ابو
حامد ( درجہ سادسہ مرکزی جامعۃ المدینہ فیضانِ مدینہ، کراچی،پاکستان)
توحید یعنی
اللہ پاک کو یکتا و معبودِ برحق ماننا اسلام کی اساس اور تمام انبیائے کرام علیہم
السلام کی دعوت کا مرکزی نقطہ ہے۔ قرآنِ مجید برہانِ رشید میں اللّہ جَلّ مَجدُہ
ارشاد فرماتا ہے: وَ اِلٰهُكُمْ اِلٰهٌ وَّاحِدٌۚ-لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَ الرَّحْمٰنُ
الرَّحِیْمُ۠ (۱۶۳)ترجمۂ کنزالایمان:اور تمہارا معبود ایک معبود ہے اس
کے سوا کوئی معبود نہیں مگر وہی بڑی رحمت والا مہربان۔ (البقرۃ: 163)
اِس آیتِ
کریمہ کے تحت مفسرین کرام لکھتے ہیں: کفار نے حضورِ اقدس ﷺ سے اللّٰه تعالیٰ کی
شان و صفت معلوم کی تو یہ آیت مبارکہ نازل ہوئی کہ تمہارا معبود ایک معبود ہے۔(صراط
الجنان ، البقرۃ، تحت الآیۃ: 163)
مزید دیکھیے!
نبئ اکرم نورِ مجسم ﷺ نے توحید کو نہ صرف قولاً بیان فرمایا بلکہ اپنے عمل سے بھی
اس کی کامل تعلیم عطاء فرمائی، سیدِ عالم ﷺ اور بشمول تمام انبیاء کرام علیہم
السلام نے ہر قسم کے شرک، بت پرستی اور غیر اللہ کی پرستش کی سختی سے تردید فرمائی
کہ تمام اَنبیاء اور رُسُل علیہم السلام کو مبعوث فرمانے کی بنیادی حکمت اللّٰه
تعالیٰ کی وحدانیت کو ثابت کرنا اور اخلاص کے ساتھ اللّٰه تعالیٰ کی عبادت کرنا
ہے،توحید کا بیان نبئ کریم ﷺ کی سیرت میں اس قدر واضح اور جامع ہے کہ ہر گوشۂ حیات
میں اس کی جھلک نظر آتی ہے، نبی کریم ﷺ نے توحید کی حفاظت کے لیے نہ صرف تعلیم دی
بلکہ عملی تربیت فرمانا بھی آپ کا معمول شریف تھا، درج ذیل دو مثالوں سے سیدِ عالم
ﷺ کی سیرتِ مبارکہ کے ان پہلوؤں کو واضح کیا جاۓ گا جن میں آپ ﷺ نے جابجا اپنے قول یا فعل سے توحیدِ باری تعالیٰ کی تعلیم
و تربیت فرمائی:
٣٦٠ بتوں کا زوال! حضرتِ سیّدنا
عبداللّٰه بن عباس رضی اللّٰه عنہما سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ فتحِ مکہ کے دن جب
مکۂ مکرمہ میں داخل ہوئے تو مشرکین نے کعبۂ مقدسہ کے گرد تین سو ساٹھ (360) بُت
نَصب کئے ہوئے تھے جن کے قدموں کو ابلیس نے مشرکوں کے لئے لوہے اور رانگ سے جوڑ کر
مضبوط کر دیا تھا، سرکارِ دو عالَم ﷺ کے دستِ مبارک میں ایک لکڑی تھی، حضور پُر
نور شافعِ یوم نشور ﷺ یہ آیت "وَ قُلْ جَآءَ
الْحَقُّ وَ زَهَقَ الْبَاطِلُؕ اِنَّ الْبَاطِلَ كَانَ زَهُوْقًا" ترجمۂ
کنز الإیمان: اور فرماؤ کہ حق آیا اور باطل مٹ گیا بیشک باطل کو مٹنا ہی تھا (بنی
اسرائیل: 81) پڑھ کر اس لکڑی سے جس بت کی طرف اشارہ فرماتے جاتے تھے وہ گرتا جاتا
تھا۔(معجم الصغیر، حرف الیاء، من اسمہ: یوسف، ص: 134، الجزء الثانی)
جنابِ رسالتِ مآب ﷺ کا صحابی کو توحید
کی تعلیم فرمانا:وَعَنْ سُفْيَانَ ابْنِ عَبْدِ
اللهِ الثَّقَفِيِّ قَالَ: قُلْتُ: يَا رَسُولَ اللهِ قُلْ لِيْ فِيْ الْإِسْلَامِ
قَوْلًا لَا أَسْأَلُ عَنْهُ أَحَدًا بَعْدَكَ وَفِي رِوَايَةٍ غَيْرَكَ قَالَ
قُلْ اٰمَنْتُ بِاللهِ ثُمَّ اسْتَقِمْ رَوَاهُ مُسْلِمٌترجمہ: روایت ہے حضرت سفیان
ابن عبد اللہ ثقفی سے کہ میں نے عرض کیا یا رسول اللّٰه ﷺ مجھے اسلام کے متعلق ایسی
بات بتائیں کہ آپ کے بعد اس کےمتعلق کسی سے نہ پوچھوں دوسری روایت میں ہے(کہ آپ کے
سوا) فرمایا کہ کہو کہ مَیں اللہ پر ایمان لایا پھر اُس پر قائم رہو۔
شرحِ حدیث: اللّٰه پر ایمان لانے سے مراد سارے
عقائدِ اسلامیہ ماننا ہیں، لہذا اس میں توحید و رسالت، حشر و نشر، ملائکہ، جنت و
دوزخ سب پر ایمان لانا داخل ہے، جیسے کسی کو اپنا باپ مان کر اس کے سارے اہلِ
قرابت کو اپنا عزیر ماننا پڑتا ہے کہ اس کا باپ ہمارا دادا ہے، اس کی اولاد ہمارے
بھائی بہن، اس کے بھائی ہمارے چچا تائے اور استقامت سے مراد سارے اعمال اسلامیہ پر
سختی و پابندی سے عمل کرنا ہے، لہذا یہ حدیث ایمان و تقویٰ کی جامع ہے اور اس پر
عامل یقینًا جنتی ہے۔(مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح، جلد:1، حدیث نمبر: 15)
یہ مثالیں ظاہر کرتی ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے قول،
عمل، تعلیم اور تربیت ہر پہلو سے توحید کو مضبوط کیا، آج بھی امت کی کامیابی اسی میں
ہے کہ وہ عقیدۂ توحید کو مضبوطی سے تھامے رکھے تاکہ دہریت اور لادینیت کے دامنِ
تزویر سے محفوظ رہا جاۓ اور رسول اللّٰه ﷺ کی
تعلیمات کے مطابق سنتوں کو اپناتے ہوۓ زندگی
بسر کرنے کی کوشش کی جائے،اللّٰه پاک ہمیں سیدِ عالم ﷺ کی تعلیمات پر صدقِ دل سے
عمل پیرا ہونے کی توفیق مرحمت فرماۓ. آمین
بجاہ النبی الأمین ﷺ۔
ابو
ثوبان عبدالرحمن مدنی عطاری(درجہ تخصص فی اللغۃ العربیۃ فیضان مدینہ کاہنہ نو،
لاہور،پاکستان)
توحید
اسلام کی بنیاد ہے اور یہی وہ اصل پیغام ہے جس کی دعوت تمام انبیاء کرام علیہم
السلام نے اپنی اپنی امتوں کو دی۔ نبی کریم ﷺ کی ساری تعلیمات کا مرکز بھی یہی تھا
کہ انسان صرف اللہ تعالیٰ کو ایک مانے، اسی کی عبادت کرے اور اسی کو حقیقی معبود
تسلیم کرے۔ توحید انسان کے عقیدے، عمل اور اخلاق کو سیدھا کرتی ہے۔قرآن مجید نے
توحید کو بہت واضح اور سادہ انداز میں بیان کیا ہے۔ سورۃ الاخلاص میں ارشاد ہوتا
ہے:
قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌۚ(۱)اَللّٰهُ الصَّمَدُۚ(۲)لَمْ یَلِدْ وَ لَمْ یُوْلَدْۙ(۳)وَ لَمْ یَكُنْ لَّهٗ
كُفُوًا اَحَدٌ۠(۴)
ترجمۂ
کنزُالعِرفان: تم فرماؤ: وہ اللہ ایک ہے۔اللہ بے نیاز ہے۔نہ اس نے کسی کو جنم دیا
اور نہ وہ کسی سے پیدا ہوا۔ اور کوئی اس کے برابر نہیں ۔ (سورۃ الاخلاص ،1تا 4)
یہ مختصر
سورت پوری توحید کا خلاصہ ہے اور نبی کریم ﷺ نے اسی عقیدے کو لوگوں کے دلوں میں
راسخ فرمایا۔
اللہ تعالیٰ کا بندوں پر حق (عبادت
میں یکتائی):رسول اللہ ﷺ نے توحید کی سب سے جامع تعریف اللہ کے حقوق کے حوالے سے فرمائی،
جو کہ توحیدِ الوہیت کی اصل بنیاد ہے۔
عَنْ مُعَاذٍ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ، قَالَ: كُنْتُ رِدْفَ النَّبِيِّ ﷺَ عَلَى حِمَارٍ،
يُقَالُ لَهُ: عُفَيْرٌ، فَقَالَ: يَا مُعَاذُ هَلْ تَدْرِي حَقَّ اللهِ عَلَى
عِبَادِهِ وَمَا حَقُّ الْعِبَادِ عَلَى اللَّهِ، قُلْتُ: اللهُ وَرَسُولُهُ
أَعْلَمُ، قَالَ: فَإِنَّ حَقَّ اللهِ عَلَى الْعِبَادِ أَنْ يَعْبُدُوهُ، وَلَا
يُشْرِكُوا بِهِ شَيْئًا ترجمہ:حضرت معاذ
رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ آخری نبی ﷺ جس درازگوش (گدھے) پر سوار تھے، میں اس پر
آپ کے پیچھے بیٹھا ہوا تھا۔ اس کا نام عفیر تھا۔ آپ ﷺ نے فرمایا ”اے معاذ! کیا تمہیں معلوم ہے کہ
اللہ تعالیٰ کا حق اپنے بندوں پر کیا ہے؟" میں نے عرض کیا اللہ اور
اس کے رسول ہی زیادہ جانتے ہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا ”اللہ کا
حق اپنے بندوں پر یہ ہے کہ اس کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں۔(صحیح
البخاری:2856)
اس حدیث میں
نبی کریم ﷺ نے نہایت سادہ اور تربیتی انداز میں توحید کی اصل حقیقت بیان فرمائی۔
اس میں واضح کیا گیا کہ انسان کی سب سے بڑی ذمہ داری اللہ کی خالص عبادت ہے اور
شرک سے مکمل اجتناب کرنا ہے۔
توحید اور اخلاص (شرکِ اصغر سے
براءت):توحید کا تقاضا ہے کہ انسان کا ہر عمل ریاکاری (دکھاوے) سے پاک ہو۔ رسول
اللہ ﷺ نے واضح فرمایا کہ توحید کی قبولیت کے لیے نیت کا خالص ہونا شرط ہے۔
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ
عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: قَالَ اللَّهُ تَبَارَكَ وَتَعَالَى: أَنَا أَغْنَى
الشُّرَكَاءِ عَنِ الشِّرْكِ، مَنْ عَمِلَ عَمَلًا أَشْرَكَ فِيهِ مَعِي غَيْرِي
تَرَكْتُهُ وَشِرْكَهُ ۔
ترجمہ:رسول
اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا کہ شریک
بنائے جانے والوں میں سب سے زیادہ میں شراکت سے مستغنی ہوں۔ جس شخص نے بھی کوئی
عمل کیا اور اس میں میرے ساتھ کسی اور کو شریک کیا تو میں اسے اس کے شرک کے ساتھ
اکیلا چھوڑ دیتا ہوں۔(صحیح مسلم،باب تحريم الرياء: 7475)
اس حدیث میں
نبی کریم ﷺ نے نہایت واضح انداز میں یہ حقیقت بیان فرمائی کہ اللہ تعالیٰ صرف وہی
عمل قبول فرماتا ہے جو خالص اسی کے لیے ہو۔ اگر عبادت میں ریاکاری یا دکھاوا شامل
ہو جائے تو وہ عمل ضائع ہو جاتا ہے۔
یہی توحید
کا عملی پہلو ہے کہ انسان نہ صرف اللہ کو ایک مانے بلکہ اپنی عبادات، نیت اور
اعمال کو بھی اسی کے لیے خالص رکھے۔
شخصیت پرستی اور غلو کی سختی سے
ممانعت:توحید کی حفاظت کا سب سے بڑا مظہر یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنی ذات کے
بارے میں بھی امت کو کسی بھی قسم کے غلو (حد سے بڑھنے) سے سختی سے منع فرمایا،
تاکہ امت ان گمراہیوں سے بچ سکے جن کا شکار پچھلی امتیں ہوئیں۔
توحید پر قائم رہنے کی فضیلت:زمانہ نبی
کریم ﷺ نے توحید پر قائم رہنے والوں کو عظیم بشارتیں بھی عطا فرمائیں۔ حضرت عبادہ
بن صامت رضی اللہ عنہ سے روایت ہے:قَالَ رَسُولُ اللهِ ﷺ: "مَنْ شَهِدَ أَنْ لَا
إِلَهَ إِلَّا اللهُ وَأَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اللهِ، حَرَّمَ اللهُ عَلَيْهِ
النَّارَ ترجمہ:جس شخص نے اس حقیقت کی گواہی دی کہ
اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمد ﷺ اللہ کے رسول ہیں، اللہ تعالیٰ نے اس پر
جہنم کی آگ حرام کر دی ۔ (صحیح مسلم،کتاب الایمان، حدیث: 142)
اسی طرح ایک
اور حدیث میں آیا: قَالَ رَسُولُ اللهِ ﷺ: فَإِنَّ
اللهَ قَدْ حَرَّمَ عَلَى النَّارِ مَنْ قَالَ لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ يَبْتَغِي
بِذَلِكَ وَجْهَ اللهِترجمہ:اللہ تعالیٰ
نے اس شخص پر جہنم کو حرام کر دیا جو خلوص کے ساتھ لا إلہ إلا اللہ کہے۔ (صحیح البخاری، حدیث: 425)
یہ فضائل
اس بات کو واضح کرتے ہیں کہ توحید انسان کی نجات کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔
نبی کریم ﷺ
نے توحید کو دین کی بنیاد قرار دیا اور اپنی تعلیمات کے ذریعے اسے ہر دل میں راسخ
کیا۔ آپ ﷺ نے نہایت حکمت کے ساتھ توحید کو واضح کیا، اس کی اہمیت بیان فرمائی،
اور شرک کے ہر پہلو سے خبردار کیا۔ ساتھ ہی توحید پر قائم رہنے والوں کو جنت اور
اللہ کی رضا کی بشارت دی۔آج بھی ہماری کامیابی اسی میں ہے کہ ہم خالص توحید کو اختیار
کریں، اپنے عقائد اور اعمال کو شرک سے پاک رکھیں، اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کے
مطابق اپنی زندگی گزاریں۔ یہی وہ راستہ ہے جو انسان کو دنیا و آخرت میں کامیابی
عطا کرتا ہے۔
محمد
ہلال رضا عطاری(درجہ سابعہ جامعۃ المدینہ فیضانِ بغداد،کراچی،پاکستان)
اسلام ایک
ایسا پاکیزہ دین ہے جس کی بنیاد توحید پر قائم ہے۔توحید کا مطلب یہ ہے کہ اللہ
تعالیٰ کو اس کی ذات، صفات، عبادت اور اختیارات میں یکتا مانا جائے اور اس کے ساتھ
کسی کو شریک نہ ٹھہرایا جائے۔ یہی تمام انبیاءِ کرام علیہم السلام کی دعوت کا اصل
پیغام تھا۔ نبی کریم ﷺ نے بھی اپنی پوری حیاتِ مبارکہ میں سب سے زیادہ توجہ عقیدۂ
توحید پر دی اور لوگوں کو ہر قسم کے شرک سے بچنے کی تعلیم فرمائی۔احادیثِ مبارکہ میں
نبی اکرم ﷺ نے نہایت واضح انداز میں توحید کی اہمیت بیان فرمائی اور اسے دین کی بنیاد
قرار دیا۔
(1)توحید اسلام کی پہلی بنیاد ہے:رسول اللہ
ﷺ نے فرمایا:بُنِيَ الإِسْلَامُ عَلَى خَمْسٍ:
شَهَادَةِ أَنْ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللَّهُ وَأَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اللَّهِترجمہ:اسلام
کی بنیاد پانچ چیزوں پر رکھی گئی ہے، جن میں سب سے پہلی گواہی دینا ہے کہ اللہ کے
سوا کوئی معبود نہیں اور محمد ﷺ اللہ کے رسول ہیں۔(بخاری، 8)
اس حدیث
سے واضح ہوتا ہے کہ اسلام کی سب سے پہلی اور مضبوط بنیاد عقیدۂ توحید ہے۔ اگر عقیدہ
درست نہ ہو تو اعمال کی عمارت بھی مضبوط نہیں رہتی۔
یہ مختصر
مگر جامع دعوت اس حقیقت کو ظاہر کرتی ہے کہ دنیا و آخرت کی حقیقی کامیابی صرف اللہ
تعالیٰ کی وحدانیت کو ماننے میں ہے۔
(3)توحید جنت میں داخلے کا ذریعہ ہے:رسول اللہ
ﷺ نے فرمایا:مَنْ مَاتَ وَهُوَ يَعْلَمُ أَنَّهُ
لَا إِلٰهَ إِلَّا اللَّهُ دَخَلَ الْجَنَّةَ
ترجمہ:جو
شخص اس حال میں فوت ہوا کہ وہ جانتا تھا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ جنت میں
داخل ہوگا۔(مسلم، 26)
یہ حدیث
توحید کی عظیم فضیلت کو بیان کرتی ہے۔ خالص دل کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی وحدانیت پر
ایمان رکھنا نجات کا سبب بنتا ہے۔
(4)شرک سب سے بڑا گناہ ہے:نبی کریم ﷺ
نے اپنی امت کو شرک سے بہت سختی کے ساتھ بچنے کی تلقین فرمائی۔آپ ﷺ نے فرمایا:أَكْبَرُ الْكَبَائِرِ الإِشْرَاكُ بِاللَّهِترجمہ:سب سے بڑا گناہ
