پنجاب، پاکستان کے شہر لاہور میں واقع مشہور روحانی مرکز داتا دربار میں آج 31 اکتوبر 2026ء بروز ہفتہ عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ”مدنی مذاکرہ اجتماع“ منعقد کیا جائے گا۔

اس ”مدنی مذاکرہ اجتماع“ میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی یعفور رضا عطاری دیگر ذمہ داران اور عاشقانِ رسول کے ہمراہ بالخصوص شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ دین کی تبلیغ و اشاعت کے سلسلے میں داتا دربار مسجد میں اس وقت دعوتِ اسلامی کا تین دن کا قافلہ مقیم ہے، جو مسجد اور مزار مبارک پر آنے والے زائرین کو احکاماتِ دین کی تبلیغ کر رہا ہے۔ رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری اس قافلے میں خصوصی طور پر موجود ہیں اور وہ تینوں دن قافلے کے ہمراہ داتا دربار مسجد میں ہی قیام فرمائیں گے۔


عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں آج 31 اکتوبر 2026ء کو ہفتہ وار مدنی مذاکرہ منعقد کیا جائے گا جس میں خصوصی طور پر امیرِ اہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی آمد ہوگی۔

مدنی مذاکرے کا باقاعدہ آغاز رات تقریباً 8:15 بجے تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّم سے ہوگا جس کے بعد شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہحاضرین اور مدنی چینل کے ناظرین کی تربیت و شرعی رہنمائی فرمائیں گے اور اُن کی جانب سے پوچھے گئے مختلف سوالات کے جوابات عطا کریں گے۔

کراچی کے رہائشی عاشقانِ رسول کو فیضانِ مدینہ کراچی پہنچ کر جبکہ دیگر شہروں کے عاشقانِ رسول کو مدنی چینل کے ذریعے اس مدنی مذاکرے میں شرکت کر کے علمِ دین کا خزانہ حاصل کرنے کی دعوت دی جاتی ہے۔


واربرٹن، پنجاب پاکستان میں بائی پاس کے قریب واقع اقبال گرینڈ ایونٹس میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 5 نومبر 2026ء بروز جمعرات ”جامع مسجد فیضانِ اہلبیت“ کی افتتاحی تقریب منعقد کی جائے گی۔

معلومات کے مطابق تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّم سے ہوگا جس کے بعد دعوتِ اسلامی کے رکنِ مرکزی مجلسِ شوریٰ حاجی محمد اظہر عطاری سنتوں بھرا بیان فرمائیں گے۔

افتتاحی تقریب کے دوران ہی دعوتِ اسلامی کا ہفتہ وار سنتوں بھرا اجتماع بھی منعقد کیا جائے گا جس میں کثیر تعداد میں عاشقانِ رسول کی شرکت متوقع ہے۔


دعوتِ اسلامی اور پنجاب گروپ آف کالجز (راولپنڈی ، اسلام آباد ریجن) کے مابین طلبہ کی کردار سازی، اخلاقی تربیت، عملی مہارتوں میں اضافے اور مشترکہ تعلیمی اقدامات کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم یادداشتِ معاہدہ (MoU) پر دستخط کیے گئے ۔

ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق معاہدے کی تقریب میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن عبد الوہاب عطاری سمیت دیگر اہم ذمہ دار اسلامی بھائیوں اور پنجاب گروپ آف کالجز کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔

اس اقدام کا بنیادی مقصد تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم طلبہ کی دینی و اخلاقی رہنمائی، نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کے ذریعے اُن کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور نوجوان نسل کی بہترین تربیت کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

تقریب کے اختتام پر فریقین نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ طلبہ کے روشن مستقبل اور معاشرتی بہتری کے لیے انتہائی سود مند ثابت ہوگا۔


قرآنِ کریم کی تعلیمات اور پیغامات کو دنیا بھر کے تمام لوگوں تک اُن کی اپنی زبانوں میں پہنچانا ایک عظیم دینی و علمی خدمت ہے۔

اسی سلسلے میں عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی نے چینی زبان بولنے والے مسلمانوں کی رہنمائی کے لیے ایک تاریخی و بابرکت سنگِ میل عبور کیا ہے۔

ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ پر چائنیز (چینی) زبان میں مکمل ترجمہ قرآن” کنز العرفان مع افہام القرآن“ اپ لوڈ کر دیا گیا اور اس کا لنک پیشِ خدمت کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے اہلسنت و جماعت کی جانب سے یہ پہلا مکمل ترجمہ قرآن چائنیز (چینی) زبان میں شائع ہوا ہے۔ اس عظیم الشان دینی خدمت میں اپنا حصہ ملانے کے لیے اسے زیادہ سے زیادہ شیئر کیا جائے، یہ بہت ہی بڑا کام ہے۔

لنک

https://www.dawateislami.net/bookslibrary/zh/kanzul-irfan


اللہ ربّ العزت کی وحدانیت یعنی توحید اسلام کی بنیاد ایمان کی روح اور نجات کا سب سے پہلا زینہ ہے۔ تمام انبیاءِ کرام علیہم السلام کی دعوت کا مرکزی نقطہ یہی رہا کہ بندہ اپنے رب کو ایک، یکتا، بے مثال مانے اور اسی کی عبادت کرے۔ حضور نبیِّ کریم ﷺ نے نہ صرف توحید کی تعلیم دی بلکہ اپنی مبارک زندگی کے ہر پہلو سے اس کو واضح فرمایا۔

