ملک و بیرون ملک میں قائم مدنی مراکز میں اجتماعات منعقد ہوں گے جبکہ مدنی قافلے بھی سفر کریں گے۔یوم دعوت اسلامی  ،یوم رضا اور جشن میلاد النبیﷺمنانے کے لئے فیضان مدینہ میں مدنی مشورہ۔اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمٰن کے ایصال ثواب کے لئے کروڑوں مرتبہ سورۃ اخلاص پڑھنے کا اہداف۔یومِ دعوتِ اسلامی پر گھروں پر جھنڈے اور جشن ِمیلاد پر چراغاں کیا جائے، مولانا عمران عطاری۔

دعوتِ اسلامی کا 1981ء سے شروع ہونیوالا سفر اپنی تمام تر کامیابی و کامرانیوں کو لے کر آگے کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اس بیالیس سالہ سفر میں 80 سے زائد شعبہ جات بنانا اور اس کے ذریعے دینی و فلاحی کام کرنے کا اعتراف ملک و بیرون ملک کی اہم شخصیات بھی کرتی ہیں، گزشتہ سالوں کی طرح امسال بھی 2 ستمبر2023ء کو یومِ دعوتِ اسلامی دنیا بھر میں دھوم دھام سے منایا جائے گا جس کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں ، اس سلسلے میں پاکستان بھر میں قائم مدنی مرکز فیضان مدینہ میں سنتوں بھرے اجتماعات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں اراکینِ شوریٰ و مبلغین دعوتِ اسلامی کی دینی و فلاحی خدمات سے متعلق آگاہ کریں گے، جبکہ امیر اہل سنت دامت برکاتہم العالیہ کے فرمان پر عاشقانِ رسول اسی خوشی میں شہر شہر ، گاؤں گاؤں نیکی کی دعوت کو عام کرنے کے لئے مدنی قافلوں میں سفر اختیار کریں گے ۔

یوم ِدعوت اسلامی کی تیاریوں کے حوالے سے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں کراچی سٹی مشاورت کے ذمہ داران کا مدنی مشورہ ہوا جس میں اراکینِ شوریٰ حاجی فضیل رضا عطاری، حاجی محمد اطہر عطاری، شعبہ ذمہ داران، ڈویژن و ڈسٹرکٹ نگران ، ٹاؤن نگران اور یوسی نگران سمیت دیگر عاشقان رسول شریک ہوئے ، مدنی مشورے میں نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری نے 2 ستمبر 2023ء کو یومِ دعوت اسلامی اور یومِ رضا اور جشنِ عید میلاد النبی دھوم دھام سے منانے اور امیر اہل سنت کے 12 مدنی مذاکروں میں شرکت سے متعلق اہم نکات پر گفتگوکی، نگران ِشوریٰ نے اسلامی بھائیوں کو یومِ دعوت اسلامی کی مناسبت سے اپنے گھروں میں دعوتِ اسلامی کے جھنڈے لگانے اور بالخصوص مدنی قافلوں میں سفر کرنے سے متعلق ترغیب دی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ نگرانوں کی جانب سے یوم ِرضا پر اعلیٰ حضرت کو ایصال ثواب کے لئے کروڑوں سورۃُ لاخلاص پڑھنے ، یوم ِ دعوتِ اسلامی اور جشنِ عید میلاد النبی ﷺبھرپور انداز سے منانے کے لئے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔

دعوتِ اسلامی کے 42 سال مکمل ہونے پر ہم اپنے رب کے حضور سربسجود ہیں کہ اس نے ہمیں ایک ایسی دینی تحریک سے نوازا جس کا سلوگن ہی یہ ہے کہ مجھے اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش کرنی ہے۔( رپورٹ : محمود عطاری)