سرزمینِ ہِند کے لوگوں کو
نورِ ہدایت سے روشناس کروانے اور ان کے
عقائدواعمال کی اِصلاح کرنے والے بُزرگانِ دین میں حضرت خواجہ مُعینُ الدین سیّدحسن چشتی اجمیری رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِ کا نام بہت نُمایاں ہے۔آپ رَحْمَۃُ
اللہِ عَلَیْہِ نے یہاں رہنے والے لوگوں کو اپنے
علم، عمل اور مال سے فائدہ پہنچایا۔
آپ رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِ کی یاد میں عاشقان ِ رسول کی ایک کثیر تعداد
رجب المرجب میں آپ رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِ کا عرس مناتی ہے جہاں آپ رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِ کا ذکر ِخیر کیا جاتا ہے اورآپ رَحْمَۃُ
اللہِ عَلَیْہِ کی سیرت و کردار،علمیت، جد و جہد
اورخدمت خلق پر روشنی ڈالی جاتی ہے۔
عرس حضرت خواجہ معین الدین
چشتی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِ کے موقع پر دارالمدینہ ہیڈ آفس میں
ہونے والی خصوصی محفل میں دارالمدینہ ہیڈ آفس سے وابستہ اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔
اس پروقار محفل میں دعوتِ
اسلامی کی مرکزی مجلس ِ شوریٰ کے رُکن حاجی فضیل رضا عطاری نے سنتوں بھرا بیان کرتے
ہوئے فرمایاکہ اولیا ئے کرام علیہم الرضوان کو اللہ
کا قرب خاص نصیب ہوتا ہے کیوں کہ وہ اللہ کے فرماں بردار ہوتے ہیں،
گناہوں سے محفوظ ہوتے ہیں، ان کی زندگی کا کوئی لمحہ نیکی سے خالی نہیں ہوتا۔ان کا
کھانا، سونا،چلنا، پھرنا،بیٹھنا، اٹھنا،ان کا ہر کام عبادت ہوتا ہے۔ اولیائے کرام علیہم
الرضوان کے
خوفِ خدا کا یہ عالم ہوتا ہے کہ وہ خود کو
کچھ نہیں سمجھتےہیں، ہمہ وقت عاجزی و انکساری کا پیکر نظر آتے ہیں۔
رکنِ شوریٰ نے توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ آج ہماری
یہ حالت ہے کہ کوئی لمحہ گناہوں ،غفلت اورفضول گوئی سے خالی نہیں۔یاد رکھیے اللہ عزوجل کی ہمارے بارے میں خفیہ تدبیر کیا
ہے یہ ہم نہیں جانتے،ہمیں نہیں معلوم کہ ہمارا ایمان سلامت رہے گا یا نہیں، ہماری
موت کس طرح آئے گی، ہمیں کچھ بھی نہیں پتا۔اگر ہمارا رب ہم سے ناراض ہوگیا تو ہم کہیں کے نہ رہیں گے۔اس
لئے ہمیں اپنے اخلاق و کردار کی درستی کرنی چاہیے۔آخر میں رکنِ شوریٰ نے محفل میں موجود اسلامی بھائیوں کو دعوتِ اسلامی کے دینی کام کرنے کی
ترغیب بھی دلائی۔(رپورٹ: غلام محی الدین ترک، اردو کانٹینٹ رائٹر سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ
دارالمدینہ، ہیڈ آفس کراچی، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)