پچھلے دنوں کرنل افضال احمد بھون، ذوالفقار بھون اور سیکریٹری اطلاعات مسلم لیگ ن چوہدری زمان بھون کی والد ۂ مرحومہ کے لئے ایصالِ ثواب اجتماع کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات سمیت دعوتِ اسلامی کے ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر نگرانِ ڈسٹرکٹ حافظ آباد محمد وسیم عطاری نے سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے وہاں موجود عاشقانِ رسول کی دینی و اخلاقی اعتبار سے تربیت کی اور انہیں اسلامی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کا ذہن دیا۔

بعدازاں نگرانِ ڈسٹرکٹ نے اجتماع میں شریک مختلف شخصیات سے ملاقات کی اور انہیں دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کا وزٹ کرنے نیز ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں شرکت کرنے کی ترغیب دلائی۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)

گزشتہ روز کوٹ مٹھن پنجاب  کے علاقے نئی آبادی کی جامع مسجد مدینہ میں عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے شعبہ مدنی کورسز کے تحت 7 دن کا فیضانِ نماز کورس شروع کیا گیا جس میں قرب و جوار کے عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔

3 فروری 2023ء بروز جمعہ اس کورس کی آخری نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی علمائے کرام، شعبے کے ڈسٹرکٹ ذمہ دار، نگرانِ تحصیل مولانا ناظم عطاری مدنی اور علاقے کے سماجی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

دورانِ نشست شعبہ مدنی کورسز کے معلم محمد کامران عطاری مدنی نے شرکا کی دینی و اخلاقی تربیت کرتے ہوئے انہیں دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں شمولیت اختیار کرنے کا ذہن دیا جس پر انہوں نے جامعۃالمدینہ بوائز و امامت کورس میں داخلہ لینے اور 12 دینی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اچھی اچھی نیتیں کیں۔آخر میں شرکا کے درمیان اسناد و تحائف تقسیم کئے گئے۔(رپورٹ:مولانا محمد احمد سیالوی عطاری مدنی، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


اس پرفتن دور میں دینی کام کرتے ہوئے اپنی دینی و دنیاوی تعلیم کو جاری رکھنا اور اپنی اسکلز میں اضافہ کرنا  بڑی اہمیت کا حامل ہے نیز اپنے مسلمان بھائی کی خوشی میں شریک ہونا ہمارے بزرگانِ دین رحمہم اللہ المبین کا طریقۂ کار رہا ہے۔

اسی سلسلے میں پچھلے دنوں نگرانِ بہاولپور سٹی ڈاکٹر حافظ عبد الرؤف عطاری کی PHD مکمل ہونے پر نگرانِ بہاولپور ڈویژن قاری احمد رضا عطاری سمیت دیگر ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے انہیں مبارکباد پیش کی۔

نگرانِ ڈویژن نے ڈاکٹر حافظ عبد الرؤف عطاری کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں مزید بہتری لانے کا ذہن دیا اور اُن کے لئے دعائے خیر کروائی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ نگران بہاولنگر حافظ ناصر عطاری، ڈسٹرکٹ نگران رحیم یار خان، حاجی اشفاق عطاری اور دیگر اہم ذمہ داران موجود تھے۔(رپورٹ:احمد رضا عطاری، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)

پیرنٹ مینجمنٹ میٹنگ طلبۂ کی تعلیمی کامیابیوں، صلاحیتوں اور قابلیت پر تبادلۂ خیال کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی سیکھنے کی مشکلات اور مسائل کی تشخیص کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے۔والدین اور اسکول مینجمنٹ توقعات، چیلنجوں (Challenges) اور اسکول کے تجربے کو بہتر بنانے کے طریقوں پر گفتگو کرتے ہیں۔ یہ میٹنگز والدین کو یہ سمجھانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں کہ وہ اسکول سے باہر اپنے بچوں کے تعلیمی اور جذباتی مسائل کو کس طرح حل کر سکتے ہیں۔

دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم، گزری کیمپس میں پیرنٹ مینجمنٹ میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں طلبہ نے قرأت، نعت، تقاریر، خاکے اور سائنسی پراجیکٹ پیش کئے۔

بعدازاں دارالمدینہ کے صوبائی ذمہ دار مدنی رضا عطاری نے کہا کہ 2011 میں دعوتِ اسلامی نے جو پودا لگایا، آج وہ ایک تناور درخت بن چکا ہے۔اس وقت دارالمدینہ (پاکستان) کے98 کیمپسز میں 34 ہزار بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

