اپنی زندگی کو خوفِ خدا، اطاعت رسولﷺ اور علم دین سیکھنے سکھانے کے لئے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں14 اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں معتکفین اور دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔

امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےعاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

بعد نماز عصر ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: امیراورغریب رشتہ داروں کو آپس میں کس طرح رہنا چاہئے؟

جواب :امیروں کو چاہئے کہ اپنے غریب رشتہ داروں کی مالی مددکر یں، غریب رشتہ داروں کو بھی چاہئے کہ کہ وہ امیررشتہ دار سے بدگمانی اورنفرت نہ کریں، بلکہ اپنی غربت پر صبرکر یں، جوغریب صبرکرنے والاہوتاہے اس کے بڑے فضائل ہیں۔ (مکتبۃ المدینہ کے رسالے"غریب فائدے میں ہے"کا مطالعہ بے حد مفید رہے گا۔ان شاۤء اللہُ الکریم)

سوال:رزق میں برکت اورمالدارہونے کاوظیفہ بتادیجئے؟

جواب: رزق میں برکت کے لیے’’ یَارَزَّاقُ‘‘ کاوردکریں ،امیرہونا چاہتے ہیں تو ’’یَاغَنِیُّ‘‘ کا وردکریں ،اسی طرح دعاکررہے ہیں تو ’’یَاخَیْرَالرَّازِقِیْن ‘‘پڑھ کر اللہ پاک سے دعاکریں۔

سوال: سارے کام پورے ہوجائیں ،اس کےبارے میں کوئی وردبتائیے؟

جواب: روزانہ100 مرتبہ ’’یَامُؤَخِّرُ“کا وردکریں۔

سوال:آجکل شادی بہت مہنگی ہوگئی ہے اس بارے میں کچھ ارشادفرمائیں؟

جواب:اسلامی شادی تو بہت سستی ہے ،حق مہر بعد میں بھی دیا جاسکتاہے ،ولیمے پر بہت خرچ نہیں ہوتا ،ہمارے پیارے آقاصلی اللہ علیہ والہ وسلم نے اپناجو سب سے بڑاولیمہ فرمایااس میں صرف ایک بکری ذبح کی گئی، غلط رسم ورواج کےوجہ سے آجکل شادیاں بہت مہنگی ہوگئی ہیں، ان رسم ورواج کو چھوڑکر سستی شادیاں کیجئے؟

سوال:جو آخرت میں خوش ہونا چاہتاہے تو وہ کیا کرے؟

جواب:اگرجنّت میں خوشی خوشی داخل ہونا چاہتے ہیں تو دنیامیں اپنے گناہوں پرغمگین ہوکرتوبہ کریں ۔

بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال:چھوٹے بچوں کا موٹر سائیکل چلانے کے بارے میں آپ کیافرماتے ہیں؟

جواب: جس کاموٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس نہ ہواُسے موٹرسائیکل نہیں چلانی چاہئے ، ایکسیڈنٹ ہونے کا خطرہ ہے ،قانونی جرم بھی ہے، بڑوں کو چاہئے کہ وہ بچوں کو موٹرسائیکل چلانے کے لیےچابی نہ دیں۔

سوال: بعض بچے جن کی عمر تقریباً13سے19سال (Teenage)ہوتی ہے،یہ والدین سےموٹرسائیکل چلانے کی ضدکرتے ہیں، انہیں کیسے سمجھائیں؟

جواب: ایک بار بھی اجازت نہ دیں ،کیونکہ ان کا موٹرسائیکل چلاناقانونی جرم ہے ،اپنے آپ کو ذلت پرپیش کرنا ہے،انہیں بتائیں یہ قانونی جرم ہے ۔

سوال : موٹرسائیکل کیسی سواری ہے؟

جواب: موٹرسائیکل موت کا گولاہے ،چلانے والے کواُڑادے گا یا کسی اورکو اُڑادے گا،سب سےپُرامن(Peaceful) سواری ہوائی جہازاورسب سے خطرناک سواری موٹرسائیکل ہے۔

سوال:حسدکے بارے میں کچھ ارشادفرمادیجئے؟

جواب: حسدبہت بری بُلاہے ،فرمانِ مصطفےٰ (صلی اللہ علیہ والہ وسلم):حَسَد سے بچو، یہ نیکیوں کو اس طرح کھاتا ہے جیسے آگ خشک لکڑ ی کو۔ (ابوداؤد،4 / 360 ، حدیث : 4903 )یہ باطنی مرض ہے، کسی کے بارے میں ہم یہ نہیں کہ سکتے تم مجھ سے حسدکرتے ہو، حسدکی تعریف یہ ہے کہ کسی کے پاس کوئی خوبی مثلاً حُسن ہے، اس کے بارے میں یہ ارادہ کرنا کہ یہ نعمت اس سے چھن جائے۔

