مدنی مرکز فیضانِ مدینہ اسلام آباد G-11 میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی ذمہ دار کامران عطاری نے خصوصی طور پر اسپیشل پرسنز کے ہمراہ کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

معلومات کے مطابق اجتماع کا آغاز تلاوت و نعت سے کرنے کے بعد رکنِ مرکزی مجلسِ شوریٰ حاجی محمد اظہر عطاری نے بیان کیا جس کی صوبائی ذمہ دار بدر شفیق عطاری نے اشاروں کی زبان میں ترجمانی کی تاکہ اسپیشل پرسنز کو باآسانی زیادہ سے زیادہ علمِ دین سیکھنے کا موقع ملے۔

رکن شوریٰ نے”موسیقی حرام ہے “، ”اس کی نحوست“ اور ”دل کا سکون ذکر اللہ ہے“ ان موضوعات پر تمام اسلامی بھائیوں کی رہنمائی نیز انہیں نماز وں کی پابندی کرنے کی ترغیب بھی دلائی جس پر اسپیشل پرسنز نے اچھی اچھی نیتیں کیں۔

اختتام پر دعا کروائی گئی اور اسپیشل پرسنز کے لئے لنگر کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقع پر نگرانِ اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ عمیر ہاشمی عطاری، آفس ذمہ دار سمیر ہاشمی عطاری اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔(رپورٹ: صوبائی ذمہ دار کامران عطاری، اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ، اسلام آباد ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)

22 اپریل 2026ء کو فیصل آباد شہر میں قائم دعوتِ اسلامی کے دینی تعلیمی بورڈ کنزالمدارس میں پاک پتن اور ساہیوال سے جید و ممتاز علمائے کرام کا دورہ ہوا جہاں علمائے کرام نے ادارے کے تعلیمی نظام، تدریسی معیار اور دینی خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

علماء کرام نے نظامِ تعلیم کو سراہتے ہوئے اپنے تأثرات دیتے ہوئے طلبہ کی دینی و اخلاقی تربیت پر اطمینان کا اظہار کیا نیز اس دوران انہوں نے مدارس کے نظام کو مزید مضبوط بنانے اور دینی تعلیم کے فروغ کے حوالے سے اہم امور پر گفتگو کی۔

بعدازاں علمائےکرام کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن اور کنزالمدارس کے صدر، مولانا حاجی جنید عطاری مدنی سے ملاقات بھی ہوئی جس میں انہوں نے مدارس کے نظامِ تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور دینی تعلیم کے فروغ کے لئے تبادلۂ خیال کیا۔(رپورٹ: سیّد ذیشان حسین بخاری عطاری، ہیڈ آف سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ کنزالمدارس بورڈ فیصل آباد، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری) 

عجیب آزمائش

آزمائش انسانی زندگی کا ایک لازمی حصہ ہے۔ ”آزمائش“ انسان کی عقل کو حیران اور اس کے صبر کو بے بس کر دیتا ہے۔ یہ اکثر وہاں سے آتی ہے جہاں سے انسان کو گمان بھی نہیں ہوتا۔

آزمائش کی نوعیت:

غیر متوقع ہونا: یہ وہ موڑ ہے جہاں خوشی کے عین درمیان اچانک کوئی دکھ یا چیلنج سامنے آ کھڑا ہو۔

خیر میں شر اور شر میں خیر: کبھی اللہ پاک انسان کو بہت زیادہ دے کر آزماتا ہے کہ وہ شکر کرتا ہے یا تکبر اور کبھی سب کچھ چھین کر آزماتا ہے کہ وہ شکوہ کرتا ہے یا صبر۔

اپنوں کا رویہ: سب سے عجیب آزمائش وہ ہوتی ہے جب اپنے ہی اجنبی بن جائیں یا مخلص ترین رشتوں سے دھوکہ ملے۔

آزمائش پرصبر کرنے اور اس سے حاصل ہونے والے اجرو ثواب سے عاشقان رسول کو آگاہ کرنے کے لئے شیخ طریقت امیر اہلسنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اس ہفتے 18 صفحات کا رسالہ عجیب آزمائش پڑھنے / سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے / سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے بھی نوازا ہے۔

دعائے عطار

یاربّ کریم! جو کوئی 18 صفحات کا رسالہ عجیب آزمائش پڑھ یا سن لے اُسے احسان فراموشی اور ناشکری سے محفوظ فرما اور اس کو ماں باپ اور خاندان سمیت بے حساب بخش دے۔ اٰمین

یہ رسالہ آڈیو میں سننے اور اردو سمیت کئی زبانوں میں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کیجئے:


دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام آج مؤرخہ30 اپریل 2026ء بروز جمعرات عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی سمیت دنیا بھر میں سینکڑوں مقامات پر سنتوں بھرے اجتماعات کا انعقاد کیا جائے گا۔

حسبِ روایت اجتماع کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوگا جس کے بعد بارگاہِ رسالت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں ہدیۂ نعت پیش کی جائے گی۔ نعت خوانی کے بعد اراکین شوریٰ و مبلغین دعوتِ اسلامی خوفِ خدا و عشق رسول، اصلاح اعمال، تعلیمات دین اور دیگر موضوعات پر سنتوں بھرے بیانات فرمائیں گے۔بیان کے بعد حلقہ درود شریف و ذکر اللہ منعقد ہوگا جس میں شرکا والہانہ انداز میں بارگاہِ رسالت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں درود شریف اور اللہ پاک کا ذکر کریں گے۔ اجتماع کے اختتام پر رقت انگیز دعا مانگی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق آج رات تقریباً08:00 بجے مدنی مرکزفیضان مدینہ G-11 اسلام آباد سے مدنی چینل پر براہِ راست نشر ہونے والے ہفتہ وار اجتماع میں رکن شوریٰ حاجی محمد اظہر عطاری سنتوں بھرا بیان فرمائیں گے۔

عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں رکن شوریٰ حاجی فضیل عطاری، جامع مسجد محمدی حنفیہ سوڈیوال لاہور میں شیخ الحدیث مفتی محمد ہاشم خان عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی ، گورنمنٹ ہائی اسکول مراکہ ملتان روڈ لاہور میں رکن شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری، مدنی مرکز فیضان مدینہ کوٹ رادھا کشن میں رکن شوریٰ حاجی منصور عطاری، جامع مسجد اقصیٰ شیرانوالہ گیٹ لاہور میں رکن شوریٰ مولانا حاجی محمد اسد عطاری مدنی، جامع مسجد بیت المکرم نزد کامسیٹس یونیورسٹی اٹک میں رکن شوریٰ حاجی وقار المدینہ عطاری، مدنی مرکز فیضان مدینہ شاہ جہانگیر روڈ گجرات میں رکن شوریٰ عبد الوہاب عطاری، رضائے مصطفٰے مسجد کورنگی نمبر 04 کراچی میں رکن شوریٰ حاجی محمد امین عطاری، جامع مسجد فیضان مدینہ جن پتھ موڑ سید آباد ڈھاکہ میں رکن شوریٰ عبد المبین عطاری سنتوں بھرا بیان فرمائیں گے۔

تمام عاشقانِ رسول سے ہفتہ وار اجتماع میں شرکت کرنے کی درخواست ہے۔


دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن عبد الوہاب عطاری نے ایگزیکٹو کلب، پنجاب یونیورسٹی میں مختلف شخصیات سے ملاقات کی۔

شخصیات:

پروفیسر ڈاکٹر زبیر اقبال صاحب (وائس چانسلر، بہاء الدین زکریا یونیورسٹی، ملتان)

پروفیسر ڈاکٹر اعجاز قریشی صاحب (سابق وائس چانسلر، یونیورسٹی آف سیالکوٹ / NCBAE / انسٹی ٹیوٹ آف آرٹ اینڈ کلچر)

گفتگو کے اہم نکات:

تعلیمی خدمات کا تذکرہ: ملاقات کے دوران رکنِ شوریٰ نے دعوتِ اسلامی کے تحت چلنے والے تعلیمی اداروں (جامعۃ المدینہ اور دارالمدینہ وغیرہ) کے نیٹ ورک اور ان میں دی جانے والی دینی و عصری تعلیم کے امتزاج پر روشنی ڈالی۔

اخلاقی تربیت: تعلیمی اداروں میں طلبہ کی کردار سازی اور انہیں معاشرے کا ایک بااخلاق اور ذمہ دار شہری بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

باہمی تعاون: وائس چانسلرز اور ماہرینِ تعلیم نے دعوتِ اسلامی کی ملک گیر تعلیمی و فلاحی خدمات کو سراہا اور مستقبل میں علمی سطح پر بہتری کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا۔

ملاقات کے اختتام پر رکنِ شوریٰ عبد الوہاب عطاری نے معزز شخصیات کو مکتبۃ المدینہ کی شائع کردہ کتب اور ماہنامہ فیضانِ مدینہ بطورِ تحفہ پیش کیں اور انہیں عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی کے دورے کی دعوت بھی دی۔


دعوتِ اسلامی کے شعبہ سینٹرل H.R کے (TAD) ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ایک دن کا Walk-in job interviews کا سلسلہ منعقد ہوا جس کا مقصد مستحق اور باصلاحیت نوجوانوں کو روزگار کے بہترین مواقع فراہم کرنا تھا۔

پروگرام کی تفصیلات:

مرکزی مجلسِ شوریٰ کی زیرِ نگرانی H.R ڈیپارٹمنٹ نے مختلف شعبہ جات میں خالی اسامیوں کو پُر کرنے کے لیے اس سیشن کا اہتمام کیا۔ انٹرویوز میں کراچی بھر سے کثیر تعداد میں تعلیم یافتہ اور ہنرمند عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ امیدواروں کے جوش و خروش کا یہ عالم تھا کہ فیضانِ مدینہ میں صبح سے ہی نوجوانوں کی بڑی تعداد اپنی اسناد (Documents) کے ساتھ موجود تھی۔

