فرشتوں کے پَروں پر سوار ہوکر آسمانوں کی سیر کرتے ہوئے لامکاں تک تشریف لے گئے تھے جہاں انہوں نے اپنے سَر کی آنکھوں سے (بیداری کی حالت میں) اللہ پاک کا دیدار کیا تھا۔

اسی شب کی یاد تازہ کرتے ہوئے 16 جنوری 2026ء بمطابق 27 رجب المرجب 1447ھ کو دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ”اجتماع شبِ معراج“ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تلاوتِ قراٰن، نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم، شبِ معراج کے قصیدے اور بیانات سمیت مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوگا۔

تفصیلی معلومات کے مطابق دعوتِ اسلامی کے تحت 16 جنوری کو ہونے والے ”اجتماع شبِ معراج“کا آغاز بعد نمازِ عشا تقریباً 8:30 بجے تلاوتِ قراٰنِ مجید سے کیا جائے گا اور نعت شریف پڑھی جائے گی۔

تلاوت و نعت کے بعد شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ قراٰن و حدیث کی روشنی میں معراج شریف کے واقعات بیان فرماتے ہوئے عاشقانِ رسول کو مختلف مدنی پھولوں سے نوازیں گے اور اُن کی دینی ، اخلاقی و تنظیمی اعتبار سے تربیت فرمائیں گے۔

فیضانِ مدینہ کراچی کے اطراف میں رہنے والے عاشقانِ رسول اس اجتماعِ پاک میں لازمی شرکت کریں اور دیگر علاقوں سمیت مختلف شہروں میں رہنے والے عاشقانِ رسول اپنے قریبی اجتماعات میں شرکت کرکے شبِ معراج کو دھوم دھام سے منائیں۔ 


13 رجب المرجب 1447ھ بمطابق 3 جنوری 2026ء کو صوبہ خیبر پختونخواہ کے  شہر پشاور میں دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ پشاور (بنام جامع مسجد علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ) کی تعمیرات کے سلسلے میں ایک عظیم الشان اجتماعِ سنگِ بنیاد کا انعقاد کیا گیا۔

اس اجتماع میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی یعفور رضا عطاری نے خصوصی شرکت فرمائی۔ اجتماع کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے کیا گیا جبکہ نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پیش کرنے کی سعادت بھی حاصل کی گئی۔

رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری نے حاضرینِ اجتماع سے ”فضائلِ اہلِ بیت“ کے موضوع پر نہایت مؤثر، جامع اور سنتوں بھرا بیان فرمایا۔ بیان میں اہلِ بیتِ اطہار رضوان اللہ علیہم اجمعین کی عظمت، ان سے محبت کو ایمان کا حصہ قرار دینے، ان کی سیرتِ طیبہ کو اپنانے اور ان کے مبارک کردار کو عملی زندگی میں نافذ کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ بیان کے دوران شرکائے اجتماع کو سنتوں پر عمل، نیکیوں کے فروغ اور معاشرے کی اصلاح کے لئے عملی کردار ادا کرنے کی ترغیب بھی دلائی گئی۔

بیان کے بعد مدنی مرکز فیضانِ مدینہ پشاور اور جامع مسجد علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کی تعمیر کے سلسلے میں سنگِ بنیاد رکھا گیا۔ اس موقع پر حاضرین نے اللہ عزوجل کی بارگاہ میں مدنی مرکز کی جلد تکمیل، اس میں خیر و برکت اور اسے دینِ اسلام کی اشاعت کا مضبوط مرکز بنانے کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔ اس اجتماع میں علمائے کرام، ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی، مختلف شعبہ جات سے وابستہ اسلامی بھائیوں، مقامی معززین اور عاشقانِ رسول کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

مدنی مرکز فیضانِ مدینہ پشاور مستقبل میں نمازوں، دینی اجتماعات، سنتوں بھرے بیانات، تربیتی کورسز اور مختلف دینی سرگرمیوں کا مرکز ہوگا جو نہ صرف پشاور بلکہ گرد و نواح کے علاقوں میں بھی اصلاحِ معاشرہ اور سنتوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔


غوثیہ نورانی عید گاہ گاؤنڈD-11نیو کراچی میں 08 جنوری 2026ء بروز جمعرات دعوتِ اسلامی کے عظیم الشان ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں رکن شوریٰ حاجی فضیل عطاری، نگران ڈویژن مشاورت، نگران ڈسٹرکٹ مشاورت،نگران ٹاؤن مشاورت، مختلف شعبہ جات کے اسلامی بھائیوں، سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات، مقامی عاشقانِ رسول اور طلبائے کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجتماع کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے ہوا جس سے پنڈال روحانی انوار سے منور ہوگیا۔

