18جماد الثانی 1443ھ بمطابق 22 جنوری 2022ء کو عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کراچی اور بیرون شہر سے عاشقان رسول نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

مدنی مذاکرے میں شیخ طریقت، امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات دیئے اور مدنی پھول ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال : عام مؤمن اورمؤمنِ کامل میں کیا فرق ہے ؟

جواب : ایمان کے مختلف درجے ہیں، فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے: جو خود پیٹ بھرکرسوئے اور اس کاپڑوسی بھوکا ہو وہ مؤمن کامل نہيں۔ (معجمِ کبیر،ج 12،ص119، حدیث: 12741)

اِس لیے ہراُس عمل سے بچناچاہئے جس سے ایمان میں کوئی کمزوری آئے ۔

سوال: تکبرسے کیا مرادہے اورتکبرکرنے والوں کاکیا عذاب ہے ؟

جواب: اگرکوئی اپنے آپ کو دوسرے سے افضل سمجھے تویہ تکبرہے ۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا :متکبرین کا حشرقیامت کے دن چیونٹیوں کے برابرجسموں میں ہوگا اوران کی صورتیں آدمیوں کی ہوں گی ،ہرطرف سے ان پر ذِلّت چھائےہوئے ہوگی ،ان کو کھینچ کرجہنم کے قیدخانے کی طرف لے جایا جائے گا۔جس کا نام بُولس ہے۔ان کے اوپرآگوں کی آگ ہوگی ،اُنہیں جہنمیوں کا نچوڑ پلایا جائے گا جس کوطِیْنَۃُ الْخَبَال کہتے ہیں ۔ (ترمذی،4/221،حدیث :2500)

(تکبر کی تباہ کاریوں ،اس کی علامات اوراس کا علاج جاننے کے لیے مکتبۃ المدینہ کی کتابتکَبُّر“کا مطالعہ بے حد مفید رہے گا۔ان شاۤء اللہُ الکریم)

Download

سوال: آندھی اورتنگ دستی کا اندیشہ ہوتو کون ساوظیفہ پڑھناچاہئے ؟

جواب :چلتے پھرتےوضوبے وضو’’ یَاوَکِیْلُ ‘‘پڑھتےرہیں ،حاجتیں پوری ہوں گی ،مصیبتیں حل ہوں گی ، رزق اوربھلائی کے دروازے کھلیں گے۔

سوال: جب نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ کے ساتھ غارِثورمیں تھے تو وہاں کھاناکون لے کر جاتاتھا؟

جواب: حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ کی بیٹی حضرت اسماءرضی اللہ عنہا ۔

سوال: مکتبۃ المدینہ کی کتاب ’’با طنی بیماریوں کا علاج‘‘کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں۔

جواب : ’’باطنی بیماریوں کا علاج‘‘ مکتبۃ المدینہ کی منفردکتاب ہے جو کئی فرض علوم پر مشتمل ہے ،سب کو اس کا مطالعہ کرنا چاہئے ۔

Download

سوال : کیا دل بدلتارہتاہے ؟

جواب: جی ہاں ! دل کو قلب کہتے ہیں یہ مُنقَلِب ہوتارہتاہے یعنی بدلتارہتاہے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” اقوالِ صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ “ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا ربَ المصطفےٰ! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ’’ اقوالِ صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ‘‘ پڑھ یا سن لے اُسے اور اُس کی نسلوں کو صحابہ و اہلِ بیت کی سچی غلامی نصیب فرما اور اسے عشقِ رسول کی لازوال دولت سے مالا مال فرما کر بےحساب بخش دے ۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتمِ النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