توحید کا مفہوم:اللہ تعالیٰ کو ذات، صفات، عبادات اور افعال میں یکتا ماننا۔یعنی عبادت صرف اللہ کی ہے ، مدد حقیقی صرف اللہ سے مانگی جائے ، حکم اور اختیار صرف اللہ کا ہی ہے ۔

توحید جنت کی کنجی:عن عبادة بن الصامت رضی اللہ عنہ قال: قال رسول اللہ ﷺ:مَنْ شَهِدَ أَنْ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ وَأَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اللّٰهِ، حَرَّمَ اللّٰهُ عَلَيْهِ النَّارَ حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:جو شخص اس بات کی گواہی دے کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمد ﷺ اللہ کے رسول ہیں، اللہ تعالیٰ اس پر جہنم کی آگ حرام فرما دیتا ہے۔(صحیح البخاری، کتاب العلم، باب فضل العلم، حدیث نمبر: 128)

یہ حدیث واضح کرتی ہے کہ کلمۂ توحید محض الفاظ نہیں بلکہ نجات کا پروانہ ہے بشرطیکہ دل سے مانا جائے۔

سب سے افضل عمل:قال رسول اللہ ﷺ:أَفْضَلُ الأَعْمَالِ إِيمَانٌ بِاللّٰهِ وَرَسُولِهِرسول اللہ ﷺ نے فرمایا:سب سے افضل عمل اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لانا ہے۔(صحیح البخاری، کتاب الایمان، باب: أمور الایمان، حدیث نمبر: 26)

یعنی تمام عبادات کی بنیاد ایمان ہے، اور ایمان کی بنیاد توحید ہے۔

شرک سب سے بڑا ظلم:قال رسول اللہ ﷺ:أَعْظَمُ الذُّنُوبِ أَنْ تَجْعَلَ لِلّٰهِ نِدًّا وَهُوَ خَلَقَكَنبی کریم ﷺ نے فرمایا:سب سے بڑا گناہ یہ ہے کہ تم اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہراؤ حالانکہ اس نے تمہیں پیدا کیا۔(صحیح البخاری، کتاب التفسیر، باب: فلا تجعلوا لله أنداداً، حدیث نمبر: 4477)

یہ حدیث توحید کے مقابلے میں شرک کی سنگینی کو واضح کرتی ہے۔

تربیت کے ذریعے:صحابہ کرام کو توحید پر ایسا مضبوط کیا کہ وہ ہر حال میں اللہ ہی پر بھروسہ کرتے۔

عملی نمونہ:آپ ﷺ کا توکل، دعا، عبادت سب توحید کا عملی نمونہ تھے۔

شرک سے بچنے کی تاکید:نبی کریم ﷺ نے بار بار شرک سے بچنے کی تاکید فرمائی کیونکہ:یہ ایمان کو ختم کر دیتا ہے،

نیکیوں کو ضائع کر دیتا ہے،آخرت میں سخت عذاب کا سبب بنتا ہے۔

نبی کریم ﷺ نے اپنی تعلیمات، اقوال اور افعال کے ذریعے توحید کو اس قدر واضح کر دیا کہ اس کے بعد کسی ابہام کی گنجائش باقی نہیں رہتی ۔اللہ تعالیٰ ہمیں سچی توحید نصیب فرمائے، شرک کی ہر قسم سے محفوظ رکھے، اور ہمیں حضور ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین بجاہ النبی الامین ﷺ


اسلام کی پوری عمارت جس بنیاد پر کھڑی ہے، وہ توحید ہے۔ اللہ رب العزت کی وحدانیت کا اقرار ہی وہ کلید ہے جو انسان کے لیے معرفتِ الٰہی کے دروازے کھولتی ہے۔ نبی کریم ﷺ نے اپنی پوری زندگی جس مشن کے لیے وقف فرمائی، وہ انسان کو اپنے خالقِ حقیقی سے جوڑنا اور شرک کی تمام صورتوں سے پاک کرنا تھا۔

توحیدِ باری تعالیٰ: قرآنِ کریم کی روشنی میں:قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے اپنی وحدانیت کو نہایت واضح انداز میں بیان فرمایا ہے:قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌۚ(۱)اَللّٰهُ الصَّمَدُۚ(۲)لَمْ یَلِدْ وَ لَمْ یُوْلَدْۙ(۳)وَ لَمْ یَكُنْ لَّهٗ كُفُوًا اَحَدٌ۠(۴)

ترجمۂ کنزالایمان: تم فرماؤ وہ اللہ ہے وہ ایک ہے ۔اللہ بے نیاز ہے۔نہ اس کی کوئی اولاد اور نہ وہ کسی سے پیدا ہوا۔ اور نہ اس کے جوڑ کا کوئی۔ (سورۃ الاخلاص :1تا4)

یہ آیات واضح کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ اپنی ذات، صفات اور افعال میں اکیلا ہے۔ وہ "صمد" ہے، یعنی سب اس کے محتاج ہیں اور وہ کسی کا محتاج نہیں۔ایک اور مقام پر اللہ تعالیٰ کی عظمت اور یگانگت کا تذکرہ ان الفاظ میں ملتا ہے:

وَ اِلٰهُكُمْ اِلٰهٌ وَّاحِدٌۚ-لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَ الرَّحْمٰنُ الرَّحِیْمُ۠(۱۶۳)

