آیئے مطالعہ قرآن کی اہمیت و ضرورت کے متعلق  چند آیات مبارکہ اور چند احادیث مبارکہ پڑھتے ہیں:

(1) قرآن پاک الله عَزَّ وَ جَل کی مضبوط رسی ہے:

الله عز و جل ارشاد فرماتا ہے : وَ اعْتَصِمُوْا بِحَبْلِ اللّٰهِ جَمِیْعًا وَّ لَا تَفَرَّقُوْا۪- ترجمہ کنزالایمان: اور اللہ کی رسّی مضبوط تھام لو سب مل کر اور آپس میں پھٹ نہ جانا (فرقوں میں بٹ نہ جانا)۔ (پ 4 ، آل عمران : 103)

الله عَزَّ وَ جَل کی رسی سے کیا مراد ہے؟ مذکورہ آیت مبارکہ میں ''حبل اللہ'' یعنی الله عَزَّ وَ جَل کی رسی سے مراد یا تو دین اسلام ہے یا قرآن مجید جیسا کہ سرکار مدینہ، راحت قلب و سینہ صلی اللہ علی علیہ وآلہ وسلم کا فرمان عالیشان ہے کہ الْقُرْآنُ حَبْلُ اللَّهِ الْمَتِينُ یعنی قرآن پاک الله عَزَّ وَ جَل کی مضبوط رسی ہے۔“ (ما خوذ من جامع الترمذى ابواب فضائل القرآن، باب ماجاء في فضل القرآن الحديث : 2906 ، ص 1943)

(2) قرآن مجید ہر بھلائی اور اصلاح کی طرف بلاتا ہے:

الله عزو جل ارشاد فرماتا ہے:

یٰۤاَیُّهَا النَّاسُ قَدْ جَآءَتْكُمْ مَّوْعِظَةٌ مِّنْ رَّبِّكُمْ وَ شِفَآءٌ لِّمَا فِی الصُّدُوْرِۙ۬-وَ هُدًى وَّ رَحْمَةٌ لِّلْمُؤْمِنِیْنَ(۵۷)

ترجمہ کنزالایمان: اے لوگو تمہارے پاس تمہارے رب کی طرف سے نصیحت آئی اور دلوں کی صحت اور ہدایت اور رحمت ایمان والوں کے لیے۔(پ11 يونس : 57)

وعظ کی تعریف و مفہوم :

حضرت سیدنا امام خازن رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ (متوفی 741ھ) اس حصہ آیت مَوْعِظَةٌ مِنْ رَّبِّكُمُ یعنی تمہارے رب کی طرف سے نصیحت کے تحت فرماتے ہیں کہ مَوْعِظَةٌ سے مراد قرآن مجید ہے اور وعظ کہتے ہیں ایسی ڈانٹ ڈ پٹ کو جس میں ڈرانا پایا جائے۔ چنانچہ امام خلیل نحوی کہتے ہیں : ” وعظ ، خیر کی ایسی باتیں یاد دلانے کو کہتے ہیں جن سے دل نرم پڑ جائے ۔ اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ ” وعظ ایسی بات کی طرف رہنمائی کرنے کو کہتے ہیں جو بطریقہ رغبت و ڈر اصلاح کی طرف بلائے اور قرآن مجید اسی طریقہ سے ہر بھلائی اور اصلاح کی طرف بلاتا ہے۔(تفسیر الخازن پ11 یونس آیت نمبر 57 جلد 2 صفحہ نمبر 320)

(3) قرآن پاک کے احکام و اعمال کو بجالانا ہے:

الله عز و جل ارشاد فرماتا ہے: وَ هٰذَا كِتٰبٌ اَنْزَلْنٰهُ مُبٰرَكٌ فَاتَّبِعُوْهُ وَ اتَّقُوْا لَعَلَّكُمْ تُرْحَمُوْنَۙ(۱۵۵) اور یہ برکت والی کتاب ہم نے اتاری تو اس کی پیروی کرو اور پرہیزگاری کرو کہ تم پر رحم ہو۔ (سورۃ الانعام: 155)

اتباع قرآن کریم کا فائدہ:

حضرت سیدنا امام بیضاوی علیہ رحمۃ اللہ القوی (متوفی685ھ ) لَعَلَّكُمْ تُرْحَمُونَ “ کی تفسیر میں فرماتے ہیں : قرآن مجید کی پیروی کے واسطے سے تم پر رحم کیا جائے گا اور اس کی پیروی سے مراد قرآن پاک میں موجود احکام و اعمال کو بجالابا ہے۔“ (اصلاح اعمال جلد اول صفحہ نمبر 243)

(4)تم کبھی گمراہ اور ہلاک نہ ہو گے :

