دعوتِ اسلامی کے شعبہ سینٹرل H.R کے (TAD) ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ایک دن کا Walk-in job interviews کا سلسلہ منعقد ہوا جس کا مقصد مستحق اور باصلاحیت نوجوانوں کو روزگار کے بہترین مواقع فراہم کرنا تھا۔

پروگرام کی تفصیلات:

مرکزی مجلسِ شوریٰ کی زیرِ نگرانی H.R ڈیپارٹمنٹ نے مختلف شعبہ جات میں خالی اسامیوں کو پُر کرنے کے لیے اس سیشن کا اہتمام کیا۔ انٹرویوز میں کراچی بھر سے کثیر تعداد میں تعلیم یافتہ اور ہنرمند عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ امیدواروں کے جوش و خروش کا یہ عالم تھا کہ فیضانِ مدینہ میں صبح سے ہی نوجوانوں کی بڑی تعداد اپنی اسناد (Documents) کے ساتھ موجود تھی۔

خصوصی بیان:

رکن شوریٰ حاجی محمد امین عطاری نے سامعین کے درمیان سنتوں بھرا بیان کیا اور شرکا کو دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ رہنےاور ہر دم دین اسلام کی خدمت کرنے کا ذہن دیا جس پر انٹرویوز کے لئے آنے والے اسلامی بھائیوں نے اپنی اپنی نیتوں کا اظہار کیا۔

نظم و ضبط اور انتظام:

H.R ڈیپارٹمنٹ کے ماہرین پر مشتمل پینل نے امیدواروں کے انٹرویوز لئے اور ان کی تعلیمی و تکنیکی صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔

انٹرویوز کے دوران نہ صرف پیشہ ورانہ مہارتوں کو دیکھا گیا بلکہ دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول کے مطابق اخلاقی اور تنظیمی ضوابط کی آگاہی بھی دی گئی۔

فیضانِ مدینہ کے اسٹاف کی جانب سے آنے والے امیدواروں کے لئے بیٹھنے اور دیگر ضروری سہولیات کا بہترین انتظام کیا گیا تھا تاکہ نظم و ضبط برقرار رہے۔

مقصد اور پیغام:

اس اقدام کا بنیادی مقصد معاشرے میں بے روزگاری کے خاتمے کے لئے عملی کوششیں کرنا اور نوجوانوں کو ایسے پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے جہاں وہ رزقِ حلال کے ساتھ ساتھ دینِ متین کی خدمت کے ماحول سے بھی وابستہ رہ سکیں۔


12 اپریل 2026ءکو  دعوتِ اسلامی کے شعبہ حج و عمرہ کے زیرِ اہتمام عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ (پرانی سبزی منڈی کراچی) میں ایک عظیم الشان تربیتی اجتماع منعقد ہوا۔ اس اجتماع کا بنیادی مقصد رواں سال حج کی سعادت حاصل کرنے والے خوش نصیب عازمین کو مناسکِ حج کی درست ادائیگی اور اس سفرِ مبارک کے آداب سے آگاہ کرنا تھا۔

اجتماع میں اس سال حج پر جانے والے عازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ معاون نگرانِ مجلس پاکستان، شعبہ حج و عمرہ کے ذمہ داران اور کثیر تعداد میں عاشقانِ رسول بھی موجود تھے۔

دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن، حاجی سید ابراہیم عطاری نے ”حج کی اہمیت اور اس کی ادائیگی“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا۔ انہوں نے عازمین کو تاکید کرتے ہوئے کہاکہ حج کی ادائیگی کا مقصد محض دنیاوی شہرت یا ’حاجی‘ کہلوانا نہیں ہونا چاہیے بلکہ یہ عظیم عبادت صرف اور صرف اللہ پاک کی رضا اور خوشنودی کے لئے ہونی چاہیے۔ رکنِ شوریٰ نے دورانِ بیان عازمین کو حج کے دوران پیش آنے والے مختلف مسائل اور ان کے شرعی حل کے حوالے سے کئی اہم نکات پر رہنمائی بھی فراہم کی۔

رقت آمیز مناظر اور نعتیہ کلام

اجتماع کے دوران نعت خواں اسلامی بھائیوں نے اپنی خوبصورت آواز میں ہدیہ نعت اور حج و مدینہ کی یاد میں کلام پیش کئے جس سے پُرکیف سماں بندھ گیا اور کئی شرکاکی آنکھیں اشکبار ہو گئیں۔


