دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام26 جولائی 2026ء کو استقبالِ ماہِ ربیع الاول شریف کے سلسلے میں عظیم الشان اجتماع منعقد ہوا۔ اس اجتماع کا انعقاد ایم اے جناح روڈکراچی پر واقع تاریخی میدان ”نشتر پارک“میں کیا گیا۔ اجتماع کا باقاعدہ آغاز قرآن پاک کی نورانی تلاوت سے ہوا جس کے بعد مدنی چینل کے نعت خواں حضرات نے بارگاہِ رسالت مآب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔

نعت خوانی کے بعد امیرِ اہل سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے جانشین اور خلیفہ مولانا ابو اسید حاجی عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ربیع الاول شریف کی اہمیت اور فضیلت پر جامع اور مدلل بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ربیع الاول شریف کا مہینا عالمِ اسلام کے لیے عظیم ترین خوشی کا پیغام لاتا ہے، آقا کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سیرتِ طیبہ پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا و آخرت میں کامیابی ممکن ہے۔ انہوں نے شرکا کو آمدِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی خوشی شرعی حدود میں رہ کر منانے اور سنتوں پر سختی سے عمل کرنے کی ترغیب دی۔

بیان کے فوراً بعد استقبالِ ربیع الاول کی مناسبت سے خصوصی کلام پڑھے گئے جس کے دوران پورا پنڈال اور اطراف کے راستے ”سرکار کی آمد! مرحبا“ اور ”مرحبا یا مصطفیٰ“ کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھے جبکہ شرکا نے ہاتھوں میں مدنی پرچم لہرا کر اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔

اجتماع میں کراچی اور اطراف کے اضلاع سے ہزاروں کی تعداد میں عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ عوامی مجمع اس قدر کثیر تھا کہ نشتر پارک کا وسیع و عریض میدان مکمل طور پر بھر گیا اور جگہ کم پڑ گئی۔ پارک کے اردگرد کی شاہراہیں، مزارِ قائد کا اطراف اور نمائش چورنگی تک کا علاقہ انسانوں کے سمندر میں تبدیل ہوچکا تھا، جہاں دور دور تک عاشقانِ رسول دکھائی دیے۔ اجتماع میں مختلف سیاسی، سماجی، اور شہر کی ممتاز کاروباری شخصیات نے بھی خصوصی شرکت کی۔

اتنے بڑے اجتماع کو منظم رکھنے کے لیے دعوتِ اسلامی کے رضاکاروں اور ضلعی انتظامیہ نے مثالی انتظامات کر رکھے تھے۔ دور بیٹھے شرکا کے لیے بڑی بڑی ڈیجیٹل ایس ایم ڈی (SMD) اسکرینز نصب کی گئی تھیں تاکہ ہر کوئی بیان کا واضح نظارہ کر سکے۔ گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے پارکنگ کا وسیع انتظام تھا جبکہ سیکیورٹی کے حوالے سے کراچی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فل پروف انتظامات کیے تھے۔

اجتماع کے آخری لمحات میں جانشینِ امیرِ اہل سنّت نے ملکِ پاکستان کی سلامتی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور شرکا کی مغفرت کے لیے خصوصی دعا کروائی۔ اجتماع کا اختتام بارگاہِ رسالت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں صلاۃ و سلام کے نذرانے اور درود و سلام کے گلدستوں کے ساتھ ہوا۔

اس اجتماع کی مکمل نشریات کو دیکھنے کے لئے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کیجئے:

https://www.youtube.com/watch?v=WruOir67pDs