اللہ تبارک و تعالی نے کئی انبیاء کرام علیہم الصلوۃ والسلام کو مختلف قوموں کی طرف بھیجا تاکہ وہ اللہ تبارک و تعالی کی وحدانیت کو بیان کریں۔

حضرت سفیان بن عبد للہ ثقفی رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ میں نے عرض کیا یا رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم مجھے اسلام کے متعلق ایسا جامع ارشاد فرمائیے کہ آپ کے بعد اس کے بارے میں پھر کسی سے دریافت کرنے کی ضرورت نہ رہے فرمایا تو کہہ میں اللہ پر ایمان لایا پھر اس پر قائم رہ ۔

تشریح: اس حدیث میں بیان ہوا کہ خدا تعالی کے اسمائے صفات اور افعال کے ساتھ اس کی وحدانیت کی گواہی دے اور اس نے جو جو خبریں دی ہیں ان کی تصدیق کر اور اس کو أوامر و نواہی کو قبول کر یہ قول ان تمام باتوں کو شامل ہے جن پر ایمان لانا چاہیے اس کے بعد اس بات کی پابندی کر کہ تو اس پر قائم رہے اور اس پر استقامت اختیار کر استقامت کا معنی ہے انسان کا راہ راست پر قائم رہنا اور سیدھا کھڑا ہونا یہاں اس سے تمام اوامر و نواہی کو کسی قسم کی کجی اور سستی کے بغیر دوام و صفات اور اعتدال سے بجا لانا ضروری ہے ۔(اشعۃ اللمعات شرح مشکاۃ حدیث 13 ص : 226)

حضرت معاذ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے مجھے دس باتوں کی وصیت فرمائی جن میں سے ایک یہ ہے اللہ تعالی کے ساتھ کسی کو شریک نہ کر اگرچہ تجھے قتل کر دیا جائے یا جلا دیا جائے۔ (اشعۃ اللمعات شرح مشکاۃ حدیث 54 ص 297)

حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالی عنہما سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم نے فرمایا مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں لوگوں سے جہاد کروں یہاں تک کہ وہ لوگ گواہی دیں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں اور یہ کہ محمد اللہ کے رسول ہیں۔( اشعۃ اللمعات شرح مشکاۃ ص: 222)

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ حضور علیہ الصلوۃ والسلام نے فرمایا ایمان کی 70 سے کچھ زیادہ شاخیں ہیں جن میں سب سے افضل لا الہ الا اللہ کا اقرار ہے اور ان میں سب سے نچلا درجہ کسی تکلیف دہ چیز کا راستہ سے دور کرنا ہے اور حیا بھی ایمان کی ایک شاخ ہے۔(شان خدا بزبان مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم ج: 2 ص: 29)

الحاصل احادیث مبارکہ سے ثابت ہوا کہ میرے اور آپ کے آقا صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے اللہ تبارک و تعالی کی وحدانیت کی تلقین فرمائی اور اس کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانے سے منع فرمایا بلکہ اس کے اوپر کئی وعیدوں کو بیان فرمایا ہمیں چاہیے کہ ہم اللہ تبارک و تعالی کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں اور اس کو اکیلا جانیں۔