ہند کے معروف عالمِ دین حضرت علامہ مولانا مفتی نسیم مصباحی صاحب مُدَّظِلُّہُ الْعَالِی کی بھتیجی سفر کے دوران بائیک سے گرنے کے باعث زخمی ہوگئیں اور اس وقت لکھنؤ کے ایک مقامی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ مفتی نسیم مصباحی صاحب نے بانیِ دعوتِ اسلامی امیرِا ہل سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ  کے نام پیغام جاری کیاجس میں امیراہلِ سنت سے دعا کی درخواست کی۔

پیغام موصول ہونے پرامیرِ اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے مفتی صاحب کے نام دعائیہ پیغام جاری کیا۔ تفصیلی پیغام نیچے ملاحظہ فرمائیں

پیغامِ عطار

سگِ مدینہ محمد الیاس عطار قادری رضوی عفی عنہ کی جانب سے حضرت علامہ مولانا مفتی نسیم مصباحی صاحب اطال اللہ عمرکم

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

آصف خان مدنی نے آپ حضور کا صوتی پیغام فاورڈ کیا ، اللہ پاک پیارے حبیب صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کے صدقے میں آپ جناب کی امی جان اور بھتیجی کو شِفائے کاملہ نافعہ عطا فرمائے ۔ انہیں صحتوں، راحتوں، عافیتوں، عبادتوں، ریاضتوں اور دینی خدمتوں بھری طویل زندگی عطا فرمائے۔

در در کی ٹھوکروں، اسپتالوں کے دھکوں اور ڈاکٹروں کے پھیروں اور دواؤں کے خرچوں سے نجات بخشے۔ اللہ پاک اپنی حفظ و امان میں رکھے ،عافیت نصیب فرمائے ،عافیت نصیب فرمائے ،عافیت نصیب فرمائے۔ اللّٰہم انی اسئلک مافی فی الدنیا والاخرہ

اللہ پاک حضور کو بھی صحت نصیب کرے، آپ کی دینی خدمات قبول ہوں، آپ کا حافظہ مزید قوی ہو، علم و عمل میں خوب برکتیں ملیں اور آپ خوب مسلک اعلیٰ حضرت کی خدمت کرتے رہیں، دین کی خدمت کرتے رہیں ،سنتوں کی دھوم مچاتے رہیں، گھر میں سب کو سلام اور حضور بس ہمت رکھئے گا۔


24جولائی 2021ء مطابق 14ذوالحجۃ الحرام 1442ھ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کو علم و حکمت سے بھرپور مدنی پھول عطا فرمائے۔ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں سینکڑوں جبکہ بیشتر مقامات ہزاروں عاشقانِ رسول نے جمع ہوکر اس مدنی مذاکرے میں شرکت کی سعادت حاصل کی۔

مدنی مذاکرے کےمزید مدنی پھول ملاحظہ کیجئے

سوال : امیراہل سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطارقادری رضویدامت برکاتہم العالیہ نے اپنے والدصاحب(حاجی عبدالرحمٰن قادِری رحمۃ اللہ علیہ) کا تذکرہ کن الفاظ میں فرمایا ؟

جواب :جب میں ڈیڑھ/ دوسال کا تھا تو والدصاحب انتقال کرگئے تھے ،کولمبو(Sri Lanka)کے لوگوں سے سنا ہے کہ جب حنفی میمن مسجد کولمبو کے امام صاحب نہیں ہوتے تھے توان کی غیر موجودگی میں میرے والدصاحب فی سبیلِ اللہ نمازپڑھا دیا کرتے تھےکیونکہ وہ وہاں پر ایک فرم میں ملازمت کرتے تھے ،میرے خالواحمدصاحب نے بتایا کہ تمہارے والدصاحب جب قصیدیۂ غوثیہ پڑھاکرتے تھے تو ان کی چارپائی زمین سے بلندہوجاتی تھی ،ہمارے پڑوسی عبدالستاربتاتے ہیں کہ آپ کے والدصاحب نگاہیں نیچی کرکے چلاکرتے تھے،مذہبی ذہن کے مالک تھے ،بات بات پرحدیث بیان کرتے تھے ،پوری داڑھی والے تھے ۔(امیراہلسنت کے والدصاحب حاجی عبدالرحمن قادری رحمۃ اللہ علیہ کا یومِ وفات 14ذوالحجہ ہے ۔)