خصوصی بیان:

رکن شوریٰ حاجی محمد امین عطاری نے سامعین کے درمیان سنتوں بھرا بیان کیا اور شرکا کو دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ رہنےاور ہر دم دین اسلام کی خدمت کرنے کا ذہن دیا جس پر انٹرویوز کے لئے آنے والے اسلامی بھائیوں نے اپنی اپنی نیتوں کا اظہار کیا۔

نظم و ضبط اور انتظام:

H.R ڈیپارٹمنٹ کے ماہرین پر مشتمل پینل نے امیدواروں کے انٹرویوز لئے اور ان کی تعلیمی و تکنیکی صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔

انٹرویوز کے دوران نہ صرف پیشہ ورانہ مہارتوں کو دیکھا گیا بلکہ دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول کے مطابق اخلاقی اور تنظیمی ضوابط کی آگاہی بھی دی گئی۔

فیضانِ مدینہ کے اسٹاف کی جانب سے آنے والے امیدواروں کے لئے بیٹھنے اور دیگر ضروری سہولیات کا بہترین انتظام کیا گیا تھا تاکہ نظم و ضبط برقرار رہے۔

مقصد اور پیغام:

اس اقدام کا بنیادی مقصد معاشرے میں بے روزگاری کے خاتمے کے لئے عملی کوششیں کرنا اور نوجوانوں کو ایسے پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے جہاں وہ رزقِ حلال کے ساتھ ساتھ دینِ متین کی خدمت کے ماحول سے بھی وابستہ رہ سکیں۔


پچھلے دنوں سابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی والدہ رضائے الہٰی سے انتقال کرگئیں۔ اِنَّا لِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رٰجِعُوْن

انتقال کی خبر ملنے پر دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی اپنے وفد کے ہمراہ ٹیسوری ہاؤس پہنچے اور کامران ٹیسوری سمیت سوگواران سے ملاقات و تعزیت کی۔

نگرانِ شوریٰ نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور ایصالِ ثواب کے لئے خصوصی دعا فرمائی۔ انہوں نے اللہ پاک کی بارگاہ میں التجا کی کہ پرور دِگار مرحومہ کو جنت الفردوس میں داخلہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل دے۔

اس موقع پر نگرانِ شوریٰ نے موت اور آخرت کی یاد کے حوالے سے مختصر مگر جامع گفتگو فرمائی جس نے سوگوار خاندان کے لئے تسلی اور اطمینان کا سامان فراہم کیا۔

ٹیسوری ہاؤس آمد اور دکھ کی اس گھڑی میں ڈھارس بندھانے پرکامران ٹیسوری نے نگرانِ شوریٰ اور ان کے ہمراہ آنے والے تمام رفقاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی محبتوں کا اظہار کیا۔


تواضع یعنی عاجزی ایک ایسا اعلیٰ اخلاق ہے جو انسان کو اللہ تعالیٰ کے قریب کرتا ہے اور بندوں کے دلوں میں محبت پیدا کرتا ہے ۔  جو جتنا بڑا ہوتا ہے، وہ اتنا ہی جھکتا ہے ۔ عاجزی اختیار کرنا اسلام کی بنیادی اخلاقی تعلیمات میں سے ہے ۔ یہ وہ صفت ہے جو انسان کو غرور، تکبر اور خود پسندی سے بچاتی ہے ۔

اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں فرماتا ہے: وَ لَا تَمْشِ فِی الْاَرْضِ مَرَحًاۚ-اِنَّكَ لَنْ تَخْرِقَ الْاَرْضَ وَ لَنْ تَبْلُغَ الْجِبَالَ طُوْلًا(۳۷) ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور زمین میں اتراتے ہوئے نہ چل بیشک توہر گز نہ زمین کو پھاڑ دے گا اور نہ ہرگز بلندی میں پہاڑوں کو پہنچ جائے گا ۔ (سورۃ الاسراء: 37)

یہ آیت واضح کرتی ہے کہ مسلمان کا تکبر سے کوئی تعلق نہیں ، کیونکہ انسان کمزور اور محدود ہے ۔ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ عاجزی کی بہترین مثال تھے ۔ آپ ﷺ نے فرمایا:"وَمَا تَوَاضَعَ أَحَدٌ لِلَّهِ إِلَّا رَفَعَهُ اللَّهُ" ترجمہ: اور کوئی شخص ( صرف اور صرف ) اللہ کی خاطر تواضع ( انکسار ) اختیار نہیں کرتا مگر اللہ تعالیٰ اس کا مقام بلند کر دیتا ہے ۔ (صحیح مسلم حدیث 6592)

آپ ﷺ خود جھاڑو دیتے، جوتے سی لیتے، غلاموں سے نرمی سے بات کرتے، اور عاجزی اختیار فرماتے ۔ قرآن مجید میں ایک اور مقام پر اللہ تعالیٰ اپنے نیک بندوں کی صفات بیان کرتے ہوئے فرماتا ہے:

وَ عِبَادُ الرَّحْمٰنِ الَّذِیْنَ یَمْشُوْنَ عَلَى الْاَرْضِ هَوْنًا وَّ اِذَا خَاطَبَهُمُ الْجٰهِلُوْنَ قَالُوْا سَلٰمًا(۶۳)

ترجمہ کنزالعرفان:اور رحمٰن کے وہ بندے جو زمین پر آہستہ چلتے ہیں اور جب جاہل ان سے بات کرتے ہیں تو کہتے ہیں ’’بس سلام‘‘ ۔ (سورۃ الفرقان: 63)

یعنی اللہ کے خاص بندے وہ ہیں جو زمین پر اترا کے نہیں چلتے عاجزی اور تواضع اختیار کرتے ہیں ۔ تواضع دل کی وہ کیفیت ہے جو انسان کو خود کو دوسروں سے بہتر سمجھنے سے روکتی ہے ۔ ایسا شخص بڑوں کا احترام کرتا ہے، چھوٹوں سے محبت سے پیش آتا ہے اور ہر ایک کو عزت دیتا ہے ۔ قرآن مجید ایک اور جگہ فرمایا گیا:

وَ لَا تُصَعِّرْ خَدَّكَ لِلنَّاسِ وَ لَا تَمْشِ فِی الْاَرْضِ مَرَحًاؕ-اِنَّ اللّٰهَ لَا یُحِبُّ كُلَّ مُخْتَالٍ فَخُوْرٍۚ(۱۸)

ترجمہ کنزالعرفان:اورلوگوں سے بات کرتے وقت اپنا رخسار ٹیڑھا نہ کر اور زمین میں اکڑتے ہوئے نہ چل، بیشک الله کو ہر اکڑنے والا، تکبر کرنے والا ناپسند ہے ۔ (سورۃ لقمان: 18)

تواضع انسان کو اللہ کے قریب لاتی ہے اور معاشرے میں سکون و محبت پھیلاتی ہے ۔ یہ وہ روشنی ہے جو دلوں کو منور کرتی ہے اور انسان کو کامیاب بناتی ہے ۔ ہمیں چاہیے کہ ہم تواضع کو اپنائیں، دوسروں کو عزت دیں، نرم لہجے میں بات کریں، اور اللہ کے بندوں سے شفقت سے پیش آئیں ۔ یہی کامیابی کا راستہ ہے ۔

اللہ تعالیٰ ہمیں سچی عاجزی اختیار کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین

اچھا کردار انسان کو نہ صرف معاشرے میں عزت بخشتا ہے بلکہ اُس کی روحانی ترقی کا زینہ بھی بنتا ہے ۔  جب انسان عاجزی، اور احترام کے ساتھ زندگی گزارتا ہے، تو وہ نہ صرف خود کے لیے سکون اور امن کا ذریعہ بنتا ہے بلکہ دوسروں کو بھی اس سے ترغیب ملتی ہے ۔ ایسے اعلیٰ کردار کو آپنانا اس لیے ضروری ہے کہ یہ اندرونی پاکیزگی اور سماجی ہم آہنگی دونوں کا ضامن ہے ۔ تواضع یعنی عاجزی و انکساری اس اچھے کردار کا اہم جزء ہے جب ہم آپنے آپ کو حقیر نہیں بلکہ ایک مخلوق سمجھ کر اللہ پاک کے سامنے عاجزی اختیار کریں گے، تو ہمارا باطنی مقام بلند ہوگا اور ہمارے معاملات میں بھی محبت و احترام کی فضا قائم ہوگی ۔

تواضع کے معنی و مفہوم: لغوی طور پر “تواضع” کا مطلب ہے عاجز رہنا، تکبر نہ کرنا، عملی طور پر یہ وہ حالت ہے جس میں انسان اپنی حالت و حیثیت کا مناسب ادراک رکھتا ہے، خود کو بہت بڑا یا افضل تصور نہیں کرتا، دوسروں کا حق اور مقام تسلیم کرتا ہے، اور اپنی کامیابیوں کو خود کی خصوصی برتری کے طور پر نہیں بلکہ اللہ کی عنآیت کے طور پر تسلیم کرتا ہے ۔ اس کا مقابلہ غرور، خودپسندی، اور اپنی برائی ظاہر کرنے کی حالت سے ہے ۔ تواضع انسان کو آپنے رب کے قریب لاتی ہے، اور تکبر اُسے دور کر دیتا ہے ۔

تواضع کی چند اہم نکات یہ ہیں:

• اللہ پاک کے سامنے عاجزی، یہ ظاہر کرتی ہے کہ انسان محدود ہے اور ہر چیز اللہ پاک کے تحت ہے ۔

