شہوت و خواہشات کے پیچھے چل کر اللہ پاک کی نہ فرمانی کرنا گناہ کہلاتا ہے اور جس گناہ کے متعلق قراٰن و حدیث میں صراحتًا خاص سخت وعید بیان کی گئی ہو وہ کبیرہ گناہ کہلاتا ہے۔ انہیں کبیرہ گناہوں میں سے ایک کبیرہ گناہ زنا یعنی بد کاری بھی ہے۔ حدیث پاک میں بد کاری کی مذمّت میں کثیر احادیث وارد ہیں۔ یہاں پر بد کاری کی مذمّت میں پانچ احادیثِ مبارکہ ملاحظہ فرمائیں:۔

(1) حضرت میمونہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: میری امت اس وقت تک بھلائی پر رہے گی جب تک ان میں زنا سے پیدا ہونے والے بچے عام نہ ہو جائیں گے اور جب ان میں زنا سے پیدا ہونے والے بچے عام ہو جائیں گے تو اللہ پاک انہیں عذاب میں مبتلا فرما دے گا۔(مسند امام احمد، مسند الانصار، حدیث میمونۃ بنت الحارث الہلالیّۃ زوج النبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم، 10 / 246، الحدیث: 26894)

(2) رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے سوال کیا گیا: کون سا گناہ سب سے بڑا ہے؟ ارشاد فرمایا: تو کسی کو اللہ پاک کا ہمسر(برابر) قرار دے حالانکہ اس نے تجھے پیدا کیا۔ عرض کی گئی: پھر کون سا ؟ارشاد فرمایا: تیرا اپنی اولاد کو اس خوف سے قتل کر دینا کہ وہ تیرے ساتھ کھائے گی۔ عرض کی گئی: پھر کون سا ؟ارشاد فرمایا: تیرا اپنے پڑوسی کی بیوی سے زنا کرنا۔(مسلم،كتاب الايمان،باب بيان كون الشرك أقبح الذنوب..........الخ،ص59،حديث :86)

(3) حضرت ابوہریرہ رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے کہ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: تین شخصوں سے اللہ پاک نہ کلام فرمائے گا اور نہ انہیں پاک کرے گا اور نہ اُن کی طرف نظرِ رحمت فرمائے گا اور اُن کے لئے دردناک عذاب ہوگا۔ (1) بوڑھا زانی۔(2)جھوٹ بولنے والا بادشاہ (3)تکبر کرنے والا فقیر۔ (مسلم، کتاب الایمان، باب بیان غلظ تحریم اسبال الازار والمنّ بالعطیۃ۔۔۔ الخ، ص68، حدیث: 172)

(4) حضرت ابو ہریرہ رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے کہ حضورِ اقدس صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: جب مرد زنا کرتا ہے تو اُس سے ایمان نکل کر سر پر سائبان کی طرح ہوجاتا ہے، جب اِس فعل سے جدا ہوتا ہے تو اُس کی طرف ایمان لوٹ آتا ہے۔(ابوداؤد، کتاب السنّۃ، باب الدلیل علی زیادۃ الایمان ونقصانہ، 4 / 293، حدیث: 4290) شارحین اس کی شرح میں لکھتے ہیں کہ یہاں ایمان نکل جانے سے مراد نورِ ایمان یا غیرتِ ایمانی ہے اصلِ ایمان نہیں ہے۔

(5) صحیح بخاری میں حضرت سمرہ بن جندب رضی اللہُ عنہ سے مروی ایک طویل حدیث ہے کہ حضورِ اقدس صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: میں نے رات کے وقت دیکھا کہ دو شخص میرے پاس آئے اور مجھے مقدس سر زمین کی طرف لے گئے (اس حدیث میں چند مشاہدات بیان فرمائے اُن میں ایک یہ بات بھی ہے) ہم ایک سوراخ کے پاس پہنچے جو تنور کی طرح اوپر سے تنگ ہے اور نیچے سے کشادہ اُس میں آگ جل رہی ہے اور اُس آگ میں کچھ مرد اور عورتیں برہنہ ہیں ۔ جب آگ کا شعلہ بلند ہوتا ہے تو وہ لوگ اوپر آجاتے ہیں اور جب شعلے کم ہو جاتے ہیں تو شعلے کے ساتھ وہ بھی اندر چلے جاتے ہیں (یہ کون لوگ تھے ان کے متعلق بیان فرمایا) یہ زانی مرد اور عورتیں ہیں ۔( بخاری، کتاب الجنائز، 1 / 467، حدیث: 1386)

ان احادیث سے معلوم ہوا کہ بد کاری بہت ہی برا کام ہے۔ یہ پرلے درجے کی بے حیائی اور فتنہ و فساد کی جڑ ہے۔ یہ حرام ، جہنم میں لے جانے اور اللہ پاک کے غضب کو ابھارنے والا کام ہے۔ اب ہمیں چاہیے کہ ہم غور کریں کہ کہیں ہمارا اس کبیرہ گناہ میں پڑنے کا اندیشہ تو نہیں ہے اگر اندیشہ ہے تو اپنے آپ کو بچائیے اور اگر پڑ چکے ہیں تو اللہ پاک تواب ہے (یعنی بہت زیادہ توبہ قبول فرمانے والا ہے) اس کی بارگاہ میں سچے دل سے توبہ کر لیجیے۔ اللہ پاک ہم سب کو صغیرہ، کبیرہ، ظاہری، باطنی ہر قسم کے گناہوں سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین بجاه خاتم النبيين صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


11 مارچ2023ء بروز ہفتہ دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں شعبہ فیضان مرشد کی جانب سے سنتوں بھرا اجتماع منعقد ہوا ۔

اجتماع کا آغاز تلاوتِ قراٰن پاک و نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم سے کیاگیا۔ بعدازاں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمد امین عطاری نے اسلامی بھائیوں میں سنتوں بھرا بیان فرمایااور شرکا کی دینی و اخلاقی اعتبار سے تربیت کرتےہوئے انہیں نمازوں کی پابندی کرنے اور دینِ اسلامی کی روشنی میں زندگی کے شب و روز گزارنے کاذہن دیا جس پر انہوں نے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔( کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


پچھلے دنوں دعوتِ اسلامی کے فیضان آن لائن اکیڈمی بوائز ڈیپارٹمنٹ  کی جانب سے لاہور برانچ میں سیکھنے سکھانے کے حلقے کا سلسلہ ہوا جس میں فیضان آن لائن اکیڈمی جامعۃ المدینہ اورمدرسۃ المدینہ کے ذمہ داران شریک ہوئے۔

نگران شعبہ مولانا یاسر عطاری مدنی نے ’’اپنے گھر والوں کے ساتھ انداز‘‘ کے موضوع پر تربیت کی جس میں گھر والوں کی اسلامی تربیت کرنے اوران سے حسن اخلاق کے ساتھ پیش آنے پر شرکا کی تربیت کی۔مزید اچھے اخلاق کو اپنانےکے لئے ہفتہ وار مدنی مذاکرہ دیکھنے کی ترغیب دلائی جس پر مدرسین نے اچھے جذبات کااظہار کیا۔( رپورٹ: نواز حسین فیاض شفٹ ناظم فیضان آن لائن اکیڈمی، کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


اپنے وقت کو  اچھے کاموں میں گزارنا یہ اللہ پاک کی بہت بڑی نعمت ہے۔ اس سلسلے میں دعوتِ اسلامی کے تعلیمی شعبہ فیضان آن لائن اکیڈمی کی جانب سے لاہورڈویژن کے ذمہ داران کے لئے سیکھنے سکھانے کا حلقہ منعقد ہوا۔

حلقے میں شریک ذمہ داران کی رکن مجلس سید غلام الیاس عطاری مدنی نے’’Time Managment ‘‘ کے موضوع پر تربیت کی جس کا مقصد اپنے وقت کو اچھے انداز میں مینج کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے روز مرہ کے افعال اور امور کو اچھے انداز میں ترتیب دینا نیز اپنے فرائض کو وقت کے مطابق مینج کرتے ہوئے شعبے کو مزید بہتری کی طرف لیکر جانا تھا۔ ( رپورٹ: نواز حسین فیاض شفٹ ناظم فیضان آن لائن اکیڈمی ، کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


