ولادت حضرت علی المرتضیٰ کے موقع پر پشاور میں
فیضان مدینہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا
13 رجب المرجب 1447ھ بمطابق 3 جنوری 2026ء کو
صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر پشاور میں
دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ پشاور (بنام جامع مسجد علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ) کی تعمیرات کے سلسلے میں ایک عظیم الشان
اجتماعِ سنگِ بنیاد کا انعقاد کیا گیا۔
اس اجتماع میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ
کے رکن حاجی یعفور رضا عطاری نے خصوصی شرکت فرمائی۔ اجتماع کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ
قرآنِ پاک سے کیا گیا جبکہ نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پیش کرنے کی سعادت بھی حاصل کی گئی۔
رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری نے حاضرینِ
اجتماع سے ”فضائلِ اہلِ بیت“ کے موضوع پر نہایت مؤثر، جامع اور سنتوں بھرا
بیان فرمایا۔ بیان میں اہلِ بیتِ اطہار رضوان اللہ علیہم اجمعین کی
عظمت، ان سے محبت کو ایمان کا حصہ قرار دینے، ان کی سیرتِ طیبہ کو اپنانے اور ان
کے مبارک کردار کو عملی زندگی میں نافذ کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ بیان کے
دوران شرکائے اجتماع کو سنتوں پر عمل، نیکیوں کے فروغ اور معاشرے کی اصلاح کے لئے
عملی کردار ادا کرنے کی ترغیب بھی دلائی گئی۔
بیان کے بعد مدنی مرکز فیضانِ مدینہ پشاور اور
جامع مسجد علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کی تعمیر کے سلسلے میں سنگِ بنیاد رکھا گیا۔
اس موقع پر حاضرین نے اللہ عزوجل کی بارگاہ میں مدنی مرکز کی جلد تکمیل، اس میں
خیر و برکت اور اسے دینِ اسلام کی اشاعت کا مضبوط مرکز بنانے کے لئے خصوصی دعائیں
کیں۔ اس اجتماع میں علمائے کرام، ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی، مختلف شعبہ جات سے
وابستہ اسلامی بھائیوں، مقامی معززین اور عاشقانِ رسول کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
مدنی مرکز فیضانِ مدینہ پشاور مستقبل میں
نمازوں، دینی اجتماعات، سنتوں بھرے بیانات، تربیتی کورسز اور مختلف دینی سرگرمیوں
کا مرکز ہوگا جو نہ صرف پشاور بلکہ گرد و نواح کے علاقوں میں بھی اصلاحِ معاشرہ
اور سنتوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
نیو کراچی میں عظیم الشان ہفتہ وار سنتوں بھرا
اجتماع، خلیفۂ امیر اہلسنت نے بیان فرمایا
غوثیہ نورانی عید گاہ گاؤنڈD-11نیو کراچی میں 08 جنوری 2026ء بروز
جمعرات دعوتِ اسلامی کے عظیم الشان ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں رکن شوریٰ حاجی
فضیل عطاری، نگران ڈویژن مشاورت، نگران ڈسٹرکٹ مشاورت،نگران ٹاؤن مشاورت، مختلف
شعبہ جات کے اسلامی بھائیوں، سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات، مقامی عاشقانِ رسول اور
طلبائے کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اجتماع کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ
رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے ہوا جس سے پنڈال روحانی انوار سے منور ہوگیا۔
اس موقع پر خلیفۂ امیرِ اہلِ سنت مولانا حاجی
عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ
العالی نے عبادت، سیرتِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اور صحابۂ کرام رضی اللہُ عنہم کے فضائل پر
مشتمل سنتوں بھرا بیان فرمایا۔ بیان کے دوران آپ نے عبادت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے
ہوئے حضرت علامہ مولانا مفتی نقی علی خان رحمۃُ اللہِ علیہ کا قول نقل کیا
کہ ”تمام کمالات کی اصل عبادت ہے اور انسان کی حقیقی عزت بارگاہِ الٰہی میں
سرجھکانے ہی میں ہے“۔ خلیفۂ امیرِ اہلِ سنت نے حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے اندازِ عبادت کا ذکر کرتے ہوئے شرکائے
اجتماع کو ماہِ رجب، شعبان اور رمضان المبارک میں کثرت سے عبادت کرنے کی ترغیب
دلائی۔ آپ دامت بَرَکَاتُہمُ
العالیہ نے سیدنا امیر معاویہ رضی اللہُ عنہ اور
سیدنا امام جعفر صادق رحمۃُ اللہِ علیہ کی مبارک سیرت بیان کرتے ہوئے ان کے اعراس
منانے، نمازوں کی پابندی، سنتوں پر عمل، قافلوں میں سفر، نیک اعمال اختیار کرنے
اور دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ رہنے کا ذہن دیا۔
بیان کے بعد اجتماع میں شیڈول کے مطابق درودِ
پاک پڑھا گیا، ذکرُ اللہ کیا گیا اور آقا کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہِ اقدس میں سلام پیش کیا گیا۔ آخر میں خلیفۂ امیرِ
اہلِ سنت نے امتِ مسلمہ کی خیرخواہی، ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا
بھی کروائی۔
اجتماع میں شریک تاجر برادری، سیاسی و سماجی
شخصیات نے اس روح پرور اجتماع کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے اہلِ
علاقہ نیو کراچی کے لیے نہایت خوش آئند قرار دیا۔ اس موقع پر پنڈال میں دعوتِ
اسلامی کے مختلف شعبہ جات کے معلوماتی اسٹالز بھی لگائے گئے تھے، جہاں شرکاء کو دینی
و فلاحی سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا۔
اورنگی ٹاؤن کراچی: اجتماعِ شبِ معراج میں حاجی
عبدالحبیب عطاری بیان فرمائیں گے
27 رجب المرجب کی رات پیارے آقا، مکی مدنی
مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم مختصر سے وقت میں مسجدِ حرام سے مسجدِ اقصیٰ تک پھر وہاں سے آسمانوں کی سیر کرتے ہوئے
لامکاں تک تشریف لے گئے تھے اور اللہ پاک کی بارگاہ سے اپنی امت کے لئے نمازوں کا
تحفہ لائے تھے۔
اسی رات کی یاد منانے کے لئے 16 جنوری 2026ء بمطابق 27 رجب المرجب 1447ھ کو عاشقانِ
رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام دنیا بھر کے مختلف مقامات پر ”اجتماعِ معراج“ کا انعقاد کیا جائے گا
جس میں تلاوتِ قراٰن، نعتِ رسولِ مقبول صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم، شبِ
معراج کے قصیدے اور بیانات سمیت مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوگا۔
مختلف ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق
دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والا ”اجتماعِ معراج“ جرمن اسکول گراؤنڈ، سیکٹر
