5 اپریل
کو مدنی مذاکرے کا انعقاد، امیر اہلسنت نےمدنی پھول ارشاد فرمائے
رمضان المبارک کی برکتیں لوٹنے کے لئے عالمی
مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں 5 اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا
جس میں معتکفین اور دیگر عاشقان رسول نے شرکت کی۔
امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےعاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے حکمت بھرے
جوابات ارشاد فرمائے۔
بعد نماز عصر ہونے والے
مدنی مذاکرے کے مدنی پھول
سوال: جو نمازِتہجدکی نیت
سے سوئے مگربیدارنہ ہوسکےتو کیااُسے نمازِتہجدکا ثواب ملے گا ؟
جواب: جی ہاں،اُسے ثواب
ملے گا۔
سوال: سیدہ خاتونِ جنّت،حضرت بی بی فاطمہ رضی اللہ عنہا کی نمازِجنازہ کس نے پڑھائی؟
جواب: ایک روایت کے مطابق
اسلام کے پہلے خلیفہ حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ نے اوردوسری روایت کے
مطابق،اسلام کے چوتھے خلیفہ حضرت علی المرتضی رضی اللہ عنہ نے پڑھا ئی۔
سوال: کوئی ہماری تعریف
کرے تو ہم کیا کریں ؟
جواب: کوئی تعریف کرے تو اچھا لگتاہے ،اس اچھالگنے میں
خطرہ ہے کہ بندہ عُجب (خودپسندی) میں مبتلاہوجائے ،وہ اس تعریف کو
اپنا کمال سمجھے کہ میں نے یہ کیا ہے، وہ کیا ہے وغیرہ ۔یادرکھئے! جس شاخ میں پھل
ہوگاوہ جھکی رہے گی اورجس میں پھل نہیں وہ
اکڑی رہے گی ،علم اوراچھی صحبت نہ ہونے کی وجہ سے باطنی بیماریاں یوں جڑپکڑلیتی
ہیں کہ بندہ کہیں کا نہیں رہتا،دعوتِ اسلامی کا دِینی ماحول ایک نعمت ہے، عاشقانِ
رسول کے ساتھ وابستہ رہیں ،ذیلی حلقے کے12 دینی کاموں میں مصروف رہیں بالخصوص نیک
اعمال کے رسالے پر عمل کرتےرہیں ۔
سوال: نیک اعمال رسالے پرعمل کے بارے میں آپ کیا
فرماتے ہیں ؟
جواب: نیک اعمال کا رسالہ پُرکرنا آسان ہے، مگرعمل
کرنا مشکل ہےاس لیے نیک اعمال رسالے پر عمل کرنے والے تھوڑے ہیں کیونکہ نیک اعمال
کرنے میں محنت لگتی ہے ۔
بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول
سوال: دسترخوان پر گِرے
ہوئے ٹکڑوں کو کھانے کی کیافضیلت ہے؟
جواب :گِرے ہوئے دانے ،برتن میں بچاہواکھانا ،شوربہ
وغیرہ جو قابلِ استعمال ہواُسے استعمال میں لایاجائے، ضائع نہ کیا جائے۔حدیث پاک
میں ہے: جوشخص دسترخوان سے کھانے کے گِرے ہوئے ٹکڑوں کو اُٹھا کر کھائے وہ فراخی
کی زندگی گزارتا ہے اوراس کی اولاداوراولاد کی اولاد کم عقلی سے محفوظ رہتی ہے ۔(کنزالعمال ،15/111بحوالہ فیضان سنت ،1/262)
سوال : برتن کو چاٹنے کے
کیافائدے ہیں؟
جواب: حدیث پاک میں ہے :جوکھانے کے بعدبرتن کوچاٹ لے گاوہ برتن اُس کے لیے استغفارکرے گا۔(ابن ماجہ ،4/14)ایک اورروایت میں ہے
کہ وہ برتن کہتاہے :اے اللہ !اس کو جہنم سے آزادکر،جس طرح اس نے مجھے شیطان سے
نجات دی ۔(کنزالعمال ،15/111)،ایک حدیث پاک میں
ہے :جورِکابی (پلیٹ)اوراپنی اُنگلیاں
چاٹے ،اللہ پاک دنیاوآخرت میں اس کا پیٹ بھرے ۔(طبرانی کبیر،18/261)اس حدیث پاک کامعنی
ہے :رکابی(پلیٹ) اوراپنی انگلیاں
چاٹنے والا دُنیامیں فقروفاقہ سے بچے ،قیامت کی بھوک سے محفوظ رہے ،دوزخ سے پناہ
دیا جائے کہ دوزخ میں کسی کا پیٹ نہ بھرے گا۔(فیضان سنت ،1/100)
سوال: چڑچڑاپن کیا ہے ؟
جواب:چڑچڑاپن غصے
کی سوتیلی بہن ہے بلکہ غصے کی ایک قسم ہے،اس سے بچنے کی کوشش کرنی چاہئے ۔
سوال: کیا روزے دارسے یہ سوال کرنا چاہئے کہ آج آپ کا روزہ کیسا گزرا؟
جواب: پوچھنا نہیں چاہئے ،وہ سچ بولے یاجھوٹ بول دےیہ اندیشہ
ہے ،اس لیے نہ پوچھنا اچھا ہے ۔
سوال : کھانے کے بعد جو اجزاء
منہ میں ہی رہ جائیں ،ان کاکیا کرنا چاہئے ؟
جواب: ایک گھونٹ پانی لےکر
منہ میں پھیرلیں اورنگل جائیں،کھانے کے بعد مسواک کی جائے،چائے یا غذاکے ذرّات دانتوں پر نہیں لگے رہنے چاہئیں ۔
سوال:آپ کو کیا کیا کام
کرنے والے اچھے لگتے ہیں؟
جواب: اچھائی کرنے والےاچھے لگتے ہیں۔
سوال: امی ابومیں اگر کسی بات پر جھگڑاہوجائے تو اولاد
کو کیا کرنا چاہئے ؟
جواب : اولادخاموش رہے
۔بات کا وزن ہوتو جس کا قصورہواسے الگ سے نہایت ہی ادب سے سمجھا دے ۔
4 اپریل کو مدنی مذاکرے کا انعقاد، امیر اہلسنت نےمدنی
پھول ارشاد فرمائے
عاشقان رسول کی دینی تحریک دعوت اسلامی کے زیر
اہتمام رمضان المبارک میں روزانہ مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جارہا ہےجس میں کثیر
عاشقان رسول شرکت کرررہے ہیں۔ اسی سلسلے میں 4 اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا
انعقاد کیا گیا جس میں امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے ذکر
و اذکار کے ساتھ ساتھ دیگر شرعی مسائل کے
حوالے سے شرکا کی رہنمائی فرمائی۔
بعد نماز عصر ہونے والے
مدنی مذاکرے کے مدنی پھول
سوال: کیا ماہِ رمضان میں ویڈیوگیمز(Video Games)کھیل سکتے ہیں ؟
جواب: ویڈیوگیمز عموماً