اس کے علاوہ بیرونِ ممالک میں دارالمدینہ کے 44کیمپسز میں 9 ہزار سے زائد طلبہ دینی ماحول میں معیاری تعلیم حاصل کررہے ہیں۔مزید اُن کا کہنا تھا کہ اس سال کراچی بورڈ میں دارالمدینہ کے 76 فیصد بچوں نے اے ون اور اے گریڈز میں کامیابی حاصل کی۔

ہیڈ آف ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ محمد مدنی خان نے اس میٹنگ میں والدین کو بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے کئی مفید مشورے دیئے۔انہوں نے دورانِ گفتگو والدین سے کہا کہ وہ اپنے بچوں میں اچھی خوبیاں پروان چڑھانے کے لئے خود کو مثالی نمونہ بن کر دکھائیں۔ بچے والدین کو سنتے نہیں بلکہ انہیں دیکھتے ہیں،ان کی ہر بات کی نقل کرتے ہیں،بچوں کی بہتر تربیت کے لئے انہیں ٹائم دیجیے۔والدین کی بھرپور توجہ بچوں کا مستقبل سنوار سکتی ہے۔

 آخر میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کےرُکن و نگرانِ شعبہ دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک ایجوکیشنل سسٹم حاجی محمد اطہر عطاری نےوالدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا  کہ اپنے بچوں کو تین چیزیں سکھائیے۔۱پنے نبی صلی اللہ علیہ و سلم سے محبت، نبی کے اہل بیت سے محبت ، قرآن کریم کی محبت۔والدین غور کریں کہ ان کی وجہ سے سرکار صلی اللہ علیہ و سلم ، قرآن پاک اور اہل بیت کی محبت میں کتنا اضافہ ہورہا ہے، وہ اپنے بچوں میں یہ خوبیاں کتنی پروان چڑھارہے ہیں، رکنِ شوریٰ نے والدین کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ جس قدر نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کی محبت ہمارے دل میں ہوگی، ہم قرآن کریم کی تلاوت کریں گے،اسی قدر یہ خوبیاں ہمارے بچوں میں پروان چڑھیں گی ۔رکنِ شوریٰ نے والدین کو مختلف دینی ایام کے مواقع پر گھروں میں دینی سرگرمیاں منانے کی بھی ترغیب دلائی۔(رپورٹ: غلام محی الدین ترک، اردو کانٹینٹ رائٹر سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ، ہیڈ آفس کراچی، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)

پچھلے دنوں  سپنا سٹی سرگودھا روڈ فیصل آباد میں شیخ محمد ارشد کی والدہ کے انتقال پر اُن کے گھر دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن و نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری کی دیگر ذمہ داران کے ہمراہ آمد ہوئی۔

معلومات کے مطابق اس دوران نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری نے شیخ محمد ارشد اور مرحومہ کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے انہیں اللہ کی رضا پر راضی رہنے کی ترغیب دلائی۔

بعدازاں نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری نے وہاں موجود اسلامی بھائیوں کو صبر کی تلقین کی اور مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لئےفاتحہ خوانی اور دعا  بھی کروائی۔(رپورٹ:عبدالخالق عطاری نیوز فالواپ ذمہ دار نگران پاکستان مشاورت، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)

پچھلے دنوں  نیکی کی دعوت دینے کے سلسلے میں بلوچستان نیشنل پارٹی اختر مینگل گروپ کے رہنما سابق ناظم حب چوکی جمیل احمد گچکی سے صوبائی ذمہ دار محمد وقار عطاری نے دیگر ذمہ داران کے ہمراہ ملاقات کی۔

دورانِ ملاقات صوبائی ذمہ دارمحمد وقار عطاری نے جمیل احمد گچکی کو ملک و بیرون میں ہونے والے دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں کے حوالے سے بتایا اور انہیں عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی کا وزٹ کرنےکی دعوت پیش کی جس پر جمیل احمد گچکی نے اچھی اچھی نیتیں کیں۔

اس موقع پر قلات ڈویژن نگران لیاقت علی عطاری ، حب ڈسٹرکٹ نگران حاجی گل فام عطاری سمیت صوبائی ذمہ دار بھی ساتھ تھے۔ (رپورٹ: شعبہ رابطہ برائے شخصیات بلوچستان، کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


2 فروری 2023ء کو   شعبہ مدنی کورسز دعوتِ اسلامی کے تحت ڈویژن ذمہ دار سید فرقان عطاری نے کورسز ذمہ دار محمد حمزہ عطاری کے ہمراہ واہگہ ٹاؤن بھسین گاؤں کمیونٹی اسٹینڈرڈ اسکول لاہور کے پرنسپل اور آنر سے ملاقات کی ۔

