18جماد الثانی 1443ھ بمطابق 22 جنوری 2022ء کو عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کراچی اور بیرون شہر سے عاشقان رسول نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

مدنی مذاکرے میں شیخ طریقت، امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات دیئے اور مدنی پھول ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال : عام مؤمن اورمؤمنِ کامل میں کیا فرق ہے ؟

جواب : ایمان کے مختلف درجے ہیں، فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے: جو خود پیٹ بھرکرسوئے اور اس کاپڑوسی بھوکا ہو وہ مؤمن کامل نہيں۔ (معجمِ کبیر،ج 12،ص119، حدیث: 12741)

اِس لیے ہراُس عمل سے بچناچاہئے جس سے ایمان میں کوئی کمزوری آئے ۔

سوال: تکبرسے کیا مرادہے اورتکبرکرنے والوں کاکیا عذاب ہے ؟

جواب: اگرکوئی اپنے آپ کو دوسرے سے افضل سمجھے تویہ تکبرہے ۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا :متکبرین کا حشرقیامت کے دن چیونٹیوں کے برابرجسموں میں ہوگا اوران کی صورتیں آدمیوں کی ہوں گی ،ہرطرف سے ان پر ذِلّت چھائےہوئے ہوگی ،ان کو کھینچ کرجہنم کے قیدخانے کی طرف لے جایا جائے گا۔جس کا نام بُولس ہے۔ان کے اوپرآگوں کی آگ ہوگی ،اُنہیں جہنمیوں کا نچوڑ پلایا جائے گا جس کوطِیْنَۃُ الْخَبَال کہتے ہیں ۔ (ترمذی،4/221،حدیث :2500)

(تکبر کی تباہ کاریوں ،اس کی علامات اوراس کا علاج جاننے کے لیے مکتبۃ المدینہ کی کتابتکَبُّر“کا مطالعہ بے حد مفید رہے گا۔ان شاۤء اللہُ الکریم)

Download

سوال: آندھی اورتنگ دستی کا اندیشہ ہوتو کون ساوظیفہ پڑھناچاہئے ؟

جواب :چلتے پھرتےوضوبے وضو’’ یَاوَکِیْلُ ‘‘پڑھتےرہیں ،حاجتیں پوری ہوں گی ،مصیبتیں حل ہوں گی ، رزق اوربھلائی کے دروازے کھلیں گے۔

سوال: جب نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ کے ساتھ غارِثورمیں تھے تو وہاں کھاناکون لے کر جاتاتھا؟

جواب: حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ کی بیٹی حضرت اسماءرضی اللہ عنہا ۔

سوال: مکتبۃ المدینہ کی کتاب ’’با طنی بیماریوں کا علاج‘‘کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں۔

جواب : ’’باطنی بیماریوں کا علاج‘‘ مکتبۃ المدینہ کی منفردکتاب ہے جو کئی فرض علوم پر مشتمل ہے ،سب کو اس کا مطالعہ کرنا چاہئے ۔

Download

سوال : کیا دل بدلتارہتاہے ؟

جواب: جی ہاں ! دل کو قلب کہتے ہیں یہ مُنقَلِب ہوتارہتاہے یعنی بدلتارہتاہے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” اقوالِ صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ “ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا ربَ المصطفےٰ! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ’’ اقوالِ صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ‘‘ پڑھ یا سن لے اُسے اور اُس کی نسلوں کو صحابہ و اہلِ بیت کی سچی غلامی نصیب فرما اور اسے عشقِ رسول کی لازوال دولت سے مالا مال فرما کر بےحساب بخش دے ۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتمِ النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔


عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں 15 جنوری 2022ء کو ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر عاشقان رسول فیضان مدینہ کراچی آکر براہ راست اور جبکہ دیگر مقامات پر اسلامی بھائیوں کی بڑی تعداد نے بذریعہ مدنی چینل شرکت کی۔

بانی دعوت اسلامی حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے دینی و معاشرتی اعتبار سے شرکا کی تربیت کرتے ہوئے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات دیئےاور مدنی پھول ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال:ایک مسلمان کو کتنا علمِ دین ہونا چاہیے؟

جواب:حدیث پاک میں ہے کہ علم حاصل کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔ (سنن ابن ماجہ1/146)

اس سے مراد ضروری صحیح عقائد، دیگر علوم مثلاً نماز کا فرض ہونا، روزے ، حج، زکوٰة وغیرہ کےضروری مسائل اوران کی ادائیگی کے طریقے کا علم ہونا ضروری ہے،اسی طرح تاجر کے لیے تجارت کے ضروری مسائل،و علیٰ ھذا القیاس

ظاہری گناہوں اور باطنی امراض کے بارے میں بھی معلومات ہونی چاہئیں۔

سوال:کوئی غیر ضروری سوال کرے تو اس کو کیا جواب دیا جائے؟

جواب:گناہ والی بات نہ ہو تو سچ سچ بتادیا جائے،اگر بات بتا نے والی نہ ہوتو یہ کہہ دیا جائے:" معاف کردیجئے میں نہیں بتاسکتا"۔ بہرحال فضول اور غیر ضروری سوالات کرنے والے کی اصلاح ہونی چاہئےتا کہ وہ اس طرح کے سوالات ہی نہ کرے ۔