دعوتِ اسلامی کے شعبہ جامعۃ المدینہ بوائز پاکستان کے زیر اہتمام 05 نومبر 2025ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد ہوا جس میں کراچی میں قائم جامعات المدینہ بوائز کے طلبائے کرام، اساتذۂ کرام اور ناظمین شریک ہوئے جبکہ ملک کے دیگر شہروں اور مختلف ممالک میں قائم جامعات المدینہ بوائز/گرلز کے اسٹوڈنٹس نے بذریعہ مدنی چینل شرکت کی۔

دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنتوں بھرا بیان کیا اور طلبہ/طالبات کے درمیان علم دین کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہاکہ دین کا علم انسان کو اللہ پاک کی معرفت، صحیح زندگی گزارنے کا طریقہ اور نیکی کی طرف رہنمائی فراہم کرتا ہے جبکہ تکبر انسان کو حق سے دورکرتا اور ریا کاری اعمال کو برباد کردیتی ہے۔ آپ نےمزید کہا کہ نیک اعمال صرف اللہ پاک کی رضا کے لئے کئے جائے، علم دین حاصل کرنے میں تکالیف و آزمائشیں آتی رہتی ہیں ہمیں صبر و تحمل سے کام لینا چاہیئے کیونکہ جب دین کا طالب علم کسی تکلیف میں مبتلا ہوتا ہے تو رب تبارک و تعالیٰ اپنے فرشتوں کے ذریعے بھی اس کی مدد فرماتا ہے۔ بیان کرتے ہوئے نگران شوریٰ نے فرمایا کہ دنیا میں اس وقت کم و بیش 08 ارب انسان موجود ہیں، ہمیں اس بات پر غور کرنا چاہیئے کہ مجھ میں ایسا کیا ہے کہ اللہ پاک نے اُن 08 ارب لوگوں میں سے مجھےعلم دین کے لئے چنا اور میں عالم دین بن رہا ہوں تو غور کرنے پر ہمیں کچھ نظر نہیں آئے گا سوائے اس کے ہم اپنے رب کا شکر ادا کریں۔فرمان رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم بیان کرتے ہوئے حاجی محمد عمران عطاری نے کہا کہ ”جو علم کی تلاش میں کسی راستے پر چلتا ہےاللہ کریم اس کے لئے جنت کا راستہ آسان فرمادیتا ہے“، صحابہ کرام علیہم الرضوان علم دین کی فضیلت حاصل کرنے کےلئے ایک ایک ماہ کا سفر ایک ایک حدیث سننے کے لئے کیا کرتے تھے۔نگرانِ شوریٰ نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نہ صرف علم دین حاصل کرنا ہے بلکہ اپنے اعمال کو بھی بڑھانا ہے، فرائض و واجبات کو پابندی کے ساتھ ادا کرنا ہے اور نوافل کے ذریعے اپنی نیکیوں میں بھی اضافہ کرنا ہے۔

اجتماع کے اختتام دعائے خیر کی گئی اور صلوۃ و سلام بھی پڑھا گیا۔


دعوتِ اسلامی کے شعبہ رابطہ برائے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کے اسلامی بھائیوں کے لیے ایک خصوصی تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں متعلقہ شعبے کے اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

تربیتی نشست میں شیخ الحدیث والتفسیر مفتی محمد قاسم عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سوشل میڈیا کے حوالے سے اہم امورپر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر انہوں نے سوشل میڈیا کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا دعوتِ دین اور سنتوں کی اشاعت کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ عاشقانِ رسول کو چاہیے کہ وہ ان پلیٹ فارمز کو مثبت، دینی اور اصلاحی انداز میں استعمال کریں تاکہ لاکھوں دلوں تک دینی پیغامِ پہنچ سکے۔مفتی محمد قاسم عطاری نے مزید فرمایا کہ سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ اپنے کردار کو مؤثر اور فعال بناکر معاشرے میں دینِ اسلام کی حقیقی تعلیمات کو عام کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ اس نشست میں مفتی صاحب نے دعوتِ اسلامی کے مقاصد اور سوشل میڈیا پر مثبت، دینی اور اصلاحی کردار ادا کرنے کے حوالے سے اہم نکات بیان فرمائے۔

نشست کے اختتام پر شرکا نے عزم کیا کہ وہ دعوتِ اسلامی کے دینی مقاصد کو سوشل میڈیا کے ذریعے مزید پھیلانے کے لئے اپنی کاوشیں تیز کریں گے۔


سینئر صحافی اور معروف اینکر پرسن مبشر لقمان نے دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی کا دورہ کیا۔اس موقع پر ان کی ملاقات نگران شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی سے ہوئی۔ ملاقات میں ڈائریکٹر پبلک ریلیشن اور نگران مجلس میڈیا ڈیپارٹمنٹ بھی شریک تھے۔