ترجمۂ کنزالایمان:اور تمہارا معبود ایک معبود ہے اس کے سوا کوئی معبود نہیں مگر وہی بڑی رحمت والا مہربان۔(سورۃ البقرۃ :163)

توحید کا نبوی بیان: احادیثِ مبارکہ کی روشنی میں:حضور نبی کریم ﷺ نے اپنی دعوت کا آغاز ہی "کلمہ توحید" سے کیا۔ آپ ﷺ نے واضح فرمایا کہ نجات کا راستہ صرف اللہ کی وحدانیت کے اقرار میں ہے۔

(1) ایمان کی بنیاد:حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: "اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر ہے: اس بات کی گواہی دینا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمد (ﷺ) اللہ کے رسول ہیں، نماز قائم کرنا، زکوٰۃ ادا کرنا، حج کرنا اور رمضان کے روزے رکھنا۔"(صحیح بخاری: 8، صحیح مسلم: 16)

(2) اللہ کا حق بندوں پر:حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نبی کریم ﷺ کے ساتھ سواری پر پیچھے بیٹھا تھا، آپ ﷺ نے مجھ سے پوچھا: "اے معاذ! کیا تم جانتے ہو کہ اللہ کا حق اس کے بندوں پر کیا ہے؟" میں نے عرض کی: اللہ اور اس کا رسول بہتر جانتے ہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: "بندوں پر اللہ کا حق یہ ہے کہ وہ صرف اسی کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں۔"(صحیح بخاری: 2856)

(3) توحید پر خاتمے کی فضیلت:رسول اللہ ﷺ نے اس شخص کو جنت کی بشارت دی جو توحید پر قائم رہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: "جس شخص کی آخری گفتگو (موت کے وقت) ’لا الہ الا اللہ‘ ہو، وہ جنت میں داخل ہو گیا۔"(سنن ابی داؤد: 3116)

نبی کریم ﷺ کا بیان کردہ تصورِ توحید محض ایک نظریے کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک مکمل نظامِ زندگی ہے۔ یہ انسان کو غیر اللہ کی غلامی سے نکال کر ایک اللہ کی بندگی میں لاتا ہے۔ جب انسان کا دل اس یقین سے بھر جاتا ہے کہ نفع و نقصان، عزت و ذلت اور زندگی و موت صرف اللہ کے ہاتھ میں ہے، تو اس کے اندر سے خوفِ خدا کے سوا ہر قسم کا ڈر نکل جاتا ہے۔آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کا جائزہ لیں اور اپنے قول و فعل سے توحید کا عملی ثبوت پیش کریں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں توحیدِ خالص پر زندہ رہنے اور اسی پر ایمان کی حالت میں اٹھائے جانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔


اللہ پاک نے انبیاء کرام علیہم السلام کو دنیا میں مبعوث فرمایا اور ان کے مقاصد میں سے پہلا مقصد اللہ پاک کی وحدانیت کو بیان کرنا تھا اور تمام انبیاء کرام نے اپنی ذمہ داری کو بشکل احسن سر انجام دیا بعض مقامات ایسے ہیں جہاں اللہ پاک نے خود انبیاء کرام کی زبانی مخلوق تک وحدانیت کا پیغام پہنچایا جیسے اللہ پاک قران پاک میں ارشاد فرماتا ہے: قُلْ اِنَّمَا یُوْحٰۤى اِلَیَّ اَنَّمَاۤ اِلٰهُكُمْ اِلٰهٌ وَّاحِدٌۚ-فَهَلْ اَنْتُمْ مُّسْلِمُوْنَ(۱۰۸)

ترجمہ کنز الایمان: تم فرماؤ مجھے تو یہی وحی ہوتی ہے کہ تمہارا خدا نہیں مگر ایک اللہ تو کیا تم مسلمان ہوتے ہو ۔(سورۃ الانبیاء آیت نمبر 108)

اس آیت مبارکہ میں اللہ پاک نے فرمایا اے محبوب ﷺ آپ فرما دیجئے یہاں پر بھی پیارے آقا صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کی زبان کے ذریعے اللہ پاک نے اپنی وحدانیت کو بیان فرمایا ۔

اسی طرح اللہ پاک نے ارشاد فرمایا : قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌۚ(۱)اَللّٰهُ الصَّمَدُۚ(۲)لَمْ یَلِدْ وَ لَمْ یُوْلَدْۙ(۳)وَ لَمْ یَكُنْ لَّهٗ كُفُوًا اَحَدٌ۠(۴)ترجمۂ کنزالایمان: تم فرماؤ وہ اللہ ہے وہ ایک ہے ۔اللہ بے نیاز ہے۔نہ اس کی کوئی اولاد اور نہ وہ کسی سے پیدا ہوا۔ اور نہ اس کے جوڑ کا کوئی۔(سورۃ الاخلاص:1تا4)

اور احادیث کریمہ بھی اس بات پر دال ہیں کہ کئی احادیث میں اللہ پاک کی وحدانیت کو ذکر کیا گیا جیسے پیارے آقا صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے جبرائیل امین کے سوال کے جواب میں ارشاد فرمایا جب سوال پوچھا :قَالَ: يَا مُحَمَّدُ أَخْبِرْنِي عَنِ الْإِسْلَامِ قَالَ:الْإِسْلَامُ أَنْ تَشْهَدَ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَأَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اللَّهِ یعنی مجھے اسلام کے متعلق بتائیے فرمایا کہ اسلام یہ ہے کہ تم گواہی دو کہ ﷲ کےسواءکوئی معبودنہیں اورمحمد ﷲ کے رسول ہیں۔(مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:1 حدیث نمبر:2)