اس موقع پر خلیفۂ امیرِ اہلِ سنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے عبادت، سیرتِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اور صحابۂ کرام رضی اللہُ عنہم کے فضائل پر مشتمل سنتوں بھرا بیان فرمایا۔ بیان کے دوران آپ نے عبادت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے حضرت علامہ مولانا مفتی نقی علی خان رحمۃُ اللہِ علیہ کا قول نقل کیا کہ ”تمام کمالات کی اصل عبادت ہے اور انسان کی حقیقی عزت بارگاہِ الٰہی میں سرجھکانے ہی میں ہے“۔ خلیفۂ امیرِ اہلِ سنت نے حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے اندازِ عبادت کا ذکر کرتے ہوئے شرکائے اجتماع کو ماہِ رجب، شعبان اور رمضان المبارک میں کثرت سے عبادت کرنے کی ترغیب دلائی۔ آپ دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے سیدنا امیر معاویہ رضی اللہُ عنہ اور سیدنا امام جعفر صادق رحمۃُ اللہِ علیہ کی مبارک سیرت بیان کرتے ہوئے ان کے اعراس منانے، نمازوں کی پابندی، سنتوں پر عمل، قافلوں میں سفر، نیک اعمال اختیار کرنے اور دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ رہنے کا ذہن دیا۔

بیان کے بعد اجتماع میں شیڈول کے مطابق درودِ پاک پڑھا گیا، ذکرُ اللہ کیا گیا اور آقا کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہِ اقدس میں سلام پیش کیا گیا۔ آخر میں خلیفۂ امیرِ اہلِ سنت نے امتِ مسلمہ کی خیرخواہی، ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا بھی کروائی۔

اجتماع میں شریک تاجر برادری، سیاسی و سماجی شخصیات نے اس روح پرور اجتماع کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے اہلِ علاقہ نیو کراچی کے لیے نہایت خوش آئند قرار دیا۔ اس موقع پر پنڈال میں دعوتِ اسلامی کے مختلف شعبہ جات کے معلوماتی اسٹالز بھی لگائے گئے تھے، جہاں شرکاء کو دینی و فلاحی سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا۔


27 رجب المرجب کی رات پیارے آقا، مکی مدنی مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم مختصر سے وقت میں مسجدِ حرام سے مسجدِ اقصیٰ تک پھر وہاں سے آسمانوں کی سیر کرتے ہوئے لامکاں تک تشریف لے گئے تھے اور اللہ پاک کی بارگاہ سے اپنی امت کے لئے نمازوں کا تحفہ لائے تھے۔

اسی رات کی یاد منانے کے لئے 16 جنوری 2026ء بمطابق 27 رجب المرجب 1447ھ کو عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام دنیا بھر کے مختلف مقامات پر ”اجتماعِ معراج“ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تلاوتِ قراٰن، نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم، شبِ معراج کے قصیدے اور بیانات سمیت مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوگا۔

مختلف ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والا ”اجتماعِ معراج“ جرمن اسکول گراؤنڈ، سیکٹر 16، کراچی میں بھی منعقد کیا جائے گا جس کا آغاز بعد نمازِ عشا ہوگا۔

تلاوت و نعت سے ”اجتماعِ معراج“ کا آغاز کرنے کے بعدبذریعہ مدنی چینل شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ مدنی مذاکرہ فرمائیں گے اور عاشقانِ رسول کو مدنی پھولوں سے نوازیں گے ۔

اس کے علاوہ وقتِ مناسب پر اورنگی ٹاؤن، کراچی میں ہونے والے ”اجتماعِ معراج“ میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری بیان کرتے ہوئے وہاں موجود عاشقانِ رسول کی دینی و اخلاقی تربیت کریں گے۔

اورنگی ٹاؤن اور اس کے اطراف میں رہنے والے تمام عاشقانِ رسول اس ”اجتماعِ معراج“ میں شرکت کرکے حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی معراج کا جشن منائیں اور ڈھیروں ڈھیر علمِ دین حاصل کریں۔


عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کم و بیش 44 سالوں سے دینِ متین کی خدمت کر رہی ہے جس دوران اس تحریک نے ہزاروں علمائے کرام ، ہزاروں حفاظِ کرام اور لاکھوں ناظرہ خواں طلبہ و طالبات امتِ مسلمہ کو عطا کئے ہیں۔

اس تحریک کا مقصد لوگوں کی اصلاح کرنا، انہیں پنج وقتہ نماز کا پابند بنانا، اُن کے اور اُن کی آنے والی نسلوں کے عقائد و نظریات کی حفاظت کرنا نیز دنیا بھر میں دینِ اسلام کی تعلیمات کو عام کرنا ہے۔

