محمد
شیراز رضا عطاری (درجہ خامسہ مرکزی جامعۃ المدینہ فیضانِ مدینہ، کراچی،پاکستان)
اسلام ایک
مکمل ضابطۂ حیات اور عالمگیر دین ہے جس کی بنیاد خالص عقیدۂ توحید پر قائم ہے۔
توحید وہ عظیم عقیدہ ہے جو انسان کو ہر قسم کے شرک، گمراہی اور باطل معبودوں سے
نکال کر ایک اللہ تعالیٰ کی بندگی کی طرف لے جاتا ہے۔ یہی تمام انبیاءِ کرام علیہم
السلام کی دعوت کا بنیادی مقصد رہا اور اسی پیغام کو خاتم النبیین حضرت محمد مصطفی
ﷺ نے نہایت کامل، جامع اور مؤثر انداز میں انسانیت تک پہنچایا۔
نبی کریم ﷺ
کی بعثت ایسے معاشرے میں ہوئی جہاں بت پرستی، شرک اور جاہلی رسم و رواج عام تھے۔
لوگ مختلف معبودوں کی عبادت کرتے اور اپنی حاجات کے لیے غیر اللہ پر بھروسہ رکھتے
تھے۔ ایسے پرآشوب ماحول میں حضور اکرم ﷺ نے سب سے پہلے لوگوں کو "لا إله إلا الله" کا درس دیا اور واضح فرمایا کہ عبادت، اطاعت، دعا، خوف، امید اور حقیقی
اختیار صرف اللہ تعالیٰ کے لیے ہے۔ آپ ﷺ کی پوری حیاتِ طیبہ عقیدۂ توحید کی عملی
تفسیر اور روشن نمونہ ہے۔قرآنِ مجید میں بار بار توحید کی دعوت دی گئی اور شرک کی
سخت مذمت بیان ہوئی۔ نبی کریم ﷺ نے اپنے ارشادات، اعمال اور تعلیمات کے ذریعے اُمت
کو یہ سمجھایا کہ دنیا و آخرت کی کامیابی صرف اسی میں ہے کہ انسان اللہ تعالیٰ کو
ایک مانے، اسی کی عبادت کرے اور ہر معاملے میں اسی پر بھروسہ رکھے۔
لہٰذا"توحید
کا نبوی بیان" ایک نہایت اہم اور بنیادی موضوع ہے، کیونکہ اس کے ذریعے ہمیں
معلوم ہوتا ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے انسانیت کو خالص توحید کا پیغام کس انداز سے
دیا، شرک سے کیسے بچایا اور ایک ایسا پاکیزہ معاشرہ قائم فرمایا جس کی بنیاد اللہ
تعالیٰ کی وحدانیت پر تھی۔
قرآنِ مجید اور توحید:اللہ تعالیٰ
ارشاد فرماتا ہے:
قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌۚ(۱)اَللّٰهُ الصَّمَدُۚ(۲)
ترجمۂ
کنزالایمان: تم فرماؤ وہ اللہ ہے وہ ایک ہے ۔اللہ بے نیاز ہے۔ (سورۃ اخلاص: 1-2)
تفسیر:قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌ: میں اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کا
کامل بیان ہے۔ عرب کے کفار مختلف عقائد رکھتے تھے؛ بعض بت پرست تھے، بعض اللہ تعالیٰ
کے لیے اولاد مانتے تھے اور بعض اس کی صفات کے منکر تھے۔ اس سورتِ مبارکہ میں ان
تمام باطل عقائد کی تردید فرمائی گئی۔ اَحَدٌ فرما کر
واضح کردیا کہ اللہ تعالیٰ اپنی ربوبیت، الوہیت اور صفات میں یکتا ہے، اس کا کوئی
شریک، مثل یا نظیر نہیں۔(تفسیر صراط الجنان، سورۃ اخلاص، تحت الآیۃ: 1)
توحید کے بارے میں نبوی تعلیمات:
(1) سب سے افضل کلمۂ توحید:حضرت جابر
رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا:اَفْضَلُ الذِّكْرِ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُسب سے افضل ذکر لا الٰہ الا اللہ ہے۔(سنن ترمذی، کتاب الدعوات، باب ما جاء فی فضل الذکر، حدیث: 3383،سنن
ابن ماجہ، کتاب الادب، حدیث: 3800)
(2) توحید جنت میں داخلے کا ذریعہ:حضرت
عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:جو شخص اس حال میں
فوت ہو کہ وہ اس بات کی گواہی دیتا ہو کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمد ﷺ
اللہ کے رسول ہیں تو اللہ تعالیٰ اس پر جنت واجب فرما دیتا ہے۔(صحیح مسلم، کتاب
الایمان، باب الدلیل علی أن من مات علی التوحید دخل الجنۃ، حدیث: 26،صحیح بخاری،
کتاب العلم، حدیث: 128)
(3)نبی کریم ﷺ کی پہلی دعوت توحید
تھی:حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما روایت کرتے ہیں کہ جب حضور ﷺ نے حضرت معاذ بن
جبل رضی اللہ عنہ کو یمن بھیجا تو فرمایا:تم اہلِ کتاب کے پاس جا رہے ہو، سب سے
پہلے انہیں اس بات کی دعوت دینا کہ اللہ تعالیٰ کو ایک مانیں۔(صحیح بخاری، کتاب
الزکاۃ، حدیث: 1395،صحیح مسلم، کتاب الایمان، حدیث: 19)
(4) شرک سے بچنے کی تاکید:حضرت
عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے عرض کیا: یارسول اللہ! سب سے
بڑا گناہ کون سا ہے؟آپ ﷺ نے فرمایا:یہ کہ تم اللہ کا کسی کو شریک ٹھہراؤ حالانکہ
اسی نے تمہیں پیدا کیا۔(صحیح بخاری، کتاب التفسیر، حدیث: 4477،صحیح مسلم، کتاب الایمان،
حدیث: 86)
ائمۂ اہلِ سنت کے اقوال:
امام اعظم
رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:اللہ تعالیٰ ایک ہے، عدد کے اعتبار سے نہیں بلکہ اس معنی
میں کہ اس کا کوئی شریک نہیں۔(الفقہ الاکبر، ص: 9)
اعلیٰ
حضرت رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:توحید یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنی ذات و صفات میں یکتا
ہے، اس کا کوئی شریک نہیں۔(فتاویٰ رضویہ، جلد 29)
توحید
اسلام کا بنیادی اور سب سے اہم عقیدہ ہے۔ تمام انبیاءِ کرام علیہم السلام نے اپنی
امتوں کو اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کی دعوت دی اور حضور نبی اکرم ﷺ نے بھی اپنی تعلیمات
میں سب سے زیادہ توحید پر زور فرمایا۔ احادیثِ مبارکہ سے معلوم ہوتا ہے کہ "لا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ" بہترین ذکر، نجات کا ذریعہ
اور جنت میں داخلے کا سبب ہے۔ نبی کریم ﷺ نے امت کو شرک سے بچنے اور ہر قسم کی
عبادت کو صرف اللہ تعالیٰ کے لیے خالص کرنے کی تعلیم دی۔
ائمۂ اہلِ
سنت نے بھی واضح فرمایا کہ اللہ تعالیٰ اپنی ذات و صفات میں یکتا ہے، اس کا کوئی
شریک نہیں۔ لہٰذا ہر مسلمان پر لازم ہے کہ وہ صحیح عقیدۂ توحید کو اپنائے، اللہ
تعالیٰ پر کامل ایمان رکھے اور اپنی زندگی کو قرآن و سنت کے مطابق گزارے۔
Dawateislami