گناہ بھری ہوتی ہیں ،رمضان المبارک اور اس کے علاوہ بھی اس سے بچنا ضروری ہے ۔والدین اپنے بچوں کو
اس سے بچائیں ،ماہِ رمضان تو عبادت
،ذکرودُروداورتلاوتِ قرآن کے لیے آیا ہے، اس میں عبادت میں مصروف رہنا چاہئے ۔
سوال:
سردردکا رُوحانی علاج بتادیجئے؟
جواب: بعدِعصر 67مرتبہ لَاۤاِلٰہ َاِلاَّ اللہُ پڑھ کر سرپر دم کیجئے،دوسراعلاج یہ ہے کہ 1 باربِسْمِ اللہِ
الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ پڑھ کر سرپردم کیجئے، کاغذپر1 بارلکھ کر سرپرباندھ لیجئے ۔
سوال: کسی مسلمان کو تکلیف
دیناکیسا؟
جواب: مسلمان کو ایذاوتکلیف دینا حرام اورجہنم میں لے
جانے والاکام ہے، ایسا کرنے والے کو اللہ پاک سے توبہ کرنےکے ساتھ ساتھ جس کوتکلیف دی ہے اس سے معافی مانگنا
بھی ضروری ہے ۔
سوال:پان کھانے کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟
جواب: پان کھاناجائز ہے مگرپان جتنی
دیرمنہ میں رہے گا تو ذکرودُرود سے محروم رہیں گے ،میں نے بہت پہلے کچھ کچھ پان کھانا شروع کیا تھا مگرپھر غورکیا کہ اتنی
دیرمیں ذکرودُرودنہیں کرسکتا،میں نے فیصلہ کرلیا کہ میں اب پان نہیں کھاؤں گا ،مجھ
سے محبت کرنے والوں کوچاہئے کہ وہ بھی ان
چیزوں سے بچیں ۔
سوال: کیا جُوتااُلٹارکھا ہوتو اس کو سیدھا کردینا چاہئے؟
جواب: استعمال شدہ جُوتا اُلٹارکھا ہوتوموقع کی مناسبت سے سیدھا کردینا چاہئے کہ یہ معیوب ہے ۔
بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول
سوال:بیماروں کی عیادت و
تیمارداری کے بارے میں کچھ مدنی پھول ارشادفرمادیں؟
جواب: ہرمریض سے تیمار داری کرنی چاہئے بالخصوص والدین
بیمارہوں تو دن میں کئی کئی بارجاکر بیمارپرسی کریں ،علاج کی ضرورت ہوتوعلاج بھی
کروائیں،بیمارکو تسلی دیں، دعوتِ اسلامی کے شعبہ روحانی علاج سے روحانی علاج بھی کروائیں، دعابہت بڑاعلاج ہے، دعامؤمن کا
ہتھیارہے ، دعابلاکو ٹال دیتی ہے،مریض خود بھی اوردوسرے بھی دل لگا کر اس کی شفا
کی دعا کریں ۔
سوال: میت کو کس چیزسے راحت حاصل ہوتی ہے؟
جواب: میت کو ایصالِ ثواب کریں تو اللہ پاک کی رحمت سے اسےٹھنڈک وراحت پہنچے گی
۔
سوال: نکاح کے بعدرخصتی
کب تک ہو جانی چاہئے ؟
جواب: فی زمانہ جس دن نکاح کیا جائے،اُسی دن رخصتی
کردینا زیادہ بہتر ہے ۔
سوال: علم ِ دین حاصل کرنے کا جذبہ برقراررہے، اس کے لیے
کیا کریں ؟
جواب: بزرگوں کا قول ہے: اُطْلُبُوا الْعِلمَ مِنَ المَهدِ إلَى اللَّحْدِ یعنی
ماں کی گود(مہد) سے لے کر قبر(لحد) تک علم حاصل کرو،اس
طرح کے دیگراقوال سننے اورپڑھنے سے علم حاصل کرنے کی طرف رغبت بڑھے گی ،اگرکوئی
بات معلوم بھی ہوتو شوق سے سنیں تاکہ بتانے والے کی دلجوئی ہو،اس کا دل خوش ہو
،کبھی وہ ایسی بات بھی بتادے گا جو آپ کو معلوم نہیں ہوگی ۔
سوال: آپ رسائل کب لکھتے
ہیں؟
جواب: جب وقت
اوریکسوئی ملتی ہے تو تحریری کام کرتاہوں،
کیونکہ تحریری کام کے لیے یکسوئی ضروری ہے،
اس لیے بیرونِ ملک بھی چلاجاتاہوں۔ میں اپنی تحریر کی مفتی صاحب سے تفتیش
کرواتاہوں ،اس میں جو بات طب سے تعلق رکھتی ہے وہ حکیم صاحب سے اورجس کا تعلق ڈاکٹرصاحب سے ہو وہ ان سے تفتیش کرواتاہوں تاکہ کوئی غلطی نہ
ہو۔
سوال: اِنشاپردازی کیا
ہوتی ہے ؟
جواب: عمدہ اندازِ
تحریرکو اِنشاپردازی کہتے ہیں ،تحریر میں
اچھے اورمناسب الفاظ کا چناؤوغیرہ ،اس کے ساتھ قلم اورتحریرکی روانی میں
مضبوطی بھی ضروری ہے، کوئی تحریرلکھنے کے لیے علم ضروری ہے،
بغیرعلم کے درست نہیں لکھ سکتے، غلطی ہوسکتی ہے ،بہترتحریرکے
لیے مسلسل کوشش ضروری ہے ۔
سوال: مطالعہ کی عادت
بنانے کا کوئی طریقہ اِرشاد فرمادیں۔
جواب: مطالعہ کرنے میں اوّلاً دل نہیں لگتا، اس لیے جس دینی
کتاب میں دلچسپی ہو ، پہلے وہ پڑھیں ،جنہیں شرعی مسائل سیکھنے کا ذوق ہو وہ بہارِشریعت پڑھیں،جنہیں واقعات اچھے لگتے ہوں،وہ اسلامی واقعات پڑھیں ،جو پڑھا
ہے اچھی طرح یادہوتو کسی کو سنا دیں ،پڑھتے ہوئے جو بات اہم لگے اسےلکھ لیں اوراسے
پڑھتے رہیں ۔
سوال: ایک عورت کو حضرت بی بی فاطمہ رضی اللہ عنہا کی سیرت سے کیا کیا باتیں سیکھنے کو ملتی ہیں؟
جواب: سیدہ خاتونِ جنت،حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کی سیرت سے سیکھنے کو کیا نہیں ملتا ،آپ کا
پردہ بے مثال تھا ، اسلامی بہنیں پردہ کریں ،آپ عبادت بہت زیادہ کرتی تھیں ،گھرکے سارے کام اپنے مبارک ہاتھوں سےکرتی تھیں
، آٹا پیس کرروٹی خود بناتیں ،گھرکا پانی مشک میں بھرکرلاتیں، اس کے ساتھ دن رات
عبادت کرتیں ،اسلامی بہنوں کے لیےاس میں درس ہے۔کرنا ہے تو موقعے ہزار،نہیں کرنا تو بہانے ہزار۔
سوال: اچھی عورت کوگھرمیں
کیسےرہنا چاہئے ؟
جواب: اسلامی بہن کے اخلاق اچھے ہوں گے،زبان محتاط
ہوگی تو گھرمیں راج کرے گی ،گھر کے افراد
اس سے محبت کریں گے ،بداخلاقی کرے گی تو میکےپہنچ جائے گی ،ساس اگرسخت سست کہہ دے
تو ماں کو یادکرے، اس نے بھی تو کبھی ایساکہہ دیا ہوگا ،اسی طرح شوہرکو بھی ساس کی