• مخلوق کے سامنے ، یعنی اپنی کامیابیوں، علم، وسائل وغیرہ کا فخر نہ کرنا، بل کہ ان کو خدا کی عطا سمجھنا ۔

• معاشرتی اندازِ زندگی میں سادگی، فخر سے اجتناب، اچھے اخلاق و معاملات ۔

ذیل میں چند منتخب قرآنی آیات پیش کی جارہی ہیں جن سے تواضع کے موضوع پر اصلاحی اور عملی رہنمائی ملتی ہے ۔

آیت نمبر ۱سورۃ الاسراء (17): 37

وَلَا تَمۡشِ فِي الْاَرۡضِ مَرَحًا إِنَّكَ لَن تَخۡرِقَ الْاَرۡضَ وَلَن تَبۡلُغَ الْجِبَالَ طُولًا

ترجمہ کنزالایمان:اور زمین میں اتراتا نہ چل بیشک تو ہرگز زمین نہ چیر ڈالے گا اور ہرگز بلندی میں پہاڑوں کو نہ پہنچے گا ۔

تفسیر:اس آیت کا مقصد یہ ہے کہ “اکڑ کر چلنا” یعنی تکبر سے چلنا نامناسب ہے ۔ چال، طرزِ رفتاری، رویہ یہ سب انسان کے باطنی انداز کو ظاھر کرتے ہیں ۔ اگر ہم زمین پر اکڑ کر چلیں گے، اپنی حالت کو بہت بڑا سمجھیں گے، تو یہ تکبر کی نشانی ہے ۔ تفسیر میں بتایا گیا ہے کہ ایسے انداز سے چلنا اللہ تعالیٰ کو نآپسند ہے ۔

عملی مثال:فرض کریں ایک شخص دفتر یا اسکول میں داخل ہوتا ہے، سر اُٹھا کر اکڑ کر چلتا ہے، قدم زور سے مارتا ہے، اپنی طاقت و مرتبہ کا اظہار کرتا ہے ۔ یہ “مرحاً” چلنے کی مثال ہے ۔ اس کی بجائے اگر وہ درمیانی قدم رکھے، باوقار ہو، کم نفسی نہ ہو مگر دوسروں کے سامنے بھی عاجزی دکھائے، تو یہی تواضع ہے ۔

اصلاحی نقطہ: ہمارا چلنا، بیٹھنا، بولنا یہ صرف ظاہری معاملہ نہیں بلکہ ہماری روّیہ و اخلاق کا عکاس ہے ۔ اس لیے ہمیں چاہیے کہ چلتے پھرتے، بات کرتے ہوئے، آپنا وقار رکھیں مگر غرور نہ ہو، دوسروں کو کمتر نہ سمجھیں ۔

دوسری آیت ملاحظہ ہو:

آیت نمبر ۲سورۃ الفرقان (25): 63

وَعِبَادُ الرَّحْمَٰنِ الَّذِيْنَ يَمْشُوْنَ عَلَى الْاَرْضِ هَوْنًا وَإِذَا خَاطَبَهُمُ الْجَاهِلُونَ قَالُوا سَلَامًا

ترجمہ کنزالعرفان:اور رحمٰن کے وہ بندے جو زمین پر آہستگی اور نرمی کے ساتھ چلتے ہیں اور جب جاہل ان سے بات کرتے ہیں تو کہتے ہیں ’' سلام ۔

تفسیر:یہ آیت دو اہم وصف بتاتی ہے:وہ لوگ جو ''ہوناً یعنی: وقار اور نرمی کے ساتھ زمین پر چلتے ہیں، یعنی تواضع اور سادگی کے ساتھ ۔

جب جاہل لوگ ان سے مخاطب ہوں، یعنی غلط رویہ اختیار کریں، یا بے وجہ بحث کریں، تو وہ صرف “سلام” کہہ کر معاملہ ختم کر لیتے ہیں، یعنی بدلہ لینے، یا غرور کرنے کے بجائے تحمل و ادب اختیار کرتے ہیں ۔

عملی مثال:مثلاً آپ کسی میٹنگ یا سماجی محفل میں ہیں، ایک شخص آپ کو نادانستہ طور پر کم تر جاننے کی کوشش کرتا ہے، یا طنز کرتا ہے ۔ ایسے وقت میں اگر آپ فوری ردّعمل نہ دیں، نہ برہم ہوں، بلکہ مسکرا کر، وقار کے ساتھ “سلام” کہہ کر بات ختم کر لیں یہ تواضع اور حکمت کا مظہر ہے ۔ اس سے نہ صرف آپ کا اخلاق ظاہر ہوتا ہے بلکہ آپ کی روحانی قوت بھی ظاہر ہوتی ہے ہے ۔

اصلاحی نقطہ: تواضع صرف آپنے باطن کا معاملہ نہیں، بلکہ معاشرے میں بھی ایک عملی روپ دیتی ہے ۔ سادگی، نرمی، تحمل یہ وہ رویے ہیں جو مومن کو “عبادِ رحمٰن” کا حصہ بناتے ہیں ۔

عملی رہنمائی اور تخلیقی فکرروزمرّہ زندگی میں: لباس، چال، بولنے کا انداز، بیٹھنے کی عادت یہ چھوٹے چھوٹے امور ہیں جہاں تواضع کا عملی اظہار ممکن ہے ۔ مثلاً کوئی حصہ دار ہو، کامیابی ملے ہو، تو اپنی کامیابی کو زبانیِ مبالغے میں نہ لائیں، بلکہ اس کیلئے شکر ادا کریں ۔ دوسروں کے ساتھ تعلقات: جب آپ کے پاس علم، تجربہ یا وسائل ہوں، تو دوسروں کے ساتھ اس برتری کے احساس سے نہ پیش آئیں بلکہ ان کے سوالات صبر و تحمل سے سنیں، عاجزی سے جواب دیں ۔

خود کا جائزہ: کبھی سوچیں: کیا میں روزمرّہ آپنے کامیابیوں، پوزیشن، امتیاز سے خود میں غرور پیدا کر رہا ہوں؟ یا مجھے یہ احساس ہے کہ یہ سب اللہ کی عنایت ہے؟

ایک استاد، لیڈر یا بڑے عمر والے شخص کی مثال لیتے ہیں جو اپنی جگہ بڑے ہوں مگر چلنے، بیٹھنے، بولنے میں سادہ اور وفادار ہوں ۔ انہی مثالوں سے سورۃ الفرقان کی آیت میں بیان کردہ “ہوناً” چال کا مفہوم واضح ہوتا ہے ۔

اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمیں تکبر اور دیگر باطنی گناہوں سے بچنے کی توفیق دے ۔ آمین 

انسانی معاشرے کی خوبصورتی اخلاقِ حسنہ سے ہے، اور ان اخلاق میں تواضع یعنی عاجزی کو ایک بلند مقام حاصل ہے ۔  یہ ایک ایسی خوبی ہے جو انسان کو غرور، تکبر، اور خودپسندی جیسے مہلک امراض سے محفوظ رکھتی ہے ۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے بار بار بندگانِ مؤمن کو تواضع اختیار کرنے کی تلقین فرمائی ہے ۔ نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ بھی عاجزی کا کامل نمونہ ہے، جو ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ بلندی وہی ہے جو جھکنے سے حاصل ہو ۔

(1)وَ لَا تَمْشِ فِی الْاَرْضِ مَرَحًاۚ-اِنَّكَ لَنْ تَخْرِقَ الْاَرْضَ وَ لَنْ تَبْلُغَ الْجِبَالَ طُوْلًا(۳۷)

ترجمۂ کنزالایمان: اور زمین میں اتراتا نہ چل بیشک تو ہر گز زمین نہ چیر ڈالے گا اور ہرگز بلندی میں پہاڑوں کو نہ پہنچے گا ۔ (بنی اسرائیل ،37)

صراط الجنان: یاد رہے کہ فخر و تکبر کی چال اور متکبرین کی سی بیٹھک وغیرہ سب ممنوع ہیں ، ہمارے چلنے پھرنے بیٹھنے اٹھنے میں تواضع اور اِنکساری ہونی چاہیے، گفتگو نرم ہو اور چلنا آہستگی اور وقار کے ساتھ ہو ۔ متکبرانہ اور اَوباشوں اور لفنگوں والی چال اللہ عَزَّوَجَلَّ کو ناپسند ہے ۔ اس آیت سے معلوم ہوا کہ اسلام ہمیں صرف عقائد و عبادات ہی کی تعلیم نہیں دیتا بلکہ ہماری معاشرت اور رہن سہن کے طریقے بھی ہمیں بتاتا ہے ۔ مسلمان کی زندگی کے ہر پہلو سے اسلامی پہلو کی جھلک نظر آنی چاہیے ۔ ان مسلمانوں پر افسوس ہے جنہیں کفار کے طریقوں پر عمل کرنے میں تو فخر محسوس ہوتا ہے اور اسلامی طریقے اپنانے میں شرم محسوس ہوتی ہے ۔ آیت میں فرمایا گیا کہ زمین میں اتراتے ہوئے نہ چل بیشک توہر گز نہ زمین کو پھاڑ دے گا اور نہ ہرگز بلندی میں پہاڑوں کو پہنچ جائے گا ۔ معنی یہ ہیں کہ تکبر و خود نمائی سے کچھ فائدہ نہیں البتہ کئی صورتوں میں گناہ لازم ہو جاتا ہے لہٰذا اترانا چھوڑو اور عاجزی و انکساری قبول کرو ۔

(2)لَا جَرَمَ اَنَّ اللّٰهَ یَعْلَمُ مَا یُسِرُّوْنَ وَ مَا یُعْلِنُوْنَؕ- اِنَّهٗ لَا یُحِبُّ الْمُسْتَكْبِرِیْنَ(۲۳)