سوال:گھرمیں الیکٹرک پنکھوں کے بارے میں کیا احتیاط کرنی چاہئے؟

جواب: کسی ماہر الیکٹریشن سے چیک کروالینا چاہئے کہ گھرکے تمام پنکھے درست لگے ہوئے ہیں یا نہیں ،جب الیکٹریشن چیک کررہا ہوتو خودبھی وہاں موجودہوں ۔

سوال : کیا قربانی کا گوشت غریبوں کو دینا چاہئے ؟

جواب: جی ہاں! مستحب یہ ہے کہ غریبوں کو بھی گوشت دیا جائے ،البتہ اگرکوئی ساراگوشت اپنے پاس رکھ لے تو اس سے بدگمانی نہ کی جائے اورنہ ہی اس کی بُرائی کی جائے اورنہ اسے کنجوس کہاجائے ،شادیوں میں بھی غریبوں کو یادرکھنا چاہئے ،ایک دیگ غریبوں اورایک دیگ سیدوں کے لیے پکائی جائے ،شادی میں آس پاس کے غریبوں کو دعوت دی جائے۔

سوال: کیا ظلم کرنا بُرے خاتمےکا سبب ہے ؟

جواب: جی ہاں ! امام اعظم ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں :بُرے خاتمے کا سب سے بڑاسبب ظلم کرنا ہے ،ظلم کرنا بہت خطرناک ہے ،یہ قیامت کے اندھیرے ہیں ،آجکل ظلم کرنے کاگناہ عام ہے بعض اوقات مظلوم ایک طرح سے مظلوم ہوتاہے اورایک طرح سےظالم ،اللہ پاک ہمیں ظلم کرنے اوردیگرگنا ہوں سے بچائے۔

سوال : کیا کسی صحابی کا نام صراحۃ ً(واضح طورپر)قرآنِ کریم میں آیا ہے ؟

جواب: جی ہاں !محبوبِ رسول حضرت زیدبن حارثہ رضی اللہ عنہ کا نام قرآنِ کریم میں آیا ہے ۔

سوال : اُونٹ(Camel) کی قربانی کس طرح کی جائے ؟

جواب : اُونٹ کوکھڑاکرکے بایاں(Left) پاؤں اورمنہ باندھ دیا جائے اوراسے نحرکیا جائے ۔

سوال: اِس ہفتے کےرِسالے امیراہلِ سنت کا پہلاسفرِ مدینہ ‘‘ پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشین امیرِاہلِ ِسُنّت مدظلہ العالینے کیا دُعا دی ؟

جواب: یااللہ پاک! جو کوئی 21 صفحات کا رسالہ  امیراہل سنت کا پہلاسفرِ مدینہ ‘‘ پڑھ یا سُن لے اُسے باربارحج اورزیارتِ مدینہ نصیب فرما اور اسے بے حساب بخش دے ۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


آج مورخہ 24 جولائی 2021ء رات 9:45 بجے مین یونیورسٹی روڈ پر واقع عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سے براہ راست مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جائیگا جس میں امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ عاشقانِ رسول کی جانب ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائیں گے۔

واضح رہے کہ امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ پچھلے کئی سالوں سے مسلسل”مدنی مذاکرہ“ نامی ہفتہ وار علمی نشست قائم فرمارہے ہیں جس میں شرکت کرنے والے ہر خاص و عام کو شرعی، طبی، تاریخی اور تنظیمی معلومات کا خزانہ ہاتھ آتا ہے۔

تمام عاشقان رسول سے درخواست کی جاتی ہے کہ مدنی مذاکرے میں شرکت کرکے علم دین کا ڈھیروں ڈھیر خزانہ حاصل کریں۔


ماہِ ذوالحجۃ الحرام 1442ھ کاآغاز ہوچکا ہے اور عاشقوں کا قافلہ حج کی ادائیگی اور بارگاہِ رسالت مآب صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں حاضر ہونے کے لئے رواں دواں ہیں جبکہ کئی عشاقانِ رسول حاضری مدینہ کی تڑپ سے سرشار ہیں۔

حج کی منانسبت سے اس ہفتے امیر اہلِ سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقام رسول کو رسالہ 60 حج کرنے والا حاجیپڑھنے/ سننے کی ترغیب دلائی ہے اور رسالہ پڑھنے سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے بھی نوازا ہے۔

