فیضانِ مدینہ کراچی میں حاجی وسیم عطاری کےوالد
کا جنازہ خلیفۂ امیرِ اہلسنت نے پڑھایا
پچھلے دنوں سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ دعوتِ اسلامی کے
ذمہ دار حاجی وسیم عطاری کےوالد کا قضائے الٰہی سے انتقال ہوگیا (اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ) جن کی نمازِ جنازہ عالمی
مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ادا کی گئی۔
تفصیلی معلومات کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ
خلیفۂ امیرِ اہلسنت حضرت مولانا ابواُسید حاجی عبید رضا عطاری مدنی مدظلہ العالی نے پڑھائی اور دعائے مغفرت کرتے ہوئے مرحوم کے بلندیِ دَرَجات کے لئے خصوصی دعا کروائی ۔
اس دوران مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا
حاجی محمد عمران عطاری، اراکینِ شوریٰ اور
ذمہ داران سمیت کثیر تعداد میں عاشقانِ رسول موجود تھے جنہوں نے مرحوم کے لئے دعا
کی۔
بعدازاں خلیفۂ امیرِ اہلسنت، نگرانِ شوریٰ اور
اراکینِ شوریٰ نے مرحوم کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی نیز
مرحوم کے لئے زیادہ سے زیادہ ایصالِ ثواب کرنے کا ذہن دیا۔
خلیفۂ امیرِ اہلسنت نے آخری عشرہ کے معتکفین کے
سروں پر عمامہ شریف باندھا
اس سال 2026ء بمطابق 1447ھ کے رمضانُ المبارک
میں کثیر عاشقانِ رسول نے دعوتِ اسلامی کے
عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ایک ماہ اور آخری عشرے (10 دن) کا اعتکاف کیا۔
تفصیلات کے مطابق عاشقانِ رسول کو اعتکاف کے
دوران نماز، روزہ، وضو، غسل کے مسائل اور دیگر فرض علوم سیکھنے کا موقع ملا نیز
روزانہ کی بنیاد پر 2 مدنی مذاکروں کا بھی سلسلہ ہوا جن میں امیرِ اہلِ سنت دامت
بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے حاضرین و ناظرین کی دینی، اخلاقی و روحانی
اعتبار سے تربیت کی۔
13 مارچ 2026ء بمطابق 23 رمضانُ المبارک 1447ھ
کو خلیفۂ امیرِ اہلسنت حضرت مولانا ابو
اُسید حاجی عبید رضا عطاری مدنی مدظلہ
العالی نے آخری عشرے کا اعتکاف کرنے والے اسلامی بھائیوں کے سروں پر عمامہ شریف باندھا اور کثیر
عاشقانِ رسول سے ملاقات فرمائی۔
خلیفۂ امیرِ اہلسنت نے مفتی نوید عطاری مدنی کی
صاحبزادی کا نکاح پڑھایا
کسی بھی نیک کام میں نیک لوگوں کی شرکت باعث خیرو برکت ہوتی ہے نیز نیک لوگوں کی صحبت اختیار کرنا اور انہیں اپنی
خوشی میں یاد کرنا دینِ اسلام کی تعلیمات میں سے ایک ہے۔
اسی سلسلے میں 22 مارچ 2026ء کو دعوتِ اسلامی کے
عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی کے رمضان ہال میں دارالافتاء اہلسنت کے مفتی نوید
عطاری مدنی کی صاحبزادی کے نکاح کےموقع پر ایک تقریب منعقد ہوئی۔
اس تقریب میں خلیفۂ امیرِ اہلسنت حضرت
مولانا ابو اُسید حاجی عبید رضا عطاری
مدنی مدظلہ العالی کی خصوصی آمد ہوئی جبکہ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے
اراکین، ذمہ داران اور دیگر عاشقانِ
رسول بھی موجود تھے۔
خلیفۂ امیرِ اہلسنت مولانا ابو اُسید حاجی عبید رضا عطاری مدنی مدظلہ العالی نے خطبۂ نکاح پڑھنے کے بعد
دولہے سے ایجاب کروایا اور اس جوڑے کے لئے دعائے خیر کرتے ہوئے امیرِ اہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی جانب سے
عطاکردہ سہرہ پڑھا۔
بعدازاں خلیفۂ امیرِ اہلسنت نے مفتی نوید عطاری مدنی کو اُن کی صاحبزادی
کے نکاح پر مبارکبار پیش کی اور وہاں موجود تمام اسلامی بھائیوں نے خلیفۂ امیرِ
اہلسنت سے ملاقات کی۔
عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے
عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں 5 اپریل 2026ء کو چند خوش نصیب اسلامی
بھائیوں کے نکاح میں خلیفۂ امیرِ اہلسنت حضرت مولانا ابو اُسید حاجی عبید رضا عطاری مدنی مدظلہ العالی کی آمد ہوئی۔
معلومات کے مطابق اس دوران شادی کے موقع پر پڑھا
جانے والا امیرِ اہلِ سنت دامت
بَرَکَاتُہمُ العالیہ کا عطا
کردہ کلام پڑھا گیا اور خلیفۂ امیرِ
اہلسنت حضرت مولانا ابو اُسید حاجی عبید
رضا عطاری مدنی مدظلہ العالی نے اُن
خوش نصیب اسلامی بھائیوں کا نکاح پڑھایا اور انہیں دعاؤں سے نوازا۔
بعدازاں وہاں موجود تمام اسلامی بھائیوں نے
خلیفۂ امیرِ اہلسنت حضرت مولانا ابو
اُسید حاجی عبید رضا عطاری مدنی مدظلہ
العالی سے ملاقات بھی کی۔
چاند رات قافلے میں سفر کرنے والے عاشقانِ رسول
کی خلیفۂ امیرِ اہلسنت سے ملاقات
دعوتِ اسلامی کے تحت علمِ دین کی اشاعت کرنے،
لوگوں کو اسلام کی باتیں سکھانے اور اُن کی اصلاح کرنے کے لئے وقتاً فوقتاً 3 دن،
12 دن اور ایک ماہ کے قافلے راہِ خدا عزوجل میں سفر کرتے رہتے ہیں۔
اسی سلسلے میں 20 مارچ 2026ء بمطابق 1 شوال
المکرم 1447ھ کی شب (چاند رات کو) قافلے میں سفر کرنے والے عاشقانِ رسول کے لئے عالمی
مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر خلیفۂ امیرِ اہلسنت حضرت
مولانا ابو اُسید حاجی عبید رضا عطاری
مدنی مدظلہ العالی نے
عاشقانِ رسول کے درمیان بیان کرتے ہوئے انہیں مختلف مدنی پھولوں سے نوازا اور اُن
سے ملاقات بھی فرمائی۔
اسلام آباد (نیوز ڈیسک)
تحریکِ جوانانِ پاکستان کے سربراہ اور سینئرتجزیہ
کار عبداللہ حمید گل نے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ G-11 اسلام آباد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جانشین و
خلیفۂ امیرِ اہل سنت مولانا حاجی عبیدرضا
عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی سے
ملاقات کی اور مختلف ملی و سماجی امور پر تفصیلی گفتگو کی۔
ملاقات کے کلیدی نکات:
نوجوانوں کی کردار سازی: عبداللہ حمید گل نے
نوجوانوں کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت اور ان کی اخلاقی تربیت کے حوالے سے دعوتِ
اسلامی کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے فتنوں سے بچانے کے لیے
نوجوان نسل کو دین سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
دینی و دنیاوی تعلیم کا امتزاج:
دورانِ گفتگو جانشینِ امیرِ اہلِ سنت نے بتایا
کہ دعوتِ اسلامی نوجوانوں کو نہ صرف دینی تعلیمات سے آراستہ کر رہی ہے بلکہ جدید
عصری علوم اور ہنر مندی کے شعبوں میں بھی ان کی رہنمائی کر رہی ہے۔
پاکستان کی سلامتی اور اتحاد:
دونوں شخصیات نے ملک کی موجودہ صورتحال پر بات
کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی ترقی ”اتحادِ بین المسلمین“ اور
مضبوط قومی تشخص میں پنہاں ہے۔
فیضانِ مدینہ کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ:
ملاقات کے بعد عبداللہ حمید گل کو فیضانِ مدینہ
میں قائم مختلف ڈیپارٹمنٹ کا دورہ بھی کروایا گیا۔ انہیں دعوتِ اسلامی کے تحت چلنے
والے فلاحی منصوبوں اور تعلیمی نظام (جامعۃ
المدینہ / دارالمدینہ اور دیگر تعلیمی اداروں) کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
تعریفی کلمات:
”دعوتِ اسلامی کا نیٹ ورک اور نظم و ضبط قابلِ
تحسین ہے۔ جس طرح یہ تنظیم خاموشی کے ساتھ معاشرے کی اصلاح اور انسانیت کی خدمت کر
رہی ہے، وہ تمام محبِ وطن پاکستانیوں کے لیے باعثِ فخر ہے۔“ عبداللہ حمید گل (چیئرمین تحریکِ جوانانِ پاکستان)
اختتامی دعا اور تحائف کا تبادلہ:
ملاقات کے اختتام پر خلیفۂ امیرِ اہلِ سنت
مولانا عبید رضا عطاری نے عبداللہ حمید گل
کی ملک و قوم کے لیے خدمات کو سراہا اور ان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔ اس
موقع پر انہیں دعوتِ اسلامی کے مکتبۃ المدینہ کی جانب سے شائع کردہ کتب کا تحفہ بھی
پیش کیا گیا۔
مدنی چینل رمضان المبارک میں اپنے ناظرین کے لئے
لارہا ہے اسپیشل پروگرام”دعائے خاتم النبیین “
عصرِ
حاضر میں جہاں میڈیا کو ذہن سازی کا سب سے طاقتور وسیلہ سمجھا جاتا ہے، وہیں ”مدنی
چینل“ نے الیکٹرانک میڈیا کو دینِ اسلام کی ترویج و اشاعت کے لئے بھرپور انداز
میں استعمال کرتے ہوئے ایک منفرد مثال قائم کی ہے۔ یہ چینل شب و روز قرآن و سنت کی
تعلیمات عام کرنے، عقائد و اعمال کی اصلاح اور مسلمانوں کو سنتوں بھری زندگی
اپنانے کی ترغیب دینے میں مصروفِ عمل ہے۔
مدنی
چینل کی سب سے نمایاں خدمت یہ ہے کہ اس نے دین کو عام فہم انداز میں ہر عمر اور ہر
طبقے تک پہنچایا۔ علمائے کرام کے ایمان افروز بیانات، دروسِ قرآن و حدیث، فقہی
رہنمائی، اصلاحی پروگرامز اور بچوں و خواتین کے لئے خصوصی نشریات کے ذریعے معاشرے
کے مختلف طبقات کی دینی تربیت کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
ماہِ
رمضان المبارک 1447ھ کے بابرکت ایام میں مدنی چینل پر شروع ہونے جارہا ہے اسپیشل
پروگرام ”دعائے خاتم النبیین صلَّی اللہ علیہ
واٰلہٖ وسلَّم“
جو یکم رمضان المبارک سے چاند رات تک روزانہ بعد از افطار نشر کیا جائے گا۔ اس
پروگرام کی ہوسٹنگ”خلیفۂ امیر اہلسنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی “ فرمائیں گے۔
اس
پروگرام کو نشر کرنے کا مقصد ماہِ صیام کی
نورانی ساعتوں میں عاشقانِ رسول کو بارگاہِ رسالت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں درود و سلام اور دعاؤں کے ذریعے
روحانی ترقی عطا کرنا اور سنتوں بھرے اعمال کی ترغیب دینا ہے۔ پروگرام میں ایمان
افروز کلمات، دعائیہ مناجات اور اصلاحِ اعمال کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی جائے گی
تاکہ ناظرین رمضان المبارک کی برکتوں سے بھرپور استفادہ کرسکیں۔
”دعائے
خاتم النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم“ کو مختلف ڈیجیٹل و سوشل میڈیا پلیٹ
فارمز پر نشر کیا جائے گا جس کے ذریعے دنیا
بھر میں موجود اسلامی بھائی اوراسلامی بہنیں اس بابرکت سلسلے میں شریک ہوسکیں گے۔
ماہِ
رمضان المبارک مسلمانوں کے لئے رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ ہے اور ایسے
مقدس مہینے میں دعاؤں اور ذکر و درود کی محافل ایمان کو تازگی بخشنے کا مؤثر ذریعہ
ثابت ہوتی ہیں۔
11 فروری کو جانشین امیر اہلسنت کی فیضان مدینہ
کراچی میں عاشقان رسول سے ملاقات
دعوتِ
اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں شیخ طریقت امیر اہلسنت علامہ
محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ اور خلیفۂ امیر اہلسنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ گزشتہ دنوں 11 فروری 2026ء
بروز بدھ حسبِ معمول بعد نمازِ عصر، جانشینِ امیرِ اہلسنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے عاشقانِ رسول سے ملاقات فرمائی۔
عاشقان
رسول نے نہایت ادب و احترام کے ساتھ
خلیفۂ امیر اہلسنت سے مصافحہ کرتے ہوئے ان سے دعاؤں کی درخواست کی۔
خلیفہ امیرِ اہلِ سنت کے ہاتھوں آچے اور بیرن کے
متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم کاری
انڈونیشیا
کے صوبے آچے (Aceh) اور
بالخصوص بیرن
(Beran) شہر