اسی طرح پیارے آقا صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے فرمایا :بُنِيَ الْإِسْلَامُ عَلَى خَمْسٍ شَهَادَةُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُیعنی اسلام پانچ چیزوں پرقائم کیا گیا اس کی گواہی کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں۔(مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:1 حدیث نمبر:4)

تو ان تمام آیات اور احادیث سے یہ بات ثابت ہوئی کہ انبیاء کرام علیہم السلام نے بہترین انداز میں اللہ پاک کی وحدانیت کو بیان کیا ۔


توحید اسلام کی بنیاد اور اس کی روح ہے۔ توحید کا مطلب ہے اللہ تعالیٰ کو اس کی ذات، صفات اور افعال میں یکتا اور اکیلا ماننا۔ یہی وہ عقیدہ ہے جس کی تعلیم ہر نبی اور رسول نے اپنی قوم کو دی۔ لیکن حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے توحید کو جس خوبصورتی، وضاحت اور جامعیت کے ساتھ بیان فرمایا، وہ بے مثال اور لاجواب ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ہر فرمان توحید کی روشنی سے منور ہے۔

توحید کا قرآنی پس منظر:اللہ تعالیٰ نے قرآنِ مجید میں توحید کو بار بار اور مختلف انداز سے بیان فرمایا۔ سب سے جامع بیان سورۃ الاخلاص میں ہے:

ترجمۂ کنزالایمان: تم فرماؤ وہ اللہ ہے وہ ایک ہے ۔اللہ بے نیاز ہے۔نہ اس کی کوئی اولاد اور نہ وہ کسی سے پیدا ہوا۔ اور نہ اس کے جوڑ کا کوئی۔ ( سورۃ الاخلاص: 1-4)

حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ یہ سورت قرآن کے ایک تہائی کے برابر ہے۔(صحیح بخاری، حدیث: 5013)

نبوی بیانِ توحید: کلمہ طیبہ:حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے توحید کا خلاصہ ایک مختصر اور جامع جملے میں بیان فرمایا:لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ"کوئی معبود نہیں سوائے اللہ کے۔"آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:"جو شخص اس حال میں مرے کہ وہ جانتا ہو کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ جنت میں داخل ہوگا۔"(صحیح مسلم، حدیث: 26)

یہ کلمہ توحید کا سب سے بڑا اعلان ہے جو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دنیا کو عطا فرمایا۔

شرک سے ممانعت توحید کی حفاظت:آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے توحید کو بیان کرتے ہوئے شرک کی سختی سے ممانعت فرمائی۔ قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا: ترجمۂ کنزُالعِرفان: بیشک اللہ اس بات کو نہیں بخشتا کہ اس کے ساتھ کفر کیا جائے اور کفر سے نیچے جو کچھ ہے جسے چاہتا ہے معاف فرمادیتا ہے۔ (سورۃ النساء: 48)

حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:سب سے بڑا گناہ یہ ہے کہ تم اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہراؤ حالانکہ اسی نے تمہیں پیدا کیا ہے۔(صحیح بخاری، حدیث: 4477)

توحید کا عملی پہلو نبوی تعلیمات:حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے توحید کو صرف زبانی اقرار تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے زندگی کے ہر شعبے میں نافذ کرنے کی تعلیم دی۔ آپ نے فرمایا:"اللہ پر بھروسہ کرو جیسا کہ بھروسہ کرنے کا حق ہے، تو تمہیں اس طرح رزق دیا جائے گا جیسے پرندے کو دیا جاتا ہے، وہ صبح خالی پیٹ جاتا ہے اور شام کو بھرے پیٹ لوٹتا ہے۔"(سنن ترمذی، حدیث: 2344)

توحید کا تقاضا ہے کہ انسان ہر حال میں صرف اللہ پر بھروسہ کرے، صرف اسی سے مانگے اور صرف اسی سے ڈرے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن میں فرمایا: ترجمہ کنزالایمان: اور تمہارا رب فرماتا ہے مجھ سے دعا کرو میں قبول کروں گا۔(سورۃ غافر: 60)

توحید کی فضیلت نبوی بشارتیں:حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے توحید پر قائم رہنے والوں کو عظیم بشارتیں دیں۔ آپ نے ارشاد فرمایا:جس نے لا الہ الا اللہ کہا اور اس کے دل میں جَو برابر بھی ایمان ہے، وہ جہنم سے نکالا جائے گا۔ (صحیح بخاری، حدیث: 44)

ایک اور مقام پر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:توحید کا کلمہ بہترین ذکر ہے۔(سنن ترمذی، حدیث: 3383)

حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے توحید کو اپنے قول، فعل اور تقریر ہر طرح سے بیان فرمایا۔ آپ کی پوری زندگی توحید کا عملی نمونہ تھی۔ قرآن اور حدیث دونوں مل کر توحید کی وہ مکمل تصویر پیش کرتے ہیں جو انسانیت کی ہدایت کے لیے کافی و شافی ہے۔ ہم پر لازم ہے کہ توحید کو دل سے مانیں، زبان سے اقرار کریں اور زندگی میں اسے نافذ کریں۔