16، کراچی میں بھی منعقد کیا جائے گا جس کا آغاز بعد نمازِ عشا ہوگا۔
تلاوت و نعت سے ”اجتماعِ معراج“ کا آغاز کرنے کے بعدبذریعہ مدنی چینل شیخِ
طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد
الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ مدنی مذاکرہ فرمائیں گے اور
عاشقانِ رسول کو مدنی پھولوں سے نوازیں گے ۔
اس کے علاوہ وقتِ مناسب
پر اورنگی ٹاؤن، کراچی میں ہونے والے ”اجتماعِ معراج“ میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن
مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری بیان کرتے ہوئے وہاں موجود عاشقانِ رسول کی دینی و
اخلاقی تربیت کریں گے۔
اورنگی ٹاؤن اور اس کے اطراف میں رہنے والے تمام
عاشقانِ رسول اس ”اجتماعِ معراج“ میں
شرکت کرکے حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی معراج کا جشن منائیں اور ڈھیروں ڈھیر علمِ دین حاصل
کریں۔
کل بروز اتوار فیضانِ مدینہ کراچی میں ”دستارِ
فضیلت و تقسیمِ اسناد اجتماع“ کا انعقاد کیا جائے گا
عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کم و
بیش 44 سالوں سے دینِ متین کی خدمت کر رہی ہے جس دوران اس تحریک نے ہزاروں علمائے کرام ، ہزاروں حفاظِ کرام اور لاکھوں
ناظرہ خواں طلبہ و طالبات امتِ مسلمہ کو عطا
کئے ہیں۔
اس تحریک کا مقصد لوگوں کی اصلاح کرنا، انہیں
پنج وقتہ نماز کا پابند بنانا، اُن کے اور
اُن کی آنے والی نسلوں کے عقائد و نظریات کی حفاظت کرنا نیز دنیا بھر میں دینِ
اسلام کی تعلیمات کو عام کرنا ہے۔
تفصیلی معلومات کے مطابق کل بروز اتوار 11 جنوری 2026ء کو عالمی مدنی
مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام”دستارِ فضیلت و
تقسیمِ اسناد اجتماع“ہونے جارہا ہے جس کا آغاز بعد نمازِ ظہر تقریباً 2 بجے
تلاوتِ قراٰن و نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ
واٰلہٖ وسلَّم سے کیا جائے گا۔
تلاوت و نعت سے اجتماع کا آغاز کرنے کے بعد استاذ
الحدیث مفتی محمد حسان عطاری مدنی مدظلہ العالی طلبۂ کرام کے درمیان خصوصی بیان فرمائیں گے اور
اختتام پر مفتیانِ کرام و اساتذۂ کرام کے ہمراہ 2025ء میں درسِ نظامی و تخصصات
مکمل کرنے والے طلبۂ کرام کے سروں پر عمامہ شریف کا تاج سجائیں گے۔
ذرائع کے مطابق 2025ء میں عاشقانِ رسول کی دینی
تحریک دعوتِ اسلامی کے دنیا بھر کے تعلیمی اداروں سے فارغ
التحصیل ہونے والوں کی مجموعی کارکردگی درج ذیل رہی:
|
نمبر شمار |
درسِ نظامی و تخصصات |
حفظِ قراٰن |
ناظرہ قراٰنِ کریم |
دیگر کورسز |
|
|
01 |
5, 313 |
18, 393 |
64, 191 |
9, 018 |
|
|
فارغ التحصیل کی مجموعی
تعداد 2025ء |
96, 915 |
||||
اہم
نوٹ: عالمی مدنی مرکز
فیضانِ مدینہ کراچی میں ظہر کی نماز 01:30 بجے ادا کی جائے گی جبکہ یہ اجتماعِ پاک
مدنی چینل پر براہِ راست (Live) نشر کیا جائے گا۔
فیضانِ مدینہ میں عرسِ امیرِ معاویہ رضی اللہ
عنہ کا عظیم الشان اجتماع کل ہوگا
کراچی (ویب ڈیسک) دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام
کاتبِ وحی، جلیل القدر صحابیِ رسول حضرت سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کا عرسِ
پاک کل 11جنوری 2026 ء بروز اتوار نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس
سلسلے میں عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ، پرانی سبزی منڈی کراچی میں ایک عظیم
الشان ”محفلِ نعت" کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں شہر بھر سے ہزاروں عاشقانِ
رسول کی شرکت متوقع ہے۔
پروگرام کا شیڈول اور انتظامات:
اعلامیہ کے مطابق تقریب کا باقاعدہ آغاز رات 08:15 بجے ہوگا۔ پروگرام کی ترتیب کچھ یوں رکھی
گئی ہے:
بیان و منقبت: دعوتِ اسلامی کے مبلغین حضرت امیر
معاویہ رضی اللہ عنہ کے فضائل اور ان کی دینی و ملی خدمات پر جامع بیان کریں گے۔
مدنی چینل کی کوریج: اس روحانی تقریب کو مدنی چینل
پر دنیا بھر میں براہِ راست (Live) دکھایا جائے گا تاکہ گھر بیٹھے لوگ بھی
مستفید ہو سکیں۔
لنگرِ معاویہ: شرکاء کے لیے تواضع اور لنگر کا
بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔
سیرتِ امیرِ معاویہ رضی اللہ عنہ: تاریخِ اسلام
کا درخشاں ستارہ
حضرت سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ وہ عظیم
شخصیت ہیں جن کے بارے میں حضور اکرم ﷺ نے دعا فرمائی تھی کہ: "اے اللہ! اسے
ہدایت دینے والا، ہدایت یافتہ بنا اور اس کے ذریعے لوگوں کو ہدایت دے۔" (جامع
ترمذی)۔
آپ کی سیرت کے چند مستند پہلو درج ذیل ہیں:
1. جلیل القدر کاتبِ وحی: آپ کو دربارِ رسالت میں
کاتبِ وحی ہونے کا بلند مرتبہ حاصل ہوا۔ آپ قرآن کریم کی آیات کو قلمبند کرنے جیسی
عظیم خدمت پر مامور رہے، جو آپ کی امانت اور دیانت پر مہرِ تصدیق ہے۔
2. پہلا اسلامی بحری بیڑا: اسلامی تاریخ میں
مسلمانوں کو سمندری قوت بنانے کا سہرا آپ ہی کے سر ہے۔ آپ نے پہلا منظم بحری بیڑا
تیار کروایا اور رومیوں کے خلاف کامیاب معرکے سر کیے۔
3. دورِ حکومت اور عدل و انصاف: آپ کا دورِ
خلافت (41ھ تا 60ھ) فتوحات اور امن و امان کے لحاظ سے سنہرا دور کہلاتا ہے۔ آپ نے
اسلامی مملکت کو استحکام بخشا اور انتظامی امور میں ایسے اصلاحات متعارف کروائیں
جو آج بھی جدید ریاستوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
4. حلم و بردباری: تاریخِ اسلام میں آپ کی
بردباری (Tolerance) ضرب المثل ہے۔ آپ دشمنوں کے ساتھ بھی نرمی
اور حکمت سے پیش آتے، جس کی وجہ سے مخالفین بھی آپ کی شخصیت کے گرویدہ ہو جاتے
تھے۔
نیوکراچی:8 جنوری کو ہفتہ وار اجتماع میں خلیفۂ امیرِ
اہلسنت بیان فرمائیں گے
نیوکراچی کے
عاشقانِ رسول کے لئے اس جمعرات 8 جنوری
2026ء کی رات ہونے جارہا ہے دعوتِ اسلامی کا ہفتہ وار سنتوں بھرا اجتماع!!! جس میں
خلیفۂ امیرِ اہلسنت مولانا ابواُسید حاجی
عبید رضا عطاری مدنی مدظلہ العالی کی خصوصی شرکت ہوگی۔
یہ ہفتہ وار اجتماع غوثیہ نورانی عید گاہ گراؤنڈ
11-D نیوکراچی میں ہوگا جس کا آغاز بعد نمازِ عشا رات تقریباً 9:30 بجے تلاوتِ
قراٰن سے کیا جائے گا جس کے بعد نعت خواں اسلامی بھائی نذرانۂ عقیدت پیش کریں گے۔
نعت شریف سے لوگوں کے دلوں کو منور کرنے کے بعد خلیفۂ
امیرِ اہلسنت مولانا ابواُسید حاجی عبید
