دوسروں کے کام میں مداخلت مت کیجئے از بنت اسلم
مغل،فیضان عطار ملیر کراچی
دیگر موضوعات
کی طرح یہ بھی ایک موضوع ہے دوسروں کے کام میں مداخلت کرنا جو کہ معاشرے میں بڑھتی
ہوئی بیماریوں میں سے ایک بیماری ہے اور یہ بالکل بے معنی اور بےمقصد ہے۔ قرآن
مجید میں اللہ تبارک و تعالیٰ نے ارشاد فرمایا: یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا
اجْتَنِبُوْا كَثِیْرًا مِّنَ الظَّنِّ٘-اِنَّ بَعْضَ الظَّنِّ اِثْمٌ وَّ لَا تَجَسَّسُوْا
(پ
26، الحجرات: 12) ترجمہ: اے ایمان والو! بہت گمانوں سے بچو، بے شک بعض گمان گناہ
ہوتے ہیں، اور عیب نہ ڈھونڈو۔
جہاں مداخلت
پر قرآن مجید میں ذکر کیا گیا ہے اسی طرح حدیث مبارکہ میں بھی اس کا ذکر موجود ہے
جیسا کہ حضور علیہ الصلوۃ والسلام کی حدیث مبارکہ ہے: آدمی کے اسلام کی خوبی یہ ہے
وہ بے کار چیزوں کو ترک کر دیتا ہے۔ (ترمذی، 4/ 142، حدیث:2324)
اس سے معلوم
ہوتا ہے کہ اسلام میں دوسروں کے معاملات میں مداخلت کرنے سے منع کیا گیا ہے ہر
مسلمان کا بذات خود بھی یہ ذہن ہوتا ہے کہ کوئی اس کے معاملات میں مداخلت نہ کرے
لیکن اس کے باوجود وہ خود دوسروں کے معاملات میں مداخلت کرتا نظر آتا ہے۔ آئیے اس
کے چند نقصانات ذکر کرتے ہیں:
سب سے پہلا
نقصان اپنے وقت کا ضائع کرنا ہے، اگر ہم غور کریں تو معلوم ہوتا ہے کہ دوسروں کے
معاملات میں مداخلت کے سبب کوئی مالی یا دینی یا دنیاوی فائدہ حاصل نہیں ہوتا پھر
بھی بہت زیادہ کثرت سے ہم لوگوں کے معاملات میں مداخلت کر کے اپنے قیمتی وقت کو
ضائع کرتے نظر آتے ہیں۔
یوں ہی اس کا
ایک نقصان معاشرے میں بدامنی کا بڑھنا بھی ہے جی ہاں مداخلت کے سبب معاشرے میں
بدامنی پھیلتی ہے ہم دیکھتے ہیں روزمرہ کی زندگی میں اور تجربہ بھی کرتے ہیں کہ
لوگوں کی مداخلت جو کہ بے جا ہوتی ہے لوگوں کی زندگی کے سکون کو برباد کرنے کا
باعث بنتی ہے کتنے ہی گھرایسے ہیں جو بےجا مداخلت سے برباد ہوتے ہیں جو کہ لوگوں
کی تکلیف کا باعث ہے اوریہ نہایت ہی قبیح فعل ہے۔
اس کے علاوہ
بے جا مداخلت کرنا ہماری عزت نفس کو مجروح کرنے کا بھی باعث بنتا ہے اس کو کچھ یوں
سمجھتے ہیں اگر ہم دوسروں کے معاملات میں بغیر ان کی مرضی کے اپنے خیالات کا اظہار
کرتے ہیں یا انہیں مشورہ دیتے ہیں تو ہو سکتا ہے کہ سامنے والا آپ کو اہمیت نہ دیں
بلکہ بے جا مداخلت کے سبب اکثر انسان کو ذلت اور رسوائی کا سامنا بھی کرنا پڑتا
ہےجس کے سبب وہ اپنی عزت نفس کو مجروح کر بیٹھتا ہے۔
دوسروں کے کام میں مداخلت مت کیجئے از بنت ابورجب
آصف مدنی، گلشن عطار کراچی
انسان کی فطرت اور طبیعت معاشرت والی ہے اور مل کر زندگی گزارنے والی ہے۔
انسان ایک دوسرے کے ساتھ مل کر رہتا ہے، ایک دوسرے کی مدد کرتا ہے اور ایک دوسرے
کے حقوق کا خیال رکھتا ہے اس وقت ہی ایک مثالی معاشرہ وجود میں آتا ہے۔ ایک اچھے
معاشرے کی پہچان یہ ہوتی ہے کہ اس
کے افراد ایک دوسرے کی عزت کرتے ہیں، دوسروں کے معاملات میں بلاوجہ دخل اندازی نہیں
کرتے اور ہر شخص کی ذاتی زندگی اور آزادی کا احترام کرتے ہیں۔ اگر ہر شخص دوسروں
کے معاملات میں غیر ضروری مداخلت کرنے لگے تو اس کے نتیجے میں معاشرے میں جھگڑے،
بداعتمادی اور نفرت پیدا ہو جاتی ہے۔ ہمارے معاشرے میں ایک عام عادت یہ بھی ہے کہ
لوگ دوسروں کے معاملات میں بلاوجہ رائے دینے لگتے ہیں، ان کی نجی زندگی کے بارے
میں سوالات کرتے ہیں یا ان کے فیصلوں میں مداخلت کرتے ہیں۔ بظاہر یہ معمولی بات
محسوس ہوتی ہے، لیکن حقیقت میں یہ بہت سے مسائل کی جڑ بن جاتی ہے۔
مداخلت
سے کیا مراد ہے؟ مداخلت
سے مراد یہ ہے کہ کسی دوسرے شخص کے ایسے معاملات میں دخل دینا جن کا تعلق صرف اسی
شخص سے ہو، یا بغیر اجازت اس کے فیصلوں، کاموں یا ذاتی زندگی میں اثر انداز ہونے
کی کوشش کرنا۔ یہ مداخلت کبھی اچھی ہوتی ہے اور کبھی بری بعض اوقات چھوٹوں کے،
ماتحتوں کے معاملات میں مداخلت کی جاتی ہے ان کی اصلاح کے لیے اور ان کے بھلے کے
لیے جب کہ برابر کے لوگوں یا بڑوں کے معاملات میں یا بعض اوقات چھوٹوں کے معاملات
میں بھی مداخلت ان کو پست دکھانے یا ان کو نقصان پہنچانے کے اعتبار سے ہوتی ہے اور
ایسی مداخلت مذموم ہے۔اگر کوئی شخص خود مدد مانگے تو اس کی مدد کرنا ایک اچھی بات
ہے، لیکن بغیر ضرورت اور اجازت کے کسی کے معاملات میں شامل ہونا غیر مناسب ہے۔
اسلام نے
انسان کو بہترین اخلاق کی تعلیم دی ہے۔ دوسروں کے معاملات میں مداخلت اکثر اوقات اس
طور پر بھی ہوتی ہے کہ کسی کے معاملات کی ٹوہ میں پڑ جانا، کسی کے عیب تلاش کرنا،
کسی کے بارے میں بدگمانی کرنا، کسی کے گھر میں بلا اجازت داخل ہونا اور فضولیات
میں پڑ جانا، کسی بات کا علم نہیں پھر بھی اس میں بات کرنے کے در پے رہنا اور ان
تمام صورتوں میں عموما مداخلت پائی جاتی ہے اور اللہ پاک نے قرآن مجید میں ان تمام
چیزوں سے منع فرمایا ہے، چنانچہ اللہ قرآن پاک میں سورہ الحجرات میں ارشاد فرماتا
ہے: یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ
اٰمَنُوا اجْتَنِبُوْا كَثِیْرًا مِّنَ الظَّنِّ٘-اِنَّ بَعْضَ الظَّنِّ اِثْمٌ وَّ
لَا تَجَسَّسُوْا (پ
26، الحجرات: 12) ترجمہ: اے ایمان والو! بہت گمانوں سے بچو، بے شک بعض گمان گناہ
ہوتے ہیں، اور عیب نہ ڈھونڈو۔
اسی طرح سورہ
الحجرات میں ہی ایک اور مقام پہ ارشاد فرمایا: وَ لَا تَلْمِزُوْۤا اَنْفُسَكُمْ