سوال:کیا یہ درست ہے کہ دائیں ہا تھ (Right Hand)میں خارِش ہو تو دولت آتی ہے اوربائیں ہاتھ(Left Hand) میں ہوتو دولت جاتی ہے ؟

جواب :ایسی کوئی بات نہیں ۔

سوال:صدیق اکبر کا کیا معنیٰ ہے۔

جواب : صدیق کا معنی ہے ’’سچا‘‘اور اکبر کا معنی ہے" سب سے بڑا"،یہ مسلمانوں کے پہلے خلیفہ ،صحابیِ رسول حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کا لقب ہے۔

سوال:کیا بال سفید ہوجائیں توبندہ بوڑھا ہوجاتا ہے؟

جواب: نہیں،ایسا نہیں ہے! بال بیماری کی وجہ سے بھی سفید ہوجاتے ہیں’’ بوڑھے‘‘ کی تعریف یہ ہے کہ بندہ 60سال کا ہوجائے تو مکمل بوڑھاہوجاتاہے۔

سوال:موت کے تذکرے کوبعض لوگ سنجیدہ نہیں لیتےیا اس کو پسند نہیں کرتے، اس کی کیا وجوہات ہیں؟

جواب : یہ نفس اور شیطان کا دھوکہ ہے،لوگ مرنے کے لیے تیار نہیں ہیں، یہ مانتے ہیں کہ موت نے آنا ہے مگر کام ایسے ہیں کہ جیسے مرنا ہی نہیں۔

سوال:جب ہم لوگوں کے ساتھ ہوں تواس وقت کیا احتیاط کرنی چاہئے ؟

جواب:ایسے کاموں سے بچا جائے جس سے لوگوں کو گِھن آتی ہے، مثلاً بار بار ناک میں اُنگلی ڈالنا، بدن سے میل اُتارناوغیرہ۔

سوال:مہمان کے ساتھ کیسا سلوک کرنا چاہئے؟

جواب :مہمان آتا ہے تو اپنا رزق ساتھ لاتا ہے اور جاتا ہے تو میزبان کے گناہوں کی مغفرت کا باعث بنتا ہے، مہمان آئے تو خوش دلی سے پیش آنا چاہیے، مہمان کو مان دیا جائے، مہمان کے مرتبے کے مطابق سلوک ہونا چاہئے، ایسی کوئی حرکت نہ کریں جس سے مہمان کی دل آزاری ہو، مہمان کو چاہیے کہ مروت و حیا کو پیش نظر رکھے اور کھانے کے اوقات میں نہ جائے۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” بُخار کے فضائل “ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 21 صفحات کا رسالہ ”بُخار کے فضائل“ پڑھ یا سُن لے اُسے بیماری میں شکوہ و شکایت کرنے سے بچا کر اپنی رضا پر راضی رہنے کی توفیق عطا فرمااور اُسے بے حساب بخش دے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتمِ النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔


فرمان مصطفٰے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم: علم سیکھنے سے ہی آتا ہے اور فقہ غور و فکر سے حاصل ہوتی ہےاور اللہ عزوجل جس کے ساتھ بھلائی کا ارادہ فرماتا ہے اسے دین میں سمجھ بوجھ عطا فرماتا ہے اور اللہ عزوجل سے اس کے بندوں میں وہی ڈرتے ہیں جو علم والے ہیں۔ (المعجم الکبیر، الحدیث: 7312، ج19، ص511)

حضرت سیدنا ابراہیم علیہ السلام سے ارشاد ہوا: اے ابراہیم ! میں علیم ہوں، ہر علیم کو دوست رکھتا ہوں، یعنی علم میری صفت ہےاور جو میری اس صفت(علم) پر ہے وہ میرا محبوب ہے۔ (جامع بیان العلم و فضلہ، ص70، حدیث 213)

دین اسلام کی عالمگیر تحریک دعوت اسلامی کے دینی ماحول میں بھی عاشقان رسول کو دینی تعلیم سے آراستہ ہونے کی ترغیب دلائی جاتی ہےاور مختلف ایونٹس کے ساتھ ساتھ ہر ہفتے پابندی کے ساتھ عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ دینی و معاشرتی اعتبار سے لوگوں کی اصلاح کرتے اور اسلامی بھائیوں کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرماتے ہیں۔

ہر ہفتے کی طرح آج بھی بمطابق 22 جنوری 2022ء کو عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سے براہ راست مدنی چینل پر ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جائیگا جس میں امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ مدنی پھول بیان کرنے کے ساتھ ساتھ عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات بھی ارشاد فرمائیں گے۔

تمام عاشقان رسول سے مدنی مذاکرے میں شریک ہوکر علمِ دین سیکھنے کی درخواست ہے۔


قرآن و حدیث کے بعد تمام مسلمانوں کے نزدیک سب سے بڑی حجت اور دلیل صحابہ کرام علیہم الرضوان کے قول و فعل ہے۔صحابہ کرام میں بھی سب سے بڑی حجت افضل البشر بعد الانبیاء، یار ِغار ، خلیفۂ اوّل، امیر المؤمنین حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہُ عنہ کے قول کی ہے جو مردوں میں سب سے پہلے اسلام لائےاور اپنا تن، من، دھن سب آقائے دوجہاں سرکار عالم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر قربان کردیا۔

