یکم نومبر 2025ء بمطابق09 جماد الاولیٰ 1447ھ
کو بعد نمازِ عشا دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کرچی میں ہفتہ وار
مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں براہِ راست اور بذریعہ مدنی چینل عاشقانِ
رسول کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تلاوت و نعت سے شروع ہونے والے اس مدنی مذاکرے
میں شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال
محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت
بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے حاضرین و
ناظرین کی جانب سے ہونے والے مختلف سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔
مدنی مذاکرے میں ہونے والے بعض سوال و جواب
سوال:سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ "پیٹ میں گیا زہر
ایک جان لیتا ہے، مگر کان میں گیا زہر کئی
رشتوں کی جان لیتا ہے۔"آپ اس کے بارے میں کیا فرماتے
ہیں؟
جواب: اگر کسی نے کسی کو زہر کھلا دیا، یا پیٹ میں کوئی زہر چلا گیا
تو ایک جان جا سکتی ہے بشرط یہ کہ وہ زہر
اصلی ہو اور اس کا اثر ہو۔ لیکن کان کا زہر یعنی چغلی،
غیبت، یا کسی کے خلاف کان بھرنا کئی
رشتوں کی جان لے لیتا ہے۔ اس سے لوگوں میں فساد پیدا ہوتا ہے، دلوں میں نفرت آتی
ہے، رشتے ٹُوٹ جاتے ہیں اور گناہوں کے دروازے کھل جاتے ہیں۔ اس اعتبار سے یہ
ظاہری زہر سے کہیں زیادہ خطرناک ہے۔
سوال:کسی کی بُرائی سننا کیسا ؟
جواب:اگر کوئی کسی کے سامنے کسی کی
بُرائی بیان کرنے لگے تو سننے والے کو فوراً روک دینا چاہئے۔کسی کی بُرائی سننی ہی
نہیں چاہئے۔ اگر کسی طرح کان میں وہ بات پڑ ہی جائے تو جب تک شرعی ثبوت نہ ہو، اس
پر اعتبار نہ کیا جائے۔بعض لوگ صرف سُنی سنائی باتوں پر ہنگامہ برپا کر دیتے
ہیں۔اول تو ایسی گفتگو کرنی ہی نہیں چاہئے اور اگر کسی کی بُرائی کان میں چلی گئی
ہو تو اسے آگے نہیں بڑھانا چاہئے، نہ دل میں اتارنا چاہئے۔اگر ہم حُسنِ ظن (اچھا
گمان)
کا جام پئیں اور مسلمانوں کے بارے میں بدگمانی سے بچیں، تو ان شآء اللہ الکریم اس
میں بڑا فائدہ ہے۔کسی کے بارے میں اچھا گمان رکھنا اور اچھی سوچ اپنانا بھی
ایک عبادت ہے۔ہمارے معاشرے سے اگر غیبت اور چغلی ختم ہو جائیں تو یہ معاشرہ
بہترین اسلامی معاشرہ بن جائے۔غیبت ہی سے گھر تباہ ہوتے ہیں، کاروبار برباد ہوتے
ہیں اور ہمسایوں میں جھگڑے پیدا ہو جاتے ہیں۔
سوال:آپ کے گھر کا نام کیا ہے؟
جواب:میرے گھر کا نام بیتِ رمضان
ہے۔
سوال:آلو کی چپس کھانے کے کیا فوائد
اور کیا نقصانات ہیں؟
جواب:چپس تیل میں تل کر بنائے جاتے
ہیں۔ جب تیل کو بہت زیادہ گرم (کڑکڑایا) دیا جاتا ہے
تو اس میں فری ریڈیکل بنتے ہیں جو صحت کے لیے نقصان دہ ہیں اور بالآخر کینسر کا
سبب بن سکتے ہیں۔چپس میں نمک ڈالا جاتا ہے۔ نمک انسانی صحت کے لیے ضروری ہے مگر اس
کا زیادہ استعمال نقصان دہ ہے، کیونکہ گُردوں کو زائد نمک خارج کرنے کے لیے زیادہ
محنت کرنی پڑتی ہے، جس سے گُردے متأثر ہوتے ہیں۔آلو بذاتِ خود ایک سبزی ہے اس کے فوائد بھی ہیں اور نقصانات بھی۔آلو وزن
بڑھاتا ہے اور شُوگر کے مریضوں کے لیے مناسب نہیں۔جو سبزیاں زمین کے اندر اُگتی
ہیں وہ اکثر بادی ہوتی ہیں، اس لیے بعض لوگوں کو منع کی جاتی ہیں۔چپس میں
مسالوں کا زیادہ استعمال معدے کو خراب کرتا ہے۔بعض لوگ تیکھا کھانا پسند کرتے ہیں
اور زیادہ مرچ کھانے کو بہادری سمجھتے ہیں، حالانکہ یہ معدے کے السر (زخم) کا
سبب بنتا ہے۔السر کا علاج نہ کیا جائے تو یہ ناسور (کینسر) بن
سکتا ہے۔بازاری چیزوں میں صفائی کا خیال کم رکھا جاتا ہے اور سستا و ناقص میٹریل
استعمال ہوتا ہے، اس لیے ان چیزوں کے استعمال سے حتی الامکان بچنا ہی چاہئے۔
سوال:مدنی چینل
پر مکے مدینے کی محبت میں رونا، جدائی پر غم کرنا اور تڑپنا نظر آتا ہے۔ یہ غم
کیوں پیدا ہوتا ہے؟
جواب:جس سے جتنی
محبت زیادہ ہو، جُدا ہوتے وقت اتنا ہی رونا آتا ہے۔جیسے کوئی شخص روزگار کے لیے دو
سال بیرونِ ملک جا رہا ہو تو اس کے اہلِ خانہ روتے ہوئے رخصت کرتے ہیں۔ یہ جُدائی
کا رونا ہے۔اور جب وہ واپس آتا ہے تو ملاقات کے وقت خوشی کے آنسو بہتے ہیں، یہ
وصال کا رونا ہے۔اسی طرح مکہ مکرمہ سے جُدائی پر رونا اس لیے ہے کہ مسلمان مکہ پاک
سے محبت کرتے ہیں کیونکہ وہاں بیتُ اللہ (کعبہ شریف) ہے، جہاں اللہ پاک
کی رحمتیں نازل ہوتی ہیں۔یہ وہ مقدس شہر ہے جہاں ہمارے آقا محمدِ عربی صلی اللہ علیہ والہ
وسلم کی ولادت ہوئی اور
آپ نے ظاہری زندگی کے 53 سال وہیں گزارے۔یہاں غارِ حرا ہے جہاں آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم عبادت کیا کرتے تھے اور پہلی وحی
نازل ہوئی۔یہاں غارِ ثور ہے جہاں ہجرت سے قبل آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے قیام فرمایا۔ اسی طرح مدینہ منورہ وہ شہر ہے
جہاں آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے سکونت اختیار فرمائی اور جہاں
آپ کا جسمِ اطہر آرام فرما ہے۔یہ جگہ کعبہ، عرش، کُرسی، جنت اور بیتُ الْمَعْمُور
سے بھی افضل ہے۔یوں مکہ و مدینہ دونوں شہر اپنی جگہ رحمتوں اور برکتوں سے بھرپور
ہیں۔ان کی حاضری ہر کسی کے بس میں نہیں۔ بُلانا بھی اللہ کا کام ہے اور اخراجات کا
انتظام بھی۔ہر باذوق مسلمان کی تمنا ہوتی ہے کہ کم از کم زندگی میں ایک بار وہاں
حاضری نصیب ہو۔مدینہ نہ دیکھا تو کچھ نہ دیکھا۔جب زیارت کے بعد واپس آنا پڑتا ہے
تو دل میں غم ہوتا ہے اور آنکھیں اشکبار ہو جاتی ہیں۔اگر کسی کو مدینے کی جدائی
کا غم نہیں تو اسے اس پر غم کرنا چاہئے کہ اسے یہ غم کیوں نہیں۔بزرگانِ دین کی