رضا عطاری مدنی مدظلہ
العالی کا سنتوں بھرا بیان ہوگا جس
میں وہ عاشقانِ رسول کی دینی، اخلاقی اور تنظیمی اعتبار سے تربیت فرمائیں گے۔
نیوکراچی کے عاشقانِ رسول، ذمہ داران اور مختلف شعبہ
جات سے تعلق رکھنے والے اسلامی بھائی اس اجتماعِ پاک میں شرکت کرکے علمِ دین کا خزانہ حاصل کریں ۔
میمن ریسرچ سینٹر کی ٹیم کا دعوتِ اسلامی کے علمی و تحقیقی مرکز کا
مطالعاتی دورہ
کراچی: بولٹن مارکیٹ کراچی کے عظیم الشان دینی
ادارے دارالعلوم میمن کے شعبہ "میمن اسلامک ریسرچ سینٹر" (دارالمیمن للتحقیقات
الاسلامیہ) کی
ٹیم نے 31 دسمبر 2025ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کا باضابطہ علمی و تحقیقی
دورہ کیا۔ اس موقع پر ٹیم نے دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام قائم اسلامک ریسرچ سینٹر
(المدینۃ
العلمیۃ) کی
علمی خدمات کا قریب سے مشاہدہ کیا۔
ذرائع کے مطابق میمن اسلامک ریسرچ سینٹر کے ٭مفتی محمد احسن اویسی صاحب (نائب مہتمم: دار العلوم میمن، وہیڈ آف میمن اسلامک ریسرچ سینٹر)٭حسین علی سروری صاحب ( انچارج وریسرچر: میمن اسلامک ریسرچ سینٹر)٭محمد مزمل صاحب ( ریسرچر- فقہ وعلم الکلام)٭محمد خان صاحب (ریسرچر-فقہ وعلم الکلام) ٭حمزہ علی صاحب (ریسرچر- فقہ وعلم الکلام) ٭محمد ظفر اختر صاحب (ریسرچر- فقہ وعلم الکلام)٭محمد جمشید علی صاحب (ریسرچر- رد الحاد)٭اور عبد النبی صاحب (ریسرچر- فقہ واقتصاد) کو المدینۃ العلمیۃ کے مختلف اہم شعبہ جات کا تفصیلی تعارفی دورہ کروایا گیا۔ ٹیم کو بالخصوص شعبہ کُتُبِ اعلیٰ حضرت، شعبہ امیرِ اہلِ سنت، شعبہ درسی کُتُب اور ماہنامہ فیضانِ مدینہ میں ہونے والے تحقیقی کاموں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اس کے علاوہ وفد کو اسلامک ریسرچ سینٹر کی مرکزی
لائبریری کا بھی دورہ کروایا گیا جہاں نایاب کتب اور تحقیقی مواد دیکھ کر شرکا نے
گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
دورے کے اختتام پر میمن اسلامک ریسرچ سینٹر کی ٹیم
نے دعوتِ اسلامی کی انتظامیہ اور بالخصوص استاذ الحدیث مولانا احمد رضا شامی صاحب،
مولانا کاشف سلیم عطاری مدنی صاحب ، مولانا عبداللہ نعیم عطاری مدنی صاحب ، مولانا حامد سراج عطاری
مدنی صاحب اور مولانا تصور رضا عطاری مدنی صاحب کا صمیمِ قلب سے شکریہ ادا کیا۔
وفد کے ارکان کا کہنا تھا کہ ان حضرات کی
مخلصانہ علمی شفقت، حسنِ استقبال اور مثالی تعاون ہمارے لئے باعثِ افتخار ہے۔ ان کی
کوششوں سے ہمیں دعوتِ اسلامی کے وسیع علمی نیٹ ورک کو سمجھنے کا موقع ملا۔
دعوتِ اسلامی لوگوں کے دلوں میں بزرگانِ دین رحمہم اللہ المبین
کی محبت ڈالنے،لوگوں کو اُن کی سیرت سے
آگاہ کرنے اور بزرگانِ دین رحمہم
اللہ المبین کے اعراس منانے والی عاشقانِ
رسول کی دینی تحریک ہے۔
4 جنوری 2026ء بمطابق 15 رجب المرجب 1447ھ اتوار کی رات
گلستانِ اہلِ بیت کے مہکتے ہوئے پھول حضرت سیّدنا امام
جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ کے عرس کے سلسلے میں محفلِ نعت (مدنی مذاکرے) کاانعقاد کیا جائے گا۔
یہ محفلِ نعت بعد نمازِ عشا رات تقریباً 8:15 پر شروع ہو جائے گی جس میں
