عصرِ حاضر میں جہاں میڈیا کو ذہن سازی کا سب سے طاقتور وسیلہ سمجھا جاتا ہے، وہیں ”مدنی چینل“ نے الیکٹرانک میڈیا کو دینِ اسلام کی ترویج و اشاعت کے لئے بھرپور انداز میں استعمال کرتے ہوئے ایک منفرد مثال قائم کی ہے۔ یہ چینل شب و روز قرآن و سنت کی تعلیمات عام کرنے، عقائد و اعمال کی اصلاح اور مسلمانوں کو سنتوں بھری زندگی اپنانے کی ترغیب دینے میں مصروفِ عمل ہے۔

مدنی چینل کی سب سے نمایاں خدمت یہ ہے کہ اس نے دین کو عام فہم انداز میں ہر عمر اور ہر طبقے تک پہنچایا۔ علمائے کرام کے ایمان افروز بیانات، دروسِ قرآن و حدیث، فقہی رہنمائی، اصلاحی پروگرامز اور بچوں و خواتین کے لئے خصوصی نشریات کے ذریعے معاشرے کے مختلف طبقات کی دینی تربیت کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

ماہِ رمضان المبارک 1447ھ کے بابرکت ایام میں مدنی چینل پر شروع ہونے جارہا ہے اسپیشل پروگرام ”دعائے خاتم النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم“ جو یکم رمضان المبارک سے چاند رات تک روزانہ بعد از افطار نشر کیا جائے گا۔ اس پروگرام کی ہوسٹنگ”خلیفۂ امیر اہلسنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی فرمائیں گے۔

اس پروگرام کو نشر کرنے کا مقصد ماہِ صیام کی نورانی ساعتوں میں عاشقانِ رسول کو بارگاہِ رسالت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں درود و سلام اور دعاؤں کے ذریعے روحانی ترقی عطا کرنا اور سنتوں بھرے اعمال کی ترغیب دینا ہے۔ پروگرام میں ایمان افروز کلمات، دعائیہ مناجات اور اصلاحِ اعمال کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی جائے گی تاکہ ناظرین رمضان المبارک کی برکتوں سے بھرپور استفادہ کرسکیں۔

”دعائے خاتم النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو مختلف ڈیجیٹل و سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نشر کیا جائے گا جس کے ذریعے دنیا بھر میں موجود اسلامی بھائی اوراسلامی بہنیں اس بابرکت سلسلے میں شریک ہوسکیں گے۔

ماہِ رمضان المبارک مسلمانوں کے لئے رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ ہے اور ایسے مقدس مہینے میں دعاؤں اور ذکر و درود کی محافل ایمان کو تازگی بخشنے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوتی ہیں۔