تفصیلی معلومات کے مطابق کل بروز اتوار 11 جنوری 2026ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام”دستارِ فضیلت و تقسیمِ اسناد اجتماع“ہونے جارہا ہے جس کا آغاز بعد نمازِ ظہر تقریباً 2 بجے تلاوتِ قراٰن و نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے کیا جائے گا۔

تلاوت و نعت سے اجتماع کا آغاز کرنے کے بعد استاذ الحدیث مفتی محمد حسان عطاری مدنی مدظلہ العالی طلبۂ کرام کے درمیان خصوصی بیان فرمائیں گے اور اختتام پر مفتیانِ کرام و اساتذۂ کرام کے ہمراہ 2025ء میں درسِ نظامی و تخصصات مکمل کرنے والے طلبۂ کرام کے سروں پر عمامہ شریف کا تاج سجائیں گے۔

ذرائع کے مطابق 2025ء میں عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے دنیا بھر کے تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل ہونے والوں کی مجموعی کارکردگی درج ذیل رہی:

نمبر شمار

درسِ نظامی و تخصصات

حفظِ قراٰن

ناظرہ قراٰنِ کریم

دیگر کورسز

01

5, 313

18, 393

64, 191

9, 018

فارغ التحصیل کی مجموعی تعداد 2025ء

96, 915

اہم نوٹ: عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ظہر کی نماز 01:30 بجے ادا کی جائے گی جبکہ یہ اجتماعِ پاک مدنی چینل پر براہِ راست (Live) نشر کیا جائے گا۔


کراچی (ویب ڈیسک) دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام کاتبِ وحی، جلیل القدر صحابیِ رسول حضرت سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کا عرسِ پاک کل 11جنوری 2026 ء بروز اتوار نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ، پرانی سبزی منڈی کراچی میں ایک عظیم الشان ”محفلِ نعت" کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں شہر بھر سے ہزاروں عاشقانِ رسول کی شرکت متوقع ہے۔

پروگرام کا شیڈول اور انتظامات:

اعلامیہ کے مطابق تقریب کا باقاعدہ آغاز رات 08:15 بجے ہوگا۔ پروگرام کی ترتیب کچھ یوں رکھی گئی ہے:

بیان و منقبت: دعوتِ اسلامی کے مبلغین حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کے فضائل اور ان کی دینی و ملی خدمات پر جامع بیان کریں گے۔

مدنی چینل کی کوریج: اس روحانی تقریب کو مدنی چینل پر دنیا بھر میں براہِ راست (Live) دکھایا جائے گا تاکہ گھر بیٹھے لوگ بھی مستفید ہو سکیں۔

لنگرِ معاویہ: شرکاء کے لیے تواضع اور لنگر کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔

سیرتِ امیرِ معاویہ رضی اللہ عنہ: تاریخِ اسلام کا درخشاں ستارہ

حضرت سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ وہ عظیم شخصیت ہیں جن کے بارے میں حضور اکرم ﷺ نے دعا فرمائی تھی کہ: "اے اللہ! اسے ہدایت دینے والا، ہدایت یافتہ بنا اور اس کے ذریعے لوگوں کو ہدایت دے۔" (جامع ترمذی)۔

آپ کی سیرت کے چند مستند پہلو درج ذیل ہیں:

1. جلیل القدر کاتبِ وحی: آپ کو دربارِ رسالت میں کاتبِ وحی ہونے کا بلند مرتبہ حاصل ہوا۔ آپ قرآن کریم کی آیات کو قلمبند کرنے جیسی عظیم خدمت پر مامور رہے، جو آپ کی امانت اور دیانت پر مہرِ تصدیق ہے۔

2. پہلا اسلامی بحری بیڑا: اسلامی تاریخ میں مسلمانوں کو سمندری قوت بنانے کا سہرا آپ ہی کے سر ہے۔ آپ نے پہلا منظم بحری بیڑا تیار کروایا اور رومیوں کے خلاف کامیاب معرکے سر کیے۔

3. دورِ حکومت اور عدل و انصاف: آپ کا دورِ خلافت (41ھ تا 60ھ) فتوحات اور امن و امان کے لحاظ سے سنہرا دور کہلاتا ہے۔ آپ نے اسلامی مملکت کو استحکام بخشا اور انتظامی امور میں ایسے اصلاحات متعارف کروائیں جو آج بھی جدید ریاستوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

4. حلم و بردباری: تاریخِ اسلام میں آپ کی بردباری (Tolerance) ضرب المثل ہے۔ آپ دشمنوں کے ساتھ بھی نرمی اور حکمت سے پیش آتے، جس کی وجہ سے مخالفین بھی آپ کی شخصیت کے گرویدہ ہو جاتے تھے۔