تلاوتِ قراٰن، نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ
واٰلہٖ وسلَّم کے بعد شیخِ
طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد
الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت
بَرَکَاتُہمُ العالیہ حاضرین اور مدنی
چینل کے ناظرین کو حضرت سیّدنا امام جعفر صادق
رحمۃ اللہ علیہ کی سیرت سے متعلق مدنی پھول ارشاد فرمائیں گے۔
فیصل آباد: 10 جنوری کو طلبہ کے لئے
"دستارِ فضیلت و تقسیمِ اسناد اجتماع" منعقد ہوگا
دعوتِ اسلامی نے تعلیمِ قراٰن عام کرنے، لوگوں
کے عقائد و نظریات کی حفاظت کرنے، انہیں دینی و شرعی مسائل سکھانے اور اُن کی
اخلاقی تربیت کرنے کے لئے مختلف شعبہ جات قائم کئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شعبہ جامعۃالمدینہ بوائز، شعبہ
مدرسۃالمدینہ بوائز، شعبہ مدرسۃالمدینہ بالغان، شعبہ امامت کورس اور شعبہ فیضان آن
لائن اکیڈمی بوائز سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبۂ کرام کے اعزاز میں ”دستارِ
فضیلت و تقسیمِ اسناد اجتماع“ کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔
واضح رہے طلبۂ کرام کے اعزاز میں ہونے والا یہ ”دستارِ
فضیلت و تقسیمِ اسناد اجتماع“ 10 جنوری 2026ء کو دھوبی گھاٹ گراؤنڈ، فیصل آباد
پنجاب میں 10:30 AM تا 1:00 PM کے
درمیان منعقد ہوگا۔
اس اجتماعِ پاک میں تلاوت و نعت، منقبت اور
مختلف کلام پڑھے جائیں گے جبکہ خصوصی بیان مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن و نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری فرمائیں
گے۔
آج رکن شوریٰ حاجی فضیل عطاری لائیومدنی چینل پر ہفتہ وار اجتماع میں بیان
فرمائیں گے
دعوتِ
اسلامی کا ہفتہ وار سنتوں بھرا اجتماع ایک ایسی روح پرور اور ایمان افروز محفل ہے
جو دلوں میں نیکی کی چنگاری روشن کرتی ہے۔ یہ اجتماع نہ صرف اصلاحِ اعمال کا ذریعہ
بنتا ہے بلکہ زندگی کے مختلف پہلوؤں میں سنتِ رسول صلَّی اللہ علیہ
واٰلہٖ وسلَّم
کی روشنی پھیلانے کا اہم سبب بھی ہے۔ ہر ہفتے ہزاروں اسلامی بھائی مسجدوں، مدنی
مراکز اور اوپن گراؤنڈز میں جمع ہوکر اس بابرکت محفل کا حصہ بنتے ہیں جہاں دلوں کی
دنیا بدلتی ہے اور ایمان تازہ ہوتا ہے۔
اسی
سلسلے میں آج مؤرخہ یکم جنوری 2026ء بروز
جمعرات دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام دنیا بھر میں ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماعات کا
انعقاد کیا جائے گا جن میں اراکین شوریٰ و مبلغین دعوتِ اسلامی تلاوت و نعت کے بعد
سنتوں بھرے بیانات فرمائیں گے۔
تفصیلات
کے مطابق آج رات رضائے مصطفٰے مسجد کورنگی نمبر 4 سے مدنی چینل پر لائیو ہونے والے
ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں رکن شوریٰ حاجی فضیل عطاری سنتوں بھرا بیان
فرمائیں گے۔
اس کے
علاوہ مدنی مرکز فیضان مدینہ پسرور بائی پاس ڈسکہ میں رکن شوریٰ عبد الوہاب
عطاری، مدنی مرکز فیضان مدینہ شاہ ابوالبرکات مغلپورہ لاہور میں رکن شوریٰ حاجی
منصور عطاری، گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول مانگا منڈی ملتان روڈ ٹاؤن لاہور