میں حالیہ شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہےجس کے نتیجے میں متعدد
مکانات منہدم، مال مویشی بہہ گئے اور کئی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔ اس مشکل گھڑی میں
دعوتِ اسلامی کے فلاحی شعبے فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن (FGRF) نے
متاثرین کی بحالی کے لئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
خلیفہ
امیرِ اہلسنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ
العالی نے انڈونیشیا کے دورے کے دوران خصوصی طور پر سیلاب
سے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مقامی ذمہ داران کے ہمراہ متاثرہ
خاندانوں سے ملاقات کی اور انہیں دلاسہ دیتے ہوئے ان کے ساتھ ہمدردی کی۔
دورانِ
ملاقات خلیفہ امیرِ اہلسنت کے ہاتھوں FGRFکے تحت متاثرین
میں درج ذیل اشیاء تقسیم کی گئیں:
٭راشن پیکیجز: خاندانوں کی غذائی ضروریات کے لئے بنیادی
راشن ٭ضروری اشیاء: روزمرہ استعمال کی دیگر اشیاء
٭نقد مالی امداد: فوری ضرورت کے پیشِ نظر نقد
رقوم کی فراہمی۔
متاثرین
سے ملاقات کے بعد خلیفہ امیرِ اہلسنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ
العالی نے بیرن کے مقامی دینی ادارے ”دارُالمنورہ
المبارک“کے اساتذہ، بشمول مولانا مولیادی شافعی مُدَّ ظِلُّہُ العالی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں عالمی سطح پر دعوتِ
اسلامی کی دینی و فلاحی خدمات اور رمضان المبارک کے حوالے سے ”مدنی مرکز فیضانِ مدینہ
بندہ آچے“میں ہونے والے اجتماعی اعتکاف کی تیاریوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
نماز میں درست مخارج کے ساتھ پڑھنا ضروری ہے، جکارتہ
میں خلیفہ امیرِ اہلِ سنت کا بیان
فار ایسٹ
کے ممالک میں دینِ اسلام کی ترویج اور پیغامِ محبت عام کرنے کے سلسلے میں خلیفۂ
امیرِ اہلسنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری
مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی انڈونیشیا
کے دارالحکومت جکارتہ پہنچے جہاں ان کا
پُرتپاک استقبال کیا گیا اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے
لئے سنتوں بھرے اجتماع کا اہتمام ہوا۔ جکارتہ
میں منعقدہ اس پُروقار اجتماع میں انڈونیشین عاشقانِ رسول، پاکستانی کمیونٹی اور
خاص طور پر بزنس کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
خلیفۂ
امیرِ اہلسنت نے سنتوں بھرا بیان کرتے
ہوئے شرکا کو درج ذیل اہم نکات پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی:
٭پنج وقتہ نماز کی پابندی: انہوں نے نماز کو دین کا ستون
قرار دیتے ہوئے اس کی باقاعدہ ادائیگی کا ذہن دیا ٭عمل
کی اہمیت: نصیحت کی کہ کسی نیکی کو چھوٹا سمجھ کر ترک نہ کیا جائے اور کسی
گناہ کو معمولی سمجھ کر اپنایا نہ جائے ٭صحبت کا اثر:
مولانا نے واضح کیا کہ نیک لوگوں کی صحبت انسان کی کایا پلٹ دیتی ہے، لہٰذا
اچھے ماحول سے وابستگی ناگزیر ہے۔
دورانِ
بیان حاجی عبید رضا عطاری مدنی نے قرآن پاک کو تجوید اور درست مخارج کے ساتھ پڑھنے
پر شرکا کی رہنمائی کی انہوں نے کہا کہ قرآنِ
کریم کو عربی لب و لہجے میں پڑھنا ضروری ہے، سورۃ الفاتحہ اور دیگر سورتوں کا درست مخارج کے
ساتھ پڑھنا واجب ہے تاکہ ہماری نمازیں کامل ہو سکیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے شرکا
کو دعوتِ اسلامی کے تحت چلنے والے مدرسۃ المدینہ (بالغان) میں
داخلہ لینے اور اپنی اصلاح کرنے کی ترغیب دلائی۔
دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام آچے بسار