وَ لَا تَنَابَزُوْا بِالْاَلْقَابِؕ-(پ 26، الحجرات:11) ترجمہ: اور آپس میں طعنہ نہ کرو اور ایک دوسرے کے بُرے نام نہ
رکھو۔
دوسروں کے
ذاتی معاملات میں بلاوجہ مداخلت کرنا، ان کے راز جاننے کی کوشش کرنا اور ان کی
جاسوسی کرنا شرعاً ناجائز ہے۔ اس مختصر حکم میں بہت بڑی حکمت پوشیدہ ہے۔ اس کا
مطلب یہ ہے کہ انسان دوسروں کے عیب تلاش کرنے، ان کی نجی زندگی میں جھانکنے اور
غیر ضروری معلومات حاصل کرنے کی جستجو نہ کرے۔
احادیث
مبارکہ کی روشنی میں: اسی طرح رسول اللہ ﷺ نے مسلمانوں کو ایک دوسرے کے
عیب تلاش کرنے، بدگمانی کرنے اور بلاوجہ مداخلت کرنے سے منع فرمایا ہے۔ چنانچہ
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: انسان کے اچھے مسلمان ہونے کی یہ علامت
ہے کہ وہ ان چیزوں کو چھوڑ دے جو اس کے لیے غیر متعلق اور بے کار ہوں۔ (ترمذی، 4/
142، حدیث:2324) حدیث پاک سے یہ مفہوم ثابت ہو رہا ہے
کہ جو شخص کسی ایسی بات میں مداخلت یا کلام کرے جو اس سے متعلق نہیں، تو وہ ایسی
چیز کے بارے میں پوچھ گچھ کرتا ہے جو اس کو فائدہ نہیں دیتی، اور وہ ایسے کام میں
پڑتا ہے جو اس کے لیے نہیں ہے۔ اس حدیث مبارکہ سے یہ بنیادی درس حاصل ہوتا ہے کہ
انسان کو امر بالمعروف ونھی عن المنکر (یعنی بھلائی کا حکم دینے اور برائی سے منع
کرنے) پر عمل کرنا چاہئے۔ اور دوسروں کے معاملات، ذاتی زندگی اور ایسے امور جن سے
کوئی دینی یا دنیاوی فائدہ نہ ہو ان میں دخل اندازی کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
اسلام
نے مداخلت سے کیوں منع فرمایا؟ بعض لوگوں کے ذہنوں میں یہ سوال پیدا
ہوتا ہے کہ آخر کیوں دوسروں کے کام میں مداخلت کرنے سے منع کیا گیا ہے؟؟؟ اس کا
جواب یہ ہے کہ چونکہ ہر انسان کی اپنی زندگی، اپنے حالات اور اپنے فیصلے ہوتے ہیں۔
بعض اوقات ہمیں کسی شخص کے بارے میں مکمل حقیقت معلوم نہیں ہوتی، لیکن پھر بھی ہم
اس کے فیصلوں میں مداخلت اور تنقید کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ ایسا رویہ نہ صرف غلط
فہمیوں کو جنم دیتا ہے بلکہ تعلقات کو بھی خراب کر دیتا ہے۔جب کوئی شخص بار بار
دوسروں کے معاملات میں مداخلت کرتا ہے تو لوگ اس سے دور رہنے لگتے ہیں۔ وہ اس پر
اعتماد نہیں کرتے کیونکہ انہیں ڈر ہوتا ہے کہ وہ ان کی ذاتی باتیں دوسروں تک پہنچا
دے گا یا ہر معاملے میں رائے دے گا۔
فرضی
حکایت: ایک
گاؤں میں سلیم نام کا ایک شخص رہتا تھا۔ وہ ہر وقت دوسروں کے معاملات میں مداخلت
کرتا رہتا تھا۔ اگر کوئی کسان اپنے کھیت میں کام کر رہا ہوتا تو سلیم اسے مشورے
دینے لگتا۔ اگر کسی کے گھر میں مہمان آتے تو وہ ان کے معاملات میں بھی دخل دیتا۔
گاؤں والے ابتدا میں اس کی باتیں برداشت کرتے رہے، لیکن آہستہ آہستہ سب اس سے تنگ
آ گئے۔ایک دن گاؤں کے ایک بزرگ نے سلیم کو اپنے باغ میں بلایا۔ وہاں انہوں نے ایک
خوبصورت پھولوں کا پودا لگا رکھا تھا۔ سلیم نے حسبِ عادت فوراً کہا، یہ پودا یہاں
نہیں بلکہ دوسری جگہ ہونا چاہیے۔ بزرگ نے مسکرا کر پودا اکھاڑ کر دوسری جگہ لگا
دیا۔ تھوڑی دیر بعد سلیم نے پھر کہا، نہیں، یہ جگہ بھی مناسب نہیں، اسے ادھر لگا دیں۔بزرگ
نے اس کی بات مان لی۔ چند بار ایسا ہی ہوتا رہا۔ آخرکار بار بار جگہ بدلنے کی وجہ
سے پودا سوکھ گیا۔بزرگ نے سلیم سے کہا، دیکھو! جس طرح اس پودے کو بار بار چھیڑنے
سے وہ مرجھا گیا، اسی طرح لوگوں کے معاملات میں بار بار غیر ضروری مداخلت ان کی
زندگی کا سکون ختم کر دیتی ہے۔ ہر انسان کو اپنے کام خود کرنے کا موقع دینا
چاہیے۔سلیم کو اپنی غلطی کا احساس ہوا۔ اس نے بزرگ سے معافی مانگی اور عہد کیا کہ
آئندہ بغیر ضرورت کسی کے معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا۔ اس کے بعد گاؤں والوں کا
اعتماد دوبارہ اس پر قائم ہو گیا اور وہ سب کے ساتھ محبت اور احترام سے رہنے لگا۔
اس فرضی حکایت سے یہ سبق ملتا ہے کہ غیر ضروری مداخلت دوسروں کے لیے پریشانی اور
اپنے لیے بدنامی کا سبب بنتی ہے، جبکہ دوسروں کی آزادی اور فیصلوں کا احترام ایک
اچھے انسان کی پہچان ہے۔
معاشرے
پر منفی اثرات: دوسروں
کے معاملات میں بلاوجہ مداخلت کرنے کے کئی نقصان دہ نتائج سامنے آتے ہیں۔
لوگوں کے
درمیان اعتماد ختم ہونے لگتا ہے اور لوگ اپنی ذاتی باتیں اور مسائل دوسروں سے شیئر
کرنے سے ہچکچاتے ہیں، گھریلو جھگڑے بڑھ جاتے ہیں اکثر خاندانوں میں چھوٹے چھوٹے
اختلافات دیگر افراد کی بے جا مداخلت کی وجہ سے بڑے مسائل بن جاتے ہیں، معاشرے میں
حسد، غیبت اور بدگمانی کو فروغ ملتا ہے، دوسروں کے معاملات میں غیر ضروری دلچسپی لینے
سے افواہیں پھیلتی ہیں اور باہمی محبت و احترام متاثر ہوتا ہے۔
روزمرہ
زندگی کی مثالیں: اگر
ہم اپنی روزمرہ زندگی میں اردگرد نظر دوڑائیں تو ایسی کئی مثالیں دیکھنے میں آتی
ہیں جہاں بلاوجہ دوسروں کے کاموں میں مداخلت پائی جاتی ہے۔ مثال کے طور پر اگر
کوئی طالب علم اپنی پڑھائی کے بارے میں خود منصوبہ بندی کر رہا ہو اور ہر شخص اسے
الگ الگ مشورے دینے لگے تو وہ پریشان ہو جاتا ہے۔اسی طرح اگر کسی گھر کے معاملات
میں ہر رشتہ دار اپنی مرضی چلانے کی کوشش کرے تو گھر کا سکون ختم ہو جاتا ہے۔دفاتر
میں بھی اگر ملازمین ایک دوسرے کے کام میں بلاوجہ مداخلت کریں تو کام کی رفتار
متاثر ہوتی ہے اور اختلافات پیدا ہوتے ہیں۔ اس کے برعکس اگر ہر شخص اپنی ذمہ داری
