اسلام کی بنیاد عقیدۂ توحید پر قائم ہے۔ توحید کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنی ذات، صفات، افعال اور عبادت میں یکتا و بے مثال ہے۔ تمام انبیائے کرام علیہم السلام نے سب سے پہلے اپنی قوم کو توحید کی دعوت دی، اور نبی اکرم  ﷺ نے بھی اپنے دورِ نبوت میں سب سے زیادہ جس عقیدے پر زور دیا وہ توحید ہی تھا۔قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:وَ مَاۤ اَرْسَلْنَا مِنْ قَبْلِكَ مِنْ رَّسُوْلٍ اِلَّا نُوْحِیْۤ اِلَیْهِ اَنَّهٗ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّاۤ اَنَا فَاعْبُدُوْنِ(۲۵)

ترجمۂ کنزالایمان: اور ہم نے تم سے پہلے کوئی رسول نہ بھیجا مگر یہ کہ ہم اس کی طرف وحی فرماتے کہ میرے سوا کوئی معبود نہیں تو مجھی کو پوجو۔ (سورۃ الانبیاء، آیت: 25)

اس آیتِ مبارکہ سے واضح ہوتا ہے کہ تمام انبیاء کی دعوت کا مرکز عقیدۂ توحید تھا۔

حضور نبی کریم ﷺ نے بھی لوگوں کو سب سے پہلے یہی تعلیم دی کہ اللہ کو ایک مانو، اسی کی عبادت کرو، اور اسی پر کامل بھروسہ رکھو۔حضور ﷺ نے فرمایا:"مَنْ قَالَ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ دَخَلَ الْجَنَّةَ"ترجمہ:جس نے سچے دل سے "لا إله إلا الله" کہا وہ جنت میں داخل ہوگا۔(صحیح مسلم، کتاب الایمان، باب الدلیل علی أن من مات علی التوحید دخل الجنۃ، حدیث: 26، دار احیاء التراث العربی، بیروت)

توحید صرف زبان سے اقرار کا نام نہیں بلکہ دل سے اللہ تعالیٰ کی وحدانیت پر یقین رکھنے، اسی کی عبادت کرنے، اور ہر قسم کے شرک سے بچنے کا نام ہے۔

(1) نبی کریم ﷺ کی دعوت کا آغاز توحید سے:جب حضور نبی اکرم ﷺ کو نبوت عطا ہوئی تو آپ ﷺ نے سب سے پہلے لوگوں کو توحید کی دعوت دی۔حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:"يَا أَيُّهَا النَّاسُ قُولُوا لَا إِلٰهَ إِلَّا اللَّهُ تُفْلِحُوا"ترجمہ:اے لوگو! لا إله إلا الله کہو، کامیاب ہو جاؤ گے۔(مسند امام احمد بن حنبل، مسند ابن عباس، حدیث: 22227، مؤسسۃ الرسالہ)

اس حدیث سے معلوم ہوا کہ دنیا و آخرت کی کامیابی توحید میں ہے۔

(2) توحید، تمام عبادات کی بنیاد ہے:نماز، روزہ، حج، زکوٰۃ اور دیگر تمام عبادات اسی وقت قبول ہوتی ہیں جب عقیدۂ توحید درست ہو۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

وَ لَقَدْ اُوْحِیَ اِلَیْكَ وَ اِلَى الَّذِیْنَ مِنْ قَبْلِكَۚ-لَىٕنْ اَشْرَكْتَ لَیَحْبَطَنَّ عَمَلُكَ وَ لَتَكُوْنَنَّ مِنَ الْخٰسِرِیْنَ(۶۵)

ترجمہ کنز الایمان:اور بےشک وحی کی گئی تمہاری طرف اور تم سے اگلوں کی طرف کہ اسے سننے والے اگر تو نے اللہ کا شریک کیا تو ضرور تیرا سب کیا دھرا اَکارت جائے گا اور ضرور تو ہار میں رہے گا ۔(سورۃ الزمر، آیت: 65)

حضور ﷺ نے فرمایا:"حَقُّ اللَّهِ عَلَى الْعِبَادِ أَنْ يَعْبُدُوهُ وَلَا يُشْرِكُوا بِهِ شَيْئًا"ترجمہ:اللہ کا بندوں پر حق یہ ہے کہ وہ صرف اسی کی عبادت کریں اور کسی کو اس کا شریک نہ ٹھہرائیں۔(صحیح بخاری، کتاب الجہاد والسیر، باب اسم الفرس والحمار، حدیث: 2856، دار طوق النجاۃ)

(3) توحید انسان کو شرک سے بچاتی ہے:شرک سب سے بڑا گناہ ہے، اور توحید اس سے حفاظت کا ذریعہ ہے۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:اِنَّ اللّٰهَ لَا یَغْفِرُ اَنْ یُّشْرَكَ بِهٖ وَ یَغْفِرُ مَا دُوْنَ ذٰلِكَ لِمَنْ یَّشَآءُ

ترجمۂ کنزُالعِرفان: بیشک اللہ اس بات کو نہیں بخشتا کہ اس کے ساتھ کفر کیا جائے اور کفر سے نیچے جو کچھ ہے جسے چاہتا ہے معاف فرمادیتا ہے۔ (سورۃ النساء، آیت: 48)

حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا:"أَفْضَلُ الذِّكْرِ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللَّهُ"ترجمہ:سب سے افضل ذکر "لا إله إلا الله" ہے۔(جامع ترمذی، کتاب الدعوات، باب ما جاء فی فضل التہلیل، حدیث: 3383، دار الغرب الاسلامی)

(4) توحید سے دل میں اللہ کی عظمت پیدا ہوتی ہے:جب انسان یہ یقین رکھتا ہے کہ نفع و نقصان، عزت و ذلت، زندگی و موت سب اللہ کے اختیار میں ہے، تو اس کا دل مخلوق کے خوف سے آزاد ہو جاتا ہے۔حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ حضور ﷺ نے فرمایا:"إِذَا سَأَلْتَ فَاسْأَلِ اللَّهَ، وَإِذَا اسْتَعَنْتَ فَاسْتَعِنْ بِاللَّهِ"

ترجمہ:جب سوال کرو تو اللہ سے کرو، اور جب مدد مانگو تو اللہ سے مانگو۔(جامع ترمذی، کتاب صفۃ القیامۃ، باب 59، حدیث: 2516، دار الغرب الاسلامی)

یہ تعلیم انسان کے دل میں کامل توکل اور اللہ پر اعتماد پیدا کرتی ہے۔

توحید اسلام کی روح اور تمام عبادات کی بنیاد ہے۔ نبی کریم ﷺ نے اپنی پوری حیاتِ مبارکہ میں امت کو اللہ کی وحدانیت کا درس دیا۔ قرآن و حدیث کا مطالعہ ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ کامیابی صرف اسی میں ہے کہ انسان خالص اللہ تعالیٰ کی عبادت کرے، اسی سے مدد مانگے، اور ہر قسم کے شرک سے بچے۔

اللہ تعالیٰ ہمیں صحیح عقیدۂ توحید اپنانے، اس پر ثابت قدم رہنے، اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