میڈیکل یونیورسٹی ملتان میں میلاد
النبی کی مناسبت سے اجتماع کا انعقاد
دعوتِ
اسلامی کے شعبہ میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام 02 ستمبر 2026ء بروز بدھ، نشتر میڈیکل
یونیورسٹی ملتان کے اسمبلی ہال میں ”میلاد
النبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم“ کے سلسلے میں
سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مرکزی عنوان ”اسوۂ حسنہ کی
روشنی میں ہمارا کردار (Our Character
in Light of Uswa-e-Hasanah)“ تھا
جس سے نگرانِ شوریٰ دعوتِ اسلامی مولانا حاجی محمدعمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ
العالی نے خصوصی بیان کیا۔ تقریب میں سینئر پروفیسرز،
کنسلٹنٹ ڈاکٹرز، ہسپتال کےاونرز اور ایم بی بی ایس کے اسٹوڈنٹس نے بڑی تعداد میں
شرکت کی۔
نگرانِ
شوریٰ نے اپنے بیان کے دوران بتایا کہ 2 0ستمبر کو ”یومِ دعوتِ اسلامی“ کی
مناسبت بھی حاصل ہے، کیونکہ 1981ء میں امیرِ اہل سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اس دینی و اصلاحی تحریک کا آغاز کیا
تھا اور آج اسے 45 سال مکمل ہو چکے ہیں۔ اِن 45 برسوں میں یہ دینی تحریک دنیا کے
تقریباً 190 ممالک میں پھیل چکی ہے، جہاں فیضانِ مدینہ، جامعۃ المدینہ، مدرسۃ المدینہ،
دار المدینہ اور خواتین کے لیے فیضانِ صحابیات جیسے عالمی شعبہ جات قائم ہیں۔
ڈاکٹرز
کی تربیت اور پیشہ ورانہ اخلاقیات پر بات کرتے ہوئے مولانا عمران عطاری نے کہا کہ
ڈاکٹرز مریضوں کو محض ”کلائنٹ“ یا ”کسٹمر“ سمجھ کر صرف بینک بیلنس
بنانے کی فکر نہ کریں، بلکہ طب کا شعبہ انسانوں کی حقیقی خدمت اور اللہ کی رضا کا
بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے انسان اور ڈاکٹرز کی بے بسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ
تمام تر جدید مشینری اور ٹیکنالوجی کے باوجود ایک وقت ایسا آتا ہے جب ڈاکٹر بھی یہی
کہنے پر مجبور ہو جاتا ہے کہ ”اب صرف دعا کریں“۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ
انسان چاہے کتنا ہی ماہر کیوں نہ ہو، اصل قدر و اختیار صرف اللہ عَزَّوَجَلَّ
کے
پاس ہے۔
بیان
میں دورِ حاضر کے سوشل میڈیا چیلنجز اور اخلاقی تنزلی پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
نگرانِ شوریٰ نے بتایا کہ دعوتِ اسلامی اپنے ”مدنی چینل“ اور سوشل میڈیا کے ذریعے (جس
پر 7 کروڑ سے زائد فالوورز ہیں) مثبت اسلامی تعلیمات عام کر رہی ہے۔ فحش
اور منفی کارٹونز کے سدِباب کے لیے بچوں کے لیے اسلامی اور اخلاقی Cartoons
تیار کیے گئے ہیں۔ مدنی کلینکس کے ذریعے کم سے کم خرچ پر علاج معالجے کے ساتھ ساتھ
زلزلہ، سیلاب اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔ دعوتِ
اسلامی کے دینی و اخلاقی ماحول کی برکت سے 2026ء تک 30 سے 35 ہزار سے زائد غیر
مسلم اسلام قبول کر چکے ہیں۔
تقریب
کے اختتام پر نگرانِ شوریٰ نے تمام حاضرین کو اسوۂ حسنہ پر عمل کرنے، مساجد کو
آباد کرنے اور اپنے پیشہ ورانہ شعبوں میں ایمانداری و شفقت کا مظاہرہ کرنے کی تلقین
کی۔آخر میں صلوۃ و سلام اور دعا پڑھی گئی۔
Dawateislami