شکایات نہ کرے ،سسرال میں کوئی بات ہوجائے، سسرال اورشوہرکی کوئی
خامی ہوتو میکے بلکہ کسی کو بھی نہ بتائے
،شادی سے پہلے بھی اچھی اچھی نیتوں مثلاً
اللہ پاک کوراضی کرنے کے لیے اپنے گھر
والوں کی خوب خدمت کرے ،ماں کو کام نہ
کرنے دے بلکہ گھر کےسارے کام کرے ،اچھے اچھے
کھانے بناناسیکھے ،شادی کے بعدسسرال والوں کی خوب خدمت کرے ،اچھی نیت سےخدمت کی
جائے تو جنت ہے ۔
سوال: بچوں کو امی کے ہاتھ کا بنا ہواکھانامزیدارنہ لگے تو
وہ کیا کریں ؟
جواب: صبرکریں ، اپنی اپنی پسند ہے ،کھا نا مزیدارہومگراپنے
کو پسندنہ ہو تو وہ مزیدارنہیں لگے گا ،کھانے میں عیب نہیں نکالنا چاہئے ۔پسندہوتو
کھا لیں ورنہ ہاتھ روک لیں یہی سنت ہے ۔
رمضان
المبارک 1443ھ کے آمد ہوتے ہی دعوت اسلامی کے زیر اہتمام روزانہ بعد نماز عصر اور
بعد نماز تراویح مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں معتکفین اور دیگر
عاشقان رسول فیضان مدینہ کراچی میں جبکہ لاتعداد عاشقان رسول بذریعہ مدنی چینل
شرکت کررہے ہیں۔اسی سلسلے میں 3 اپریل 2022ء کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس
میں امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت
بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے نماز،
روزے کے ساتھ ساتھ دیگر شرعی مسائل کے حوالے سے شرکا کی رہنمائی فرمائی۔
بعد نماز عصر ہونے والے
مدنی مذاکرے کے مدنی پھول
سوال: عموماً مساجد میں افطارسے کچھ دیر قبل افطاری بھیجی جاتی ہے ،پہلے بتایا نہیں جاتا نیزافطاری میں
کیابھیجاجائے ؟
جواب :افطاری
بھیجنا کارِ ثواب ہے،اگراللہ پاک کی رضا کے لیےبھیجیں گے تو ثواب ملے گا۔ پہلے
بتادینا بہترہے اورافطاری میں کیا بھیجیں گے یہ بھی بتادیں تو اچھا ہے۔افطاری میں
وہ چیزیں بھیجیں جو انہیں پسندہوں
،نیزشرعی تقاضے پورے کرتےہوئے عرف وعادت کا بھی خیال رکھا جائے ۔
سوال: افطارپارٹی
میں کیا احتیاطیں کی جائیں ؟
جواب: افطارپارٹی
یا کوئی بھی تقریب ہو، جب نمازکی جماعت کا وقت ہوجائے تو میزبان اورمہمان دونوں جماعت سے نمازپڑھنے مسجدمیں جائیں ، بے
پردگی بھی نہ ہونے پائے ،یادرکھئے !پردہ فرض ہے ،بے پردگی کی کوئی راہ نہ نکالی
جائے ،عورتوں اورمردوں کے بیٹھنے کا جداجدااہتمام کریں ۔
سوال: حقیقی ہوشیارکون ہے ؟
جواب:حقیقی
ہوشیاروہ ہے جو اپنے ایمان کی حفاظت کرنے کی کوشش کرتا ہے ،جو سچوں اور صالحین کا دامن پکڑکررکھتاہے، ان شاء اللہ الکریم اس کا ایمان محفوظ رہے گا ،اس کے ساتھ
ساتھ اللہ پاک کی خفیہ تدبیرسے ڈرتے رہناچاہیئے ۔
بعد نماز تراویح ہونے والے مدنی مذاکرے کے مدنی پھول
سوال: کس نبی علیہ السلام نے سب سے پہلے کپڑے سلائی کیے ؟
جواب: حضرتِ سیّدنا اِدرِیس علیہِ
السَّلام نے ۔آپ کپڑا سینے کا کام کرتے تھےاورجو کماتےتھے
اس میں سے بقدرِ ضَرورت رکھ کر بقیہ راہ خدا میں صَدَقہ کردیتےتھے۔(الحث
علی التجارۃ والصناعۃ، ص113 )
سوال : کیاحدیث پاک میں کپڑے سینے کے کام کی کوئی تعریف بھی آئی ہے ؟
جواب: جی ہاں
،فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہُ علیہِ
واٰلہٖ وسلَّم: نیک مَردوں کا کام کپڑے سینا اور نیک عورَتوں کا کام
سُوت کاتنا (یعنی چرخے پر رُوئی سے دھاگا بنانا)ہے۔ (تاریخ ابن
عساکر،ج36ص199) سرکارِمدینہ صلَّی
اللہُ علیہِ واٰلہٖ وسلَّم گھر کے کام کرلیا کرتے تھے اور ان میں سینے کا
کام زیادہ ہوتا۔(طبقات ابن سعد،ج1ص275)
سوال: جودرزی خیانت کرے تو اس کے لیے کیا وعید ہے ؟
جواب: فرمانِ مصطفےٰ صلَّی
اللہُ علیہِ واٰلہٖ وسلَّم: ”اللہ پاک قیامت کے دن خیانت کرنے والے
درزی کو اس حال میں اٹھائے گا کہ اس پر وہ قمیص اور چادر ہوگی جس کے سینے میں
اُس نے خیانت کی ہوگی“۔ (فردوس الاخبار،ج5ص479، حدیث: 8820)
سوال: سیدوں کے خلاف بات کرنے والوں کے بارے میں آپ کیا
فرماتے ہیں؟
جواب: ہمیں نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شفاعت چاہئے، اس کےبغیرگزارانہیں، شفاعت بھی چاہئے
اور ان کی اولاد کے خلاف بات بھی کرتے ہیں؟ہونا تو یہ چاہئے کہ زبان کٹ جائے مگرسیدوں
کے خلاف کوئی بات زبان سے نہ نکلے۔
سوال: وراثت کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟
جواب:رقم جمع کرنے کامیرا ذاتی ذہن نہیں ہے ،میری بہن کی وراثت سے مجھے جو کچھ
ملا تھا وہ میں نے بانٹ دیا ہے ،میرامشورہ ہے کہ ہرایک وصیت کرے کہ میری
وراثت کا ایک تہائی(One Third)یعنی 33%فلاں دینی کام ،دعوت ِاسلامی کو پیش کر دیا جائے یا فلاں مدرسے میں خرچ کیا
جائے ۔یہ بھی مشورہ ہے کہ اپنی زندگی میں دارالافتاء اہلِ سنت سے شرعی رہنمائی لے
کر اپنے پاس جو ہے اسے اولادمیں تقسیم کردے ،یہ اولاد کے ساتھ بھلائی ہے کہ اس کے
مرنے کے بعد وہ آپس میں لڑائی جھگڑے سے بچ جائیں گے ۔
سوال: بچوں کو کون کون سے فائدہ مندکام کرنے
چاہئیں ؟
