21 جماد الاولیٰ 1443ھ بمطابق 25 دسمبر 2021ء کو عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کراچی اور بیرون شہر سے عاشقان رسول کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔

مدنی مذاکرے میں شیخ طریقت، امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال : عورت کیسے کامیاب ہو ؟

جواب :عورت بھی دِینی فرض علوم سیکھے اور اخلاقی تعلیمات سے بھی آگاہ ہو،گھرکس طرح چلانا ہے؟ اس کے بارے میں معلومات حاصل کرے ، سلائی کڑھائی اور کھانا پکانا بھی سیکھے، بچیوں کو ہرایک سے بالخصوص شوہراورساس سے حُسنِ اخلاق اورنرمی سے پیش آنے کی تلقین کی جائے۔

سوال: شادیوں میں اخراجات کم ہوں ،اس کی کیا صورت ہو سکتی ہے ؟

جواب: سماجی ادارے اور شخصیات کوشش کریں کہ شادی میں کم خرچ ہوتاکہ شادیاں آسان ہوں ۔

سوال: اچھا لیڈر بننے کے لیے کیا صفات ہوتی ہیں اور ان کو کیسے حاصل کیا جاسکتا ہے ؟

جواب : لیڈر بننے کی خواہش رکھنے میں مسائل ہیں البتہ ہر شخص کسی نہ کسی سطح پر لیڈر ہوتا ہی ہے مثلاً باپ گھر میں لیڈر ہوتا ہے، کبھی ماں بھی گھرمیں لیڈر ہوتی ہے، ایک بات ضرورہے کہ قائدانہ صلاحیت ہر ایک میں نہیں ہوتی، یہ صلاحیت اپنے اندرپیداکرنی چاہئے ، اس کے لیے خوفِ خدا ہوناچاہیے، کامیاب لیڈر وہی ہے جو نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کےفرامین کے سائے میں ہو۔میں یہ ضرورکہوں گا کہ لیڈربننے کی خواہش بھی نہیں کرنی چاہیے۔

سوال: سردی سے بچنے کے کچھ اِقدامات اِرشاد فرمادیں؟

جواب: کانوں کو سردی سے بچائیں، ننگے پاؤں نہ چلیں بلکہ موٹی جرابیں پہنیں، موسمی پھل کھائیں، پاؤں وغیرہ پر پیٹرولیم جیلی وغیرہ استعمال کریں تاکہ پاؤں پھٹنے نہ پائیں ، ہفتے میں اُبلے ہوئے دو انڈے کھائیں ۔ نزلہ وغیرہ میں اچھا جوشاندہ استعمال کریں، خالی زمین پر نہ سوئیں موٹا بستر استعمال کریں، حتی الامکان موٹر سائیکل استعمال نہ کریں، استعمال کرنا پڑے تو موٹا لباس اوراچھی کوالٹی کا ہیلمٹ لازمی استعمال کریں۔میرے نزدیک سب سے خطرناک سواری موٹر سائیکل ہےاورسردیوں میں اس کا خطرہ اوربھی بڑھ جاتاہے ۔

سوال: ماہنامہ فیضانِ مدینہ کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب: یہ حقیقت ہے کہ ماہنامہ فیضانِ مدینہ بہت بڑی نعمت ہے جو دعوت ِاسلامی نے ہمیں مہیا کی ہے ،اس سے ہمیں فائدہ اُٹھاناچاہئے ،اس میں رنگارنگ کے مضامین اوربڑی دینی دنیاوی،طبی معلومات ہوتی ہیں ، ہرمہینے اولیائے کرام کے عرس کی تاریخیں بھی شامل ہوتی ہیں ،الغرض یہ بہت سارے فوائد کا مجموعہ ہے ،100کتابوں سے مضامین نکالنے کے لیے بہت ساراوقت دینا پڑے،لیکن بہت سارا علمی خزانہ ایک ماہنامہ میں جمع کر دیا جاتاہے، 26دسمبر2021سے 4جنوری2022 تک ’’ہفتۂ ماہنامہ فیضانِ مدینہ ‘‘منایا جارہا ہے ،تمام عاشقان ِرسول اسے سنجیدگی سے لیں ،یہ آپ کا اپناماہنامہ فیضانِ مدینہ ہے ،یہ دنیاوی مفادکے لیے یا رقم کمانے کے لیے جاری نہیں کیا،صرف اللہ پاک کے دین کی ترویج واشاعت کے لیے اورسنتیں عام کرنے کے لیے جاری کیا گیاہے۔

سوال: ماہنامہ فیضانِ مدینہ کی سالانہ بکنگ کرنے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یااللہ پاک!جو بھی عاشقِ رسول 26دسمبرسے لے کر 4جنوری کے درمیان پورے سال کے لیے ماہنامہ فیضانِ مدینہ کا ممبربن جائےیا بن چکاہے یادوسروں کوبھی بنانے کی کوششیں کرے اوراسی طرح میری جو مدنی بیٹی یہ کرے، ان سب کوحاجی بنا ،مدینے کا مسافربنا،یااللہ پاک ! اس سے پہلے ان کو موت نہ آئے جب تک تیرے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا جلوہ نہ دیکھ لیں ۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم