زندگی کے ہر شعبے سے وابستہ افراد کی کارکردگی کو نکھارنے کے لئے تربیت کی ضرورت اور اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔تربیت کی بدولت افراد کو ہمہ وقتی ذہنی اور جسمانی محنت و مشق کے لئے تیار کیا جاتاہے۔گزشتہ دنوں شعبہ ٹریننگ اینڈ انسپکشن دارالمدینہ اور ٹریننگ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ، دعوت ِاسلامی کے اشتراک سے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں 5Sکے موضوع پر دو روزہ ٹریننگ کا انعقاد ہوا۔

اس ٹریننگ میں ڈائریکٹر ٹریننگ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ فرید احمد عطاری نے دار المدینہ کے ذمہ داران کی تربیت کی جبکہ ہیڈ آف ٹریننگ اینڈ انسپکشن دارالمدینہ مدنی خان نے ابتدا میں ٹریننگ کا تعارف کروایا، بعدازاں فرید احمد عطاری نے ٹریننگ کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ادارے کے لئے صفائی ستھرائی، چیزوں کے پھیلاؤ سے بچنے، انہیں منظم کرنے، نظم و نسق بہتر بنانے، کام کے معیار کو بہتر اور بروقت بنانے کے لئے 5Sکی ٹریننگ بہت معاون ہے۔

اس ٹریننگ میں 5Sکے پورے نظام سے متعلق آگاہی دی گئی اور اس بات کی بھی وضاحت کی گئی کہ دارالمدینہ میں کس طرح 5Sکا اطلاق ہوگا۔امید ظاہر کی جارہی ہے کہ جلد ہی دارالمدینہ کے تمام اسکولز میں اس کا نفاذ ممکن ہوسکے گا تاکہ دارالمدینہ کے طلبہ بھی دنیا کے بہترین اسکولنگ سسٹم کے طلبہ کا مقابلہ کرسکیں۔(رپورٹ:غلام محی الدین ترک اردو کونٹینٹ رائٹر سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ ،ہیڈ آفس کراچی ، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)