توحید دین اسلام کی بنیادی رکن میں سے ایک رکن ہیں اور یہ ایک ایسا رکن ہے کہ جس پر تمام اسلامی ارکان کی بنیاد ہے اللہ تعالی نے جتنے بھی نبیوں کو بھیجا ہے حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر ہمارے آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم تک تمام نبیوں کو سب سے پہلے توحید کی دعوت دینے کا مکلف کیا اور تمام نبیوں نے سب سے پہلے جس چیز کی تبلیغ کی ہے وہ توحید ہی ہے۔ہمارے پیارے آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے بھی سب سے پہلے لوگوں کو اللہ کی وحدانیت کی طرف بلایا اور انہیں اللہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے ناپسندیدہ گناہ شرک سے نکال کر وحدانیت کی طرف بلایا کیونکہ یہ ایسا گناہ تھا کہ جس کی کبھی بھی معافی نہیں ہو سکتی جیسا کہ حدیث مبارک میں نبی کریم  ﷺ نے حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ تعالی عنہ سے فرمایا"اے معاذ! کیا تم جانتے ہو کہ اللہ کا حق بندوں پر کیا ہے اور بندوں کا حق اللہ پر کیا ہے؟"میں نے عرض کیا: اللہ اور اس کا رسول ہی زیادہ جانتے ہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا:"اللہ کا حق بندوں پر یہ ہے کہ وہ صرف اسی کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں، اور بندوں کا حق اللہ پر یہ ہے کہ جو اللہ کے ساتھ شریک نہ ٹھہرائے، اللہ اسے عذاب نہ دے (بلکہ جنت میں داخل کرے)۔"

(صحیح بخاری: کتاب التوحید، باب دُعَاءِ النَّبِيِّ ﷺ أُمَّتَهُ إِلَى تَوْحِيدِ اللَّهِ تَبَارَكَ وَتَعَالَى ،حدیث نمبر: 7373)

اس حدیث سے یہ بات بھی معلوم ہوئی کہ بندوں پر جو سب سے پہلا حق ہے وہ یہی ہے کہ وہ اللہ تبارک و تعالی کی عبادت کریں اور اس عبادت کے ساتھ اس میں کسی ایک کو بھی شریک نہ ٹھہرائیں۔یاد رکھیے مسلمان کو اس بات کا بھی التزام کرنا چاہیے کہ وہ ان شبہات سے بھی دور رہے جو بندے کو شرک کی طرف لے جاتے ہیں اور بندہ کو معلوم بھی نہیں ہوتا کہ وہ اس کبیرہ گناہ میں جا پڑا ہے۔جہاں توحید کا انکار کرنے والوں کے لیے دوزخ کا عذاب ہے وہی توحید کا اقرار کرنے والوں کے لئے جنت کی بھی بشارت ہے۔

حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے نبی کریم ﷺ کی بارگاہ میں حاضر ہو کر پوچھا: یا رسول اللہ! دو واجب کرنے والی چیزیں کیا ہیں؟ (یعنی وہ کون سے عمل ہیں جو جنت یا جہنم واجب کر دیتے ہیں؟) تو آپ ﷺ نے فرمایا:"جو اس حال میں مرا کہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہیں ٹھہراتا تھا، وہ جنت میں داخل ہوگا، اور جو اس حال میں مرا کہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہراتا تھا، وہ جہنم میں جائے گا۔( صحیح مسلم،بَاب مَنْ مَاتَ لَا يُشْرِكُ بِاللَّهِ شَيْئًا دَخَلَ الْجَنَّةَ وَمَنْ مَاتَ مُشْرِکًا دَخَلَ النَّارَ حدیث نمبر: 269)

اس حدیث سے معلوم ہوا کہ جو بندہ اللہ تبارک و تعالی کی وحدانیت کا اقرار کرے گا تو جنت میں جائے گا لیکن اگر کوئی شخص شرک کرتا ہے تو اللہ اسے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے جہنم میں بھیج دے گا۔ اللہ تعالی ہمارا خاتمہ بالخیر فرمائے آمین۔


اسلام کی بنیاد عقیدۂ توحید پر قائم ہے۔ توحید کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنی ذات، صفات، افعال اور عبادت میں یکتا و بے مثال ہے۔ تمام انبیائے کرام علیہم السلام نے سب سے پہلے اپنی قوم کو توحید کی دعوت دی، اور نبی اکرم  ﷺ نے بھی اپنے دورِ نبوت میں سب سے زیادہ جس عقیدے پر زور دیا وہ توحید ہی تھا۔قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:وَ مَاۤ اَرْسَلْنَا مِنْ قَبْلِكَ مِنْ رَّسُوْلٍ اِلَّا نُوْحِیْۤ اِلَیْهِ اَنَّهٗ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّاۤ اَنَا فَاعْبُدُوْنِ(۲۵)

ترجمۂ کنزالایمان: اور ہم نے تم سے پہلے کوئی رسول نہ بھیجا مگر یہ کہ ہم اس کی طرف وحی فرماتے کہ میرے سوا کوئی معبود نہیں تو مجھی کو پوجو۔ (سورۃ الانبیاء، آیت: 25)

اس آیتِ مبارکہ سے واضح ہوتا ہے کہ تمام انبیاء کی دعوت کا مرکز عقیدۂ توحید تھا۔

حضور نبی کریم ﷺ نے بھی لوگوں کو سب سے پہلے یہی تعلیم دی کہ اللہ کو ایک مانو، اسی کی عبادت کرو، اور اسی پر کامل بھروسہ رکھو۔حضور ﷺ نے فرمایا:"مَنْ قَالَ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ دَخَلَ الْجَنَّةَ"ترجمہ:جس نے سچے دل سے "لا إله إلا الله" کہا وہ جنت میں داخل ہوگا۔(صحیح مسلم، کتاب الایمان، باب الدلیل علی أن من مات علی التوحید دخل الجنۃ، حدیث: 26، دار احیاء التراث العربی، بیروت)

توحید صرف زبان سے اقرار کا نام نہیں بلکہ دل سے اللہ تعالیٰ کی وحدانیت پر یقین رکھنے، اسی کی عبادت کرنے، اور ہر قسم کے شرک سے بچنے کا نام ہے۔

(1) نبی کریم ﷺ کی دعوت کا آغاز توحید سے:جب حضور نبی اکرم ﷺ کو نبوت عطا ہوئی تو آپ ﷺ نے سب سے پہلے لوگوں کو توحید کی دعوت دی۔حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:"يَا أَيُّهَا النَّاسُ قُولُوا لَا إِلٰهَ إِلَّا اللَّهُ تُفْلِحُوا"ترجمہ:اے لوگو! لا إله إلا الله کہو، کامیاب ہو جاؤ گے۔(مسند امام احمد بن حنبل، مسند ابن عباس، حدیث: 22227، مؤسسۃ الرسالہ)

اس حدیث سے معلوم ہوا کہ دنیا و آخرت کی کامیابی توحید میں ہے۔

(2) توحید، تمام عبادات کی بنیاد ہے:نماز، روزہ، حج، زکوٰۃ اور دیگر تمام عبادات اسی وقت قبول ہوتی ہیں جب عقیدۂ توحید درست ہو۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

وَ لَقَدْ اُوْحِیَ اِلَیْكَ وَ اِلَى الَّذِیْنَ مِنْ قَبْلِكَۚ-لَىٕنْ اَشْرَكْتَ لَیَحْبَطَنَّ عَمَلُكَ وَ لَتَكُوْنَنَّ مِنَ الْخٰسِرِیْنَ(۶۵)

ترجمہ کنز الایمان:اور بےشک وحی کی گئی تمہاری طرف اور تم سے اگلوں کی طرف کہ اسے سننے والے اگر تو نے اللہ کا شریک کیا تو ضرور تیرا سب کیا دھرا اَکارت جائے گا اور ضرور تو ہار میں رہے گا ۔(سورۃ الزمر، آیت: 65)

حضور ﷺ نے فرمایا:"حَقُّ اللَّهِ عَلَى الْعِبَادِ أَنْ يَعْبُدُوهُ وَلَا يُشْرِكُوا بِهِ شَيْئًا"ترجمہ:اللہ کا بندوں پر حق یہ ہے کہ وہ صرف اسی کی عبادت کریں اور کسی کو اس کا شریک نہ ٹھہرائیں۔(صحیح بخاری، کتاب الجہاد والسیر، باب اسم الفرس والحمار، حدیث: 2856، دار طوق النجاۃ)

(3) توحید انسان کو شرک سے بچاتی ہے:شرک سب سے بڑا گناہ ہے، اور توحید اس سے حفاظت کا ذریعہ ہے۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:اِنَّ اللّٰهَ لَا یَغْفِرُ اَنْ یُّشْرَكَ بِهٖ وَ یَغْفِرُ مَا دُوْنَ ذٰلِكَ لِمَنْ یَّشَآءُ