حضرت سید نا ابو شریح رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ ایک بار تاجدار مدینہ، قرار قلب وسینہ ﷺ ہمارے پاس تشریف لائے اور ارشاد فرمایا: کیا تم گواہی نہیں دیتے کہ اللہ عز و جل کے سوا کوئی معبود نہیں اور میں الله عَزَّ وَ جَل کا رسول ( ﷺ ) ہوں؟ صحابہ کرام رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین نے عرض کی : " کیوں نہیں ۔ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: ” بے شک اس قرآن پاک کی ایک طرف اللہ عز و جل کے بے مثل ہاتھ میں ہے اور دوسری طرف تمہارے ہاتھوں میں ہے، بس اس کو مضبوطی سے پکڑے رہو تم کبھی گمراہ اور ہلاک نہ ہو گے ۔“ (المعجم الكبير ، الحديث : 491 ، ج 22 ، ص 188)

(5) قرآن مجید شفاعت کرے گا:

حضرت سیدنا جابر رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی کریم رؤوف رحیم ﷺ کا فرمان عالی شان ہے: " قرآن مجید شفاعت کرے گا اور اس کی شفاعت قبول کی جائے گی اور وہ باعمل قاری ( کی شفاعت ) کے لئے جھگڑا کرے گا اور اس کی تصدیق کی جائے گی تو جس نے اس کو اپنا امام بنالیا (یعنی اس کی اتباع کی ) یہ اُسے جنت لے جائے گا اور جس نے اسے پس پشت ڈال دیا یہ اسے جہنم میں لے جائے گا۔ (الإحسان بترتيب صحيح ابن حبان كتاب العلم ، باب الزجر عن كتبۃ المر الخ، الحديث : 124 ، ج 1 ، ص 167، بدون شافع)

اللہ پاک سے دعا ہے اللہ پاک ہمیں قرآن پاک پڑھنے سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ امین بجاہ خاتم النبیین ﷺ 


اللہ تعالی نے اپنی عبادت کے لیے انسانوں کو پیدا فرمایا پھر انسانوں کی ہدایت کے لیے انبیاء کرام علیہم السلام کو مبعوث فرمایا پھر کچھ انبیاء کرام پر صحیفے اور آسمانی کتابیں نازل فرمائیں ۔ چار آسمانی کتابیں نازل فرمائیں  جن میں قرآن مجید چوتھی آسمانی اور آخری کتاب ہے اس کے بعد کوئی آسمانی کتاب نازل نہ ہوئی قرآن مجید میں اللہ تعالی نے ہر چیز کا ذکر فرمایا ، اللہ تعالی نے قرآن مجید کو انسانوں کی رہنمائی ہدایت کے لیے نازل فرمایا، قرآن مجید مسلمان کے ایمان کا لازمی جزو ہے جو اس کا انکار کرے وہ کافر ہے کیونکہ قرآن مجید ہی واحد ایسی کتاب ہے جس سے ہمیں اللہ تعالی کا قرب اور معرفت حاصل ہو سکتی ہے آج ہم مطالعہ قرآن کی اہمیت ضرورت کے بارے میں پڑھتے ہیں:

قرآن پاک غور و فکر کے لیے نازل ہوا: كِتٰبٌ اَنْزَلْنٰهُ اِلَیْكَ مُبٰرَكٌ لِّیَدَّبَّرُوْۤا اٰیٰتِهٖ وَ لِیَتَذَكَّرَ اُولُوا الْاَلْبَابِ(۲۹) ترجمہ کنزالایمان: یہ ایک کتاب ہے کہ ہم نے تمہاری طرف اتاری برکت والی تاکہ اس کی آیتوں کو سوچیں اور عقل مند نصیحت مانیں۔ (پ23،ص29)

قران کا مطالعہ انسانوں کے لیےہدایت کا راستہ: ذٰلِكَ الْكِتٰبُ لَا رَیْبَ فِیْهِ ۚۛ-هُدًى لِّلْمُتَّقِیْنَۙ(۲) ترجمہ کنزالایمان: وہ بلند رتبہ کتاب (قرآن) کوئی شک کی جگہ نہیں اس میں ہدایت ہے ڈر والوں کو ۔ (سورۃ البقرہ: 2)

‏‏‏‏‏‏عَنِ النَّبِيِّ ﷺ ، ‏‏‏‏‏‏قَالَ:‏‏‏‏ خَيْرُكُمْ مَنْ تَعَلَّمَ الْقُرْآنَ وَعَلَّمَهُ قَالَ:‏‏‏‏ وَأَقْرَأَ أَبُو عَبْدِ الرَّحْمَنِ فِي إِمْرَةِ عُثْمَانَ حَتَّى كَانَ الْحَجَّاجُ، ‏‏‏‏‏‏قَالَ:‏‏‏‏ وَذَاكَ الَّذِي أَقْعَدَنِي مَقْعَدِي هَذَا

