ویسے تو رمضانُ المبارک کی ہر گھڑی رحمتوں اور برکتوں سے بھری ہوئی ہےجیساکہ احادیثِ مبارکہ میں موجود ہے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ رمضانُ المبارک میں روزانہ افطار کے وقت10 لاکھ ایسے گناہ گاروں کو جہنم سے آزاد فرماتا ہے جن پر گناہوں کی وجہ سے جہنم واجب ہو چکی تھی لیکن اللہ عزوجل نے امتِ محمدیہ کو اس مہینے میں ایک ایسی رات سے بھی نوازا ہے جس میں اتنی رحمتِ الٰہی نازل ہوتی ہیں جن کا شمار نہیں کیا جاسکتا۔اس رات میں عبادت کرکے بندہ نہ صرف اپنے گناہوں کو بخشواتا ہے بلکہ اللہ عزوجل کا قرب بھی حاصل کرتاہے ۔ اس رات کو اللہ عزوجل نے ماہِ رمضانُ المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں پوشیدہ رکھا ہے جسے لَیْلَۃُالْقَدرکہا جاتا ہے جو کہ ہزار مہینوں سے افضل ہے اوریہ رات امتِ محمدیہ ﷺکے ساتھ خاص ہے(یعنی صرف امتِ محمدیہ کو عطاء کی گئی ہے) نیز اس رات کی فضیلت پر قراٰن و احادیث کی کثیر آیتیں اور روایتیں دال ہیں۔

شبِ قدر میں قراٰن کا نزول:

اس رات کی قدرو منزلت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ نےاسی رات آسمانِ دنیا میں یکبار قرآنِ مجید نازل کیا جیساکہ قرآنِ کریم میں ارشادِ خدا وندی ہے:اِنَّاۤ اَنْزَلْنٰهُ فِیْ لَیْلَةِ الْقَدْرِ ترجمۂ کنزالایمان :بیشک ہم نے اس قرآن کو شب ِقدر میں نازل کیا۔

تفسیردرِّ منثورمیں ہے کہ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہُ عنہمافرماتے ہیں: اللہ عزوجل نے لوحِ محفوظ سے بیت العزت (جو کہ آسمانِ دنیا میں ہے)کی طرف ایک ہی دفعہ پورا قراٰنِ کریم شبِ قدر میں نازل فرمایا۔

شب قدر کی فضیلت پراحادیثِ مبارکہ:

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنے صحابۂ کرام کو خوشخبری دیتے ہوئے ارشاد فرمایا:تمہارے پاس ماہِ رمضان آیا ہے جو بَرَکت والا ہے۔اس مہینے میں ایک رات ہے(یعنی شبِ قدر) جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے (ملخص) ۔(سنن نسائی، کتاب الصیام، 355/2103)

حضرتِ سیِّدُنا ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ شہنشاہِ دو عالم حضرت محمد کا فرمانِ عالیشان ہے: جو ایما ن کی وجہ سے اور ثواب کے لئے شب ِ قدر کا قیام کرے اس کے گزشتہ گناہ بخش دیئے جائیں گے۔ (صحیح البخاری ،کتاب الصوم ، باب من صام رمضان ایمان واحتساب ونیۃ، 1/6256 الحدیث 1901 )

حضرت سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا:جب شبِ قدر ہوتی ہےتو جبرئیلِ امین علیہ السّلام ملائکہ کی جماعت کے ساتھ اترتے ہیں اور ہر قیام و قعود کرنے والے بندے پر جو اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے ذکر و عبادت میں مشغول ہو(اس کے لئے) دعا کرتے ہیں۔( شعب الایمان،باب فی الصیام،3/343، الحدیث ۳۷۱۷)

شبِ قدر ملنے کی وجہ:

امام مالک رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں کہ حضور ﷺ نے جب پچھلی امتوں کے لوگوں کی عمروں پر توجہ فرمائی تو آپ ﷺ کو اپنی امت کے لوگوں کی عمریں کم معلوم ہوئیں۔آپ ﷺ نے یہ خیال فرمایاکہ گزشتہ لوگوں کے مقابلے میں ان کی عمریں کم ہیں تو ان کی نیکیاں بھی کم رہیں گی تو اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے آپ ﷺ کو شبِ قدر عطاء فرمائی جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔(الموطا، کتاب الاعتکاف، باب ماجاء فی لیلۃالقدر،1/295،الحدیث 761)