دورانِ ملاقات دعوتِ اسلامی کی دینی، تعلیمی و فلاحی کاموں پر گفتگو ہوئی۔نگرانِ شوریٰ نے مبشر لقمان کو مدنی چینل کے ڈیپارٹ کا وزٹ کرواتے ہوئے انہیں اردو، انگلش اور بنگلہ زبان میں نشر ہونے والے پروگرام سے آگاہ کیا۔ مبشر لقمان نے مدنی چینل کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دینی خدمات معاشرے کے لئے ایک روشن مثال ہیں۔وزٹ کے دوران مبشر لقمان کی نگران مجلس مدنی چینل سے بھی ملاقات ہوئی جس میں مختلف امور پر تبادلۂ خیال ہوا۔

نگرانِ شوریٰ سے ملاقات سے قبل مبشر لقمان کو عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں قائم مختلف ڈیپارٹمنٹ کا وزٹ کروایا گیا اور FGRF کے فلاحی کام بالخصوص شجرکاری کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔


عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی:

مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ کے اسلامی بھائیوں کے لئے دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ایک اہم نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی فضیل رضا عطاری نے خصوصی بیان کیا۔

اس نشست کا مقصد مارکیٹنگ کے شعبے میں کام کرنے والے اسلامی بھائیوں کی تربیت و رہنمائی کرنا تھا تاکہ وہ دینِ اسلام کی خدمت کے ساتھ ساتھ ادارے کی ترقی میں بھی مؤثر کردار ادا کرسکیں۔

رکنِ شوری حاجی فضیل رضا عطاری نے اپنے بیان میں خدمتِ دین کے اہم اصولوں پر روشنی ڈالتے ہوئے شرکا کو اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے ادا کرنے کی ترغیب دلائی جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔اس موقع پر شرکا نے سوالات بھی کئے جس پر رکنِ شوریٰ نے ڈیپارٹمنٹ کی بہتری کے لئے مفید مشورے دیئے۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)

لوگوں کے دلوں میں عشقِ مصطفیٰ پیدا کرنے اور انہیں سچا پکا عاشقِ رسول بنانے والی عالمی سطح کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کرچی میں نعت خواں اسلامی بھائیوں کے لئے ”خصوصی مدنی مذاکرے“ کا انعقاد کیاگیا جس میں کراچی کے مشہور و معروف ثنا خوانوں نے بالمشافہ جبکہ فیصل آباد کے نعت خوانوں نےرکنِ شوریٰ و نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری کے ہمراہ مدنی مرکز فیضانِ مدینہ فیصل آباد سے بذریعہ مدنی چینل کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تلاوت و نعت سے مدنی مذاکرے کا آغاز کرنے کے بعد شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کو اپنے قیمتی ملفوظات سے نوازتے ہوئے اُن کی دینی، تنظیمی اور اخلاقی اعتبار سے تربیت کی۔

بعدازاں امیرِ اہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے نعت خواں اسلامی بھائیوں کی جانب سے کئے گئے سوالات کے علم و حکمت بھرپور جوابات ارشاد فرمائے ۔آخر میں تمام نعت خواں اسلامی بھائیوں نے امیرِ اہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ سے ملاقات کی۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں دعوتِ اسلامی کے شعبہ رابطہ برائے شوبز ڈیپارٹمنٹ کے تحت ”احکامِ قربانی کورس“ کا انعقاد کیا گیا اس کورس میں شوبز سے وابستہ افراد اور شعبے کے ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

کورس میں دارُالافتاء اہلِ سنت کے مفتی محمد جمیل عطاری نے شرکا کو قربانی کے شرعی احکام و مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

مفتی محمد جمیل عطاری نے شرکا کو بتایا کہ ٭قربانی کن افراد پر واجب ہے اور کن پر نہیں؟ ٭کن عیوب والے جانوروں کی قربانی نہیں ہوتی؟ ٭قربانی کے گوشت کی تقسیم اور کھال کے مصرف کے بارے میں کیا شرعی احکام ہیں؟، اس کے علاوہ دیگر کئی فقہی نکات اور مسائل کو سادہ اور مؤثر انداز میں بیان کیا۔

اس کے علاوہ شرکا کی جانب سے کئے گئے مختلف سوالات کے جوابات بھی مفتی صاحب نے مدلل انداز میں دیئے۔ کورس کے اختتام پر مفتی محمد جمیل عطاری نے خصوصی دعا بھی کروائی۔


عالمی سطح پر تیز رفتار بدلتی ہوئی پیشہ ورانہ دنیا میں کامیابی حاصل کرنے اور ساتھ ساتھ  وقت توانائی اور توجہ کی اہمیت کو اُجاگر کرنے کے لئے 18 مئی 2025ء کو عالمی مدنی فیضانِ مدینہ کراچی میں ایک اہم پروفیشنلز Meet up کا انعقاد کیا گیا۔ اس منفرد سیشن میں شہر کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے انجینئرز، آئی ٹی پروفیشنلز، اور فنانس آفیسرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

میٹ اپ کا موضوع” Time, Energy, focus (Your Real Assets)“تھا جس پر نگران شعبہ پروفیشنلز فورم محمد ثوبان عطاری نے نہایت مؤثر انداز میں روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ آج کے دور میں اصل سرمایہ وقت، توانائی اور یکسوئی ہے اور جو فرد ان تین نعمتوں کی قدر کرتے ہوئے ان کا دُرست استعمال جانتا ہے، وہی کامیاب ہوتا ہے ، چاہے وہ دنیاوی معاملات ہوں یا دینی ذمہ داریاں۔

سیشن میں شرکا کو وقت کے بہتر استعمال، توانائی کے تحفظ، اور ڈیجیٹل دور کی مصروفیات میں فوکس برقرار رکھنے کے طریقے بھی سکھائے گئے۔ اس کے ساتھ ساتھ دینی ماحول میں زندگی گزارنے کے اصول اور پروفیشنل زندگی میں اسلامی اقدار کا نفاذ بھی زیرِ بحث آیا۔


دینِ اسلام کا ایک اہم رکن ”حج“ ہے جس کی ادائیگی کے لئے ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان مکہ مکرمہ زادہا اللہ شرفاً و تعظیماً آتے ہیں اور مقدس مقامات کی زیارت کر کے اپنے دلوں کو نورِ ایمانی سے منور کرتے ہیں۔

سال 2025ء میں حجِ بیت اللہ کی سعادت پانے والے خوش نصیب اسلامی بھائیوں کے لئے دعوتِ اسلامی کے تحت 27 اپریل 2025ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ”حج تربیتی اجتماع“ کا اہتمام کیا گیا جس میں عازمینِ حج سمیت دیگر عاشقانِ رسول کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

معلومات کے مطابق دوپہر تقریباً 2 بجے تلاوتِ قراٰن سے اجتماع کا آغاز کرنے کے بعد نعت خواں اسلامی بھائیوں نے حضور سرورِ کونین، حضور خاتم النبیین حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہِ اقدس میں نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔

بعدازاں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا اور حج کے حوالے سے مختلف امور پر عازمینِ حج کی تربیت و رہنمائی کی جن میں سے بعض درج ذیل ہیں:

٭ مکہ پہنچ کر سب سے پہلے کیا کرنا ہے؟٭ کس طرح احرام باندھنا ہے؟٭ سفرِ حج کی احتیاطیں کیا کیا ہیں؟٭ ایئر پورٹ کی احتیاطیں؟٭ منی و عرفات و مزدلفہ میں کس طرح جانا ہے؟٭وہاں کیا کرنا ہے؟٭حج کے فرائض کیا کیا ہیں؟٭واجبات کیا کیا ہیں ٭مقدس مقامات کی زیارت۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)

اس سا ل حج پر جانے والے خوش نصیب عازمینِ حج کے اعزاز میں دعوتِ اسلامی کی جانب سے 27 اپریل 2025ء  بروز اتوار عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں حج تربیتی اجتماع و محفلِ مدینہ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حج تربیتی اجتماع کا آغاز ظہر کی نماز کے بعد دوپہر تقریباً دو بجے (02:00 PM) تلاو ت و نعت سے ہوگا جس کے بعد انٹرنیشنل مبلغ و رکنِ شوریٰ مولانا الحاج عبدالحبیب عطاری حج کرنے کے حوالے سے شرکا کی تربیت فرمائیں گے۔ حج کے بارے میں قدم بقدم یعنی مکہ پہنچ کر سب سے پہلے کیا کرنا ہے؟ کس طرح احرام باندھنا ہے؟ سفرِ حج کی احتیاطیں کیا کیا ہیں؟ ایئر پورٹ کی احتیاطیں؟ منی و عرفات و مزدلفہ میں کس طرح جانا ہے ؟وہاں کیا کرنا ہے؟ حج کے فرائض کیا کیا ہیں؟واجبات کیا کیا ہیں؟ الغرض پورے سفرِ حج میں ہمیں کب، کیا اور کس طرح کرنا ہے؟ یہ سب کچھ مکمل تفصیلات کے ساتھ مولانا حاجی عبدالحبیب عطاری ہمیں بیان کریں گے۔

