توحید اسلام کی بنیاد، انبیاءِ کرام کی دعوت کا مرکزی پیغام اور انسانی زندگی کی حقیقی کامیابی کا راز ہے۔ قرآن مجید اور احادیثِ نبوی میں توحید کو نہایت جامع، سادہ اور مؤثر انداز میں بیان کیا گیا ہے تاکہ انسان اپنے ربّ کی وحدانیت کو پہچان کر اسی کی عبادت اختیار کرے۔ حضرت محمد ﷺ نے اپنے ارشادات اور عملی زندگی کے ذریعے امت کو یہ تعلیم دی کہ اللہ تعالیٰ واحد اور شریک  سے پاک ہے، اسی کے ہاتھ میں نفع و نقصان، زندگی و موت اور کائنات کا نظام ہے۔ یہی عقیدہ انسان کے دل میں اخلاص، تقویٰ اور بندگیِ الٰہی پیدا کرتا ہے۔

حضرت معاذ بن جبل فرماتے ہیں کہ میں نبی کریم ﷺ کے ساتھ ایک سواری پر تھا۔ آپ ﷺ نے فرمایا:اے معاذ! کیا تم جانتے ہو اللہ کا بندوں پر کیا حق ہے؟میں نے عرض کیا: اللہ اور اس کے رسول بہتر جانتے ہیں۔آپ ﷺ نے فرمایا: اللہ کا بندوں پر حق یہ ہے کہ وہ اسی کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں۔

(صحیح بخاری، حدیث: 2856)

حضرت عبداللہ بن مسعود سے روایت ہے:میں نے عرض کیا: یا رسول اللہ! سب سے بڑا گناہ کون سا ہے؟آپ ﷺ نے فرمایا: “یہ کہ تم اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہراؤ حالانکہ اسی نے تمہیں پیدا کیا ہے۔(صحیح بخاری، حدیث: 4477)

حضرت ابو ہریرہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے لا إلہ إلا اللہ کہا اور اللہ کے سوا جن کی عبادت کی جاتی ہے ان کا انکار کیا، اس کا مال اور خون محفوظ ہوگیا، اور اس کا حساب اللہ کے ذمہ ہے۔(صحیح مسلم، حدیث: 23)

حضرت عتبان بن مالک سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:اللہ تعالیٰ نے اس شخص پر جہنم کو حرام کر دیا ہے جو خالص اللہ کی رضا کے لیے لا إلہ إلا اللہ کہے۔(صحیح بخاری، حدیث: 425)

اللہ پاک سے دعا ہے کہ وہ میری اس ادنٰی سی کاوش کو نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے وسیلے سے اپنی بارگاہ میں قبول و مقبول فرمائے ۔آمین