اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم فوڈ اسٹریٹ میں ”افطار اجتماع“ کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر بھر سے اسپیشل پرسنز (گونگے اور بہرے اسلامی بھائیوں) نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر اسپیشل پرسنز کی حوصلہ افزائی کے لئے نگرانِ ڈیپارٹمنٹ عمیر ہاشمی عطاری، پاکستان سطح کے ذمہ دار احمد اویس عطاری اور ڈسٹرکٹ ذمہ دار نعیم سلطان عطاری موجود تھے جنہوں نے اسپیشل پرسنز سے ملاقات کی جبکہ اُن کی تربیت و رہنمائی کے لئے بیانات بھی کئے۔

اجتماع کی خاص بات یہ تھی کہ اسپیشل پرسنز کی آسانی کے لئے تمام تر گفتگو اور بیان اشاروں کی زبان (Sign Language) میں کئے گئے نیز مبلغِ دعوتِ اسلامی نے رمضانُ المبارک کے فضائل و برکات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ یہ مہینہ نیکیوں کی فصلِ بہار ہے اور اللہ پاک کی رحمتیں سمیٹنے کا بہترین ذریعہ ہے۔

بیان کے آخر میں اسپیشل پرسنز کو رمضانُ المبارک کے آخری عشرے میں ہونے والے اجتماعی اعتکاف کی دعوت دی گئی اور انہیں نیکی کی راہ پر چلنے کی ترغیب دلائی گئی۔

اجتماع کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور امتِ مسلمہ کے لئے خصوصی دعا کی گئی جس کے بعد تمام اسپیشل پرسنز کے لئے افطار کا اہتمام کیا گیا۔ اسپیشل پرسنز نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اجتماعات سے خصوصی افراد میں احساسِ محرومی ختم ہوتا ہے اور انہیں دین سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔(رپورٹ: نعیم سلطان عطاری اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)