افریقی ملک ملاوی (Malawi) کے شہر بلانٹائر (Blantyre)میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں مقامی باشندوں نے شرکت کی۔ 10 مئی 2026ء کو روبنز پارک(Robins park)، کواچا روڈ پر منعقد ہونے والے اس روحانی اجتماع میں نگرانِ شوریٰ دعوتِ اسلامی، مولانا حاجی محمد عمران عطاری نے خصوصی شرکت کی اور شرکا سے ایمان افروز خطاب فرمایا۔

اپنے جامع بیان میں نگرانِ شوریٰ نے دینِ اسلام کی آفاقی و پُرامن تعلیمات، انسانی زندگی کے حقیقی مقصد اور خالقِ کائنات کی وحدانیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے شرکا کو نیکی کی دعوت دیتے ہوئے اسلامی طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دی، جس کے حاضرین پر گہرے اثرات مرتب ہوئے۔

اجتماع کے اختتام پر انتہائی رقت آمیز اور ایمان افروز مناظر دیکھنے کو ملے جب نگرانِ شوریٰ کی دعوتِ حق اور پُراثر گفتگو سے متاثر ہو کر مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے کم و بیش 117 افراد نے اپنی رضا مندی سے قبولِ اسلام کا اعلان کیا۔ نگرانِ شوریٰ نے ان تمام افراد کو کلمہ طیبہ پڑھا کر دائرہ اسلام میں داخل کیا اور انہیں اسلامی زندگی کے زریں اصولوں سے روشناس کروایا۔ نو مسلم افراد نے اپنے سابقہ عقائد سے توبہ کرتے ہوئے دینِ فطرت پر چلنے کا پختہ عزم ظاہر کیا۔