ایمانداری سے ادا کرے تو ماحول خوشگوار رہتا ہے۔
ہمیں
کیا کرنا چاہیے؟ دوسروں کے کام میں بلاوجہ
مداخلت کرنا ایک ناپسندیدہ عادت ہے اسلام ہمیں برداشت، احترام، حسنِ اخلاق
اور دوسروں کے حقوق کا خیال رکھنے کی تعلیم دیتا ہے۔ ہر انسان اپنی ذمہ
داریوں کو بہتر طریقے سے انجام دے تو معاشرے کے بہت سے مسائل خود بخود ختم ہو
جائیں گے۔ کامیاب انسان وہی ہے جو اپنا وقت دوسروں کی خامیاں ڈھونڈنے کے بجائے
اپنی شخصیت کو بہتر بنانے میں صرف کرے۔یہ بھی ضروری ہے کہ اگر کوئی شخص ہم سے
مشورہ مانگے تو ہم اخلاص کے ساتھ اس کی رہنمائی کریں۔ اگر ہم اپنی زندگی میں ان
تعلیمات پر عمل کریں، دوسروں کی عزت کریں اور ان کے نجی معاملات میں غیر ضروری دخل
اندازی سے بچیں تو ہمارا معاشرہ مزید پُرامن، خوشحال اور محبت بھرا بن سکتا ہے۔ کسی
کے کام میں بے جا مداخلت، ٹوہ لگانا اور بلاوجہ دخل اندازی کرنا مسلمانوں کی دل
آزاری کا سبب بنتا ہے، اور کسی مسلمان کو بلا وجہ ایذا پہنچانا سخت گناہ ہے۔ لہذا
ہمیں چاہیے کہ ہم فضول باتوں اور غیر متعلقہ معاملات سے خود کو دور رکھیں یہی طرزِ
عمل دنیا و آخرت کی کامیابی کا ذریعہ ہے۔
اس موضوع پر
مزید رہنمائی کے لیے مکتبۃ المدینہ سے شائع ہونے والی کتاب فیضانِ سنت اور آدابِ
زندگی کا مطالعہ نہایت مفید ہے۔ ان کتابوں میں اسلامی آداب، حسنِ اخلاق، حقوق
العباد اور اپنی اصلاح کے متعلق نہایت جامع اور آسان انداز میں رہنمائی موجود ہے۔
دوسروں کے کام میں مداخلت مت کیجئے از بنت محمد
طالب عطاری، بھینس کالونی کراچی
مداخلت کا
مطلب ہے دخل کرنا/دخل اندازی کرنا یعنی دوسروں کے کاموں میں بلا وجہ داخل ہو جانا۔
جسے ہم آج کل عام الفاظ میں ٹانگ اڑانا بھی کہتے ہیں۔
دوسروں
کے کام میں مداخلت مت کیجئے: بعض لوگوں کی عادت ہوتی ہے کہ وہ بلا
وجہ دوسروں کے کاموں میں مداخلت کرتے ہیں اور یہ چیز سامنے والے کو بری معلوم ہوتی
ہے اور جس شخص کی عادت ہی یہ ہو کہ وہ بلا وجہ ہمیشہ دوسروں کی باتوں میں اور
کاموں میں مداخلت کرتا ہو تو لوگ ایسے شخص کو پسند نہیں کرتے اس سے کترانے لگتے
ہیں اس کے سامنے نہ وہ کوئی بات کرتے ہیں نہ کام، یوں لوگ اس سے دور ہو جاتے ہیں
اور پھر معاشرے میں اسکی کوئی عزت نہیں رہتی۔ کہا جاتا ہے کہ جو شخص دوسروں کے
کاموں میں ٹانگ اڑاتا ہے وہ اپنی عزت گنوا بیٹھتا ہے۔
بعض لوگوں کی
دوسروں کے کاموں میں مداخلت کی ایک وجہ اس کی ٹوہ یا تجسس میں پڑنا بھی ہوتا ہے۔
جب ہم دوسروں کے تجسس میں پڑتے ہیں تو ہم اسکے کاموں میں مداخلت شروع کر دیتے ہیں
اور اس چیز سے تو قرآن کریم نے بھی منع فرمایا ہے چنانچہ پارہ 26 سورة الحجرات آیت
نمبر 12 میں ارشاد باری تعالیٰ ہے: یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اجْتَنِبُوْا
كَثِیْرًا مِّنَ الظَّنِّ٘-اِنَّ بَعْضَ الظَّنِّ اِثْمٌ وَّ لَا تَجَسَّسُوْا ترجمہ:
اے ایمان والو! بہت گمانوں سے بچو، بے شک بعض گمان گناہ ہوتے ہیں، اور عیب نہ
ڈھونڈو۔
مداخلت
کے نقصانات:
سب سے پہلا
نقصان تو یہی ہے کہ ہم اگر اسکے ذریعے تجسس میں پڑ جائیں تو گناہگار بھی ہوں گے۔
دوسرا یہ کہ
اس میں وقت کا ضیاع بھی ہے کیونکہ دوسروں کے کام میں مداخلت کرنا یہ ایک ایسا کام
ہے جس کا کوئی فائدہ نہیں اور ابو ہریرہ رضی الله عنہ سے مروی ہے کہ پیارے پیارے
مصطفیٰ کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: آدمی کے اسلام کی ایک خوبی یہ ہے کہ وہ لایعنی (بےکار)
چیزوں کو چھوڑ دے۔ (ترمذی، 4/ 142، حدیث:2324)
تیسرا نقصان
یہ ہے کہ جو شخص مداخلت کرتا ہے اسکی معاشرے میں عزت نہیں رہتی لوگ اس سے بات کرنا
پسند نہیں کرتے۔ اور بے جا مداخلت سے تعلقات خراب ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے۔
ایک اور حدیث
پاک ملاحظہ فرمائیے، چنانچہ ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے
ارشاد فرمایا: جو شخص اللہ اور آخرت کے دن
پر ایمان رکھتا ہے اسے چاہیے کہ بھلائی کی بات کرے یا خاموش رہے۔ (بخاری، 4/105،
حدیث: 6018)
حضرت عمر رضی
اللہ عنہ کا قول ہے جو زیادہ باتیں کرتا
ہے، زیادہ غلطیاں کرتا ہے اس کے گناہ بڑھ جاتے ہیں، اور جس کے گناہ زیادہ ہوں جہنم
اس کا زیادہ حقدار ہے۔ (اربعین نووی، ص 53)
اس
سے بچنے کے لیے: اسکے
نقصانات کا مطالعہ کیجئے، نفس کو قابو میں رکھنے کی کوشش کیجئے، اللہ پاک اور اسکے
رسول کریم ﷺ کے فرمان کو یاد رکھئے اور اس پر عمل کی سعی کیجئے، اسکے فوائد کا
مطالعہ کیجئے۔
رب کریم ہمیں
دوسروں کے کام میں بے جا مداخلت سے محفوظ فرمائے۔ آمین
دوسروں کے کام میں مداخلت مت کیجئے از بنت
لیاقت علی، بھینس کالونی کراچی
مداخلت
کا مفہوم:مداخلت
سے مراد کسی کے ذاتی معاملات میں بغیر اجازت دخل اندازی کرنا،دو شخص آپس میں گفتگو
کر رہے ہوں تو بلا اجازت ان کی گفتگو میں اپنی بات کو شروع کر کے خلل ڈالنا،اسی
طرح جب کوئی آپس میں مشورہ کر رہے ہوں تو بے جا مشورہ دے کر ان میں خلل ڈالنا،کسی
کو کوئی ذمہ داری دی گئی ہو یا کوئی اختیار دیا گیا ہو تو اسے اس کی ذمہ داری کو
ادا کرنے میں رکاوٹ بننا اور اس کے اپنے اختیار کو لینے میں رکاوٹ بننا،کسی دوسرے
کی باتوں کو جاننے کی کوشش کرنا،کسی کے عیوب وہ راز کو تلاش کرنے کی کوشش کرنا،یہ
تمام کام لغو اور اذیت کا باعث ہیں اس سے دوسروں کی عزت نفس مجروح ہوتی ہے اس سے