آقا کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی دنیا فانی سے پردہ فرمانے کے بعدرسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے تربیت یافتہ حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہُ عنہ نے مسلمانوں کی رہنمائی جبکہ تمام صحابہ کرام بھی دل و جان سےآپ کی نصیحت کو قبول کرتے اور اس پر عمل کرتےتھے۔ صحابہ کرام کے بعد آپ رضی اللہُ عنہ کی نصیحت قیامت تک مسلمانوں کے لئے رہنمائی اور اس پر عمل کرنے والوں کے لئے کامیابی کا رستہ ہے۔

ارشادات صدیق اکبر رضی اللہُ عنہ

٭حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہُ عنہ نے فرمایا: نبی کریم ﷺ پر درود پاک پڑھنا گناہوں کا اِس قدر جلد مٹاتا ہے کہ پانی بھی آگ کو اُتنی جلدی نہیں بجھاتا اور نبی ﷺ پر سلام بھیجنا غلاموں کو آزاد کرنے سے افضل ہے۔ (تاریخ بغداد، 7/172، رقم:3607)

٭اللہ پاک نے جو تمہیں نکاح کا حکم فرمایا، تم اس کی اطاعت کرواس نے جو غنی کرنے کا وعدہ کیا ہے پورا فرمائے گا۔ اللہ پاک نے فرمایا: ”اگر وہ فقیر ہوں گے تو اللہ پاک انہیں اپنے فضل سے غنی کردے گا۔ (تفسیر ابن ابی حاتم، النور، تحت الآیۃ: 32،8/2582)

اس ہفتے امیر اہل سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے مسلمانوں کے پہلے خلیفہ، امیر المؤمنین حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہُ عنہ کے مزید ملفوضات و ارشادات سے عاشقان رسول کوبہرہ مند کرنے کے لئے 17 صفحات پر مشتمل رسالہ ”اقوال صدیق اکبر رضی اللہُ عنہپڑھنے/سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے/سننے کو اپنی دعاؤں سے نوازا ہے۔

دعائے عطار

یا رب المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ” اقوالِ صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ پڑھ یا سن لے اُسے اور اُس کی نسلوں کو صحابہ و اہل بیت کی سچی غلامی نصیب فرما اور عشق رسول کی لازوال دولت سے مالا مال فرما کر بےحساب بخش دے۔ اٰمین بجاہِ خاتمِ النبیین صلی اللہ علیہ وسلم

یہ رسالہ دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ سے ابھی مفت ڈاؤن لوڈ کیجئے

Download

رسالہ آڈیو میں سننے کے لئے کلک کریں

Audio Book


اگر ہم صحت وتندرستی کی بات کریں تو اُسے ہر معاشرے اور ہر مذہب میں قابل رشک سمجھا جاتا ہے مگر بیماری کا معاملہ اس کے برعکس ہے ۔دنیا کے دیگر مذاہب بیماری کو صرف آفت ومصیبت گردانتے ہیں جبکہ مذہب اسلام جہاں صحت کو نعمت قرار دیتا ہے وہاں بیماری کو بھی ایک طرح کی نعمت بتاتا ہے اور نہ صرف بیمار کے فضائل بیان کرتا ہے بلکہ بیمار کی عیادت کرنے کی اہمیت وفضیلت پربھی روشنی ڈالتا ہے نیزاس کی ترغیب وتحریص پر بھی ابھارتا ہے۔

سرکار مدینہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے زمانے میں ایک شخص کا انتقال ہوا تو کسی نے کہا: ”یہ کتنا خوش نصیب ہے کہ بیمار ہوئے بغیر ہی فوت ہوگیا“۔ تو رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: ”تم پر افسوس ہے! کیا تمہیں نہیں معلوم کہ اللہ عَزَّوَجَلَّ اسے کسی بیماری میں مبتلا فرماتا تو اس کے گناہ مٹادیتا“۔ (موطأ امام مالک، ج۲، ص۴۳۰، حدیث۱۸۰۱)

حضور تاجدار رسالت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّمنے ایک مریض کی عیادت فرمائی تو فرمایا: تجھے بشارت ہو اللہ پاک فرماتا ہے: بخار میری آگ ہےاس لئے میں اُسےاپنے مومن بندے پر دنیا میں مسلط کرتا ہوں تا کہ قیامت کے دن اُس کی آگ کاحصہ ( بدلہ) ہوجائے۔ (ابن ماجہ، ج۴، ص۱۰۵، حدیث ۳۴۷۰)

سرکار مدینہ، قرار قلب و سینہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم حضرت سیدتنا ام سائب رضی اللہُ عنہا کے پاس تشریف لے گئے۔ فرمایا: ”تمہیں کیا ہوگیا ہےجو کانپ رہی ہو؟ عرض کی: بخار آگیا ہے، اللہ عَزَّوَجَلَّ اس میں برکت نہ کرے۔ “ اس پر آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: ”بخار کو بُرا نہ کہو کہ یہ تو آدمی کی خطاؤں کو اس طرح دور کرتا ہے جیسے بھٹی لوہے کے میل کو۔“ (مسلم شریف، ص۱۳۹۲، حدیث ۲۵۷۵)

امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کو بیماری پر صبر کرنے اور بخار کی فضیلت پر اس ہفتے رسالہ ”بخار کے فضائل“پڑھنے/سننے کی ترغیب دلائی ہےاور پڑھنے سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے نوازا ہے۔

دعائے عطار

یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 21 صفحات کا رسالہ ”بُخار کے فضائل“ پڑھ یا سُن لے اُسے بیماری میں شکوہ و شکایت کرنے سے بچا کر اپنی رضا پر راضی رہنے کی توفیق عطا فرمااور اُسے بے حساب بخش دے۔ اٰمین

یہ رسالہ دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ سے ابھی مفت ڈاؤن لوڈ کیجئے

Download

رسالہ آڈیو میں سننے کے لئے کلک کریں

Audio Book


عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں 8 جنوری 2022ء کو ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر عاشقان رسول فیضان مدینہ کراچی آکر براہ راست اور جبکہ دیگر مقامات پر اسلامی بھائیوں کی بڑی تعداد نے بذریعہ مدنی چینل شرکت کی۔

بانی دعوت اسلامی حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے دینی و معاشرتی اعتبار سے شرکا کی تربیت کرتے ہوئے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات دیئےاور مدنی پھول ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال : بیمارکا علاج کس طرح کروایا جائے ؟

جواب : جہاں تک بن پڑے دواؤں(Medicine) کی طرف نہیں جانا چاہئے بلکہ غذا(سبزیوں ، پھلوں اور دیگر وغیرہ) سے علاج کرنا چاہیے، ماہرِغذائیت کے مشورے سے علاج کیا جائے ،بلکہ بیماری سے پہلے ہی اپنی غذاکو کنڑول کیاجائے ،کھانےپینے میں احتیاط کی جائے ،جو غذاجسم کے موافق نہیں وہ نہ کھائی جائے ،طبیب (Doctor)سےعلاج کروانا ہی پڑےتوماہرطبیب(Specialist Doctor) سے رابطہ کیا جائے، پھر ڈاکٹر کے بتانے کے مطابق ادویات کا مکمل اِستعمال کیا جائے۔

سوال: اپنے طورپر خودسے کوئی دوا(Medicine)استعمال کرنا یا کسی اورمریض کواپنی طرف سے کوئی میڈیسن استعمال کرنے کامشورہ دینا کیسا ؟

جواب: اپنے طورپرکوئی بھی علاج نہ کیا جائے اورنہ ہی کسی اوربیمارکو کوئی علاج بتایا جائے کیونکہ دواکےمضر اثرات(Side Effects) ہوتے ہیں ،ماہرطبیب کوچیک کرواکریا مشورہ کرکے ہی کوئی دوااستعمال کی جائے ۔

سوال: ایثارکیا ہےاوراس کا فائدہ کیا ہے ؟

جواب :جس چیزکی اپنے آپ کوحاجت ہو،وہ خود استعمال کرنے کے بجائے کسی دوسرے ضرورت مندکودےدینا ،اپنی ضرورت پر دوسرے کو ترجیح دینا ایثارکہلاتاہے ،ایثارکرنے والے کے لیے جنت کی خوشخبری ہے۔

نبیٔ رحمت،شفیعِ امت،قاسمِ نعمت صلَّی اللہ علیہ وآلہ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: أیُّمَا رَجُلٍ إشْتَھٰی شَہْوَۃً فَرَدَّ شَہْوَتَہ، وَآثَرَ عَلٰی نَفْسِہٖ غُفِرَلَہٗ۔ ترجمہ: جو شخص کسی چیز کی خواہش رکھتاہو پھر اپنی خواہش ترک کر دے اور دو سرے کو اپنے اوپر تر جیح دے تو اس کی بخشش کر دی جائے گی۔ (الکامل فی ضعفاء الرجال لابن عدی، الرقم۱۲۸۹۔عمرو بن خالد، ج۶، ص۲۲۳)

سوال: کیا خالی قینچی چلانے سے لڑائی ہوتی ہے ؟

جواب: اسلام میں بدشگونی نہیں ہے ، قینچی چلانے سے لڑائی ہوتی ہو اس میں کوئی حقیقت نہیں ،البتہ بغیرضرورت کے قینچی نہ چلائی جائے کہ ہرکام کا حساب ہے ۔