میں رکن شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری اور ادھونیا مدرسہ جامع مسجد ہتھ ہزاری
میونسپلٹی، چٹاگانگ میں رکن شوریٰ عبد المبین عطاری سنتوں بھرا بیان
فرمائیں گے۔
قرب و
جوار کے تمام عاشقانِ رسول سے ہفتہ وار اجتماع میں شرکت کی درخواست ہے۔
فیضانِ مدینہ فیصل آباد میں مختلف شعبہ جات کے نگران و ذمہ
داران کا مدنی مشورہ
دعوتِ اسلامی کے مختلف شعبہ جات کے تحت ہونے
والے کاموں کا جائزہ لینے اور اُن میں مزید بہتری لانے کے لئے فیصل آباد، پنجاب کے
مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں مختلف شعبہ جات کے نگران و ذمہ داران کا مدنی مشورہ
ہوا۔
اس موقع پر مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اراکین حاجی محمد
فاروق جیلانی عطاری، مولانا حاجی محمد جنید عطاری مدنی (صدر
کنزالمدارس بورڈ)، مولانا حاجی اسد
عطاری مدنی اور حاجی قاری محمد سلیم عطاری موجود تھے۔
ذمہ داران سے شعبہ جات کی کارکردگی کا جائزہ
لینے کے لئے مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن و نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد
عطاری نے چند اہم نکات پر مشاورت کی جن
میں بالخصوص گھریلو صدقہ بکس اور خود کفالت کا نظام، اُن میں درپیش مسائل اور اُن
کا حل شامل تھا۔
نگرانِ پاکستان مشاورت نے کارکردگی جائزہ کے
دوران نمایاں کارکردگی کے حامل اسلامی
بھائیوں کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں مدنی پھولوں سے نوازاجس پر انہوں نے اچھی
اچھی نیتیں کیں۔(رپورٹ:عبدالخالق
عطاری نیوز فالو اپ ذمہ دار نگرانِ پاکستان مشاورت، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)
نیو ایئر نائٹ کے موقع پر آج رات مدنی مذاکرہ ہوگا: 9 عمرہ ٹکٹ بھی دیے جائیں گے
لوگوں کو گناہوں سے بچانے، انہیں نیکی کے کاموں
میں مصروف رکھنے اور دینی ودنیاوی مسائل میں لوگوں کی مدد کرنے والی عالمی سطح کی
دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت آج رات 31
دسمبر 2025ء کو NEW YEAR NIGHT کے موقع پر عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ
کراچی میں مدنی مذاکرے کا اہتمام کیا جائے
گا۔
مدنی مذاکرے کا آغاز بعد نمازِ عشا تقریباً 8:30
بجے تلاوتِ قراٰن و نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے ہوگا جسے بذریعہ مدنی چینل پاکستان سمیت دنیا بھر کے
مختلف ممالک میں دیکھا جائے گا۔
تلاوت و نعت کے بعد شیخِ طریقت،
امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر
قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے
والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائیں گے۔
اس موقع
پر مدنی مذاکرے میں شریک عاشقانِ رسول کے لئے قرعہ اندازی کی جائے گی جس میں 9
عمرے کے ٹکٹ ہوں گے جو عاشقانِ رسول اس قرعہ اندازی میں حصہ لینا چاہتے ہیں وہ
اپنی NIC کی کاپی جمع کرواکر مدنی مذاکرے میں اوّل تا آخر شرکت کریں اور
امیرِ اہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے مدنی پھولوں سے بھی فیض یاب ہوں۔
Dawateislami