6 اگست 2026ء کو دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام تاج پیلس جہلم میں استقبالِ ربیع الاول کے سلسلے میں ایک عظیم الشان سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا  جس میں بالخصوص اسپیشل پرسنز (گونگے، بہرے اور نابینا افراد) کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق اجتماعِ پاک میں تلاوتِ قراٰن اور نعت رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلم کے بعد مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی وقار المدینہ عطاری نے ” عشقِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و اٰلہ و سلمکے عنوان پر ایمان افروز بیان کیا۔

اسپیشل پرسنز کی آسانی اور سہولت کے لیے پورے اجتماع کی اشاروں کی زبان (Sign Language) میں ترجمانی کی گئی جس کے تحت نعت شریف اور بیان کی ترجمانی نگرانِ مجلس اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ سید عمیر ہاشمی عطاری، ذکر کی ترجمانی ڈویژن ذمہ دار راولپنڈی عبدالقیوم عطاری اور اختتامی دعا کی ترجمانی صوبائی ذمہ دار وقاص عطاری نے سرانجام دی۔

اجتماع کے اختتام پر تمام حاضرین اور بالخصوص اسپیشل پرسنز کے لیے لنگرِ رضویہ (کھانے) کا اہتمام کیا گیا۔(رپورٹ: عبد القیوم عطاری ڈویژن ذمہ دار راولپنڈی اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)