رمضان کی مبارک سعاتوں کے دوران عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں 13 اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں معتکفین اور دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔

امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےعاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

بعد نماز عصر ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال : ہم کسی کو سمجھائیں اوروہ نیکی کی دعوت قبول نہ کرے توہم کیا کریں؟

جواب : پیار محبت اورنرمی سے سمجھانےکا سلسلہ جاری رکھیں ، سمجھانے کا فائدہ ہی ہے، مخاطب نہ بھی سمجھے تو نیکی کی دعوت دینے کا ثواب ملے گا، کسی کو موقع کی مناسبت، حکمتِ عملی اورپیار محبت سےاگرہزارباربھی مدنی مذاکرے میں شرکت کی دعوت دی اوروہ شریک نہ ہوا،پھربھی دعوت دینے والےکو ثواب ملے گا،اِنْ شاۤء اللہ ُالکریم۔

سوال : 12 اسلامی مہینوں کے بارے میں معلوما ت کیسے حاصل ہوں؟

جواب: مکتبۃ المدینہ نے ایک کتاب شائع کی ہے،جس کا نام ہے ’’اسلامی مہینوں کے فضائل ‘‘یہ کتاب ہرگھرکی ضرورت ہے،اسے خریدفرمائیں اورمطالعہ کریں ۔ اس کتاب میں 150 سے زائد مختلف کتب و رسائل سے اسلامی مہینوں کے فضائل،عبادات اور اوراد و و ظائف شامل کیے گئے ہیں۔

سوال: روزے کی نورانیت کن کاموں سے ختم ہوجاتی ہے؟

جواب: غیبت ،جھوٹ ،چغلی وغیرہ وغیرہ گناہوں سے روزے کی نورانیت ختم ہوجاتی ہے۔

سوال: کتاب کس صورت میں زیادہ مفید ہوتی ہے؟جِلد والی (Hard Book ) یاPDFمیں؟

جواب: جِلد والی (Hard Book ) میں جولطف ہےPDF میں نہیں ،ٹیبلٹ(Tablet PC) یاموبائل سے مطالعہ کریں تو آنکھوں پر زورپڑتاہے ،گھر میں جِلد والی کتاب (Hard Book ) ہونی چاہئے۔

بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول

سوال: بعض غریبوں کے پاس کھانے کے لیے بھی کچھ نہیں ہوتا،ان کو نمازاورنیکی کی دعوت کیسے دیں؟

جواب:صحابیِ رسول ،مؤذنِ رسول اللہ ،حضرت بلال حبشی رضی اللہ عنہ غلام تھے ،ان کا آقا ان پر ظلم کرتاتھا ، اس کے باوجودیہ دینِ اسلام پر جمے رہے،اس طرح سینکڑوں بزرگانِ دین کی مثالیں ہیں ،یہ واقعات انہیں بتائیں ،غریبوں میں دین پر عمل کرنے کاجذبہ زیادہ ہوتاہے، انہیں نمازاورنیکی کی دعوت ضروردینی چاہئے،انہیں توکل کا درس دیں ،روحانی علاج کے بستے سے رزق میں برکت کے وظائف بھی لے کردیں۔

سوال: اجتماعی دعامیں کیا فائدہ ہے ؟

جواب: اجتماعی دعاکے اپنے فوائدہیں ،اس میں دل لگتاہے ،لوگوں کے اجتماع میں دعاکرنا قبولیت کے زیادہ قریب ہے ،کسی کی مقبول اٰمین کی وجہ سے ہماری بھی دعاقبول ہوسکتی ہے۔

سوال: اگردورانِ نماز کسی نمازی کی کال آنا شروع ہو جائے اورقریب بیٹھا شخص جو نمازمیں نہیں، کیا وہ اس کا موبائل اس کے جیب سے نکال کر بند کرسکتاہے؟

جواب: ایسانہ کیا جائے ،ہوسکتاہے کہ وہ نمازی سمجھے کہ یہ شخص میراموبائل چوری کرنے لگاہے اورنمازتوڑدے ۔

سوال:خواتین جب موٹرسائیکل پر بیٹھیں تو برقع یاچادرکے بارے میں کیااحتیاط کریں؟

جواب: برقع اورچادرکو سنبھال کر بیٹھیں ،موٹرسائیکل کی چین پر کورنہ ہوتو اس پر نہ بیٹھیں بلکہ چین کورکے بغیرموٹرسائیکل نہ چلائی جائے ۔

سوال : حضورغوث ِاعظم سیدعبدالقادرجیلانی رحمۃ اللہ علیہ کو گیارہویں والے پیرکیوں کہاجاتاہے؟