دورانِ گفتگو ذمہ دار اسلامی بھائی نے نیکی کی دعوت پیش کرتے ہوئے اتھارٹی پرسنز کو دنیا بھر میں ہونے والی دعوتِ اسلامی کی دینی ،فلاحی اور تعلیمی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی نیز انہیں اپنے اسکول سمیت دیگر برانچز میں ہر ماہ 3 دن کے فرض علوم پر مشتمل کورسز رکھوانے کا ذہن دیا جس پر انہوں نے تعاسن کرنے کی اچھی نیت کا اظہار کیا۔ (رپورٹ:محمداحمدسیالوی عطاری ، کانٹینٹ: رمضان رضا عطاری)


مکتبۃ المدینہ العربیۃ دار تراث العلمي کے شعبہ عربی ڈیپارٹمنٹ کی کاوش اور دار الکتب العلمیہ بیروت کے تعاون سے  امیر ِاہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دامت برکاتھم العالیہ کی مایہ ناز تالیف نیکی کی دعوت عربی نام الدعوۃ الی الخیر دار الکتب العلمیۃ لبنان بیروت سے عربی زبان میں بھی پرنٹ ہوگئی ہے۔

دارالکتب العلمیہ مکتبہ کے تعاون سے یہ کتاب مختلف ممالک (کویت، شارجہ دوحۃ، جدۃ قاھرۃ، جزائر استنبول، ریاض اربیل طھران، مغرب ابوظہبی، عمان) کے مذکورہ معرض (BookFair ) میں بھی آپ کو دار الکتب العلمیہ مکتبہ کے اسٹال پر دستیاب ہوگی۔

الحمد للہ اس مکتبہ سے کتاب پرنٹ ہونے کے بعد یہ کتاب دنیا کے 82 ممالک میں دستیاب ہوتی ہے، ان کتابوں کے ذریعے دعوتِ اسلامی کا تعارف عوامِ عرب کے ساتھ ساتھ خواصِ عرب میں بھی ہورہا ہے، یقیناً یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے جوکہ امیرِ اہلِ سنت دامت برکاتہم العالیہ کے خلوص و استقامت کا نتیجہ ہے۔

اسی طرح مکتبۃ المدینہ العربیۃ دار تراث العلمي کے شعبہ درسی کتب (المدینۃ العلمیہ) کی کاوش اور دار الفجر سوریا کے تعاون سے ایک اور درسی کتاب زبدۃ الاتقان فی علوم القرآنتحقیق، تخریج، تصحیح اور تدقیق کے ساتھ دار الفجر (سوریا شام) سے پرنٹ ہوگئی ہے نیز یہ تمام کام استاذ الحدیث مولانا کامران احمد عطاری مدنی نے انجام دیا ہے۔

معلومات کے مطابق  یہ مولانا کامران احمد عطاری مدنی کی دوسری کتاب ہے جو کہ عالمِ عرب سے شائع ہوئی ہے۔ 2023ء میں  دار الفجر مکتبہ کے تعاون  سے یہ کتاب مختلف (کویت، شارجہ دوحۃ ،جدۃ  قاھرۃ ،جزائر استنبول، ریاض اربیل طھران، مغرب ابوظہبی، عمان) ممالک کے  مذکورہ معرض (BookFair ) میں بھی آپکو دار الفجر  کے اسٹال پر دستیاب ہوگی۔

مسلمانوں کے ایمان،عقائد و نظریات کی حفاظت کرنے والی عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کی طرف سے 01 فروری  2023ء کو ڈسٹرکٹ میرپورخاص میں سیکھنے سکھانے کے حلقے کاانعقاد ہوا جس میں میرپورخاص سٹی کے سیاسی، سماجی تاجر اور پروفیشنل افراد نے شرکت کی۔

مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی اسد عطاری مدنی نے’’رجب شریف کی بہاروں ‘‘ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا جس میں شرکا کو دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والے 12 دینی کام کرنے کا ذہن دیا جس پر انہوں نے نیک خیالات کا اظہار کیا۔ (رپورٹ: فرحان عطاری ڈویژن ذمہ دار شعبہ ڈونیشن بکس ، کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری) 


کوٹھی اسٹاپ مناواں یوسی واہگہ ٹاؤن لاہورمیں قائم مدنی مرکز فیضانِ مدینہ مسجد میں2 فروری 2023ء کو سیکھنے سکھانے کے حلقے کاانعقاد ہوا جس میں علاقے کے اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

