25 مئی 2025ء  کو کراچی کے علاقے نیو کراچی میں شعبہ روحانی علاج دعوتِ اسلامی کے تحت”دعائے شفاء اجتماع“ کا انعقاد کیا گیاجس میں مقامی افراد نے شرکت کی اور اپنی روحانی اور جسمانی صحت کے لئے دعائیں کیں۔

اس موقع پر نگران شعبہ مولانا حاجی انور رضا عطاری مدنی نے اپنے بیان میں اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے نیز بیماریوں، پریشانیوں اور مصیبتوں پر صبر کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

اجتماع کے دوران صلوۃ الحاجات ادا کی گئی،دعائے شفاء کا اہتمام کیا گیا جبکہ مریضوں کے لئے تعویذاتِ عطاریہ، اورادِ عطاریہ، امیرِ اہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کا دم شدہ پانی، اور ہیپاٹائٹس کے مریضوں کے لئے اوتارہ کا عمل کیا گیا۔ اس کے علاوہ مختلف مریضوں کے لئے استخارہ بھی کیا گیا ۔ (رپورٹ: محمد محسن عطاری ڈسٹرکٹ ڈمہ دار ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)

دعوتِ اسلامی کے شعبہ روحانی علاج کے تحت ہونے والے دینی کاموں کا فالو اپ لینے کے لئے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں 25 مئی 2025ء کو کراچی سٹی کے ڈسٹرکٹ ذمہ دار اسلامی بھائیوں کی میٹنگ ہوئی۔

اس میٹنگ میں شعبے کے نگران مولانا انور رضا عطاری مدنی نے ذمہ دار اسلامی بھائیوں سے مشاورت کرتے ہوئے مختلف امور پر اُن کی رہنمائی کی جن کی تفصیل یہ ہے:٭شعبہ روحانی علاج کے بستوں پر آنے والے اسلامی بھائیوں کا ڈیٹا مکمل کرنا٭بستوں پر آنے والے اسلامی بھائیوں کو عطاری بنانا٭12 دینی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا۔

علاوہ ازیں شعبے کے نگران مولانا انور رضا عطاری نے اسلامی بھائیوں کی ذہن سازی کرتے ہوئے انہیں شعبے کے دینی کاموں میں مزید بہتری لانے کا ذہن دیا جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتیں کیں۔ (رپورٹ: سمیر علی عطاری آفس اسسٹنٹ ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)

دعوتِ اسلامی کے تحت سندھ کے شہر مورو میں جامعۃ المدینہ گرلز  کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ اس پُروقار موقع پر افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں جامعہ کے لئے جگہ فراہم کرنے والے اسلامی بھائی، مقامی عاشقانِ رسول اور مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران نے شرکت کی۔

تقریب میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمد فاروق جیلانی عطاری نے سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے بچیوں کی دینی تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ”بچیوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنا محض ایک فرد کی اصلاح نہیں بلکہ ایک پورے خاندان کی اصلاح کا ذریعہ بن سکتا ہے“۔رکن شوریٰ کی جانب سے شرکا کو اپنی بچیوں کو جامعۃ المدینہ میں داخل کروانے، دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ ہونے اور نیکی کے کاموں میں تعاون کرنے کی بھرپور ترغیب دی گئی۔

اجتماع کے اختتام پر رکنِ شوریٰ نے دعا کروائی۔ بعد ازاں انہوں نے ذمہ داران کے ہمراہ جامعۃ المدینہ کی عمارت کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔ 


پنجاب کے شہر ملتان کی معروف نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں دعوتِ اسلامی کے شعبہ رابطہ برائے میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کے تحت ایک سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں 1st Yearکے اسٹوڈنٹس نے شرکت کی۔ اس موقع پر Neurosurgery ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر اعظم، Urology ڈیپارٹمنٹ کے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹر محمد مزمل شاد اور میڈیکل ہاؤس آفیسر ڈاکٹر عبداللہ بھی موجود تھے۔

سیشن کے دوران شعبہ رابطہ برائے میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کے صوبائی ذمہ دار نے طلبہ کو شریعت کے مطابق زندگی گزارنے، احکامِ الٰہی پر عمل پیرا ہونے اور اپنے پروفیشن کے ذریعے دین کی خدمت کرنے کا ذہن دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ قرآن پاک کی تلاوت کرنے اور دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والے مختلف کورسز میں شرکت کرنے کی ترغیب دلائی گئی۔


23 مئی 2025ء کو دعوتِ اسلامی کے تحت مسجد فرید الاسلام ایمسٹرڈیم (Amsterdam) نیدرلینڈ میں حج ٹریننگ سیشن منعقد ہوا جس میں حج پر جانے والے اسلامی بھائیوں سمیت دیگر عاشقانِ رسول شریک ہوئے۔