دنیا بھر میں دینی کام کرنے والی عاشقانِ رسول کی  دینی تحریک دعوتِ اسلامی کی جانب سے لاہورڈویژن میں فیضان آن لائن اکیڈمی جامعۃ المدینہ ومدرسۃ المدینہ بوائز کے ذمہ داران کا مدنی مشورہ ہوا ۔

مدنی مشورے میں رکن مجلس مولانا محمد سلمان عطاری مدنی نے’’learning management system ‘‘ کے حوالے سے ذمہ داران کی تربیت کی اور شعبے کے دینی کاموں میں مزید بہتری لانے کے حوالے سے اسلامی بھائیوں کو نکات فراہم کئے۔( رپورٹ: نواز حسین فیاض شفٹ ناظم فیضان آن لائن اکیڈمی ، کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


پچھلے دنوں  لاہور میں فیضان آن لائن اکیڈمی بوائز کے زیر اہتمام ٹریننگ سیشن کااہتمام کیا گیا جس میں جامعۃ المدینہ ومدرسۃ المدینہ لاہورڈویژن فیضان آن لائن اکیڈمی کے ذمہ داران نے شرکت کی۔

رکن مجلس مولانا عرفان عطاری مدنی نے فیضان آن لائن اکیڈمی کے جدید نظام کےحوالے سے آئے ہوئے سافٹ وئیر’’ اسٹوڈنٹ پورٹل اور مائیکرو سافٹ ٹیمز‘‘ کے حوالے سے ذمہ داران کی تربیت کی جس کا مقصد شعبے کی ترقی اور مزید بہتری لانا تھا۔( رپورٹ: نواز حسین فیاض شفٹ ناظم فیضان آن لائن اکیڈمی ، کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


قراٰن مجید رب کریم کا بے مثل کلام ہے۔ جسے اللہ پاک نے حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر نازل فرمایا ۔ جو ہر چیز کا کھلا اور واضح بیان ہے جس طرح الله پاک نے قراٰنِ پاک میں مسلمانوں کے لئے احکام پچھلی امتوں کے واقعات بیان فرمائے اسی طرح اس میں انبیا و رسول علیہم السّلام کی صفات و کمالات کو بھی بیان فرمایا۔ جس طرح حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ایک صفت رحمۃ للعلمین بیان فرمائی۔ حضرت عیسیٰ علیہ السّلام کی روح الله بیان فرمائی۔ اسی طرح حضرت موسی علیہ السّلام کی بھی صفات بیان فرمائیں۔ ان میں سے چند ملاحظہ ہوں۔

(1) حضرت موسی علیہ الصلوۃ و السّلام اللہ پاک کے چنے ہوئے اور برگزیدہ بندے تھے۔ اللہ پاک نے فرمایا : اِنَّهٗ كَانَ مُخْلَصًا ترجمۂ کنزُالعِرفان: بیشک وہ چنا ہوا بندہ تھا۔(پ 16، مریم:51) (2) حضرت موسی علیہ الصلوۃ و السّلام رسول و نبی تھے۔ اللہ پاک نے فرمایا : وَّ كَانَ رَسُوْلًا نَّبِیًّا(۵۱) ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور وہ نبی رسول تھا ۔(پ 16، مریم:51)

(3) حضرت موسی علیہ الصلوۃ و السّلام سے اللہ پاک نے کلام فرمایا۔ اللہ پاک نے فرمایا : وَ نَادَیْنٰهُ مِنْ جَانِبِ الطُّوْرِ الْاَیْمَنِ ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور ہم نے اسے طور کی دائیں جانب سے پکارا ۔ (پ16،مریم:52)طور ایک پہار کا نام ہے جو مصر اور مدین کے درمیان ہے۔ حضرت موسیٰ علیہ السّلام کو مدین سے آتے ہوئے طور کی اس جانب سے جو حضرت موسیٰ علیہ السّلام کے دائیں طرف تھی ایک درخت سے ندا دی گئی تھی۔

(4) حضرت موسی علیہ الصلوۃ و السّلام کو اپنا قرب بخشا۔ اللہ پاک نے فرمایا: وَ قَرَّبْنٰهُ نَجِیًّا(۵۲) ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور ہم نے اسے اپنا راز کہنے کیلئے مقرب بنایا۔ (پ16،مریم:52)