جواب: بچے اپنے ماں باپ کا
احترام کریں ،ان کےہاتھ پاؤں
چُومیں،والدین راضی ہوں گے تو دعائیں ملیں گی اورترقی حاصل ہوگی ،ماں باپ اوربڑے بہن بھائیوں کے سامنے آوازبلند نہ کریں
،چھوٹے بہن بھائیوں پر شفقت کریں ،جوسبق ملے اسے یاد کریں ۔
تفصیلات
کے مطابق بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ آج 31 مارچ 2022ء کی شب کراچی پاکستان پہنچ گئے ہیں، ایئرپورٹ سے اپنے گھر کی
جانب آتے ہوئے انہوں نے اپنی گاڑی سے ایک ویڈیو
پیغام اپنے چاہنے والوں کے لئے جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ”الحمد للہ میں آج 27 شعبان المعظم 1443سن ہجری کو کراچی ایئرپورٹ پر اُتر کر اب گھر کی طرف
جارہا ہوں، ان شاء اللہ عنقریب ماہِ
رمضان کا چاند نظر آجائے گاا ور اللہ نے زندہ سلامت رکھا تو نیت ہے کہ عالمی مدنی
مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں معتکفین کی برکتیں حاصل کروں گا، ان شاء اللہ رمضان کے پورے مہینے اعتکاف کی دھوم دھام ہوگی جبکہ روزانہ دو مدنی مذاکرے ((01) بعد عصر (02) بعد
تراویح) ہوا کریں گے۔ “
امیرِ
اہلِ سنت نے اپنے ویڈیو میں اللہ پاک کے آخری نبی حضرت محمد ﷺ کا فرمان سناتے ہوئے حدیثِ مبارک
بیان کی: فرمانِ مصطفیٰ ﷺ : ”اللہ پاک ماہِ رمضان میں روزانہ افطار کے وقت دس لاکھ
ایسے گناہ گاروں کو جہنم سے آزاد فرماتا ہے جن پر گناہوں کی وجہ سے جہنم واجب ہوچکا
تھا۔ نیز شبِ جمعہ اور روزِ جمعہ یعنی جمعرات کو غروبِ آفتاب سے لے کر جمعہ کو غروبِ
آفتاب تک کی ہر ہر گھڑی میں ایسے دس دس لاکھ گناہ گاروں کو جہنم سے آزاد کیا جاتا ہے جو عذاب کے حقدار قرار دیئے جاچکے ہوتے ہیں۔ “(کنزالعمال)
واضح
رہے کہ کراچی میں ملاقات کرنے والوں اور دیگر مصروفیات کے سبب تحریری کاموں میں خلل واقع ہوتا ہے اس لئے امیر اہل سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ اپنے تحریری کاموں یعنی کتابیں اور رسائل وغیرہ لکھنے کی غرض سے بیرونِ ملک تشریف لے جاتے ہیں جہاں
یکسوئی کے ساتھ تحریر ی کام کرتےہیں اور امت کو بہترین رسالہ یا کتاب عطا فرماتے ہیں۔
ہمیں
موقع مناسبت کے اعتبار سے ہر وقت مسکراتے رہنا چاہیئے، یعنی جب کسی سے ملاقات کریں
تو مسکراکر ملیں، کسی بیمار یا پریشان حال لوگوں سے ملیں تو حسنِ اخلاق کا مظاہرہ
کرتے ہوئے مسکراکر ملیں۔اگر ہم اپنے روز مرہ معاملات اور معمولات میں صرف ایک
مسکراہٹ کا اضافہ کرلیں تو ”سنت، تجارت، سہولت اور برکت“ کا ایک امتزاج سامنے آئے
گا۔ آقا کریم صلَّی اللہ
علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بھی عادت مبارکہ تھی کہ آپ ہمیشہ مسکراتے رہتے
تھے، چنانچہ
حضرت
عبد اللہ بن حارث رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:میں نے حضور پاک صلی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم سے زیادہ مسکرانے والا کوئی نہیں دیکھا۔(شمائل
ترمذی:218)
ایک
مرتبہ حضرت صہیب رضی اللہ عنہ کی آنکھ دکھ رہی تھی اور وہ کھجور کھا
رہے تھے۔ پیارے آقا صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد
فرمایا :تمہاری آنکھ دکھ رہی ہے اور تم کھجور کھا رہے ہو ؟ عرض کی: میں دوسری طرف
سے کھا رہا ہوں! یہ سن کر جان ِعالم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم
مسکرادیئے۔ (ماہنامہ
فیضان مدینہ جلد 3 جون 2019 ص 44 / ابن ماجہ 91/4 ، حدیث 3443 )
مسلمانوں
کو حسن اخلاق کا مظاہرہ کرنے اور مسکرانے کی ترغیب دلانے کے لئے امیر اہلسنت علامہ
محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے
اس ہفتے رسالہ ”مسکرانا سنت ہے“ پڑھنے/سننے
کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے/سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے نوازا ہے۔
دعائے
عطار
یارب
المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ”مسکرانا سنت ہے“ پڑھ یا سن لے اُسے اپنے پیارے پیارے
مسکرانے والے سب سے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی
قیامت کے دن شفاعت سے مشرف فرماکر جنت الفردوس میں بے حساب داخلہ نصیب فرما۔ اٰمین
دعوت
اسلامی
کی مجلس تراجم کی جانب سے اس رسالے کا چھ زبانوں(انگلش، بنگلہ، ہندی، رومن اردو،
سندھی اور پشتو) میں ترجمہ بھی کیا گیا ہے، دعوت اسلامی کی ویب سائٹ پر ان زبانوں
میں رسائل موجود ہیں، مذکورہ زبانوں کے جاننے والے درج ذیل لنک پر کلک کرکے رسائل کا
مطالعہ کرسکتے ہیں۔
یہ
رسالہ دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ سے ابھی مفت ڈاؤن لوڈ کیجئے
رسالہ
آڈیو میں سننے کے لئے کلک کریں
خوش عقىدہ علماء، عام لوگ نہىں بلکہ سپر کوالٹى ہىں، علامہ محمد الیاس عطار
قادری
عاشقان
رسول کی دینی تحریک دعوت اسلامی کے زیر اہتمام علم دین کے فروغ اور لوگوں کو دین
اسلام کے عقائد و نظریات کے متعلق معلومات
