دنیا بھر میں ہر سال 23 ستمبر کو International Day of Sign Languages (عالمی یومِ اشاروں کی زبان) منایا جاتا ہے جس کا بنیادی مقصد اشاروں کی زبان کی اہمیت کو اجاگر کرنا، سماعت سے محروم افراد کے لیے مؤثر رابطے کے مواقع پیدا کرنا اور معاشرے میں ان کی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔

اس موقع پر دعوتِ اسلامی کے اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے خصوصی افراد تک دینی تعلیمات، اسلامی معلومات اور اصلاحی پیغامات پہنچانے کے لیے مختلف خدمات انجام دی جا رہی ہیں:

ترجمانی کا خصوصی انتظام: دینی اجتماعات، مدنی مذاکروں اور مختلف پروگرامز میں اشاروں کی زبان میں ترجمانی کا انتظام کیا جاتا ہے تاکہ سماعت سے محروم افراد بھی دینی بیانات سے استفادہ کر سکیں۔

اشاروں کی زبان میں دینی کُتُب و رسائل: خصوصی افراد کی دینی رہنمائی کے لیے کُتُب و رسائل شائع کیے گئے ہیں جن میں ”باتصویر نماز کا طریقہ(حصہ اول و دوم) “،”باتصویر وضو کا طریقہ“، ”باتصویر حج و عمرہ کا طریقہ“ اور باتصویر کلام ”نور والا آیا ہے“شامل ہیں۔ ان مطبوعات میں ضروری دینی احکام کو تصاویر اور اشاروں کی زبان کے ذریعے آسان انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

اشاروں کی زبان سیکھنے کے کورسز: عام افراد کے لیے 7 دن پر مشتمل ”اشاروں کی زبان کورس“ کروایا جاتا ہے جس میں روزمرہ زندگی کے ایک ہزار (1,000) سے زائد اشارے سکھائے جاتے ہیں اور شرکا کو سرٹیفکیٹ دیئے جاتے ہیں تاکہ وہ اشاروں کی زبان سیکھ کر خصوصی افراد سے مؤثر انداز میں رابطہ کرسکیں ۔ اسی طرح دعوتِ اسلامی کے شعبہ فیضان آن لائن اکیڈمی بوائز کے ذریعے ایک ماہ کا آن لائن اشاروں کی زبان کورس بھی کروایا جاتا ہے جس کے اختتام پر شرکا کو سرٹیفکیٹ فراہم کیا جاتا ہے یوں گھر بیٹھے اشاروں کی زبان سیکھنے کے مواقع بھی میسر آتے ہیں۔

ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور موبائل ایپ: Special Persons Dawateislami کے نام سے یوٹیوب، فیس بک، واٹس ایپ، ٹک ٹاک، انسٹاگرام اور ویب سائٹ پر 5 ہزار سے زائد ویڈیوز موجود ہیں۔ نیز، اسپیشل پرسنز موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے بھی خصوصی افراد کے لیے دینی مواد فراہم کیا جا رہا ہے نیز اسپیشل پرسنز موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے بھی خصوصی افراد کے لیے دینی مواد فراہم کیا جا رہا ہے۔(رپورٹ: سید عمیر عطاری نگرانِ اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)