اللہ کے ساتھ شریک ٹھہرانا ہے۔(بخاری، 2654)
اس حدیث
سے معلوم ہوا کہ شرک ایسا سنگین گناہ ہے جو انسان کو اللہ تعالیٰ کی رحمت سے دور
کر دیتا ہے۔
(5) نبی کریم ﷺ نے چھپے ہوئے شرک سے
بھی خبردار فرمایا:رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:إِنَّ أَخْوَفَ مَا
أَخَافُ عَلَيْكُمُ الشِّرْكُ الْأَصْغَرُصحابۂ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کی:
"یارسول اللہ! شرکِ اصغر کیا ہے؟"آپ ﷺ نے فرمایا:الرِّيَاءُترجمہ:آپ ﷺ نے فرمایا: "ریاکاری۔"(مسند احمد، 23630)
اس حدیث
سے معلوم ہوا کہ عبادت صرف اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے ہونی چاہیے۔ لوگوں کو دکھانے
کے لیے عبادت کرنا بھی خطرناک عمل ہے۔
(6) توحید اللہ تعالیٰ کی مغفرت کا
سبب ہے:رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:يَا ابْنَ آدَمَ! لَوْ أَتَيْتَنِي بِقُرَابِ الْأَرْضِ خَطَايَا ثُمَّ
لَقِيتَنِي لَا تُشْرِكُ بِي شَيْئًا لَأَتَيْتُكَ بِقُرَابِهَا مَغْفِرَةًترجمہ:اے
آدم کے بیٹے! اگر تو زمین بھر گناہ لے کر میرے پاس آئے، پھر میرے ساتھ کسی کو شریک
نہ ٹھہرایا ہو، تو میں اتنی ہی مغفرت لے کر تیرے پاس آؤں گا۔(ترمذی، 3540)
یہ حدیث
بتاتی ہے کہ خالص توحید اللہ تعالیٰ کی بے شمار رحمتوں اور مغفرت کا ذریعہ ہے۔
اسلام کا پیغام:توحید دینِ اسلام کی روح اور تمام عبادات کی اصل بنیاد ہے۔ نبی کریم ﷺ نے
پوری زندگی لوگوں کو ایک اللہ کی عبادت کی دعوت دی اور ہر قسم کے شرک، خواہ ظاہر
ہو یا چھپا ہوا، اس سے بچنے کی تعلیم فرمائی۔
ہر مسلمان
کو چاہیے کہ وہ اپنے عقیدے کی حفاظت کرے، ہر عبادت خالص اللہ تعالیٰ کے لیے انجام
دے، اور توحید پر مضبوطی کے ساتھ قائم رہے۔اللہ تعالیٰ ہمیں صحیح عقیدۂ توحید نصیب
فرمائے، شرک کے ہر فتنے سے محفوظ رکھے اور ایمان پر خاتمہ عطا فرمائے۔ آمین۔
اللہ
تبارک و تعالی نے انبیاء کرام کو مبعوث فرمایا کئی مقاصد کی بنیاد پر جن میں سے ایک
مقصد لوگوں کو اللہ تبارک و تعالی کی توحید وحدانیت کی تعلیم دینا بھی ہے جیسا کہ ارشاد
فرمایا:
حضرت
جبرائیل علیہ الصلوۃ والسلام نے حضور علیہ الصلوۃ والسلام سے اسلام کے بارے میں
پوچھا تو آپ نے ارشاد فرمایا الْإِسْلَامُ أَنْ
تَشْهَدَ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَأَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اللَّهِ ترجمہ
اسلام یہ ہے کہ تم گواہی دو کہ اللہ کےسواءکوئی معبودنہیں اورمحمداللہ کے رسول ہیں۔(
مرآۃ المناجیح شرح مشکاۃ المصابیح جلد 1 کتاب الایمان حدیث نمبر 2)
اس حدیث میں
جب حضور علیہ الصلاۃ والسلام نے اسلام کے بارے میں خبر دی تو سر فہرست توحید و
رسالت کا ذکر فرمایا اگرچہ اس کے علاوہ بھی اس چیزوں کا ذکر کیا اسی طرح کا مضمون
دوسری احادیث میں بھی ملتا ہے ۔
اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر ہے :حضرت
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے انہوں نے فرمایا کہ حضور علیہ الصلوۃ
والسلام نے ارشاد فرمایا :بُنِيَ الْإِسْلَامُ
عَلَى خَمْسٍ: شَهَادَةُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَأَنَّ مُحَمَّدًا
عَبْدُهُ وَرَسُولُهُ وَإِقَامُ الصَّلَاةِ وَإِيتَاءُ الزَّكَاةِ وَالْحَجُّ
وَصَوْمُ رَمَضَانَ ترجمہ: اسلام پانچ چیزوں پرقائم کیا گیا اس کی گواہی کہا اللہ کے سوا کوئی
معبود نہیں،محمد( ﷺ )اس کےبندےاور رسول ہیں اورنمازقائم کرنا زکوۃ دینا اور حج
کرنا اور رمضان کے روزے۔(مرآۃ المناجیح شرح مشکاۃ المصابیح جلد 1 کتاب الایمان حدیث
نمبر 4)
اس حدیث میں
جب حضور علیہ الصلوۃ والسلام نے اسلام کے بنیادوں کا ذکر فرمایا تو سب سے پہلے توحید
کا ذکر فرمایا تو ضمنا یہ حدیث تو توحید کی اہمیت اور اس کے اصل ایمان ہونے پر بھی
دلیل بنتی ہے ۔
ایمان کی شاخوں میں سے سب سے افضل
شاخ:حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے فرماتے ہیں کہ حضور علیہ
الصلوۃ والسلام نے ارشاد فرمایا الْإِيمَانُ بِضْعٌ
وَسَبْعُوْنَ شُعْبَةً فَأَفْضَلُهَا: قَولُ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ ترجمہ: ایمان
کی چنداورستّر شاخیں ہیں ان سب میں اعلٰی یہ کہنا ہے کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں۔(مرآۃ
المناجیح شرح مشکاۃ المصابیح جلد 1 کتاب الایمان حدیث نمبر 5)
اس حدیث میں
بھی حضور علیہ الصلوۃ والسلام نے افضل توحید بیان کرنے کو فرمایا یعنی حضور علیہ
الصلوۃ والسلام نے تربیت ایسی فرمائی کہ افضل عمل بھی توحید اسلام کی بنیادوں میں
سر فہرست توحید ہے ۔
وَعَنْ أَبِيْ هُرَيْرَةَ قَالَ: أَتٰی أَعْرَابِيٌّ النَّبِيَّ صَلَّى
اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَقَالَ: دُلَّنِي عَلٰی عَمَلٍ إِذَا عَمِلْتُهُ
دَخَلْتُ الْجَنَّةَ قَالَ تَعْبُدُ اللهَ وَلَا تُشْرِكُ بِهٖ شَيْئًا وَتُقِيْمُ
الصَّلَاةَ الْمَكْتُوبَةَ وَتُؤَدِّيْ الزَّكَاةَ الْمَفْرُوضَةَ وَتَصُوْمُ رَمَضَانَ
ترجمہ :روایت
ہےحضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے فرماتےہیں کہ ایک دیہاتی حضورعلیہ السلام کی خدمت
میں حاضر ہوئے عرض کرنے لگے کہ مجھے ایسے کام کی ہدایت فرمایئے کہ میں وہ کروں تو
جنتی ہوجاؤں فرمایا الله کو پوجو اُس کا کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ نماز قائم کرو،زکوۃ
فرض دو،رمضان کے روزے رکھو ۔(مرآۃ المناجیح شرح مشکاۃ المصابیح جلد 1 کتاب الایمان
حدیث نمبر 14 )
اس حدیث میں جب حضور علیہ الصلاۃ والسلام سے جنت
میں داخل کرنے والے عمل کے بارے میں سوال کیا گیا تو آپ نے سرفہرست یہ فرمایا کہ
اللہ کی عبادت کرو اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ یعنی اس حدیث سے بھی یہ پتہ چلتا ہے کہ حضورﷺ نے توحید
کا درس دیا۔
وَعَنْ سُفْيَانَ ابْنِ عَبْدِ اللهِ الثَّقَفِيِّ قَالَ: قُلْتُ: يَا
رَسُولَ اللهِ قُلْ لِيْ فِيْ الْإِسْلَامِ قَوْلًا لَا أَسْأَلُ عَنْهُ أَحَدًا
بَعْدَكَ وَفِي رِوَايَةٍ غَيْرَكَ قَالَ قُلْ اٰمَنْتُ بِاللهِ ثُمَّ اسْتَقِمْ ترجمہ: روایت
ہے حضرت سفیان ابن عبد الله ثقفی سے کہ میں نے عرض کیایارسول الله ﷺ مجھے
اسلام کے متعلق ایسی بات بتائیں کہ آپ کے بعداس کےمتعلق کسی سے نہ پوچھوں۔ دوسری