فراہم کرنے کے لئے پچھلے کئی سالوں سے ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جارہا
ہےجس میں امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت
بَرَکَاتُہمُ العالیہ شرعی، معاشرتی اور فقہی حوالے
سے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
19
مارچ 2022ء کو بھی عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سے براہ راست مدنی چینل پر
مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں عاشقان رسول کی بڑی تعداد فیضان مدینہ کراچی آکر
جبکہ سینکڑوں مقامات پر ہزاروں اسلامی بھائی بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔
مدنی
مذاکرے میں شیخِ طریقت، امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ
العالیہ
نے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات دیئے اور مدنی پھول ارشاد
فرمائے۔
مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ
کیجئے:
سوال : بات کرتے ہوئے
ہاتھ ہلانے کى عادت کے بارے مىں آپ کیا
فرماتے ہیں ؟
جواب : بات
کرتے ہوئے ہاتھ ہلانا بعضوں کی عادت ہوتی ہے۔البتہ ہاتھ ہلانے مىں معىوب اَنداز نہ ہو اور نہ ہی اس سے کسى کى دِل آزارى ہو۔
سوال: تازہ وضو کرکے نماز نہ پڑھىں تو نماز مىں خشوع و خضوع
نہىں آتا ،اس کے لیے کىا کىا جائے؟
جواب: نماز خشوع و خضوع کے ساتھ پڑھنا شرىعت کو مطلوب ہے، وضو ہو اور نماز کے لىے تازہ
وضو کرنا مستحب ہے، تازہ وضو سے نماز مىں خشوع و خضوع آتا ہو تو وُضو کر ہى لىنا چاہىے۔اِسی طرح تمام کاموں سے فارغ ہو کر، فرىش ہو کر نماز
پڑھنے سے بھی خشوع و خضوع حاصل ہوتا ہے ۔
سوال: وَسوسہ
کسے کہتے ہىں؟
جواب : وَسوسہ
شىطان کى طرف سے ہے جبکہ اِلہام اللہ پاک
کى طرف سے۔ عام لوگوں کے لیے اِن دونوں
میں فرق کرنا مشکل ہوتا ہے۔ بہرحال وَسوسے
سے اللہ پاک کى پناہ مانگنى چاہىے۔مزید
معلومات حاصل کرنے کے لیے مکتبۃ المدینہ کے رِسالے ”وَسوسے اور ان کا علاج “ کا مطالعہ کیجیے۔
یہ رسالہ دعوتِ اسلامی
کی ویب سائٹ سے ابھی مفت ڈاؤن لوڈ کیجئے
سوال: علما ءکى کىا اَہمىت ہے؟
جواب: خوش
عقىدہ علماء، عام لوگ نہىں بلکہ سپر کوالٹى(Super Quality) ہىں، اِن کى بہت
اَہمىت ہے،عوام علماء کی محتاج ہے یہاں تک
کہ جنَّت مىں بھى عوام اِن کى محتاج ہوگی، قدم قدم پر علماء کى حاجت ہے لہٰذااِن کى صحبت مىں رہنا چاہىے۔
سوال: پورے ماہِ رَمَضانُ المبارک
کا اِعتکاف کرنے والے کىا کرىں ؟
جواب: کتاب ”فىضانِ رَمَضان“ کا مطالعہ
کرىں (اگراِس سال
نہىں پڑھى تو رَمَضانُ المبارک کا چاند
نظر آنے سے پہلے پہلے اس کا مطالعہ کر لیں )۔
اور اپنى نىت بھى دارُالسنہ مىں لکھوا دىں۔( دعوتِ اسلامی کے دِینی ماحول میں
اعتکاف کے خواہشمند شعبہ رمضان اعتکاف کے اس نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں)۔
0311-1021226
سوال : کىا خربوزہ کھانا سنَّت
سے ثابت ہے؟
جواب :تر
کھجور ( جو
عموماً کھائى جاتى ہے)
اور خربوزے کو ملا کر کھانا سنَّت سے ثابت ہے۔
سوال: کىا عورت کے جنازے کو غىر محرم بھى کندھا دے
سکتا ہے؟
جواب:جى ہاں۔
سوال : دِل کى سختى کے کیا اَسباب ہىں؟ نیز ہمىں کىسے معلوم ہو کہ
ہمارا دِل سخت ہے ىا نہىں؟
جواب :دِل کى سختى کے بہت سے اَسباب ہیں مثلاً گناہ کرنا،بغىر بھوک کے کھانا اور بغىر
ضرورت کے بولنا وغىرہ۔ یوں ہی بے حىائى کى
باتىں کرنا، تلاوتِ قرآن نہ کرنا اور موت سے غفلت وغىرہ دِل کى سختى کے اَسباب ہىں۔ جس کا دِل سخت ہو اس پر
نصىحت اثر نہىں کرتى۔ ہمارى سوچوں مىں دُنىا کى محبت رَچ بس گئى ہے، ہر نماز کے بعد آىتُ الکرسى پڑھنے والے کے لیے جنَّت کى خوشخبرى ہے مگر ہم اس سے
محروم رہتے ہىں۔
سوال: آدھے سر دَرد کا روحانى علاج بتادىجیے۔
جواب:بِسْمِ اللہ پڑھ کر سر پر دَم کردیجیے۔ مکتبۃ المدینہ کے
رِسالے ’’بىمار عابد
‘‘ کا مطالعہ کیجیے ، اِس
رسالے میں کئى روحانى علاج موجود ہىں۔
سوال: اِس ہفتے کارِسالہ
” تندرست رہنے کے فارمولے “ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنَّت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟
جواب:یارب المصطفٰے! جو کوئی
17 صفحات کا رِسالہ” تندرست رہنے کے فارمولے “ پڑھ یا سُن لے، اُسے
اپنی عبادت کے لئے اچھی صحت دے اور اُسے خوب نیکی کی دعوت عام کرنے کی توفیق عطا فرما،
بِلا حساب مغفرت سے نواز دے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔
وَ لَقَدْ كَرَّمْنَا
بَنِیْۤ اٰدَمَ وَ حَمَلْنٰهُمْ فِی الْبَرِّ وَ الْبَحْرِ وَ رَزَقْنٰهُمْ مِّنَ
الطَّیِّبٰتِ وَ فَضَّلْنٰهُمْ عَلٰى كَثِیْرٍ مِّمَّنْ خَلَقْنَا تَفْضِیْلًا۠
ترجمہ
کنزالایمان: اور بےشک ہم نے اولادِ آدم کو عزت دی اور ان کو خشکی اور تری میں
سوار کیا اور ان کو ستھری چیزیں روزی دیں اور ان کو اپنی بہت مخلوق سے افضل کیا۔ (سورہ
بنی اسرائیل، آیت 70)
یہ