سوال : ایمان کی حفاظت کیسے ہو،کوئی وظیفہ بھی بتادیں ؟

جواب: ہرایک کواپنے ایمان کی فکرکرنی چاہئے،اللہ پاک کی خفیہ تدبیرسے ڈرتے رہنا چاہئے ،ایمان کی حفاظت کے لیے بُرے دوستوں کی صحبت سےبچئے، عاشقانِ رسول علمائے کرام کا لٹریچر پڑھئے ،مکتبۃ المدینہ کی کتب کا مطالعہ کیجئے ،مثلاً کتاب’’کفریہ کلمات کے بارے میں سوال جواب“ کا مطالعہ کیا جائے، اِنْ شاۤء اللہُ الْکریم ایمان کی حفاظت کامزیدذہن بنے گا ،ایمان کی حفاظت کے لیے رات کو اوراد وظائف پڑھنے کے بعد آخر میں سورۂ کافرون پڑھ لی جائے،اگراس کے بعدبھی گفتگوکرلے تو پھرسورہ ٔکافرون پڑھے یعنی سونے سے پہلے آخری کام یہی ہو۔(جو کوئی صبح 41بار یَا حَیُّ یَا قَیُّومُ لَاۤ اِلٰہَ اِلَّاۤ اَنْتَ پڑھے،اُس کا دل زندہ رہے گا اور ایمان پر خاتمہ ہوگا۔

توجہ فرمائیں:آدھی رات ڈھلے سے سورج کی پہلی کرن چمکنے تک"صبح" ہے۔اس سارے وقفے میں جو کچھ پڑھا جائے،اُسے صبح میں پڑھنا کہیں گے۔

سوال : مدنی مذاکرے کا کیا معنی ٰ ہے ؟

جواب : یادرکھنے کے لیے آپس کی گفتگو اورسوال جواب کو مذاکرہ کہتے ہیں ،لفظ "مدنی" ہماری پہچان ہے ۔

سوال: کیا آپ نے کبھی مشاعرے(شعراء کا ایک جگہ جمع ہوکر شعر خوانی کرنا) میں بھی حصہ لیاہے ؟

جواب:میں نے دعوتِ اسلامی کے آغاز سے پہلے گجراتی مشاعرے میں حصہ لیا ہے ،گجراتی زبان میں نعتیہ یا منقبت کے اشعارلکھے تھے، البتہ کبھی اردو مشاعرے میں حصہ نہیں لیا ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” دو گُدڑیوں والا “ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا اللہ پاک ! جو کوئی 21 صفحات کا رسالہ ”دو گُدڑیوں والا“ پڑھ یا سن لے اُسے ہمیشہ نیکیاں کرنے، نیکیاں کروانے، گناہوں سے بچنے اور دوسروں کو بچانے کی سعادت عطا فرماکر بے حساب مغفرت سے نواز دے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔


حضرت ِ ابن عباس رضی اللّٰہ عنہما سے مروی ہے کہ دو عالم کے مالِک و مختار باذنِ پروردگار، مکی مدنی سرکار صَلَّی اللّٰہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: ”جب تم لوگ جنت کے باغات میں سے گزرو تو میوہ چن لیا کرو‘‘۔ اس پر کسی نے عرض کی: جنت کے باغات کیا ہیں؟ تو آپ صَلَّی اللّٰہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:’’علم کی مجلسیں ‘‘ ۔ (المعجم الکبیر،۱۱/۷۸، حدیث:۱۱۱۵۸)

سرکارِ مدینہ، راحتِ قلب و سینہ صَلَّی اللّٰہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمانِ مغفرت نشان ہے: ”جو شخص علم طلب کرتا ہے تو وہ اس کے گزشتہ گناہوں کا کفّارہ ہو جا تا ہے“۔ (تِرمِذی،کتاب العلم،باب فضل طلب العلم،۴/۲۹۵، حدیث:۲۶۵۷)

جو علم کی تلاش میں نکلتاہے وہ واپس لوٹنے تک اللہ عَزَّوَجَلَّ کی راہ میں ہوتا ہے۔(جامع ترمذی، کتاب العلم ، الحدیث۲۶۵۶، ج۴، ص۲۹۴)

عاشقان رسول کی دینی تحریک دعوت اسلامی کے زیر اہتمام ہر ہفتے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں علمی و فکری نشست ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں عاشقان رسول کی بڑی تعداد شریک ہوکر علم دین سے فیض یاب ہوتی ہے۔

آج رات بمطابق 8 جنوری 2022ء ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جائیگا۔ مدنی مذاکرے میں بانی دعوت اسلامی شیخ طریقت، امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ مدنی پھول بیان کرنے کے ساتھ ساتھ عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات بھی ارشاد فرمائیں گے جو کہ مدنی چینل پر براہ راست نشر کیا جائیگا۔

تمام عاشقان رسول سے مدنی مذاکرے میں شریک ہوکر علم دین سیکھنے کی درخواست ہے۔



وَ تُوۡبُوۡۤا اِلَی اللہِ جَمِیۡعًا اَیُّہَ الْمُؤْمِنُوۡنَ لَعَلَّکُمْ تُفْلِحُوۡنَ ۔

ترجمۂ کنزالایمان:اوراللہ کی طرف توبہ کرو ،اے مسلمانو! سب کے سب اس امید پر کہ تم فلاح پاؤ۔ (پ18، النور:31)

یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا تُوۡبُوۡۤا اِلَی اللہِ تَوْبَۃً نَّصُوۡحًا ؕ

ترجمۂ کنزالایمان:اے ایمان والو!اللہ کی طرف ایسی توبہ کرو جو آگے کو نصیحت ہوجائے۔ (پ28،التحریم:8)

