دعوتِ اسلامی (پاکستان) اور یوگنڈا کے جامعات کے درمیان مجوزہ تعلیمی شراکت داری کے تحت مشترکہ تحقیق، فیکلٹی کی ترقی اور بین الاقوامی طلبہ کے تبادلے کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔

معلومات کے مطابق دارالمدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی (دعوتِ اسلامی) اسلام آباد کے چانسلر اور دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن مولانا حاجی محمد جنید عطاری مدنی نے 24 اکتوبر 2026ء کو ایک وفد کے ہمراہ کامپالا (یوگنڈا) میں گابا مین کیمپس (Gaba Main Campus) کا دورہ کیا اور کامپالا یونیورسٹی کے بانی و وائس چانسلر پروفیسر بدرو ڈنگو کتیر یگا سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران ایک مجوزہ مفاہمتی یادداشت (MoU) کے ذریعے عملی تعلیمی شراکت داری قائم کرنے کے بنیادی نکات پر تبادلۂ خیال کیا گیا جس میں مشترکہ تحقیق، فیکلٹی اور طلبہ کے تبادلے کے پروگرامز کو ترجیح دی گئی۔ اس کے علاوہ تعلیمی ترقی، ادارہ جاتی انتظامی امور اور دونوں جامعات کے مابین علم کے تبادلے کے مواقع پر بھی کلام کیا گیا ۔

اس موقع پر چانسلر مولانا حاجی محمد جنید عطاری مدنی نے دعوتِ اسلامی اور دارالمدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے بین الاقوامی تعلیمی اقدامات پر روشنی ڈالی جبکہ وفد کی جانب سے دنیا بھر میں دعوتِ اسلامی کی دینی، تعلیمی اور فلاحی سرگرمیوں سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔

کامپالا یونیورسٹی کے بانی و وائس چانسلر پروفیسر بدرو ڈنگو کتیر یگا نے اس باہمی تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے ادارہ جاتی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔ چانسلر مولانا حاجی محمد جنید عطاری مدنی نے انہیں پاکستان میں منعقد ہونے والے دعوتِ اسلامی کے بین الاقوامی اجتماع میں شرکت کی دعوت بھی پیش کی جسے انہوں نے قبول کیا۔(رپورٹ: ابراراحمد عطاری کیمرہ مین سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ کنزالمدارس بورڈ فیصل آباد، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)