انسانی تاریخ کا مطالعہ کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ سب سے بڑا فکری انحراف ہمیشہ عقیدۂ توحید میں بگاڑ کی صورت میں سامنے آیا۔ اسلام کی بنیاد جس عظیم حقیقت پر قائم ہے، وہ توحید ہے یعنی اللہ تعالیٰ کی ذات، صفات، اختیارات اور عبادت میں یکتائی کا اقرار۔ تمام انبیاء علیہم السلام کی دعوت کا مرکزی نکتہ یہی رہا کہ انسان صرف ایک اللہ کی عبادت کرے اور ہر قسم کے شرک سے بچے۔ابتدا میں انسان فطرتِ سلیمہ پر قائم تھا، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کو اپنی پہچان کے ساتھ پیدا فرمایا۔ مگر وقت گزرنے کے ساتھ انسان نے مختلف اسباب کی بنا پر اللہ کے ساتھ دوسروں کو شریک کرنا شروع کر دیا۔کہیں بت پرستی، کہیں ستارہ پرستی، کہیں اولیاء و صالحین میں غلو، اور کہیں مادی اسباب کو مستقل مؤثر سمجھ لینا۔اسی لیے اللہ تعالیٰ نے ہر دور میں انبیاء کرام علیہم السلام کو مبعوث فرمایا تاکہ وہ انسان کو اصل حقیقت یعنی اللہ کی وحدانیت کی طرف واپس لائیں۔ چنانچہ قرآن مجید بار بار اس حقیقت کو دہراتا ہے۔

توحید: دینِ اسلام کی بنیاد:قرآن میں ارشاد ہوتا ہے:

قُلْ اِنَّ صَلَاتِیْ وَ نُسُكِیْ وَ مَحْیَایَ وَ مَمَاتِیْ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَۙ (162)

ترجمۂ کنز العرفان:تم فرماؤ، بیشک میری نماز اور میری قربانیاں اور میرا جینا اور میرا مرنا سب اللہ کے لیے ہے جو سارے جہانوں کا رب ہے۔ (سورۃ الانعام: 162)

مذکورہ بالاں آیت کریمہ توحید کے عملی پہلو کو بیان کرتی ہے کہ انسان اتباعِ ما سِوااللہ سے اجتناب کر کے کی پوری زندگی اللہ کریم کے تابع ہو جائے۔

وَقَالَ فِیْ المَقَامِ الاُخرٰی:وَ مَاۤ اَرْسَلْنَا مِنْ قَبْلِكَ مِنْ رَّسُوْلٍ اِلَّا نُوْحِیْۤ اِلَیْهِ اَنَّهٗ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّاۤ اَنَا فَاعْبُدُوْنِ(25)

ترجمۂ کنز العرفان:اور ہم نے تم سے پہلے کوئی رسول نہ بھیجا مگر یہ کہ ہم اس کی طرف وحی فرماتے رہے کہ میرے سوا کوئی معبود نہیں تو میری ہی عبادت کرو۔(سورۃ الانبیاء:25)

یہ آیت واضح کرتی ہے کہ توحید ہی تمام انبیاء کرام کی مشترکہ دعوت ہے۔ وہ تمام اسی کام میں مصروفِ عمل رہیں۔

توحید کا مفہوم اور اقسام:علماء نے توحید کو تین بنیادی اقسام میں بیان کیا ہے:

(1) توحید الربوبیہ:اللہ کو خالق، مالک اور مدبر ماننا۔

ترجمۂ کنز العرفان:اللہ ہر چیز کا خالق ہے اور وہ ہرچیز پر نگہبان ہے۔(سورۃ الزمر: 62)

(2) توحید الالوہیہ:صرف اللہ کی عبادت کرنا۔

ترجمۂ کنز العرفان:اور تمہارا معبود ایک معبود ہے اس کے سوا کوئی معبود نہیں۔(سورۃ البقرۃ: 163)

(3) توحید الاسماء والصفات:اللہ کے ناموں اور صفات کو بلا تشبیہ و تعطیل ماننا۔

ترجمۂ کنز العرفان:اس جیسا کوئی نہیں۔ (سورۃ الشوریٰ: 11)

نبوی دعوت کا اسلوبِ توحید:نبی کریم ﷺ نے توحید کی دعوت نہایت حکمت، تدریج اور بصیرت کے ساتھ پیش کی۔حضور نبی کریم ﷺ کی سیرت مبارکہ اسی پیغام کی عملی تفسیر ہے۔آپ ﷺ کی زندگی توحید کا مکمل عملی نمونہ تھی ہر کام میں اللہ پر توکل، ہر حال میں اسی کی طرف رجوع۔حضور اکرم ﷺ کی بعثت کا بنیادی مقصد بھی یہی تھا کہ انسان کو خالص توحید کی طرف بلایا جائے۔ آپ ﷺ نے نہ صرف زبان سے توحید کا اعلان کیا بلکہ اپنی عملی زندگی سے اس کی مکمل تصویر پیش کی۔

جہاں توحید و موحد کی فضیلتوں سے اللہ و رسول ﷺ نے آگاہ فرمایا اور انبیاء کرام نےبھی اسی کی ترغیب دیں۔ وہیں اسکے برعکس عمل شرک کی ترہیب بھی بیان کی گئی۔توحید کے مقابلے میں سب سے بڑا گناہ شرک کو کہا گیا۔