روایت میں ہے(کہ آپ کے سوا) فرمایا کہ کہو کہ مَیں الله پر ایمان لایا پھر اُس پرقائم
رہو ۔
(مرآۃ
المناجیح شرح مشکاۃ المصابیح جلد 1 کتاب الایمان حدیث نمبر 15)
اللہ
تبارک و تعالی سے سوال ہے کہ ہمیں حضور علیہ الصلوۃ والسلام کے فرمان پر دل و جان
سے عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
توحید
اسلام کا بنیادی عقیدہ ہے جس کامطلب ہے کہ اللہ پاک کی وحدانیت اور یکتائی پر ایمان
رکھنا ہے نبی کریم ﷺ نے اپنی نبوت کے دوران توحید کی تعلیمات کو بہت
اہمیت دی ہے اور لوگوں کو اللہ پاک کی وحدانیت کی طرف بلایا۔
اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر ہیں:روایت ہے
حضرت ابن عمرسے فرماتے ہیں کہ فرمایا نبی ﷺ نے اسلام پانچ چیزوں پرقائم کیا
گیااس کی گواہی کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں،محمد( ﷺ )اس کےبندےاور رسول ہیں اورنمازقائم
کرنا،زکوۃ دینا اور حج کرنا،اور رمضان کے روزے۔
یعنی
اسلام مثل خیمہ یاچھت کے ہے اور یہ پانچ ارکان اس کے پانچ ستونوں کی طرح کہ جو کوئی
ان میں سے ایک کا انکار کرے گا وہ اسلام سے خارج ہوگا،خیال رہے کہ ان اعمال پر
کمال ایمان موقوف ہے اور ان کے ماننے پر نفس ایمان موقوف،لہذا جوصحیح العقیدہ
مسلمان کبھی کلمہ نہ پڑھے یانماز روزہ کا پابند نہ ہو،وہ اگرچہ مؤمن تو ہے مگر
کامل نہیں،اور جو ان میں سےکسی کا انکارکرے وہ کافر ہے۔(مرآۃالمناجیح شرح مشکوٰۃ
المصابیح جلد 1 :حدیث: 4)
ایمان کی ستر شاخیں ہیں:روایت
ہےحضرت ابوہریرہ( رضی اللہ عنہ )سے فرماتے ہیں کہ فرمایا نبی ﷺ نے ایمان
کی چنداورستّر شاخیں ہیں ان سب میں اعلٰی یہ کہنا ہے کہ ﷲ کے سوا کوئی معبود نہیں
اور سب سے ادنیٰ تکلیف دہ چیز کا راستہ سے ہٹانا ہےاور غیرت بھی ایمان کی شاخ ہے۔(مرآۃالمناجیح
شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد 1 :حدیث:5)
ایماں کا مزہ کس کو حاصل ہوتا ہے:روایت ہے
عباس ابن عبدالمطلب سے فرماتے ہیں کہ فرمایا نبی ﷺ نے اس نے ایمان کا مزہ چکھ لیاجو
الله کے رب ہونے،اسلام کے دین ہونے،محمد ﷺ کے نبی ہونے سے راضی ہوگیا ۔(مرآۃالمناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد 1 :حدیث:9)
روایت
ہےحضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے فرماتےہیں کہ ایک دیہاتی حضورعلیہ السلام کی خدمت
میں حاضر ہوئے عرض کرنے لگے کہ مجھے ایسے کام کی ہدایت فرمایئے کہ میں وہ کروں تو
جنتی ہوجاؤں فرمایا الله کو پوجو اُس کا کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ نماز قائم کرو،زکوۃ
فرض دو،رمضان کے روزے رکھو وہ بولے قسم اس کی جس کے قبضہ میں میری جان ہے کبھی اس
سے کچھ گھٹاؤں بڑھاؤں گا نہیں پھرجب وہ چل
دیئے تو حضور ﷺ نے فرمایا کہ جو جنتی مردکو دیکھنا چاہے وہ اسے
دیکھ لے۔ (مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح
جلد:1 , حدیث نمبر:14)
لہذا ہمیں
بھی چاہیے کہ ہم اللہ پاک کی وحدانیت کو سمجھیں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ
ٹھرائیں اور جن چیزوں کی ہمیں حضور علیہ السلام نے تعلیم دی ہے ان پر عمل کریں
تاکہ ہم اپنے عقائد کو درست کریں کیونکہ ایمان کلمہ طیبہ پر موقوف ہے، اگر ہمارا ایمان
کامل نہیں ہوا تو ہم دنیا و آخرت کی بھلائیوں سے بھی محروم ہوسکتے ہیں ۔
اللہ پاک
سے دعا ہے کہ ہمیں ان باتوں پر عمل کرنے۔ اور دوسروں تک پہچانے کی توفیق عطا فرمائیں
آمین ۔
فراز
عزیز پنہور (درجہ خامسہ جامعۃ المدینہ فیضان عثمان غنی ، کراچی،پاکستان)
توحید
اسلام کا سب سے بنیادی اور عظیم عقیدہ ہے۔ تمام انبیاءِ کرام علیہم السلام کی دعوت
کا مرکز یہی تھا کہ انسان صرف ایک اللہ تعالیٰ کی عبادت کرے اور اس کے ساتھ کسی کو
شریک نہ ٹھہرائے۔ نبی کریم ﷺ نے بھی اپنی پوری حیاتِ مبارکہ میں توحید کی تعلیم کو
عام فرمایا اور امت کو یہی پیغام دیا کہ کامیابی، نجات اور فلاح صرف اللہ تعالیٰ کی
وحدانیت کو ماننے میں ہے۔ قرآنِ کریم اور احادیثِ مبارکہ میں توحید کی اہمیت کو
بار بار بیان کیا گیا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے توحید کو دین کی بنیاد قرار دیا اور ہر
اس عقیدے اور عمل سے منع فرمایا جو شرک کی طرف لے جانے والا ہو۔
دینِ اسلام کی بنیاد :نبی کریم ﷺ نے سب سے پہلے اپنی امت
کو توحید کی دعوت دی۔ حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کو یمن بھیجتے وقت آپ ﷺ نے
فرمایا:فَلْيَكُنْ أَوَّلَ مَا تَدْعُوهُمْ
إِلَيْهِ شَهَادَةُ أَنْ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللَّهُترجمہ: سب سے پہلے انہیں
اس بات کی دعوت دینا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں۔(صحیح بخاری، حدیث: 7372)
اس حدیث
سے واضح ہوتا ہے کہ اسلام کی اصل بنیاد توحید ہے۔ تمام عبادات اور نیک اعمال کی
قبولیت اسی عقیدے پر موقوف ہے۔
ایک اور حدیث میں رسول اللہ ﷺ نے اسلام کی بنیاد
بیان کرتے ہوئے فرمایا:بُنِيَ الْإِسْلَامُ عَلَى خَمْسٍ:
شَهَادَةِ أَنْ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللَّهُ وَأَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اللَّهِترجمہ:
اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر رکھی گئی ہے، جن میں پہلی گواہی یہ ہے کہ اللہ کے
سوا کوئی معبود نہیں اور محمد ﷺ اللہ کے رسول ہیں۔(صحیح بخاری، حدیث: 08)
اللہ تعالیٰ کا بندوں پر سب سے بڑا
حق :نبی کریم ﷺ نے توحید کی اہمیت اس انداز سے بھی واضح فرمائی کہ یہ اللہ تعالیٰ
کا بندوں پر سب سے بڑا حق ہے۔ حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول
اللہ ﷺ نے فرمایا:حَقُّ اللَّهِ عَلَى الْعِبَادِ
أَنْ يَعْبُدُوهُ وَلَا يُشْرِكُوا بِهِ شَيْئًاترجمہ: اللہ کا بندوں پر
حق یہ ہے کہ وہ صرف اسی کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں۔(صحیح
بخاری، حدیث: 2856)
یہ حدیث
اس بات کی واضح دلیل ہے کہ عبادت صرف اللہ تعالیٰ کا حق ہے اور حقیقی بندگی اسی
وقت مکمل ہوتی ہے جب انسان ہر قسم کے شرک سے بچے۔
شرک کی سخت مذمت :نبی کریم ﷺ نے شرک کو سب
سے بڑا گناہ قرار دیا۔ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے
رسول اللہ ﷺ سے پوچھا:أَيُّ الذَّنْبِ أَعْظَمُ قَالَ:
أَنْ تَجْعَلَ لِلَّهِ نِدًّا وَهُوَ خَلَقَكَترجمہ: کون سا گناہ سب
سے بڑا ہے؟ آپ نے فرمایا سب سے بڑا گناہ یہ ہے کہ تم اللہ کا شریک ٹھہراؤ حالانکہ
اسی نے تمہیں پیدا کیا ہے۔(صحیح بخاری، حدیث: 4477)
اس حدیث
سے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی وحدانیت میں کسی کو شریک کرنا سب سے بڑا ظلم
اور سب سے خطرناک گناہ ہے۔ اسی لیے نبی کریم ﷺ نے امت کو ہمیشہ خالص توحید پر قائم
رہنے کی تعلیم دی۔
توحید کی فضیلت اور جنت کی بشارت :احادیثِ مبارکہ میں توحید پر قائم
رہنے والوں کے لیے عظیم خوش خبریاں بیان کی گئی ہیں۔ حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ
عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:مَنْ
شَهِدَ أَنْ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللَّهُ وَأَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اللَّهِ
حَرَّمَ اللَّهُ عَلَيْهِ النَّارَ ترجمہ: جو شخص گواہی دے کہ اللہ کے
سوا کوئی معبود نہیں اور محمد ﷺ اللہ کے رسول ہیں، اللہ تعالیٰ اس پر جہنم کو حرام
فرما دیتا ہے۔(صحیح مسلم، حدیث: 32)
ایک اور
حدیث میں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:مَنْ مَاتَ وَهُوَ
يَعْلَمُ أَنَّهُ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللَّهُ دَخَلَ الْجَنَّةَترجمہ: جو
اس حال میں فوت ہو کہ وہ جانتا ہو کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ جنت میں
داخل ہوگا۔(صحیح مسلم، حدیث: 26)
اسی طرح
آپ ﷺ نے "لا إله إلا الله" کو
سب سے افضل ذکر قرار دیتے ہوئے فرمایا:أَفْضَلُ
الذِّكْرِ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللَّه ترجمہ: سب سے افضل ذکر لا إله إلا الله ہے۔(سنن ترمذی، حدیث: 3383)
خلاصۂ
کلام یہ ہے کہ توحید اسلام کی روح، دین کی بنیاد اور تمام انبیاءِ کرام علیہم
السلام کی مشترکہ دعوت ہے۔ نبی کریم ﷺ نے اپنی پوری زندگی میں سب سے زیادہ اسی عقیدے
کی دعوت دی۔ آپ ﷺ نے واضح فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کی عبادت میں کسی کو شریک کرنا سب
سے بڑا گناہ ہے، جبکہ خالص توحید پر قائم رہنا جنت اور اللہ تعالیٰ کی رضا کا سبب
ہے۔ احادیثِ مبارکہ سے معلوم ہوتا ہے کہ ایک مسلمان کی اصل کامیابی اسی میں ہے کہ
وہ اخلاص کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی وحدانیت پر ایمان رکھے، اسی کی عبادت کرے اور ہر
قسم کے شرک سے بچتا رہے۔
اللہ
تبارک وتعالیٰ نے انبیاء کرام علیہم السلام کو کئی حکمتوں کے تحت مبعوث فرمایا ۔ان
میں سے ایک حکمت اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کو بیان کرنا ہے اللہ تعالیٰ کی وحدانیت
کو بیان کرنا تمام انبیاء کرام علیہم السلام کی تبلیغ کا خاصہ اور مقصود اصلی ہے
ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفی ﷺ نے بھی اپنے قول و تقریر کے ذریعے اللہ تعالیٰ
کی وحدانیت کو بیان فرمایا ہے کئی احادیث میں وحدانیت کا ذکر ہے۔
(1) حدیث جبرائیل:دین کی پہلی بنیاد
توحید ہے:جیسا کہ حدیث پاک کا مفہوم ہے حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک
مرتبہ ایک شخص حضور اکرم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور حضور علیہ السلام سے
اسلام کے بارے میں سوال کیا تو حضور اکرم صلی اللہ علیہ نے ارشاد فرمایا کہ اسلام یہ
ہے کہ تم اس بات کی گواہی دو کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمد ﷺ اللہ
کے رسول ہیں ۔راوی فرماتے ہیں کہ جب وہ شخص چلے گئے میں کچھ دیر ٹہرا رہا تو حضور
اکرم ﷺ نے مجھ سے فرمایا کہ اے عمر تم جانتے ہو یہ کون تھے ۔میں نے عرض کی اللہ
اور اس کا رسول زیادہ جانتے ہیں تو حضور علیہ السلام نے فرمایا کہ یہ جبرائیل امین
علیہ السلام تھے تمہیں تمہارا دین سکھانے آئے تھے۔(کتاب مشکاۃ المصابیح ج 1، فصل
اول باب الایمان حدیث نمبر 2)
(2) اسلام کے پانچ ارکان: سب سے
پہلا توحید :حضرت ابن عمر سے روایت ہے کہ حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ اسلام کی بنیاد
پانچ چیزوں پر ہے اس بات کی گواہی دینا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور
محمد ﷺ اس کے بندے اور رسول ہیں ،نماز قائم کرنا ، زکوۃ ادا کرنا ، حج کرنااور
رمضان کے روزے رکھنا ۔( مشکاۃ المصابیح جلد 1 فصل اول حدیث نمبر 3)
(3) کلمہ توحید: ایمان کی سب سے اعلیٰ
شاخ:حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور اکرم ﷺ نے
ارشاد فرمایا کہ ایمان کے چند اور ستر شاخیں ہیں ان میں سے افضل یہ کہنا ہے کہ
اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور سب سے ادنیٰ تکلیف دہ چیز کو راستہ سے ہٹانا ہے
اور غیرت بھی ایمان کی شاخ ہے ۔( کتاب مشکاۃ المصابیح جلد 1 فصل اول حدیث نمبر 4)
(4) جنت کا پہلا دروازہ توحید ہے :حضرت ابو
ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ایک دیہاتی حضور علیہ السلام کی خدمت میں حاضر
ہوا اور عرض کرنے لگا مجھے ایسے کام کی ہدایت فرمایئے کہ میں وہ کام کروں تو جنتی
ہوجاؤں حضور علیہ السلام نے فرمایا کہ اللہ کو پوجو اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ
ٹھہراؤ ،نماز قائم کرو ،زکوۃ فرض دو ، رمضان کے روزے رکھو ۔( کتاب مشکاۃ المصابیح
جلد 1فصل اول حدیث نمبر 14)
(5) اللہ تبارک وتعالیٰ کا بندوں پر
حق:حضرت معاذ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ایک مرتبہ میں دراز گوش پر حضور علیہ
السلام کے پیچھے اس طرح سوار تھا کہ میرے اور آپ علیہ السلام کے درمیان پالان کی
لکڑی کے سوا کچھ نہ تھا حضور علیہ السلام نے فرمایا اے معاذ تم جانتے ہو اللہ کا
حق بندوں پر کیا ہے اور بندوں کا حق اللہ پر کیا ہے تو میں نے کہا اللہ اور اس کے
رسول زیادہ جانتے ہیں تو حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ اللہ کا حق بندوں پر یہ ہے
کہ وہ اللہ کی عبادت کرے اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں اور بندوں کا حق
اللہ پر یہ ہے کہ جو اس کا شریک نہ ٹھہراتا ہوں اس کو عذاب نہ دیں ۔(مشکاۃ المصابیح
جلد 1فصل اول حدیث نمبر 24)
حضور علیہ
السلام نے اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کو ہر مقام میں سر فہرست بیان فرمایا کہ جب حضرت