معاشرے میں بداعتمادی اور نفرت پیدا ہوتی ہے،اس طرح کی حرکتوں سے سامنے والے کو
تکلیف پہنچتی ہے اور وہ پریشانی میں بھی مبتلا ہو جاتا ہے اس لیے ہمیں دوسروں کے
معاملات میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہیے بلکہ دوسروں کی نجی زندگی اور معاملات کا
احترام کرنا چاہیے اچھا انسان وہ ہے جو اپنے کام پر توجہ دیں اور دوسروں کے حقوق
کا خیال رکھیں اسلام نے بھی فضول باتوں اور غیر متعلقہ امور سے بچنے کی تعلیم دی
ہے حدیث نبی کریم ﷺ نے فرمایا: آدمی کے اسلام کی خوبی یہ ہے کہ وہ ایسی باتوں اور
کاموں کو چھوڑ دیں جو اس سے متعلق نہ ہو۔ (ترمذی، 4/ 142، حدیث:2324)
دیکھیں کلام
کرنا بعض صورتوں میں نفع بخش اور بعض صورتوں میں نقصان دہ ہوتا ہے اب ہر وقت کسی
کے کام میں دخل دینا کسی کی بات کو کاٹ کر اپنی بات کو شروع کر دینا بلا حاجت اپنے
مشورہ دینے میں لگ جانا اس طرح کا کام اور کلام وہی کرے جو اس کی باریکیوں کو
سمجھتا ہو ورنہ خاموش رہنے اور دخل اندازی سے بچنے میں ہی عافیت ہے کیونکہ یہ
بندوں کے حقوق کا معاملہ ہے اور ہم پر بندوں کے حقوق کو پورا کرنا لازم ہے لیکن
ہمارا حال کیا ہے؟ ہمیں تو دوسروں کے حقوق کی پرواہ ہی نہیں ہے جب دل کرتا ہے دخل
اندازی کر دیتے ہیں جبکہ اس سے سامنے والے کے حقوق کے ضائع ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے
وقت کا ضائع ہونا بھی ہے۔
کیا ہم نے
ساری نیکیاں کما لی ہیں؟کہ ہمارے پاس اتنا وقت ہے کہ ہم دوسروں کے کاموں میں
مداخلت کریں کیا ہم نے اپنے رب کو راضی کر لیا ہے؟ کہ اب ہمیں نیکیوں کی ضرورت ہی
نہیں؟ کیا ہم نے اپنی آخرت کی تیاری کر لی ہے؟ جو ہم دوسرے کے کاموں کو مداخلت
کرنے میں لگے ہوئے ہیں کیا ہم نے اپنی اصلاح کر لی ہے؟ جو ہم دوسرے کے عیوب اور
راز کو تلاش کرنے میں لگ گئے ہیں؟ اللہ اکبر! یہ ہمیں کیا ہو گیا ہے اتنی غفلت
اختیار کرنا اتنے لوگوں کے حقوق کو پامال کرنا کیا ہمارے دلوں سے رب تعالی کا خوف
نکل چکا ہے؟کیا ہم یہ بھول گئے ہیں کہ ہمیں مرنا بھی ہے مرنے کے بعد رب کے حضور
حاضری بھی دینی ہے!
دیکھیں! اللہ
پاک اپنے حقوق کو تو معاف فرما دے گا لیکن بندوں کے حقوق کو معاف نہیں فرمائے گا
اگر رب تعالی نے ہم سے اس بارے میں پوچھ لیا تو؟کیا ہمیں ڈر نہیں لگتا اگر آقا
کریم ﷺ نے ہم سے پوچھ لیا تو؟اگر آقا کریم ﷺ ہم سے ناراض ہو گئے تو ہمارا کیا بنے
گا یاد رکھیں! اگر آقا کریم ﷺ ناراض ہو گئے تو اللہ تعالی بھی ناراض ہو جائیں گا
پھر ہم کہاں جائیں گے کس سے اپنی شفاعت کروائیں گے لہذا بہتری اسی میں ہے کہ ہم
کسی کے کاموں میں مداخلت نہ کریں بلکہ دوسروں کے حقوق کا خیال رکھیں۔
ہم تو
الحمدللہ آقا کریم ﷺ کے غلام ہیں تو جب آقا کریم ﷺ نے کسی کے حقوق کو پامال نہیں
کیا بلکہ دوسروں کے حقوق کو اچھی طرح پورا کیا یہ سب کس کے لیے کیا ہمیں تعلیم
دینے کے لیے تو ہم کس طرح کسی کے حقوق کو پامال کر سکتے ہیں وہ تو کریم آقا ﷺ ہیں
وہ تو محبوب خدا ﷺ ہیں وہ تو خاتم النبیین ﷺ ہیں جب وہ اتنا حقوق کا خیال رکھیں تو
ہمیں کس قدر حقوق کا خیال رکھنا چاہیے۔
اگر ہم غور
کریں کہ مداخلت کا سبب و ذریعہ کیا ہے؟ تو وہ ہماری زبان ہے جس کے ذریعے ہم دوسروں
کے کام میں دخل اندازی کرتے ہیں،بے جا مشورہ دینا، دوسروں کی باتوں میں شامل ہو
جانا،دوسروں کے عیوب کو تلاش کرنا وغیرہ یہ تمام کام زبان کے ذریعے ہی کیے جاتے
ہیں اگر ہم اپنی زبان کی حفاظت کر لیں اور خاموش رہنے کی عادت بنا لیں تو ان شاءاللہ
کریم دوسروں کے کاموں میں دخل اندازی کی عادت ختم ہو جائے گی۔
اب
ہم خاموش رہنے کی عادت کیسے بنائیں؟
لکھ کر گفتگو
کرنے کی کوشش کریں کیونکہ اس میں نفس کے لیے مشقت ہے اور نفس مشقت سے بہت گھبراتا
ہے چنانچہ امام مالک رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ اگر لوگوں کو لکھ کر گفتگو کرنے
کا مکلف بنایا جاتا تو یہ بہت کم گفتگو کرتے ہیں۔
اشارے سے
گفتگو کرنا بھی زبان کو کثرت کلام کا عادی ہونے سے بچانے کے لیے بے حد مفید ہے۔
کبھی زبان سے
فضول بات نکل جائے تو اس پر نادم ہو کر درود پاک پڑھیں ان شاء اللہ الکریم درود
پاک کی برکت سےفضول گوئی سے نجات مل جائے گی۔ (جنت کی دو چابیاں، ص 116)
اسلام نے ہمیں
دوسروں کے کام میں بلاوجہ دخل اندازی کرنے سے منع فرمایا ہے اور اسے ناپسند بھی
فرمایا ہے۔لوگوں کے کاموں میں بغیر ضرورت مداخلت کرنے والے کو معاشرے میں بھی اچھا
نہیں سمجھا جاتا۔اس طرح وہ لوگوں کے درمیان اپنی قدر بھی کھو دیتے ہیں اور لوگ
انہیں قدر کی نگاہ سے نہیں دیکھتے۔ہر شخص یہی چاہتا ہے کہ کوئی بھی اس کے ذاتی
معاملات میں دخل اندازی نہ کرے۔لیکن بعض لوگ بلا ضرورت ان کے معاملات کی ٹو میں پڑ
جاتے ہیں اور معاملات کی تہہ تک جانے کی کوشش کرتے ہیں۔جس کا نقصان یہ ہوتا ہے کہ
ان کا قیمتی وقت ضائع ہو جاتا ہے اور ہو سکتا ہے کہ غیبتوں اور تہمتوں کا سلسلہ
بھی جاری ہو جائے جس سے لوگ واقف نہیں ہوتے اور یوں گناہوں کا سلسلہ بھی شروع ہو
جاتا ہے۔لوگ اپنے دنیاوی معاملات میں کسی کو داخل کرنا پسند نہیں کرتے چاہے وہ
رشتہ داروں میں سے ہی کیوں نہ ہو۔
آج کل بھائی،
بھائی کے کاموں میں بےجا مداخلت کو پسند نہیں کرتا، چاہے وہ کاروبار کے معاملات
ہوں یا ذاتی زندگی یا فیملی میں ہونے والے ذاتی معاملات ہوں۔الغرض کوئی بھی