مبلغ دعوتِ اسلامی حاجی سرفراز عطاری نے شرکا کو حج کے تمام مراحل کی تفصیلی اور مرحلہ وار رہنمائی فراہم کی۔ دورانِ سیشن حج کی فضیلتیں، حج کے ارکان، احرام باندھنے کا طریقہ، مناسک حج، طواف، قربانی، وقوف عرفہ، منیٰ، رمی اور دیگر فقہی مسائل پر گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر دعوتِ اسلامی کی جانب سے ایک اہم اور مفید کتاب "نماز کے احکام" کا تعارف بھی کروایا گیا جو اب ڈچ زبان میں بھی دستیاب ہے۔


پنجاب کے شہر ملتان میں قائم مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں دعوت اسلامی کے تحت سنتوں بھرا اجتماع ہوا جس میں دعوتِ اسلامی کے مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران، Volunteers اور عاشقانِ رسول نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجتماع میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمد سلیم عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا۔ بیان میں قربانی کے بابرکت موقع پر دعوتِ اسلامی کے تحت جاری دینی و فلاحی کاموں میں بھرپور حصہ لینے، قربانی کی کھالیں جمع کرنے اور دعوتِ اسلامی کے 12 دینی کاموں کو اپنی زندگی کا حصہ بنانے کی بھرپور ترغیب دلائی گئی۔

رکن شوریٰ نے اسلامی بھائیوں کو اپنی آئندہ نسلوں کی دینی تعلیم پر توجہ دینے کی نصیحت کرتے ہوئے جامعات المدینہ اور مدارس المدینہ میں بچوں کو داخل کروانے کی دعوت دی تاکہ وہ علمِ دین سے آراستہ ہو کر دین و دنیا کی بھلائیاں حاصل کر سکیں۔


عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں دعوتِ اسلامی کے شعبہ رابطہ برائے شوبز ڈیپارٹمنٹ کے تحت ”احکامِ قربانی کورس“ کا انعقاد کیا گیا اس کورس میں شوبز سے وابستہ افراد اور شعبے کے ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

کورس میں دارُالافتاء اہلِ سنت کے مفتی محمد جمیل عطاری نے شرکا کو قربانی کے شرعی احکام و مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

مفتی محمد جمیل عطاری نے شرکا کو بتایا کہ ٭قربانی کن افراد پر واجب ہے اور کن پر نہیں؟ ٭کن عیوب والے جانوروں کی قربانی نہیں ہوتی؟ ٭قربانی کے گوشت کی تقسیم اور کھال کے مصرف کے بارے میں کیا شرعی احکام ہیں؟، اس کے علاوہ دیگر کئی فقہی نکات اور مسائل کو سادہ اور مؤثر انداز میں بیان کیا۔

اس کے علاوہ شرکا کی جانب سے کئے گئے مختلف سوالات کے جوابات بھی مفتی صاحب نے مدلل انداز میں دیئے۔ کورس کے اختتام پر مفتی محمد جمیل عطاری نے خصوصی دعا بھی کروائی۔


سندھ کے شہر حیدرآباد میں آٹو بھان روڈ پر قائم ایک نجی بینک کے ریجنل ہیڈ آفس میں دعوتِ اسلامی کے شعبہ پروفیشنل فورم کے زیر اہتمام ایک سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیشن میں بینک کی مختلف برانچز کے منیجرز اور ریجنل ہیڈ آفس کی مینجمنٹ نے شرکت کی۔

دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمد ایاز عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا جس میں انہوں نے شرکا کو دعوتِ اسلامی کے مختلف شعبہ جات کا تعارف پیش کیا اور عالمی سطح پر ہونے والے دینی و فلاحی کاموں سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا۔

بیان کے دوران رکنِ شوریٰ نے شرکا کو نماز کی پابندی، علمِ دین حاصل کرنے، دین کی خدمت کرنے اور دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ ہونے کی ترغیب دی۔ اجتماع کے اختتام پر خصوصی دعا بھی کروائی گئی۔


دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران، مولانا محمد عمران عطاری، جرمنی کے دورے کے بعد یورپی ملک پرتگال (Portugal) پہنچے جہاں دارالحکومت لسبن (Lisbon) میں سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ اس اجتماع میں بزنس کمیونٹی اور چیمبر آف کامرس سے تعلق رکھنے والے عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے ہوا۔

نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنتوں بھرا بیان فرمایا جس میں انہوں نے نماز، زکوٰۃ اور حج کی اہمیت پر مدلل انداز میں روشنی ڈالی اور شرکا کو ان کی ادائیگی کا ذہن دیا۔


22 مئی 2025 کو دعوتِ اسلامی کے فلاحی ادارے فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن (FGRF) اور ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کورنگی (TMC Korangi) کے اشتراک سے شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا۔ اس سلسلے میں شارعِ عطارکورنگی میں پودے لگانے کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں دونوں اداروں کے ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس موقع پر نگران ڈویژن ایسٹ کراچی حاجی رضا عطاری مدنی، FGRF کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز، ٹاؤن چیئرمین نعیم شیخ، میونسپل کمشنر غلام فرید، اسسٹنٹ کمشنر محمد حسین کھوسو، مختلف یونین کونسلز کے چیئرمینز، ڈائریکٹرز، دیگر افسران اور دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران شریک ہوئے۔

نگران ڈویژن ایسٹ کراچی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”درخت نہ صرف آلودگی سے پاک ماحول فراہم کرتے ہیں بلکہ صاف و شفاف آب و ہوا کے لئے بھی ناگزیر ہیں۔ شجرکاری نہ صرف دنیاوی فائدہ دیتی ہے بلکہ اچھی نیتوں کے ساتھ کی جائے تو آخرت میں بھی باعثِ اجر بن سکتی ہے“۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹاؤن چیئرمین نعیم شیخ اور اسسٹنٹ کمشنر محمد حسین کھوسو نے دعوتِ اسلامی اور FGRF کی دینی و فلاحی خدمات کو سراہا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اختتامِ تقریب پر نگران ڈویژن ایسٹ کراچی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز (FGRF)، ٹاؤن چیئرمین، میونسپل کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر نے باہمی طور پر پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ بعد ازاں اجتماعی طور پر دعائے خیر بھی کی گئی۔


 اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں مری روڈ پر دعوتِ اسلامی کے تحت نئے فیضان اسلامک سینٹر کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر افتتاحی تقریب کا اہتمام ہوا جس میں علمائے کرام، تاجران، مقامی عاشقانِ رسول، دعوتِ اسلامی کے مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران اور طلبہ بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

تقریب میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی وقارالمدینہ عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے دعوتِ اسلامی کے مختلف شعبہ جات کا تعارف کرواتے ہوئے شرکا کو نیک اعمال کی رغبت دلائی اور دین و دنیا کی تعلیم کے فروغ کے لئے فیضان اسلامک سینٹر میں بچوں کو داخل کروانے کا ذہن دیا۔

اجتماع کے اختتام پر رکنِ شوریٰ نے خصوصی دعا کروائی۔ بعد ازاں دعوتِ اسلامی کے متعلقہ ذمہ داران نے حاجی وقارالمدینہ عطاری کو اسلامک سینٹر کی عمارت کا تفصیلی وزٹ بھی کروایا۔ وزٹ کے بعد رکن شوریٰ کا کہنا تھا کہ ”فیضان اسلامک سینٹر نہ صرف دینی تعلیم کا مرکز ہوگا بلکہ دنیاوی تعلیم کے حوالے سے بھی ایک مثالی ادارہ ثابت ہوگا۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہر بچہ علمِ دین کے ساتھ ساتھ دنیاوی میدان میں بھی نمایاں ہو“۔


دعوتِ اسلامی کی جانب سے دینی تعلیم کے فروغ کے لئے ایک اور عملی قدم اٹھاتے ہوئے بنگلہ دیش کے شہر پٹیا (Patiya) کے علاقے میں واقع جامع مسجد عبد الستار سے متصل مدرسۃ المدینہ کی نئی برانچ کا افتتاح کر دیا گیا۔

اس پُر مسرت موقع پر سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقے بھر سے عاشقانِ رسول، اسلامی بھائی، مقامی ذمہ داران اور مبلغین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجتماع سے رکنِ شوریٰ مولانا عبدالمبین عطّاری نے سنتوں بھرا بیان کیا جس میں انہوں نے مدرسۃ المدینہ کی اہمیت، دینی تعلیم کی ضرورت اور سنتوں پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب دی۔رکن شوریٰ نے شرکا کو دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں بھرپور شرکت کی دعوت دی اور علاقائی سطح پر دینی درسگاہ کے قیام کو عظیم نعمت قرار دیا۔

دعوتِ اسلامی کی اس کاوش کو عوامی، تعلیمی اور سماجی حلقوں کی طرف سے زبردست پذیرائی حاصل ہوئی اور اسے دینی خدمات کے میدان میں خوش آئند قرار دیا۔