(5) حضرت موسی علیہ الصلوۃ و السّلام کی خواہش پر آپ کے بھائی حضرت ہارون علیہ الصلوۃ والسّلام کو نبوت عطا کی۔ اللہ پاک نے فرمایا : وَ وَهَبْنَا لَهٗ مِنْ رَّحْمَتِنَاۤ اَخَاهُ هٰرُوْنَ نَبِیًّا(۵۳)ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور ہم نے اپنی رحمت سے اسے اس کا بھائی ہارون بھی دیا جو نبی تھا۔(پ16،مریم:53) جب حضرت موسیٰ علیہ الصلوۃو السّلام نے اللہ پاک سے دعا کی کہ میرے گھر والوں میں سے میرے بھائی ہارون کو میرا وزیر بنا۔ تو اللہ پاک نے ان کی دعا قبول فرمائی اور اپنی رحمت سے حضرت ہارون علیہ السّلام کو نبوت عطا کی۔ ( خازن)

پیارے اسلامی بھائیو! اسی طرح اللہ پاک نے قراٰنِ پاک میں متعدد مقامات پر انبیائے کرام علیہم السّلام کی صفات و کمالات کو بیان فرمایا مگر افسوس ہم اس کو پڑھنے اس پر عمل کرنے سے ناآشنا ہیں حالانکہ انبیائے کرام علیہم السّلام کی صفات پڑھنے اس پر عمل کرنے میں اللہ پاک کی بارگاہ میں دعا ہے کہ وہ ہمیں انبیائے کرام علیہم السّلام کی سیرت پڑھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین بجاہ خاتم المرسلین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


اللہ عزوجل کے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ و سلم کی دکھیاری امت کی غمخواری کرنے کے جذبے کے تحت یورپین یونین ریجن کی اسلامی بہنوں کے لئے ماہِ فروری 2023ء میں دعوتِ اسلامی کی جانب سے لگنے والے فی سبیل للہ روحانی علاج کے بستوں کی کارکردگی درج ذیل رہی:

٭دعوتِ اسلامی کے تحت لگائے گئے روحانی علاج کے بستے کی تعداد:02

٭بستوں پر آنے والی اسلامی بہنوں کی تعداد:91

٭اسلامی بہنوں کو دیئے گئے تعویذاتِ عطاریہ کی تعداد:549

٭اسلامی بہنوں کو دیئے گئے اورادِ عطاریہ کی تعداد:87

٭ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں شرکت کرنے والی اسلامی بہنوں کی تعداد:23

٭مدنی مذاکرہ دیکھنے / سننے والی اسلامی بہنوں کی تعداد:01

٭ہفتہ وار رسالہ پڑھنے والی اسلامی بہنوں کی تعداد:01 


انبیائے کرام علیہم السّلام کائنات کی عظیم ترین ہستیاں اور انسانوں میں ہیروں موتیوں کی طرح جگمگاتی شخصیات ہیں جنہیں خدا نے وحی کے نور سے روشنی بخشی حکمتوں کے سر چشمے ان کے دلوں میں جاری فرمائے اور سیرت و کردار کی وہ بلندیاں عطا فرمائیں جن کی تابانی سے مخلوق کی آنکھیں حیران ہو جاتی ہیں انبیا و مرسلین انتہائی اعلی و عمدہ اوصاف کے مالک ہوتے ہیں۔ جن میں بعض کے اوصاف الله پاک نے قراٰن مجید میں ذکر فرمائے ان کے مرتبہ اور فضائل جدا گانہ ہیں۔ مزید یہ کہ نبی ہونے میں سب برابر ہیں ان انبیائے کرام میں افضل و اعلیٰ حضور محتشم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہیں۔ جیسا کہ اللہ پاک نے فرمایا: وَ اِنَّكَ لَعَلٰى خُلُقٍ عَظِیْمٍ(۴) ترجَمۂ کنزُالایمان: اور بیشک تمہاری خوبو بڑی شان کی ہے۔(پ29،القلم:4)