معاملات ہوں ہمیں بلا وجہ اور بلا اجازت کسی کی زندگی میں انٹرفیئر کرنے کی اجازت
نہیں ہے۔ہمیں صرف اپنے کام سے کام رکھنا چاہیے ہاں اگر کسی کو ہماری ضرورت ہو یا
کوئی ہم سے مشورہ لے تو ہمیں ضرور اپنے آپ کو پیش کرنا چاہیے اور ان کی مدد کرنی
چاہیے۔
بدعات میں سے
ایک بدعت یہ ہے کہ بندہ کسی ایسے خاص مسئلے میں اپنے مسلمان بھائی کی حالت کے بارے
میں خوب چھان بین کرے جسے وہ ناپسند کرتا ہو۔چنانچہ
کسی کی نجی
زندگی میں مداخلت نا جائز ہے:
حضرت سلمان
فارسی رضی اللہ عنہ نے شادی کی اور جب زوجہ کے پاس رات گزارنے کے بعد دن کو باہر
نکلے تو ایک شخص نے آپ سے عرض کی: اے ابو عبداللہ! آپ کیسے ہیں؟ تو آپ نے ارشاد
فرمایا: اچھا ہوں اور اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ تو وہ بولا: آپ کیسے ہیں اور رات
کیسی گزاری؟ایک روایت میں یہ الفاظ ہیں آپ نے اپنی زوجہ کو کیسا پایا؟یہ سن کر آپ
رضی اللہ عنہ نے غصے سے فرمایا: تم ایسا سوال کیوں پوچھتے ہو جس کا جواب چھپانا
پڑے تمہیں گھر سے باہر کی باتیں پوچھنی چاہئیں اور صرف ظاہری امور کے متعلق پوچھنا
ہی کافی ہے۔ (قوت القلوب، 2/20)
معلوم ہوا کہ
ہمارے اسلاف بھی دوسروں کے کاموں میں مداخلت کو سخت ناپسند فرمایا کرتے تھے لہذا
ہمیں بھی بےجا اور فضول سوالات سے بچنے کی کوشش کرنی چاہیے۔اللہ پاک ہمیں مداخلت
سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔
دوسروں کے کام میں مداخلت مت کیجئے از بنت
اسماعیل عطاریہ،بھینس کالونی کراچی
اسلام دینِ
فطرت ہے اسی لیے اس کی تعلیمات بھی انسانی فطرت سے متصادِم نہیں بلکہ فطرت کے عین
موافِق ہیں۔ اللہ پاک نے اسلامی تعلیمات میں ایسی ہمہ گیر جامعیّت، وُسعت، گہرائی
اور گِیرائی رکھی ہے کہ بڑی سے بڑی ضَرورت اور چھوٹی سے چھوٹی حاجت کی رَہنمائی اس
میں موجود ہے۔ اسلام نے اپنے ماننے والوں کو جہاں بہت سے حقوق عطا فرمائے ہیں ان
میں سے ایک حق مسلمان کی ذاتی زندگی کے معاملات کی راز داری بھی شامل ہے۔
یاد رہے کہ
اسلام میں پرائیویسی کی بھی حدود و قیود مقرّر ہیں۔ اسلام نے گھروں میں آنے جانے
کے آداب سکھائے، انسان کی پرائیویسی کو نہ صرف محفوظ کیا بلکہ اسے احترام بھی دیا۔
اسلام فرد کی ذاتی زندگی(Personal Life)، اس کے گھر، جسم، گفتگو،تحریر اور اس کے
رازسب کی حفاظت کو شرعی حق قرار دیتا ہے۔فطرت بھی اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ ہر
انسان کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی زندگی کے بعض پہلو صرف اپنے تک محدود رکھے۔ دوسروں
کے کام یا ذاتی معاملات میں بے جا مداخلت ایک نقصان دہ عادت ہے جو تعلقات میں تناؤ
اور بداعتمادی کا باعث بنتی ہے ذاتی زندگی اور کام کی جگہ دونوں میں باہمی احترام،
حدود کا تعین، اور اپنے کام پر توجہ مرکوز رکھنا اس منفی رویے کو کم کرنے کے لیے
انتہائی مؤثر ہیں۔
فرمان مصطفیٰ
ﷺ: آدمی کے اسلام کا حسن یہ ہے کہ وہ غیر متعلق بات میں دخل نہ دے۔ (ترمذی، 4/ 142،
حدیث:2324)
آپ کا یہ
ارشاد آدابِ معاشرت کا ایک زریں اصول ہے۔
مداخلت
اور آج کا معاشرہ: موجودہ دور میں مداخلت کے مسائل بہت عام ہیں سوشل
میڈیا اور دیگر مواصلاتی ذرائع کی وجہ سے لوگ دوسروں کی ذاتی زندگیوں میں بلاوجہ
دخل دیتے ہیں۔ اسلام اس بات کی تاکید کرتا ہے کہ ہم ایک دوسرے کے ذاتی معاملات کی
عزت کریں اور بناوجہ کسی کے نجی معاملات میں مداخلت سے گریز کریں۔ بے جا مداخلت کے
بہت منفی اثرات ہوتے ہیں جو فرد معاشرت اور رشتوں پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں
ہمیں اب اس بات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے کہ رشتوں اور تعلقات میں اخلاقی حد بندی
اور آپس میں میل جول میں اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ہم ایک دوسرے کی حدود کا
احترام کریں، غیر ضروری دخل اندازی سے پرہیز کریں ان شاءاللہ اس طرح ہم بہتر
معاشرے کی تشکیل اور ذہنی طور پر مضبوط معاشرے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر
سکیں۔
دوسروں کے کام میں مداخلت مت کیجئے از بنت سید
اعجاز،شاہ فیصل ٹاؤن کراچی
اسلام ایک
مکمل ضابطہ حیات ہے۔ اس نے ہمیں نہ صرف اپنی ذات کی اصلاح سکھائی بلکہ دوسروں کے
حقوق کا احترام بھی سکھایا۔ ان حقوق میں سب سے اہم حق یہ ہے کہ ہم بلا ضرورت کسی
کے ذاتی معاملات میں مداخلت نہ کریں۔
نبی کریم ﷺ نے
فرمایا: آدمی کے اسلام کی خوبی یہ ہے کہ وہ لایعنی ان باتوں کو چھوڑ دے جن سے اس
کا تعلق نہیں۔ (ترمذی، 4/ 142، حدیث:2324) یعنی
جو چیز اس سے متعلق نہیں اس میں بولنا، پوچھنا اور دخل دینا مسلمان کے شایانِ شان
نہیں۔
دوسروں کے کام
میں مداخلت کرنے سے سب سے پہلا نقصان یہ ہوتا ہے کہ دلوں میں بدگمانی پیدا ہوتی
ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن میں فرمایا: یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اجْتَنِبُوْا
كَثِیْرًا مِّنَ الظَّنِّ٘-اِنَّ بَعْضَ الظَّنِّ اِثْمٌ وَّ لَا تَجَسَّسُوْا (پ 26،
الحجرات: 12) ترجمہ: اے ایمان والو! بہت گمانوں سے بچو، بے شک بعض گمان گناہ ہوتے
ہیں، اور عیب نہ ڈھونڈو۔ مفسرین نے لکھا ہے کہ تجسس کا مطلب ہے دوسروں کے عیب تلاش
کرنا اور ان کے کاموں میں دخل دینا۔
حضور ﷺ کا
معمول تھا کہ آپ ﷺ صحابہ کے ذاتی معاملات میں بلا وجہ سوال نہیں کرتے تھے۔ ایک