عقیدۂ توحید اسلام کی اساس اور روح ہے۔ یہی وہ بنیادی حقیقت ہے جس پر پورا دین قائم ہے، اور اسی کی طرف تمام انبیاءِ کرام علیہم السلام نے اپنی دعوت کا آغاز کیا۔ توحید کا مطلب یہ ہے کہ انسان دل، زبان اور عمل سے اس بات کا اقرار کرے کہ اللہ تعالیٰ اپنی ذات، صفات، اختیارات اور عبادت میں یکتا و بے شریک ہے۔ وہی خالق، مالک، رازق اور کارساز ہے، اور اسی کے سامنے جھکنا، اسی سے مانگنا اور اسی پر بھروسہ کرنا بندگی کا تقاضا ہے۔جہاں توحید و موحد کی فضیلتوں سے اللہ و رسول ﷺ نے آگاہ فرمایا اور انبیاء کرام نےبھی اسی کی ترغیب دیں۔ وہیں اسکے برعکس عمل شرک کی ترہیب بھی بیان کی گئی۔توحید کے مقابلے میں سب سے بڑا گناہ شرک کو کہا گیا۔شرک وہ انحراف ہے جو انسان کو اس کی اصل فطرت سے ہٹا دیتا ہے۔ شرک صرف بت پرستی تک محدود نہیں بلکہ ہر وہ عقیدہ، قول یا عمل جو اللہ کی مخصوص صفات یا حقوق میں کسی اور کو شریک کرے، شرک کے زمرے میں آتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ شریعتِ اسلامیہ نے اس کی سخت ترین مذمت کی ہے اور اسے سب سے بڑا گناہ قرار دیا ہے۔چنانچہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ترجمۂ کنز العرفان:بیشک اللہ اس بات کو نہیں بخشتا کہ اس کے ساتھ شرک کیا جائے اوراس سے نیچے جو کچھ ہے جسے چاہتا ہے معاف فرما دیتا ہے اور جس نے اللہ کا شریک ٹھہرایا توبیشک اس نے بہت بڑے گناہ کا بہتان باندھا۔(سورۃ النساء:48)

حدیثِ پاک کا مفہوم ہے فرمایا:جس نے اللہ کے ساتھ شرک کیا اور اسی حالت میں مر گیا، وہ جہنم میں داخل ہوگا۔

(صحیح بخاری، حدیث: 4497)

یہ موضوع محض ایک نظری بحث نہیں بلکہ ہر مسلمان کی عملی زندگی سے گہرا تعلق رکھتا ہے، کیونکہ نجات اور فلاح کا دارومدار اسی بنیادی عقیدے کی درستی پر ہے۔اللہ کریم ہمیں اسی عقیدے پر تا دمِ مرگ استقامت کیساتھ قائم رکھے اور ہمارا خاتمہ بالخیر فرمائے آمین بجاہ خاتم النبیین ﷺ


وہ اشیاء جو مسلمان کو کافر سے ممتاز کرتی ہیں ان میں بنیادی حیثیت عقائدِ صحیحہ کی ہے اور ان عقائد میں بھی جس عقیدہ کو سب سے بنیادی حیثیت حاصل ہے وہ عقیدۂ توحید ہے۔ توحید تمام عقائد کی اِبتدا اور جَڑ ہے اور تو اور عقیدۂ توحید انسان کے تمام تر اعمالِ صالِحہ اور اَخلاقِ حَسَنہ کی قبولیت کا پہلا ذریعہ ہے۔ چنانچہ میرے اور آپ کے نبی محمدِ عربی  ﷺ نے ارشاد فرمایا: "اسلام پانچ چیزوں پر قائم کیا گیا: اس کی گواہی کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، محمد ﷺ اس کے بندے اور رسول ہیں، اور نماز قائم کرنا، زکوٰۃ دینا، حج کرنا اور رمضان کے روزے۔" (مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح، جلد:1، حدیث نمبر:4)

یہاں بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ جب اسلام کی بنیادوں کا ذکر کیا تو اولاً توحید کو ذکر کیا، جو اس کی اوّلیت و اہمیت پر دلیل ہے۔ نہ صرف یہ عقیدہ اعلیٰ ترین ہے بلکہ اس عقیدے کی زبان سے گواہی دینا اسلام کی خصلتوں میں سے سب سے اعلیٰ خصلت ہے۔ چنانچہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، حضور خاتم النبیین ﷺ نے ارشاد فرمایا: "ایمان کی ستر سے کچھ اوپر شاخیں ہیں، ان سب میں اعلیٰ یہ کہنا ہے کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور سب سے ادنیٰ تکلیف دہ چیز کا راستہ سے ہٹانا ہے، اور غیرت بھی ایمان کی شاخ ہے۔"(مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:1 , حدیث نمبر:5)

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ توحید ہے کیا؟ کہ دیکھا جاتا ہے کہ بعض گروہوں نے اپنی طرف سے توحید کے معنی گڑھ لیے اور امت کی بڑی تعداد کو توحید سے منحرف اور مشرک قرار دے دیا، جس کی وجہ سے توحید کا حقیقی معنی اور باطل معنی عوام پر مشتبہ ہو گیا۔ تو میں یہاں شرک کی تعریف عرض کرتا ہوں کہ "تعرف الاشیاء باضدادها" یعنی چیزیں اپنی ضدوں کے ساتھ پہچانی جاتی ہیں۔ تو جب شرک کی تعریف بیان کر دی جائے گی تو توحید کا مفہوم واضح ہو جائے گا۔