سوال:دعوتِ اسلامی کے تحت اعتکاف کے کیا فوائدہیں ؟

جواب: دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والے اعتکاف میں علم دین سکھایا جاتاہے،درست قرآن کریم پڑھنے کا طریقہ بتایا جاتاہے، دعائیں یادکروائی جاتی ہیں ،کئی نوجوان ہمارے ہاں معتکف ہوئے تو ان کی زندگیوں میں انقلاب آگیا ،نگران شوریٰ بھی ان میں سے ایک ہیں، یہ اجتماعی اعتکاف کا تحفہ ہیں۔

سوال: ماہ رمضان میں اعتکاف کرنے کی کیافضیلت ہے ؟

جواب :فرامینِ مصطفےٰ (صلی اللہ علیہ والہ وسلم ) : (1)جو شخص اﷲ پاک کی رضا کے لئے ایک دن اعتکاف کرتا ہے، اﷲ پاک اس کے اور دوزخ کے درمیان تین خندقوں کا فاصلہ کردیتا ہے۔ ہر خندق مشرق سے مغرب کے درمیانی فاصلے سے زیادہ ہے۔ ( طبرانی، المعجم الاوسط، 7 :  221، رقم :  7326)(2)وہ (یعنی معتکف) گناہوں سے کنارہ کش ہو جاتا ہے اور اُسے عملاً نیک اعمال کرنیوالے کی مثل پوری پوری نیکیاں عطا کی جاتی ہیں۔ ( ابن ماجه،2 / 376، رقم ،21781 ) (3) جس شخص نے ماہِ رمضان میں دس دن کا اعتکاف کیا، اس کا ثواب دو حج اور دو عمرہ کے برابر ہے۔( شعب الايمان ، 3 :  425، رقم :  3966)

سوال: آپ کو المدینۃ العلمیہ کا کون سارسالہ یا کتاب زیادہ پسندہے؟

جواب:باپ کو اپنی ساری اولادسے پیارہوتاہے ،سارے رسالے اورکتابیں بہت محنت سے تیارہوتے ہیں ،اب میں کیسے کہوں کہ فلاں پسندہے۔

سوال: کیا بچے کی ہرفرمائش پوری کی جائے؟

جواب: ہرفرمائش پوری نہ کی جائے ،آج چھوٹی فرمائش پوری کریں گے تو کل وہ بڑی فرمائش کردے گا۔بچوں کو ’’نہیں ‘‘سننے کا عادی بنائیں ۔

سوال:سُرمہ لگانے کے کیافوائد ہیں ؟

جواب:جیساسرمہ ویسے فوائدمثلاً اثمدسُرمے کے بارے میں ہے کہ یہ پلکیں اُگاتااورنظرکو تیز کرتاہے ،طرح طرح کے سُرمے آتے ہیں ،ہوسکتاہے ان کے اپنے اپنے فوائدہوں۔

سوال : جب آسمانی بجلی چمکے توکیاکرناچاہئے؟

جواب: بادل کی گرج اور آسمانی بجلی کے چمکنے کے وقت یہ دعاپڑھی جائے: اَللّٰهُمَّ لَا تَقْتُلْنَا بِغَضَبِكَ وَ لَا تُهْلِكْنَا بِعَذَابِكَ وَ عَافِنَا قَبْلَ ذٰلِكَ۔ ( ترمذی جلد2 /183)،ترجمہ:"اے اللہ!تُواپنے غضب سے ہمیں نہ مار، اپنے عذاب کے ذریعے ہمیں ہلاک نہ فرمااور ایسے بُرے وقت کے آنے سے پہلے ہمیں بخش دے"۔جب بادل گرجیں یا بجلی چمکے تواللہ پاک کا ذکر کرناچاہئے ۔

سوال: اگرہمیں لگے کہ فلاں مغرورہے تو اس کے ساتھ ہمیں کیا کرناچاہئے؟

جواب: اپنے احساسات(Feelings) کودرست کرناچاہئے،کسی کے بارے میں بدگمانی نہیں کرنی چاہئے ،مسلمان کاعمل اچھائی پر معمول کرناضروری ہے ،تکبریعنی دوسرے کو اپنے سےگھٹیا جاننادلی کیفیت ہے ،دلی کیفیت دوسرے کو معلوم نہیں ہوسکتی، اس لیے کسی کو متکبرقراردینا درست نہیں ۔