ترجمۂ کنزُالعِرفان: بیشک اللہ اس بات کو نہیں بخشتا کہ اس کے ساتھ کفر کیا جائے اور کفر سے نیچے جو کچھ ہے جسے چاہتا ہے معاف فرمادیتا ہے۔ (سورۃ النساء، آیت: 48)

حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا:"أَفْضَلُ الذِّكْرِ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللَّهُ"ترجمہ:سب سے افضل ذکر "لا إله إلا الله" ہے۔(جامع ترمذی، کتاب الدعوات، باب ما جاء فی فضل التہلیل، حدیث: 3383، دار الغرب الاسلامی)

(4) توحید سے دل میں اللہ کی عظمت پیدا ہوتی ہے:جب انسان یہ یقین رکھتا ہے کہ نفع و نقصان، عزت و ذلت، زندگی و موت سب اللہ کے اختیار میں ہے، تو اس کا دل مخلوق کے خوف سے آزاد ہو جاتا ہے۔حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ حضور ﷺ نے فرمایا:"إِذَا سَأَلْتَ فَاسْأَلِ اللَّهَ، وَإِذَا اسْتَعَنْتَ فَاسْتَعِنْ بِاللَّهِ"

ترجمہ:جب سوال کرو تو اللہ سے کرو، اور جب مدد مانگو تو اللہ سے مانگو۔(جامع ترمذی، کتاب صفۃ القیامۃ، باب 59، حدیث: 2516، دار الغرب الاسلامی)

یہ تعلیم انسان کے دل میں کامل توکل اور اللہ پر اعتماد پیدا کرتی ہے۔

توحید اسلام کی روح اور تمام عبادات کی بنیاد ہے۔ نبی کریم ﷺ نے اپنی پوری حیاتِ مبارکہ میں امت کو اللہ کی وحدانیت کا درس دیا۔ قرآن و حدیث کا مطالعہ ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ کامیابی صرف اسی میں ہے کہ انسان خالص اللہ تعالیٰ کی عبادت کرے، اسی سے مدد مانگے، اور ہر قسم کے شرک سے بچے۔

اللہ تعالیٰ ہمیں صحیح عقیدۂ توحید اپنانے، اس پر ثابت قدم رہنے، اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔


توحید اسلام کی بنیاد، انبیاءِ کرام کی دعوت کا مرکزی پیغام اور انسانی زندگی کی حقیقی کامیابی کا راز ہے۔ قرآن مجید اور احادیثِ نبوی میں توحید کو نہایت جامع، سادہ اور مؤثر انداز میں بیان کیا گیا ہے تاکہ انسان اپنے ربّ کی وحدانیت کو پہچان کر اسی کی عبادت اختیار کرے۔ حضرت محمد ﷺ نے اپنے ارشادات اور عملی زندگی کے ذریعے امت کو یہ تعلیم دی کہ اللہ تعالیٰ واحد اور شریک  سے پاک ہے، اسی کے ہاتھ میں نفع و نقصان، زندگی و موت اور کائنات کا نظام ہے۔ یہی عقیدہ انسان کے دل میں اخلاص، تقویٰ اور بندگیِ الٰہی پیدا کرتا ہے۔

حضرت معاذ بن جبل فرماتے ہیں کہ میں نبی کریم ﷺ کے ساتھ ایک سواری پر تھا۔ آپ ﷺ نے فرمایا:اے معاذ! کیا تم جانتے ہو اللہ کا بندوں پر کیا حق ہے؟میں نے عرض کیا: اللہ اور اس کے رسول بہتر جانتے ہیں۔آپ ﷺ نے فرمایا: اللہ کا بندوں پر حق یہ ہے کہ وہ اسی کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں۔

(صحیح بخاری، حدیث: 2856)

حضرت عبداللہ بن مسعود سے روایت ہے:میں نے عرض کیا: یا رسول اللہ! سب سے بڑا گناہ کون سا ہے؟آپ ﷺ نے فرمایا: “یہ کہ تم اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہراؤ حالانکہ اسی نے تمہیں پیدا کیا ہے۔(صحیح بخاری، حدیث: 4477)

حضرت ابو ہریرہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے لا إلہ إلا اللہ کہا اور اللہ کے سوا جن کی عبادت کی جاتی ہے ان کا انکار کیا، اس کا مال اور خون محفوظ ہوگیا، اور اس کا حساب اللہ کے ذمہ ہے۔(صحیح مسلم، حدیث: 23)

حضرت عتبان بن مالک سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:اللہ تعالیٰ نے اس شخص پر جہنم کو حرام کر دیا ہے جو خالص اللہ کی رضا کے لیے لا إلہ إلا اللہ کہے۔(صحیح بخاری، حدیث: 425)

اللہ پاک سے دعا ہے کہ وہ میری اس ادنٰی سی کاوش کو نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے وسیلے سے اپنی بارگاہ میں قبول و مقبول فرمائے ۔آمین


توحید اسلام کی اساس اور تمام انبیائے کرام علیہم السلام کی دعوت کا خلاصہ ہے۔ یہی وہ بنیادی عقیدہ ہے جس پر پورا دین قائم ہے۔ نبی کریم ﷺ نے اپنے مبارک اقوال و اعمال کے ذریعے توحید کو نہایت واضح انداز میں بیان فرمایا اور امت کو اس کی حقیقت سمجھائی۔ توحید کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنی ذات، صفات اور عبادات میں یکتا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں، وہی خالق، مالک اور رازق ہے اور اسی کی عبادت کرنا انسان کا فرض ہے۔

رسول اللہ ﷺ کی دعوت کا آغاز ہی توحید سے ہوا۔ مکہ مکرمہ کے معاشرے میں جہاں ہر طرف بت پرستی، شرک اور مختلف باطل عقائد پھیلے ہوئے تھے، آپ ﷺ نے سب سے پہلے "لا الہ الا اللہ" کی صدا بلند کی۔ اس کلمے نے انسان کو ہر طرح کے جھوٹے معبودوں سے آزاد کر کے ایک حقیقی رب کی بندگی کی طرف بلایا۔ یہی وجہ ہے کہ کفارِ مکہ کو اس پیغام سے سب سے زیادہ تکلیف ہوئی، کیونکہ یہ ان کے پورے نظامِ باطل کو چیلنج کر رہا تھا۔

قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ اپنی وحدانیت کو یوں بیان فرماتا ہے:

قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌۚ(۱)ترجمۂ کنزُالعِرفان: تم فرماؤ: وہ اللہ ایک ہے۔ (پارہ نمبر 30 ،سورۃالاخلاص 112 ، آیت 1)

یہ آیت توحید کا نہایت جامع تعارف پیش کرتی ہے، جس میں اللہ کی یکتائی کو واضح کیا گیا ہے کہ نہ اس کا کوئی شریک ہے اور نہ ہی کوئی اس کے برابر۔

ایک اور مقام پر ارشادِ باری تعالیٰ ہے:وَ اِلٰهُكُمْ اِلٰهٌ وَّاحِدٌۚ-لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَ الرَّحْمٰنُ الرَّحِیْمُ۠(۱۶۳)

ترجمۂ کنزالعرفان:اور تمہارا معبود ایک معبود ہے اس کے سوا کوئی معبود نہیں ، بڑی رحمت والا، مہربان ہے۔ (سورہ البقرہ: 2 ، آیت 163 پارہ 2)

یہ آیت اس حقیقت کو مزید واضح کرتی ہے کہ عبادت کا حق صرف اللہ تعالیٰ کے لیے ہے اور وہی تمام مخلوق پر مہربان ہے۔

نبی کریم ﷺ نے بھی اپنی احادیثِ مبارکہ میں توحید کی اہمیت کو بیان فرمایا۔ آپ ﷺ کا ارشاد ہے:

عَنْ عُبَادَةَ ابْنِ الصَّامِتِ قَالَ: سَمِعْتُ رَسُولَ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ:مَنْ شَهِدَ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ وَأَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ الله ِ حَرَّمَ اللهُ عَلَيْهِ النَّارُترجمہ: روایت ہے عبادہ ابن صامت سے فرماتے ہیں کہ میں نے حضور ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا جو گواہی دے کہ الله کے سوا کوئی لائق عبادت نہیں اور یقینًا محمد الله کے رسول ہیں الله تعالٰی اس پر آگ حرام کرے گا۔(مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:1 , حدیث نمبر:36)

یہ حدیث اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ توحید انسان کی نجات کا سب سے بڑا ذریعہ ہے، بشرطیکہ یہ اقرار سچے دل اور اخلاص کے ساتھ ہو۔

