مرزا
عزیر بیگ (درجہ دورہ حدیث جامعۃ المدینہ فیضانِ بغداد، کراچی،پاکستان)
توحید دین
اسلام کی بنیادی رکن میں سے ایک رکن ہیں اور یہ ایک ایسا رکن ہے کہ جس پر تمام
اسلامی ارکان کی بنیاد ہے اللہ تعالی نے جتنے بھی نبیوں کو بھیجا ہے حضرت آدم علیہ
السلام سے لے کر ہمارے آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم تک تمام نبیوں کو سب سے پہلے
توحید کی دعوت دینے کا مکلف کیا اور تمام نبیوں نے سب سے پہلے جس چیز کی تبلیغ کی
ہے وہ توحید ہی ہے۔ہمارے پیارے آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے بھی سب سے پہلے
لوگوں کو اللہ کی وحدانیت کی طرف بلایا اور انہیں اللہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے
ناپسندیدہ گناہ شرک سے نکال کر وحدانیت کی طرف بلایا کیونکہ یہ ایسا گناہ تھا کہ
جس کی کبھی بھی معافی نہیں ہو سکتی جیسا کہ حدیث مبارک میں نبی کریم ﷺ نے
حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ تعالی عنہ سے فرمایا"اے معاذ! کیا تم جانتے ہو کہ
اللہ کا حق بندوں پر کیا ہے اور بندوں کا حق اللہ پر کیا ہے؟"میں نے عرض کیا:
اللہ اور اس کا رسول ہی زیادہ جانتے ہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا:"اللہ کا حق بندوں
پر یہ ہے کہ وہ صرف اسی کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں،
اور بندوں کا حق اللہ پر یہ ہے کہ جو اللہ کے ساتھ شریک نہ ٹھہرائے، اللہ اسے عذاب
نہ دے (بلکہ جنت میں داخل کرے)۔"
(صحیح
بخاری: کتاب التوحید، باب دُعَاءِ النَّبِيِّ ﷺ
أُمَّتَهُ إِلَى تَوْحِيدِ اللَّهِ تَبَارَكَ وَتَعَالَى ،حدیث نمبر: 7373)
اس حدیث
سے یہ بات بھی معلوم ہوئی کہ بندوں پر جو سب سے پہلا حق ہے وہ یہی ہے کہ وہ اللہ
تبارک و تعالی کی عبادت کریں اور اس عبادت کے ساتھ اس میں کسی ایک کو بھی شریک نہ
ٹھہرائیں۔یاد رکھیے مسلمان کو اس بات کا بھی التزام کرنا چاہیے کہ وہ ان شبہات سے
بھی دور رہے جو بندے کو شرک کی طرف لے جاتے ہیں اور بندہ کو معلوم بھی نہیں ہوتا
کہ وہ اس کبیرہ گناہ میں جا پڑا ہے۔جہاں توحید کا انکار کرنے والوں کے لیے دوزخ کا
عذاب ہے وہی توحید کا اقرار کرنے والوں کے لئے جنت کی بھی بشارت ہے۔
حضرت جابر
رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے نبی کریم ﷺ کی بارگاہ میں حاضر ہو کر
پوچھا: یا رسول اللہ! دو واجب کرنے والی چیزیں کیا ہیں؟ (یعنی وہ کون سے عمل ہیں
جو جنت یا جہنم واجب کر دیتے ہیں؟) تو آپ ﷺ نے فرمایا:"جو اس حال میں مرا کہ
اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہیں ٹھہراتا تھا، وہ جنت میں داخل ہوگا، اور جو اس حال
میں مرا کہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہراتا تھا، وہ جہنم میں جائے گا۔( صحیح
مسلم،بَاب مَنْ مَاتَ لَا يُشْرِكُ بِاللَّهِ شَيْئًا دَخَلَ الْجَنَّةَ وَمَنْ
مَاتَ مُشْرِکًا دَخَلَ النَّارَ حدیث نمبر: 269)
اس حدیث
سے معلوم ہوا کہ جو بندہ اللہ تبارک و تعالی کی وحدانیت کا اقرار کرے گا تو جنت میں
جائے گا لیکن اگر کوئی شخص شرک کرتا ہے تو اللہ اسے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے جہنم میں
بھیج دے گا۔ اللہ تعالی ہمارا خاتمہ بالخیر فرمائے آمین۔
Dawateislami