دیگر موضوعات کی طرح یہ بھی ایک موضوع ہے دوسروں کے کام میں مداخلت کرنا جو کہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی بیماریوں میں سے ایک بیماری ہے اور یہ بالکل بے معنی اور بےمقصد ہے۔ قرآن مجید میں اللہ تبارک و تعالیٰ نے ارشاد فرمایا: یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اجْتَنِبُوْا كَثِیْرًا مِّنَ الظَّنِّ٘-اِنَّ بَعْضَ الظَّنِّ اِثْمٌ وَّ لَا تَجَسَّسُوْا (پ 26، الحجرات: 12) ترجمہ: اے ایمان والو! بہت گمانوں سے بچو، بے شک بعض گمان گناہ ہوتے ہیں، اور عیب نہ ڈھونڈو۔

جہاں مداخلت پر قرآن مجید میں ذکر کیا گیا ہے اسی طرح حدیث مبارکہ میں بھی اس کا ذکر موجود ہے جیسا کہ حضور علیہ الصلوۃ والسلام کی حدیث مبارکہ ہے: آدمی کے اسلام کی خوبی یہ ہے وہ بے کار چیزوں کو ترک کر دیتا ہے۔ (ترمذی، 4/ 142، حدیث:2324)

اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اسلام میں دوسروں کے معاملات میں مداخلت کرنے سے منع کیا گیا ہے ہر مسلمان کا بذات خود بھی یہ ذہن ہوتا ہے کہ کوئی اس کے معاملات میں مداخلت نہ کرے لیکن اس کے باوجود وہ خود دوسروں کے معاملات میں مداخلت کرتا نظر آتا ہے۔ آئیے اس کے چند نقصانات ذکر کرتے ہیں:

سب سے پہلا نقصان اپنے وقت کا ضائع کرنا ہے، اگر ہم غور کریں تو معلوم ہوتا ہے کہ دوسروں کے معاملات میں مداخلت کے سبب کوئی مالی یا دینی یا دنیاوی فائدہ حاصل نہیں ہوتا پھر بھی بہت زیادہ کثرت سے ہم لوگوں کے معاملات میں مداخلت کر کے اپنے قیمتی وقت کو ضائع کرتے نظر آتے ہیں۔

یوں ہی اس کا ایک نقصان معاشرے میں بدامنی کا بڑھنا بھی ہے جی ہاں مداخلت کے سبب معاشرے میں بدامنی پھیلتی ہے ہم دیکھتے ہیں روزمرہ کی زندگی میں اور تجربہ بھی کرتے ہیں کہ لوگوں کی مداخلت جو کہ بے جا ہوتی ہے لوگوں کی زندگی کے سکون کو برباد کرنے کا باعث بنتی ہے کتنے ہی گھرایسے ہیں جو بےجا مداخلت سے برباد ہوتے ہیں جو کہ لوگوں کی تکلیف کا باعث ہے اوریہ نہایت ہی قبیح فعل ہے۔

اس کے علاوہ بے جا مداخلت کرنا ہماری عزت نفس کو مجروح کرنے کا بھی باعث بنتا ہے اس کو کچھ یوں سمجھتے ہیں اگر ہم دوسروں کے معاملات میں بغیر ان کی مرضی کے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں یا انہیں مشورہ دیتے ہیں تو ہو سکتا ہے کہ سامنے والا آپ کو اہمیت نہ دیں بلکہ بے جا مداخلت کے سبب اکثر انسان کو ذلت اور رسوائی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہےجس کے سبب وہ اپنی عزت نفس کو مجروح کر بیٹھتا ہے۔

لہذا خلاصہ کلام یہ ہے کہ ہر انسان عاقل ہے تو اسے چاہیے کہ وہ ہر اس فعل سے بچے جو اس کے لیے فائدہ مند نہ ہو اور اس کی تذلیل کا سبب ہو اور اپنے آپ کو صرف اچھے کاموں میں مصروف عمل کرے اور ہر وقت اپنی ذات کی اصلاح میں لگا رہے نہ کہ دوسروں کے کاموں میں مداخلت کر کے اپنے قیمتی وقت کو ضائع کرے ہر انسان کو اپنی زندگی اپنے خیالات کے مطابق گزارنے کا حق حاصل ہے لہذا ہمیں چاہیے کہ ہم مداخلت کر کے ان کی زندگی کے سکون کو برباد کرنے کا باعث نہ بنیں۔