شبِ قدر کن راتوں میں تلاش کی جائے؟

شبِ قدر کی تعیین کے بارے میں علمائے کرام کا بڑا اختلاف ہے، بعض کے نزدیک شبِ قدررمضانُ المبارک کی پہلی رات، بعض کے نزدیک اکیسویں رات، بعض کے نزدیک تیئسویں رات، بعض کے نزدیک پچیسویں رات، بعض کے نزدیک ستائیسویں رات، بعض کے نزدیک انتیسویں رات اور بہت سے علمائے کرام کا یہ قول ہے کہ شبِ قدر رمضانُ المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں منتقل ہوتی رہتی ہے جیساکہ کثیر احادیثِ صحیحہ میں بھی مذکور ہے۔

شبِ قدر کی علامت:

حضرت سیدنا جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ سےمروی ہےکہ سرکار ﷺ کا فرمانِ عالیشان ہے:میں نے شبِ قدر کو دیکھا پھر مجھے بھلادی گئی، لہٰذا تم اسے رمضان کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں تلاش کرو۔اور یہ ایک خوشگوار رات ہے، نہ گرم، نہ سرد اس رات چاند کے ساتھ شیطان نہیں نکلتا یہاں تک کہ فجر طلوع ہو جاتی ہے۔(صحیح ابنِ خزیمہ، کتاب الصیام، باب صفۃ لیلۃ القدر بنفی الحر و البرد ، 3/330،الحدیث2190)

لیلۃالقدر کی دعا:

حضرت سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہُ عنہا فرماتی ہیں:میں نے بارگاہِ رسالت ﷺ ،میں عرض کی، یا رسولُ اللہﷺ اگر مجھے شبِ قدر کا علم ہوجائے تو میں کیا دعا کروں؟ تو حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:تم یہ دعا کرو’’اَللّٰھُمَّ اِنَّکَ عَفُوٌّ کَرِیْمٌ تُحِبُّ الْعَفْوَ فَاعْفُ عَنِّیْ‘‘ یعنی اے اللہ عَزَّ وَجَلَّ تو بہت معاف کرنے والا کرم فرمانے والا ہے۔ معاف کرنے کو پسند فرماتا ہے، پس مجھے معاف فرما۔ (جامع الترمذی ،کتاب الدعوات،باب ماجاء فی جامع الدعوات عن رسول اللہ،5/306، الحدیث3513)

تمام بھلائیوں سے محروم رہ گیا:

حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:جب رمضانُ المبارک شروع ہوتا تو رسولُ اللہﷺ ارشاد فرماتے:یہ جو مہینہ شروع ہوا ہے ، اس میں ایک رات ایسی ہے جو ہزار مہینوں سے افضل ہے۔جو اس سے محروم رہ گیا تو وہ تمام بھلائی سے محروم کر دیا گیا اور اس کی بھلائی سے بد بخت ہی محروم رہتا ہے۔(سنن ابنِ ماجہ، کتاب الصیام، باب ماجاء فی فضلِ شہرِ رمضان،2/297، الحدیث 1644)

پیارے اسلامی بھائیوں:اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے ہمیں ایسی بابرکت رات سے نوازا ہے جس میں رحمتِ الٰہی برستی رہتی ہے، ہمیں چاہیئے کہ اس بابَرَکت رات کو اللہ پاک کی عبادت و ریاضت اورخوب ذکر واذکار میں گزاریں، نوافل پڑھیں، اپنے تمام سابقہ گناہوں سے توبہ کریں اور آئندہ گناہ نہ کرنے کا پختہ ارادہ کریں۔

شبِ قدرمیں پڑھے جانے والے نوافل:

٭ چار رکعت نفل پڑہیں: ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ تکاثر ایک مرتبہ اور اس کے بعد سورۂ اخلاص تین مرتبہ پڑھیں تو موت کی سختیوں سے آسانی ہوگی اور عذابِ قبر سے محفوظ رہے گا۔(فضائل الایام،441 مطبوعہ مکتبہ نوریہ رضویہ)

٭دو رکعت نفل پڑہیں:ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص سات مرتبہ پڑہیں۔سلام پھیرنے کے بعد سات مرتبہ ’’اَسْتَغْفِرُاللّٰہ‘‘ پڑھے تواپنی جگہ اسے اٹھے گا کہ اس پر اور اس کے والدین پر رحمتِ خدا برسنی شروع ہو جائے گی۔(ایضاً)

٭ چار رکعت نفل پڑہیں: ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ قدر ایک مرتبہ اور سورۂ اخلاص ستائیس مرتبہ پڑھے تو یہ شخص گناہوں سے ایسا پاک ہو جائے گا کہ گویا آج ہی اپنی ماں کے پیٹ سے پیدا ہوا ہے اور اللہ عَزَّ وَجَلَّاس کو جنت میں ہزار محل عنایت فرمائے گا۔(ایضاً)

از: غیاث الدین عطاری مدنی

اسلامک اسکالر، اسلامک ریسرچ سینٹر(المدینۃ العلمیہ)