ترجمۂ کنزُالعِرفان: حقیقت یہ ہے کہ اللہ جانتا ہے جو وہ چھپاتے ہیں اور جو ظاہر کرتے ہیں ، بیشک وہ مغروروں کو پسند نہیں فرماتا ۔ (النحل،23)

صراط الجنان :عاجزی اختیار کرنا اور مسکین کے ساتھ بیٹھنا: چنانچہ حضرت عبداللہ بن عمر رَضِیَ اللہ ُ تَعَالٰی عَنْہُمَاسے روایت ہے، رسولِ کریم ص ﷺ نے ارشاد فرمایا ’’عاجزی اختیار کرو اور مسکینوں کے ساتھ بیٹھا کرو، اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں تمہارا مرتبہ بلند ہو جائے گا اور تکبر سے بھی بری ہو جاؤ گے ۔ (کنز العمال، کتاب الاخلاق، قسم الاقوال، ۲ / ۴۹، الحدیث: ۵۷۲۲، الجزء الثالث)

(3) وَ لَا تُصَعِّرْ خَدَّكَ لِلنَّاسِ وَ لَا تَمْشِ فِی الْاَرْضِ مَرَحًاؕ-اِنَّ اللّٰهَ لَا یُحِبُّ كُلَّ مُخْتَالٍ فَخُوْرٍۚ(۱۸)

ترجمہ کنز الایمان:اور کسی سے بات کرنے میں اپنا رخسارہ کج نہ کر اور زمین میں اِتراتا نہ چل بےشک اللہ کو نہیں بھاتا کوئی اِتراتا فخر کرتا ۔

صراط الجنان:وَ لَا تُصَعِّرْ خَدَّكَ لِلنَّاسِ: اورلوگوں سے بات کرتے وقت اپنا رخسار ٹیڑھا نہ کر: یہاں سے حضرت لقمان رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ کی وہ نصیحت ذکر کی جا رہی ہے جو انہوں نے اپنے بیٹے کو باطنی اعمال کے حوالے سے فرمائی، چنانچہ فرمایا کہ اے میرے بیٹے!جب آدمی بات کریں تو تکبر کرنے والوں کی طرح انہیں حقیر جان کر ان کی طرف سے ر خ پھیرلینے والا طریقہ اختیار نہ کرنا بلکہ مالدار اور فقیر سبھی کے ساتھ عاجزی و اِنکساری کے ساتھ پیش آنااور زمین پر اکڑتے ہوئے نہ چلنا، بیشک اکڑنے والا اور تکبر کرنے والا کوئی بھی شخص اللہ تعالیٰ کو پسند نہیں ۔ ( مدارک، لقمان، تحت الآیۃ: ۱۸، ص۹۱۹، خازن، لقمان، تحت الآیۃ: ۱۸، ۳ / ۴۷۱، ملتقطاً)

تواضع صرف ایک اخلاقی خوبی ہی نہیں بلکہ ایک مومن کی پہچان ہے ۔ قرآن مجید اور سنتِ نبوی ﷺ میں بارہا اس کی ترغیب دی گئی ہے ۔ عاجزی انسان کو اللہ کے قریب کرتی ہے، لوگوں کے دلوں میں جگہ بناتی ہے اور معاشرے میں امن و محبت کو فروغ دیتی ہے ۔ ہمیں چاہیے کہ ہم تواضع کو اپنا شعار بنائیں، تکبر سے بچیں اور ہر حال میں اپنی ذات کو اللہ کی مخلوق کے سامنے جھکانے کے قابل رکھیں، کیونکہ عزت صرف اللہ تعالیٰ دیتا ہے، اور وہی عاجزی کرنے والوں کو بلندی عطا کرتا ہے ۔ 

لوگوں کی طبیعتوں اور ان کے مقام ومرتبے کے اعتبار سے ان کے لیے نرمی کا پہلو اختیار کرنا اور اپنے آپ کو حقیر وکمتر اور چھوٹا خیال کرنا عاجزی وانکسار کہلاتا ہے ۔ (فیض القدیر، حرف الھمزۃ،  ۱ / ۵۹۹، تحت الحدیث: ۹۲۵ماخوذا، دار الکتب العلمیہ)

اس وصف کو قرآن پاک میں جس انداز میں بیان کیا گیا ہے اس کا خلاصہ ملاحظہ کیجیے ، چنانچہ اللہ پاک نے قرآنِ کریم میں اِرشاد فرمایا: وَ عِبَادُ الرَّحْمٰنِ الَّذِیْنَ یَمْشُوْنَ عَلَى الْاَرْضِ هَوْنًا ترجمہ کنز الایمان:اور رحمٰن کے وہ بندے کہ زمین پر آہستہ چلتے ہیں ۔ (پ19، الفرقان: 63)

ایک اور مقام پر اِرشاد فرمایا: وَ بَشِّرِ الْمُخْبِتِیْنَۙ(۳۴)

ترجمہ کنزالعرفان: اور عاجزی کرنے والوں کیلئے خوشخبری سنادو ۔ (پ17، الحج: 34، 35)

اِن آیاتِ مبارکہ میں اللہ پاک نے اپنے کامل الایمان بندوں کے ایک خاص وَصف ”عاجزی و اِنکسار“ کا بھی ذِکر فرمایا کہ وہ زمین پر اِطمینان اور وقار کے ساتھ، عاجزانہ شان سے چلتے ہیں اور پھر ان تواضع کرنے والوں کو خوشی کا مژدۂ جانفزا سنایا گیا ۔ معلوم ہوا کہ عاجزی و اِنکساری اِختیار کرنا اور عاجزانہ چال چلنا اللہ پاک کے نیک بندوں کا طریقہ ہے جبکہ متکبرانہ طور پر جوتے کھٹکھٹاتے،پاؤں زور سے مارتے اور اِتراتے ہوئے چلنا متکبرین کا طریقہ ہے جس سے اللہ پاک نے منع فرمایا ہے چنانچہ اللہ پاک اِرشاد فرماتا ہے:وَ لَا تَمْشِ فِی الْاَرْضِ مَرَحًاۚ-اِنَّكَ لَنْ تَخْرِقَ الْاَرْضَ وَ لَنْ تَبْلُغَ الْجِبَالَ طُوْلًا(۳۷) ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور زمین میں اتراتے ہوئے نہ چل بیشک توہر گز نہ زمین کو پھاڑ دے گا اور نہ ہرگز بلندی میں پہاڑوں کو پہنچ جائے گا ۔ (بنی اسرائیل،37)

یاد رَکھیے! اپنے آپ کو بڑا سمجھنے،غرور و تکبر کرنے اور اِترا کر چلنے سے اِنسان کی شان بلند نہیں ہو جاتی اور نہ ہی مال و اَولاد کی کثرت اور قوم قبیلے کے زیادہ ہونے سے عزت و عظمت اور شان و شوکت میں اِضافہ ہوتا ہے ۔ عزت و عظمت،شان و شوکت اور بلندی اُسے ملتی ہے جسے اللہ پاک عطا فرماتا ہے اور اللہ پاک اُسے عطا فرماتا ہے جو عاجزی و اِنکساری کرتا ہے جیسا کہ حدیثِ پاک میں ہے: مَنْ تَوَاضَعَ لِلّٰہِ رَفَعَہُ اللہ ُ یعنی جو اللہ پاک کے لئے عاجزی کرتا ہے اللہ پاک اُسے بلندی عطا فرماتا ہے ۔ (مسلم، کتاب البر والصلۃ ۔ ۔ ۔ الخ ، باب استحباب العفووالتواضع ، ص‏۱۳۹۷، حدیث: ۲۵۸۸، دار المغنی)

عاجزی کی ضد تکبر ہے اور تکبُّرخُود کو افضل، دوسروں کو حقیر جاننے کا نام ہے ۔ تکبر کی مذمت میں 2 فرامینِ خداوندی ملاحظہ ہوں:اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: اِنَّهٗ لَا یُحِبُّ الْمُسْتَكْبِرِیْنَ(۲۳) ترجمۂ کنزُالعِرفان: بیشک وہ مغروروں کو پسند نہیں فرماتا ۔ (پ14، النحل:23)

ایک اور مقام پر ارشاد فرماتا ہے: كَذٰلِكَ یَطْبَعُ اللّٰهُ عَلٰى كُلِّ قَلْبِ مُتَكَبِّرٍ جَبَّارٍ(۳۵) ترجمہ کنز العرفان: اللہ ہرمتکبر سرکش کے دل پراسی طرح مہر لگا دیتا ہے ۔ (پ24، المؤمن:35)


تمہید ۔   اللہ تعالیٰ تواضع اختیار کرنے والوں کو پسند فرماتا ہے اور ان کے لیے بہت سے انعامات بھی ہیں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی تواضع اختیار کرنے والوں کے لیے خوشخبری ارشاد فرمائی ہے ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ بھی اللہ تبارک و تعالی کی رضا کے لیے تواضوں کو اختیار کریں

ارشاد باری تعالیٰ ہے :وَ لِكُلِّ اُمَّةٍ جَعَلْنَا مَنْسَكًا لِّیَذْكُرُوا اسْمَ اللّٰهِ عَلٰى مَا رَزَقَهُمْ مِّنْۢ بَهِیْمَةِ الْاَنْعَامِؕ-فَاِلٰهُكُمْ اِلٰهٌ وَّاحِدٌ فَلَهٗۤ اَسْلِمُوْاؕ-وَ بَشِّرِ الْمُخْبِتِیْنَۙ 34الَّذِیْنَ اِذَا ذُكِرَ اللّٰهُ وَ جِلَتْ قُلُوْبُهُمْ وَ الصّٰبِرِیْنَ عَلٰى مَاۤ اَصَابَهُمْ وَ الْمُقِیْمِی الصَّلٰوةِۙ-وَ مِمَّا رَزَقْنٰهُمْ یُنْفِقُوْنَ 35