جبرائیل علیہ السلام نے اسلام کے بارے میں سوال کیا تو بھی توحید کو شروع میں بیان
فرمایا اور اسلام کی بنیادوں میں سب سے اول توحید کا ذکر فرمایا ،اسلام کے دیگر
ارکان بھی تب ہی قبول ہونگے جب بندہ اللہ تعالیٰ کی وحدانیت پر ایمان لائے گا اور
اسلام کے شعبوں میں افضل و اعلیٰ شعبہ بھی توحید کو فرمایا اور اگر کسی نے عرض کیا
کہ حضور ایسا کام بتاؤ جس کے ذریعے جنت حاصل کروں تو بھی اس شخص کو سب سے پہلے
اللہ تعالیٰ پر ایمان لانے کا حکم ارشاد فرمایا اور حضور ﷺ نے یہ
بھی ارشاد فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنا اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ
کرنا عذاب سے بچنے کا ذریعہ ہے۔ حضور علیہ السلام نے بہت پیارے انداز میں اللہ
تعالیٰ کی وحدانیت کو لوگوں تک پہنچایا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ پاک ہمیں
حضور علیہ السلام کی سچی محبت عطاء فرمائے اور حضور علیہ السلام کی سنتوں پر عمل
کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین ثم آمین۔
محمد
حمزہ رضا (درجہ سادسہ مرکزی جامعۃ المدینہ فیضان مدینہ، کراچی،پاکستان)
اللہ تعالیٰ
نے انسانوں کی ہدایت کے لیے انبیائے کرام علیہم الصلاۃ والسلام کو مبعوث فرمایا،
اور تمام انبیاء علیہم الصلاۃ والسلام کی دعوت کا بنیادی مقصد انسان کو توحیدِ
الٰہی کی تعلیم دینا تھا۔ حضور نبی کریم ﷺ نے بھی اپنی پوری حیاتِ مبارکہ میں عقیدۂ
توحید کو نہایت واضح اور جامع انداز میں بیان فرمایا۔ آپ ﷺ نے لوگوں کو یہ پیغام دیا
کہ عبادت کا حقیقی مستحق صرف اللہ تبارک و تعالیٰ ہے اور اس کی ذات ہر قسم کے شریک
سے پاک ہے۔
احادیثِ
مبارکہ میں علمِ توحید کی بڑی اہمیت بیان ہوئی ہے۔ نبی کریم ﷺ نے توحید کو ایمان کی
اصل اور بنیاد قرار دیا۔
حضور اکرم
صَلَّی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:اِنَّ اللهَ وِترٌ يُحِبُّ الوترَبےشک اللہ تعالی ایک ہے اور اکائی
کو پسند کرتا ہے۔(سنن الترمذی،الرقم(453)،576/1)
حضرت
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے حضور پاک ﷺ سے عرض کی کہ آپ کی شفاعت قیامت کے دن کن خوش نصیبوں کو حاصل ہوگی فرمایا قیامت کے دن میری شفاعت سے لوگوں میں
سب سے خوش نصیب وہ شخص ہوگا جس نے اپنی دل و جان سے لا الہ الا اللہ کہا ۔(رواہ البخاری(185/1)
حضرت
عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ نبی کریم ﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ آپ ﷺ نے
فرمایا جس نے گواہی دی کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں وہ اکیلا ہے اس کا کوئی شریک
نہیں اور محمد صلی اللہ تعالی علیہ وسلم اس کے بندے اور رسول ہیں اور عیسی علیہ
السلام اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں اور اس کا کلمہ ہیں جو اس نے بی بی مریم کی
طرف القاء فرمایا اور اس کی طرف سے روح ہیں اور جنت اور دوزخ دونوں حق ہیں اللہ
تعالی اسے جنت میں داخل فرمائے گا۔(رواہ البخاری143/12)
مسلم شریف
کی روایت میں ہے:کہ میں نے رسول پاک صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا
جس نے گواہی دی کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمد اللہ کے رسول ہیں اللہ
پاک اس پر جہنم کی اگ کو حرام فرما دے گا۔(رواہ مسلم(174/1)
امام علی رضا رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: مجھے میرے
والدِ محترم امام موسیٰ کاظم نے حدیث پاک بیان کی، انہوں نے اپنے والدِ محترم امام
جعفر صادق سے، انہوں نے اپنے والدِ محترم امام محمد باقر سے، انہوں نے اپنے والدِ
محترم امام زین العابدین سے، انہوں نے اپنے والدِ محترم حسین بن علی سے، انہوں نے
اپنے والدِ محترم علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہم سے، آپ فرماتے ہیں: ’’میرے حبیب
اور میری آنکھوں کی ٹھنڈک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مجھے حدیث پاک بیان
فرمائی کہ جبرائیل نے مجھے روایت بیان کی کہ اللہ پاک فرماتا ہے “لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ” میرا قلعہ ہے، جس نے اسے کہا وہ میرے
قلعے میں داخل ہوا، میرے عذاب سے امان میں رہا۔‘‘
یہ حدیث
پاک بیان فرماتے تو پردہ چھوڑ دیا گیا اور حضرت امام علی رضا رحمۃ اللہ علیہ تشریف
لے گئے، اس حدیث پاک لکھنے والے کاتب 20 ہزار سے زیادہ تھے۔(الصواعق المحرقہ،
ص205)
اللہ کریم
ہمیں ان فرامین مصطفی ﷺ کو سامنے رکھتے ہوئے توحید باری تعالٰی کا
پرچار کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔آمین۔
اسلام کے
بنیادی عقائد میں سب سے پہلا، اہم اور عظیم عقیدہ توحیدہے۔ توحید کا معنیٰ یہ ہے
کہ اللہ تعالیٰ اپنی ذات، صفات اور افعال میں یکتا و بے مثل ہے۔ اس جیسا کوئی نہیں،
نہ اس کی ذات میں کوئی شریک ہے اور نہ اس کی صفات میں۔ اللہ تعالیٰ ہی خالق، مالک،
رازق اور عبادت کے لائق ہے۔ اگر کوئی شخص اللہ تعالیٰ کے سوا کسی اور کو اس جیسا
مانے یا اس کی خدائی میں شریک سمجھے تو یہ شرک کہلاتا ہے، جو سب سے بڑا گناہ ہے۔قرآنِ
پاک میں اللہ تعالیٰ نے بار بار اپنی وحدانیت کو بیان فرمایا اور شرک کی سخت مذمت
فرمائی۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌۚ(۱)اَللّٰهُ الصَّمَدُۚ(۲)لَمْ یَلِدْ وَ لَمْ یُوْلَدْۙ(۳)وَ لَمْ یَكُنْ لَّهٗ
كُفُوًا اَحَدٌ۠(۴)
ترجمۂ
کنزالایمان: تم فرماؤ وہ اللہ ہے وہ ایک ہے ۔اللہ بے نیاز ہے۔نہ اس کی کوئی اولاد
اور نہ وہ کسی سے پیدا ہوا۔ اور نہ اس کے جوڑ کا کوئی۔( پ30، سورۃ الاخلاص ،1تا4)
ایک اور
مقام پر ارشاد فرمایا:وَ اِلٰهُكُمْ اِلٰهٌ
وَّاحِدٌۚ-لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَ الرَّحْمٰنُ الرَّحِیْمُ۠(۱۶۳)
ترجمۂ کنزالایمان:اور تمہارا معبود ایک معبود ہے اس
کے سوا کوئی معبود نہیں مگر وہی بڑی رحمت والا مہربان۔ (پ2، سورۃ البقرۃ:163)
اللہ تعالیٰ
اپنی قدرت اور اختیار میں بھی اکیلا ہے۔ کوئی اس کا مددگار نہیں۔ ارشادِ ربانی ہے:
اللّٰهُ خَالِقُ كُلِّ شَیْءٍ وَّهُوَ عَلٰى كُلِّ شَیْءٍ وَّكِیْلٌ(۶۲)
ترجمۂ
کنزالایمان: اللہ ہر چیز کا پیدا کرنے والا ہے اور وہی ہر چیز پر نگہبان ہے۔ (پ24،
سورۃ الزمر:62 )
اسی طرح
اللہ تعالیٰ نے شرک کرنے والوں کے بارے میں فرمایا:
لَقَدْ كَفَرَ الَّذِیْنَ قَالُوْۤا اِنَّ اللّٰهَ ثَالِثُ ثَلٰثَةٍۘ-وَ
مَا مِنْ اِلٰهٍ اِلَّاۤ اِلٰهٌ وَّاحِدٌ
ترجمۂ
کنزالایمان: بے شک کافر ہیں وہ جو کہتے ہیں اللہ تین خداؤں میں کا تیسرا ہے
حالانکہ ایک خدا کے سوا کوئی خدا نہیں۔( پ6، سورۃ المائدہ:73 )
توحید کا
تقاضا یہ ہے کہ بندہ صرف اللہ تعالیٰ ہی پر بھروسہ کرے، اسی سے دعا مانگے اور اسی
کی عبادت کرے۔ قرآنِ پاک میں ہے:فَاعْلَمْ اَنَّهٗ
لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا اللّٰهُ
ترجمۂ
کنزالایمان: تو اے محبوب! یقین جان لو کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں۔ (پ26، سورۃ
محمد:19 )
حضرت
علّامہ ابراہیم باجوری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ اپنی ذات، صفات
اور افعال میں یکتا ہے۔ اس کی ذات کسی جز سے مرکب نہیں اور اس کی صفات بے مثال ہیں۔
اللہ تعالیٰ کا علم، قدرت، سمع اور بصر کامل اور ذاتی ہیں، جبکہ مخلوق کی صفات
عطائی، محدود اور فانی ہیں۔ مثال کے طور پر انسان بھی سنتا اور دیکھتا ہے لیکن اس
کا سننا اور دیکھنا اللہ کے عطا کرنے سے ہے، جبکہ اللہ تعالیٰ کا سننا اور دیکھنا
قدیم، ذاتی اور کامل ہے۔ یہی فرق توحید اور شرک کے درمیان ہے۔اگر انسان عقیدۂ توحید
کو مضبوطی سے تھام لے تو اس کی زندگی سنور جاتی ہے۔ وہ ہر حال میں اللہ تعالیٰ ہی
کی طرف رجوع کرتا ہے، اسی سے امید رکھتا ہے اور اسی سے ڈرتا ہے۔ توحید ایمان کی بنیاد
اور نجات کا راستہ ہے۔ بغیر عقیدۂ توحید کے کوئی عبادت قبول نہیں ہوتی۔ اسی لئے
ہر مسلمان پر لازم ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کو ایک مانے، اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ
ٹھہرائے اور ہمیشہ خالص اسی کی عبادت کرے۔(ابراہیم الباجوری، تحفۃ المرید علی جوہرۃ
التوحید، بابُ التوحید)
محمد
اکمل عطّاری (درجہ سابعہ جامعۃالمدینہ فیضانِ عثمان غنی ،کراچی،پاکستان)
اللہ تعالیٰ
کی وحدانیت کا عقیدہ اسلام کی بنیاد اور دین کا سب سے پہلا رکن یہ ہےکہ۔ حضور نبی
کریم ﷺ نے پوری زندگی اسی عقیدے کی دعوت دی اور شرک کی ہر قسم سے امت کو بچایا۔
آپ ﷺ کا بیان کردہ توحید کا تصور نہایت واضح، سادہ اور دل میں اتر جانے والا
تھا۔ آپ نے کبھی فلسفیانہ موشگافیوں میں الجھائے بغیر عام فہم انداز میں سمجھایا
کہ اللہ ایک ہے، اس کا کوئی شریک نہیں، وہی خالق، مالک، رازق اور حاجت روا ہے ۔
قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب ﷺ کی زبان مبارک سے توحید کا اعلان
یوں کروایا ہے۔
اللہ پاک
ارشاد فرماتا ہے:قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌۚ(۱)اَللّٰهُ الصَّمَدُۚ(۲)لَمْ یَلِدْ وَ لَمْ یُوْلَدْۙ(۳)وَ لَمْ یَكُنْ لَّهٗ
كُفُوًا اَحَدٌ۠(۴)ترجمۂ کنزالایمان: تم فرماؤ وہ
اللہ ہے وہ ایک ہے ۔اللہ بے نیاز ہے۔نہ اس کی کوئی اولاد اور نہ وہ کسی سے پیدا
ہوا۔ اور نہ اس کے جوڑ کا کوئی۔(سورۃ الاخلاص، آیت 1-4)
یہ سورت
مبارکہ توحید کا سب سے جامع اور مختصر بیان ہے جسے حضور صلی اللّہ علیہ وسلم نے
بار بار صحابہ کرام علیہم الرضوان کو سکھایا اور فرمایا کہ یہ تہائی قرآن کے برابر
ہے۔
حدیثِ فضیلتِ سورۃ اخلاص : حضرت
ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے
فرمایا: کیا تم میں سے کوئی اس بات سے عاجز ہے کہ رات میں تہائی قرآن پڑھ لے؟
صحابہ پر یہ گراں گزرا تو آپ نے فرمایا: قل ھو اللہ احد تہائی قرآن کے برابر ہے۔
حضور ﷺ نے توحید کی دعوت کو اپنی بعثت کا مقصد قرار دیا۔(صحیح بخاری، کتاب فضائل
القرآن، باب فضل قل ھو اللہ احد، حدیث نمبر5013)
حدیثِ دعوتِ توحید :حضرت
ابوہریرہ رضی اللّہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مجھے حکم دیا گیا ہے
کہ میں لوگوں سے اس وقت تک قتال کروں جب تک وہ لا الہ الا اللہ کی گواہی نہ دے دیں اور مجھ پر اور جو میں لایا ہوں اس پر ایمان نہ لے آئیں۔(صحیح
مسلم، کتاب الایمان، باب الامر بقتال الناس حتی یقولوا لا الہ الا اللہ، حدیث نمبر
21)
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ نبی کریم ﷺ کی
ساری جدوجہد کا محور کلمہ توحید تھا۔ آپ ﷺ نے شرک کی باریک سے باریک صورت
سے بھی منع فرمایا۔
اس حدیث میں
حضور نے واضح فرما دیا کہ نفع نقصان کا مالک صرف اللہ ہے، کسی دھاگے، پتھر یا تعویذ
میں کوئی طاقت نہیں۔ لیکن یاد رہے کہ حقیقتاً نفع و نقصان کا مالک اللہ تبارک
وتعالیٰ ہی ہے اور اللہ پاک چاہے تو دم جھاڑ اور تعویذ جو قرآن و حدیث کے خلاف نہ
ہوں اور اس میں کوئی شرکیہ الفاظ بھی نہ ہوں تو وہ جائز ہوگا اور اس میں اللّہ پاک
کی طرف سے نفع و نقصان بھی ہوسکتا ہے ۔
آیتِ اعلانِ توحید :اللہ تعالیٰ
نے قرآن میں نبی کریم ﷺ کو حکم دیا کہ توحید کا اعلان یوں کریں: قُلْ اِنَّمَاۤ اَنَا بَشَرٌ مِّثْلُكُمْ یُوْحٰۤى اِلَیَّ اَنَّمَاۤ
اِلٰهُكُمْ اِلٰهٌ وَّاحِدٌ ۚ
ترجمہ کنز
العرفان::تم فرماؤ میں تو تم جیسا ایک بشر ہوں میری طرف وحی آتی ہے کہ تمہارا
معبود ایک ہی معبود ہے۔ (سورۃ الکہف، آیت 110)
اس آیت میں نبی کریم ﷺ کی
بشریت کے ساتھ آپ کا اصل پیغام توحید بیان ہوا ہے۔ حضور ﷺ نے
ہر نماز کے بعد، ہر دعا میں اور ہر موقع پر اللہ کی وحدانیت کا درس دیا۔
حدیثِ افضل ذکر :حضرت جابر
بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: افضل ذکر لا الہ الا
اللہ ہے۔ یہی وہ کلمہ ہے جس کی بنیاد پر جنت و دوزخ کا فیصلہ ہوگا۔ (جامع ترمذی،
ابواب الدعوات، باب ما جاء فی فضل التسبیح والتحمید، حدیث نمبر 3464 )
حضور نبی کریم ﷺ کا بیان کردہ توحید کا تصور عمل
سے جڑا ہوا تھا۔ آپ نے فرمایا کہ صرف زبان سے لا الہ الا اللہ کافی نہیں بلکہ دل سے یقین اور اعضا سے عمل بھی ضروری ہے۔
حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ
نبی کریم ﷺ نے فرمایا: جو شخص سچے دل سے لا الہ الا اللہ کہے وہ جنت میں داخل ہوگا۔(مسند احمد، جلد 5، صفحہ 236، حدیث نمبر 21857)
اس سے معلوم ہوا کہ توحید کا نبوی بیان محض نظریہ
نہیں بلکہ مکمل نظام حیات ہے جس میں عقیدہ، عبادت، اخلاق اور معاملات سب اللہ کی
رضا کے تابع ہو جاتے ہیں۔ یہی وہ توحید ہے جس کی دعوت تمام انبیاء کرام علیہم
السلام نے دی اور جسے خاتم النبیین ﷺ نے اپنے قول و عمل سے دنیا پر واضح فرما دیا۔
اسلام کی