پچھلے دنوں کاہنہ نولاہور میں قائم دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں ایک ماہ اور آخری عشرے کا اعتکاف کرنے والے عاشقانِ رسول کےلئے بعد نمازِ فجر سیکھنے سکھانے کا حلقہ لگایا گیا جس میں معتکفین سمیت دیگر اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

اس حلقے میں رکنِ مرکزی مجلسِ شوریٰ و نگرانِ لاہور ڈویژن حاجی یعفور رضا عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا اور اسلامی بھائیوں کو مدنی پھولوں سے نوازا۔بعدازاں رکنِ شوریٰ نے اعتکاف کی انتظامیہ کا مدنی مشورہ کیا جس میں انہوں نے مختلف موضوعات پر کلام کرتے ذمہ داران کی تربیت کی۔(رپورٹ:غلام یاسین عطاری دفتر ذمہ دار، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام پچھلے دنوں قذافی اسٹیڈیم لاہور کی جامع مسجد میں معتکفین کی تربیت کے لئے سیکھنے سکھانے کا حلقہ لگایاگیا جس میں دیگر عاشقانِ رسول کی بھی شرکت رہی۔

دورانِ حلقہ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی یعفور رضا عطاری نے سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے معتکفین کو کثرت کے ساتھ عبادت کرنےاور زیادہ سے زیادہ ذکر و اذکار کرنے کی ترغیب دلائی۔بعدازاں رکنِ شوریٰ نے معتکفین کے ساتھ سحری بھی کی۔(رپورٹ:غلام یاسین عطاری دفتر ذمہ دار، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


پنجاب و کراچی سے آئے ہوئے ٹک ٹاکرز اور یوٹیوبرز نے گزشتہ دنوں دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں حاضری دی جہاں ذمہ داران نے انہیں خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر رکنِ مرکزی مجلسِ شوریٰ و نگرانِ کراچی سٹی مشاورت حاجی محمد امین عطاری نے وہاں موجود اسلامی بھائیوں کی دینی و اخلاقی اعتبار سے تربیت کی اور انہیں مدنی پھولوں سے نوازا۔

اس کے علاوہ کورنگی کے علاقے حضرت بلال کالونی میں پٹھان اسلامی بھائیوں کے درمیان افطار اجتماع منعقد کیا گیا جس میں رکنِ شوریٰ نے سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے انہیں سرکار علیہ السلام کی سیرتِ طیبہ کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کا ذہن دیا نیز دعوتِ اسلامی کی دینی و فلاحی خدمات کے بارے میں بتایا۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


پچھلے دنوں پنجاب پاکستان کے ٹاؤن رائے ونڈ میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام افطار اجتما ع کا انعقاد کیا گیا جس میں عاشقانِ رسول کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس اجتماعِ پاک میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی یعفور رضا عطاری نے ’’سرکارﷺ کے اسوۂ حسنہ‘‘ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے عاشقانِ رسول کو حضور ﷺ کے حسنِ اخلاق کے بارے میں بتایا۔(رپورٹ:غلام یاسین عطاری دفتر ذمہ دار، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


علمائے کرام انبیا کے وارث ہیں، فرشتے علم والوں کی دوستی میں رغبت کرتے ہیں۔25 اپریل 2022ء بروز پیر عرب سے تشریف لانے والےعلمائے کرام شیخ ڈاکٹر یاسر جبر (مصر)، شیخ قریب اللہ ناصر الکبری (نائیجیریا)، شیخ فاتح قریب اللہ الکبری (نائیجیریا) سمیت دیگر اسلامی بھائیوں نے دارالمدینہ کیمپس اور دارالمدینہ ہیڈ آفس کراچی کا دورہ کیا۔

اس دورے میں علمائے کرام کو دارالمدینہ سے متعلق تعارفی بریفنگ دی گئی اور ادارے کے مختلف شعبوں ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ، ایجوکیشن مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ، ٹریننگ اینڈ انسپکشن اوردینیات ڈیپارٹمنٹ کا دورہ بھی کروایا گیا۔

اس کے علاوہ علمائے کرام کو ان ڈیپارٹمنٹس کے تعارف، مقاصد تعلیمی، تربیتی اور نصاب تعلیم میں ان کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا جس پر انہوں نے دارالمدینہ کے اچھے تعلیمی و تربیتی نظام پر شعبہ دارالمدینہ کی کاوشوں پر حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ ایجوکیشن انڈسٹری میں دارالمدینہ کے کردار کو سراہتے ہوئے اپنے تاثرات بھی دیئے۔(رپورٹ:غلام محی الدین ترک اردو کونٹینٹ رائٹر سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ ،ہیڈ آفس کراچی، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)


دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم کے تحت25 اپریل 2022ء بروز پیر گجرات، راولپنڈی، واہ کینٹ، سیالکوٹ اور فیصل آباد کے مختلف کیمپسز میں افطار اجتماعات کا سلسلہ ہوا۔ان اجتماعات کا آغاز تلاوتِ قراٰنِ پاک اور نعت رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔

ان اجتماعات میں مبلغین دعوت اسلامی نے مختلف موضوعات پر سنتوں بھرے بیانات کئے۔مناجات اور دعا کا سلسلہ رہا۔بعدازاں اسٹوڈنٹس اور ان کے سرپرستوں کے لئے افطاری کا بھی اہتمام کیا گیا۔(رپورٹ:غلام محی الدین ترک اردو کونٹینٹ رائٹر سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ ،ہیڈ آفس کراچی، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)


طلبہ مستقبل کے معمارہیں، مخلص اور محنتی طلبہ نہ صرف اپنی قوم کا اثاثہ ہیں بلکہ ایک اچھا اور ترقی یافتہ معاشرہ قائم کرنے میں اپنی قوم کی مدد بھی کرتے ہیں۔دُنیاکے روشن مستقبل کا دارومدار ہونہار، مستقل مزاج، باکردار اور اپنے وطن وقوم سے محبت رکھنے والے طلبہ پر ہے۔

اسی سلسلے میں گزشتہ دنوں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رُکن حاجی محمد اطہر عطاری کا دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم کے میٹرک کے موجودہ اور پاس آؤٹ طلبہ کے ساتھ میٹ اپ کا سلسلہ ہوا۔

اس موقع پر رُکن ِشوری نے طلبہ کی معاشرے کا کارآمد فرد بننے کے حوالے سے تربیت کی اورانہیں دعوت اسلامی کے دینی کاموں میں حصہ لینے کی دعوت دی نیز تربیتی اعتکاف میں شرکت کا ذہن دیا۔(رپورٹ:غلام محی الدین ترک اردو کونٹینٹ رائٹر سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ ،ہیڈ آفس کراچی، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)


زندگی کے ہر شعبے سے وابستہ افراد کی کارکردگی کو نکھارنے کے لئے تربیت کی ضرورت اور اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔تربیت کی بدولت افراد کو ہمہ وقتی ذہنی اور جسمانی محنت و مشق کے لئے تیار کیا جاتاہے۔گزشتہ دنوں شعبہ ٹریننگ اینڈ انسپکشن دارالمدینہ اور ٹریننگ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ، دعوت ِاسلامی کے اشتراک سے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں 5Sکے موضوع پر دو روزہ ٹریننگ کا انعقاد ہوا۔

اس ٹریننگ میں ڈائریکٹر ٹریننگ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ فرید احمد عطاری نے دار المدینہ کے ذمہ داران کی تربیت کی جبکہ ہیڈ آف ٹریننگ اینڈ انسپکشن دارالمدینہ مدنی خان نے ابتدا میں ٹریننگ کا تعارف کروایا، بعدازاں فرید احمد عطاری نے ٹریننگ کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ادارے کے لئے صفائی ستھرائی، چیزوں کے پھیلاؤ سے بچنے، انہیں منظم کرنے، نظم و نسق بہتر بنانے، کام کے معیار کو بہتر اور بروقت بنانے کے لئے 5Sکی ٹریننگ بہت معاون ہے۔

اس ٹریننگ میں 5Sکے پورے نظام سے متعلق آگاہی دی گئی اور اس بات کی بھی وضاحت کی گئی کہ دارالمدینہ میں کس طرح 5Sکا اطلاق ہوگا۔امید ظاہر کی جارہی ہے کہ جلد ہی دارالمدینہ کے تمام اسکولز میں اس کا نفاذ ممکن ہوسکے گا تاکہ دارالمدینہ کے طلبہ بھی دنیا کے بہترین اسکولنگ سسٹم کے طلبہ کا مقابلہ کرسکیں۔(رپورٹ:غلام محی الدین ترک اردو کونٹینٹ رائٹر سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ ،ہیڈ آفس کراچی ، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)


اپنی زندگی کو خوفِ خدا، اطاعت رسولﷺ اور علم دین سیکھنے سکھانے کے لئے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں14 اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں معتکفین اور دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔

امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےعاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

بعد نماز عصر ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: امیراورغریب رشتہ داروں کو آپس میں کس طرح رہنا چاہئے؟

جواب :امیروں کو چاہئے کہ اپنے غریب رشتہ داروں کی مالی مددکر یں، غریب رشتہ داروں کو بھی چاہئے کہ کہ وہ امیررشتہ دار سے بدگمانی اورنفرت نہ کریں، بلکہ اپنی غربت پر صبرکر یں، جوغریب صبرکرنے والاہوتاہے اس کے بڑے فضائل ہیں۔ (مکتبۃ المدینہ کے رسالے"غریب فائدے میں ہے"کا مطالعہ بے حد مفید رہے گا۔ان شاۤء اللہُ الکریم)