ترجمۂ کنز الایمان:اور ہر امت کے لیے ہم نے ایک قربانی مقرر فرمائی کہ اللہ کا نام لیں اس کے دئیے ہوئے بے زبان چوپایوں پر تو تمہارا معبود ایک معبود ہے تو اسی کے حضور گردن رکھو اور اے محبوب خوشی سنادو ان تواضع والوں کو ۔ کہ جب اللہ کا ذکر ہوتا ہے ان کے دل ڈرنے لگتے ہیں اور جو افتاد پڑے اس کے سہنے والے اور نماز برپا رکھنے والے اور ہمارے دئیے سے خرچ کرتے ہیں ۔

تفسیر صراط الجنان:وَ لِكُلِّ اُمَّةٍ جَعَلْنَا مَنْسَكًا اور ہر امت کے لیے ہم نے ایک قربانی مقرر فرمائی یعنی گزشتہ ایماندار اُمتوں میں سے ہر امت کے لئے اللہ تعالیٰ نے ایک قربانی مقرر فرمائی تا کہ وہ جانوروں کو ذبح کرتے وقت ان پر اللہ تعالیٰ کا نام لیں تو اے لوگو! تمہارا معبود ایک معبود ہے اس لئے ذبح کے وقت صرف اسی کا نام لو اور اسی کے حضور گردن جھکاؤ اور اخلاص کے ساتھ اس کی اطاعت کرو اور اے حبیب ص ﷺ آپ عاجزی کرنے والوں کو خوشخبری سنا دیں ۔ ( خازن، الحج، تحت الآیۃ: 39، 3 / 309، مدارک، الحج، تحت الآیۃ: 49، ص749 ملتقطاً)

جانور ذبح کرتے وقت اللہ تعالیٰ کا نام ذکر کرنا شرط ہے: اس آیت میں اس بات پر دلیل ہے کہ جانور ذبح کرتے وقت اللہ تعالیٰ کا نام ذکر کرنا شرط ہے اور اللہ تعالیٰ نے ہر ایک امت کے لئے مقرر فرما دیا تھا کہ وہ اس کے لئے تَقَرُّب کے طور پر قربانی کریں اور تمام قربانیوں پر صرف اسی کا نام لیا جائے ۔ (مدارک، الحج، تحت الآیۃ: 49، ص749

اَلَّذِیْنَ اِذَا ذُكِرَ اللّٰهُ وَ جِلَتْ قُلُوْبُهُمْ:وہ لوگ ہیں کہ جب اللہ کا ذکر ہوتا ہے توان کے دل ڈرنے لگتے ہیں یعنی عاجزی کرنے والے وہ لوگ ہیں کہ جب ان کے سامنے اللہ تعالیٰ کا ذکر ہوتا ہے تو ا س کی ہیبت و جلال سے ان کے دل ڈرنے لگتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کے عذاب کا خوف ان کے اَعضا سے ظاہر ہونے لگتا ہے اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے انہیں جو مصیبت و مشقت پہنچے اس پر صبر کرتے ہیں اور نماز کو ا س کے اوقات میں قائم رکھتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کے دئیے ہوئے رزق میں سے صدقہ و خیرات کرتے ہیں ۔ ( مدارک، الحج، تحت الآیۃ: 35، ص790، تفسیرکبیر، الحج، تحت الآیۃ: 35، 7 / 225، ملتقطاً

ارشاد باری تعالیٰ ہے ۔ اِنَّ الْمُسْلِمِیْنَ وَ الْمُسْلِمٰتِ وَ الْمُؤْمِنِیْنَ وَ الْمُؤْمِنٰتِ وَ الْقٰنِتِیْنَ وَ الْقٰنِتٰتِ وَ الصّٰدِقِیْنَ وَ الصّٰدِقٰتِ وَ الصّٰبِرِیْنَ وَ الصّٰبِرٰتِ وَ الْخٰشِعِیْنَ وَ الْخٰشِعٰتِ وَ الْمُتَصَدِّقِیْنَ وَ الْمُتَصَدِّقٰتِ وَ الصَّآىٕمِیْنَ وَ الصّٰٓىٕمٰتِ وَ الْحٰفِظِیْنَ فُرُوْجَهُمْ وَ الْحٰفِظٰتِ وَ الذّٰكِرِیْنَ اللّٰهَ كَثِیْرًا وَّ الذّٰكِرٰتِۙ-اَعَدَّ اللّٰهُ لَهُمْ مَّغْفِرَةً وَّ اَجْرًا عَظِیْمًا 35

ترجمۂ کنز الایمان:بیشک مسلمان مرد اور مسلمان عورتیں اور ایمان والے اور ایمان والیاں اور فرماں بردار اور فرماں برداریں اور سچے اور سچیاں اور صبر والے اور صبر والیاں اور عاجزی کرنے والے اور عاجزی کرنے والیاں اور خیرات کرنے والے اور خیرات کرنے والیاں اور روزے والے اورروزے والیاں اور اپنی پارسائی نگاہ رکھنے والے اور نگاہ رکھنے والیاں اور اللہ کو بہت یاد کرنے والے اور یاد کرنے والیاں ان سب کے لیے اللہ نے بخشش اور بڑا ثواب تیار کر رکھا ہے ۔

تفسیر صراط الجنان:اِنَّ الْمُسْلِمِیْنَ وَ الْمُسْلِمٰتِ: بیشک مسلمان مرد اور مسلمان عورتیں شانِ نزول:حضرت اسماء بنت ِعمیس رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہَا جب آپنے شوہرحضرت جعفر بن ابی طالب رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ کے ساتھ حبشہ سے وآپس آئیں تو ازواجِ مُطَہَّرات رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُنَّ سے مل کر انہوں نے دریافت کیا کہ کیا عورتوں کے بارے میں بھی کوئی آیت نازل ہوئی ہے ۔ اُنہوں نے فرمایا :نہیں تو حضرت اسماء رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہَا نے حضور پُر نور ص ﷺ سے عرض کی یا رسولَ اللہ! ص ﷺ عورتیں توبڑے نقصان میں ہیں ۔ ارشادفرمایا کیوں؟عرض کی ان کا ذکر قرآن میں خیر کے ساتھ ہوتا ہی نہیں جیسا کہ مردوں کا ہوتا ہے ۔ اس پر یہ آیت ِکریمہ نازل ہوئی اور ان کے دس مراتب مردوں کے ساتھ ذکر کئے گئے اور ان کے ساتھ ان کی مدح فرمائی گئی ۔

مردوں کے ساتھ عورتوں کے دس مراتب:اس آیت میں مردوں کے ساتھ عورتوں کے جو دس مراتب بیان ہوئے ان کی تفصیل درج ذیل ہے:

(1)وہ مرد اور عورتیں جو کلمہ پڑھ کر اسلام میں داخل ہوئے اور انہوں نے اللہ تعالیٰ کے احکام کی اطاعت کی اور ان احکام کے سامنے سرِ تسلیم خم کردیا ۔

(2)وہ مرد اور عورتیں جنہوں نے اللہ تعالیٰ کی وحدانیت اور نبی کریم ص ﷺ کی رسالت کی تصدیق کی اور تمام ضروریاتِ دین کو مانا ۔

(3)وہ مرد اور عورتیں جنہوں نے عبادات پر مُداوَمَت اختیار کی اور انہیں ان کی حدود اور شرائط کے ساتھ قائم کیا ۔

(4)وہ مرد اور عورتیں جو اپنی نیت قول اور فعل میں سچے ہیں ۔

(5)وہ مرد اور عورتیں جنہوں نے نفس پر انتہائی دشوار ہونے کے باوجود اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے طاعتوں کی پابندی کی، ممنوعات سے بچتے رہے اور مَصائب و آلام میں بے قراری اور شکآیت کا مظاہرہ نہ کیا ۔

(6)وہ مرد اور عورتیں جنہوں نے طاعتوں اور عبادتوں میں آپنے دل اور اعضاء کے ساتھ عاجزی و اِنکساری کی ۔

(7)وہ مرد اور عورتیں جنہوں نے اللہ تعالیٰ کے عطا کئے ہوئے مال میں سے اس کی راہ میں فرض اور نفلی صدقات دئیے ۔

(8)وہ مرد اور عورتیں جنہوں نے فرض روزے رکھے اور نفلی روزے بھی رکھے ۔ منقول ہے کہ جس نے ہر ہفتہ ایک درہم صدقہ کیا وہ خیرات کرنے والوں میں اور جس نے ہر مہینے اَیّامِ بِیض (یعنی قمری مہینے کی 13، 14، 15 تاریخ کے تین روزے رکھے وہ روزے رکھنے والوں میں شمار کیا جاتا ہے ۔

(9)وہ مرد اور عورتیں جنہوں نے اپنی عفت اور پارسائی کو محفوظ رکھا اور جو حلال نہیں ہے اس سے بچے ۔

10 وہ مرد اور عورتیں جو آپنے دل اور زبان کے ساتھ کثرت سے اللہ تعالیٰ کا ذکر کرتے ہیں ۔ کہا گیا ہے کہ بندہ کثرت سے ذکر کرنے والوں میں اس وقت شمار ہوتا ہے جب کہ وہ کھڑے بیٹھے ،لیٹے ہر حال میںاللہ تعالیٰ کا ذکر کرے ۔