سرورِ عالَم، نُورِ مجسم صَلَّی اللّٰہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:اَلتَّائِبُ مِنَ الذَّنْبِ کَمَنْ لَّاذَنْبَ لَہٗ یعنی گناہ سے توبہ کرنے والا ایسا ہے جیسے اس نے گناہ کیا ہی نہیں۔ (السنن الکبری للبیہقی،کتاب الشہادات ، باب شہادۃ القاذف، ۱۰/ ۲۵۹، حدیث:۲۰۵۶۱)

اللہ کے محبوب، دانائے غیوب، منزہ عن العیوب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمان عالیشان ہے:’’اِنَّ اللہَ تَعَالٰی یُحِبُّ الشَّابَّ التَّائِبَ “ یعنی جوانی میں توبہ کرنے والا شخص اللہ عَزَّوَجَلَّ کا محبوب ہے۔ (کنز العُمّال، کتاب التوبۃ، الفصل الاول فی الخ، الجزء۴، ۳/۸۷،حدیث:۱۰۱۸۱)

امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ ہر ہفتے عاشقان رسول کو موقع مناسبت سے ہفتہ وار رسائل پڑھنے/ سننے کی ترغیب دلاتے ہیں اور پڑھنے /سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے نواز تے ہیں۔اس ہفتے امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اپنے مسلمان بھائی کے ساتھ حسن سلوک کرنے، ان کی غیبتوں سے بچنے، کسی کے حقوق تلف کرنے اور اللہ پاک کے خوف سے ڈرانے کے لئے رسالہ ”دو گُدڑیوں والا“ پڑھنے/ سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے نوازا ہے۔

دعائےعطار

یا اللہ پاک ! جو کوئی 21 صفحات کا رسالہ ”دو گُدڑیوں والا“ پڑھ یا سن لے اُسے ہمیشہ نیکیاں کرنے، نیکیاں کروانے، گناہوں سے بچنے اور دوسرے کو بچانے کی سعادت عطا فرماکر بے حساب مغفرت سے نواز دے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

یہ رسالہ دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ سے ابھی مفت ڈاؤن لوڈ کیجئے

Download

رسالہ آڈیو میں سننے کے لئے کلک کریں

Audio Book


دعوت اسلامی کے زیر اہتمام ہر ہفتے کی طرح 28 جماد الاولیٰ 1443ھ بمطابق 1 جنوری 2022ء کی شب عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں عاشقان رسول فیضان مدینہ آکر جبکہ دیگر مقامات بذریعہ مدنی چینل شرکت کی۔

مدنی مذاکرے امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے علم و حکمت سے بھر پور مدنی پھول بیان فرمائے اور عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال : عورتوں کوکیسے کپڑے پہننے چاہئیں؟

جواب : عورتوں کو شریعت کے مطابق ڈِھیلے ڈَھالے کپڑے پہننے چاہئیں۔

سوال: آجکل آپ بیان کم کرتے ہیں، اس کی کیا وجہ ہے ؟

جواب: ایک دوروہ بھی تھا جب میں ایک دن میں کئی بیان کرتاتھا ،ہرنمازکے بعد بیان کی سعادت ملتی تھی ،اب بھی کبھی کبھی بیان کرتاہوں،بچے جوان ہوجائیں تو پھر دکان وہی چلاتے ہیں ،پہلے میں اکیلا ہی بیان کرتا تھا ،اب بیان کرنے والےکافی میرے مدنی بیٹے ہیں ۔

سوال: آپ نے مدنی مذاکرہ یعنی سوال جواب کا سلسلہ کب شروع فرمایا؟

جواب :میراسوال جواب کا اس طرح کا سلسلہ دعوتِ اسلامی کے شروع ہونے سے پہلے بھی ہوتاتھا ۔

سوال: فیضانِ سنت وغیرہ کتابوں سے درس دیا جائے یا موبائل میں موجودPDF وغیرہ سے؟

جواب: جو اُردوپڑھ سکتاہے اوردرس دینے کا اہل ہے تو اس کے لیے کتابوں سے درس دینا بہترہے،موبائل سے بھی درس دیا جاسکتاہے، مساجد، بازاروں، مارکیٹوں اورچوکوں وغیر ہ میں درس دیتے رہیں ، نیکی کی دعوت دینے اورعلم کی اشاعت کے لیے کتابوں سے درس دینے میں آسانی ہے ،بیان میں کچھ مشکل ہے۔

سوال : نیک اعمال پر غوروفکرکا کیافائدہ ہے؟

جواب: آج عیسوی سال کا پہلا دن ہے ،اسلامی بھائی اوراسلامی بہنیں نیک اعمال کا رسالہ دیکھ لیں ،کئی نیک اعمال تو آپ کرتےہی ہوں گے، ہررات نیک اعمال رسالے کوسامنے رکھتے ہوئے ، اپنے اعمال کا جائزہ لیں کہ کون سا عمل ہوااور کون سانہیں ؟یہ نیک اعمال جنت میں لے جانے والے ہیں ،نیت کریں کہ پوراسال ہررات اپنے اعمال کا جائزہ لیں گے ،ان شاء اللہ الکریم اس طرح کرنے سے عمل کا جذبہ ملے گا ،اسلامی بھائیوں کے 72،اسلامی بہنوں کے 63، جامعۃ المدینہ کے طلبہ کے 92 اورطالبات کے لیے 83 نیک اعمال ہیں ۔ان شاء اللہ الکریم یہ سال ’’نیک اعمال ‘‘کا سال بناناہے ۔