میں عظیم الشان سنتوں بھرا اجتماع
دنیا
بھر میں نیکی کی دعوت عام کرنے والی عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیرِ
اہتمام 05 فروری 2026ء کو انڈونیشیا کے شہر آچے بسار (Aceh
Besar) کے مقامی اسلامک سینٹر میں
سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ اس روحانی تقریب میں کثیر تعداد میں مقامی
افراد، تاجر برادری اور طلبہ نے شرکت کی۔
خلیفہ
امیرِ اہل سنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ
العالی نے نماز کی
اہمیت و فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا جو شخص اچھے طریقے سے وضو کرے اور خشوع
و خضوع کے ساتھ دو رکعت نماز ادا کرے، اللہ پاک اس کے پچھلے گناہ معاف فرما دیتا
ہے۔ انہوں نے شرکا کو نصیحت کی کہ وہ پنج وقتہ نمازوں کی پابندی کو اپنا شعار بنائیں،
سنتوں پر عمل کریں اور اپنی زندگی کو آخرت کی تیاری کے لئے وقف کریں۔ انڈونیشین عاشقانِ
رسول کی سہولت کے لئے نگرانِ انڈونیشیا مشاورت حاجی غلام یٰسین عطاری مدنی نے اس بیان
کا مقامی زبان میں خلاصہ بھی پیش کیا۔
اس
موقع پر رکنِ شوریٰ حاجی محمد ایاز عطاری، نگرانِ انڈونیشیا مشاورت اور دعوتِ
اسلامی کے دیگر مبلغین سمیت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔
تقریب کا اختتام درود و سلام اور عالمِ اسلام کی سربلندی کے لیے کی جانے والی خصوصی
دعا پر ہوا۔
انڈونیشیا آچے کے متاثرینِ سیلاب کے لئے دعوتِ
اسلامی کا بڑا ریلیف آپریشن
انڈونیشیا
کے مختلف صوبوں میں حالیہ دنوں آنے والے شدید ترین سیلاب نے وسیع پیمانے پر تباہی
مچا دی ہے جس کے نتیجے میں متعدد قیمتی جانوں کا زیاں ہوا اور سینکڑوں خاندان بے
گھر ہو گئے ہیں۔ اس انسانی المیے کے پیشِ نظر عالمی سطح پر متحرک مذہبی و فلاحی
تنظیم دعوتِ اسلامی کے شعبہ ”فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن“ (FGRF)
نے
متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ خلیفہ امیرِ
اہل سنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ
ظِلُّہُ العالی نے انڈونیشیا کے اپنے تنظیمی دورے کے دوران سیلاب
زدہ علاقوں کا خود دورہ کیا اور ریلیف آپریشن کی نگرانی کی۔
خلیفۂ
امیر اہلسنت نے متاثرین سے ملاقات کے دوران انہیں دلاسہ دیا اور امدادی سامان کی
تقسیم کے عمل میں خود بھی حصہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ انڈونیشیا کے
مختلف حصوں بالخصوص ”آچے تیمور“ اور ”آچے لوکُب“میں سیلاب کی صورتحال انتہائی تشویشناک
ہے جہاں بہت سے لوگوں کے مکانات سیلابی ریلوں میں بہہ گئے ہیں۔ انہوں نے سیلاب میں
انتقال ہونے والوں کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی اور متاثرین کے لئے صبرِ جمیل
کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں دعوتِ اسلامی متاثرین کے ساتھ کھڑی
ہے۔
FGRF
کے تحت انڈونیشیا کے سیلاب زدگان میں نقد رقوم کے ساتھ ساتھ خوراک، پینے کے صاف
پانی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ خلیفہ امیرِ اہل سنت کے
ہمراہ رکنِ شوریٰ حاجی محمد ایاز عطاری اور انڈونیشیا مشاورت کے نگران حاجی غلام
یٰسین عطاری مدنی اور دیگر ذمہ داران نے بھی متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور مقامی
لوگوں کی ضروریات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران متاثرین نے امدادی سرگرمیوں پر
دعوتِ اسلامی کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ انڈونیشیا کے مسلمانوں
کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
Dawateislami