محترم قارئین ! قراٰن مجید میں جن انبیائے کرام کے اوصاف بیان ہوئے ان میں سے حضرت موسی علیہ السّلام کے اوصاف درج ذیل ہیں۔

(1) وَ اٰتَیْنٰهُمَا الْكِتٰبَ الْمُسْتَبِیْنَۚ(۱۱۷)ترجَمۂ کنزُالایمان: اور ہم نے ان دونوں کو روشن کتاب عطا فرمائی (پ23،الصّٰٓفّٰت:117) حضرت موسیٰ علیہ السّلام کا ایک وصف یہ ہے جو یہاں بیان ہوا کہ ان کو روشن کتاب عطا فرمائی۔ جس کا بیان بلیغ ہے اور وہ کتاب حدود اور احکام کی جامع ہے یعنی تو رات جو حضرت موسیٰ علیہ السّلام کو عطا کی گئی۔ سب سے پہلے حضرت موسیٰ علیہ السّلام کو ہی کتاب عطا کی گئی اس کتاب میں حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی نبوت کے دلائل بھی موجود ہیں اس کتاب سے پہلے حضرت موسیٰ علیہ السّلام کو صحیفے عطا کیے گئے ان میں بھی حضور کی نبوت اور رسالت کا بیان تھا۔

(2) وَّ نَزَعَ یَدَهٗ فَاِذَا هِیَ بَیْضَآءُ لِلنّٰظِرِیْنَ۠(۱۰۸) ترجَمۂ کنزُالایمان: اور اپنا ہاتھ گریبان میں ڈال کر نکالا تو وہ دیکھنے والوں کے سامنے جگمگانے لگا۔( پ9، الاعراف : 108)حضرت موسیٰ علیہ السّلام کا ایک وصف یہ بھی ہے جو یہاں بیان ہوا کہ ید بیضاء یعنی حضرت موسی علیہ السّلام جب اپنا دستِ اقدس گریبان میں ڈال کر نکالتے تو وہ دیکھنے والوں کے سامنے جگمگانے لگتا اور اس کی روشنی اور چمک نور آفتاب پر غالب آگئی۔ ایک روایت میں ہے کہ حضرت موسیٰ علیہ السّلام نے فرعون کو اپنا ہاتھ دکھا کر پوچھا کہ یہ کیا ہے؟ فرعون نے جواب دیا :آپ کا ہاتھ ہے۔ پھر حضرت موسیٰ علیہ السّلام نے ا پنا ہاتھ گریبان میں ڈال کر نکالا تو وہ جگمگانے لگا۔

(3) وَ كَلَّمَ اللّٰهُ مُوْسٰى تَكْلِیْمًاۚ(۱۶۴)ترجَمۂ کنزُالایمان: اور اللہ نے موسیٰ علیہ السّلام سے حقیقتاً کلام فرمایا۔(پ6،النساء:164)حضرت موسیٰ علیہ السّلام کا ایک وصف یہ بھی تھا جو یہاں بیان ہوا کہ آپ کلیم اللہ ہیں حضرت موسیٰ نے اللہ پاک سے بلاواسطہ کلام فرمایا۔ آپ مدین سے واپس آرہے تھے طور کی جانب سے آپ کو درخت سے آواز دی گئی یعنی جو حضرت موسی علیہ السّلام کی دائیں جانب تھی آپ کو مرتبہ قرب عطا فر مایا گیا۔ حجاب اٹھا دئیے گئے یہاں تک کہ آپ نے قلموں کے چلنے کی آواز سنی جس سے تو رات کو لکھا جا رہا تھا اور آپ کی قدرو منزلت بلند کی گئی۔

(4) قَالَ هِیَ عَصَایَۚ ترجَمۂ کنزُالایمان: عرض کی یہ میرا عصا ہے ۔(پ16،طٰہٰ:18) آپ کا وصف یہ بھی تھا کہ آپ کا عصا مبارک جس کے اوپر کی جانب دو شاخیں تھیں اس کا نام نبعہ تھا آپ جب تھک جاتے تو اس سے ٹیک لگاتے، بکریوں کے لئے کے لئے درختوں سے پتے جھاڑتے اور دشمنوں سے لڑتے، اس کے ساتھ ساتھ یہ کہ آپ کا عصا مبارک فرعون کے میلے میں جادو گروں کے سانپوں کے ساتھ ڈالا تو بڑا اژدھا بن کر ان کو کھا گیا اور بنی اسرئیل نے جب پانی طلب کیا تو آپ کے اس عصا کو پتھر پر مارنے سے اس سے 12 چشمے جاری ہو گئے اور جب دریا میں مارا تو دریا میں راستہ بن گیا۔

اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ ہمیں انبیائے کرام کے اوصاف بیان کرنے اور تعظیم کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور انبیائے کرام کی بے ادبی اور گستاخی سے محفوظ فرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


پیارے آقا صلی اللہ علیہ و سلم کی دکھیاری امت کی غمخواری کرنے کے جذبے کے تحت بریڈفورڈریجن کی اسلامی بہنوں کے لئے ماہِ فروری 2023ء میں دعوتِ اسلامی کی جانب سے لگنے والے فی سبیل للہ روحانی علاج کے بستوں کی کارکردگی درج ذیل رہی:

٭دعوتِ اسلامی کے تحت لگائے گئے روحانی علاج کے بستے کی تعداد:02

٭بستے پر آنے والی اسلامی بہنوں کی تعداد:31

٭اسلامی بہنوں کو دیئے گئے تعویذاتِ عطاریہ کی تعداد:106

٭اسلامی بہنوں کو دیئے گئے اورادِ عطاریہ کی تعداد:37

٭ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں شرکت کرنے والی اسلامی بہنوں کی تعداد:31

٭مدنی مذاکرہ دیکھنے / سننے والی اسلامی بہنوں کی تعداد:25

٭ہفتہ وار رسالہ پڑھنے والی اسلامی بہنوں کی تعداد:20


اللہ پاک نے انسانوں کی ہدایت کے لئے بے شمار انبیائے کرام کو مبعوث فرمایا اور تمام ہی انبیائے کرام نے الله پاک کی اطاعت و فر مانبرداری کرتے ہوئے انسانوں کو دین حق کی دعوت دی۔ انہی انبیائے کرام میں سے حضرت موسی علیہ السّلام بھی ہیں جن کے اوصاف میں سے کچھ کا ذکر یہاں کیا جائے گا۔

حضرت موسی علیہ السّلام الله پاک کے انتہائی برگزیدہ پیغمبر اور رسولوں میں سے ایک رسول ہیں۔ حضرت موسی علیہ السّلام رب سے بلاواسطہ ہم کلام ہونے کی وجہ سے کلیم اللہ کے لقب سے یاد کیے جاتے ہیں۔ الله پاک کے موسی علیہ السّلام کو دس صحیفے نازل فرمائے۔ الله پاک نے موسیٰ علیہ السّلام کو کتاب ( تو رات) عطا فرمائی۔

اوصاف :ایک مقام پر رب نے موسیٰ علیہ السّلام کو اپنا چنا ہوا بندہ اور رسول ارشاد فرمایا ہے۔ (جیسا کہ پارہ نمبر (16) سورۃُ المریم کی آیت نمبر (51) میں ارشاد فرمایا: وَ اذْكُرْ فِی الْكِتٰبِ مُوْسٰۤى٘-اِنَّهٗ كَانَ مُخْلَصًا وَّ كَانَ رَسُوْلًا نَّبِیًّا(۵۱) ترجَمۂ کنزُالایمان: اور کتاب میں موسیٰ کو یاد کرو بےشک وہ چنا ہوا تھا اور رسول تھا غیب کی خبریں بتانے والا۔(پ 16، مریم:51)

ایک مقام پر رب نے موسی علیہ السّلام کو اپنی بارگاہ میں بڑی وجاہت والا (بھی بڑے مقام والا) مستجاب الدعوات فرمایا۔ (جیسا کہ پارہ نمبر 22 سورة ُالاحزاب کی آیت نمبر (69) میں ارشاد فرمایا : وَ كَانَ عِنْدَ اللّٰهِ وَجِیْهًاؕ(۶۹) ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور موسیٰ اللہ کے ہاں بڑی وجاہت والا ہے۔(پ22،الاحزاب:69)

