آج کے اس پر فتن دور میں جبکہ عقائد کی غلط تشریح کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے گمراہی بڑھ رہی ہے، ہمیں توحید کے بارے میں جاننا بہت ضروری ہے۔ توحید کے لغوی معنی ہے یکتا جاننا، اور اصطلاح میں ہے کہ اللہ تعالیٰ یکتا ہے اس کا کوئی شریک نہیں وہ واجب الوجود ہے وہی ہے جس نے تمام کائنات کو تخلیق کیا وغیرہ۔

تمام انبیاء کرام علیہم السلام نے اپنی امت کو جس عقیدہ اول کی طرف رہنمائی فرمائی وہ توحید ہی تھا۔ نبی رحمت رسول محتشم حضور جان عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بھی توحید کی دعوت و تبلیغ کی جس کہ نتیجے میں آپ علیہ الصلٰوۃ والسلام پر ظلم بھی ہوئے۔ بعض لوگ توحید سے مراد انبیاء و اولیاء کرام کی گستاخیاں کرتے اور کہتے ہیں کہ یہ توحید ہے یہ باطل ہے کہ اللہ کی توحید کا ہر گز مطلب یہ نہیں کہ اللہ کے ہی پیاروں کو طعن کیا جائے۔ آئیے آج ہم اس اہم و مقدس عقیدے یعنی توحید کے بارے میں جانتے ہیں۔

اللہ کو جھٹلایا: حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ، نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ ابن آدم نے مجھے جھٹلایااور اس کے لیے مناسب نہ تھا کہ وہ جھٹلاتا۔ اس کاجھٹلانا یہ ہے کہ وہ کہتا ہے، میرا بیٹا ہے، اور اس کا جھٹلانا یہ ہے کہ وہ کہتا ہے کہ جس طرح اللہ نے مجھے پہلی بار پیدا کیا، دوبارہ (موت کے بعد) وہ مجھے زندہ نہیں کر سکے گا۔ (صحيح البخاری،كتاب بدء الخلق، حدیث: 3193)

اس حدیث مبارکہ میں اللہ عزوجل کی توحید کا بیان ہے کہ جس شخص نے اللہ عزوجل کی طرف اولاد کو منسوب کیا اور یہ کہا کہ اللہ کی اولاد ہے اور وہ ہمیں دوبارہ زندہ نہیں دے سکتا یہ اللہ سبحانہ کو گالی دینے کی طرح ہے۔

لا الہ الا اللہ اللہ کا قلعہ ہے:سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ لا إلٰه إلا الله میرا قلعہ ہے جو اس میں داخل ہو گیا وہ میرے عذاب سے محفوظ رہے گا۔“ (مسند الشهاب/لا إله إلا الله حصني، فمن دخله أمن عذابي/حدیث: 1451)

اس حدیث مبارکہ میں بیان ہوا کہ جو شخص اس کلمہ طیبہ کا دل سے اقرار کرے تو وہ جنت میں داخل ہوگا اور جہنم سے محفوظ رہے گا۔

ہم نے توحید کے متعلق احادیث کریمہ پڑھی توحید پر ایمان لانا تمام اعمال کے قبول ہونے کے لیے شرط ہے اور توحید پر ایمان لا کر انبیاء و اولیاء کا انکار کرنا سراسر گمراہی ہے کہ توحید پر ماننے والا کبھی بھی اللہ عزوجل کے محبوب و برگزیدہ بندوں کی اہانت نہیں کرتا۔اللہ عزوجل سے دعا ہے کہ وہ ہمارا خاتمہ توحید پر فرمائے۔ آمین یارب العالمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ والہ وسلم۔