دعائے عطار

یااللہ پاک! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ” 60 حج کرنے والا حاجی “ پڑھ یا سن لے اُسے ہر سال مقبول حج نصیب فرما اور اسے سبز سبز گنبد کے سائے میں شہادت اور جنت البقیع میں خیر سے مدفن نصیب فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

یہ رسالہ دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ سے ابھی مفت ڈاؤن لوڈ کیجئے

Download

رسالہ آڈیو میں سننے کے لئے کلک کریں


دعوتِ اسلامی کی جانب سے عاشقانِ رسول کے لئے مختلف دینی اور اسلامی ایونٹس  کے موقع پر مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اسی سلسلے میں یکم سے 10 ذی الحجۃ الحرام تک عالمی مدنی مرکز کراچی میں روزانہ رات کو عشاء کی نماز کے بعد تقریباً پونے10 بجے مدنی مذاکروں کا سلسلہ ہوگا۔ مدنی مذاکروں میں شیخ طریقت، امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ علمی ، اصلاحی اور حکمت بھری گفتگو فرمائیں گے۔

تمام عاشقانِ رسول سے گزارش کی جاتی ہے کہ ان مدنی مذاکروں میں شرکت کرکے علمِ دین کے نور سے اپنے سینوں کو منور فرمائیں۔


03جولائی 2021ء مطابق 23ذیقعدۃِالحرام 1442ھ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کو علم و حکمت سے بھرپور مدنی پھول عطا فرمائے۔ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں سینکڑوں جبکہ بیشتر مقامات ہزاروں عاشقانِ رسول نے جمع ہوکر اس مدنی مذاکرے میں شرکت کی سعادت حاصل کی۔

مدنی مذاکرے کےمزید مدنی پھول ملاحظہ فرمائیں

سوال : قبرمیں امن کس طرح قائم رہے گا ؟

جواب : اگرقبرمیں امن چاہتے ہیں تو آپ کو امن والے اسلام ،اللہ ورسول کے احکام پرعمل کرنا ہوگا ،ان پر عمل کریں گے تو ان شاءاللہ الکریم قبرکے اندرامن قائم رہے گا ۔

سوال: کون سے 2انبیائے کرام ہرسال حج کرتے ہیں ؟

جواب: حضرت الیاس علیہ السلام اورحضرت خضر علیہ السلام ۔

سوال : کون سے اسلامی مہینے کی راتیں افضل ہیں اورکس اسلامی مہینے کے دن افضل ہیں ؟

جواب: رمضان کی راتیں افضل ہیں اورذُوالحجہ کےپہلے 10دن افضل ہیں ،حدیث پاک میں ہے : اللہ پاک کے نزدیک عشرۂ ذُوالحجہ کے دنوں سے افضل کوئی دن نہیں ۔(ابن حبان ،6/62،حدیث:3842)

سوال: نیکی اورگناہ کے بارے میں امیرِاہل سنت نے کیا فرمایا ؟

جواب: فرمانِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم:"نیکی پرانی نہیں ہوتی اورگناہ بُھلائے نہیں جاتے (الجامع الصغیرللسیوطی، ص192،حدیث : 3199 )

سوال : نمازکے بغیرانسان کیسا ؟

جواب:نمازکے بغیرانسان کسی کام کا نہیں ،بے کارہے،تمام اسلامی بھائی مسجدبھروتحریک شروع کریں ، اللہ کرےنمازکے وقت ماحول ہی بدل جائے ، کوئی وضوکررہا ہو،کوئی نمازکے کے لیے دوسروں کوکہہ رہا ہو،میں نے راسُ الْخَیْمہ (عرب امارات(UAE) کی ریاستوں میں سے ایک ریاست کا نام ہے)میں دیکھاتھا کہ نمازکے وقت دکانیں بندکردی جاتی ہیں ،کاش !ہرجگہ ایساہوجائے ۔

سوال: دعوت ِاسلامی کے شعبے ایف جی آرایف (FGRF)کے تحت یتیم خانہ بنام ”مدنی ہوم “بنانے کا طے ہوا،اس میں تعاون کرنے والوں کو امیراہل سنت نےکیا دعادی ؟

