ذیل میں
توحید کے بارے میں چند فرامین مصطفیٰ
ﷺ ملاحظہ کیجیے۔
(1) اللہ کا بندوں پر حق :ایک بار
آپ ﷺ نے معاذ رضی اللہ عنہ سے پوچھا کہ کیا تم جانتے ہو اللہ کا بندوں پر کیا حق
ہے؟ پھر خود ہی جواب دیا:"اللہ کا بندوں پر حق یہ ہے کہ وہ صرف اسی کی عبادت
کریں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں۔"(صحیح بخاری ، جلد 4، کتاب الجھاد
و السیر، باب اسم الفرس و الحمار، حدیث نمبر 2856)
(2) توحید پر موت کا اجر :حضرت معاذ
بن جبل رضی اللہ عنہ سے ہی روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:"جس شخص کی آخری
بات (موت کے وقت) لا الہ الا اللہ ہوگی، وہ
جنت میں داخل ہوگا۔"(سنن ابی داؤد، جلد 3، کتاب الجنائز، باب فی التلقین، حدیث
نمبر 3116)
(3) توحید کی دعوت کی اہمیت :جب آپ ﷺ
نے معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کو یمن بھیجا تو فرمایا:"تم اہل کتاب کی ایک قوم
کے پاس جا رہے ہو، تو سب سے پہلے انہیں اس بات کی دعوت دینا کہ وہ اللہ کی توحید
کا اقرار کریں (یعنی لا الہ الا اللہ کی گواہی
دیں)۔"(صحیح بخاری، جلد 9، کتاب التوحید ، باب ما جاء فی دعاء النبی امته الى
توحيد الله تبارك وتعالى، حدیث نمبر 7372)
(4) شفاعت کا حقدار کون؟ حضرت
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے پوچھا کہ قیامت کے دن آپ ﷺ کی شفاعت کا سب سے زیادہ
حقدار کون ہوگا؟ آپ ﷺ نے فرمایا:"وہ شخص جس نے سچے دل سے اور خالص ہو کرلا الہ الا اللہ کہا ہوگا۔"(صحیح بخاری، جلد 1، کتاب العلم، باب الحرص علی الحدیث ، حدیث
نمبر 99).
آج کے دور
میں جب انسان مادی وسائل، عہدوں اور دنیاوی سہارے کو اپنا سب کچھ سمجھ بیٹھا ہے،
نبوی بیانِ توحید کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم توحید کو اپنی
عملی زندگی، سیاست، معیشت اور معاشرت کا محور بنائیں۔ سچی فلاح اسی کلمے میں ہے جس
کا آغاز 'لا' (نفی) سے اور انجام 'اللہ' (اثبات) پر ہوتا ہے۔
Dawateislami