قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌۚ(۱)اَللّٰهُ الصَّمَدُۚ(۲)لَمْ یَلِدْ وَ لَمْ یُوْلَدْۙ(۳)وَ لَمْ یَكُنْ لَّهٗ كُفُوًا اَحَدٌ۠(۴)

ترجمۂ کنزالایمان: تم فرماؤ وہ اللہ ہے وہ ایک ہے ۔اللہ بے نیاز ہے۔نہ اس کی کوئی اولاد اور نہ وہ کسی سے پیدا ہوا۔ اور نہ اس کے جوڑ کا کوئی۔(سورۃ الاخلاص 1تا4)

روایت ہے حضرت ابن عمرسے فرماتے ہیں کہ فرمایا نبی ﷺ نے اسلام پانچ چیزوں پرقائم کیا گیا اس کی گواہی کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں،محمد( ﷺ )اس کےبندےاور رسول ہیں اورنمازقائم کرنازکوۃ دینا اور حج کرنااور رمضان کے روزے۔(مرآۃالمناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد 1: حدیث نمبر 4)

روایت ہےحضرت ابوہریرہ( رضی اللہ عنہ )سے فرماتے ہیں کہ فرمایا نبی ﷺ نے ایمان کی چنداورستّر شاخیں ہیں ان سب میں اعلٰی یہ کہنا ہے کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور سب سے ادنیٰ تکلیف دہ چیز کا راستہ سے ہٹانا ہے اور غیرت بھی ایمان کی شاخ ہے(مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد 1: حدیث نمبر 5)

روایت ہے عباس ابن عبدالمطلب سے فرماتے ہیں کہ فرمایا نبی ﷺ نے اس نے ایمان کا مزہ چکھ لیاجو الله کے رب ہونے،اسلام کے دین ہونے،محمد ﷺ کے نبی ہونے سے راضی ہوگیا۔(مرآۃالمناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد 1: حدیث نمبر 9)

روایت ہےحضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے فرماتےہیں کہ ایک دیہاتی حضورعلیہ السلام کی خدمت میں حاضر ہوئے عرض کرنے لگے کہ مجھے ایسے کام کی ہدایت فرمایئے کہ میں وہ کروں تو جنتی ہوجاؤں فرمایا الله کو پوجو اُس کا کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ نماز قائم کرو،زکوۃ فرض دو،رمضان کے روزے رکھو وہ بولے قسم اس کی جس کے قبضہ میں میری جان ہے کبھی اس سے کچھ گھٹاؤں بڑھاؤں گا نہیں پھرجب وہ چل دیئے تو حضور ﷺ نے فرمایا کہ جو جنتی مردکو دیکھنا چاہے وہ اسے دیکھ لے۔(مرآۃالمناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد 2: (حدیث نمبر 14)

عقیدۂ توحید اسلام کی بنیاد اور ایمان کی روح ہے۔ نبی کریم ﷺ نے اپنی پوری زندگی میں یہی پیغام دیا کہ اللہ تعالیٰ ایک ہے، وہی ہمارا خالق، مالک اور حقیقی معبود ہے۔ اسی کے سامنے جھکنا، اسی سے مدد مانگنا اور اسی پر بھروسہ کرنا چاہیے۔ حضور اکرم ﷺ نے اپنے قول و عمل سے امت کو سمجھایا کہ کامیابی، عزت اور نجات صرف اللہ تعالیٰ کی عبادت اور اس کی اطاعت میں ہے۔اگر مسلمان عقیدۂ توحید کو مضبوطی سے تھام لے تو اس کا ایمان پختہ ہو جاتا ہے، دل کو سکون ملتا ہے اور زندگی درست راستے پر چل پڑتی ہے۔ یہی عقیدہ انسان کو شرک، گمراہی اور ہر باطل عقیدے سے محفوظ رکھتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کے مطابق خالص توحید پر قائم رہنے اور اسی پر خاتمہ نصیب فرمائے۔ آمین۔