سوال : روزانہ نیک اعمال کے مطابق عمل کرکے اپنے اعمال کا جائزہ لینے والے کو امیراہل سنت نے کیا دعادی ؟

جواب : یااللہ پاک! جو کوئی روزانہ نیک اعمال کے مطابق عمل کرکے، اپنےاعمال کا جائزہ لے کر،خانے پُرکرکے ،ہرپہلی تاریخ کو شعبہ اصلاح ِاعمال کے ذمہ دارکو جمع کرواتارہے اورجان بوجھ کر اس میں سستی کرکے کوتاہی نہ کرےتو یا اِلٰہ َالْعَالَمِیْن اس کو 12 مرتبہ حج نصیب فرما،کم ازکم 12 مرتبہ اس کو مدینے کی زیارت نصیب ہواوراس کو مرتے وقت کلمہ نصیب ہوجائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔

سوال: اپنے بچوں اورفیملی کو کون ساوقت دیا جائے ؟

جواب: صلۂ رحمی کی نیت سے بچوں ،فیملی ،ماں باپ،بھائیوں بہنوں کو اچھا اورفریش وقت دیا جائے ،فیملی کے دیگر افراد کووقت دینے کے بارے میں کچھ احتیاطیں بھی ہیں یعنی کہیں بے وقت نہ جایاجائے ، مثلاً کھانے کے وقت کسی کے گھرجانا یا دکان پر گاہگوں کےآنے اوررش کے وقت پہنچ جانادرست نہیں ،گھرمیں اتنا وقت بھی نہ دیں کہ گھروالے تنگ آجائیں ۔ہرچیز کی ایک حد ہونی چاہئے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” حضرت آدم علیہ السلام کے بارے میں دلچسپ معلومات “ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یارب المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ”حضرت آدم علیہ السلام کے بارے میں دلچسپ معلومات“ پڑھ یا سُن لے اُسے ”فیضانِ حضرت آدم علیہ السلام“سے مالا مال فرما اور ہمیشہ ہمیشہ کے لئے اُس سے راضی ہوجا۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔


21 جماد الاولیٰ 1443ھ بمطابق 25 دسمبر 2021ء کو عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کراچی اور بیرون شہر سے عاشقان رسول کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔

مدنی مذاکرے میں شیخ طریقت، امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال : عورت کیسے کامیاب ہو ؟

جواب :عورت بھی دِینی فرض علوم سیکھے اور اخلاقی تعلیمات سے بھی آگاہ ہو،گھرکس طرح چلانا ہے؟ اس کے بارے میں معلومات حاصل کرے ، سلائی کڑھائی اور کھانا پکانا بھی سیکھے، بچیوں کو ہرایک سے بالخصوص شوہراورساس سے حُسنِ اخلاق اورنرمی سے پیش آنے کی تلقین کی جائے۔

سوال: شادیوں میں اخراجات کم ہوں ،اس کی کیا صورت ہو سکتی ہے ؟

جواب: سماجی ادارے اور شخصیات کوشش کریں کہ شادی میں کم خرچ ہوتاکہ شادیاں آسان ہوں ۔

سوال: اچھا لیڈر بننے کے لیے کیا صفات ہوتی ہیں اور ان کو کیسے حاصل کیا جاسکتا ہے ؟

جواب : لیڈر بننے کی خواہش رکھنے میں مسائل ہیں البتہ ہر شخص کسی نہ کسی سطح پر لیڈر ہوتا ہی ہے مثلاً باپ گھر میں لیڈر ہوتا ہے، کبھی ماں بھی گھرمیں لیڈر ہوتی ہے، ایک بات ضرورہے کہ قائدانہ صلاحیت ہر ایک میں نہیں ہوتی، یہ صلاحیت اپنے اندرپیداکرنی چاہئے ، اس کے لیے خوفِ خدا ہوناچاہیے، کامیاب لیڈر وہی ہے جو نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کےفرامین کے سائے میں ہو۔میں یہ ضرورکہوں گا کہ لیڈربننے کی خواہش بھی نہیں کرنی چاہیے۔

سوال: سردی سے بچنے کے کچھ اِقدامات اِرشاد فرمادیں؟

جواب: کانوں کو سردی سے بچائیں، ننگے پاؤں نہ چلیں بلکہ موٹی جرابیں پہنیں، موسمی پھل کھائیں، پاؤں وغیرہ پر پیٹرولیم جیلی وغیرہ استعمال کریں تاکہ پاؤں پھٹنے نہ پائیں ، ہفتے میں اُبلے ہوئے دو انڈے کھائیں ۔ نزلہ وغیرہ میں اچھا جوشاندہ استعمال کریں، خالی زمین پر نہ سوئیں موٹا بستر استعمال کریں، حتی الامکان موٹر سائیکل استعمال نہ کریں، استعمال کرنا پڑے تو موٹا لباس اوراچھی کوالٹی کا ہیلمٹ لازمی استعمال کریں۔میرے نزدیک سب سے خطرناک سواری موٹر سائیکل ہےاورسردیوں میں اس کا خطرہ اوربھی بڑھ جاتاہے ۔

