دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام مجددِ دین و ملت، اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان فاضلِ بریلوی رحمۃ اللہ علیہ کے ایصالِ ثواب کے لیے 3 دن کے قافلوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ 3 دن کے قافلے 17، 18 اور 19 جولائی 2026ء کو اللہ پاک کی راہ میں سفر کریں گے۔ ان 3 دنوں میں عاشقانِ رسول کو سنتیں و آداب سیکھنے کے ساتھ ساتھ علمِ دین حاصل کرنے کا بہترین موقع حاصل ہوگا ۔

دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران اور تمام عاشقانِ رسول اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ کے ایصالِ ثواب کی نیت سے ان قافلوں میں بڑھ چڑھ کر شرکت فرمائیں جبکہ اپنے عزیز و اقارب، دوست احباب اور پڑوسیوں کو بھی اس نیکی کی دعوت دیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس قافلے کا حصہ بن سکیں۔

واضح رہے کہ دعوتِ اسلامی کے تحت ہر سال مختلف بزرگانِ دین کے ایصالِ ثواب کے لیے سنتوں کی تربیت کے قافلے سفر کرتے ہیں جہاں عاشقانِ رسول نہ صرف اپنی اخلاقی و روحانی تربیت کرتے ہیں بلکہ دور دراز علاقوں میں جا کر نیکی کی دعوت بھی عام کرتے ہیں۔