ترجمہ: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ تم میں سب سے بہتر وہ ہے جو قرآن مجید پڑھے اور پڑھائے۔ سعد بن عبیدہ نے بیان کیا کہ ابوعبدالرحمٰن سلمی نے لوگوں کو عثمان رضی اللہ عنہ کے زمانہ خلافت سے حجاج بن یوسف کے عراق کے گورنر ہونے تک قرآن مجید کی تعلیم دی۔ وہ کہا کرتے تھے کہ یہی حدیث ہے جس نے مجھے اس جگہ ( قرآن مجید پڑھانے کے لیے) بٹھا رکھا ہے۔(صحیح بخاری، کتاب: فضائل قرآن، باب: اس شخص کا سب سے بہتر ہونے کا بیان جو قرآن کریم سیکھے یا کسی کو سکھائے، حدیث نمبر: 5027،حدیث نمبر: 5027 )

يَقُولُ:‏‏‏‏ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ ﷺ :‏‏‏‏ مَنْ قَرَأَ حَرْفًا مِنْ كِتَابِ اللَّهِ فَلَهُ بِهِ حَسَنَةٌ، ‏‏‏‏‏‏وَالْحَسَنَةُ بِعَشْرِ أَمْثَالِهَا، ‏‏‏‏‏‏لَا أَقُولُ الم حَرْفٌ، ‏‏‏‏‏‏وَلَكِنْ أَلِفٌ حَرْفٌ وَلَامٌ حَرْفٌ وَمِيمٌ

ترجمہ: عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے کتاب اللہ کا ایک حرف پڑھا اسے اس کے بدلے ایک نیکی ملے گی، اور ایک نیکی دس گنا بڑھا دی جائے گی، میں نہیں کہتا الم ایک حرف ہے، بلکہ الف ایک حرف ہے، لام ایک حرف ہے اور میم ایک حرف ہے ۔ (جامع ترمذی، کتاب: فضائل قرآن کا بیان، باب: قرآن میں سے ایک حرف پڑھنے کا اجر، حدیث نمبر: 2910،حدیث نمبر: 2910 )

بیان کردہ قرآنی آیت سے قرآن مطالعہ کی اہمیت واضح ہوئی کہ قرآن مجید میں کوئی شک کی جگہ نہیں اور یہ پرہیزگاروں کے لیے ہدایت ہے جب کہ حدیث پاک میں اس کے بے شمار فضائل بیان ہوئے ہیں کہ بہترین شخص وہ ہے جو قران کا مطالعہ کرے سمجھے اور دوسروں کو سمجھائے بلکہ قرآنی مطالعہ ایک جگہ یہاں تک فرمایا گیا کہ جو قرآن مجید کا ایک حرف پڑھے اس کے لیے دس نیکیاں ہیں ۔

لہذا ہمیں قرآن مجید کا مطالعہ پورے ذوق و شوق سے کرنا چاہیے تاکہ ہم اسے سمجھیں عمل کریں دوسروں کو عمل کروائیں اس میں ہمارا دنیا اور آخرت دونوں کا فائدہ ہے۔ دنیا میں ہم اللہ تعالی کی عبادت کر سکتے ہیں حرام اور حلال کی پہچان کر سکتے ہیں اور آخرت میں قرآن مجید ہماری شفاعت کا ذریعہ بنے گی اور ہمیں جنت میں لے جائے گی اللہ تعالی ہمیں اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔

قرآن کریم رب تعالیٰ کا کلام ہے جو کہ اس نے اپنے بندے خاص حضور  آخری نبی محمد عربی ﷺ پر نازل کیا قرآن کریم کا ہر ہر حرف علم و حکمت رہنمائی اور سر چشمہ ہدایت ہی ہدایت ہے لیکن قرآن سے اسی وقت ہدایت لی جا سکتی ہے کہ جب اسے پڑھا جائے اور اس کی آیات میں غور و فکر کیا جائے جس طرح رب تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:

كِتٰبٌ اَنْزَلْنٰهُ اِلَیْكَ مُبٰرَكٌ لِّیَدَّبَّرُوْۤا اٰیٰتِهٖ وَ لِیَتَذَكَّرَ اُولُوا الْاَلْبَابِ(۲۹)

ترجمہ کنزالایمان: یہ ایک کتاب ہے کہ ہم نے تمہاری طرف اتاری برکت والی تاکہ اس کی آیتوں کو سوچیں اور عقل مند نصیحت مانیں۔ (پ23،ص29)