صحبت اور نیک ماحول سے یہ کیفیت پیدا ہوتی ہے۔ذکرِ مدینہ کے ساتھ سوز و گداز بھی
ہونا چاہئے۔دنیا کے غم دور ہونے کی دعا کی جاتی ہے، مگر مدینے کے غم کے لیے بندہ
دعا کرتا ہے کہ یہ غم بڑھتا رہے۔یہ وہ غم ہے جو دنیا اور آخرت دونوں کے غم مٹا
دیتا ہے۔یہی غم جنت میں لے جانے والا ہے۔اللہ پاک ہم سب کو مکہ و مدینہ کا غم اور
غمِ مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم عطا فرمائے۔
سوال:کمر نہ جھکے، اس کے لیے کیا
تدبیر ہے؟
جواب:بعض اوقات بیماری، کمزوری یا
عمر کے بڑھنے سے کمر جھک جاتی ہے۔بہرحال، چاہے بوڑھا ہو یا جوان، کوشش کرے کہ جھک
کر نہ چلے۔میں جوانوں کو بھی سمجھاتا ہوں کہ قدرے جھک کر نہ چلیں، کیونکہ ایک بار
جسم جھک گیا تو سیدھا کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ایک پاؤں پر وزن دے کر نہ چلیں، سیڑھی
پر دونوں پاؤں سے چڑھیں۔اگر تکلیف بھی ہو تو دونوں پاؤں پر وزن برابر رکھ کر
چلیں۔تکریم والے کام سیدھے ہاتھ سے کرنے چاہئیں مگر الٹے ہاتھ کو بھی کچھ نہ کچھ
کام میں لاتے رہیں تاکہ وہ فعال (ایکٹو) رہے۔الٹے
ہاتھ کی حرکت دل کی شریانوں کو ورزش دیتی ہے جس سے خون کی روانی بہتر ہوتی ہے۔اسی
طرح دونوں ہاتھوں کو حرکت میں رکھیں۔عمر رسیدہ افراد ہلکی پھلکی ورزش کرتے رہیں،
کچھ نہ کچھ اُٹھاتے رہیں، پیدل چلنے کی عادت رکھیں۔روزانہ کم از کم پون گھنٹہ(45منٹ) یا
ایک گھنٹہ صبح و شام پیدل چلیں، ورنہ آدھا گھنٹہ(30منٹ) ہی سہی۔کمر پر ہاتھ رکھ کر چلنے سے بھی فائدہ
ہوتا ہے مگر ہاتھ ہلاتے رہیں تاکہ پورا جسم متحرک رہے۔ایک ہی جگہ بیٹھے رہنا نقصان
دہ ہے۔اگرچہ جی چاہتا ہے کہ آرام سے لیٹے رہیں مگر اس کی عادت نہ ڈالیں، ورنہ وقت
اور صحت دونوں ضائع ہوں گے۔لمبے عرصے تک بستر پر رہنے سے بدن پر زخم بن جاتے ہیں
جو تکلیف دہ ہوتے ہیں اور دماغ پر بھی اثر ڈالتے ہیں۔ہم لوگ لمبی عمر تو مانگتے
ہیں مگر عافیت نہیں مانگتے۔بڑھاپا بھی ایک آزمائش ہے۔ اگر اس عمر میں زبان غلط
استعمال کرنے کی عادت بن جائے تو آزمائش بڑھ جاتی ہے۔بوڑھوں کو خاموشی کی عادت
بنانی چاہئے، ضرورت کے وقت بولیں، ورنہ مسکراہتے رہیں۔جوانوں کی خوشیوں میں شامل
رہیں، بلاوجہ روک ٹوک نہ کریں تو ان کے دلوں میں محبوب رہیں گے۔
سوال: اِس ہفتے کا
رِسالہ ” بے حساب مغفرت کے اعمال (قسط :1)“
پڑھنے یا سُننے والوں کو امیر اہل سنت دامت برکاتہم
العالیہ نے
کیا دُعا دی ؟
جواب:یااللہ
پاک!جوکوئی 17 صفحات کا رسالہ ” بے حساب مغفرت کے اعمال (قسط
:1)“ پڑھ
یا سُن لے، اُسے ایسے اعمال کی توفیق دے کہ ایمان پر فوت ہو اور ماں باپ سمیت بے حساب مغفرت سے نوازا جائے
۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ و اٰلہٖ وسلَّم ۔
Dawateislami