خلاصہ یہ ہے کہ جو عورتیں اسلام ایمان اورطاعت میں قول اور فعل کے سچا ہونے میں صبر عاجزی و انکساری اور صدقہ و خیرات کرنے میں ،روزہ رکھنے اور اپنی عفت و پارسائی کی حفاظت کرنے میں اور کثرت کے ساتھ اللہ تعالیٰ کا ذکر کرنے میں مردوں کے ساتھ ہیں توایسے مردوں اور عورتوں کے لئے اللہ تعالیٰ نے ان کے اعمال کی جزا کے طور پر بخشش اور بڑا ثواب تیار کر رکھا ہے ۔ ابو سعود ، الاحزاب ، تحت الآیۃ : 35 ، 4 / 361 ، مدارک، الاحزاب ، تحت الآیۃ: 35، ص841، خازن، الاحزاب، تحت الآیۃ: 35، 3/ 500، ملتقطاً)

اللہ تعالیٰ کا ذکر اور ا س کی کثرت سے متعلق دو باتیں :

اس آیت میں مردوں اور عورتوں کے 10مراتب ایک ساتھ بیان ہوئے جن کا بیان اوپر ہو چکا، یہاں دسویں مرتبے اللہ تعالیٰ کے ذکر کی کثرت کے بارے میں دو باتیں ملاحظہ ہوں :

1 ذکر میں تسبیح پڑھنا اللہ تعالیٰ کی حمد بیان کرنا کلمہ طیبہ کا ورد کرنا اللہ اَکْبَر کہنا،قرآن مجید کی تلاوت کرنا دین کا علم پڑھنا اور پڑھانا نمازادا کرنا وعظ و نصیحت کرنا میلاد شریف اور نعت شریف پڑھنا سب داخل ہیں ۔

2ذکر کی کثرت کی صورتیں مختلف لوگوں کے اعتبار سے مختلف ہوتی ہیں اور ا س کی سب سے کم صورت یہ ہے کہ اَصحابِ بدر رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُمْ کی تعداد کے برابر یعنی313مرتبہ تسبیح وغیرہ پڑھ لینا کثرت میں شمار ہوتا ہے ۔

کثرت کے ساتھ اللہ تعالیٰ کا ذکر کرنے کے تین فضائل:

یہاں اللہ تعالیٰ کا ذکر کثرت کے ساتھ کرنے کے فضائل پر مشتمل3اَحادیث ملاحظہ ہوں ۔

1 حضرت ابوہریرہ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ فرماتے ہیں رسولِ کریم ص ﷺ مکہ کے راستہ میں جارہے تھے کہ ایک پہاڑ کے قریب سے گزرے جسے جُمْدَان کہا جاتا ہے اس وقت صحابہ ٔکرام رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُمْ سے ارشاد فرمایا چلو یہ جُمْدَان ہے سبقت لے گئے جدا رہنے والے ۔ صحابہ ٔ کرام رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُمْ نے عرض کی یا رسولَ اللہ! ص ﷺ الگ رہنے والے کون لوگ ہیں ارشاد فرمایا اللہ تعالیٰ کی بہت یاد کرنے والے مرد اور عورتیں ۔ مسلم، کتاب الذکر والدعاء والتوبۃ والاستغفار، باب الحث علی ذکر اللہ تعالٰی، ص1439، الحدیث:4 2676

2 حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ سے روآیت ہے ،حضورِ اقدس ص ﷺ نے ارشاد فرمایا جدا رہنے والے سب سے آگے بڑھ گئے ۔ صحابہ ٔکرام رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُمْ نے عرض کی جدا رہنے والے کون ہیں ارشاد فرمایا اللہ تعالیٰ کے ذکر میں مُستَغرق لوگ ۔ ذکر نے ان کے بوجھ ان سے اتار دئیے پس وہ قیامت کے دن ہلکے پھلکے آئیں گے ۔ ( ترمذی، احادیث شتی، باب فی العفو والعافیۃ، 5 / 342، الحدیث:3607

3 حضرت ابو سعید خدری رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ سے روآیت ہے کہ رسولِ اکرم ص ﷺ سے دریافت کیا گیا کون سے بندے اللہ تعالیٰ کے نزدیک افضل اور قیامت کے دن بلند درجے والے ہیں ارشاد فرمایا اللہ تعالیٰ کا بہت ذکر کرنے والے مرد اور بہت ذکر کرنے والی عورتیں عرض کی گئی یا رسولَ اللہ ص ﷺ ان کا درجہ اللہ تعالیٰ کی راہ میں جہاد کرنے والوں سے بھی زیادہ ہو گا؟ارشاد فرمایا اگر کوئی شخص مشرکین اور کفار پر اتنی تلوار چلائے کہ تلوار ٹوٹ جائے اور خون میں رنگ جائے تب بھی کثرت سے اللہ تعالیٰ کا ذکر کرنے والا اس سے درجے میں زیادہ ہوگا ۔ (مشکاۃ المصابیح، کتاب الدعوات، باب ذکر اللہ عزوجل والتقرب الیہ، الفصل الثالث، 1/ 928، الحدیث: 2280

اللہ تعالیٰ مسلمان مردوں اور عورتوں کو کثرت کے ساتھ اللہ تعالیٰ کا ذکر کرنے کی توفیق عطا فرمائے اٰمین ۔

ارشاد باری تعالیٰ ہے :ثُمَّ قَسَتْ قُلُوْبُكُمْ مِّنْۢ بَعْدِ ذٰلِكَ فَهِیَ كَالْحِجَارَةِ اَوْ اَشَدُّ قَسْوَةًؕ-وَ اِنَّ مِنَ الْحِجَارَةِ لَمَا یَتَفَجَّرُ مِنْهُ الْاَنْهٰرُؕ-وَ اِنَّ مِنْهَا لَمَا یَشَّقَّقُ فَیَخْرُ جُ مِنْهُ الْمَآءُؕ-وَ اِنَّ مِنْهَا لَمَا یَهْبِطُ مِنْ خَشْیَةِ اللّٰهِؕ-وَ مَا اللّٰهُ بِغَافِلٍ عَمَّا تَعْمَلُوْنَ 74

ترجمۂ کنز الایمان:پھر اس کے بعد تمہارے دل سخت ہوگئے تو وہ پتھروں کی مثل ہیں بلکہ ان سے بھی زیادہ حب کَرّے اور پتھروں میں تو کچھ وہ ہیں جن سے ندیاں بہہ نکلتی ہیں اور کچھ وہ ہیں جو پھٹ جاتے ہیں تو ان سے پانی نکلتا ہے اور کچھ وہ ہیں کہ اللہ کے ڈر سے گر پڑتے ہیں اور اللہ تمہارےکوتکوں سے بے خبر نہیں ۔

تفسیر صراط الجنان:ثُمَّ قَسَتْ قُلُوْبُكُمْ پھر تمہارے دل سخت ہوگئے اس آیت کی ایک تفسیر یہ ہے کہ حضور پرنور صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَسَلَّمَ کے زمانے میں موجود یہودیوں کو مخاطب کر کے فرمایا گیا کہ آپنے آباؤ اجداد کے عبرت انگیز واقعات سننے کے بعد تمہارے دل حق بات کو قبول کرنے کے معاملے میں سخت ہوگئے اور وہ شدت و سختی میں پتھروں کی طرح ہیں بلکہ ان سے بھی زیادہ سخت ہیں کیونکہ پتھر بھی اثر قبول کرتے ہیں کہ کچھ پتھروں سے ندیاں بہہ نکلتی ہیں اور کچھ ایسے ہیں کہ جب پھٹ جاتے ہیں تو ان سے پانی نکلتا ہے اور کچھ وہ ہیں جو اللہ تعالیٰ کے ڈر سے اوپر سے نیچے گر پڑتے ہیں جبکہ تمہارے دل اطاعت کے لئے جھکتے ہیں نہ نرم ہوتے ہیں نہ اللہ تعالیٰ سے ڈرتے ہیں اور نہ ہی وہ کام کرتے ہیں جس کا انہیں حکم دیا جاتا ہے اور یاد رکھو کہ اللہ تعالیٰ تمہارے اعمال سے ہرگز بے خبر نہیں بلکہ وہ تمہیں ایک خاص وقت تک کے لئے مہلت دے رہا ہے ۔ (روح البیان، البقرۃ، تحت الآیۃ: 79، 1/ 159-159، جلالین، البقرۃ، تحت الآیۃ: 79، ص14، ملتقطاً

دوسری تفسیر یہ ہے کہ اس آیت میں بنی اسرائیل کے وہ لوگ مراد ہیں جو حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے زمانے میں موجود تھے ان کے بارے میں فرمایا گیا کہ بڑی بڑی نشانیاں اور حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے معجزات دیکھ کر بھی انہوں نے عبرت حاصل نہ کی ان کے دل پتھروں کی طرح ہوگئے بلکہ ان سے بھی زیادہ سخت کیونکہ پتھر بھی اثر قبول کرتے ہیں کہ ان میں کسی سے ندیاں بہہ نکلتی ہیں کوئی پتھرپھٹ جاتا ہے تو اس سے پانی بہتا ہے اور کوئی خوف ِ الہٰی سے گرجاتا ہے جیسے اللہ تعالیٰ کو منظور ہوتا ہے لیکن انسان جسے بے پناہ اِدراک و شعور دیا گیا ہے حواس قوی ہیں عقل کامل ہے، دلائل ظاہر ہیں عبرت و نصیحت کے مواقع موجود ہیں لیکن پھر بھی اللہ تعالیٰ کی اطاعت و بندگی کی طرف نہیں آتا ۔

دل کی سختی کا انجام:اس سے معلوم ہو اکہ دل کی سختی بہت خطرناک ہے ۔ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتاہے

اَفَمَنْ شَرَحَ اللّٰهُ صَدْرَهٗ لِلْاِسْلَامِ فَهُوَ عَلٰى نُوْرٍ مِّنْ رَّبِّهٖؕ-فَوَیْلٌ لِّلْقٰسِیَةِ قُلُوْبُهُمْ مِّنْ ذِكْرِ اللّٰهِؕ-اُولٰٓىٕكَ فِیْ ضَلٰلٍ مُّبِیْنٍ