اس آیت کے تحت مفتی محمد قاسم صاحب لکھتے ہیں: قرآنِ پاک کی آیات سے دینی اَحکام نکالنا ہر ایک کاکام نہیں : قرآنِ پاک کی آیات سے نصیحت تو ہر ایک حاصل کرسکتا ہے لیکن اس سے دینی اَحکام نکالنااور اس کی باریکیوں تک رسائی حاصل کرنا ہر ایک کاکام نہیں بلکہ صرف ان کا کام ہے جو اعلیٰ درجے کی دینی عقل رکھتے ہیں یعنی ماہرعلماء اور خاص طور پر مُجتہدین ا س منصب کے اہل ہیں ، عوام کو چاہیے کہ قرآنِ پاک سے دینی مسائل نکالنے کی بجائے علماء سے مسائل سیکھیں تاکہ غلطیوں سے بچ سکیں۔

بہترین شخص کون ہے :

قرآن پاک پڑھنے کی ترغیب تو ہمیں خود رسول اللہ ﷺ نے دلائی ہے جس طرح حدیث مبارکہ میں ہے: عَنْ عُثْمَانَ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللہ ﷺ خَیْرُکُمْ مَنْ تَعَلَّمَ الْقُرْآنَ وَعَلَّمَہُ‘‘۔

حضرت عثمان رضی اللہ عنہ نے کہا کہ حضورعلیہ الصلاۃ والسلام نے فرمایا کہ تم میں بہترین شخص وہ ہے جس نے قرآن کو سیکھا اور دوسروں کو سکھایا۔(انوار الحديث، حدیث نمبر : 48 )

قرآن پڑھنے سے کیا ملتا ہے :

1: قرآن پڑھنا اعمال میں اضافے کا سبب ہے کہ ہر ہر حرف کے بدلے دس دس نیکیاں اعمال نامے میں لکھی جاتی ہیں۔

2: قرآن پڑھنے سے اللہ رسول عزوجل و ﷺ کا قرب ملتا ہے ۔ قرآن کلام ہے رب تعالیٰ کا اور جب بندہ قرآن پڑھتا ہے تو گویا کہ وہ رب تعالیٰ سے ہم کلام ہوتا ہے ۔

3: قرآن پڑھنے سے روح کو اطمینان نصیب ہوتا ہے۔ اللہ تعالی فرماتا ہے : اَلَا بِذِكْرِ اللّٰهِ تَطْمَىٕنُّ الْقُلُوْبُؕ(۲۸) ترجمہ کنزالایمان؛ سن لو اللہ کی یاد ہی میں دلوں کا چین ہے۔ (سورۃ الرعد: 28)

تو جتنا قرآن پڑھا جائے گا اتنا ہی دل نرم ہوتا جائے گا۔

مطالعہ قرآن نہ کرنے کے نقصانات

1: دین کی تعلیمات سے دوری پیدا کرتا ہے جس وجہ سے

2: آخرت میں رسوائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے

3: بے سکونی و بے قراری پیدا کرتا ہے

4: دل کی سختی اور راہ حق سے دوری کا سبب بنتا ہے

5: اخلاقی زوال کی بوچھاڑ کا باعث بنتا ہے

6: نیکیوں میں کمی، اور برکت کے اٹھ جانے کا باعث بنتا ہے

8: موت میں تنگی اور ایمان کے کمزور ہونے کا سبب بنتا ہے

9: سب سے بڑھ کر یہ کے بندے کے لیے رب کی رحمت سے دوری ہو جاتی ہے اور پھر آفات اور اندھیرے اسے گھیر لیتے ہیں۔

ہمیں چاہیے کہ اللہ سے لو لگائے رکھیں جس کا ایک طریقہ بکثرت قرآن پاک کی تلاوت بھی ہے، اللہ تعالی ہمیں قرآن پڑھنے اور کی تعلیمات کو سیکھ کر عمل کرنے کی توفیق رفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ خاتم النبیین ﷺ


قرآن مجید ، اللہ تعالیٰ کا وہ عظیم اور بابرکت کلام ہے جو پوری انسانیت کے لیے ہدایت، علم، حکمت اور روشنی کا سر چشمہ ہے۔ یہ وہ کتاب ہے جو انسان کو خالقِ کائنات سے جوڑتی ہے اور اسے مقصدِ زندگی سے آگاہ کرتی ہے۔ مطالعۂ قرآن دراصل بندگیِ خداوندی کا پہلا زینہ ہے۔ کیونکہ جب بندہ قرآن کو سمجھنے اور اس پر غور کرنے لگتا ہے تو اس کے دل میں ایمان کی روشنی پیدا ہوتی ہے، اور وہ اللہ کے قریب ہو جاتا ہے۔