جواب: ”یا اللہ پاک!تجھے تیرے پیارے حبیبصَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا واسطہ( جن کو یتیموں کی سرپرستی بہت پسند ہے)جو ہمارے ساتھ اِس کام میں تعاون کریں،مدنی ہوم کے تعلق سے تعاون کریں،ہمیں عمارت دیں،عمارت دِلوائیں،اس کے اندر مالی طورپرمدد کریں، مدد کرتا رہے، مدد کرنے کے لیے دُوسروں کو اُبھارے،وہ میرا مدنی بیٹا ہو،خواہ مدنی بیٹی ہو،کوئی بھی ہو،اے اللہ پاک! اُس کو ایمان کی سلامتی نصیب فرما،بُرے خاتمے سے بچا،اے اللہ پاک!اس کو باربارحج نصیب فرما،باربار میٹھا میٹھا،شہد سے بھی میٹھا مدینہ دِکھااور جنت الفردوس میں اپنے پیارے حبیب صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے پڑوس میں عالیشان محل عطافرما۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” قربانی کیوں کرتے ہیں؟ ‘‘ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ  نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا اللہ پاک! جو کوئی17 صفحات کا رسالہ ”قربانی کیوں کرتے ہیں؟“پڑھ یا سُن لے اُسے ہر سال خوش دلی سے قربانی کرنے کی سعادت عطا فرما اور اس کی قربانی کو اس کے لئے پُل صراط کی سواری بنا۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


قربانی اسلام کی ایک اہم عبادات ہے، خدا سے محبت کی علامت ہے،حکمِ ربانی پر سر تسلیم خم کرنے کا نام ہے ،تقرب الٰہی کا وسیلہ ، خدا سے چاہت کا نرالہ انداز ، مضبوط ارادے کا عملی اظہار ، تسلیم ورضا کا پیکر ،باپ کی تربیت اور بیٹے کی سعادت مندی کا مظہر اور خلیل اللہ اور ذبیح اللہ کی عظیم یاد گار ہے ۔

چونکہ قربانی کے دن قریب آرہے ہیں، گلی کوچوں میں قربانی کے خوبصورت جانور دکھائی دینا شروع ہوچکے ہیں۔ اس لئے امیرِ اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے قربانی کے شرعی مسائل اور احتیاطوں پر مشتمل معلومات فراہم کرنے کے لئے عاشقانِ رسول کو رسالہ ” قربانی کیوں کرتے ہیں؟ “ پڑھنے/ سننے کی ترغیب دلائی ہے اور رسالہ پڑھنے سننے والوں کو اپنی دعاؤوں سے بھی نوازا ہے۔

دعائے عطار

یا اللہ پاک! جو کوئی17 صفحات کا رسالہ ”قربانی کیوں کرتے ہیں؟“پڑھ یا سن لے اُسے ہر سال خوش دلی سے قربنی کرنے کی سعادت عطا فرما اور اس کی قربانی کو اس کے لئے پُل صراط کی سواری بنا۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

یہ رسالہ دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ سے ابھی مفت ڈاؤن لوڈ کیجئے

Download

رسالہ آڈیو میں سننے کے لئے کلک کریں


امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا الیاس عطار قادری  دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ پچھلے کئی سالوں سے مسلسل”مدنی مذاکرہ“ نامی ہفتہ وار ایسی علمی نشست قائم فرمارہے ہیں جس میں شرکت کرنے والے ہر خاص و عام کو شرعی، طبی، تاریخی اور تنظیمی معلومات کا خزانہ ہاتھ آتا ہے۔

آج مورخہ 03 جولائی 2021ء رات 9:45 بجے مین یونیورسٹی روڈ پر واقع عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سے براہ راست مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جائیگا جس میں امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ عاشقانِ رسول کی جانب ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائیں گے۔

تمام عاشقان رسول سے درخواست کی جاتی ہے کہ مدنی مذاکرے میں شرکت کرکے علم دین کا ڈھیروں ڈھیر خزانہ حاصل کریں۔


30 جون 2021ء کو بانی دعوت اسلامی امیر اہلِ سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی بھانجی نجمہ بائی 55 سال کی عمر میں کولمبو میں وفات پاگئیں۔اِنَّا لِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رٰجِعُوْن

انتقال کی خبر ملنے پر امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اپنے ویڈیو پیغام ذریعے مرحومہ کو ایصالِ ثواب کیا اور دعائے مغفرت فرمائی ۔امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں عاشقان رسول سے بھی ایصالِ ثواب کرنے کی بھی درخواست کی۔

رکن شوریٰ حاجی ابوماجد محمد شاہد عطاری مدنی اور شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز کےاراکین امیر اہل سنت سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور دعا گو ہیں اللہ پاک مرحومہ کی مغفرت فرمائے اور جنت میں سیدۂ کائنات رضی اللہ تعالٰی عنہا کا پڑوس نصیب فرمائے۔ آمین