سوال:رزق میں برکت اورمالدارہونے کاوظیفہ بتادیجئے؟

جواب: رزق میں برکت کے لیے’’ یَارَزَّاقُ‘‘ کاوردکریں ،امیرہونا چاہتے ہیں تو ’’یَاغَنِیُّ‘‘ کا وردکریں ،اسی طرح دعاکررہے ہیں تو ’’یَاخَیْرَالرَّازِقِیْن ‘‘پڑھ کر اللہ پاک سے دعاکریں۔

سوال: سارے کام پورے ہوجائیں ،اس کےبارے میں کوئی وردبتائیے؟

جواب: روزانہ100 مرتبہ ’’یَامُؤَخِّرُ“کا وردکریں۔

سوال:آجکل شادی بہت مہنگی ہوگئی ہے اس بارے میں کچھ ارشادفرمائیں؟

جواب:اسلامی شادی تو بہت سستی ہے ،حق مہر بعد میں بھی دیا جاسکتاہے ،ولیمے پر بہت خرچ نہیں ہوتا ،ہمارے پیارے آقاصلی اللہ علیہ والہ وسلم نے اپناجو سب سے بڑاولیمہ فرمایااس میں صرف ایک بکری ذبح کی گئی، غلط رسم ورواج کےوجہ سے آجکل شادیاں بہت مہنگی ہوگئی ہیں، ان رسم ورواج کو چھوڑکر سستی شادیاں کیجئے؟

سوال:جو آخرت میں خوش ہونا چاہتاہے تو وہ کیا کرے؟

جواب:اگرجنّت میں خوشی خوشی داخل ہونا چاہتے ہیں تو دنیامیں اپنے گناہوں پرغمگین ہوکرتوبہ کریں ۔

بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال:چھوٹے بچوں کا موٹر سائیکل چلانے کے بارے میں آپ کیافرماتے ہیں؟

جواب: جس کاموٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس نہ ہواُسے موٹرسائیکل نہیں چلانی چاہئے ، ایکسیڈنٹ ہونے کا خطرہ ہے ،قانونی جرم بھی ہے، بڑوں کو چاہئے کہ وہ بچوں کو موٹرسائیکل چلانے کے لیےچابی نہ دیں۔

سوال: بعض بچے جن کی عمر تقریباً13سے19سال (Teenage)ہوتی ہے،یہ والدین سےموٹرسائیکل چلانے کی ضدکرتے ہیں، انہیں کیسے سمجھائیں؟

جواب: ایک بار بھی اجازت نہ دیں ،کیونکہ ان کا موٹرسائیکل چلاناقانونی جرم ہے ،اپنے آپ کو ذلت پرپیش کرنا ہے،انہیں بتائیں یہ قانونی جرم ہے ۔

سوال : موٹرسائیکل کیسی سواری ہے؟

جواب: موٹرسائیکل موت کا گولاہے ،چلانے والے کواُڑادے گا یا کسی اورکو اُڑادے گا،سب سےپُرامن(Peaceful) سواری ہوائی جہازاورسب سے خطرناک سواری موٹرسائیکل ہے۔

سوال:حسدکے بارے میں کچھ ارشادفرمادیجئے؟

جواب: حسدبہت بری بُلاہے ،فرمانِ مصطفےٰ (صلی اللہ علیہ والہ وسلم):حَسَد سے بچو، یہ نیکیوں کو اس طرح کھاتا ہے جیسے آگ خشک لکڑ ی کو۔ (ابوداؤد،4 / 360 ، حدیث : 4903 )یہ باطنی مرض ہے، کسی کے بارے میں ہم یہ نہیں کہ سکتے تم مجھ سے حسدکرتے ہو، حسدکی تعریف یہ ہے کہ کسی کے پاس کوئی خوبی مثلاً حُسن ہے، اس کے بارے میں یہ ارادہ کرنا کہ یہ نعمت اس سے چھن جائے۔

سوال:دعوتِ اسلامی کے تحت اعتکاف کے کیا فوائدہیں ؟

جواب: دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والے اعتکاف میں علم دین سکھایا جاتاہے،درست قرآن کریم پڑھنے کا طریقہ بتایا جاتاہے، دعائیں یادکروائی جاتی ہیں ،کئی نوجوان ہمارے ہاں معتکف ہوئے تو ان کی زندگیوں میں انقلاب آگیا ،نگران شوریٰ بھی ان میں سے ایک ہیں، یہ اجتماعی اعتکاف کا تحفہ ہیں۔