قرآن، علم و ہدایت کا منبع:

قرآن کا مطالعہ محض دینی فریضہ نہیں بلکہ ایک فکری اور روحانی ضرورت ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن کے بارے میں فرمایا:

هٰذَا بَصَآىٕرُ لِلنَّاسِ وَ هُدًى وَّ رَحْمَةٌ لِّقَوْمٍ یُّوْقِنُوْنَ(۲۰)ترجمہ کنزالایمان: یہ لوگوں کی آنکھیں کھولنا ہے اور ایمان والوں کے لیے ہدایت و رحمت ۔(سورۃ الجاثیہ: 20)

یہ آیت واضح کرتی ہے کہ قرآن کا مطالعہ زندگی کے ہر پہلو میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ چاہے وہ اخلاق ہو یا سیاست، معیشت ہو یا معاشرت، قرآن ہر میدان میں توازن اور عدل کی تعلیم دیتا ہے۔

مطالعہ قرآن کا انسان کی شخصیت پر اثر:

جو شخص قرآن کو سمجھ کر پڑھتا ہے، اس کی سوچ پاکیزہ ہو جاتی ہے، اخلاق سنور جاتے ہیں، اور زندگی کے فیصلوں میں بصیرت پیدا ہوتی ہے۔ مطالعۂ قرآن دل سے تکبر، حسد، لالچ، اور نفرت جیسے امراض کو ختم کر دیتا ہے، اور انسان کو عاجزی، صبر، محبت اور تقویٰ کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔

قرآنِ کریم اللہ ربّ العزت کا وہ عظیم کلام ہے جو انسانیت کے لیے ہدایت، رحمت اور نجات کا سرچشمہ ہے۔ یہ وہ کتاب ہے جس میں زندگی کے تمام پہلوؤں کے لیے رہنمائی موجود ہے۔ مطالعۂ قرآن کا مقصد محض الفاظ کی تلاوت نہیں، بلکہ ان کے معانی و مفاہیم پر غور و تدبّر کرنا، اور انہیں اپنی عملی زندگی میں نافذ کرنا ہے۔ یہی مطالعہ دراصل انسان کے دل و دماغ کو منور کرتا ہے اور روحانی سکون کا باعث بنتا ہے۔

قرآن کے مطالعہ کی دینی فضیلت:

اللہ پاک نے قرآن مجید فرقان حمید کے اندر ارشاد فرمایا:ذٰلِكَ الْكِتٰبُ لَا رَیْبَ ﶈ فِیْهِ ۚۛ-هُدًى لِّلْمُتَّقِیْنَۙ (۲) ترجمہ کنزالایمان: وہ بلند رتبہ کتاب (قرآن) کوئی شک کی جگہ نہیں اس میں ہدایت ہے ڈر والوں کو ۔ (سورۃ البقرہ: 2)

قرآن مجید کی تلاوت اور اس پر غور و فکر کرنے والے بندے اللہ کے خاص قرب کے حقدار بنتے ہیں۔ رسولِ اکرم ﷺ نے فرمایا: "تم میں سے بہترین وہ شخص ہے جو قرآن سیکھے اور دوسروں کو سکھائے۔" (بخاری شریف)

قرآن کے الفاظ کی تلاوت پر ہر حرف کے بدلے دس نیکیاں ملتی ہیں، اور جو شخص قرآن کو سمجھ کر پڑھتا ہے، اس کے دل میں ایمان کی جڑیں مضبوط ہو جاتی ہیں۔ یہ کتاب انسان کو شرک، جہالت، ظلم، حسد اور گناہوں کی تاریکی سے نکال کر ایمان، علم، عدل اور نیکی کی روشنی میں لے جاتی ہے۔

قرآن کے مطالعہ کے دنیاوی فوائد:

مطالعۂ قرآن صرف آخرت کی نجات کا ذریعہ نہیں بلکہ دنیاوی زندگی کو کامیاب بنانے کا بھی بہترین نسخہ ہے۔ قرآن انسان کو تحمل، انصاف، ایمانداری، صبر، شکر اور اخوت کی تعلیم دیتا ہے۔ جو شخص قرآن کے احکامات پر عمل کرتا ہے، اس کی شخصیت سنور جاتی ہے، اس کا کردار مضبوط ہوتا ہے، اور اس کے معاملات میں برکت پیدا ہوتی ہے۔

قرآن کا مطالعہ دل کی گھبراہٹ کو سکون میں بدل دیتا ہے۔ آج کی تیز رفتار اور اضطرابی دنیا میں قرآن سے تعلق وہ واحد ذریعہ ہے جو انسان کو ذہنی و روحانی اطمینان بخشتا ہے۔