Watch Video


26جون  2021ء مطابق 16ذیقعدۃِالحرام 1442ھ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کو علم و حکمت سے بھرپور مدنی پھول عطا فرمائے۔ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں سینکڑوں جبکہ بیشتر مقامات ہزاروں عاشقانِ رسول نے جمع ہوکر اس مدنی مذاکرے میں شرکت کی سعادت حاصل کی۔

مدنی مذاکرے کےمزید مدنی پھول ملاحظہ فرمائیں

سوال : لوگوں سے کس طرح بات کرنی چاہئے،کیونکہ لوگ مختلف مزاج کےہوتے ہیں ؟

جواب : حدیث پاک میں ہے اَنْزِلُوا النَّاسَ مَنَازِلَهُمْ (مشکوٰۃ شریف، حدیث 920)یعنی لوگوں سے ان کی منزلوں ،مقام اورحیثیت کے مطابق سلوک کیا جائے ،بات چیت میں بچوں ،عام لوگوں اورخاص لوگوں کے ساتھ بولنے کا اندازمختلف ہے،بولنا ہمیشہ سچ ہے ،صاف صاف بولنا ہے ،مختصرالفاظ استعمال کئے جائیں ،فضول الفاظ سے بچاجائے ،فضول الفاظ کا قیامت کے دن حساب ہے ،آوازنہ بہت بلندہواورنہ ہی اتنی کم کہ سامنے والا باربارکہے کہ بلندآوازسے بولئے ،بڑوں کے ساتھ احترام اوربچوں کے ساتھ شفقت والی بات کی جائے ،کسی کا مذاق وتحقیر(ذِلّت)والااندازنہ ہو،اللہ کرے ہم سُنّت کے مطابق بولنا سیکھ جائیں، ، صرف اسی کے پاس جاناچاہیےجو ہماری عزت کریں ،جوعزت نہ کرے ان سے بات بھی نہیں کرنی چاہئے ،عاشقان رسول کے ساتھ رہیں جہاں عزت اورہماری اصلاح ہو ۔یادرکھیں !صحبت اس کی اختیارکی جائے جو نہ بدعقیدہ ہونہ بے عمل ہو۔

سوال: سنجیدہ ماحول میں کس طرح بات کی جائے ؟

جواب: سنجیدہ ماحول میں سنجیدہ اندازہونا چاہئے ،ہمارے معاشرے میں اخلاقی کمزوری بہت ہے ،کسی بزرگ کو خواب میں دیکھا گیا تو پوچھا کہ اللہ پاک نے آپ کے ساتھ کیا معاملہ کیا ؟جواب دیا:اللہ پاک نے رحم فرمایا ،مغفرت کی ،عرض کیاکس سبب سے ؟فرمایامیں نے کبھی سنجیدہ بات میں مذاق کی ملاوٹ نہیں کی ۔ تھوڑے سے مذاق کی اجازت ہے جس میں کسی کی دل آزاری نہ ہو،اس سے زیادہ کی اجازت نہیں ، سیٹھ کے سمجھانے کااندازبھی رَف ہوتاہے ،کاریگربھی اپنے ماتحت سے رَف گفتگوکرتاہے ،گھر میں بھی عموماًرف انداز ہوتاہے ۔ہرفیلڈ میں اخلاقی کمزوری ہے ، بعض اوقات بظاہراچھا نظرآنے والابھی غصے میں بداخلاقی کردیتاہے ۔حُسنِ اخلاق سیکھنے کے لیے بہت مجاہدہ اورکوشش کرنا ہوگی ۔تقویٰ وپرہیزگاری ہونی چاہئے مگربعض اوقات بداخلاقی سب پر پانی پھیردیتی ہے ۔ کسی کا دل توڑدیناتو جیسے کوئی مسئلہ ہی نہیں ،بہت دل آزاری کی جاتی ہے ،(حالانکہ کسی مسلمان کی دل آزاری کرنا حرام اورجہنم میں لے جانے والاکام ہے) زبان تلوارسے زیادہ تیز ہے ،جب چلتی ہے تو دل توڑدیتی ہے ،حُسنِ اخلاق بازارِمصطفی سے ملتاہے۔اللہ کرے ہمیں حُسنِ اخلاق نصیب ہوجائے ۔