سوال: ماہ رمضان میں اعتکاف کرنے کی کیافضیلت ہے ؟

جواب :فرامینِ مصطفےٰ (صلی اللہ علیہ والہ وسلم ) : (1)جو شخص اﷲ پاک کی رضا کے لئے ایک دن اعتکاف کرتا ہے، اﷲ پاک اس کے اور دوزخ کے درمیان تین خندقوں کا فاصلہ کردیتا ہے۔ ہر خندق مشرق سے مغرب کے درمیانی فاصلے سے زیادہ ہے۔ ( طبرانی، المعجم الاوسط، 7 :  221، رقم :  7326)(2)وہ (یعنی معتکف) گناہوں سے کنارہ کش ہو جاتا ہے اور اُسے عملاً نیک اعمال کرنیوالے کی مثل پوری پوری نیکیاں عطا کی جاتی ہیں۔ ( ابن ماجه،2 / 376، رقم ،21781 ) (3) جس شخص نے ماہِ رمضان میں دس دن کا اعتکاف کیا، اس کا ثواب دو حج اور دو عمرہ کے برابر ہے۔( شعب الايمان ، 3 :  425، رقم :  3966)

سوال: آپ کو المدینۃ العلمیہ کا کون سارسالہ یا کتاب زیادہ پسندہے؟

جواب:باپ کو اپنی ساری اولادسے پیارہوتاہے ،سارے رسالے اورکتابیں بہت محنت سے تیارہوتے ہیں ،اب میں کیسے کہوں کہ فلاں پسندہے۔

سوال: کیا بچے کی ہرفرمائش پوری کی جائے؟

جواب: ہرفرمائش پوری نہ کی جائے ،آج چھوٹی فرمائش پوری کریں گے تو کل وہ بڑی فرمائش کردے گا۔بچوں کو ’’نہیں ‘‘سننے کا عادی بنائیں ۔

سوال:سُرمہ لگانے کے کیافوائد ہیں ؟

جواب:جیساسرمہ ویسے فوائدمثلاً اثمدسُرمے کے بارے میں ہے کہ یہ پلکیں اُگاتااورنظرکو تیز کرتاہے ،طرح طرح کے سُرمے آتے ہیں ،ہوسکتاہے ان کے اپنے اپنے فوائدہوں۔

سوال : جب آسمانی بجلی چمکے توکیاکرناچاہئے؟

جواب: بادل کی گرج اور آسمانی بجلی کے چمکنے کے وقت یہ دعاپڑھی جائے: اَللّٰهُمَّ لَا تَقْتُلْنَا بِغَضَبِكَ وَ لَا تُهْلِكْنَا بِعَذَابِكَ وَ عَافِنَا قَبْلَ ذٰلِكَ۔ ( ترمذی جلد2 /183)،ترجمہ:"اے اللہ!تُواپنے غضب سے ہمیں نہ مار، اپنے عذاب کے ذریعے ہمیں ہلاک نہ فرمااور ایسے بُرے وقت کے آنے سے پہلے ہمیں بخش دے"۔جب بادل گرجیں یا بجلی چمکے تواللہ پاک کا ذکر کرناچاہئے ۔

سوال: اگرہمیں لگے کہ فلاں مغرورہے تو اس کے ساتھ ہمیں کیا کرناچاہئے؟

جواب: اپنے احساسات(Feelings) کودرست کرناچاہئے،کسی کے بارے میں بدگمانی نہیں کرنی چاہئے ،مسلمان کاعمل اچھائی پر معمول کرناضروری ہے ،تکبریعنی دوسرے کو اپنے سےگھٹیا جاننادلی کیفیت ہے ،دلی کیفیت دوسرے کو معلوم نہیں ہوسکتی، اس لیے کسی کو متکبرقراردینا درست نہیں ۔


رمضان کی مبارک سعاتوں کے دوران عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں 13 اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں معتکفین اور دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔

امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےعاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

بعد نماز عصر ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال : ہم کسی کو سمجھائیں اوروہ نیکی کی دعوت قبول نہ کرے توہم کیا کریں؟

جواب : پیار محبت اورنرمی سے سمجھانےکا سلسلہ جاری رکھیں ، سمجھانے کا فائدہ ہی ہے، مخاطب نہ بھی سمجھے تو نیکی کی دعوت دینے کا ثواب ملے گا، کسی کو موقع کی مناسبت، حکمتِ عملی اورپیار محبت سےاگرہزارباربھی مدنی مذاکرے میں شرکت کی دعوت دی اوروہ شریک نہ ہوا،پھربھی دعوت دینے والےکو ثواب ملے گا،اِنْ شاۤء اللہ ُالکریم۔