سوال: ماہنامہ فیضانِ مدینہ کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب: یہ حقیقت ہے کہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ بہت بڑی نعمت ہے جو دعوت ِاسلامی نے ہمیں مہیا کی ہے ،اس سے ہمیں فائدہ اُٹھاناچاہئے ،اس میں رنگارنگ کے مضامین اوربڑی دینی دنیاوی،طبی معلومات ہوتی ہیں ، ہرمہینے اولیائے کرام کے عرس کی تاریخیں بھی شامل ہوتی ہیں ،الغرض یہ بہت سارے فوائد کا مجموعہ ہے ،100کتابوں سے مضامین نکالنے کے لیے بہت ساراوقت دینا پڑے،لیکن بہت سارا علمی خزانہ ایک ماہنامہ میں جمع کر دیا جاتاہے، 26دسمبر2021سے 4جنوری2022 تک ’’ہفتۂ ماہنامہ فیضانِ مدینہ ‘‘منایا جارہا ہے ،تمام عاشقان ِرسول اسے سنجیدگی سے لیں ،یہ آپ کا اپناماہنامہ فیضانِ مدینہ ہے ،یہ دنیاوی مفادکے لیے یا رقم کمانے کے لیے جاری نہیں کیا،صرف اللہ پاک کے دین کی ترویج واشاعت کے لیے اورسنتیں عام کرنے کے لیے جاری کیا گیاہے۔

سوال: ماہنامہ فیضانِ مدینہ کی سالانہ بکنگ کرنے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یااللہ پاک!جو بھی عاشقِ رسول 26دسمبرسے لے کر 4جنوری کے درمیان پورے سال کے لیے ماہنامہ فیضانِ مدینہ کا ممبربن جائےیا بن چکاہے یادوسروں کوبھی بنانے کی کوششیں کرے اوراسی طرح میری جو مدنی بیٹی یہ کرے، ان سب کوحاجی بنا ،مدینے کا مسافربنا،یااللہ پاک ! اس سے پہلے ان کو موت نہ آئے جب تک تیرے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا جلوہ نہ دیکھ لیں ۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


علم ایک ایسا پھول ہے جتنا کھلتا ہے اتنی خوشبو دیتا ہے۔

علم ایک لازوال دولت ہے ۔علم مشکل حالات میں ہمارے کام آتا ہے ۔علم انسان کے اخلاق وسیرت کی تعمیرکر تا ہے ۔یہی وجہ ہے کہ دنیا میں جتنے بھی بڑے لوگ گزرے ہیں ۔انہوں نے زیادہ سے زیادہ علم حاصل کیا اور کسی نے بھی دولت کو علم پر ترجیح نہ دی ۔

دین اسلام نے بھی علم کو بہت اہمیت دی ہے چنانچہ امىر المومنىن سیدنا علی المرتضیٰ کَرَّمَ اللہ وَجْہَہُ الْکَرِیْم سے مروی ہے کہ حضورنبی ٔرحمت، شفیع امت صَلَّی اللّٰہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرماىا: ”جو بندہ علم کی جستجو میں جوتے، موزے یا کپڑے پہنتا ہے تو اپنے گھر کی چوکھٹ سے نکلتے ہی اللہ پاک اس کے گناہ معاف فرمادیتا ہے“۔ (المعجم الاوسط، 4/204، حدیث:5722)

عاشقان رسول کو علم دین کی جستجو دلانے، معاشرتی حوالے سے تربیت کرنے اور ان نے قلوب کو خوفِ خدا، عشق رسول اور محبت صحابہ و اولیاء کرام سے روشن کرنے کے لئے آج رات عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جائیگا۔ اس مدنی مذاکرے میں بانی دعوت اسلامی حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ مدنی پھول ارشار فرماتے ہوئے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائیں گے۔ اس پروگرام کو مدنی چینل پر بھی براہ راست نشر کیا جائیگا۔

تمام عاشقان رسول سے اس مدنی مذاکرے میں شرکت کرنے کی درخواست ہے۔


دعوتِ اسلامی کے شعبہ رابطہ برائے شخصیات کے تحت 14 دسمبر 2021 ءکراچی زون ایسٹ لانڈھی کابینہ  ڈویژن کورنگی میں ریجن زون اور کابینہ سطح ذمہ دار اسلامی بہنوں اور دیگر اسلامی بہنوں کے ساتھ مدنی مشورہ کیا۔ ذمہ دار اسلامی بہن نے کام میں بہتری لانے کیلئے مدنی پھول دیئے، شخصیات کے گھر مدنی حلقہ لگایا گیا ، اور انکے گھر دعا کی گئی ۔ اہلِ خانہ نے اسلامی بہنوں کی خیر خواہی بھی کی اور دعوت اسلامی کے کاموں کو خوب سراہا ۔