سوال : تلے ہوئے(Fried) پاپڑکھانا کیسا؟

جواب: تلےہوئے پاپڑصحت کےلئے سخت نقصان دہ ہوتے ہیں، ان سے بچاجائے ۔

سوال: روٹی پر اللہ پاک یا نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا نام ظاہرہوتوکیا کِیا جائے ؟

جواب: اُس روٹی کا احترام کِیا جائے،کھا بھی سکتے ہیں ،تعویذبھی تو بطورِعلاج کھائے جاتے ہیں ۔

سوال: ہم ماہِ رمضان میں زیادہ نیکیاں کرتے تھے ،اب ہم اُسی طرح نیکیاں کس طرح کرسکتے ہیں ؟

جواب: نیکیاں تو ہمیں کرنی ہی ہیں ،ساراسال ہی نمازیں پڑھنی ہیں ،البتہ ماہِ رمضان میں نیکیوں کا جذبہ بڑھ جاتاہے ،وہ والاماحول بنانا ہمارے اختیارمیں نہیں ہے ۔ماہِ رمضان میں اگرمسجدِبیت بنائی ہوتورمضان کے بعد بھی اسے برقراررکھا جائے ،اس میں بھی یادِرمضان ہے ،یوں اس کے فوائدہیں۔مسجدِ بیت میں مزہ آتاہے ،مجھے تو آتاہے آپ کو بھی آنا چاہئے۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” گھریلو جھگڑوں کا علاج ‘‘ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہنے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا ربَّ المصطَفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ” گھریلو جھگڑوں کا علاج “ پڑھ یا سُن لے اس کے گھر بار اور روزگار میں برکتیں عطا فرماکراسے اپنی راہ میں خرچ کرنے کی توفیق عطا فرما ۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


 25 جون 2021 بروز جمعہ عصر کے وقت جانشین امیر اہل سنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مُدَّظِلُّہُ الْعَالِی نے فیضان مدینہ آفندی ٹاؤن حیدرآباد سندھ کا دورہ فرمایا۔

عصر کی نماز کے بعد کم و بیش 7 مدنی منیوں (بچیوں) کی رسم بسم اﷲ شریف ہوئی جنہیں جانشین امیر اہل سنت نے بسم اﷲ شریف پڑھائی پھر حیدرآباد کابینہ کے جامعۃالمدینہ، مدرستہ المدینہ ، دارالمدینہ، مدرستہ المدینہ بالغان کی مجلس ناظمین اور اساتذہ کرام کیساتھ ساتھ دورہ حدیث شریف کے طلبائے کرام کی تربیت کا سلسلہ ہوا ۔ آخر میں سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا۔

نماز عشاء کے بعد 10 خوش نصیب عاشقان رسول کا جانشین امیر اہل سنت نے نکاح پڑھایا اور نکاح میں شریک تمام عاشقان رسول کو امیر اہل سنت کا مرید کرنے کے لئے بیعت کروائی اور اپنی دعاؤں سے بھی نوازا ۔

بعد ازاں حیدرآباد زون کے ذمہ داران کو مدنی پھول عطا فرمائےاور جانشین امیر اہل سنت نے دعوت اسلامی کے 12 دینی کاموں کے لئے روزانہ 2 گھنٹے دینے کا ذہن دیا ۔ یکم اگست کو 1 ماہ کے مدنی قافلوں میں سفر کرنے کا ذہن عطا فرمایا اور اہداف تقسیم کئے نیز مدرستہ المدینہ بالغان کو مضبوط کرنے کی ترغیب بھی دلائی۔

جانشین امیر اہل سنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی نے 27 جون 2021ء بروز اتوار خیرپور میرس کابینہ کا دورہ فرمایا جہاں ذمہ داران سے دعوت اسلامی کے دینی کام کرنے کے حوالے سے مدنی مشورہ فرمایا اور ان کی تربیت فرمائی۔اس موقع پر جانشین امیر اہل سنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی نے اسلامی بھائیوں سے ملاقات کی اور انہیں تحائف بھی دیئے۔ اس موقع پر 4 اسلامی بھائیوں نے 12 ماہ اور 13 اسلامی بھائیوں نے ایک ماہ کے مدنی قافلے میں سفر کرنے کی نیتیں کیں جبکہ 29 اسلامی بھائیوں نے مدرسۃ المدینہ بالغان پڑھانے کی اور 68 اسلامی بھائیوں نے روزانہ 2 گھنٹے 12 دینی کاموں کو دینے کی نیتیں پیش کیں۔