دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 4اکتوبر 2025ء کی شب گراؤنڈ گرینڈ مارکی تونسہ روڈ،  ڈیرہ غازی خان میں عظیم الشان ”اجتماعِ غوثیہ“ منعقد کیا گیا جس میں ڈیرہ غازی خان سٹی سمیت اطراف سے کثیر عاشقان رسول، جامعۃ المدینہ و مدرسۃ المدینہ (بوائز) کے اساتذۂ کرام، طلبۂ کرام ، قاری صاحبان، مقامی علمائے کرام اور شخصیات نے شرکت کی۔

معمول کے مطابق اجتماع کا آغاز اللہ عزوجل کے پاک کلام قراٰنِ مجید سے کیا گیا اور نعت شریف کے ساتھ ساتھ منقبتِ غوث اعظم بھی پڑھی گئی جس کے بعد مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن و نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا۔

بیان کے دوران نگران پاکستان مشاورت نے ” غوثِ پاک کا عشقِ رسول “کے موضوع پر بیان کرتے ہوئے حاضرین کو غوثِ اعظم شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃُ اللہِ علیہ کی تعلیمات پر عمل کرنے ، نیکی کرنے اور نیکی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیتے رہنے نیز عقائد کی درستگی و نیک لوگوں کی صحبت اختیار کرنے کی ترغیب دلائی ۔نگرانِ پاکستان مشاورت نے شرکائے اجتماع کو دعوتِ اسلامی کے 12 دینی کاموں میں بھی شرکت کرنے کا ذہن دیا ۔

بعدازاں دعوتِ اسلامی کے اجتماعات میں پڑھے جانے والے درودِ پاک پڑھائے گئے اور ذکر اللہ ہوا جبکہ نگرانِ پاکستان مشاورت نے رقت انگیز دعا کروائی۔صلوٰۃ و سلام پر اجتماع کا اختتام ہوا۔(رپورٹ:عبدالخالق عطاری نیوز فالو اپ ذمہ دار نگرانِ پاکستان مشاورت، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)