صحابی نے عرض کی: یا رسول اللہ! ﷺ ہمسایہ مجھے تنگ کرتا ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: جاؤ
اور صبر کرو۔ دوسری یا تیسری بار وہ پھر آیا تو فرمایا: جاؤ اپنا سامان راستے پر
رکھ دو۔ مقصد یہ تھا کہ لوگ خود دیکھیں گے اور سمجھیں گے، لیکن آپ ﷺ نے ہمسائے کے
گھر جا کر پوچھ گچھ نہیں فرمائی۔ (ابوداود، 4/436، حدیث: 5153)
مداخلت کی کئی
صورتیں ہیں: کسی کے موبائل کو دیکھنا، کسی کی تنخواہ پوچھنا، کسی کے گھر کے جھگڑے
میں بلا بُلائے کود پڑنا، کسی کی شادی میں تاخیر کی وجہ دریافت کرنا۔ یہ سب فضول
گوئی میں آتا ہے، جس سے حضور ﷺ نے منع فرمایا۔ آپ ﷺ نے فرمایا: جو اللہ اور آخرت
پر ایمان رکھتا ہے وہ اچھی بات کہے ورنہ خاموش رہے۔ (بخاری، 4/105، حدیث: 6018)
علما نے لکھا
ہے کہ حسن خلق کا ایک بڑا حصہ ترکِ مداخلت ہے۔ حضرت لقمان علیہ السلام نے اپنے
بیٹے کو وصیت کی: بیٹا! جو تمہارا کام نہیں اس میں ناک مت گھساؤ۔ (احیاء علوم
الدین، 2/221)
اسلام ہمیں
امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا حکم دیتا ہے، لیکن وہ بھی طریقے سے۔ اگر کوئی
علانیہ گناہ کر رہا ہے تو نرمی سے سمجھائیں۔ لیکن کسی کے ذاتی کمرے، اکاؤنٹ، یا
نجی فیصلوں میں ٹوہ لگانا جائز نہیں۔
لہٰذا ہمیں
چاہیے کہ ہم اپنا محاسبہ کریں۔ اپنی قبر، اپنے اعمال، اپنی آخرت کی فکر کریں۔
دوسروں کے کام اللہ کے سپرد کر دیں۔ جب ہم دوسروں کو سکون دیں گے تو اللہ ہمیں
سکون دے گا۔
اسلام ایک
مکمل ضابطہ حیات ہے جو انسان کو نہ صرف اپنی ذات کی اصلاح کا درس دیتا ہے بلکہ
دوسروں کے حقوق کی پاسداری بھی سکھاتا ہے۔ ایک مہذب اور پرامن معاشرہ اسی وقت
تشکیل پاتا ہے جب اس کے افراد ایک دوسرے کی عزت کریں، حدود کا خیال رکھیں اور
بلاوجہ کسی کی ذاتی زندگی میں مداخلت سے اجتناب کریں۔
دوسروں کی نجی
زندگی میں مداخلت ایک ایسا عمل ہے جو بظاہر معمولی لگتا ہے، لیکن اس کے اثرات
نہایت گہرے اور نقصان دہ ہوتے ہیں۔ یہ عمل نہ صرف معاشرتی ہم آہنگی کو متاثر کرتا
ہے بلکہ بعض اوقات دوسروں کی دل آزاری کا سبب بھی بنتا ہے بلکہ۔ اسلام ہمیں اس بات
کی واضح تعلیم دیتا ہے کہ ہم کسی کی ذاتی زندگی، معاملات یا کمزوریوں کو کھوجنے
اور ان میں دخل دینے سے بچیں، چنانچہ قرآنِ کریم میں ہے: یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا
اجْتَنِبُوْا كَثِیْرًا مِّنَ الظَّنِّ٘-اِنَّ بَعْضَ الظَّنِّ اِثْمٌ وَّ لَا تَجَسَّسُوْا
(پ
26، الحجرات: 12) ترجمہ: اے ایمان والو! بہت گمانوں سے بچو، بے شک بعض گمان گناہ
ہوتے ہیں، اور عیب نہ ڈھونڈو۔
دوسروں کی
زندگی میں مداخلت کے مختلف انداز ہو سکتے ہیں: جیسے بلا اجازت ذاتی سوالات کرنا،
کسی کے نجی معاملات پر تبصرہ کرنا، یا ان کی کمزوریوں کو دوسروں کے سامنے بیان
کرنا۔ بعض اوقات لوگ خیرخواہی کے نام پر بھی مداخلت کرتے ہیں، لیکن اگر اس میں
نرمی، حکمت اور اجازت کا خیال نہ رکھا جائے تو یہ عمل بھی تکلیف دہ بن جاتا ہے۔
بندے کا اپنے
بھائی سے راستے میں جاتے ہوئے یہ پوچھنا کہ کہاں جا رہے ہو؟ یا کہاں سے آرہے ہو؟
بھی بدعت ہے۔ اسلاف اس طریقہ کو ناپسند کرتے اور یہ طریقہ نہ صرف خلافِ سنّت اور
خلافِ ادب ہے بلکہ تجسس اور تحسس میں شمار ہوتا ہے، کیونکہ تحسس سے مُراد ہے جگہ
کا سراغ لگانا اور تجسس کا مطلب ہے خبریں معلوم کرنا۔ یہ سوال چونکہ دونوں چیزوں
کے متعلق ہوتا ہے اور بعض اوقات بندہ پسند نہیں کرتا کہ اس کا بھائی یہ جانے کہ وہ
کہاں جا رہا ہے یا کہاں سے آ رہا ہے۔
حضرت ابوبرزہ
اسلمی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسولُ اللہ ﷺنے فرمایا: اے ان لوگوں کے گروہ، جو
زبان سے ایمان لائے اور ایمان ان کے دلوں میں داخل نہیں ہوا، مسلمانوں کی غیبت نہ
کرو اور ان کی چھپی ہوئی باتوں کی ٹٹول نہ کرو، اس لیے کہ جو شخص اپنے مسلمان
بھائی کی چھپی ہوئی چیز کی ٹٹول کرے گا، اللہ تعالیٰ اس کی پوشیدہ چیز کی ٹٹول کرے
(یعنی اسے ظاہر کر دے) گا اور جس کی اللہ ٹٹول کرے گا (یعنی عیب ظاہر کرے گا) اس
کو رسوا کردے گا، اگرچہ وہ اپنے مکان کے اندر ہو۔ (1)
اسی طرح روایت
میں آتا ہے کہ حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہ نے شادی کی اور جب زوجہ کے پاس رات
گزارنے کے بعد دن کو باہر نکلے تو ایک شخص نے آپ سے عرض کی: اے ابو عبد اللہ! آپ
کیسے ہیں؟ تو آپ نے ارشاد فرمایا:اچھا ہوں اور اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔تو وہ
بولا:آپ کیسے ہیں اور رات کیسی گزری؟ (2)
ایک روایت میں
یہ الفاظ ہیں: آپ نے اپنی زوجہ کو کیسا پایا؟یہ سن کر آپ نے غصے سے فرمایا: تم
ایسا سوال کیوں پوچھتے ہو جس کا جواب چھپانا پڑے، تمہیں گھر سے باہر کی باتیں
پوچھنی چاہئیں اور صرف ظاہری امور کے متعلق پوچھنا ہی کافی ہے۔ لہٰذا معلوم ہوا کہ
دوسروں کی زندگی میں مداخلت شرعاً و اخلاقاً ہر لحاظ سے قبیح عمل ہے جو بعض اوقات
آپس میں نفرت و بدگمانی تک پیدا کر دیتا ہے اس لیے احترامِ مسلم کو ملحوظِ خاطر
رکھتے ہوئے دوسروں کے کاموں میں بے جا مداخلت مت کیجئے تاکہ آپس میں محبت،ادب و احترام
کا جذبہ برقرار رہے۔
حوالہ
جات:
(1) ابو داود،
4/ 354، حدیث: 4880
(2) حلیۃ
الاولیاء، 1/ 244، رقم: 600
دوسروں کے کام
میں مداخلت کرنا ایک انتہائی ناپسندیدہ عادت ہے جو تعلقات میں خرابی کا باعث بنتی