اسی لیے اللہ پاک ایک اور جگہ قرآن مجید فرقان حمید میں ارشاد فرماتا ہے: اَلَا بِذِكْرِ اللّٰهِ تَطْمَىٕنُّ الْقُلُوْبُؕ (۲۸) ترجمہ کنزالایمان؛ سن لو اللہ کی یاد ہی میں دلوں کا چین ہے۔ (سورۃ الرعد: 28)

مطالعہ قرآن کی افادیت:

قرآن کا مطالعہ صرف زبان تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ اصل مقصد یہ ہے کہ ہم اس کے پیغام کو سمجھیں، اپنی زندگی میں نافذ کریں، اور دوسروں تک پہنچائیں۔ اگر مسلمان قرآن کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنا لیں تو ان کی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں انقلاب برپا ہو سکتا ہے۔

مطالعۂ قرآن انسان کو دنیا و آخرت دونوں میں کامیابی عطا کرتا ہے۔ یہ کتاب ہر دور کے لیے ہدایت ہے، ہر انسان کے لیے پیغامِ زندگی ہے، اور ہر دل کے لیے سکون کا ذریعہ ہے۔ لہٰذا ہر مسلمان کا فرض ہے کہ وہ قرآن کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط کرے، اسے سمجھے، اس پر عمل کرے، اور دوسروں کو بھی اس کی طرف دعوت دے ۔

اللہ پاک ہمیں عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین


قرآن مجید  اللہ تعالیٰ کی وہ عظیم کتاب ہے جو انسانیت کی ہدایت کے لیے نازل کی گئی۔ یہ کتاب نہ صرف مسلمانوں کے لیے ایک ضابطۂ حیات ہے، بلکہ پوری انسانیت کے لیے روشنی اور نجات کا ذریعہ ہے۔ مطالعۂ قرآن کا مقصد صرف اس کی تلاوت کرنا نہیں، بلکہ اسے سمجھنا، اس پر غور کرنا اور اپنی زندگی میں اس کے احکامات کو نافذ کرنا بھی ہے۔

آئیے مطالعہ قران کے بارے اہمیت کے بارے میں پڑھتے ہیں:

(1)قرآن ہدایت ہے : قرآن مجید ہدایت کا سرچشمہ ہے، اور اس کا مطالعہ انسان کو سیدھا راستہ دکھاتا ہے ۔ قرآن کی تعلیمات زندگی کے ہر پہلو کو روشن کرتی ہیں، خواہ وہ عقائد ہوں، عبادات، اخلاقیات، معاشرت یا معاملات۔

هُدًى لِّلْمُتَّقِیْنَۙ ترجمہ کنزالایمان : ہدایت ہے ڈر والوں کو ۔ (سورة بقرہ آیت نمبر 2)

(2)قرآن میں غورفکر کرنا: قرآن صرف عربی زبان میں پڑھنے کے لیے نہیں نازل ہوا، بلکہ اسے سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کے لیے نازل کیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:كِتٰبٌ اَنْزَلْنٰهُ اِلَیْكَ مُبٰرَكٌ لِّیَدَّبَّرُوْۤا اٰیٰتِهٖ وَ لِیَتَذَكَّرَ اُولُوا الْاَلْبَابِ(۲۹)ترجمہ کنزالایمان: یہ ایک کتاب ہے کہ ہم نے تمہاری طرف اتاری برکت والی تاکہ اس کی آیتوں کو سوچیں اور عقل مند نصیحت مانیں۔ (پ23،ص29)

(3)ايک حرف دس نیکیوں کے برابر:

قرآن مجید فرقان حمید اللہ ربُّ الا نام عَزَّوَجَلَّ کا مُبارَک کلام ہے، اس کا پڑھنا، پڑھانا اور سننا سنانا سب ثواب کا کام ہے۔ قرآن پاک کا ایک حرف پڑھنے پر 10 نیکیوں کا ثواب ملتا ہے، چنانچہ خاتَمُ الْمُرْسَلین ، شفیع الْمُذْنِبين ، رَحمَۃ لِلعالمین ﷺ کا فرمان دلنشین ہے: ” جو شخص کتاب اللہ کا ایک حرف پڑھے گا، اُس کو ایک نیکی ملے گی جو دس کے برابر ہو گی ۔ میں یہ نہیں کہتا اللہ ایک حرف ہے، بلکہ الف ایک حروف ، لام حرف اور میم ایک حرف ہے۔“ ( سُنَن الترمذى ج 4 ص 418 حديث (2919)

(4)قرآن شفاعت کر کے جنت میں لے جائے گا:

حضرت سیدنا انس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسولِ اکرم، رحمت عالَم ، نُورِ مُجَسَّم ، شاہِ بنی آدم ، رسولِ مُحتشم ﷺ کا فرمان معظم ہے: جس شخص نے قرآن پاک سیکھا اور سکھایا اور جو کچھ قرآن پاک میں ہے اُس پر عمل کیا، قرآن شریف اس کی شفاعت کریگا اور جنت میں لے جائے گا ۔ (تاریخ دمشق لابن عساکر ج 41 ص 3 ، المُعْجَمُ الكبير للطبراني10 ص 198 حديث 10450)

(5)ایک آیت سکھانے والے کیلئے قیامت تک ثواب:

ذوالنورین ، جامع القرآن حضرت سید نا عثمان ابن عفان رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ تاجدار مدینہ منورہ ، سلطان مکہ مکرمہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: جس نے قرآنِ مبین کی ایک آیت سکھائی اس کے لیے سیکھنے والے سے دُگنا ثواب ہے۔ ایک اور حدیث پاک میں حضرت سید نا انس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ خاتَمُ الْمُرْسَلین ، شفیع الْمُذْنِبين ، رَحمۃ لِلعالمین ﷺ فرماتے ہیں: جس نے قرآن عظیم کی ایک آیت سکھائی جب تک اس آیت کی تلاوت ہوتی رہے گی اس کے لیے ثواب جاری رہے گا ۔ (جمع الجوامع ج 7 ص 282 حديث 22455 - 22456)

پیارے اسلامی بھائیو! تلاوت قرآن کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے معانی، پیغام اور مقصد کو بھی سمجھنا چاہیے۔ ہمیں چاہیے کہ قرآن کو ترجمہ اور تفسیر کے ساتھ پڑھیں، تاکہ ہم اس کی تعلیمات کو سمجھ سکیں اور اپنی زندگیوں میں نافذ کر سکیں۔اگر ہم دنیا اور آخرت میں کامیابی چاہتے ہیں، تو ہمیں قرآن سے مضبوط تعلق قائم کرنا ہوگا۔ قرآن کو وقت دیں، اسے سمجھیں، اور اس پر عمل کریں، یہی ہماری نجات کا راستہ ہے۔

اللہ عزوجل ہمیں عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ خاتم النبیین ﷺ 


قراٰنِ کریم ربِّ کائنات کی طرف سے نازل ہونے والا ایسا دستورِ حیات ہے جو انسانیّت کے لیے ہدایت، رَحمت اور ‏روشنی ‏کا سرچشمہ ہے۔ یہ محض ایک مذہبی کتاب نہیں بلکہ عدل و انصاف، اخلاق و کردار اور فلاحِ انسانیّت کا کامل منشور ہے۔ ہماری ‏‏دنیاوی و اُخروی کامیابی اسی کتاب سے مضبوط تعلّق رکھنے میں پوشیدہ ہے۔

قراٰنِ کریم کا مطالعہ صرف الفاظ کی تلاوت نہیں بلکہ روح کی غذا اور دل کے اطمینان کا ذریعہ ہے۔ یہ ہمیں مقصدِ حیات ‏سمجھاتا، ‏کردار سنوارتا اور ظلمتوں میں راہِ ہدایت دکھاتا ہے۔ جب ہم غور و تدبر سے قراٰن کو پڑھتے ہیں تو گویا اپنے خالق سے ‏ہم کلام ہوتے ‏ہیں۔ اس کا نور دل کے اندھیروں کو مٹا دیتا ہے اور ہمیں صحیح راستے پر چلنے کی توفیق بخشتا ہے تاکہ ہم دنیا کی ‏حقیقت سمجھ کر آخرت کی ‏کامیابی کے لیے تیّار ہو سکیں۔

تدبّر کا حکم‏:‏ قراٰنِ کریم خود اپنے مطالعہ کرنے والوں کو صرف تلاوت تک محدود رہنے کا نہیں کہتا، بلکہ گہرے غور و فکر، ‏تدبّر اور تفکّر کی دعوت ‏دیتا ہے۔ ‏ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ﴿اَفَلَا یَتَدَبَّرُوْنَ الْقُرْاٰنَؕ﴾ ترجمۂ کنزالایمان: تو کیا غور نہیں کرتے ‏قرآن میں۔ (پ 5، النسآء: 82)‏

صراطُ الجنان میں ہے:اس سے معلوم ہوا کہ قرآن میں غور و فکر کرنا اعلیٰ درجے کی عِبادت ہے۔ امام ‏غزالی‏ رحمۃُ اللہِ علیہ ‏احیاء العُلوم‎ ‎میں فرماتے ہیں کہ ایک آیت سمجھ کر اور غور و فکر کر کے پڑھنا بغیر غور و فکر کئے پورا قرآن ‏پڑھنے سے بہتر ہے۔ ‏‏(صراط الجنان، 2/258)‏

