دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام یکم ستمبر 2026ء کو فور سیزنز ہال، نثار صدیقی روڈ IBAسکھر میں ”عظیم الشان مولدُ النبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سیمینار“ کا انعقاد کیا گیا جس میں نگرانِ مرکزی مجلسِ شوریٰ مولانا حاجی عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے خصوصی شرکت کی اور بیان فرمایا۔

اس تقریب میں IBAسکھر کے پرو وائس چانسلر، فیکلٹی ممبران، اساتذہ کرام اور یونیورسٹی کے طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور نگرانِ شوریٰ کے خیالات و نصائح سے مستفید ہوئے۔ اس موقع پر نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری اور رکن شوریٰ حاجی محمد علی عطاری بھی موجود تھے۔

نگران شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ نوجوانوں، بالخصوص یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سیرتِ مبارکہ کو زندگی کے تمام شعبوں میں مشعلِ راہ بنایا جائے، عصرِ حاضر میں جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ اسلامی اقدار، کردار سازی اور خوفِ خدا کے فروغ کی ضرورت کو اُجاگر ہماری ذمہ داری ہے، اس کے علاوہ طلبہ کو نصیحت کی گئی کہ وہ اپنی سائنسی و دنیاوی تعلیم کو معاشرے اور دین کی خدمت کا ذریعہ بنائیں۔

سیمینار کے اختتام پر امتِ مسلمہ کی سلامتی، ملک و ملت کی ترقی، اور ساری زندگی صراطِ مستقیم پر قائم رہنے کے لیے دعا کی گئی۔ IBA کے انتظامیہ اور طلبہ نے تقریب کے انعقاد کو بے حد سراہا اور اسے ایک یادگار و برکت والی نشست قرار دیا۔