ہے اور دوسروں کے معاملات میں مداخلت کرنے سے آپس میں نا اتفاقی پیدا ہوتی ہے اور
قریبی رشتے بھی متاثر ہوتے ہیں۔ اپنی خامیوں اور ناکامیوں کا بوجھ دوسروں پر نہیں
ڈالنا چاہیے بلکہ اس سے بچنا چاہیے اور اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے دوسروں
کے کاموں کی طرف نہیں دیکھنا چاہیے بار بار مداخلت کرنے کی وجہ سے رشتوں پر بھی
اثر پڑتا ہے اور اس سے رشتے کمزور ہو جاتے ہیں انسان کو دو سروں کی زندگیوں پر نظر
کرنے کی بجائے اپنی طرف توجہ دینی چاہیے ہر انسان کی اپنی ایک حد ہوتی ہے جن کا
احترام کرنا ایک کامیاب پر سکون معاشرے کی بنیاد ہے بعض اوقات لوگ خود کو ہوشیار
اور عقل مند سمجھتے ہوئے ہر معاملے میں اپنی رائے کو دینا فرض عین سمجھ لیتے ہے
اور انسان اپنے پر توجہ دینے کی بجائے دوسروں کے معاملات پر توجہ دیتا ہے ایسا
کرنے سے وہ اپنا وقت برباد کرتا ہے جب بندہ بار بار کسی کے کاموں میں مداخلت کرتا
ہے تو وہ لوگوں کی نظروں سے گر جاتا ہے اور ایسا کرنے سے وہ اپنا وقار کھو بیٹھتا
ہے کبھی بھی انسان دوسروں کے معاملے میں مداخلت کر کے اپنے مسلمان بھائی کو ایذا
نہیں دینی چاہیے اور کسی مسلمان کو ایذا دینا بہت بڑا گناہ ہے۔ انسان کو چاہیے
مسلمان بھائی کو ایذا نہ دے اور دل آزاری کا سبب نہ بنے اور اپنے معاملات کو
نمٹائے۔ دوسروں کے معاملات میں مداخلت کرنے والے کو اللہ پاک ہدایت عطا کرے۔
الله پاک کا
فرمان ہے: یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ
اٰمَنُوا اجْتَنِبُوْا كَثِیْرًا مِّنَ الظَّنِّ٘-اِنَّ بَعْضَ الظَّنِّ اِثْمٌ وَّ
لَا تَجَسَّسُوْا (پ
26، الحجرات: 12) ترجمہ: اے ایمان والو! بہت گمانوں سے بچو، بے شک بعض گمان گناہ
ہوتے ہیں، اور عیب نہ ڈھونڈو۔
احادیث
مبارکہ:
نبی کریم ﷺ کا
فرمان ہے: جو اللہ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہے اسے چاہیے کہ اچھی بات کہے یا
پھر خاموش رہے۔ (بخاری، 4/105، حدیث: 6018)
نبی کریم ﷺ کا
فرمان ہے: بدگمانی سے بچو کیونکہ بدگمانی سب سے جھوٹی بات ہے اور کسی کے عیب نہ
تلاش کرو نہ ہی کسی کے پیچھے پڑو اور جاسوسی نہ کرو۔ (بخاری، 4/117، حدیث: 6064)
نبی کریم ﷺ کا
فرمان ہے: آدمی کے اچھے مسلمان ہونے کی یہ بھی ایک نشانی ہے کہ وہ ان چیزوں کو ترک
کر دے جو اس کا معاملہ نہیں ہیں۔ (ترمذی، 4/ 142، حدیث: 2324)
نبی کریم ﷺ نے
فرمایا: الله آدمی کی مدد میں ہوتا ہے جب تک وہ اپنے بھائی کی مدد میں ہوتا ہے۔ (مسلم،
ص 1147، حدیث: 6853)
اسلام ایک
مکمل ضابطہ حیات ہے جو انسان کو اچھے اخلاق، حسنِ معاشرت اور دوسروں کے حقوق کا
خیال رکھنے کی تعلیم دیتا ہے۔ انہی تعلیمات میں سے ایک اہم تعلیم یہ ہے کہ بلا
ضرورت دوسروں کے معاملات میں دخل اندازی نہ کی جائے۔کسی کی نجی زندگی میں مداخلت
ناجائز ہے حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہ نے شادی کی اور جب زوجہ کے پاس رات
گزارنے کے بعد دن کو باہر نکلے تو ایک شخص نے آپ سے عرض کی: اے ابو عبد اللہ! آپ
کیسے ہیں؟ تو آپ نے ارشاد فرمایا: اچھا ہوں اور اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ تو وہ
بولا: آپ کیسے ہیں اور رات کیسی گزری؟ ایک روایت میں یہ الفاظ ہیں: آپ نے اپنی
زوجہ کو کیسا پایا؟ یہ سن کر آپ نے غصے سے فرمایا: تم ایسا سوال کیوں پوچھتے ہو جس
کا جواب چھپانا پڑے، تمہیں گھر سے باہر کی باتیں پوچھنی چاہئیں اور صرف ظاہری امور
کے متعلق پوچھنا ہی کافی ہے۔ (قوت القلوب، 2/20)
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا
اجْتَنِبُوْا كَثِیْرًا مِّنَ الظَّنِّ٘-اِنَّ بَعْضَ الظَّنِّ اِثْمٌ وَّ لَا تَجَسَّسُوْا
(پ
26، الحجرات: 12) ترجمہ: اے ایمان والو! بہت گمانوں سے بچو، بے شک بعض گمان گناہ
ہوتے ہیں، اور عیب نہ ڈھونڈو۔
اس آیت میں دوسرا
حکم یہ دیاگیا کہ مسلمانوں کی عیب جوئی نہ کرو اور ان کے پوشیدہ حال کی جستجو میں نہ
رہوجسے اللہ تعالیٰ نے اپنی سَتّاری سے چھپایا ہے۔
انسانی زندگی
کا اصل مقصد اللہ کی عبادت کرنا اور سیدھے راستے پر چلنا ہے اور انسان کی عزت،
وقار اور کامیابی بھی اسی میں ہی ہے کہ وہ اپنے کام سے کام رکھے جب ہم دوسروں کے
گھروں کے معاملوں یا رشتوں میں کسی بھی طرح سے مداخلت کریں گے تو رشتے تو نہیں
بچتے البتہ دل میں بھی جگہ نہیں رہتی اور یہ صرف بلاوجہ دوسروں کے معاملوں میں
بولنے کی وجہ سے ہوتا ہے اور دوسروں کے عیب نکالنا، ٹوہ لینا اور کیڑے نکالنا فتنے
کا دروازہ کھولتا ہے لہذا اپنے کام سے کام رکھنا ہی بہتر ہے اور زندگی کا سکون ہے۔
اس کے بارے
میں قرآن پاک میں بھی ارشاد ہے: وَ لَا تَقْفُ مَا لَیْسَ لَكَ بِهٖ عِلْمٌؕ-اِنَّ
السَّمْعَ وَ الْبَصَرَ وَ الْفُؤَادَ كُلُّ اُولٰٓىٕكَ كَانَ عَنْهُ
مَسْـٴُـوْلًا (۳۶) (پ 15، بنی
اسرائیل: 36) ترجمہ کنز الایمان: اور اس بات کے پیچھے نہ پڑ جس کا تجھے علم نہیں بےشک
کان اور آنکھ اور دل ان سب سے سوال ہونا ہے۔
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا
اجْتَنِبُوْا كَثِیْرًا مِّنَ الظَّنِّ٘-اِنَّ بَعْضَ الظَّنِّ اِثْمٌ وَّ لَا تَجَسَّسُوْا
(پ
26، الحجرات: 12) ترجمہ: اے ایمان والو! بہت گمانوں سے بچو، بے شک بعض گمان گناہ
ہوتے ہیں، اور عیب نہ ڈھونڈو۔
احادیث
مبارکہ: دوسروں
کے معاملات میں مداخلت نہ کرنے کے بارے میں حدیث مبارکہ میں بھی تنبیہ ہے اور اس