ایک اور حدیث میں نبی کریم ﷺ نے حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کو یمن بھیجتے ہوئے فرمایا:فَلْيَكُنْ أَوَّلَ مَا تَدْعُوهُمْ إِلَى أَنْ يُوَحِّدُوا اللَّهَ تَعَالَىترجمہ: اس لیے سب سے پہلے انہیں اس کی دعوت دینا کہ وہ اللہ کو ایک مانیں۔(صحيح البخاری،كتاب التوحيد،حدیث: 7372)

اس سے معلوم ہوتا ہے کہ دین کی بنیاد اور دعوت کا آغاز ہمیشہ توحید سے ہونا چاہیے۔

نبی کریم ﷺ کی پوری حیاتِ طیبہ توحید کا عملی نمونہ ہے۔ آپ ﷺ نے ہر حال میں اللہ پر کامل بھروسہ کیا، چاہے وہ مکہ میں مظالم کا دور ہو یا مدینہ میں جنگوں کے مواقع۔ غزوۂ بدر میں جب وسائل کم تھے اور دشمن زیادہ، اس وقت بھی آپ ﷺ نے اللہ کے حضور دعا کی اور اسی پر بھروسہ رکھا۔ یہ کامل توکل دراصل توحید ہی کا عملی اظہار ہے۔

توحید کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ انسان اللہ کی صفات میں کسی کو شریک نہ ٹھہرائے۔ اللہ تعالیٰ ہی سننے والا، دیکھنے والا، علم رکھنے والا اور ہر چیز پر قادر ہے۔ اگر کوئی شخص کسی اور کو ان صفات میں اللہ کے برابر سمجھے تو یہ توحید کے خلاف ہے۔ اسی طرح عبادات جیسے نماز، روزہ، دعا، قربانی اور نذر صرف اللہ ہی کے لیے مخصوص ہیں۔نبی کریم ﷺ نے امت کو یہ بھی سکھایا کہ ہر کام میں اخلاص ہونا چاہیے۔ اگر کوئی عمل اللہ کی رضا کے لیے نہ ہو تو وہ قابلِ قبول نہیں۔ اس طرح توحید صرف زبان سے اقرار کا نام نہیں بلکہ دل کی گہرائیوں سے اللہ کو ایک ماننے اور اسی کے لیے عمل کرنے کا نام ہے۔

آج کے دور میں بھی توحید کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ جدید دور میں انسان مختلف قسم کے باطل نظریات، مادہ پرستی اور غیر اللہ پر انحصار کی طرف مائل ہو رہا ہے۔ ایسے حالات میں ضروری ہے کہ ہم اپنے عقیدۂ توحید کو مضبوط کریں، قرآن و حدیث کو سمجھیں اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں نافذ کریں۔خلاصہ یہ ہے کہ توحید ہی وہ بنیاد ہے جس پر انسان کی دنیا و آخرت کی کامیابی کا دارومدار ہے۔ اگر انسان کا عقیدہ درست ہو تو اس کے اعمال بھی درست ہو جاتے ہیں، اور اگر عقیدہ میں خرابی ہو تو نیک اعمال بھی ضائع ہو سکتے ہیں۔ لہٰذا ہمیں چاہیے کہ ہم توحید کو سمجھیں، اس پر عمل کریں اور دوسروں تک اس کا پیغام پہنچائیں، کیونکہ یہی نبی کریم ﷺ کی اصل دعوت اور کامیابی کا راستہ ہے۔


توحید دین اسلام کی بنیاد، روح اور سب سے بڑا پیغام ہے اسی کی تبلیغ کے لیے اللہ رب العزت نے انبیاء کو مبعوث فرمایا لفظ "توحید" کا مادہ "وحد" ہے، جس کے معنی ہیں کسی کو ایک ماننا، کسی کو واحد و یکتا قرار دینا۔ اصطلاح میں توحید سے مراد اللہ تعالیٰ کو اس کی ذات، صفات، افعال اور عبادت میں اکیلا ماننا اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرانا۔

انسان کی پیدائش کا مقصد ہی اللہ کی عبادت ہے، جیسا کہ قرآن میں ہے:

وَ مَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَ الْاِنْسَ اِلَّا لِیَعْبُدُوْنِ(۵۶)

ترجمہ کنز الایمان: اور میں نے جِنّ اور آدمی اتنے ہی(اسی لئے)بنائے کہ میری بندگی کریں۔(پارہ 27، سورة الذاریات ،آیت نمبر 56)

اور یہ عبادت اس وقت تک قبول نہیں ہوتی جب تک وہ خالصتاً ایک اللہ کے لیے نہ ہو۔ تمام انبیاء کرام کی دعوت کا آغاز بھی "لا إله إلا الله" سے ہوا۔ توحید کے بغیر کوئی عمل، کوئی اخلاق، کوئی عبادت وزن نہیں رکھتی۔

توحید صرف ایک نظریہ و سوچ نہیں بلکہ زندگی گزارنے کا پورا طریقہ ہے۔ جب بندہ "لا إله إلا الله" کو سمجھ کر، دل سے مان کر اور عمل میں لاکر جیتا ہے، تو اس کی دنیا بھی سنورتی ہے اور آخرت بھی ۔اسی پر 2 احادیث مبارکہ پیش خدمت ہیں ۔

عن عمر بن الخطاب رضي الله عنه قال: بينما نحن عند رسول الله صلى الله عليه وسلم ذات يوم اذ طلع علينا رجل شديد بياض الثياب شديد سواد الشعر لا يرى عليه اثر السفر ولا يعرفه منا احد حتى جلس الى النبي صلى الله عليه وسلم فاسند ركبتيه الى ركبتيه ووضع كفيه على فخذيه وقال: يا محمد اخبرني عن الاسلام قال:الاسلام ان تشهد ان لا اله الا الله وان محمدا رسول الله وتقيم الصلاة وتوتي الزكاة وتصوم رمضان وتحج البيت ان استطعت اليه سبيلا. قال: صدقت. فعجبنا له يساله ويصدقه. قال: فاخبرني عن الايمان. قال: ان تومن بالله وملاىكته وكتبه ورسله واليوم الاخر وتومن بالقدر خيره وشره . قال صدقت. قال: فاخبرني عن الاحسان. قال: ان تعبد الله كانك تراه فان لم تكن تراه فانه يراك. قال: فاخبرني عن الساعة. قال: ما المسوول عنها باعلم من الساىل. قال: فاخبرني عن اماراتها. قال: ان تلد الامة ربتها وان ترى الحفاة العراة العالة رعاء الشاء يتطاولون في البنيان . قال: ثم انطلق فلبثت مليا ثم قال لي: يا عمر اتدري من الساىل قلت: الله ورسوله اعلم. قال: فانه جبرىيل اتاكم يعلمكم دينكم۔

روایت ہے حضرت عمر ابن خطاب( رضی اللہ عنہ) سے فرماتے ہیں کہ ایک دن ہم نبی ﷺ کی خدمت میں حاضرتھے کہ ایک صاحب ہمارے سامنےنمودارہوئے جن کے کپڑے بہت سفیداور بال خوب کالے تھے اُن پر آثارِ سفر ظاہر نہ تھے اور ہم سےکوئی اُنہیں پہچانتا بھی نہ تھا یہاں تک کہ حضور( ﷺ ) کے پاس بیٹھے اور اپنے گھٹنے حضور( ﷺ ) کےگھٹنوں شریف سے مَس کر دیئے اور اپنے ہاتھ اپنے زانو پر رکھے اور عرض کیا اَےمحمد( ﷺ )مجھے اسلام کے متعلق بتائیے فرمایا کہ اسلام یہ ہے کہ تم گواہی دو کہ اﷲ کےسواءکوئی معبودنہیں اورمحمدا ﷲ کے رسول ہیں اور نماز قائم کرو،زکوۃ دو،رمضان کے روزے رکھو،کعبہ کا حج کرو اگر وہاں تک پہنچ سکو عرض کیا کہ سچ فرمایا ہم کو ان پرتعجب ہوا کہ حضور سے پوچھتےبھی ہیں اورتصدیق بھی کرتے ہیں عرض کیا کہ مجھے ایمان کے متعلق بتائیے فرمایاکہ اﷲ اور اس کے فرشتوں ،کتابوں اور اس کے رسولوں اور آخری دن کو مانو اور اچھی بُری تقدیرکو مانو عرض کیا آپ سچے ہیں عرض کیامجھےاحسان کے متعلق بتائیے فرمایا اﷲ کی عبادت ایسے کرو کہ گویا اُسے دیکھ رہے ہو اگر یہ نہ ہوسکے تو خیال کرو کہ وہ تمہیں دیکھ رہا ہے عرض کیا کہ قیامت کی خبر دیجئے فرمایا کہ جس سے پوچھ رہے ہو وہ قیامت کے بارے میں سائل سے زیادہ خبردارنہیں عرض کیا کہ قیامت کی کچھ نشانیاں ہی بتادیجئے فرمایا کہ لونڈی اپنے مالک کوجنے گی اور ننگے پاؤں ننگے بدن والے فقیروں،بکریوں کے چرواہوں کومحلوں میں فخر کرتےدیکھو گے راوی فرماتے ہیں کہ پھرسائل چلے گئے میں کچھ دیر ٹھہرا حضور( ﷺ ) نے مجھے فرمایا اےعمرجانتے ہو یہ سائل کون ہیں مَیں نےعرض کیﷲ اوررسول جانیں فرمایا یہ حضرت جبریل تمہیں تمہارا دین سکھانے آئے تھے ۔(مرآة المناجيح شرح مشکاة المصابیح جلد 1 حدیث نمبر 2)