چنانچہ شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ شرک کی تعریف کرتے ہوئے فرماتے ہیں: "غیر اللہ کے لیے اللہ کی صفاتِ مختصہ (یعنی وہ صفات جو اللہ تعالیٰ کے ساتھ خاص ہیں) کو ثابت کرنا شرک ہے۔" (فوز الکبیر، صفحہ 21، مکتبۃ المدینہ)

اور شاہ ولی اللہ ان کے یہاں بھی مسلَّم ہیں جنہوں نے امت کی بڑی تعداد کو مشرک قرار دے دیا، اس بنیاد پر کہ یہ اللہ کے نیک بندوں اور نبیوں سے مدد طلب کرتے ہیں۔ حالانکہ کسی کو مشرک قرار دینے کے لیے اس میں شرک کو ثابت کرنا پڑے گا اور شرک کو ثابت کرنے کے لیے دو میں سے ایک بات ثابت کرنی پڑے گی: یا تو یہ کہ جس اللہ کے نیک بندے سے مانگا جا رہا ہے، یہ سمجھ کر مانگا جا رہا ہے کہ یہ جو دے رہا ہے وہ ذاتی طور پر دے رہا ہے کسی کی عطا کا محتاج نہیں۔ تو یہ ثابت تو کر نہیں سکتے کہ کوئی مسلمان کبھی بھی یہ عقیدہ رکھ کر کسی غیر اللہ سے نہیں مانگتا۔ تو پھر شرک ثابت کرنے کے لیے دوسری بات ثابت کرنی پڑے گی کہ رب بھی جو عطا کرتا ہے وہ بھی کسی کا عطائی ہوتا ہے، تبھی تو اس صفت کا غیر اللہ میں ماننا شرک ٹھہرے گا۔ اور اگر یہ ثابت کریں گے تو خود کافر و مشرک ٹھہریں گے کہ مخلوق کی صفت کو خالق کے لیے ثابت کریں گے اور خالق کو مخلوق سے ملا دیں گے۔ الامان الحفیظ

بلکہ جس مصطفیٰ ﷺ نے یہ بتایا کہ توحید پر اسلام کی بنیاد ہے، اس مصطفیٰ ﷺ نے اپنے آپ کو اپنی امت کا مشکل کشا، حاجت روا فرمایا۔ دیکھئے حضرت ربیعہ کی حدیث، آپ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: "کہ میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ رات گزارتا تھا، تو میں آپ کے پاس وضو کا پانی اور ضروریات لایا۔ مجھ سے فرمایا: کچھ مانگ لو۔ میں نے عرض کیا: کہ میں آپ سے جنت میں آپ کا ساتھ مانگتا ہوں۔ فرمایا: اس کے سوا کچھ اور بھی؟ میں نے عرض کیا: بس یہی۔ فرمایا: اپنی ذات پر زیادہ سجدوں سے میری مدد کرو۔" (مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح، جلد:2، حدیث نمبر:896)

تو یہ ہے توحید اور اس کا نبوی بیان، نہ کہ وہ جو ایک آیت اور حدیث پڑھ کر پھر اس کی من مانی تشریح کر کے اس کے ذریعے امت کی اکثریت کو مشرک قرار دیا جائے۔ اللہ عقلِ سلیم عطا فرمائے۔ اس سلسلے میں آیات و احادیث باکثرت ہیں مگر باخوفِ طوالت ذکر نہیں کرتا اور مسئلہ سمجھنے کے لیے اتنا کافی ہے، لیکن شرط یہ ہے کہ صاحبِ عقلِ سلیم ہو۔ وہ اقبال نے کہا نہ کہ:

بیان میں نکتۂ توحید آ تو سکتا ہے تیرے دماغ میں بت خانہ ہو تو کیا کہیے

جہاں میں بندۂ حر کے مشاہدات ہے کیا تیرا نگاہ غلامانہ ہو تو کیا کہیے۔


توحید یعنی اللہ پاک کو یکتا و معبودِ برحق ماننا اسلام کی اساس اور تمام انبیائے کرام علیہم السلام کی دعوت کا مرکزی نقطہ ہے۔ قرآنِ مجید برہانِ رشید میں اللّہ جَلّ مَجدُہ ارشاد فرماتا ہے: وَ اِلٰهُكُمْ اِلٰهٌ وَّاحِدٌۚ-لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَ الرَّحْمٰنُ الرَّحِیْمُ۠ (۱۶۳)ترجمۂ کنزالایمان:اور تمہارا معبود ایک معبود ہے اس کے سوا کوئی معبود نہیں مگر وہی بڑی رحمت والا مہربان۔ (البقرۃ: 163)

اِس آیتِ کریمہ کے تحت مفسرین کرام لکھتے ہیں: کفار نے حضورِ اقدس ﷺ سے اللّٰه تعالیٰ کی شان و صفت معلوم کی تو یہ آیت مبارکہ نازل ہوئی کہ تمہارا معبود ایک معبود ہے۔(صراط الجنان ، البقرۃ، تحت الآیۃ: 163)