ایک مقام پر رب نے موسیٰ علیہ السّلام سے ہم کلامی کرنے کا ارشاد فرمایا ہے :( جیسا کہ پارہ نمبر (06) سورۃ النساء کی آیت نمبر 164 میں ارشاد فرمایا : وَ كَلَّمَ اللّٰهُ مُوْسٰى تَكْلِیْمًاۚ(۱۶۴)ترجَمۂ کنزُالایمان: اور اللہ نے موسیٰ سے حقیقتاً کلام فرمایا۔(پ6،النساء:164)

ایک مقام پر رب نے موسی علیہ السّلام کو نبوت و رسالت پر دلالت کرنے والی (9) نو نشانیاں عطا کرنے کا ارشاد فرمایا۔ (جیسا کہ پارہ نمبر 15 میں سورہ بنی اسرائیل کی آیت نمبر (101) میں ارشاد فرمایا : وَ لَقَدْ اٰتَیْنَا مُوْسٰى تِسْعَ اٰیٰتٍۭ بَیِّنٰتٍ ترجَمۂ کنزُالایمان: اور بےشک ہم نے موسیٰ کو نو روشن نشانیاں دیں۔(پ15،بنی اسرائیل:101)

ایک مقام پر رب نے موسی علیہ السّلام کو فرقان عطا کرنے کا ارشاد فرمایا ہے۔ (جیسا کہ پارہ نمبر 1 سورۃُ البقرہ کی آیت نمبر (53) میں ارشاد فرمایا : وَ اِذْ اٰتَیْنَا مُوْسَى الْكِتٰبَ وَ الْفُرْقَانَ لَعَلَّكُمْ تَهْتَدُوْنَ(۵۳)ترجَمۂ کنزُالایمان: اور جب ہم نے موسیٰ کو کتاب عطا کی اور حق و باطل میں تمیز کر دینا کہ کہیں تم راہ پر آؤ ۔(پ1، البقرة:53) فرقان کے کئی معانی بیان کئے گئے ہیں :(1)فرقان سے مراد بھی تورات ہی ہے۔ (2)کفرو ایمان میں فرق کرنے والے معجزات جیسے عصا اور ید بیضاء وغیرہ ۔(3)حلال و حرام میں فرق کرنے والی شریعت مراد ہے ۔(مدارک،البقرة،تحت الآیت:53،ص52)

ایک مقام پر رب نے آپ کو روشن غلبہ عطا فرمانے کا ارشاد فرمایا ہے۔(جیسا کہ پارہ نمبر (6) سورۃُ النساء کی آیت نمبر (153) میں ارشاد فرمایا : وَ اٰتَیْنَا مُوْسٰى سُلْطٰنًا مُّبِیْنًا(۱۵۳) ترجَمۂ کنزُالایمان: اور ہم نے موسیٰ کو روشن غلبہ دیا۔(پ6،النساء:153)

حضرت موسی علیہ السّلام کے اوصاف میں سے یہ بھی ہے کہ قراٰنِ پاک میں سب سے زیادہ مرتبہ حضرت موسی علیہ السّلام کا نام آیا ہے اور یہ مختلف مقامات پر ہے اور اس کی تعداد (136) ہے۔


حضور صلی اللہ علیہ و سلم کی دکھیاری امت کی غمخواری کرنے کے جذبے کے تحت نارتھ ویسٹ ریجن کی اسلامی بہنوں کے لئے ماہِ فروری 2023ء میں دعوتِ اسلامی کی جانب سے لگنے والے فی سبیل للہ روحانی علاج کے بستوں کی کارکردگی درج ذیل رہی:

٭دعوتِ اسلامی کے تحت لگائے گئے روحانی علاج کے بستے کی تعداد:07

٭بستے پر آنے والی اسلامی بہنوں کی تعداد:107

٭اسلامی بہنوں کو دیئے گئے تعویذاتِ عطاریہ کی تعداد:242

٭اسلامی بہنوں کو دیئے گئے اورادِ عطاریہ کی تعداد:167

٭ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں شرکت کرنے والی اسلامی بہنوں کی تعداد:103

٭مدنی مذاکرہ دیکھنے / سننے والی اسلامی بہنوں کی تعداد:37

٭ہفتہ وار رسالہ پڑھنے والی اسلامی بہنوں کی تعداد:38