ترجمۂ کنزالعرفان تو کیا وہ جس کا سینہ اللہ نے اسلام کے لیے کھول دیا تو وہ آپنے رب کی طرف سے نور پر ہے اس جیسا ہوجائے گا جو سنگدل ہے تو خرابی ہے ان کیلئے جن کے دل اللہ کے ذکر کی طرف سے سخت ہوگئے ہیں ۔ وہ کھلی گمراہی میں ہیں ۔ (زمر: 22‏)

حضرت عبداللہ بن عمررَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُما سے روایت ہے،حضور اقدس صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَسَلَّمَ نے ارشادفرمایا اللہ تعالیٰ کے ذکر کے علاوہ زیادہ کلام نہ کیا کرو کیونکہ اللہ تعالیٰ کے ذکر کے علاوہ کلام کی کثرت دل کو سخت کر دیتی ہے اور لوگوں میں اللہ تعالیٰ سے سب سے زیادہ دور وہ شخص ہوتا ہے جس کا دل سخت ہو ۔ (ترمذی، کتاب الزہد،6-باب منہ، 9 / 189، الحدیث: 2429)

احادیث کی روشنی میں:نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا مَعَاذِ بْنِ اَنَسٍ رَضِیَ اللہ ُ عَنْہُ اَنَّ رَسُوْلَ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: مَنْ تَرَكَ اللِّبَاسَ تَوَاضُعًا لِلهِ، وَهُوَ يَقْدِرُ عَلَيْهِ، دَعَاهُ اللهُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ عَلَى رُؤُوْسِ الْخَلَا ئِقِ حَتّٰی يُخَيِّرَهُ مِنْ اَيِّ حُلَلِ اْلاِيْمَانِ شَاءَ يَلْبَسُهَا،

ترجمہ احادیث حضرت سَیِّدُنا معاذ بن انس رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ سے مروی ہےکہ نبی کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا جس نےرضائے الٰہی کےلئے تواضع اختیارکرتے ہوئے عمدہ لباس ترک کیا حالانکہ وہ اس پر قادرتھا تو اللہ عَزَّوَجَلَّ بروزِقیامت اسے تمام مخلوق کے سامنے بلا کر اختیار دےگا کہ ایمان کا جو جوڑا چاہے پہن لے ۔

تشریح ۔ پُرانا اور پیوند والا لباس افضل ہے: عَلَّامَہ عَبْدُالرَّءُوْف مُنَاوِیْ عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہ الْوَالِی فرماتے ہیں جس نے قدرت ہوتے ہوئے بھی زیادہ قیمت والا خوبصورت کپڑا فقط اللہ عَزَّوَجَلَّ کی خاطر تواضع کی وجہ سے ترک کردیا نہ کہ اس لئے کہ لوگ اسے متواضع یا زاہد کہیں گے تو اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اسے تمام مخلوق کے سامنے بلائے گا تاکہ لوگوں کے درمیان اسے شہرت عطا فرمائے اور اسے اختیار دےگا کہ ایمان کا جو جوڑا چاہے پہن لے یہی وجہ ہے کہ نبی کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اون کا لباس پہنا اور بکریاں باندھی، اسی سے علامہ سہروردی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہ الْقَوِی نے یہ بات اخذ کی ہے کہ پُرانا اور پیوند لگاہوا کپڑا پہننا افضل ہے عَلَّامَہ مُحَمَّد بِنْ عَلَّان شَافِعِی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہ الْقَوِی فرماتے ہیں مذکورہ فضیلت صرف اس کے لیے ہے جس نےباوجودِ قدرت عمدہ لباس بطورِ تواضع چھوڑاہو اور دنیا کی زیب و زینت ترک کردی ہو، اورجو اس لئے عمدہ لباس نہ پہنے کہ اس کےپاس ہے ہی نہیں تواسے یہ فضیلت حاصل نہ ہوگی ۔ ہاں !اگر کوئی شخص یہ ارادہ کرے کہ اگر اسے اچھا لباس پہننے پر قدرت حاصل ہوئی تب بھی وہ تواضع کرتے ہوئے عمدہ لباس نہیں پہنے گا تو اسےاچھی نیت پر ثواب دیا جائے گا کیونکہ حدیث پاک میں ہے نِيَّةُ الْمُؤْمِنِ خَيْرٌ مِنْ عَمَلِهِ یعنی مسلمان کی نیت اس کے عمل سے بہتر ہے سادہ لباس کے بارے میں بزرگانِ دِین کے پانچ اَقوال: 1حضرت سیِّدُنا عبد اللہ بن شُبْرُمہ رَحْمَۃُ اللہ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں میرا بہترین لباس وہ ہے جو میری خدمت کرے اور میرا بدترین لباس وہ ہے جس کی میں خدمت کروں 2 ایک بزرگ رَحْمَۃُ اللہ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں ایسا لباس پہنو کہ تم بازار میں موجود عام لوگوں کی طرح نظر آؤ ایسا لباس مت پہنو جو تمہیں مشہور کردے اورلوگوں کی نظریں تمہاری طرف اٹھیں 3 امیرالمؤمنین حضرت سیِّدُناعلیُّ المرتضٰی کَرَّمَ اللہ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم کُھردرا لبا س زیب تن فرمایا کرتے تھے کسی نے اس بارے میں عرض کی، تو فرمایا ایسا لباس تواضُع کے زیادہ قریب ہے اور اس لائق ہے کہ مسلمان اس کی پیروی کریں 4 امیر المؤمنین حضرت سیِّدُناعُمَرفارُوقِ اعظم رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں کُھردرااورموٹالباس پہنو اور عجمیوں یعنی قیصروکسریٰ کے لباس سے بچو 5حضرت سیِّدُناسلمان فارسی رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ کی خدمت میں عرض کی گئی آپ عمدہ لباس کیوں نہیں پہنتے فرمایا بھلا غلام کو عمدہ لباس پہننے کی کیا ضرورت ہے ،البتہ جب یہ دوزخ کی آگ سے آزادی پالےگا تو اللہ عَزَّوَجَلَّ کی قسم پھر اسے ایسا لباس حاصل ہوگا جو کبھی بوسیدہ نہ ہوگا ۔

مدنی گلدستہ ’’تواضع‘‘کے5حروف کی نسبت سے حدیثِ مذکور اور اس کی وضاحت سے ملنے والے5مدنی پھول ۔

1جو شخص قدرت کے باوجود اللہ عَزَّوَجَلَّ کی خاطر تواضع کرتے ہوئے عمدہ لباس ترک کردے تو قیامت کے دن اللہ عَزَّوَجَلَّ اسے مخلوقات کے سامنے اختیار دے گا کہ ایمان کا جو جوڑا چاہے پہن لے ۔

2 جو شخص اس لیے سادہ لباس پہنے کے لوگ اسے زاہد و متواضع کہیں تو ایسے شخص کو مذکورہ حدیث پاک میں بیان کردہ فضیلت حاصل نہیں ہوگی ۔

3 عمدہ لباس کے مقابلے میں تواضع کرتے ہوئے پُرانا اور پیوند لگا ہوالباس پہننا افضل ہے ۔

4 جویہ عزم کرے کہ اگر مجھے عمدہ لباس پہننے پر قدرت حاصل ہوئی تو میں تواضع کرتے ہوئے عمدہ لباس نہیں پہنوں گا تو اسے اچھی نیت پر ثواب دیا جائے گا ۔

5 صحابہ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَاناور بزرگانِ دِین رَحِمَہُمُ اللہ الْمُبِیْن سادہ اور کُھردرا لباس پہننا پسند فرماتے تھے ۔ اللہ عَزَّوَجَلَّ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اپنی رضا کی خاطر تواضع کرتے ہوئے سادہ لباس پہننے کی توفیق عطا فرمائےاوردِین ودنیا کی بھلائیاں عطا فرمائے ۔ آمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ( فیضان ریاض الصالحین جلد:6 ، حدیث نمبر:802)

نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا وَعَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ: خَرَجَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَعْنِي فِي الِاسْتِسْقَاءِ مُتَبَذِّلًا مُتَوَاضِعًا مُتَخَشِّعًا مُتَضَرِّعًا، رَوَاهُ التِّرْمِذِيُّ وَأَبُو دَاوُدَ وَالنَّسَائِيُّ وَابْنُ مَاجَهْ

ترجمہ ۔ روایت ہے حضرت ابن عباس سے فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی الله علیہ وسلم نے دعائے بارش کےلیئے سادہ کپڑے زیب تن کیے عاجزی کر تے تواضع اور زاری کرتے تشریف لے گئے

تشریح ۔ یعنی استسقاء کےلیئے دولت خانہ شریف سے نکلتے وقت یہ حال تھا کہ لباس عاجزانہ تھا زبان پرالفاظ انکسار کے تھے یعنی متواضع دل میں خشوع خضوع تھا ذکر الٰہی میں مشغول تھے،آنکھیں تر تھیں اب بھی صفت یہی ہے کہ استسقاء کےلیئے جاتے وقت امیربھی فقیرانہ لباس پہن کر جائیں کہ بھکاریوں کی وردی یہی ہے،راستہ میں یہ سارے کام کرتے ہوئے جائیںاِنْ شَاءَاللّٰهُ دعا ضرور قبول ہوگی ۔ ( مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:2 ، حدیث نمبر:1505)

نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا عَنْ اَبِیْ ھُرَيْرَةَ رَضِیَ اللہ عَنْہُ اَنَّ رَسُوْلَ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ:مَا نَقَصَتْ صَدَقَةٌ مِنْ مَالٍ وَمَا زَادَ اللهُ عَبْدًا بِعَفْوٍ اِلَّا عِزًّا وَمَا تَوَاضَعَ اَحَدٌ لِلّٰہِ اِلَّا رَفَعَهُ اللهُ عَزَّ وَجَلَّ،