ظہر و عصر تک جاری رہنے والے اِس اجتماع میں مغرب کی نماز کے بعد تمام عازمینِ حج کو عشائیہ پیش کیا جائے گا جس کے بعد عشا کی نماز باجماعت ادا کی جائے گی۔ نمازِ عشا کی ادائیگی کے بعد تقریباً ساڑھے نو بجے (09:30 PM) محفلِ مدینہ کا آغاز ہوگا جس میں نگرانِ شوریٰ اور اراکین شوریٰ سمیت کثیر عاشقانِ رسول عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں اور امیر اہل سنت حضرت علامہ مولانامحمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ بیرونِ ملک سے بذریعہ مدنی چینل شرکت فرمائیں گے ۔

محفلِ مدینہ میں مدنی چینل کے معروف ثناخواں حضرات نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اور مدینے شریف کے متعلق کلام سنا کر حاضرین و ناظرین کے عشقِ رسول کومزید بڑھا ئیں گے۔

واضح رہے کہ حج تربیتی اجتماع اور محفلِ مدینہ میں عازمینِ حج کے علاوہ بھی اسلامی بھائی شرکت کر سکتے ہیں یعنی صرف عازمینِ حج کے لئے ہی ضروری نہیں بلکہ دیگر عاشقانِ رسول بھی آنا چاہیں تو وہ آسکتے ہیں بلکہ بعض وہ عاشقانِ رسول جو صرف حج کی تمنا رکھتےہیں اور ظاہری اسباب کے حساب سے حج کی طاقت نہیں رکھتے تو وہ اس محفل میں حاضر ہوکر حج و عمرہ کی دعا مانگتے ہیں۔ ایسے کئی اسلامی بھائی ہیں جو یہاں دعائیں کرنے کے صدقے میں حقیقی طور پر حاجی بن گئے اور اللہ پاک نے ان کے لئے اسباب پیدا فرمادیئے۔

تمام عاشقانِ رسول اس حج تربیتی اجتماع و محفلِ مدینہ میں ضرور بالضرور شرکت فرماکر اپنے لئے علمِ دین کا خزانہ حاصل کریں۔ 


دنیا کی مصیبتوں کی وجہ سے موت کی دعا اور تمنا کرنا جائز نہیں۔یہ کہنا تھا دعوتِ اسلامی کے بانی و امیر اہل سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہکا جو 10 شعبان شریف 1446ھ، 08 فروری 2025 ء کو ہونے والے ہفتہ وار مدنی مذاکرے میں عاشقانِ رسول سے گفتگو کررہےتھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کل لوگ دنیاوی آزمائش کا شکا رہوکر موت کی تمنا کرنے لگ جاتے ہیں کہ اِس سے اچھا تو مجھے موت آجاتی،حالانکہ موت کی دعا اگر دنیاوی مصیبتوں کی وجہ سے مانگی جائے تو اِس کو علمائے کرام نے ناجائز قرار دیا ہے۔

اُنہوں نے دنیاوی آزمائشوں اور تکالیف پر صبر و تحمل سے کام لینے اورجو نعمتیں میسر ہیں اُن پر اللہ پاک کا شکر ادا کرنے کا ذہن دیتے ہوئے عاشقانِ رسول کی مختلف اُمور پر رہنمائی فرمائی۔

مدنی مذاکرے کے دوران کالرز کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات بھی شامل کئے گئے جن کے امیر اہل سنت نے علم و حکمت سے بھرپور جوابات ارشاد فرمائے۔ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہزاروں عاشقانِ رسول نے آکر جبکہ درجنوں مقامات پر جمع ہوکر کثیر عاشقانِ رسول نے اجتماعی طور پر مدنی چینل کے ذریعے مدنی مذاکرے میں شرکت کی۔

واضح رہے کہ دعوتِ اسلامی کی جانب سے ہر ہفتے کی رات کو مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ مدنی مذاکرےکا مرکزی اجتماع عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہوتا ہے جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں، پاکستان کے مختلف شہروں اور بیرونِ ملک کے کئی ممالک میں دعوتِ اسلامی کے مدنی مراکز اور دیگر مقامات پر بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول جمع ہوکر مدنی مذاکرے میں شرکت کرتے اور علم دین کا خزانہ حاصل کرتے ہیں۔

یہ مدنی مذاکرہ دیکھنے کے لئے نیچے کلک کیجئے

Watch video