مزید دیکھیے! نبئ اکرم نورِ مجسم ﷺ نے توحید کو نہ صرف قولاً بیان فرمایا بلکہ اپنے عمل سے بھی اس کی کامل تعلیم عطاء فرمائی، سیدِ عالم ﷺ اور بشمول تمام انبیاء کرام علیہم السلام نے ہر قسم کے شرک، بت پرستی اور غیر اللہ کی پرستش کی سختی سے تردید فرمائی کہ تمام اَنبیاء اور رُسُل علیہم السلام کو مبعوث فرمانے کی بنیادی حکمت اللّٰه تعالیٰ کی وحدانیت کو ثابت کرنا اور اخلاص کے ساتھ اللّٰه تعالیٰ کی عبادت کرنا ہے،توحید کا بیان نبئ کریم ﷺ کی سیرت میں اس قدر واضح اور جامع ہے کہ ہر گوشۂ حیات میں اس کی جھلک نظر آتی ہے، نبی کریم ﷺ نے توحید کی حفاظت کے لیے نہ صرف تعلیم دی بلکہ عملی تربیت فرمانا بھی آپ کا معمول شریف تھا، درج ذیل دو مثالوں سے سیدِ عالم ﷺ کی سیرتِ مبارکہ کے ان پہلوؤں کو واضح کیا جاۓ گا جن میں آپ ﷺ نے جابجا اپنے قول یا فعل سے توحیدِ باری تعالیٰ کی تعلیم و تربیت فرمائی:

٣٦٠ بتوں کا زوال! حضرتِ سیّدنا عبداللّٰه بن عباس رضی اللّٰه عنہما سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ فتحِ مکہ کے دن جب مکۂ مکرمہ میں داخل ہوئے تو مشرکین نے کعبۂ مقدسہ کے گرد تین سو ساٹھ (360) بُت نَصب کئے ہوئے تھے جن کے قدموں کو ابلیس نے مشرکوں کے لئے لوہے اور رانگ سے جوڑ کر مضبوط کر دیا تھا، سرکارِ دو عالَم ﷺ کے دستِ مبارک میں ایک لکڑی تھی، حضور پُر نور شافعِ یوم نشور ﷺ یہ آیت "وَ قُلْ جَآءَ الْحَقُّ وَ زَهَقَ الْبَاطِلُؕ اِنَّ الْبَاطِلَ كَانَ زَهُوْقًا" ترجمۂ کنز الإیمان: اور فرماؤ کہ حق آیا اور باطل مٹ گیا بیشک باطل کو مٹنا ہی تھا (بنی اسرائیل: 81) پڑھ کر اس لکڑی سے جس بت کی طرف اشارہ فرماتے جاتے تھے وہ گرتا جاتا تھا۔(معجم الصغیر، حرف الیاء، من اسمہ: یوسف، ص: 134، الجزء الثانی)

جنابِ رسالتِ مآب ﷺ کا صحابی کو توحید کی تعلیم فرمانا:وَعَنْ سُفْيَانَ ابْنِ عَبْدِ اللهِ الثَّقَفِيِّ قَالَ: قُلْتُ: يَا رَسُولَ اللهِ قُلْ لِيْ فِيْ الْإِسْلَامِ قَوْلًا لَا أَسْأَلُ عَنْهُ أَحَدًا بَعْدَكَ وَفِي رِوَايَةٍ غَيْرَكَ قَالَ قُلْ اٰمَنْتُ بِاللهِ ثُمَّ اسْتَقِمْ رَوَاهُ مُسْلِمٌترجمہ: روایت ہے حضرت سفیان ابن عبد اللہ ثقفی سے کہ میں نے عرض کیا یا رسول اللّٰه ﷺ مجھے اسلام کے متعلق ایسی بات بتائیں کہ آپ کے بعد اس کےمتعلق کسی سے نہ پوچھوں دوسری روایت میں ہے(کہ آپ کے سوا) فرمایا کہ کہو کہ مَیں اللہ پر ایمان لایا پھر اُس پر قائم رہو۔

شرحِ حدیث: اللّٰه پر ایمان لانے سے مراد سارے عقائدِ اسلامیہ ماننا ہیں، لہذا اس میں توحید و رسالت، حشر و نشر، ملائکہ، جنت و دوزخ سب پر ایمان لانا داخل ہے، جیسے کسی کو اپنا باپ مان کر اس کے سارے اہلِ قرابت کو اپنا عزیر ماننا پڑتا ہے کہ اس کا باپ ہمارا دادا ہے، اس کی اولاد ہمارے بھائی بہن، اس کے بھائی ہمارے چچا تائے اور استقامت سے مراد سارے اعمال اسلامیہ پر سختی و پابندی سے عمل کرنا ہے، لہذا یہ حدیث ایمان و تقویٰ کی جامع ہے اور اس پر عامل یقینًا جنتی ہے۔(مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح، جلد:1، حدیث نمبر: 15)

یہ مثالیں ظاہر کرتی ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے قول، عمل، تعلیم اور تربیت ہر پہلو سے توحید کو مضبوط کیا، آج بھی امت کی کامیابی اسی میں ہے کہ وہ عقیدۂ توحید کو مضبوطی سے تھامے رکھے تاکہ دہریت اور لادینیت کے دامنِ تزویر سے محفوظ رہا جاۓ اور رسول اللّٰه ﷺ کی تعلیمات کے مطابق سنتوں کو اپناتے ہوۓ زندگی بسر کرنے کی کوشش کی جائے،اللّٰه پاک ہمیں سیدِ عالم ﷺ کی تعلیمات پر صدقِ دل سے عمل پیرا ہونے کی توفیق مرحمت فرماۓ. آمین بجاہ النبی الأمین ﷺ۔