جواب: ربیع الاخرکی 11تاریخ کوآپ رحمۃ اللہ علیہ کا وصال ہواتھا ،اس لیے ہر اسلامی مہینے کی 11 تاریخ کودنیا بھر میں آپ کو ایصال ِثواب کیا جاتاہے، اسی لیے آپ کو گیارہویں والے پیرصاحب کہاجاتاہے ۔

سوال: کیا کائنات میں 18 ہزارعالَم(جہان) ہیں؟

جواب:جی ہاں! حضرت وہب بن منبہ رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : کل 18 ہزار عالَم(جہان) ہیں، دنیا اُن میں سے ایک ہے۔

(تفسیردرمنثور 1/66)

سوال: بندہ بعض اوقات نیکی کررہا ہوتاہے مگردرست ادانہ کرنے کی وجہ سےوہ نیکی نہیں رہتی ،اس بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟

جواب : نیکی کی طرف رجحان ہوتاہے مگر بعض اوقات علمِ دین کی کمی کی وجہ سے نیکی درست اندازسے نہیں کرپاتا مثلاً نمازتو پڑھتاہے مگرنمازدرست نہ سیکھنے کی وجہ سے وہ درست ادانہیں کرتا،ہرکام سیکھنے سے آتاہے ،نیکیاں بھی کی جائیں اورنیکی کرنا سیکھا بھی جائے ، نیکی کو سلامت رکھنے کے لیے ریاکاری سےبچاجائے ،اس سے بچنے کے لیے ریا کاری کے بارے میں معلومات حاصل کرنا بھی ضروری ہے۔ (مکتبۃ المدینہ کی کتاب"باطنی بیماریوں کی معلومات"کا مطالعہ انتہائی مفید رہے گا)

سوال: آپ کس طرح کے چاول کھانا پسندفرماتے ہیں؟

جواب:جو چاول نرم پکے ہوئے ہوں ،اس میں 3 انگلیوں سے نوالہ لینا آسان ہوتاہے ،حدیث پاک میں ہے :3 انگلیوں سے کھاناانبیائے کرام کی سنت ہے ۔(550سنتیں اورآداب،21) یہ پکانا مشکل نہیں ہیں ،پانی زیادہ ڈالیں گے تو چاول نرم بن جائیں گے۔

سوال: بخارہوتو کیا پڑھنا چاہئے؟

جواب: بخارکی صورت میں ’’بِسْمِ اللہِ الْکَبِیْر‘‘بکثرت پڑھا جائے ۔

سوال: ڈراؤنے خواب نہ آئیں،اس کا کوئی وظیفہ بتادیجئے؟

جواب: سونے سے پہلے ’’یَامُتَکَبِّرُ‘‘21مرتبہ پڑھ لیا جائے۔

سوال : شیطان سے بچنے کے لیے کیاپڑھیں؟

جواب: روزانہ صبح 10مرتبہ ’’اَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ‘‘پڑھاکریں ۔

سوال: پھلوں کے چھلکے راستے میں پھینکنے کا کیا نقصان ہوتا ہے؟

جواب: پھلوں کے چھلکے راستے میں پھینکنے سےچلنے والے گِرسکتے ہیں ،میرے بڑے بھائی ایک حادثے میں وفات پاگئے ،حادثےکی وجہ کیلے کاچھلکا ہی بنا تھا ،احادیثِ مبارکہ میں توراستے سے تکلیف دہ چیزیں ہٹانے کی ترغیب دلائی گئی ہے،مکتبۃ المدینہ کی کتاب ’’تکلیف نہ دیجئے ‘‘ کے صفحہ نمبر 194پراحادیث موجودہیں ۔مثلا ًفرمانِ مصطفےٰ (صلی اللہ علیہ والہ وسلم )ہے :راستے سے تکلیف دہ چیزہٹادینا صدقہ ہے ۔ (صحیح بخاری،2/306)’’تکلیف نہ دیجئے ‘‘ یہ کمال کی کتاب ہے ،ایصالِ ثواب کے لیے اس کتاب کو تقسیم کریں ،اس کامطالعہ کرنے سے اُمّت سے تکالیف دُورہوں گی ،مسجد کےامام صاحب کو پیش کریں ۔ بہت پیاری اوراچھی کتاب ہے یہ ہرگھرمیں ہونی چاہئے۔

سوال:کیا آپ نے دعوتِ اسلامی کے آغازسےپہلے بھی کلام لکھے تھے؟

جواب: جی ہاں! اردواورگجراتی کلام لکھے تھے ، مشاعروں(شعراء کا جمع ہو کر شعر خوانی کرنا) میں بھی شرکت کرتاتھا۔