پچھلے دنوں عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام مانچسٹر کے علاقے وکٹوریا پارک میں واقع سینٹرل جامع مسجد میں سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں قرب و جوار کے مختلف شہروں سے بزنس کمیونٹی اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے عاشقانِ رسول نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجتماع میں اراکین شوریٰ حاجی محمد رفیع عطاری اور حاجی خالد عطاری سمیت نگرانِ یوکے مشاورت، یوکے، فرانس، ہنگری، اٹلی اور دیگر یورپی ممالک سے تشریف لائے ہوئے یورپی سطح کے ذمہ داران اور مبلغینِ دعوتِ اسلامی بھی خصوصی طور پر موجود تھے۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد بارگاہِ رسالت میں نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پیش کی گئی۔ اجتماع سے مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ”موت، قبر اور آخرت کی تیاری“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا۔ نگرانِ شوریٰ نے اپنے بیان میں حاضرین کو آخرت کی تیاری سے غافل نہ ہونے کی ترغیب دیتے ہوئے فرمایا ”کوئی بھی بشر اپنی موت سے آگاہ نہیں ہے، لیکن ہمارا معاملہ یہ ہے کہ ہم دنیا میں سو برس کی لمبی تیاری کررہے ہوتے ہیں۔ ہم طویل امیدوں کے ساتھ زندگی گزاررہے ہوتے ہیں کہ اچانک موت کا وقت آپہنچتا ہے اور اس وقت پچھتاوے کے سوا ہمارے ہاتھ کچھ نہیں آتا۔ آخری لمحے میں انسان کی یہی خواہش ہوتی ہے کہ کاش! میں نے کچھ تیاری کرلی ہوتی، مگر تب بہت دیر ہوچکی ہوتی ہے“۔

دورانِ اجتماع دینِ متین کی خدمت کرنے، نیکیوں کی دعوت عام کرنے اور آخرت کا توشہ جمع کرنے کے لئے شرکا کو خصوصی طور پر ترغیب دلائی گئی کہ وہ انگلینڈ کے علاقے نیوآرک شوگراؤنڈ (Newark Showground) میں ہونے والے آئندہ عظیم الشان اجتماع میں ضرور شرکت کریں اوریوکے میں اس کی دعوت عام کریں ۔ یہ اجتماع رواں سال 18، 19 اور 20 ستمبر 2026ء کو منعقد ہوگا۔

آخر میں امتِ مسلمہ کے اتحاد، دنیا و آخرت کی بھلائی اور دینِ اسلام کی سربلندی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