سوال : 12 اسلامی مہینوں کے بارے میں معلوما ت کیسے حاصل ہوں؟

جواب: مکتبۃ المدینہ نے ایک کتاب شائع کی ہے،جس کا نام ہے ’’اسلامی مہینوں کے فضائل ‘‘یہ کتاب ہرگھرکی ضرورت ہے،اسے خریدفرمائیں اورمطالعہ کریں ۔ اس کتاب میں 150 سے زائد مختلف کتب و رسائل سے اسلامی مہینوں کے فضائل،عبادات اور اوراد و و ظائف شامل کیے گئے ہیں۔

سوال: روزے کی نورانیت کن کاموں سے ختم ہوجاتی ہے؟

جواب: غیبت ،جھوٹ ،چغلی وغیرہ وغیرہ گناہوں سے روزے کی نورانیت ختم ہوجاتی ہے۔

سوال: کتاب کس صورت میں زیادہ مفید ہوتی ہے؟جِلد والی (Hard Book ) یاPDFمیں؟

جواب: جِلد والی (Hard Book ) میں جولطف ہےPDF میں نہیں ،ٹیبلٹ(Tablet PC) یاموبائل سے مطالعہ کریں تو آنکھوں پر زورپڑتاہے ،گھر میں جِلد والی کتاب (Hard Book ) ہونی چاہئے۔

بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: بعض غریبوں کے پاس کھانے کے لیے بھی کچھ نہیں ہوتا،ان کو نمازاورنیکی کی دعوت کیسے دیں؟

جواب:صحابیِ رسول ،مؤذنِ رسول اللہ ،حضرت بلال حبشی رضی اللہ عنہ غلام تھے ،ان کا آقا ان پر ظلم کرتاتھا ، اس کے باوجودیہ دینِ اسلام پر جمے رہے،اس طرح سینکڑوں بزرگانِ دین کی مثالیں ہیں ،یہ واقعات انہیں بتائیں ،غریبوں میں دین پر عمل کرنے کاجذبہ زیادہ ہوتاہے، انہیں نمازاورنیکی کی دعوت ضروردینی چاہئے،انہیں توکل کا درس دیں ،روحانی علاج کے بستے سے رزق میں برکت کے وظائف بھی لے کردیں۔

سوال: اجتماعی دعامیں کیا فائدہ ہے ؟

جواب: اجتماعی دعاکے اپنے فوائدہیں ،اس میں دل لگتاہے ،لوگوں کے اجتماع میں دعاکرنا قبولیت کے زیادہ قریب ہے ،کسی کی مقبول اٰمین کی وجہ سے ہماری بھی دعاقبول ہوسکتی ہے۔

سوال: اگردورانِ نماز کسی نمازی کی کال آنا شروع ہو جائے اورقریب بیٹھا شخص جو نمازمیں نہیں، کیا وہ اس کا موبائل اس کے جیب سے نکال کر بند کرسکتاہے؟

جواب: ایسانہ کیا جائے ،ہوسکتاہے کہ وہ نمازی سمجھے کہ یہ شخص میراموبائل چوری کرنے لگاہے اورنمازتوڑدے ۔

سوال:خواتین جب موٹرسائیکل پر بیٹھیں تو برقع یاچادرکے بارے میں کیااحتیاط کریں؟

جواب: برقع اورچادرکو سنبھال کر بیٹھیں ،موٹرسائیکل کی چین پر کورنہ ہوتو اس پر نہ بیٹھیں بلکہ چین کورکے بغیرموٹرسائیکل نہ چلائی جائے ۔

سوال : حضورغوث ِاعظم سیدعبدالقادرجیلانی رحمۃ اللہ علیہ کو گیارہویں والے پیرکیوں کہاجاتاہے؟

جواب: ربیع الاخرکی 11تاریخ کوآپ رحمۃ اللہ علیہ کا وصال ہواتھا ،اس لیے ہر اسلامی مہینے کی 11 تاریخ کودنیا بھر میں آپ کو ایصال ِثواب کیا جاتاہے، اسی لیے آپ کو گیارہویں والے پیرصاحب کہاجاتاہے ۔

سوال: کیا کائنات میں 18 ہزارعالَم(جہان) ہیں؟

جواب:جی ہاں! حضرت وہب بن منبہ رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : کل 18 ہزار عالَم(جہان) ہیں، دنیا اُن میں سے ایک ہے۔

(تفسیردرمنثور 1/66)

سوال: بندہ بعض اوقات نیکی کررہا ہوتاہے مگردرست ادانہ کرنے کی وجہ سےوہ نیکی نہیں رہتی ،اس بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟

جواب : نیکی کی طرف رجحان ہوتاہے مگر بعض اوقات علمِ دین کی کمی کی وجہ سے نیکی درست اندازسے نہیں کرپاتا مثلاً نمازتو پڑھتاہے مگرنمازدرست نہ سیکھنے کی وجہ سے وہ درست ادانہیں کرتا،ہرکام سیکھنے سے آتاہے ،نیکیاں بھی کی جائیں اورنیکی کرنا سیکھا بھی جائے ، نیکی کو سلامت رکھنے کے لیے ریاکاری سےبچاجائے ،اس سے بچنے کے لیے ریا کاری کے بارے میں معلومات حاصل کرنا بھی ضروری ہے۔ (مکتبۃ المدینہ کی کتاب"باطنی بیماریوں کی معلومات"کا مطالعہ انتہائی مفید رہے گا)

سوال: آپ کس طرح کے چاول کھانا پسندفرماتے ہیں؟

جواب:جو چاول نرم پکے ہوئے ہوں ،اس میں 3 انگلیوں سے نوالہ لینا آسان ہوتاہے ،حدیث پاک میں ہے :3 انگلیوں سے کھاناانبیائے کرام کی سنت ہے ۔(550سنتیں اورآداب،21) یہ پکانا مشکل نہیں ہیں ،پانی زیادہ ڈالیں گے تو چاول نرم بن جائیں گے۔

سوال: بخارہوتو کیا پڑھنا چاہئے؟

جواب: بخارکی صورت میں ’’بِسْمِ اللہِ الْکَبِیْر‘‘بکثرت پڑھا جائے ۔

سوال: ڈراؤنے خواب نہ آئیں،اس کا کوئی وظیفہ بتادیجئے؟

جواب: سونے سے پہلے ’’یَامُتَکَبِّرُ‘‘21مرتبہ پڑھ لیا جائے۔

سوال : شیطان سے بچنے کے لیے کیاپڑھیں؟

جواب: روزانہ صبح 10مرتبہ ’’اَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ‘‘پڑھاکریں ۔

سوال: پھلوں کے چھلکے راستے میں پھینکنے کا کیا نقصان ہوتا ہے؟

جواب: پھلوں کے چھلکے راستے میں پھینکنے سےچلنے والے گِرسکتے ہیں ،میرے بڑے بھائی ایک حادثے میں وفات پاگئے ،حادثےکی وجہ کیلے کاچھلکا ہی بنا تھا ،احادیثِ مبارکہ میں توراستے سے تکلیف دہ چیزیں ہٹانے کی ترغیب دلائی گئی ہے،مکتبۃ المدینہ کی کتاب ’’تکلیف نہ دیجئے ‘‘ کے صفحہ نمبر 194پراحادیث موجودہیں ۔مثلا ًفرمانِ مصطفےٰ (صلی اللہ علیہ والہ وسلم )ہے :راستے سے تکلیف دہ چیزہٹادینا صدقہ ہے ۔ (صحیح بخاری،2/306)’’تکلیف نہ دیجئے ‘‘ یہ کمال کی کتاب ہے ،ایصالِ ثواب کے لیے اس کتاب کو تقسیم کریں ،اس کامطالعہ کرنے سے اُمّت سے تکالیف دُورہوں گی ،مسجد کےامام صاحب کو پیش کریں ۔ بہت پیاری اوراچھی کتاب ہے یہ ہرگھرمیں ہونی چاہئے۔

سوال:کیا آپ نے دعوتِ اسلامی کے آغازسےپہلے بھی کلام لکھے تھے؟

جواب: جی ہاں! اردواورگجراتی کلام لکھے تھے ، مشاعروں(شعراء کا جمع ہو کر شعر خوانی کرنا) میں بھی شرکت کرتاتھا۔


گزشتہ دنوں خیبرپختونخواہ سے تعلق رکھنےوالے صحافیوں کے ایک وفد نے دار المدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم کراچی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔اس موقع پر صحافیوں کو دارالمدینہ سے متعلق تعارفی بریفنگ دی گئی اور انہیں ادارے کے مختلف شعبوں ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ، ایجوکیشن مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ، ٹریننگ اینڈ انسپکشن اوردینیات ڈیپارٹمنٹ کا دورہ بھی کروایا گیا۔ساتھ ہی ان ڈیپارٹمنٹس کے تعارف اور مقاصد سے بھی آگاہ کیا گیا۔

علاوہ ازیں انہیں دارالمدینہ کے تعلیمی اورتربیتی نظام اور نصاب تعلیم سے متعلق بھی آگاہی دی گئی جس پر صحافیوں نے دارالمدینہ کے اچھےتعلیمی و تربیتی نظام پر خوشگوار حیرت اور خوشی کا اظہار کیا نیز تعلیمی شعبے میں دارالمدینہ کی کاوشوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔اس موقع پر صحافیوں نے مدنی چینل کو اپنے تاثرات بھی دیئے۔(رپورٹ:غلام محی الدین ترک اردو کونٹینٹ رائٹر سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ ،ہیڈ آفس کراچی ، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)