حضرت اِیاس بن مُعاویہ‎ ‎رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں: جو لوگ قرآنِ مجید‎ ‎پڑھتے ہیں اور ‏وہ تفسیر‎ ‎نہیں جانتے ان کی مثال‎ ‎ان ‏لوگوں کی طرح ہے جن کے پاس رات کے وقت ان کے بادشاہ کا خط آیا اور ان کے ‏پاس چراغ نہیں جس کی روشنی میں وہ اس ‏خط کو پڑھ سکیں تو ان کے دل ڈر گئے اور انہیں معلوم نہیں کہ اس خط میں کیا لکھا ہے؟ ‏اور وہ شخص جو قرآن پڑھتا ہے اور اس ‏کی تفسیر جانتاہے اس کی مثال اس قوم کی طرح ہے جن کے پاس قاصد چراغ لے کر آیا تو ‏انہوں نے چراغ کی روشنی سے خط ‏میں لکھا ہوا پڑھ لیا اور انہیں معلوم ہوگیا کہ خط میں کیا لکھاہے۔‏(صراط الجنان، 1/34) ‏

مطالعۂ قراٰن کی ضَرورت کیوں ہے؟

‏(1) ہدایت کا واحد ذریعہ:ہماری زندَگی میں بے شمار چیلنجز اور سوالات ہوتے ہیں۔ قراٰنِ کریم ہمیں ہر مسئلے میں صحیح راہ ‏دکھاتا ہے، حلال ‏و حرام کی تمیز سکھاتا اور ہمیں زندَگی کے ہر شعبے میں راہنمائی فراہم کرتا ہے۔

‏(2) اخلاقی تربیَت:قراٰنِ پاک بہترین اخلاق کی تعلیم دیتا ہے، جیسے سچّائی، امانت داری، عفو و درگزر، عدل و انصاف اور ‏دوسروں کے ‏ساتھ حسنِ سلوک، مطالعۂ قراٰن سے ہم اپنے اخلاق کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

‏(3) ذہنی سکون اور قلبی اطمینان:‏دنیا کی بے چینیوں اور پریشانیوں کے بیچ، قراٰن کے مطالعہ سے دلوں کو سکون ملتا ہے۔ ‏اللہ تعالیٰ ‏فرماتا ہے:﴿اَلَا بِذِكْرِ اللّٰهِ تَطْمَىٕنُّ الْقُلُوْبُؕ(۲۸)﴾ ترجمۂ کنزالایمان: سن لو اللہ کی یاد ہی میں دلوں کا چین ہے۔ (پ13، الرعد: ‏‏28)‏

‏(4) تاریخی واقعات اور عبرتیں:قراٰن سابقہ اَقوام کے واقعات بیان کرتا ہے تاکہ ہم ان سے عبرت حاصل کریں اور ‏ان کی غلطیوں سے ‏بچیں۔

‏(5) سائنس اور کائنات کے رازوں کی طرف اشارے: ‏قراٰن میں کائنات، انسان کی تخلیق اور قدرتی مظاہر کے بارے ‏میں ایسے ‏اشارے ملتے ہیں جو سائنسی تحقیقات کی بنیاد بنے۔

‏(6) شیطان کے ہتھکنڈوں سے بچاؤ:قراٰن کا علم ہمیں حق و باطل میں تمیز سکھاتا ہے اور شیطان کے وسوسوں اور فریب ‏سے بچنے میں ‏مدد دیتا ہے۔

آج ضَرورت اس بات کی ہے کہ ہم قراٰن کو صرف بَرکت کے لیے نہ پڑھیں بلکہ سمجھ کر اپنی زندگیوں کا حصّہ بنائیں۔ ‏روزانہ ‏چند آیات پڑھنے اور ان پر غور کرنے کی عادت بنائیں۔ قراٰنِ کریم سے تعلّق ہی دلوں کو زندہ کرتا، معاشرے کو ‏سنوارتا اور ‏اُمّت کو متّحد کرتا ہے۔ اگر ہم نے قراٰن سے دوری ختم نہ کی تو ہم روشنی کے بجائے اندھیروں میں بھٹکتے رہیں ‏گے۔

یاد رکھیں! قراٰن ایک زندہ معجزہ ہے، جو ہماری مُردہ روحوں کو نئی زندگی بخش سکتا ہے۔ اس پر تدبّر کرنا اور اس کے ‏احکامات پر ‏عمل کرنا ہی ہماری دنیا اور آخِرت کی کامیابی کا ضامن ہے۔

اللہ پاک ہمیں قراٰنِ پاک پڑھ کر، سمجھ کر عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ‏