وعن ابن عمر رضی اللہ عنہما قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم : بني الاسلام على خمس: شهادة ان لا اله الا الله وان محمدا عبده ورسوله واقام الصلاة وايتاء الزكاة والحج وصوم رمضان ۔

روایت ہے حضرت ابن عمرسے فرماتے ہیں کہ فرمایا نبی ﷺ نے اسلام پانچ چیزوں پرقائم کیا گیا اس کی گواہی کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں،محمد( ﷺ )اس کےبندےاور رسول ہیں اورنمازقائم کرنا زکوۃ دینا اور حج کرنا اور رمضان کے روزے۔(مرآة المناجيح شرح مشکاة المصابیح جلد 1 حدیث نمبر 4)

ان حدیثوں کو دیکھیں تو یہ بات روشن سورج سے بھی واضح و عیاں ہے کہ توحید ہے اللہ پر ایمان ہے تو سب کچھ بندہ کے ہاتھ میں ہے وگرنہ اس کی زندگی بظاہر عیش و عشرت و مالداری والی ہو سکتی ہے لیکن آخر موت ہے دنیاوی زندگی جو حادث ہے اسلام کے بغیر گزار کر آخرت کے آرام و سکون سے بے گھر ہو جانا ہے ابھی موقع ہے توحید کو مانے اس کو کما حقہ سمجھیں بعد میں موقع نہ ملے گا ۔

اللہ کریم ہمیں حقیقت میں توحید پر عمل پیرا ہو کر اپنی آخرت سنوارے کی توفیق عطا فرمائے اور اسی پر بخیر وعافیت خاتمہ نصیب ہو امین ثم آمین یا رب العالمین۔


توحید اسلام کی بنیاد اور اس کا مرکزی عقیدہ ہے اس کا مطلب ہے اللہ تعالیٰ کی ذات صفات اور عبادت میں یکتائی کو ماننا نبی کریم ﷺ نے اپنی پوری زندگی میں اسی پیغامِ توحید کو عام کیا اور انسانیت کو شرک اور گمراہی سے نکال کر ایک خدا کی عبادت کی طرف بلایانبی اکرم ﷺ کا اعلانِ توحید نہایت سادہ مگر انتہائی مؤثر تھالا إله إلا الله یعنی اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں آپ ﷺ نے لوگوں کو سمجھایا کہ اللہ ہی خالق مالک اور رازق ہے اسی کے ہاتھ میں نفع و نقصان ہے اور اسی کی عبادت کرنا انسان کا اصل مقصد ہے آپ ﷺ نے نہ صرف زبان سے توحید کی دعوت دی بلکہ اپنے عمل سے بھی اس کا بہترین نمونہ پیش کیا۔

مکہ مکرمہ میں جب آپ ﷺ نے توحید کا پیغام پیش کیا تو قریش کے مشرکین نے سخت مخالفت کی کیونکہ وہ بتوں کی عبادت کرتے تھے اس کے باوجود نبی کریم ﷺ نے صبر، استقامت اور حکمت کے ساتھ توحید کی دعوت جاری رکھی آپ ﷺ نے واضح کیا کہ بت پرستی انسان کو گمراہی میں ڈالتی ہے اور اصل کامیابی صرف ایک اللہ کی بندگی میں ہے۔مدینہ منورہ میں اسلامی ریاست کے قیام کے بعد بھی آپ ﷺ نے توحید کے اصولوں کو مضبوط کیا آپ ﷺ نے فرمایا کہ سب سے بڑا گناہ شرک ہے اور اللہ تعالیٰ اسے معاف نہیں کرتا اگر انسان اس پر قائم رہے۔ اس لیے ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے عقیدے کو خالص رکھے اور ہر قسم کے شرک سے بچے اللہ پاک نے قرآن پاک میں ارشاد فرمایا :بَدِیْعُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِؕ-اَنّٰى یَكُوْنُ لَهٗ وَلَدٌ وَّ لَمْ تَكُنْ لَّهٗ صَاحِبَةٌؕ-وَ خَلَقَ كُلَّ شَیْءٍۚ-وَ هُوَ بِكُلِّ شَیْءٍ عَلِیْمٌ(۱۰۱)ذٰلِكُمُ اللّٰهُ رَبُّكُمْۚ-لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَۚ-خَالِقُ كُلِّ شَیْءٍ فَاعْبُدُوْهُۚ-وَ هُوَ عَلٰى كُلِّ شَیْءٍ وَّكِیْلٌ(۱۰۲)

ترجمۂ کنزُالعِرفان: وہ بغیر کسی نمو نے کے آسمانوں اور زمین کا بنانے والا ہے۔ اس کے لئے اولاد کیسے ہوسکتی ہے؟ حالانکہ اس کی بیوی (ہی) نہیں ہے اور اس نے ہر شے کو پیدا کیا ہے اور وہ ہرشے کو جاننے والا ہے۔یہ اللہ تمہارا رب ہے، اس کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں ، ہر شے کو پیدا فرمانے والا ہے تو تم اس کی عبادت کرو اور وہ ہر چیز پر نگہبان ہے۔ (سوره انعام آیت نمبر 101،102)

تفسیر صراط الجنان: بَدِیْعُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ وہ بغیر کسی نمو نے کے آسمانوں اور زمین کا بنانے والا ہے۔ اِس آیت میں اللہ عَزَّوَجَلَّ کی عظمت و شان اور اس کی پاکی کا بیان ہے چنانچہ ارشاد فرمایا کہ اللہ عَزَّوَجَلَّ کی شان یہ ہے کہ وہ بغیر کسی نمو نے اور مثال کے آسمانوں اور زمین کا بنانے والا ہے اس کی دوسری شان یہ ہے کہ وہ اولاد سے پاک ہے کیونکہ اس کی اولاد کیسے ہوسکتی ہے؟ حالانکہ اس کی بیوی ہی نہیں ہے اور عورت کے بغیر اولاد نہیں ہوتی اور زوجہ اس کی شان کے لائق نہیں کیونکہ کوئی شے اس کی مثل نہیں اور اولاد نہ ہونے کی ایک دلیل یہ ہے کہ اس نے ہر شے کو پیدا کیا ہے تو جو کچھ ہے وہ سب اُس کی مخلوق ہے اور مخلوق اولاد نہیں ہوسکتی تو کسی مخلوق کو اولاد بتانا باطل ہے اور پھر اگلی آیت میں فرمایا کہ یہ اللہ عَزَّوَجَلَّ تمہارا رب ہے جس کی صفات ذکر کی گئیں اور جس کی یہ صفات ہوں وہی مستحق عبادت ہے لہٰذا تم صرف اسی کی عبادت کرو۔

توحید کا نبوی بیان ہمیں سکھاتا ہے کہ زندگی کے ہر معاملے میں اللہ پر بھروسہ کیا جائے اسی سے مدد مانگی جائے اور اسی کی رضا کو مقدم رکھا جائے۔ یہی عقیدہ انسان کو روحانی سکون، اخلاقی بلندی اور حقیقی کامیابی عطا کرتا ہے۔

آخر میں، یہ کہنا درست ہوگا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیماتِ توحید نہ صرف مسلمانوں کے لیے بلکہ پوری انسانیت کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں اگر ہم ان تعلیمات پر عمل کریں تو دنیا اور آخرت دونوں میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔


توحید اسلام کا سب سے بڑا رکن:اسلام کا سب سے بڑا ستون اوررکن توحید ہے۔ کسی انسان کے لیے اس وقت تک اسلام میں داخل ہونا ممکن نہیں جب تک وہ توحیدکی گواہی نہ دے۔اورجب تک توحید کااقراراور اس کے علاوہ باقی تمام چیزوں کی نفی نہ کرلے۔