ارشادات مبارکہ واضح دلیل ہیں کہ صحت اللہ پاک کی ایک عظیم نعمت ، ایک امانت اور
ذمہ داری ہے۔ لہٰذا صحت کی قدر کرنا اور اس کی حفاظت کرنا ہم پر لازم ہے۔ اس کے
علاوہ اسلام،دین فطرت ہے، جوپوری انسانیت
کی ہرشعبے میں مکمل رہنمائی کرتا ہے، اس کی پاکیزہ تعلیمات جہاں عقائد وعبادات
،معاشرت ومعاملات اور اخلاق وآداب کے تمام پہلوؤں کوجامع ہیں،وہیں حفظان صحت اور
تندرستی کے معاملے میں بھی اسلام کی معتدل ہدایات موجود ہیں،جن پر عمل پیرا ہوکر
ہم نہ صرف صحت مند زندگی گزار سکتےہیں، بلکہ بہت سی مہلک بیماریوں سے بھی محفوظ رہ
سکتے ہیں ۔
امیر
اہلسنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان
رسول کو اپنی صحت کا خیال رکھنے اور انہیں صحت مند زندگی گزارنے کے لئے اس ہفتے
رسالہ ”تندرست رہنے کے فارمولے“ پڑھنے/سننے کی
ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے/سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے نوازا ہے۔
دعائے
عطار
یارب
المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ” تندرست رہنے کے
فارمولے “ پڑھ یا سن لے اُسے اپنی عبادت کے لئے اچھی
صحت دے اور اُسے خوب نیکی کی دعوت عام کرنے کی توفیق عطا فرما، بلا حساب مغفرت سے نواز
دے۔اٰمین
یہ
رسالہ دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ سے ابھی مفت ڈاؤن لوڈ کیجئے
رسالہ
آڈیو میں سننے کے لئے کلک کریں
اصل بزرگ عالِم ہوتاہے، اگرچہ وہ جوان ہو ، علامہ محمد
الیاس عطار قادری
ہرہفتے
کی طرح 12 مارچ 2022ء کو بھی عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سے براہ راست مدنی
چینل پر مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں کثیر عاشقان رسول فیضان مدینہ کراچی آکر
جبکہ سینکڑوں مقامات پر ہزاروں اسلامی بھائی بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔
مدنی
مذاکرے میں شیخِ طریقت، امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ
العالیہ
نے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے بیرونِ ملک سے آن لائن مدنی چینل
کے ذریعے جوابات دیئے اور مدنی پھول ارشاد فرمائے۔
مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ
کیجئے:
سوال : قرآن ِکریم میں مور(Peacock)کا
پَررکھنا کیسا؟
جواب : بچپن
سے دیکھا ہے کہ قرآنِ کریم میں مورکا
پَررکھا جاتاہے ،اس کا عرف یعنی معمول بھی ہے ،اس سے قرآنِ کریم کی جلدبھی متائژنہیں ہوتی ، اس کو رکھنے میں حرج نہیں ۔
سوال: بُرے لوگوں کی صحبت سےبچنے کے لیے
کہاجاتاہے کہ ان کا رنگ تم پر چڑھ جائے گا،یہ کیوں نہیں کہاجاتاکہ تمہاری نیکی کا رنگ اُن پرچڑھ جائے
گا؟
جواب: گُناہ میں لذّت ہوتی ہے اورنیکی
میں امتحان ہوتاہے،اس لیے گُنا ہ کا رنگ زیادہ اثراندازہوتاہے، حدیث پاک میں بھی
بُری صحبت کی مثال لوہارکی بھٹی سے دے کربُروں کی دوستی اورصحبت سے بچنے کا حکم
دیا گیا ہے ۔بُروں کے ساتھ وہی بیٹھنے کا معمول بنائے گا جو اندرسے اُن کی باتوں کو پسندکرتاہوگا
عربی محاورہ ہے اَلْجِنْسُ
یَمِیْلُ اِلَی الْجِنْس یعنی جنس اپنی ہم جنس کی طرف مائل ہوتی ہے ،البتہ
اگرکوئی عالم دین یا منجھے ہوئے مبلغِ دعوت ِ اسلامی ہوں گے تواُن کا رنگ بُروں پر
چڑھے گا ،کیونکہ وہ ان کے پاس جاکر ان کی خوش گپیوں میں شریک ہونے کے بجائے نیکی کی دعوت دیں گے ۔
سوال: اگرکسی کے
گھر بوڑھے افراد بیمارہوں تواُن گھروالوں کا ان سے اندازکیساہونا چاہئے ؟
جواب : یہ سخت کڑااورامتحان کا وقت ہوتاہے ،بوڑھوں
کی خوب خدمت کی جائے ،اگروہ کوئی آپ کے
مزاج کے خلاف بات کردیں تو آپ کو صبرکا
پیمانہ پینا ہوگا،انہیں "اُف" بھی کہنے کی اجازت نہیں ،ان سے عاجزی
کریں،نرمی سے پیش آئیں، ان کی خدمت بوجھ سمجھ کر نہیں بلکہ خوش دلی کے ساتھ کریں۔
یہ تمنا بھی نہ کریں کہ یہ(بوڑھے مریض) اس دنیا سے چلے جائیں بلکہ اُن کی عافیت،صحت ا ورسلامتی کی دعاکریں ۔
پارہ
15،سورۂ بنی اسرائیل کی آیت نمبر23 میں اِرشادہوتاہے:
وَ بِالْوَالِدَیْنِ اِحْسَانًا ؕاِمَّا
یَبْلُغَنَّ عِنْدَكَ الْكِبَرَ اَحَدُهُمَاۤ اَوْ كِلٰهُمَا فَلَا تَقُلْ
لَّهُمَاۤ اُفٍّ وَّ لَا تَنْهَرْهُمَا وَ قُلْ لَّهُمَا قَوْلًا كَرِیْمًا۔
(ترجمۂ کنزالعرفان:اور ماں باپ کے ساتھ اچھا
سلوک کرو اگر تیرے سامنے ان میں سے کوئی
ایک یا دونوں بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو ان سے اُف تک نہ کہنا اور انہیں نہ جھڑکنا
اور ان سے خوبصورت ، نرم بات کہنا )
سوال: شبِ
براءَت میں قبرستان جانا کیسا؟
جواب: شبِ
براءَت میں قبرستان جانا مستحب ہے ،سُنّت سے ثابت ہے مگرعبرت حاصل کرنے کے لیے
جائے،اپنی موت کو یا دکرے، اپنی زندگی کو شریعت کے سانچے میں ڈھالنے کی ترکیب کرے
،صرف رسم کے طورپر نہ جائے ،قبرستان میں جاکر قبروالوں کو سلام کرے، یہ دعا پڑھے :
اَلسَّلَامُ