ترجمہ ۔ حضرت سَیِّدُنا ابو ہریرہرَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ سے روآیت ہے کہ رسولُ اللہ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا صدقہ مال میں کمی نہیں کرتا اور کسی کو معاف کردینے سے اللہ عَزَّ وَجَلَّ بندے کی عزت ہی بڑھاتا ہے اور جو اللہ عَزَّ وَجَلّ َکی خاطر تواضع اختیار کرتا ہے اللہ عَزَّ وَجَلَّ اُسے بلندی ہی عطا فرماتا ہے

تشریح ۔ خیرات مال بڑھاتی ہے:مذکورہ حدیثِ پاک میں صدقہ کرنے معاف کرنے اور تواضع اختیار کرنے کی فضیلت بیان کی گئی ہے ۔ مذکورہ حدیثِ پاک کے تین جزء ہیں پہلے جزء میں بیان ہوا کہ صدقہ دینے سے مال کم نہیں ہوتا ۔ بے شک اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی راہ میں جو خیرات کی جائے وہ مال کم نہیں کرتی بلکہ مال بڑھاتی ہے زکوٰۃ دینے والے کی زکوٰۃ ہر سال بڑھتی ہی رہتی ہے ۔ تجربہ ہے جو کسان کھیت میں بیج پھینک آتا ہے وہ بظاہر بوریاں خالی کرلیتا ہے لیکن حقیقت میں مع اضافہ کے بھر لیتا ہے، گھر کی رکھی بوریاں چوہے سُسری وغیرہ آفات سے ہلاک ہوجاتی ہیں یا یہ مطلب ہے کہ جس مال میں سے صدقہ نکلتا رہے اس میں سے خرچ کرتے رہو اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ بڑھتا ہی رہے گا، کنوئیں کا پانی بھرےجاؤ تو بڑھے ہی جائے گا ۔ صدقہ دینے سے مال میں کمی نہ ہونے کی دو صورتیں ہیں 1 اللہ عَزَّ وَجَلَّ اس مال میں برکت عطا فرماتا ہے اور اس سے نقصان کو دور فرمادیتا ہے اور صدقہ کرنے سے اس مال میں ظاہری طورپر جو کمی ہوتی ہے اُس کمی کو پوشیدہ برکت کے ذریعے پوری فرمادیتا ہے 2صدقہ کرنے سے اس مال میں جو کمی ہوتی ہے اُس پر اللہ عَزَّ وَجَلَّ اسے ثواب عطا فرما کر اس مال کی کمی کو پورا فرمادیتا ہے اور آخرت میں اُسے کئی گُنا زیادہ عطا فرماکر اس کا بہترین بدل عطا فرمادے گا ۔ معافی سے دِلوں پر قبضے ہوجاتے ہیں حدیثِ پاک کے دوسرے جزء میں بیان ہوا کہ جو معاف کرتا ہے اللہ عَزَّ وَجَلَّ اُس کی عزت بڑھاتا ہے ۔ مرآۃ المناجیح میں ہے یعنی جو بدلہ پر قادر ہو پھر مجرم کو معافی دے دے تو اس سے مجر م کے دل میں اس کی اطاعت اور محبت پیدا ہوجاتی ہے اور اگر بدلہ لیا جائے تو اس کے دل میں بھی انتقام کی آگ بھڑک جاتی ہے ۔ فتحِ مکہ کے دن کی عام معافی سے سارے کفار مسلمان ہوکر حضورِ انورصَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَسَلَّم کے مطیع فرمان ہوگئے معافی سے دلوں پر قبضے ہوجاتے ہیں مگر معافی آپنے حقوق میں چاہیئے نہ کہ شرعی حقوق میں ۔ قومی ملکی، دِینی مجرموں کو کبھی معاف نہ کرو آپنے مجرم کو معاف کردو ۔ یا عزت بڑھانے سے مراد یہ ہے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ آخرت میں اسے معاف کرنے کا اجر عطا فرمائے گا اور وہاں اس کی عزت بڑھائے گا ۔

تواضع و اِنکساری:حدیثِ پاک کے تیسرے جزء میں بیان ہوا کہ جو اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے لیے تواضع اختیار کرتا ہےاللہ عَزَّ وَجَلَّ اسے بلندی عطا فرماتا ہے ۔ عَلَّامَہ اَبُو زَکَرِیَّا یَحْیٰی بِنْ شَرَف نَوَوِی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہ الْقَوِی فرماتے ہیں اس کی دو صورتیں ہیں 1 اللہ عَزَّ وَجَلَّاسے دنیا میں بلند مقام عطا فرمادے اور تواضع کرنے کی وجہ سے لوگوں کے دلوں میں اس کی قدر و منزلت بیٹھ جائے اوراللہ تعالیٰ اسے لوگوں کے نزدیک رفعت و بزرگی عطا فرما دے 2 اسے آخرت میں اس کا اجر عطا فرمائے اور دنیا میں تواضع کرنے کے سبب اللہ عَزَّ وَجَلَّ اسے آخرت میں رفعت و بلندی سے سرفراز فرمائے ۔ یہ بھی ممکن ہے کہ یہ دونوں صورتیں ایک ساتھ پائی جائیں یعنی اللہ عَزَّ وَجَلَّ اسے دنیا میں بھی قدر و منزلت سے نوازے اور آخرت میں بھی بلندی و رفعت عطا فرمائے مُفَسِّرِشہِیرمُحَدِّثِ کَبِیْرحَکِیْمُ الاُمَّت مُفتِی احمد یار خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الْحَنَّان فرماتے ہیں اِنکساری جو خود داری کے ساتھ ہو وہ بڑی بہتر ہے اس کا انجام بلندیٔ درجات ہے مگر بے غیرتی کی اِنکساری اِنکساری نہیں بلکہ اِحساسِ پستی ہے جہاد میں کفار کے مقابل فخر کرنا عبادت ہے، مسلمان بھائی کے سامنے جھکنا ثواب اللہ عَزَّوَجَلَّ ارشادفرماتاہے اَشِدَّآءُ عَلَى الْكُفَّارِ رُحَمَآءُ بَیْنَهُمْ پ35،الفتح:39 ترجمۂ کنزالایمان:کافروں پر سخت ہیں اور آپس میں نرم دل عَلَّامَہ مُحَمَّد عَبْدُالرَّءُوْف مُنَاوِیْ عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہ الْوَالِی فرماتے ہیں ”انسان میں فطری طورپر مال کی محبت اور طمع ہوتی ہے اورفطری طور پر غصہ انتقام اور تکبرجیسے اَعمال کے ذریعے درندگی بھی ہوتی ہے ۔ اس لیے حضورعَلَیْہِ السَّلَام نے ان بُرائیوں کو ختم کرنے کے لیے پہلے صدقہ کرنے کی ترغیب دی تاکہ انسان میں سخاوت پیدا ہو اور اس کے بعد معاف کرنے اور درگزر کرنے کا حکم دیا تاکہ انتقام لینے کی چاہت ختم ہو اور بندہ حلم و وقار کے ذریعے مُعَزَّ ز ہو جائے اور پھر تواضُع کا حکم دیا تاکہ بندے سے تکبر نکل جائے اور وہ دو جہانوں میں بلند مرتبہ ہو جائےمدنی گلدستہ خیرات کرو‘‘کے8حروف کی نسبت سے حدیثِ مذکور اور اس کی وضاحت سے ملنے والے8مدنی پھول

(1) صدقہ دینے سے مال کم نہیں ہوتا بلکہ بڑھتا ہے اور اللہ عَزَّ وَجَلَّ اس میں برکت عطا فرماتا ہے ۔

(2) صدقہ سے مال میں جو کمی ہوتی ہے اللہ عَزَّ وَجَلَّ آخرت میں کئی گنا زیادہ بہتر اجر عطا فرماکر اس کمی کو پورا فرمادے گا ۔

(3) جو بدلہ لینے پر قادر ہو پھر بھی معاف کردے تو اس سے مجرم کے دل میں اس کی عزت اور محبت پیدا ہوتی ہے، بدلہ لینے سے مجرم کے دل میں بھی انتقام کی آگ بھڑکتی ہے جبکہ معافی سے دلوں پر قبضے ہو جاتے ہیں ۔

(4) انسان کوچاہیے کہ وہ آپنے حقوق معاف کردے لیکن شرعی اور ملکی مجرم کو معاف نہ کرے ۔

(5) جو اللہ عَزَّ وَجَلّ َکے لیےعاجزی و اِنکساری کرتا ہے اللہ عَزَّ وَجَلَّ لوگوں کے دلوں میں اس کی قدر و منزلت بٹھا دیتا ہے ۔

(6) جو اللہ عَزَّ وَجَلّ َکے لیے تواضع اختیار کرے گا اللہ عَزَّ وَجَلَّ اس دنیا و آخرت میں بلندی عطا فرمائے گا ۔

7 جو انکساری خود داری کے ساتھ ہو وہ بہت اچھی ہے لیکن جس اِنکساری میں بے عزتی ہے وہ انکساری نہیں بلکہ احساسِ کمتری ہے ۔ ( کتاب:فیضان ریاض الصالحین جلد:5 ، حدیث نمبر:555)

حرص انتقام کی چاہت اور تکبر شیطان کی صفات ہیں اسی لیے حضورعَلَیْہِ السَّلَام کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے سخاوت عفو و درگُزر اور تواضع اختیار کرنا چاہیے ۔ اللہ عَزَّ وَجَلَّ ہمیں سخاوت عفو و درگُزر اور عاجزی و اِنکساری اختیار کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن ﷺ

اختتام ۔ اللہ رب العزت ہمیں اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