توحید سب سے اہم اور پہلا واجب:توحید سب سے اہم اور پہلا واجب ہے۔ اسے باقی تمام اعمال پر اولیت حاصل ہے۔ اوراپنی عظیم الشان منزلت اور انتہائی اہمیت کی وجہ سے تمام اہم امور پر سبقت رکھتی ہے۔ توحید کی دعوت سب سے پہلی دعوت ہے۔ توحید کے بغیر عبادات قبول نہیں ہوتیں۔ عبادات کے صحیح ہونے کے لیے توحید اہم ترین شرط ہے۔عبادت کو اس وقت تک عبادت نہیں کہا جاسکتا جب تک اس میں توحید نہ ہو۔

توحید دنیا و آخرت میں امن و ہدایت کا سبب:اس کی دلیل اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہے:

اَلَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ لَمْ یَلْبِسُوْۤا اِیْمَانَهُمْ بِظُلْمٍ اُولٰٓىٕكَ لَهُمُ الْاَمْنُ وَ هُمْ مُّهْتَدُوْنَ۠(۸۲)

ترجمہ کنز الایمان:وہ جو ایمان لائے اور اپنے ایمان میں کسی ناحق کی آمیزش نہ کی انہیں کے لیے امان ہے اور وہی راہ پر ہیں (الانعام:۸۲)

چنانچہ جو کوئی توحید کو پوری طرح سے بجالائے گااس کے لیے پورا پورا امن اور بھر پور ہدایت ہوگی اور بغیر کسی عذاب کے جنت میں داخل ہوجائے گا۔ شرک سب سے بڑا ظلم ہے جب کہ توحید سب سے بڑا عدل ہے:

وَعَنِ الْعَبَّاسِ بْنِ عَبْدِ الْمُطَّلِب ِقَالَ: قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : ذَاقَ طُعْمَ الْإِيمَانِ مَنْ رَضِيَ بِاللّٰهِ رَبًّا وَبِالْإِسْلَامِ دِينًا وَبِمُحَمَّدٍ رَسُولًا۔

ترجمہ:روایت ہے عباس ابن عبدالمطلب سے فرماتے ہیں کہ فرمایا نبی ﷺ نے اس نے ایمان کا مزہ چکھ لیاجو الله کے رب ہونے،اسلام کے دین ہونے،محمد ﷺ کے نبی ہونے سے راضی ہوگیا ۔ (مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:1 , حدیث نمبر:9)

وَعَنْ سُفْيَانَ ابْنِ عَبْدِ اللهِ الثَّقَفِيِّ قَالَ: قُلْتُ: يَا رَسُولَ اللهِ قُلْ لِيْ فِيْ الْإِسْلَامِ قَوْلًا لَا أَسْأَلُ عَنْهُ أَحَدًا بَعْدَكَ وَفِي رِوَايَةٍ غَيْرَكَ قَالَ قُلْ اٰمَنْتُ بِاللهِ ثُمَّ اسْتَقِمْ

ترجمہ:روایت ہے حضرت سفیان ابن عبد الله ثقفی سے کہ میں نے عرض کیایارسول الله ﷺ مجھے اسلام کے متعلق ایسی بات بتائیں کہ آپ کے بعداس کےمتعلق کسی سے نہ پوچھوں۔ دوسری روایت میں ہے(کہ آپ کے سوا) فرمایا کہ کہو کہ مَیں الله پر ایمان لایا پھر اُس پرقائم رہو۔ (مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:1 , حدیث نمبر:15)

وَعَنْ عُبَادَةَ بْنِ الصَّامِتِ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَحَوْلَهُ عِصَابَةٌ مِنْ أَصْحَابِهٖ: بَايِعُوْنِيْ عَلٰی أَنْ لَا تُشْرِكُوْا بِاللّٰهِ شَيْئًا وَلَا تَسْرِقُوْا وَلَا تَزْنُوْا وَلَا تَقْتُلُوْا أَوْلَادَكُمْ وَلَا تَأْتُوْا بِبُهْتَانٍ تَفْتَرُوْنَهٗ بَيْنَ أَيْدِيْكُمْ وَأَرْجُلِكُمْ وَلَا تَعْصُوْا فِيْ مَعْرُوفٍ فَمَنْ وَفٰی مِنْكُمْ فَأَجْرُهُ عَلَى اللهِ وَمَنْ أَصَابَ مِنْ ذٰلِكَ شَيْئًا فَعُوقِبَ بِهٖ فِيْ الدُّنْيَا فَهُوَ كَفَّارَةٌ لَهٗ وَمَنْ أَصَابَ مِنْ ذٰلِكَ شَيْئًا ثُمَّ سَتَرَهُ اللّٰهُ عَلَيْهِ فَهُوَ إِلٰی اللهِ إِنْ شَاءَ عَفَا عَنْهُ وَإِنْ شَاءَ عَاقَبَهُ فَبَايَعْنَاهُ عَلٰى ذٰلِكَ مُتَّفَقٌ عَلَيْهِ

ترجمہ:روایت ہے عبادہ ابن صامت سے فرماتے ہیں کہ فرمایانبی ﷺ نے حالانکہ آپ کے آس پاس صحابہ کی جماعت تھی کہ مجھ سے اس پر بیعت کروکہ الله کےساتھ کسی کو شریک نہ کرنا،نہ چوری کرنا اور نہ زنا،نہ اپنی اولاد کو قتل کرنا،نہ اپنے سامنے گھڑا ہوا بہتان لگانا اور کسی اچھی بات میں نافرمانی نہ کرنا تم میں سے جو وفائے عہد کرے گا اس کا ثواب الله کے ذمہ کرم پر ہے اور جوان میں سے کچھ کر بیٹھے اور دنیا میں سزا پالے تو وہ سزا کفارہ ہے اور جو ان میں سے کچھ کرلے،پھر رب اُس کی پردہ پوشی کرے تو وہ الله کے سپرد ہے۔اگر چاہے معافی دے دے چاہے سزا دے۱لہذا ہم نے اس پر آپ سے بیعت کی۔

شرحِ الحدیث:یہ بیعت تقویٰ ہے،یعنی آیندہ شرک،چوری،زنا وغیرہ نہ کرنا،ورنہ یہ جماعت صحابہ بیعت اسلام تو پہلے ہی کرچکی تھی۔آج کل جو مشائخ کے ہاتھ پر بیعت تقویٰ کی جاتی ہے اس کی اصل یہ حدیث ہےحضور نے صحابہ سے جہاد پربھی بیعت لی ہے۔

اس میں اس آیت کی طرف اشارہ ہے:" اِنَّ اللّٰهَ لَا یَغْفِرُ اَنْ یُّشْرَكَ بِهٖ وَ یَغْفِرُ مَا دُوْنَ ذٰلِكَ لِمَنْ یَّشَآء"یعنی کفر پر مرنے والی کی بخشش نہیں باقی تمام گنہگاروں کے لیے گنجائش ہے۔(کتاب:مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:1 , حدیث نمبر:18)

وَفِي رِوَايَةٍ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ: وَأَمَّا شَتْمُهٗ إِيَّايَ فَقَوْلُهٗ: لِيْ وَلَدٌ وَسُبْحَانِيْ أَنْ أَتَّخِذَ صَاحِبَةً أَوْ وَلَدًا

ترجمہ:حضرت ابن عباس کی روایت میں یوں ہے کہ انسان کا مجھے گالی دینا اس کی یہ بکواس ہے کہ میں صاحبِ اولادہوں میں اس سے پاک ہوں کہ بیوی بچے اختیارکروں ۔

شرح حدیث :کیونکہ بیوی خاوند کی ہم جنس ہی ہوسکتی ہے۔انسان کی بیوی جنّاتنی یا گائےبھینس نہیں ہوسکتی،اگرنعوذ باللہ رب کی بیوی ہوتی تو وہ اس کی ہم جنس بلکہ اس کی ہم قوم بھی ہوتی، رب جنس و قوم سے پاک ہے۔ (مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:1 , حدیث نمبر:21)

وَعَنْ أَبِيْ مُوسَى الْأَشْعَرِيِّ قَالَ: قَالَ رَسُولُ الله صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : مَا أَحَدٌ أَصْبَرُ عَلَى أَذًى يَسْمَعُهُ مِنَ اللّٰهِ يَدْعُوْنَ لَهُ الْوَلَدَ ثُمَّ يُعَافِيهِمْ وَيَرْزُقُهُمْ

ترجمہ حدیث :اور روایت ہے حضرت ابو موسیٰ اشعری سے فرماتے ہیں کہ فرمایا رسول الله ﷺ نے کہ تکلیف دہ بات کو سنتے ہوئے صبر کرنے والا خدا سے بڑھ کر کوئی نہیں لوگ اس کے لئے اولاد کا دعویٰ کرتے ہیں پھر بھی وہ انہیں راحت و رزق دیئے جاتا ہے۔