سے منع فرمایا گیا ہے کہ اس سے بچا جائے اور اپنے کام سے مطلب رکھنا چاہئے۔
1۔ آدمی کے
اسلام کی خوبی یہ ہے کہ وہ لایعنی باتیں اور کام چھوڑ دے۔ (ترمذی، 4/ 142، حدیث:2324)
2۔ جو اللہ
اور آخرت پر ایمان رکھتا ہے وہ یا تو اچھی بات کہے ورنہ خاموش رہے۔ (بخاری، 4/105،
حدیث: 6018)
حدیث مبارکہ
سے یہ معلوم ہوا کہ ہمیں بے فضول باتوں میں نہیں پڑنا چاہئے اور اللہ کے حکم کے
مطابق خاموشی اختیار کرنی چاہیے
مداخلت
کی صورتیں اور ان کے نقصانات:
لسانی
مداخلت: فلاں
کی شادی کیوں نہیں ہو رہی، بچے کیوں نہیں، نوکری کیوں چھوڑی، دل آزاری، رشتے خراب۔
جاسوسی:
کسی
کا موبائل چیک کرنا، گھر کی باتیں پوچھنا بدگمانی اعتماد کا ختم ہونا۔
مقابلہ
بازی: فلاں
کے پاس یہ ہے تمہارے پاس کیوں نہیں حسد ناشکری گھر کا سکون برباد۔
كب
مداخلت جائز ہے؟
اسلام ہر جگہ
خاموشی کا حکم نہیں دیتا 3 صورتوں میں بولنا ضروری ہے:
1: امر
بالمعروف جب کوئی کھلم کھلا گناہ کر رہا ہو اور آپ روک سکتے ہوں۔
2: مشورہ طلب
ہو جب کوئی خود آپ سے رائے مانگے۔
3:جان و مال
کا خطرہ ہو جب کسی کی جان عزت یا مال ضائع ہو رہا ہو۔
ان کے علاوہ
ہر دخل فضول ہےلہذا ہمیں ان آیات مبارکہ اور احادیث مبارکہ سے معلوم ہوتا ہے کہ
ہمیں اپنے کام سے کام رکھنا چاہئے اور کون کیا کر رہا ہے کس حال میں ہے یہ جاننا
ضروری نہیں البتہ اگر کوئی مشکل میں ہو تو اس کی مدد کی جائے لیکن بلاوجہ بولنا یا
چیز میں مداخلت کرنا یہ درست نہیں ہے اس بچنا ہی بہتر ہے۔
دوسروں کے کام
میں مداخلت کا مطلب یہ ہے کہ کسی کے ذاتی معاملات، فیصلوں، نوکری، گھر یا تعلیم
میں بغیر پوچھے رائے دینا یا رکاوٹ ڈالنا، یہ ایک انتہائی مذموم فعل ہے۔ انسان
فطرتاً تجسس پسند ہوتا ہے وہ دوسروں کے دینی و دنیاوی معاملات میں تجسس کا شکار
ہوتا ہے اور جب تجسس مداخلت کی صورت اختیار کر لے تو یہ دینی و دنیاوی زندگی کے
لیے بہت نقصان دہ ہوتا ہے۔ اکثر ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ہم خیر خواہی کر رہے ہیں لیکن
حقیقت میں ہم دوسروں کا وقت ضائع کرتے ہیں، انکا اعتماد توڑتے ہیں اور رشتوں میں
تلخی پیدا کرتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ
نے ہر انسان کو عقل، صلاحیت اور ذمہ داری دی ہے۔ ہر شخص اپنے کام کا خود ذمہ دار
ہے۔ اگر ہم دوسروں کے کام میں ٹانگ آرائیں گے تو نہ اپنا کام ٹھیک سے کر پائیں گے
اور نہ دوسروں کو سکون سے رہنے دیں گے۔ چنانچہ قرآن مجید اور احادیث مبارکہ میں
سختی کے ساتھ دوسروں کے کام میں بےجا مداخلت کرنے سے منع کیا گیا ہے۔
جیسا کہ ارشاد
باری تعالیٰ ہے: یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اجْتَنِبُوْا كَثِیْرًا مِّنَ الظَّنِّ٘-اِنَّ
بَعْضَ الظَّنِّ اِثْمٌ وَّ لَا تَجَسَّسُوْا (پ 26،
الحجرات: 12) ترجمہ: اے ایمان والو! بہت گمانوں سے بچو، بے شک بعض گمان گناہ ہوتے
ہیں، اور عیب نہ ڈھونڈو۔
تفسیر صراط
الجنان میں ہے کہ اس آیت میں یہ حکم دیا گیا ہے کہ مسلمان کی عیب جوئی نہ کرو اور
ان کے چھپے حال کو جاننے میں تجسس نہ کرو۔
اس میں دوسروں
کے معاملات میں بے جا مداخلت کرنے اور پوشیدہ عیب تلاش کرنے سے منع کیا گیا ہے
کیونکہ انسان یہ کام کرکے دوسروں کی نظروں میں اپنا وقار کھو بیٹھتا ہے اور اپنا
وقت ضائع کرتا ہے۔دوسروں کے کام میں بے جا مداخلت کرنے سے رشتوں میں نفرتیں اور
ناچاقیاں پیدا ہو جاتی ہیں، دلوں میں ایک دوسرے کے لیے نفرت و بغض و کینہ پیدا ہو
جاتا ہے جس سے انسان اکیلا، بے بس اور لا چار ہو جاتا ہے اور اسکا دینی نقصان یہ
ہے کہ وہ یہ کام کر کے اللہ پاک کی نافرمانی مول لے رہا ہے۔
ایک اور مقام
پر اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: وَ الَّذِیْنَ هُمْ عَنِ اللَّغْوِ مُعْرِضُوْنَۙ(۳) (پ
18، المؤمنون:3) ترجمہ کنزالایمان: اور وہ
جو کسی بیہودہ بات کی طرف التفات نہیں کرتے۔
لغو سے مراد
ہر وہ قول، فعل اور نا پسندیدہ یا مباح کام ہے جس کا مسلمان کو دینی یا دنیاوی
کوئی فائدہ نہ ہو جیسے مذاق مسخری، بےہودہ گفتگو، کھیل کود، فضول کاموں میں وقت
ضائع کرنا، شہوات پوری کرنے میں ہی لگے رہنا اور دوسروں کے کاموں میں بلا وجہ دخل
دینا وغیرہ وہ تمام کام جن سے اللہ پاک نے منع فرمایا ہے۔
احادیث مبارکہ
میں بھی لا یعنی اور بیکار کاموں سے بچنے کی ترغیب دی گئی ہے۔ چنانچہ حضرت ابو
ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: آدمی کے
اسلام کی اچھائی میں سے یہ ہے کہ وہ لا یعنی چیز چھوڑ دے۔ (ترمذی، 4/ 144، حدیث:
2324)
اس سے مراد یہ
ہے کہ جو چیز کار آمد نہ ہو اس میں نہ پڑے، زبان، دل اور دیگر اعضاء کو بیکار
باتوں کی طرف متوجہ نہ کرے۔ اس سے معلوم ہوا کہ دوسروں کے کام میں مداخلت کرنا لا
یعنی کاموں میں سے ہے جو انسان کو دین و دنیا میں کوئی فائدہ نہیں دیتی۔
ہمیں چاہیے کہ
ہم بھی دوسروں کے معاملات میں بے جا مداخلت نہ کرے بلکہ اپنے کام سے کام رکھے اور
اپنا وقت ضائع نہ کریں، اپنے ظاہر و باطن کی اصلاح کریں اور اللہ پاک کو راضی کرنے
کی کوشش میں ہر وقت نیک اعمال کرتی رہیں اور اس کا بہترین ذریعہ دعوت اسلامی کے
دینی ماحول سے وابستہ ہونا ہے۔ ہمیں چاہیئے کہ ہم دعوت اسلامی کے دینی ماحول سے ہر
دم وابستہ رہیں، سنتیں سیکھیں، ان پر عمل کریں اور دوسروں کو سیکھائیں۔
Dawateislami