عَلَیْکُمْ یَا أَهْلَ الْقُبُوْرِ یَغْفِرُ اللهُ لَنَا وَلَکُمْ اَنْتُمْ
سَلَفُنَا وَنَحْنُ بِالْأَثَرِ۔
( ترجمہ:اے قبرستان والو! تم پر سلامتی
ہو،اﷲ پاک ہماری اورتمہاری مغفرت فرمائے
،تم ہم سے پہلے چلے گئے اورہم تمہارے پیچھے آنے والے ہیں)اس دُعاکے ترجمے پر
غورکرے ،اس میں بھی عبرت اورموت کی یادہے۔
سوال: اصل
بزرگ کون ہوتاہے ؟
جواب: اصل بزرگ
عالِم ہوتاہے، اگرچہ وہ جوان ہو،عالِم علم سے بنتاہے، شکل وصورت اورعمر سے نہیں۔
سوال : شبِ براءَت کس طرح گزاریں ؟
جواب :14 شعبان
اعمال نامے کا آخری دن ہوگالہٰذا تمام
گناہوں سے سچی توبہ کریں ، لوگوں سے معافی بھی مانگ لیں ،معافی مانگنے سے محبتیں بڑھیں گی ،14شعبان کا
روزہ رکھ لیں ،بلکہ اس بارتو14 شعبان(18مارچ2022) جمعہ کو ہے، اس لیے جمعرات کا
بھی روزہ رکھ لیں کہ جمعرات کو روزہ رکھنا سُنّت ہے ،14 شعبان(بروزجمعہ) کو
نمازِمغرب سے پہلے ہی مسجدمیں آجائیں،بعدنمازِ مغرب بزرگوں سے ثابت 6 نوافل پڑھ
لیں ، اس کی تفصیل مکتبۃ المدینہ کے رسالے ’’آقاکا مہینا ‘‘سے دیکھ لیں ،ساری رات
دعوتِ اسلامی کے اجتماعِ شب براءَت میں گزاریں ۔یہ عبادت کی رات ہے،پٹاخے پھوڑنے کی رات نہیں بلکہ یہ پٹاخے پھوڑنا تو
اِسراف اورگُناہ ہے ،یہ شبِ براءَت یعنی
جہنم سے چھٹکارے کی رات ہے ۔ہوسکے تو15شعبان کا بھی روزہ رکھ لیں،اس کی بھی
بہت زیادہ فضیلت ہے۔
سوال: اِس
ہفتے کارِسالہ ” مریض
طبیب بن گیا
“ پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشینِ امیرِاہلِ
ِسُنّت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟
جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 21 صفحات کا رسالہ”مریض طبیب بن گیا“ پڑھ
یا سُن لے،اُسے گُناہوں کی بیماری سے شِفا دے، جہنّم سے بچا اور جنتُ الفردَوس میں بے حساب داخلہ
نصیب فرما۔اٰمِیْن
بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ
وسلَّم ۔
ترکی میں جانشین ا میر اہلسنت کی شیخ سید محمد الرفاعی
اور شیخ سید علی الرفاعی حفظہما اللہ سے
ملاقات
پچھلے دنوں جانشین امیر اہلسنت حاجی مولانا
عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ
العالی اسلامی
برادر ملک ترکی دورہ کیا جہاں انہوں نے سنتوں بھرے اجتماعات میں بیانات فرمائے،
ذمہ داران دعوت اسلامی سے ملاقات کیں،
دینی کاموں میں شرکت کی اور علمائے کرام
سے ملاقاتیں کیں۔
ترکی کے دورہ کرتے ہوئے جانشین امیر اہلسنت
حاجی مولانا عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ
ظِلُّہُ العالی نےاستنبول کے علاقے امرت فاتح میں شیخ سید محمد سبسبی الرفاعی شافعی حفظہ
اللہ اور شیخ سید علی سبسبی الرفاعی شافعی حفظہ
اللہ سے ملاقات کی اور دعوت اسلامی کی دینی و فلاحی
کاموں پر گفتگوکا سلسلہ ہوا ۔ اس موقع پر حضور غوث پاک سیدنا شیخ عبد القادر جیلانی رضی اللہُ عنہ کی شان میں ایک منقبت بھی پڑھی گئی۔
آخر میں شیخ سید علی سبسبی الرفاعی شافعی حفظہ
اللہ نےاپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امیر
اہلسنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت
بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی درازیٔ عمر
بالخیر اور دعوت اسلامی کی دن دُگنی، رات
چگنی ترقی کے لئے دعائیں کیں۔اس کے علاوہ انہوں نے امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ سے
ملاقات کے لئے پاکستان آنے کی نیت کا
اظہار بھی کیا۔
كُنْتُمْ خَیْرَ اُمَّةٍ اُخْرِجَتْ لِلنَّاسِ تَاْمُرُوْنَ بِالْمَعْرُوْفِ وَ تَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنْكَرِ وَ تُؤْمِنُوْنَ بِاللّٰهِؕ-وَ لَوْ اٰمَنَ اَهْلُ الْكِتٰبِ لَكَانَ خَیْرًا لَّهُمْؕ-مِنْهُمُ الْمُؤْمِنُوْنَ وَ اَكْثَرُهُمُ الْفٰسِقُوْنَ۔
ترجمہ
کنز الایمان: تم بہتر ہو ان سب امتوں میں جو لوگوں میں ظاہر ہوئیں بھلائی کا حکم دیتے
ہو اور برائی سے منع کرتے ہو اور اللہ پر ایمان رکھتے ہو اور اگر کتابی ایمان لاتے
تو ان کا بھلا تھااُن میں کچھ مسلمان ہیں اور زیادہ کافر۔ (سورہ آل عمران، آیت نمبر 11)
رسولِ
پاک صَلَّی
اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا:
مَنْ رَاٰى مِنْكُمْ
مُنْكَرًا فَلْيُغَيِّرْهُ بِيَدِهِ فَاِنْ لَمْ يَسْتَطِعْ فَبِلِسَانِهٖ فَاِنْ
لَمْ يَسْتَطِعْ فَبِقَلْبِهٖ وَذٰلِكَ اَضْعَفُ الْاِيْمَانِ۔
یعنی جو تم میں سے کوئی بُرائی دیکھے تو اُسے
اپنے ہاتھ سے بدل دے اور اگر وہ اِس کی قوت نہیں رکھتا تو اپنی زبان سے (روک دے)
پھر اگر وہ اس کی بھی طاقت نہیں رکھتا تو دل سے (بُرا جانے) اور یہ سب سے کمزور ایمان
کادَرَجہ ہے۔ (مسلم،ص
48، حدیث: 177)
امیراہلسنت
علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کو برائی سے روکنے اور
نیکی کی دعوت کو عام کرنے کے لئے اس ہفتے رسالہ ”مریض طبیب بن
