شارح کا نام: علامہ محمود محمد خطاب السبکی رحمۃُ اللہِ علیہ

تحقیق و تصحیح: امین محمود محمد خطاب (مصنف کے صاحبزادے نے حصہ ششم کے بعد کام کیا )

ناشر: مطبعۃ الاستقامہ، قاہرہ (مصر)

اشاعت: پہلی طباعت ۱۳۵۱ھ تا ۱۳۵۳ھ

بعد میں مصر اور بیرونِ ملک کی مختلف مطابع نے اس کی نقل (تصویر) شائع کی، جن میں سے بعض نے غلطی سے ”الطبعۃ الثانیۃ “ لکھ دیا حالانکہ وہ پہلی طباعت ہی کی نقل تھی۔

ٹوٹل مجلدات:10 جلدوں پر مشتمل ہے۔

اہم نوٹ:

۞ ہر جلد کے آخر میں اہم تصحیحات اور استدراکات شامل ہیں، جن سے استفادہ کرنا مفید ہے۔

۞یہ شرح باب الہَدْی من المناسک (یعنی حج کے ابواب) تک پہنچ کر ختم ہوتی ہے، کیونکہ مصنف اسی دوران وفات پا گئے۔

۞آپ رحمۃ اللہ علیہ کے صاحبزادے امین محمود محمد خطاب نے اس کی تکمیل کے طور پر ایک نیا حصہ لکھا: فتح الملك المعبود تكملة المنهل العذب المورود جو کتاب الطلاق کے آخر تک پہنچتا ہے۔یہ تکملہ چار جلدوں میں شائع ہوا۔مگر وہ بھی وفات کے باعث اسے مکمل نہ کر سکے۔

یوں ”المنهل العذب المورود“ اور ”تکملہ فتح الملك المعبود“ مجموعی طور پر سنن ابی داؤد کے تقریباً آدھی احادیث پر مشتمل شرح ہے۔

شرح کی خصوصیات

۞راویوں کی سوانح کو بیان کیا گیا ہے۔

۞احادیث کے الفاظ کی شرح اور اس كے معانی کو واضح کر کے بیان کیا گیا ہے۔

۞ احادیث سے حاصِل ہونے والے احکام و فوائد کو بیان کیا گیا ہے۔

۞اگر کسی حدیث میں کوئی اختلاف ہے تو اختلاف کے پہلوؤں کو واضح کر کے بیان کیا گیا ہے۔

۞ حدیث کی تخریج بیان کرتے ہیں خواہ وہ ائمۂ ستہ میں سے ہوں یا اِن کے علاوہ ہے تو اس نے کس سے نقل کی ہے؟اس کو بیان کیا گیا ہے۔

۞حدیث کی سند کی حیثیت بیان کرتے ہیں ،مثلاً :حدیث صحیح ،حسن ہے یا کوئی اور درجہ رکھتی ہے۔

(المنہل العذب المورود شرح سنن ابی داؤد،جلد:1،صفحہ:3،مطبوعۃ الاستقامۃ، القاهرة - مصر)

محمود بن محمد سبکی رحمۃُ اللہِ علیہ کا تعارف

کنیت : ابو محمد

القابات: ٭الامام الجليل ٭ المحقق ٭العارف الربانی ٭ المدقق٭محی السنۃ٭ قامع البدعۃ٭ صاحب الفضيلۃ اور ٭الارشاد الشيخ

نام: محمود بن محمد بن احمد بن خطاب السبکی

ولادت: ۱۲۷۴ھ (1857ء) میں پیدا ہوئے۔

مقلد :علامہ محمود خطاب السبکی رحمۃُ اللہِ علیہ فقیہِ مالکی اور ازہری عالم تھے۔

مقامِ پیدائش:آپ رحمۃُ اللہِ علیہ کی پیدائش مصر کے صوبہ منوفیہ کے ایک گاؤں سبك الاحد (قریہ اشمون) میں ہوئی۔

دینی تعلیم:ابتدائی تعلیم کے بعد آپ رحمۃُ اللہِ علیہ نے جامعۃ الازہر سے اعلیٰ دینی تعلیم حاصل کی، وہیں آپ رحمۃُ اللہِ علیہ بڑے عالم بنے اور تدریس کے فرائض انجام دیتے رہے۔

اصلاحی تنظیم کی بنیاد:آپ رحمۃُ اللہِ علیہ نے ”الجمعية الشرعية“ کے نام سے ایک مشہور دینی و اصلاحی تنظیم قائم کی اور سنہ ۱۳۳۱ھ سے ۱۳۵۲ھ تک اس کے صدر رہے۔یہ انجمن عوامی اصلاح، دینی تعلیم اور سنت کی ترویج میں بہت مؤثر ثابت ہوئی۔

تصوف:علامہ سبکی رحمۃُ اللہِ علیہ تصوف کی ایک معروف سلسلہ سے بھی وابستہ تھے ۔

وفات: آپ رحمۃُ اللہِ علیہ کا انتقال ۱۳۵۲ھ (1933ء) کو قاہرہ (مصر) میں ہوا۔

تصنیفات:آپ رحمۃُ اللہِ علیہ نے مختلف دینی موضوعات پر کئی اہم تصنیفات کیں، جن میں سے چند یہ ہیں:

۞الدین الخالص

یہ 6 جلدوں پر مشتمل عظیم دینی تصنیف، جسے ”ارشاد الخلق الى دين الحق“ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔یہ کتاب خالص دینِ اسلام کی تعلیمات اور اصلاحِ عقائد پر مبنی ہے۔

۞تحفۃ الابصار والبصائر، فی بيان كيفية السير مع الجنازة الى المقابر

جنازے کے ساتھ قبرستان تک جانے کے آداب و احکام پر مفصل رسالہ ہے ۔

۞الرسالة البديعة الرفيعة، في الرد على مَن طغى فخالف الشريعة

ایک فتاویٰ نما رِسالہ ہے، جس میں مختلف بدعات و انحرافات کی تردید کی گئی اور سنت کے مطابق عمل کی ترغیب دی گئی ہے۔

۞غاية التبيان، لما به ثبوت الصيام والافطار في شهر رمضان

رؤیتِ ہلال اور رمضان المبارک کے روزے و افطار کے ثبوت سے متعلق ایک مفصل تحقیقی کتاب۔

۞المنهل العذب المورود شرح سنن ابي داؤد

۞فصل القضية في المرافعات وصور التوثيقات والدعاوي الشرعية

یہ قضایا و عدالت سے متعلق کتاب ہے، جس میں شرعی دعوؤں، دستاویزات اور عدالت کے اصول و طریقۂ کار کو بیان کیا گیا ہے۔

(الاعلام خير الدين ، الزركلی الدمشقی، جلد:7، صفحہ:186، مطبوعہ:دار العلم للملايين)

از قلم: ابو مبین محمد امین مدنی