شرحِ الحدیث :یہاں صبر سے مراد حلم ہے۔اسی معنی سے الله تعالٰی کا نام پاک صبوریاصبار ہے،نہ کہ وہ صبر جو کہ مجبوری کی وجہ سے ہو اس کی تفسیر اگلا مضمون ہے۔یعنی باوجود یہ کہ لوگ الله تعالٰی کو عیب لگاتے ہیں اور رب تعالٰی اس سے خبردار بھی ہے،ان پر ہر طرح قادر بھی لیکن انہیں فورًا عذاب نہیں دیتا،بلکہ دنیا میں انہیں تندرستی،امن،روزی دیتا ہے کیونکہ دنیا اس کی رحمانیت کے ظہور کی جگہ ہے۔بعد موت نہ انہیں امن دے،نہ روزی وغیرہ وہاں اس کی رحیمیت کی جلوہ گری ہوگی۔ (مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:1 , حدیث نمبر:23)


اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات اور عالمگیر دین ہے جس کی بنیاد خالص عقیدۂ توحید پر قائم ہے۔ توحید وہ عظیم عقیدہ ہے جو انسان کو ہر قسم کے شرک، گمراہی اور باطل معبودوں سے نکال کر ایک اللہ تعالیٰ کی بندگی کی طرف لے جاتا ہے۔ یہی تمام انبیاءِ کرام علیہم السلام کی دعوت کا بنیادی مقصد رہا اور اسی پیغام کو خاتم النبیین حضرت محمد مصطفی ﷺ نے نہایت کامل، جامع اور مؤثر انداز میں انسانیت تک پہنچایا۔

نبی کریم ﷺ کی بعثت ایسے معاشرے میں ہوئی جہاں بت پرستی، شرک اور جاہلی رسم و رواج عام تھے۔ لوگ مختلف معبودوں کی عبادت کرتے اور اپنی حاجات کے لیے غیر اللہ پر بھروسہ رکھتے تھے۔ ایسے پرآشوب ماحول میں حضور اکرم ﷺ نے سب سے پہلے لوگوں کو "لا إله إلا الله" کا درس دیا اور واضح فرمایا کہ عبادت، اطاعت، دعا، خوف، امید اور حقیقی اختیار صرف اللہ تعالیٰ کے لیے ہے۔ آپ ﷺ کی پوری حیاتِ طیبہ عقیدۂ توحید کی عملی تفسیر اور روشن نمونہ ہے۔قرآنِ مجید میں بار بار توحید کی دعوت دی گئی اور شرک کی سخت مذمت بیان ہوئی۔ نبی کریم ﷺ نے اپنے ارشادات، اعمال اور تعلیمات کے ذریعے اُمت کو یہ سمجھایا کہ دنیا و آخرت کی کامیابی صرف اسی میں ہے کہ انسان اللہ تعالیٰ کو ایک مانے، اسی کی عبادت کرے اور ہر معاملے میں اسی پر بھروسہ رکھے۔

لہٰذا"توحید کا نبوی بیان" ایک نہایت اہم اور بنیادی موضوع ہے، کیونکہ اس کے ذریعے ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے انسانیت کو خالص توحید کا پیغام کس انداز سے دیا، شرک سے کیسے بچایا اور ایک ایسا پاکیزہ معاشرہ قائم فرمایا جس کی بنیاد اللہ تعالیٰ کی وحدانیت پر تھی۔

قرآنِ مجید اور توحید:اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:

قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌۚ(۱)اَللّٰهُ الصَّمَدُۚ(۲)

ترجمۂ کنزالایمان: تم فرماؤ وہ اللہ ہے وہ ایک ہے ۔اللہ بے نیاز ہے۔ (سورۃ اخلاص: 1-2)

تفسیر:قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌ: میں اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کا کامل بیان ہے۔ عرب کے کفار مختلف عقائد رکھتے تھے؛ بعض بت پرست تھے، بعض اللہ تعالیٰ کے لیے اولاد مانتے تھے اور بعض اس کی صفات کے منکر تھے۔ اس سورتِ مبارکہ میں ان تمام باطل عقائد کی تردید فرمائی گئی۔ اَحَدٌ فرما کر واضح کردیا کہ اللہ تعالیٰ اپنی ربوبیت، الوہیت اور صفات میں یکتا ہے، اس کا کوئی شریک، مثل یا نظیر نہیں۔(تفسیر صراط الجنان، سورۃ اخلاص، تحت الآیۃ: 1)

توحید کے بارے میں نبوی تعلیمات:

(1) سب سے افضل کلمۂ توحید:حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا:اَفْضَلُ الذِّكْرِ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُسب سے افضل ذکر لا الٰہ الا اللہ ہے۔(سنن ترمذی، کتاب الدعوات، باب ما جاء فی فضل الذکر، حدیث: 3383،سنن ابن ماجہ، کتاب الادب، حدیث: 3800)

(2) توحید جنت میں داخلے کا ذریعہ:حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:جو شخص اس حال میں فوت ہو کہ وہ اس بات کی گواہی دیتا ہو کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمد ﷺ اللہ کے رسول ہیں تو اللہ تعالیٰ اس پر جنت واجب فرما دیتا ہے۔(صحیح مسلم، کتاب الایمان، باب الدلیل علی أن من مات علی التوحید دخل الجنۃ، حدیث: 26،صحیح بخاری، کتاب العلم، حدیث: 128)

(3)نبی کریم ﷺ کی پہلی دعوت توحید تھی:حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما روایت کرتے ہیں کہ جب حضور ﷺ نے حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کو یمن بھیجا تو فرمایا:تم اہلِ کتاب کے پاس جا رہے ہو، سب سے پہلے انہیں اس بات کی دعوت دینا کہ اللہ تعالیٰ کو ایک مانیں۔(صحیح بخاری، کتاب الزکاۃ، حدیث: 1395،صحیح مسلم، کتاب الایمان، حدیث: 19)

(4) شرک سے بچنے کی تاکید:حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے عرض کیا: یارسول اللہ! سب سے بڑا گناہ کون سا ہے؟آپ ﷺ نے فرمایا:یہ کہ تم اللہ کا کسی کو شریک ٹھہراؤ حالانکہ اسی نے تمہیں پیدا کیا۔(صحیح بخاری، کتاب التفسیر، حدیث: 4477،صحیح مسلم، کتاب الایمان، حدیث: 86)

ائمۂ اہلِ سنت کے اقوال:

امام اعظم رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:اللہ تعالیٰ ایک ہے، عدد کے اعتبار سے نہیں بلکہ اس معنی میں کہ اس کا کوئی شریک نہیں۔(الفقہ الاکبر، ص: 9)

اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:توحید یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنی ذات و صفات میں یکتا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں۔(فتاویٰ رضویہ، جلد 29)

توحید اسلام کا بنیادی اور سب سے اہم عقیدہ ہے۔ تمام انبیاءِ کرام علیہم السلام نے اپنی امتوں کو اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کی دعوت دی اور حضور نبی اکرم ﷺ نے بھی اپنی تعلیمات میں سب سے زیادہ توحید پر زور فرمایا۔ احادیثِ مبارکہ سے معلوم ہوتا ہے کہ "لا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ" بہترین ذکر، نجات کا ذریعہ اور جنت میں داخلے کا سبب ہے۔ نبی کریم ﷺ نے امت کو شرک سے بچنے اور ہر قسم کی عبادت کو صرف اللہ تعالیٰ کے لیے خالص کرنے کی تعلیم دی۔

ائمۂ اہلِ سنت نے بھی واضح فرمایا کہ اللہ تعالیٰ اپنی ذات و صفات میں یکتا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں۔ لہٰذا ہر مسلمان پر لازم ہے کہ وہ صحیح عقیدۂ توحید کو اپنائے، اللہ تعالیٰ پر کامل ایمان رکھے اور اپنی زندگی کو قرآن و سنت کے مطابق گزارے۔


ذیل میں توحید کے بارے میں چند فرامین مصطفیٰ  ﷺ ملاحظہ کیجیے۔

(1) اللہ کا بندوں پر حق :ایک بار آپ ﷺ نے معاذ رضی اللہ عنہ سے پوچھا کہ کیا تم جانتے ہو اللہ کا بندوں پر کیا حق ہے؟ پھر خود ہی جواب دیا:"اللہ کا بندوں پر حق یہ ہے کہ وہ صرف اسی کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں۔"(صحیح بخاری ، جلد 4، کتاب الجھاد و السیر، باب اسم الفرس و الحمار، حدیث نمبر 2856)

(2) توحید پر موت کا اجر :حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ سے ہی روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:"جس شخص کی آخری بات (موت کے وقت) لا الہ الا اللہ ہوگی، وہ جنت میں داخل ہوگا۔"(سنن ابی داؤد، جلد 3، کتاب الجنائز، باب فی التلقین، حدیث نمبر 3116)

(3) توحید کی دعوت کی اہمیت :جب آپ ﷺ نے معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کو یمن بھیجا تو فرمایا:"تم اہل کتاب کی ایک قوم کے پاس جا رہے ہو، تو سب سے پہلے انہیں اس بات کی دعوت دینا کہ وہ اللہ کی توحید کا اقرار کریں (یعنی لا الہ الا اللہ کی گواہی دیں)۔"(صحیح بخاری، جلد 9، کتاب التوحید ، باب ما جاء فی دعاء النبی امته الى توحيد الله تبارك وتعالى، حدیث نمبر 7372)

(4) شفاعت کا حقدار کون؟ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے پوچھا کہ قیامت کے دن آپ ﷺ کی شفاعت کا سب سے زیادہ حقدار کون ہوگا؟ آپ ﷺ نے فرمایا:"وہ شخص جس نے سچے دل سے اور خالص ہو کرلا الہ الا اللہ کہا ہوگا۔"(صحیح بخاری، جلد 1، کتاب العلم، باب الحرص علی الحدیث ، حدیث نمبر 99).