گیا“ پڑھنے/سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے/سننے والوں
کو اپنی دعاؤں سے نوازا ہے۔
دعائے
عطار
یارب
المصطفٰے! جو کوئی 21 صفحات کا رسالہ”مریض طبیب بن
گیا“ پڑھ یا سن لےاُسے
گناہوں کی بیماری سے شفا دے، جہنم سے بچا اور جنت الفردوس میں بے حساب داخلہ نصیب
فرما۔ اٰمین
یہ رسالہ دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ سے ابھی مفت
ڈاؤن لوڈ کیجئے
رسالہ آڈیو میں سننے کے لئے کلک کریں
جو چیز مہنگی ہوجائے وہ خریدنا چھوڑدیں ،یہ سستی ہوجائے
گی، علامہ محمد الیاس قادری
عالمی
مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں 5 مارچ 2022ء کو ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد
کیا گیا جس میں کثیر عاشقان رسول فیضان مدینہ کراچی آکر جبکہ سینکڑوں مقامات پر
ہزاروں اسلامی بھائی بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔
مدنی
مذاکرے میں شیخِ طریقت، امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ
العالیہ
نے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے بیرونِ ملک سے آن لائن مدنی چینل
کے ذریعے جوابات دیئے اور مدنی پھول ارشاد فرمائے۔
مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:
سوال : امام اعظم ابوحنیفہ نعمان بن ثابت رحمۃ اللہ علیہ کا یوم ِعرس کیا ہے ؟
جواب : آپ کا یوم
عرس 2 شَعبان 150ھ ہے۔(نزہۃ القاری،1 169/، 219)
سوال: مسجدِنبوی میں کس مقام پرامام اعظم رحمۃ اللہ علیہ کا نام لکھا ہواہے ؟
جواب: امام اعظم ابوحنیفہ رحمۃ
اللہ علیہ کا نام مبارک ’’نعمان بن ثابت ‘‘مسجدِنبوی شریف میں پہلی
چھتری کے نیچے لکھاہواہے ۔
سوال: مہنگائی میں گھرکی خواتین کیاکرداراداکرسکتی ہیں ؟
جواب : کھانے پینے میں
اِسراف سے بچیں ،حساب لگا کر کھانا اورروٹیاں پکائیں تاکہ روٹیاں بچ نہ جائیں کیونکہ باسی روٹیاں بچے اوربڑے نہیں کھاتے
،دعوت میں ہونے والے اِسراف سے بھی بچیں ،مہنگائی کوکم کرنے کا ایک طریقہ یہ بھی
ہے کہ جو چیز مہنگی ہوجائے وہ خریدنا چھوڑدیں ،یہ سستی ہوجائے گی۔
سوال: مہنگائی کوکم کرنے
میں تاجراپنا کیا رول اداکرسکتے ہیں ؟
جواب: تاجرحضرات لوگوں سے
ہمدردی کریں اورنفع کم رکھیں ۔
سوال: شادی کی مبارکباد کن الفاظ سے دی جائے ؟
جواب : اچھے الفاظ کے ساتھ مبارکباددی جائے مثلاً ماشاءا للہ !آپ کو شادی مبارک
ہو ۔
سوال : کیا
اِمام اعظم ابوحنیفہ نعمان بن ثابت رحمۃ اللہ علیہ نے کسی صحابی رضی اللہ عنہ کی زیارت کی ہے ؟
جواب : جی ہاں ! آپ نے کئی صحابۂ کرام علیہم الرضوان
کی زیارت کی ہے ،آپ تابعی ہیں ۔
سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” فیضانِ امام شافعی “ پڑھنے یاسُننے
والوں کوجانشینِ امیرِاہلِ
ِسُنّت دامت براکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟
جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ” فیضان
ِامام شافعی “ پڑھ یا سُن لے اُسےعلمِ دین کی لازوال دولت سے مالامال فرماکر بے حساب بخش
دے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔
آج رات فیضانِ مدینہ کراچی میں جشنِ ولادتِ امام
حسین کے سلسلے میں مدنی مذاکرہ ہوگا
دعوتِ اسلامی عاشقانِ رسول کے دلوں میں جہاں صحابۂ کرام کی محبت پیدا کرتی ہے وہاں آلِ نبی و اہلِ بیتِ اطہار سے عشق و محبت کے جام
بھی بھر بھر کر پلاتی ہے۔ اہلِ بیتِ اطہار نجات کی کشتی اور صحابۂ کرام آسمان ہدایت
کے روشن ستارے ہیں۔ ایمان والے ،اہلِ بیت
کی کشتی میں سوار ہوکر نجومِ رسالت کی پیروی کرتے ہوئے اپنے ایمان کو سلامت رکھتے ہیں۔
اہلِ بیتِ اطہار میں بہت بڑا نام نواسۂ رسول ، امام عالی مقام ، شہیدِ کربلا حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہُ عنہ کا ملتا ہے ۔ آپ رحمۃُ اللہِ علیہ کا یومِ ولادت
5 شعبان المعظم کو آتا ہے۔ اسی مناسبت سے
آج 8 مارچ کی شب 5 شعبا ن المعظم کی مناسبت سے دعوتِ
اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ”مدنی مذاکرہ بسلسلہ جشنِ ولادت
امام حسین رضی اللہُ عنہ“ منعقد ہوگا۔
مدنی مذاکرے کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوگاجس کے بعد جلوسِ حسینی نکالا جائے گا،
جلوس کے بعد شیخِ
طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس
عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہبیرونِ ملک سے بذریعہ ویڈیو لنک عاشقانِ رسول کے
سوالات کے جوابات ارشاد فرمائیں گے۔
ثناخوان حضرات حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہُ عنہ کی شان میں منقبتیں
بھی پیش کریں گے جبکہ اختتام پر لنگر کا اہتمام بھی ہوگا۔
تمام عاشقانِ رسول سے گزارش ہے کہ جن سے ممکن ہو
وہ فیضانِ مدینہ آکرشرکت فرمائیں، علاوہ ازیں مدنی چینل پر بھی یہ پروگرام نشر کیاجائے
گا ،آپ مدنی چینل کے ذریعے گھر بیٹھے بھی علمِ
دین حاصل کرسکتے ہیں۔
Dawateislami