بنیاد جس عظیم عقیدے پر قائم ہے وہ عقیدۂ توحید ہے۔ توحید کا معنی یہ ہے کہ اللہ
تعالیٰ کو ذات، صفات، عبادت اور اختیارات میں یکتا مانا جائے۔ یہی تمام انبیائے
کرام علیہم السلام کی دعوت کا مرکز رہا۔ حضور نبی کریم حضرت محمد مصطفی ﷺ نے بھی
اپنی پوری زندگی میں عقیدۂ توحید کو نہایت واضح، جامع اور مؤثر انداز میں بیان
فرمایا۔ آپ ﷺ نے انسانوں کو شرک، بت پرستی اور غیر اللہ پر
بھروسہ کرنے سے روک کر صرف اللہ تعالیٰ کی عبادت کی تعلیم دی۔ نبوی تعلیمات میں
توحید کو ایمان کی روح اور نجات کا ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔
اس فرمانِ
نبوی میں واضح کیا گیا کہ دنیا و آخرت کی کامیابی صرف اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کو
ماننے میں ہے۔ مکہ مکرمہ کے کفار بے شمار بتوں کی عبادت کرتے تھے، مگر آپ ﷺ نے
ہر قسم کے شرک کی نفی فرمائی۔
قرآنِ مجید
میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:
وَ مَاۤ اَرْسَلْنَا مِنْ قَبْلِكَ مِنْ رَّسُوْلٍ اِلَّا نُوْحِیْۤ
اِلَیْهِ اَنَّهٗ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّاۤ اَنَا فَاعْبُدُوْنِ(۲۵)
ترجمۂ
کنزالایمان: اور ہم نے تم سے پہلے کوئی رسول نہ بھیجا مگر یہ کہ ہم اس کی طرف وحی
فرماتے کہ میرے سوا کوئی معبود نہیں تو
مجھی کو پوجو۔ (سورۃ الانبیاء، آیت25)
حضور ﷺ نے
توحید کو صرف زبانی اقرار تک محدود نہیں رکھا بلکہ عملی زندگی میں بھی اس کا درس دیا۔
آپ ﷺ نے فرمایا:مَنْ مَاتَ وَهُوَ يَعْلَمُ أَنَّهُ
لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ دَخَلَ الْجَنَّةَجو اس حال میں مرے کہ وہ
جانتا ہو اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں تو وہ جنت میں داخل ہوگا۔(صحیح مسلم، کتاب
الایمان، حدیث: 26)
اس حدیث
مبارکہ سے معلوم ہوتا ہے کہ عقیدۂ توحید نجاتِ آخرت کا بنیادی سبب ہے۔ حضور ﷺ نے
لوگوں کے دلوں سے غیر اللہ کا خوف نکال کر اللہ تعالیٰ پر کامل بھروسہ پیدا فرمایا۔
ایک موقع
پر حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا:إِذَا سَأَلْتَ فَاسْأَلِ اللّٰهَ، وَإِذَا اسْتَعَنْتَ فَاسْتَعِنْ
بِاللّٰهِترجمہ:جب سوال کرو تو اللہ سے کرو اور جب مدد چاہو تو اللہ سے مدد چاہو۔(جامع
ترمذی، کتاب صفۃ القیامۃ، حدیث: 2516)
یہ تعلیم
دراصل توحیدِ کامل کی عملی تصویر ہے کہ بندہ ہر معاملے میں اللہ تعالیٰ ہی پر
اعتماد کرے۔
حضور ﷺ نے
شرک کو سب سے بڑا گناہ قرار دیا۔ قرآنِ پاک میں ارشاد ہوتا ہے:
اِنَّ اللّٰهَ لَا یَغْفِرُ اَنْ یُّشْرَكَ بِهٖ
وَ یَغْفِرُ مَا دُوْنَ ذٰلِكَ لِمَنْ یَّشَآءُۚ
ترجمہ
کنزالایمان: بے شک اللہ
اسے نہیں بخشتا کہ اس کے ساتھ کفر کیا جائے اور کفر سے نیچے جو کچھ ہے جسے چاہے
معاف فرمادیتا ہے ۔(سورۃ النساء، آیت: 48)
آپ ﷺ نے
لوگوں کو یہ بھی سکھایا کہ عبادت، دعا، قربانی، نذر اور سجدہ صرف اللہ تعالیٰ ہی
کے لیے ہیں۔ یہی خالص توحید ہے۔ نبوی تعلیمات نے انسان کو بندوں کی غلامی سے نکال
کر اللہ واحد و قہار کی بندگی عطا کی۔
توحید
اسلام کا سب سے اہم اور بنیادی عقیدہ ہے۔ حضور نبی کریم ﷺ نے
اپنی پوری حیاتِ مبارکہ میں اسی پیغام کو عام فرمایا۔ آپ ﷺ نے
قول و عمل دونوں کے ذریعے امت کو یہ تعلیم دی کہ عبادت، مدد، خوف، امید اور بھروسہ
صرف اللہ تعالیٰ پر ہونا چاہیے۔ عقیدۂ توحید انسان کو روحانی سکون، فکری پاکیزگی
اور اخروی نجات عطا کرتا ہے۔ آج بھی مسلمانوں کی کامیابی اسی میں ہے کہ وہ خالص
توحید کو اپنائیں اور شرک و بدعات سے بچتے ہوئے سنتِ نبوی پر عمل کریں۔
آج کے اس
پر فتن دور میں جبکہ عقائد کی غلط تشریح کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے گمراہی بڑھ رہی
ہے، ہمیں توحید کے بارے میں جاننا بہت ضروری ہے۔ توحید کے لغوی معنی ہے یکتا جاننا،
اور اصطلاح میں ہے کہ اللہ تعالیٰ یکتا ہے اس کا کوئی شریک نہیں وہ واجب الوجود ہے
وہی ہے جس نے تمام کائنات کو تخلیق کیا وغیرہ۔
تمام انبیاء کرام علیہم السلام نے اپنی امت کو
جس عقیدہ اول کی طرف رہنمائی فرمائی وہ توحید ہی تھا۔ نبی رحمت رسول محتشم حضور
جان عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بھی توحید کی دعوت و تبلیغ کی جس کہ نتیجے میں
آپ علیہ الصلٰوۃ والسلام پر ظلم بھی ہوئے۔ بعض لوگ توحید سے مراد انبیاء و اولیاء
کرام کی گستاخیاں کرتے اور کہتے ہیں کہ یہ توحید ہے یہ باطل ہے کہ اللہ کی توحید
کا ہر گز مطلب یہ نہیں کہ اللہ کے ہی پیاروں کو طعن کیا جائے۔ آئیے آج ہم اس اہم و
مقدس عقیدے یعنی توحید کے بارے میں جانتے ہیں۔
اللہ کو جھٹلایا: حضرت ابوہریرہ
رضی اللہ عنہ سے روایت ، نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ ابن آدم
نے مجھے جھٹلایااور اس کے لیے مناسب نہ تھا کہ وہ جھٹلاتا۔ اس کاجھٹلانا یہ ہے کہ
وہ کہتا ہے، میرا بیٹا ہے، اور اس کا جھٹلانا یہ ہے کہ وہ کہتا ہے کہ جس طرح اللہ
نے مجھے پہلی بار پیدا کیا، دوبارہ (موت کے بعد) وہ مجھے زندہ نہیں کر سکے گا۔
(صحيح البخاری،كتاب بدء الخلق، حدیث: 3193)
اس حدیث مبارکہ
میں اللہ عزوجل کی توحید کا بیان ہے کہ جس شخص نے اللہ عزوجل کی طرف اولاد کو منسوب
کیا اور یہ کہا کہ اللہ کی اولاد ہے اور وہ ہمیں دوبارہ زندہ نہیں دے سکتا یہ اللہ
سبحانہ کو گالی دینے کی طرح ہے۔
لا الہ الا اللہ اللہ کا قلعہ ہے:سیدنا علی
بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”اللہ تعالیٰ فرماتا
ہے کہ لا إلٰه إلا الله میرا
قلعہ ہے جو اس میں داخل ہو گیا وہ میرے عذاب سے محفوظ رہے گا۔“ (مسند الشهاب/لا
إله إلا الله حصني، فمن دخله أمن عذابي/حدیث: 1451)
اس حدیث
مبارکہ میں بیان ہوا کہ جو شخص اس کلمہ طیبہ کا دل سے اقرار کرے تو وہ جنت میں
داخل ہوگا اور جہنم سے محفوظ رہے گا۔
ہم نے توحید
کے متعلق احادیث کریمہ پڑھی توحید پر ایمان لانا تمام اعمال کے قبول ہونے کے لیے
شرط ہے اور توحید پر ایمان لا کر انبیاء و اولیاء کا انکار کرنا سراسر گمراہی ہے
کہ توحید پر ماننے والا کبھی بھی اللہ عزوجل کے محبوب و برگزیدہ بندوں کی اہانت نہیں
کرتا۔اللہ عزوجل سے دعا ہے کہ وہ ہمارا خاتمہ توحید پر فرمائے۔ آمین یارب العالمین
بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ والہ وسلم۔
Dawateislami