حلقے میں شریک اسلامی بھائیوں کو لاہور ڈویژن کورسز کے ذمہ دار سید فرقان عطاری نے بزرگانِ دین کی دین کے لئے اپنے جان ،مال اور وقت کی قربانیاں بیان کرتے ہوئے انہیں بھی اسلاف کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے دینی کاموں کے لئے وقت دینے اورفرض علوم سیکھنے کا ذہن دیا جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتیں کیں۔(رپورٹ:محمداحمدسیالوی عطاری ، کانٹینٹ: رمضان رضا عطاری)


سرزمینِ ہِند کے لوگوں کو نورِ ہدایت سے روشناس کروانے اور ان کے عقائدواعمال کی اِصلاح کرنے والے بُزرگانِ دین میں حضرت خواجہ مُعینُ الدین سیّدحسن چشتی اجمیری رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِ کا نام بہت نُمایاں ہے۔آپ رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِ نے یہاں رہنے والے لوگوں کو اپنے علم، عمل اور مال سے فائدہ پہنچایا۔

آپ رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِ کی یاد میں عاشقان ِ رسول کی ایک کثیر تعداد رجب المرجب میں آپ رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِ کا عرس مناتی ہے جہاں آپ رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِ کا ذکر ِخیر کیا جاتا ہے اورآپ رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِ کی سیرت و کردار،علمیت، جد و جہد اورخدمت خلق پر روشنی ڈالی جاتی ہے۔

عرس حضرت خواجہ معین الدین چشتی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِ کے موقع پر دارالمدینہ ہیڈ آفس میں ہونے والی خصوصی محفل میں دارالمدینہ ہیڈ آفس سے وابستہ اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

اس پروقار محفل میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس ِ شوریٰ کے رُکن حاجی فضیل رضا عطاری نے سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے فرمایاکہ اولیا ئے کرام علیہم الرضوان کو اللہ کا قرب خاص نصیب ہوتا ہے کیوں کہ وہ اللہ کے فرماں بردار ہوتے ہیں، گناہوں سے محفوظ ہوتے ہیں، ان کی زندگی کا کوئی لمحہ نیکی سے خالی نہیں ہوتا۔ان کا کھانا، سونا،چلنا، پھرنا،بیٹھنا، اٹھنا،ان کا ہر کام عبادت ہوتا ہے۔ اولیائے کرام علیہم الرضوان کے خوفِ خدا کا یہ عالم ہوتا ہے کہ وہ خود کو کچھ نہیں سمجھتےہیں، ہمہ وقت عاجزی و انکساری کا پیکر نظر آتے ہیں۔

رکنِ شوریٰ نے توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ آج ہماری یہ حالت ہے کہ کوئی لمحہ گناہوں ،غفلت اورفضول گوئی سے خالی نہیں۔یاد رکھیے اللہ عزوجل کی ہمارے بارے میں خفیہ تدبیر کیا ہے یہ ہم نہیں جانتے،ہمیں نہیں معلوم کہ ہمارا ایمان سلامت رہے گا یا نہیں، ہماری موت کس طرح آئے گی، ہمیں کچھ بھی نہیں پتا۔اگر ہمارا رب ہم سے ناراض ہوگیا تو ہم کہیں کے نہ رہیں گے۔اس لئے ہمیں اپنے اخلاق و کردار کی درستی کرنی چاہیے۔آخر میں رکنِ شوریٰ نے محفل میں موجود اسلامی بھائیوں کو دعوتِ اسلامی کے دینی کام کرنے کی ترغیب بھی دلائی۔(رپورٹ: غلام محی الدین ترک، اردو کانٹینٹ رائٹر سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ، ہیڈ آفس کراچی، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے شعبہ مدنی کورسز کے تحت 2 فروری 2023ءکو جامع مسجد فیضان ِمدینہ کوٹھی اسٹاپ مناواں یوسی واہگہ ٹاؤن لاہور میں مدنی مشورہ ہوا جس میں شعبہ  مدنی کورسز کے ذمہ داران و معلمین نے شرکت کی۔

لاہور ڈویژن کورسز ذمہ دار سید فرقان الحق عطاری نے اسلامی بھائیوں کو شعبے مدنی کورسز کے تحت ہونے والے دینی کا م اچھے انداز سے کرنے کا طریقہ سمجھایا اور زیادہ سے زیادہ مقامات پر کورسز کروانے کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا۔ (رپورٹ:محمداحمدسیالوی عطاری ، کانٹینٹ: رمضان رضا عطاری)