دعوت اسلامی کے زیر اہتمام ہر ہفتے کی طرح 28 جماد الاولیٰ 1443ھ بمطابق 1 جنوری 2022ء کی شب عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں عاشقان رسول فیضان مدینہ آکر جبکہ دیگر مقامات بذریعہ مدنی چینل شرکت کی۔

مدنی مذاکرے امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے علم و حکمت سے بھر پور مدنی پھول بیان فرمائے اور عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال : عورتوں کوکیسے کپڑے پہننے چاہئیں؟

جواب : عورتوں کو شریعت کے مطابق ڈِھیلے ڈَھالے کپڑے پہننے چاہئیں۔

سوال: آجکل آپ بیان کم کرتے ہیں، اس کی کیا وجہ ہے ؟

جواب: ایک دوروہ بھی تھا جب میں ایک دن میں کئی بیان کرتاتھا ،ہرنمازکے بعد بیان کی سعادت ملتی تھی ،اب بھی کبھی کبھی بیان کرتاہوں،بچے جوان ہوجائیں تو پھر دکان وہی چلاتے ہیں ،پہلے میں اکیلا ہی بیان کرتا تھا ،اب بیان کرنے والےکافی میرے مدنی بیٹے ہیں ۔

سوال: آپ نے مدنی مذاکرہ یعنی سوال جواب کا سلسلہ کب شروع فرمایا؟

جواب :میراسوال جواب کا اس طرح کا سلسلہ دعوتِ اسلامی کے شروع ہونے سے پہلے بھی ہوتاتھا ۔

سوال: فیضانِ سنت وغیرہ کتابوں سے درس دیا جائے یا موبائل میں موجودPDF وغیرہ سے؟

جواب: جو اُردوپڑھ سکتاہے اوردرس دینے کا اہل ہے تو اس کے لیے کتابوں سے درس دینا بہترہے،موبائل سے بھی درس دیا جاسکتاہے، مساجد، بازاروں، مارکیٹوں اورچوکوں وغیر ہ میں درس دیتے رہیں ، نیکی کی دعوت دینے اورعلم کی اشاعت کے لیے کتابوں سے درس دینے میں آسانی ہے ،بیان میں کچھ مشکل ہے۔

سوال : نیک اعمال پر غوروفکرکا کیافائدہ ہے؟

جواب: آج عیسوی سال کا پہلا دن ہے ،اسلامی بھائی اوراسلامی بہنیں نیک اعمال کا رسالہ دیکھ لیں ،کئی نیک اعمال تو آپ کرتےہی ہوں گے، ہررات نیک اعمال رسالے کوسامنے رکھتے ہوئے ، اپنے اعمال کا جائزہ لیں کہ کون سا عمل ہوااور کون سانہیں ؟یہ نیک اعمال جنت میں لے جانے والے ہیں ،نیت کریں کہ پوراسال ہررات اپنے اعمال کا جائزہ لیں گے ،ان شاء اللہ الکریم اس طرح کرنے سے عمل کا جذبہ ملے گا ،اسلامی بھائیوں کے 72،اسلامی بہنوں کے 63، جامعۃ المدینہ کے طلبہ کے 92 اورطالبات کے لیے 83 نیک اعمال ہیں ۔ان شاء اللہ الکریم یہ سال ’’نیک اعمال ‘‘کا سال بناناہے ۔

سوال : روزانہ نیک اعمال کے مطابق عمل کرکے اپنے اعمال کا جائزہ لینے والے کو امیراہل سنت نے کیا دعادی ؟

جواب : یااللہ پاک! جو کوئی روزانہ نیک اعمال کے مطابق عمل کرکے، اپنےاعمال کا جائزہ لے کر،خانے پُرکرکے ،ہرپہلی تاریخ کو شعبہ اصلاح ِاعمال کے ذمہ دارکو جمع کرواتارہے اورجان بوجھ کر اس میں سستی کرکے کوتاہی نہ کرےتو یا اِلٰہ َالْعَالَمِیْن اس کو 12 مرتبہ حج نصیب فرما،کم ازکم 12 مرتبہ اس کو مدینے کی زیارت نصیب ہواوراس کو مرتے وقت کلمہ نصیب ہوجائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔

سوال: اپنے بچوں اورفیملی کو کون ساوقت دیا جائے ؟

جواب: صلۂ رحمی کی نیت سے بچوں ،فیملی ،ماں باپ،بھائیوں بہنوں کو اچھا اورفریش وقت دیا جائے ،فیملی کے دیگر افراد کووقت دینے کے بارے میں کچھ احتیاطیں بھی ہیں یعنی کہیں بے وقت نہ جایاجائے ، مثلاً کھانے کے وقت کسی کے گھرجانا یا دکان پر گاہگوں کےآنے اوررش کے وقت پہنچ جانادرست نہیں ،گھرمیں اتنا وقت بھی نہ دیں کہ گھروالے تنگ آجائیں ۔ہرچیز کی ایک حد ہونی چاہئے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” حضرت آدم علیہ السلام کے بارے میں دلچسپ معلومات “ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یارب المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ”حضرت آدم علیہ السلام کے بارے میں دلچسپ معلومات“ پڑھ یا سُن لے اُسے ”فیضانِ حضرت آدم علیہ السلام“سے مالا مال فرما اور ہمیشہ ہمیشہ کے لئے اُس سے راضی ہوجا۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