آج کے دور میں جب انسان مادی وسائل، عہدوں اور دنیاوی سہارے کو اپنا سب کچھ سمجھ بیٹھا ہے، نبوی بیانِ توحید کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم توحید کو اپنی عملی زندگی، سیاست، معیشت اور معاشرت کا محور بنائیں۔ سچی فلاح اسی کلمے میں ہے جس کا آغاز 'لا' (نفی) سے اور انجام 'اللہ' (اثبات) پر ہوتا ہے۔


اللہ تبارک و تعالی نے کئی انبیاء کرام علیہم الصلوۃ والسلام کو مختلف قوموں کی طرف بھیجا تاکہ وہ اللہ تبارک و تعالی کی وحدانیت کو بیان کریں۔

حضرت سفیان بن عبد للہ ثقفی رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ میں نے عرض کیا یا رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم مجھے اسلام کے متعلق ایسا جامع ارشاد فرمائیے کہ آپ کے بعد اس کے بارے میں پھر کسی سے دریافت کرنے کی ضرورت نہ رہے فرمایا تو کہہ میں اللہ پر ایمان لایا پھر اس پر قائم رہ ۔

تشریح: اس حدیث میں بیان ہوا کہ خدا تعالی کے اسمائے صفات اور افعال کے ساتھ اس کی وحدانیت کی گواہی دے اور اس نے جو جو خبریں دی ہیں ان کی تصدیق کر اور اس کو أوامر و نواہی کو قبول کر یہ قول ان تمام باتوں کو شامل ہے جن پر ایمان لانا چاہیے اس کے بعد اس بات کی پابندی کر کہ تو اس پر قائم رہے اور اس پر استقامت اختیار کر استقامت کا معنی ہے انسان کا راہ راست پر قائم رہنا اور سیدھا کھڑا ہونا یہاں اس سے تمام اوامر و نواہی کو کسی قسم کی کجی اور سستی کے بغیر دوام و صفات اور اعتدال سے بجا لانا ضروری ہے ۔(اشعۃ اللمعات شرح مشکاۃ حدیث 13 ص : 226)

حضرت معاذ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے مجھے دس باتوں کی وصیت فرمائی جن میں سے ایک یہ ہے اللہ تعالی کے ساتھ کسی کو شریک نہ کر اگرچہ تجھے قتل کر دیا جائے یا جلا دیا جائے۔ (اشعۃ اللمعات شرح مشکاۃ حدیث 54 ص 297)

حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالی عنہما سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم نے فرمایا مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں لوگوں سے جہاد کروں یہاں تک کہ وہ لوگ گواہی دیں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں اور یہ کہ محمد اللہ کے رسول ہیں۔( اشعۃ اللمعات شرح مشکاۃ ص: 222)

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ حضور علیہ الصلوۃ والسلام نے فرمایا ایمان کی 70 سے کچھ زیادہ شاخیں ہیں جن میں سب سے افضل لا الہ الا اللہ کا اقرار ہے اور ان میں سب سے نچلا درجہ کسی تکلیف دہ چیز کا راستہ سے دور کرنا ہے اور حیا بھی ایمان کی ایک شاخ ہے۔(شان خدا بزبان مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم ج: 2 ص: 29)

الحاصل احادیث مبارکہ سے ثابت ہوا کہ میرے اور آپ کے آقا صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے اللہ تبارک و تعالی کی وحدانیت کی تلقین فرمائی اور اس کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانے سے منع فرمایا بلکہ اس کے اوپر کئی وعیدوں کو بیان فرمایا ہمیں چاہیے کہ ہم اللہ تبارک و تعالی کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں اور اس کو اکیلا جانیں۔


قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌۚ(۱)اَللّٰهُ الصَّمَدُۚ(۲)لَمْ یَلِدْ وَ لَمْ یُوْلَدْۙ(۳)وَ لَمْ یَكُنْ لَّهٗ كُفُوًا اَحَدٌ۠(۴)

ترجمۂ کنزالایمان: تم فرماؤ وہ اللہ ہے وہ ایک ہے ۔اللہ بے نیاز ہے۔نہ اس کی کوئی اولاد اور نہ وہ کسی سے پیدا ہوا۔ اور نہ اس کے جوڑ کا کوئی۔(سورۃ الاخلاص 1تا4)

روایت ہے حضرت ابن عمرسے فرماتے ہیں کہ فرمایا نبی ﷺ نے اسلام پانچ چیزوں پرقائم کیا گیا اس کی گواہی کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں،محمد( ﷺ )اس کےبندےاور رسول ہیں اورنمازقائم کرنازکوۃ دینا اور حج کرنااور رمضان کے روزے۔(مرآۃالمناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد 1: حدیث نمبر 4)

روایت ہےحضرت ابوہریرہ( رضی اللہ عنہ )سے فرماتے ہیں کہ فرمایا نبی ﷺ نے ایمان کی چنداورستّر شاخیں ہیں ان سب میں اعلٰی یہ کہنا ہے کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور سب سے ادنیٰ تکلیف دہ چیز کا راستہ سے ہٹانا ہے اور غیرت بھی ایمان کی شاخ ہے(مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد 1: حدیث نمبر 5)

روایت ہے عباس ابن عبدالمطلب سے فرماتے ہیں کہ فرمایا نبی ﷺ نے اس نے ایمان کا مزہ چکھ لیاجو الله کے رب ہونے،اسلام کے دین ہونے،محمد ﷺ کے نبی ہونے سے راضی ہوگیا۔(مرآۃالمناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد 1: حدیث نمبر 9)

روایت ہےحضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے فرماتےہیں کہ ایک دیہاتی حضورعلیہ السلام کی خدمت میں حاضر ہوئے عرض کرنے لگے کہ مجھے ایسے کام کی ہدایت فرمایئے کہ میں وہ کروں تو جنتی ہوجاؤں فرمایا الله کو پوجو اُس کا کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ نماز قائم کرو،زکوۃ فرض دو،رمضان کے روزے رکھو وہ بولے قسم اس کی جس کے قبضہ میں میری جان ہے کبھی اس سے کچھ گھٹاؤں بڑھاؤں گا نہیں پھرجب وہ چل دیئے تو حضور ﷺ نے فرمایا کہ جو جنتی مردکو دیکھنا چاہے وہ اسے دیکھ لے۔(مرآۃالمناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد 2: (حدیث نمبر 14)

عقیدۂ توحید اسلام کی بنیاد اور ایمان کی روح ہے۔ نبی کریم ﷺ نے اپنی پوری زندگی میں یہی پیغام دیا کہ اللہ تعالیٰ ایک ہے، وہی ہمارا خالق، مالک اور حقیقی معبود ہے۔ اسی کے سامنے جھکنا، اسی سے مدد مانگنا اور اسی پر بھروسہ کرنا چاہیے۔ حضور اکرم ﷺ نے اپنے قول و عمل سے امت کو سمجھایا کہ کامیابی، عزت اور نجات صرف اللہ تعالیٰ کی عبادت اور اس کی اطاعت میں ہے۔اگر مسلمان عقیدۂ توحید کو مضبوطی سے تھام لے تو اس کا ایمان پختہ ہو جاتا ہے، دل کو سکون ملتا ہے اور زندگی درست راستے پر چل پڑتی ہے۔ یہی عقیدہ انسان کو شرک، گمراہی اور ہر باطل عقیدے سے محفوظ رکھتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کے مطابق خالص توحید پر قائم رہنے اور اسی پر خاتمہ نصیب فرمائے۔ آمین۔


اللہ تعالیٰ ایک ہے، اُس کا کوئی شریک نہیں، وہی عبادت کے لائق ہے۔ تمام انبیاءِ کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام اسی توحید کا درس لے کر دنیا میں تشریف لائے۔ لیکن اس توحید کو مکمل انداز میں دنیا تک پہنچانے والی سب سے عظیم اور آخری ہستی ہمارے پیارے آقا، مکی مدنی مصطفیٰ ﷺ کی ہے۔

و حَدَّثَنِي عَبْدُ اللَّهِ بْنُ أَبِي الْأَسْوَدِ حَدَّثَنَا الْفَضْلُ بْنُ الْعَلَائِ حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ بْنُ أُمَيَّةَ عَنْ يَحْيَی بْنِ مُحَمَّدِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ صَيْفِيٍّ أَنَّهُ سَمِعَ أَبَا مَعْبَدٍ مَوْلَی ابْنِ عَبَّاسٍ يَقُولُ سَمِعْتُ ابْنَ عَبَّاسٍ يَقُولُ لَمَّا بَعَثَ النَّبِيُّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مُعَاذَ بْنَ جَبَلٍ إِلَی نَحْوِ أَهْلِ الْيَمَنِ قَالَ لَهُ إِنَّکَ تَقْدَمُ عَلَی قَوْمٍ مِنْ أَهْلِ الْکِتَابِ فَلْيَکُنْ أَوَّلَ مَا تَدْعُوهُمْ إِلَی أَنْ يُوَحِّدُوا اللَّهَ تَعَالَی فَإِذَا عَرَفُوا ذَلِکَ فَأَخْبِرْهُمْ أَنَّ اللَّهَ قَدْ فَرَضَ عَلَيْهِمْ خَمْسَ صَلَوَاتٍ فِي يَوْمِهِمْ وَلَيْلَتِهِمْ فَإِذَا صَلَّوْا فَأَخْبِرْهُمْ أَنَّ اللَّهَ افْتَرَضَ عَلَيْهِمْ زَکَاةً فِي أَمْوَالِهِمْ تُؤْخَذُ مِنْ غَنِيِّهِمْ فَتُرَدُّ عَلَی فَقِيرِهِمْ فَإِذَا أَقَرُّوا بِذَلِکَ فَخُذْ مِنْهُمْ وَتَوَقَّ کَرَائِمَ أَمْوَالِ النَّاسِ

ترجمہ :عبداللہ بن ابی اسود، فضل بن علاء، اسماعیل بن امیہ، یحییٰ بن محمد بن عبداللہ بن صیفی، ابومعبد (ابن عباس (رضی اللہ عنہ ) کے آزاد کردہ غلام) حضرت ابن عباس (رضی اللہ عنہ ) سے روایت کرتے ہیں ان کو کہتے ہوئے سنا کہ جب نبی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے معاذ (رضی اللہ عنہ) کو یمن کی طرف روانہ کیا تو آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تم اس قوم کے پاس جاتے ہو، جو اہل کتاب ہے اس لیے سب سے پہلی چیز جس کی طرف تم بلاؤ وہ یہ ہے کہ وہ لوگ اللہ کو ایک سمجھیں، جب وہ لوگ اس کو مان لیں تو ان کو بتانا کہ اللہ نے ان پر دن رات میں پانچ (وقت کی) نمازیں فرض کی ہیں، جب وہ لوگ نماز پڑھیں تو انہیں بتانا کہ اللہ تعالیٰ نے ان پر ان کے مالوں میں زکوۃ فرض کی ہے جو ان کے مالداروں سے لی جائے گی اور ان کے فقراء کو واپس کی جائے گی، جب وہ لوگ اس کو اقرار کرلیں تو ان سے زکوۃ لے اور لوگوں کے عمدہ مالوں سے پرہیز کر۔(صحیح بخاری : جلد سوم : کتاب التوحید۔۔حدیث 2271)

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ حَدَّثَنَا غُنْدَرٌ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ أَبِي حَصِينٍ وَالْأَشْعَثِ بْنِ سُلَيْمٍ سَمِعَا الْأَسْوَدَ بْنَ هِلَالٍ عَنْ مُعَاذِ بْنِ جَبَلٍ قَالَ قَالَ النَّبِيُّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَا مُعَاذُ أَتَدْرِي مَا حَقُّ اللَّهِ عَلَی الْعِبَادِ قَالَ اللَّهُ وَرَسُولُهُ أَعْلَمُ قَالَ أَنْ يَعْبُدُوهُ وَلَا يُشْرِکُوا بِهِ شَيْئًا أَتَدْرِي مَا حَقُّهُمْ عَلَيْهِ قَالَ اللَّهُ وَرَسُولُهُ أَعْلَمُ قَالَ أَنْ لَا يُعَذِّبَهُمْ

محمد بن بشار، غندر، شعبہ، ابوحصین و اشعث بن سلیم، اسود بن بلال، حضرت معاذ بن جبل (رضی اللہ عنہ) سے روایت کرتے ہیں کہ نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا کہ اے معاذ کیا تم جانتے ہو کہ اللہ کا حق بندے پر کیا ہے، معاذ نے کہا اللہ اور اس کے رسول زیادہ جاننے والے ہیں آپ نے فرمایا وہ یہ کہ اللہ کی عبادت کرے اور اس کا کسی چیز کو شریک نہ بنائے، (پھر فرمایا) تم جانتے ہو کہ بندوں کا حق اللہ پر کیا ہے، انہوں نے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول زیادہ جانتے ہیں، آپ نے فرمایا کہ وہ یہ کہ اللہ ان کو عذاب نہ دے۔(صحیح بخاری : جلد سوم : کتاب التوحید حدیث 2272)

حَدَّثَنَا قَبِيصَةُ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ عَنْ ابْنِ جُرَيْجٍ عَنْ سُلَيْمَانَ عَنْ طَاوُسٍ عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا قَالَ کَانَ النَّبِيُّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَدْعُو مِنْ اللَّيْلِ اللَّهُمَّ لَکَ الْحَمْدُ أَنْتَ رَبُّ السَّمَوَاتِ وَالْأَرْضِ لَکَ الْحَمْدُ أَنْتَ قَيِّمُ السَّمَوَاتِ وَالْأَرْضِ وَمَنْ فِيهِنَّ لَکَ الْحَمْدُ أَنْتَ نُورُ السَّمَوَاتِ وَالْأَرْضِ قَوْلُکَ الْحَقُّ وَوَعْدُکَ الْحَقُّ وَلِقَاؤُکَ حَقٌّ وَالْجَنَّةُ حَقٌّ وَالنَّارُ حَقٌّ وَالسَّاعَةُ حَقٌّ اللَّهُمَّ لَکَ أَسْلَمْتُ وَبِکَ آمَنْتُ وَعَلَيْکَ تَوَکَّلْتُ وَإِلَيْکَ أَنَبْتُ وَبِکَ خَاصَمْتُ وَإِلَيْکَ حَاکَمْتُ فَاغْفِرْ لِي مَا قَدَّمْتُ وَمَا أَخَّرْتُ وَأَسْرَرْتُ وَأَعْلَنْتُ أَنْتَ إِلَهِي لَا إِلَهَ لِي غَيْرُکَ حَدَّثَنَا ثَابِتُ بْنُ مُحَمَّدٍ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ بِهَذَا وَقَالَ أَنْتَ الْحَقُّ وَقَوْلُکَ الْحَقُّ

قبیصہ، سفیان، ابن جریج، سلیمان، طاؤس، حضرت ابن عباس (رضی اللہ عنہ ) سے روایت کرتے ہیں انہوں نے بیان کیا کہ نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) رات کو یہ دعا مانگا کرتے تھے، کہ یا اللہ ! تیرے ہی لیے حمد ہے، تو ہی آسمانوں اور زمین کا رب ہے، تیرے ہی لیے حمد ہے تو ہی آسمانوں اور زمین کا مالک ہے اور جو کچھ اس میں ہے، تیرے ہی لیے حمد ہے تو آسمان اور زمین کی روشنی ہے، تیرا قول حق ہے اور تیرا وعدہ بھی حق ہے اور تیری ملاقات بھی حق ہے اور جنت بھی حق ہے اور دوزخ حق ہے اور قیامت حق ہے، یا اللہ میں تیرا مطیع ہوں اور تجھ پر ایمان لایا اور تجھ پر ہی بھروسہ کیا اور تیری ہی طرف رجوع کیا، تیری ہی مدد سے میں نے دشمنوں کا مقابلہ کیا، تجھی سے میں جھگڑے کا انصاف چاہتا ہوں، تو میرے اگلے اور پچھلے، ظاہر، پوشیدہ، گناہوں کو بخش دے، تو میرا معبود ہے تیرے سوا کوئی معبود نہیں۔ ہم سے ثابت بن محمد نے اور ان سے سفیان نے اسی طرح بیان کیا اور اتنا زیادہ بیان کیا کہ (انت الحق و قولک الحق) ۔(صحیح بخاری : جلد سوم : کتاب التوحید حدیث 2284)